اہم

اعجاز عبید ۲۰۰۶ء سے اردو تحریر یعنی یونیکوڈ کو فروغ دینے کی نیت سے اردو کی مفت دینی اور ادبی برقی کتب فراہم کرتے رہے ہیں۔ کچھ ڈومین (250 فری ڈاٹ کام، 4 ٹی ڈاٹ کام ) اب مرحوم ہو چکے، لیکن کتابیں ڈاٹ آئی فاسٹ نیٹ ڈاٹ کام کو مکمل طور پر کتابیں ڈاٹ اردو لائبریری ڈاٹ آرگ پر شفٹ کیا گیا جہاں وہ اب بھی برقرار ہے۔ اس عرصے میں ۲۰۱۳ء میں سیف قاضی نے بزم اردو ڈاٹ نیٹ پورٹل بنایا، اور پھر اپ ڈیٹس اس میں جاری رہیں۔ لیکن کیونکہ وہاں مکمل کتب پوسٹ کی جاتی تھیں، اس لئے ڈاٹا بیس ضخیم ہوتا گیا اور مسائل بڑھتے گئے۔ اب اردو ویب انتظامیہ کی کوششیں کامیاب ہو گئی ہیں اور لائبریری فعال ہو گئی ہے۔ اب دونوں ویب گاہوں کا فارمیٹ یکساں رہے گا، یعنی مکمل کتب، جیسا کہ بزم اردو لائبریری میں پوسٹ کی جاتی تھیں، اب نہیں کی جائیں گی، اور صرف کچھ متن نمونے کے طور پر شامل ہو گا۔ کتابیں دونوں ویب گاہوں پر انہیں تینوں شکلوں میں ڈاؤن لوڈ کے لئے دستیاب کی جائیں گی ۔۔۔ ورڈ (زپ فائل کی صورت)، ای پب اور کنڈل فائلوں کے روپ میں۔

کتابیں مہر نستعلیق فونٹ میں بنائی گئی ہیں، قارئین یہاں سے اسے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں:

مہر نستعلیق ویب فونٹ

کاپی رائٹ سے آزاد یا اجازت نامہ کے ساتھ اپنی کتب ان پیج فائل یا یونی کوڈ سادہ ٹیکسٹ فائل /ورڈ فائل کی شکل میں ارسال کی جائیں۔ شکریہ

یہاں کتب ورڈ، ای پب اور کنڈل فائلوں کی شکل میں فراہم کی جاتی ہیں۔ صفحے کا سائز بھی خصوصی طور پر چھوٹا رکھا گیا ہے تاکہ اگر قارئین پرنٹ بھی کرنا چاہیں تو صفحات کو پورٹریٹ موڈ میں کتاب کے دو صفحات ایک ہی کاغذ کے صفحے پر پرنٹ کر سکیں۔


ہندوستانی جنگلوں کی کہانیاں ۔۔۔ کینیتھ اینڈرسن، ترجمہ: محمد منصور قیصرانی

شکار اور ایڈونچر کی کہانیاں

ہندوستانی جنگلوں کی کہانیاں

از قلم

کینیتھ اینڈرسن

ترجمہ

محمد منصور قیصرانی


ڈاؤن لوڈ کریں

پی ڈی ایف فائل

ورڈ فائل

ٹیکسٹ فائل

ای پب فائل

مکمل کتاب پڑھیں…..

 

 

ہندوستانی جنگلوں کی کہانیاں

 

 

کینیتھ اینڈرسن

 

 

اردو ترجمہ

محمد منصور قیصرانی

 

 

تعارف

 

 

جنگل میں الاؤ کے سامنے ایک آدمی درخت سے ٹیک لگائے بیٹھا شعلوں کو گھور رہا ہے۔ شعلے بڑھتے اور کم ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ اعشاریہ ۴۰۵ بور کی رائفل درخت سے لگی ہوئی ہے۔

جب کوئی الاؤ پر لکڑی ڈالتا ہے تو چنگاریاں اٹھتی ہیں اور کیمپ کے آس پاس درخت روشن ہو جاتے ہیں۔ اس آدمی کے خدوخال بھی کچھ دیر کو نمایاں ہوتے ہیں اور اس کی داڑھی مونچھیں اور منہ میں پائپ بھی دکھائی دیتا ہے جو نہ جانے کب کا بجھ چکا ہے۔ اس کے سر پر ایک پرانی گورکھا ٹوپی ہے۔

یہ آدمی بول رہا ہے اور جو کہانی سنا رہا ہے، اس میں اتنا کھو چکا ہے کہ اسے اپنے گرد و پیش اور دیگر افراد اور پائپ کے بجھنے تک کا احساس نہیں رہا۔

شعلے گھٹتے بڑھتے رہتے ہیں اور اس آدمی کی آنکھیں بتاتی ہیں کہ وہ ذہنی طور پر کہیں دور جا چکا ہے۔ وہ ان واقعات میں کھو چکا ہے۔ ماضی جیسے اس کے سامنے آ گیا ہو اور اسے اپنے گرد موجود افراد کی موجودگی کی خبر تک نہ ہو جو اس کے گرد بیٹھے اس کی کہانی سن رہے ہیں۔

7چنگاریاں بلند ہو کر دھوئیں میں غائب ہو جاتی ہیں اور کیمپ کے اردگرد درختوں کی وجہ سے تاریکی چھائی ہے۔

شعلوں اور چٹختی لکڑیوں کے علاوہ اس آدمی کی آواز سنائی دیتی ہے اور باقی جنگل خاموش ہے۔ جنگل زیادہ دیر تک خاموش نہیں رہ سکتا۔ ایسا ہی ہوا۔ ہمیں دور سے شیر کی دہاڑ سنائی دیتی ہے اور فوراً ہی ایک ہاتھی اس کا جواب دیتا ہے۔ شیر کی دہاڑ متواتر آتی رہتی ہے اور ہاتھی کا شور بھی۔

اس آدمی کو ان آوازوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ اپنی کہانی میں ہی کھویا ہے۔ جیسے وہ جنگل کا ہی ایک حصہ ہو۔ یہ اس کا گھر ہے اور اس جگہ وہ مرنا پسند کرے گا۔ یہی اس کی جائے پیدائش ہے اور اس کا انجام بھی شاید یہیں ہو۔

خیر، اب اس کی کہانی سنتے ہیں۔ اس کے پاس جنگل کے باسیوں کی کہانیاں، واقعات اور موت کے منہ سے بچنے کے بارے میں میں  تفاصیل بھی ہے۔ یہ آدمی ہماری توجہ پا کر بہت خوش ہے کہ ہم اس کی کہانی سن رہے ہیں۔

اسے جنگل اور جنگل کے باسیوں کے بارے میں میں بات کرنا بہت پسند ہے اور مجھ سے زیادہ اسے اور کوئی نہیں جان سکتا۔

وہ آدمی میں ہوں۔

٭٭٭

 

 

۱۔ صبح سویرے گھومنا

 

پجاری نرمی سے مجھے بیدار کرتا ہے، ’دورائی، دورائی، کنارل مُنی اگادھو‘، جس کا مطلب ہے، ’جناب، جناب، اٹھیں، چار بج گئے‘۔

اس کی سرگوشی ہمارے کانوں میں پہنچتی ہے، پہلے میرے اور پھر آپ کے کان میں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر وہ ہمیں ہاتھ لگائے تو اسے اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ پجاری ذات سے ہونے کی وجہ سے اسے اچھوت سمجھا جاتا ہے اور اسے عام ذات کے افراد کے قریب تک جانے کی اجازت نہیں۔

ہم فوراً اٹھ جاتے ہیں کہ جنگل میں بیدار ہونے میں ایک لمحے کی تاخیر بھی زندگی اور موت کا فرق بن سکتی ہے۔ ہمارے سامنے ابھی تک الاؤ کے انگارے دہک رہے ہیں۔ تین اطراف میں جنگل ہے اور چوتھی جانب پانی بہہ رہا ہے۔ ستاروں کی چھاؤں میں ہمیں دریائے کاویری دکھائی دے رہا ہے اور اس کے بہاؤ کی مدھم آواز سنائی دیتی ہے۔ رات کا اندھیرا چھٹتا جا رہا ہے۔

ہم لوگ دریا کے کنارے کھلی فضا میں کیمپ لگائے ہوئے ہیں۔ پجاری ساری رات جاگتا رہا تاکہ آگ کا دھیان رکھے اور ہاتھی وغیرہ جو پانی پینے آئیں، انہیں بھگا سکے۔ دریا کے کنارے کی ریت پر ہم سو رہے تھے اور یہاں سانپ اور بچھو وغیرہ چلنا پسند نہیں کرتے۔

ہم نے اپنی چادریں اتاریں کہ اب سردی نہیں لگ رہی تھی۔ الاؤ نے ہمیں شبنم سے بچایا تھا۔ میں نے چائے کی چھوٹی کیتلی آگ پر رکھ دی۔ جنگل میں چائے بہت مزہ دیتی ہے۔ اس دوران ہم نے چند گز دور دریا سے ہاتھ منہ دھو کر دانت بھی مانجھ لیے۔

جب ہم واپس لوٹے تو کیتلی ابل رہی تھی اور چند ہی منٹ بعد ہمارے ہاتھوں میں گرما گرم چائے کی پیالیاں تھیں۔ ہم نے ٹھنڈی روٹیوں پر مکھن لگایا اور پکے ہوئے کیلے ساتھ تھے۔ یہ ناشتہ انتہائی صحت مند تھا۔

ہم نے ناشتہ ختم کر کے اپنی رائفلیں چیک کیں تاکہ گھومنے نکلیں۔ پہاڑ ہم سے چوتھائی میل دور تھے اور ہم ان کی سمت جانے والے تھے۔ اسی سمت ۶ میل دور ۵۰۰۰ فٹ بلند چوٹی تھی جو پوناچی ملائی کہلاتی ہے۔

میرے پاس برسوں پرانی اعشاریہ ۴۰۵ بور کی رائفل تھی جس کی قدامت پر سب اس کا مذاق اڑاتے ہیں مگر اسے دیکھ بھال کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ آپ کی امریکی اعشاریہ ۳۰۰۶ کی دس گولیوں والی رائفل سے کمتر سہی مگر آپ کی رائفل کو کافی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔

ابھی تاریکی ہے مگر ہم کیمپ سے نکلتے ہیں۔ پجاری ہمارے ساتھ جانا چاہتا ہے مگر میں اس چکر پر آپ کو کچھ دلچسپ چیزیں دکھانا چاہتا ہوں، سو میں نے اسے وہیں رکنے کا کہا۔ ظاہری بہانہ یہ تھا کہ وہ کیمپ کے سامان کی دیکھ بھال کرے گا۔ اصل وجہ یہ تھی کہ پیدائشی شکاری ہونے کی وجہ سے وہ اس بات کو کبھی پسند نہ کرتا کہ میں بڑا سانبھر دکھانے کی بجائے اسے شکار کیوں نہیں کرتا۔ اسی طرح مادہ چیتل اپنے بچے کو بچانے کے لیے اس کے سامنے کھڑی ہو سکتی ہے، بیرا چاہتا ہے کہ میں ایک ہی گولی سے ماں اور بچے، دونوں کو مار لوں۔

۱۰۰ گز پر ہی ہوا کافی سرد ہو جاتی ہے اور ایسا لگتا ہے جوں جوں ہم پہاڑی پر چڑھتے جائیں گے، سردی بڑھتی جائے گی۔

ابھی تاریکی ختم نہیں ہوئی، سو ہم آہستہ آہستہ بڑھ رہے ہیں۔ پتھروں پر ٹھوکریں کھاتے اور جھاڑیوں سے گزرتے ہوئے ہماری پیش قدمی سے اتنی آواز پیدا ہو رہی ہے کہ آس پاس موجود جانور بھاگ جائیں گے۔ یہ موسم جامن کے پکنے کا ہے اور جب جامن پک کر گرتا ہے تو اسے کھانے کے لیے بے شمار ریچھ کئی کئی میل دور سے ہر رات جمع ہو جاتے ہیں۔ کل ہی میں نے دریا کے کنارے ایک جامن کا درخت دیکھا جو ہمارے کیمپ سے دو فرلانگ دور تھا۔ وہاں جگہ جگہ ریچھوں کے پگ اور فضلے بکھرے ہوئے تھے۔

پہاڑی کے پاس ہی جامن کا جھنڈ ہے جہاں جانے کے لیے ریچھ پہاڑی سے گزرتے ہیں۔ ان کی عادت ہے کہ جونہی ذرا سی روشنی ہو، وہ اونچے مقامات کا رخ کر لیتے ہیں۔ اب صبحِ کاذب ہو چلی ہے۔

چند ہی منٹوں میں پھر تاریکی چھا جاتی ہے اور ۲۰ منٹ بعد صبح کی روشنی مشرقی افق پر دکھائی دیتی ہے جو صبحِ نو کی علامت ہے۔

صبحِ کاذب نہ صرف نئے شکاریوں کو بلکہ جنگل کے باسیوں کو بھی دھوکا دیتی ہے۔ جنگلی مرغ اور مور بولنے لگتے ہیں جبکہ درندے اپنی کچھاروں کو لوٹنا شروع کرتے ہیں اور مردار خور بھی واپسی کا رخ اختیار کرتے ہیں۔

بدمزاج ریچھ بھی جامن کھاتے وقت صبحِ کاذب سے دھوکہ کھاتے ہیں۔ بچے کھچے جامن چھوڑ کر وہ بلندی کا رخ کرتے ہیں جہاں سارا دن وہ کسی غار یا کھوہ میں سو کر گزاریں گے۔

ہمیں کوئی مشکل نہیں ہوتی اور ہم فوراً مطلوبہ مقام پر بیٹھ جاتے ہیں۔ اتنی دیر میں صبحِ کاذب ہو جاتی ہے۔ اگر ہم اپنی جگہوں پر خاموش بیٹھے رہیں تو جلد ہی ہمیں ریچھوں کے گزرنے کی آواز آئے گی اور شاید ہم انہیں دیکھ بھی سکیں۔

ریچھ بہت بدمزاج، غصہ ور اور کمینہ ہوتا ہے۔ آج بھی ہندوستان میں بہت سے لوگ ریچھ سے لگے خوفناک زخموں کے ساتھ زندہ ہیں۔ وجہ محض یہ ہوتی ہے کہ ریچھ سویا ہوا تھا کہ آدمی اس کے کافی قریب چلا گیا تھا۔ بہت سے لوگوں کی آنکھیں ضائع ہو جاتی ہیں تو بہت سے لوگ اپنی ناک گنوا دیتے ہیں۔

جس چٹان پر ہم بیٹھے ہیں، بہت عمدہ مقام پر ہے۔ اس کی اونچائی ۴ فٹ جبکہ چوڑائی ۶ فٹ ہے۔ ہم دونوں اس کے پیچھے دبک کر بیٹھے ہیں۔ عین ممکن ہے کہ ریچھ ادھر سے گزریں یا پھر جنگل کا کوئی اور راستہ اختیار کریں۔

ہماری قسمت سازگار ہے اور چند ہی منٹ بعد ہمیں دامن سے ایک پتھر گرنے کی مدھم آواز آتی ہے۔ یہ آواز ایک ہی جانور حشرات کی تلاش میں پتھروں کو الٹتے ہوئے پیدا کرتا ہے۔ ہرن، شیر یا تیندوا کبھی بھی بے احتیاطی سے نہیں چلتے کہ آواز پیدا ہو۔ ہاتھی کا امکان تو تھا مگر چند منٹ میں پتہ چل جائے گا۔

پھر ہمیں کسی کے ہانپنے کی آواز آتی ہے جیسے کوئی ضعیف آدمی پہاڑی پر چڑھنے کی کوشش کر رہا ہو۔ اس سے ہماری تسلی ہو جاتی ہے کہ ریچھ اوپر آ رہا ہے۔ ریچھ کی عادت ہے کہ وہ چلتے ہوئے پتھروں کے نیچے حشرات، کیڑے اور مختلف پودوں کی جڑیں تلاش کرتا رہتا ہے۔

مشرقی افق پر اب صبح کے آثار واضح ہو چلے مگر ہماری چٹان کے پیچھے اندھیرا ہے۔ آپ میری دائیں جانب ہیں اور ریچھ آپ کی دائیں جانب ۱۰ فٹ دور گزر رہا ہے۔ میں آپ کا بازو پکڑتا ہوں جس کا مطلب ہے کہ آپ نے کسی قسم کی حرکت نہیں کرنی۔ ریچھ کی قریب کی نظر بہت کمزور ہوتی ہے اور اسے سنائی بھی کم دیتا ہے۔ اگر اسے ہماری موجودگی کا علم ہو گیا تو شاید حملہ کر دے۔ ہم ریچھ مارنا نہیں چاہتے، بہتر ہے کہ اسے ہماری موجودگی کا علم ہی نہ ہو۔

ہانپنے اور سانس لینے کی آوازیں ہمارے پاس سے گزر جاتی ہیں۔ ہمیں ایک کالا دھبہ سا حرکت کرتا دکھائی دیتا ہے جو جلد ہی پہاڑی کے اوپر نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ ہمیں اس کی آواز دور ہوتی سنائی دیتی ہے۔

صبح نمودار ہو رہی ہے اور مشرقی افق پر مختلف رنگوں کی بہار دکھائی دے رہی ہے۔ سورج آخر پہاڑیوں کے اوپر سے دکھائی دے جاتا ہے مگر اتنا روشن نہیں کہ اسے دیکھنے سے آنکھوں کو تکلیف ہو۔

اس کے استقبال کے لیے دور و نزدیک کے پرندے جاگتے ہیں۔ بلبلیں، مرغِ زریں، کوئل وغیرہ چہچہانے لگتے ہیں اور جنگلی مرغ بھی بولتے ہیں۔ اس کے بعد مور کی آواز سنائی دیتی ہے اور پھر مور اپنی دم پھیلا کر مورنیوں کو رجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ایک ٹہنی ٹوٹنے کی آواز سنائی دیتی ہے۔ یہ آواز مدہم اور ایک بار سنائی دی تھی۔ لگتا ہے کہ کوئی بھاری جسامت کا جانور اوپر آ رہا ہے۔ شاید دوسرا ریچھ ہو۔ میرا خیال ہے کہ یہ ریچھ نہیں کہ ریچھ مستقل شور کرتے ہوئے چلتے ہیں۔ اس جانور نے صرف ایک بار آواز پیدا کی تھی۔

ہم خاموشی سے چٹان کے پیچھے اس طرح بیٹھے ہیں کہ ہماری آنکھیں اور سر کا بالائی حصہ ہی باہر نکلا ہوا ہے۔ جنگل میں چھپنے کے لیے بالکل بے حس و حرکت بیٹھنا انتہائی اہم ہے۔ اگر جانور آپ کو دیکھ بھی لے تو بھی پہچان نہیں سکتا۔ دوسرا اہم پہلو ہوا کا رخ ہے۔ ہرن کی نسل کے زیادہ تر جنگلی جانوروں میں بصارت کی نسبت قوتِ شامہ زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔ اگر ہوا جانور کی طرف سے آپ کو آ رہی ہو اور آپ بالکل ساکت ہو کر بیٹھے ہں تو کافی امکانات ہیں کہ جنگلی جانور آپ کو پہچان نہیں سکیں گے۔

ہمارے سامنے جھاڑیاں ہٹتی ہیں اور ایک بہت پرانے سانبھر کا سر اور سینگ دکھائی دیتے ہیں۔ سانبھر اتنا قریب ہے کہ ہم اس کے سینگ کی جڑ دیکھ سکتے ہیں جو انسانی بازو کے برابر موٹی ہے۔

یہ شاندار سانبھر ہم سے دس فٹ سے بھی کم فاصلے پر اور عین ہمارے سامنے ہے مگر ہمیں نہیں دیکھ سکا۔ چند لمحے رک کر وہ کھلے میں نکل آیا اور چٹان کی دوسری جانب کھڑا ہے۔

ہم اس کے گہرے بھورے رنگ، گردن اور پہلوؤں پر ایال نما بالوں سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ بوڑھا نر ہے۔ اس کے سینگوں کی ضخامت بتاتی ہے کہ یہ جانور بوڑھا ہو چلا ہے۔

خیر، اب آپ کو دکھاتا ہوں کہ سانبھر کتنے پر تجسس ہوتے ہیں۔ گھاس کا ایک تنکا اٹھا کر میں نے اسے چٹان کے اوپر سے اس طرح نکالا کہ سانبھر دیکھ سکے۔ پھر میں نے اسے پھرکی کی طرح گھمانا شروع کر دیا۔ یہ معمولی سی حرکت تھی اور کوئی آواز نہ نکلی مگر سانبھر نے اسے فوراً دیکھ لیا اور وہیں رک گیا۔ اس کے کٹورا کان آگے پیچھے گھومنے لگے اور اس نے اپنی اگلی دائیں ٹانگ اٹھائی اور زمین پر زور سے ماری۔ اس کا کھر پتھر سے ٹکرایا اور سخت اور کھردری آواز پیدا ہوئی۔

میں جتنی دیر تنکا گھماتا رہا، سانبھر زمین پر کھر مارتا رہا۔ اسے اندازہ ہو گیا تھا کہ کچھ عجیب بات ہے کہ قدرتی طور پر گھاس ہوا سے حرکت تو کرتی ہے مگر اس طرح گول گول نہیں گھومتی۔

اس کی چھٹی حس اسے فرار ہونے کو کہہ رہی ہو گی مگر وہ تجسس سے وہیں کھڑا ہے۔ پھر اس نے ایک قدم اور آگے بڑھایا اور پھر پورا ایک منٹ رک کر دوبارہ آگے بڑھا۔ اس کے جسم کا ہر پٹھہ پوری طرح تنا ہے اور پلک جھپکتے ہی بھاگ سکتا ہے مگر تجسس برداشت نہیں کر پا رہا۔

ہرنوں اور اینٹلوپ کی نسل کے جانوروں کے لیے تجسس مہلک ثابت ہوتا ہے اور ہر سال ہزاروں جانور چور شکاریوں کے ہتھکنڈوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ سانبھر اب اتنا قریب ہے کہ ہم اسے بھالے یا نیزے سے بھی شکار کر سکتے ہیں اور وہ ابھی مزید قریب ہو رہا ہے۔ اس احمق جانور کو سبق سکھانا ہی پڑے گا۔

چٹان کے پیچھے سے نکلتے ہوئے میں نے شیر کی طرح ’ووف ووف‘ کی آواز نکالی۔ سانبھر اپنے سامنے انسان کے منہ سے شیر کی آواز سن کر ششدر رہ گیا۔ پھر وہ اپنی پچھلی ٹانگوں پر اٹھا اور پتھر سے پھسل کر گھٹنے کے بل گرا، پھر تڑپ کر اٹھا اور خطرے کی آواز نکالتا ہوا فرار ہو گیا۔

‘اونک، اونک‘۔ اس نے آواز لگائی۔

پھر اس نے اپنے سر کو اس طرح اٹھایا کہ اس کے قوی ہیکل سینگ اس کے پہلو پر آ گئے تاکہ بھاگتے ہوئے درختوں کی شاخوں سے نہ الجھیں۔ پھر اس نے سیدھا نیچے ندی کا رخ کیا۔ ندی کے کنارے پہنچ کر اس نے رک کر دیکھا کہ کوئی پیچھے تو نہیں آ رہا اور پھر جنگل کے باسیوں کو خطرے سے آگاہ کرنے لگا۔

‘اونک، دھانک‘۔ سانبھر کی آواز کئی بار سنائی دی۔

شور سن کر جامن کے جھنڈ میں موجود لنگوروں کے چوکیدار کے کان کھڑے ہوئے۔ جہاں ہم بیٹھے ہیں، وہاں سے ہمیں چوکیدار لنگور دکھائی دے رہا ہے جو دو پیروں پر کھڑا ہو کر خطرے کو تلاش کر رہا ہے مگر اسے ناکامی ہی ہو گی۔ اس بات سے وہ الجھ گیا ہے کہ اسے خطرے کی نوعیت کا علم نہیں ہو رہا۔ تاہم اس نے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی خاطر خطرے کی آواز نکالی۔

‘ہار، ہار، ہار، ہار‘، اس نے کئی بار آواز نکالی۔ اب پورا جنگل خبردار ہو گیا۔ کافی دور سے ایک کاکڑ نے آواز دی جو اپنی پیاس بجھانے ندی پر آیا ہوا تھا مگر خطرے کی وجہ سے بھونکتا ہوا بھاگا۔

چیتل کا غول پہاڑی کی دوسری جانب چھپا ہوا تھا اور وہ بھی بولنے لگا، ’آئیو، آئیو، آئیو‘۔ مادائیں ایک دوسرے کو بتانے لگیں۔ کافی دور سے ہمیں ہاتھی کی چنگھاڑ سنائی دی۔

کچھ دیر بعد جانوروں کا جوش تھمنے لگا اور آہستہ آہستہ واپس اپنے معمول کو لوٹنے لگے۔ سانبھر نے اتنا شور مچایا تھا کہ اب اس جانب شاید ہی کوئی جانور آتا۔

آپ نے اونچائی پر اگنے والے اس پودے کو دیکھا کہ جس کے پتے سرے کی جانب پتلے ہوتے جاتے ہیں؟ یہاں یہ جھاڑیاں بکثرت اگی ہیں۔ اسے مقامی زبان میں ’ولاری‘ پودا کہتے ہیں۔ اس کے پتوں کو کوٹ کر یا لیپ کی شکل میں لگا دیا جائے تو گٹھیا اور ہر قسم کی سوجن کا علاج ہوتے ہیں۔ ہمارے سامنے بڑا درخت ہے جس کے پتے پانچ کونوں والے ہیں۔ ان کی بالائی سطح سبز اور نیچے کی جانب سفیدی مائل ہیں۔ یہ پتے ہر قسم کے زخموں اور نیل کا علاج ہیں۔ نیچے بمشکل ایک فٹ اونچا پودا ہے جس کے پتے نوکیلے اور سفیدی مائل بھورے ہیں اور زہریلے سانپ کے کاٹے کا علاج ہیں۔ ایک اور سفید پھولوں والا پودا دیکھیں جس کے پھول ڈیزی سے مماثل ہیں اور جب اس کے پتوں کو کچل کر ان کا رس زخم پر لگایا جائے تو بہتے ہوئے خون کو فوراً روک دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بلند فشارِ خون کو کسی ڈاکٹری دوائی کی سی تیزی سے قابو میں لاتا ہے۔

سچ ہے کہ جنگل میں بے شمار جڑی بوٹیاں اور پودے ایسے ہیں کہ جن کے پتوں، تنے، بیج، پھول اور جڑیں بھی انسانی بیماریوں کا علاج ہیں۔ یہ نباتات نہ صرف جنگل بلکہ آبادیوں اور ٹرین کی پٹڑیوں کے پاس بھی اگتی ہیں۔

آپ نے اکثر گلابی اور سفید پھولوں کو سبز پتوں والی جڑی بوٹی پر اگے دیکھا ہو گا جو اکثر مقامات پر اگی ہوتی ہیں۔ اس کے ۴۰ پتے روزانہ چائے کی طرح پانی یا دودھ میں ابال کر پینے سے لبلبے کو تحریک ملتی ہے اور انسولین کی پیداوار بہتر ہو جاتی ہے اور ذیابیطس قابو میں رہتی ہے۔ ذیابیطس کے علاج کے لیے اور بھی کئی اقسام کی جڑی بوٹیاں اور جڑیں جنگل میں عام ملتی ہیں۔ ایک خاص جڑی بوٹی کو چینی کی قاتل کہا جاتا ہے کہ جب اس کا ایک پتہ چبائیں تو تین گھنٹے تک منہ میں چینی رکھی جائے تو ریت جیسا ذائقہ محسوس ہوتا ہے۔

اب ہم پہاڑی کے اوپر پہنچ کر دوسری جانب اترنے لگے ہیں۔ اب ہمیں محتاط ہو کر اترنا ہے کہ کئی جگہ اترائی بہت ڈھلوان ہے اور اگر ایک پتھر بھی اپنی جگہ سے ہل گیا یا ذرا سی آواز پیدا ہوئی تو چیتل پھر خطرے کا اظہار کر کے راہِ فرار اختیار کریں گے۔ ہوا پہاڑی کے نیچے سے اوپر کو چل رہی ہے، سو چیتل ہماری بو نہیں سونگھ سکتے۔

ہم پہاڑی کے دامن میں پہنچ گئے ہیں اور ہمارے آس پاس امبل اور دیگر خاردار جھاڑیاں ہیں۔ پھر ہم گھاس کے ایک قطعے پر آن پہنچتے ہیں۔ یہاں کم از کم ۴۰ چیتل چر رہے ہیں۔ خوش قسمتی سے اس وقت کوئی بھی مادہ نگرانی نہیں کر رہی اور ہم آ کر شیشم کے نوجوان درختوں کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔

کیا شاندار منظر ہے۔ نر درمیان میں کھڑے ہیں اور ان کے سینگ بہت خوبصورت دکھائی دے رہے ہیں۔ بار بار وہ سر اٹھا کر ہوا کو سونگھتے اور پھر چرنے لگتے ہیں۔ ان کے آس پاس ہر طرف مادائیں اور بچے ہیں۔ مادائیں بہت محتاط ہیں اور بار بار کان ہلا کر سن گن لینے کی کوشش کر رہی ہیں۔

بچے ہمیشہ کی طرح بے دھڑک کھیل کود رہے ہیں اور ان میں سے کتنے ہی بیچارے بلوغت سے پہلے اپنی جان گنوا بیٹھیں گے کہ جنگل میں ہمیشہ محتاط رہنا چاہیے اور پل بھر کی غفلت موت سے ہمکنار کر سکتی ہے۔

بچے ایک دوسرے کے ساتھ کھیل کود میں لگے ہیں اور دوڑ رہے ہیں۔ بہت ہی کم عمر بچے اپنی ماؤں کا دودھ پی رہے ہیں۔ ان کی مائیں گھاس چرتے ہوئے بار بار سر اٹھا کر ماحول کا جائزہ لیتی ہیں۔ ان کی آنکھیں ہر حرکت اور ان کے کان ہر آہٹ سننے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور ان کے نتھنے پھیلے ہوئے اور خطرے کی بو سونگھنے کے لیے تیار ہیں۔

ایک چیتل کے عین اوپر درخت پر لنگوروں کا چھوٹا سا غول موجود ہے۔ ان میں سے دو زمین پر اتر کر چیتل کے ایک بچے کے پیچھے بھاگتے ہیں۔ پھر ایک لنگور جست لگا کر درخت کی شاخ پکڑتا ہے اور پھر دوسرے ہاتھ سے چیتل کے بچے کی دم پکڑ کر اس کا پچھلا دھڑ ہوا میں اٹھا لیتا ہے۔ بچے کو مزہ آ رہا ہے مگر اس کی ماں برا مان جاتی ہے۔

ماحول بہت پر سکون ہے اور ہر طرف امن ہے۔ اچانک مجھے اپنی آنکھوں کے گوشے سے بائیں کنارے سے ایک بڑی جھاڑی کے نیچے ہلکی سی حرکت دکھائی دیتی ہے۔ ہم اس جھاڑی کو بغور دیکھتے ہیں مگر حرکت دوبارہ نہیں ہوتی۔

اس جھاڑی کے قریب مادہ اور اس کا بچہ بھی اس حرکت کو دیکھ لیتے ہیں۔ اس نے اپنا سر اٹھا کر اس جانب دیکھا اور اس کے کان اور ناک اسی سمت مرکوز ہیں۔ پھر اس نے دائیاں سم اٹھا کر زمین پر مارا اور پھر ’آئیو‘ کی آواز نکالی۔

مگر اسے دیر ہو چکی تھی۔ زرد رنگ کی دھبے دار ایک لمبوتری مخلوق دکھائی دیتی ہے اور تیندوا دو جستوں میں بچے کی گردن توڑ چکا ہے اور اب اس کے تڑپتے جسم پر کھڑا غرا رہا ہے۔

ماں اپنی فکر چھوڑ کر تیندوے پر حملہ آور ہوتی ہے اور تیندوا اس کا گلا پکڑ کر اسے زمین پر لٹا دیتا ہے۔ دم توڑتے ہوئے اس کے سم زمین پر بجتے ہیں اور ادھڑے ہوئے نرخرے سے لال خون بہہ رہا ہے۔

پھر مادہ اور بچے کے بدلے کی خاطر میں آپ کو دس گولیوں والی سپرنگ فیلڈ اٹھاتے دیکھتا ہوں تو ہاتھ سے نال جھکا کر کہتا ہوں، ’جان، یہ جنگل کا قانون ہے۔ تیندوے نے خوراک کے لیے شکار کیا ہے، بیکار جانور نہیں مارا‘۔

تیندوا میری آواز سنتا ہے تو پلک جھپکتے میں غائب ہو جاتا ہے۔ مگر وہ ہمارے جانے کے بعد لوٹ آئے گا۔

٭٭٭

۲۔ بیلندور کا عفریت

ریاست میسور کے ضلع شموگا میں تگارتی سے ۳ میل دور ایک چھوٹی سی وادی ہے جس کا نام بیلندور ہے۔

کئی صدیوں سے یہ میسور کا حصہ ہے اور یہاں شیر بکثرت تھے۔ شیروں کی کثرت کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ زیادہ تر تیندوؤں کو مار کر کھا چکے تھے۔ شیروں سے قبل یہاں تیندوے بکثرت تھے اور انہوں نے یہاں مصیبت برپا کر رکھی تھی۔ شیر کی نسبت تیندوے کہیں زیادہ نڈر اور چالاک ہوتے ہیں اور ان کا سد باب اور بھی مشکل ہے۔ شیر کی نسبت چھوٹی جسامت کی وجہ سے ان کو چھپنے میں بھی آسانی رہتی ہے۔ ان کا نشانہ دیہاتوں میں رات کے وقت مرغیاں، بطخیں، کتے، بکریاں، بھیڑیں اور بچھڑے بنتے تھے۔

ان کے ہاتھوں انسانی جان کو کم ہی خطرہ ہوتا تھا۔ جب تیندوا زخمی ہو جائے تو ان کے ہاتھوں پہنچنے والے نقصان کی روک تھام بہت مشکل ہو جاتی تھی کہ اس علاقے میں مون سون کی کثرت سے پانی کے تالاب جگہ جگہ ملتے تھے اور جنگل بہت گھنے۔

میری کہانی جس وقت سے متعلق ہے، تب یہاں شیروں کی کثرت تھی۔ ان دنوں یہاں کافی مشہور جادوگر رہتا تھا جو ہر قسم کے تعویذ اور جادو کا ماہر تھا۔ اس کا جادو محبت میں کامیابی اور رقیب کا صفایا کرنے کے لیے موثر گردانا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ ملازمت کے حصول اور مقدمے بازی کے لیے بھی مفید تھے۔

جادو وغیرہ کے علاوہ یہ بھی مانا جاتا تھا کہ یہ جادوگر عمل کر کے پورے جنگل کو بند کر دیتا تھا اور شکاری چاہے کچھ بھی کر لیں، شکار نہ کر پاتے۔ اوّل تو مطلوبہ جانور دکھائی ہی نہ دیتا، اگر دکھائی دیتا تو بھی رائفل نہ چلتی اور اگر رائفل چل بھی جاتی تو نشانہ ہمیشہ خطا جاتا، چاہے جانور رائفل سے چند گز ہی دور کیوں نہ ہوتا۔ میں اس جادوگر سے کئی سال قبل ملا اور اس کے بارے میں میں پہلے بھی کسی کہانی میں لکھ چکا ہوں۔ جادوگر تعریف کے بھوکے ہوتے ہیں۔ ویسے یہ آدمی یارباش قسم کا تھا اور تھوڑی بہت خوشامد سبھی کو پسند ہوتی ہے۔

خیر، ’بیلندور کے عفریت‘ نے عام بے ضرر شیر کی طرح اپنی زندگی کا آغاز کیا۔ اس کی ابتدائی زندگی کے بارے میں معلومات نہیں ہیں۔ ظاہر ہے کہ اس کا شکار چیتل، سانبھر اور سور رہے ہوں گے جو ان دنوں عام پائے جاتے تھے۔ پھر حکومت نے مویشی پالنے کی مہم شروع کی اور ہزاروں کی تعداد میں پالتو مویشی جنگلوں میں چرنے کے لیے آنے لگے۔ جلد ہی انہوں نے جنگلی ہرنوں اور سوروں کا لگ بھگ خاتمہ کر دیا۔

اس عفریت نے پہلے کبھی کبھار اور پھر متواتر مویشیوں کا شکار شروع کر دیا۔ اس کے ہاتھوں اتنے مویشی مارے گئے کہ چرواہوں اور رکھوالوں نے اس کے خلاف کچھ کرنے کا سوچا۔

ہندوستانی دیہاتی آدمی بہت سادہ لوح اور قسمت پر یقین رکھتے ہیں۔ یقین مانیے کہ جب ان لوگوں نے اس عفریت سے چھٹکارا پانے کا سوچا تو سچ مچ پانی ان کے سروں سے کہیں اونچا ہو چکا تھا۔ انہوں نے پھندہ لگا کر شیر کو پکڑنے اور پھر مارنے کا منصوبہ بنایا۔

ایک پگڈنڈی پر انہوں نے مستطیل شکل کا گہرا گڑھا کھودا اور اس پر بانس کی کھپچیاں آڑی ترچھی رکھ کر گھاس پھونس اور مٹی وغیرہ ڈال کر چھپا دیا۔ گڑھے کے دوسرے سرے پر انہوں نے سب سے لاغر بچھڑا باندھا۔ شیر کو بازو سے آنے سے روکنے کی خاطر انہوں نے دونوں جانب خاردار باڑ کھڑی کر دی۔

ہر چیز منصوبے کے مطابق ہوئی اور تیسری رات شیر گڑھے میں گر گیا۔

اگلی صبح بیلندور کے تمام باشندے اسے دیکھنے آئے اور ان کے ساتھ جادوگر بھی تھا۔ انہوں نے شیر پر جلتے پٹاخے بھی پھینکے۔ ان کا خیال تھا کہ اوپر سے بھالے یا نیزے کی مدد سے شیر کو ہلاک کر دیا جائے گا۔ پورے گاؤں میں بندوق کسی کے پاس نہیں تھی، سو ان کے پاس نیزہ ہی واحد ہتھیار تھا۔

شومیِ قسمت کہ پورے گاؤں سے محض دو نیزے نکلے۔ میں جان بوجھ کر انہیں نیزہ شمار کر رہا ہوں حالانکہ یہ محض نیزہ نما تھے۔ ایک نیزہ ۴ فٹ لمبا اور آگے کی جانب سے کند تھا۔ آپ اسے نیزے سے زیادہ لاٹھی سمجھ لیں۔ دوسرا اصلی نیزہ مقامی مندر کی ملکیت تھا اور کہا جاتا ہے کہ اڑھائی صدی قبل اصلی جنگ میں استعمال ہوا تھا۔ یہ نیزہ بھی پوری طرح کند تھا کہ اب اس سے کھیت سے شکرقند اکھاڑتے تھے۔ خیر، دونوں نیزے ہی اتنے لمبے نہیں تھے کہ گڑھے کے کنارے کھڑا ہو کر اس سے شیر پر وار کیا جا سکے۔ دونوں ہتھیاروں کے مالکان کا دعویٰ تھا کہ ایک ہی وار سے وہ شیر کو پرو کر رکھ دیں گے۔

اب بحث شروع ہوئی کہ کس نیزے کو پہلے وار کا حق ملنا چاہیے۔ معلوم نہیں کیوں مگر طے یہ ہوا کہ لاٹھی نما نیزے کو پہلے وار کا موقع ملنا چاہیے۔ پھر پوری احتیاط سے نشانہ لے کر اس نے نیزہ پھینکا۔ مگر جونہی اس کی کند انی شیر کے جسم سے ٹکرائی، اس کا رخ پلٹ گیا اور دستہ شیر کے جسم سے لگا۔

شیر اس پر خوب دہاڑا۔ مجمع پہلے نیزے والے آدمی پر طنزیہ ہنسی ہنسنے لگا۔ پھر دوسرے نیزے کے مالک نے آگے بڑھ کر پہلے نیزے کے مالک پر حقارت بھری نگاہ ڈالی اور پھر شیر کا نشانہ لینے لگا۔ اڑھائی سو سال پرانا نیزہ جب پھینکا گیا تو اس کی کند انی شیر کے کولہے میں گہرائی تک اتر گئی۔

اب پورا بیلندور غیر مسلح ہو چکا تھا۔ شیر نے دہاڑ کر جست لگائی اور اس کے پنجے گڑھے کے کنارے پر اٹک گئے۔ پھر اس نے پچھلے پیروں سے زور لگا کر خود کو گڑھے سے اوپر اچھالا۔ شیر گڑھے سے ایسے نکلا جیسے کوئی عفریت جہنم کی آگ سے نکلا ہو۔

پورا ہجوم تتربتر ہو گیا اور محض ایک آدمی شیر کے سامنے کھڑا رہ گیا۔ شیر نے اس آدمی کے اوپر سے جست لگائی اور چاروں پیروں سے اسے دھکیلتا ہوا گزرا۔ ایک پنجے کے ناخن اس آدمی کی کھوپڑی پر لگے۔ اگرچہ شیر نے فرار ہوتے ہوئے غیر ارادی طور پر یہ وار کیا۔ شیر کے پنجے اس کی گدی پر لگے اور آدمی گر گیا۔

شیر کے فرار ہونے کے بعد سبھی مجمع جمع ہوا تو دیکھا کہ یہ آدمی زندہ تھا۔ اس کی کھوپڑی سے کھال اتر کر اس کے چہرے پر لٹک رہی تھی۔ یہ آدمی تین روز اس امید پر زندہ رہا کہ شاید اس کی کھوپڑی کی کھال واپس اپنی جگہ پر لگا دی جائے۔ یہ آدمی اس عفریت کا پہلا مگر غیر ارادی شکار بنا۔

جب شیر کا زخم بھرا تو اس کی عیاری دوچند ہو گئی۔ لگائے گئے دیگر پھندوں اور گاروں کو شیر نے یکسر نظرانداز کر دیا۔ اس روز کے بعد شیر نے محض دن کی روشنی میں مویشی مارنا شروع کر دیے۔ عموماً سہ پہر کو جب چرائی کے بعد جانور جگالی کرنے بیٹھتے اور ان کے رکھوالے درخت کے سائے تلے خراٹے لے رہے ہوتے تو شیر وار کرتا۔ جانور کے مرنے کی آواز سن کر رکھوالے جاگتے۔ پہلے پہل تو رکھوالوں نے شیر پر پتھر پھینک کر اور شور مچا کر بھگانے کی کوشش کی مگر شیر نے حملہ کر کے ایک آدمی کو خاصا زخمی کر دیا۔ یہ آدمی پوری طرح صحت یاب ہو گیا مگر شیر کا دیا ہوا سبق سب نے اچھی طرح یاد کر لیا۔ اب جونہی شیر حملہ کرتا، رکھوالے پورا ریوڑ اس کے رحم و کرم پر چھوڑ کر فرار ہو جاتے۔

صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ مویشی مالکان اب اپنے جانوروں کو جنگل میں بھیجنے سے کترانے لگے۔ مویشی گھر رکھ کر چارہ دینا بہت مہنگا تھا۔ دوسری جانب جب مویشی نہ ملے تو شیر کی بھوک بڑھ گئی۔ اس نے اب تگارتی اور اس کی آس پاس کی وادیوں تک اپنا دائرہ کار بڑھا دیا۔ اب مویشی خور کے طور پر اس کی پہچان دور دور تک ہونے لگی۔

ایک انگریز آدمی جس کا نام ہم ’جانسن‘ فرض کر لیتے ہیں، کو اس عفریت کے بارے میں میں پتہ چلا۔

جانسن محکمہ ریلوے کا افسر تھا اور یہاں تعیناتی سے قبل ہندوستان کے ایسے علاقے میں متعین تھا کہ جہاں شیر نہیں پائے جاتے۔ اب اس نے لوگوں کی باتیں سنیں تو اسے شیر کا شکار کرنے کا شوق پیدا ہوا۔ اس کے پاس رائفل بھی تھی۔ اس نے چند روز کی رخصت حاصل کی اور رائفل سمیت ۷ میل دور بیلندور کا رخ کیا۔ یہاں کہانی میں بوڑھا جادوگر بُڈیّا داخل ہوتا ہے۔

جب اس نے گورے آدمی کو شیر کے بارے میں میں سوالات کرتے سنا تو اس نے اپنی پوری تیاری کی۔ اپنے سر پر پراندہ جمایا، زعفرانی رنگ کا لبادہ اوڑھا اور ماتھے پر راکھ ملنے اور نشان لگا کر گلے میں لکڑی کے منکوں کی مالا پہنی اور بوسیدہ لاٹھی کے سہارے چلتا ہوا گورے شکاری کے پاس جا پہنچا اور اپنی خدمات پیش کیں۔ اس نے جانسن کو بتایا کہ اس کی مرضی کے بغیر شیر کا شکار ممکن نہیں۔

تھوڑا سا تجربہ کار آدمی فوراً بھانپ جاتا کہ بُڈیّا کو چند روپے درکار ہیں اور وہ گاؤں والوں کو اپنی جادوگری سے بھی متاثر کرنا چاہتا ہے کہ گورا شکاری اس کی مدد کا محتاج ہے۔ جانسن کو چاہیے تھا کہ وہ اس آدمی کو چند روپے دے کر خوش کر دیتا۔ تاہم جانسن نے غصے میں آن کر اسے خوب گالیاں دیں اور پھر دھمکایا کہ اگر بُڈیّا فوراً دفع نہ ہوا تو وہ اس کی گردن توڑ دے گا۔

جادوگر انتہائی خفا ہو کر نکلا کہ سارے گاؤں کے سامنے اس کی بے عزتی ہوئی تھی۔ اس نے سوچا کہ اب اس کے ساتھی اس پر پیٹھ پیچھے ہنسیں گے۔ اب تک ان پر بُڈیّا کی دہشت طاری تھی۔

دوسری جانب گاؤں والوں کو بھی کافی افسوس ہوا۔ ظاہر ہے کہ بُڈیّا ان کا مالی استحصال کرتا تھا مگر وہ ان کا اپنا جادوگر تھا۔ ان میں سے ایک۔ جب سفید فام اس کی بے عزتی کرے تو یہ پورے گاؤں کی بے عزتی ہے۔ دیہاتیوں نے جانسن کو تنہا چھوڑ دیا اور بتا گئے کہ وہ اس کا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔ گاؤں والوں نے چارے کے لیے بچھڑا یا کوئی اور جانور دینے سے بھی انکار کر دیا۔

ضدی جانسن نے سوچا کہ وہ اپنی مہم جاری رکھے گا۔ پھر اس نے تگارتی کا رخ کیا جہاں اس نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو بوڑھے بیل خریدے۔ یہی عقلمندی وہ بُڈیّا کے ساتھ دکھاتا تو معاملات آسان رہتے۔ خیر، چرواہے نے ان بیل بیلندور پہنچائے۔ بیلندور کے قریب دو نالوں کے کناروں پر ان بیلوں کو باندھ دیا۔ چرواہے کا کہنا تھا کہ شیر ان نالوں سے اکثر گزرتا ہے۔ چرواہے بیلندور کے نہیں بلکہ تگارتی کے تھے اور انہیں شیر کی نقل و حرکت کے بارے میں میں زیادہ علم نہ تھا۔

اگلی صبح جب جانسن ان چرواہوں کے ساتھ بیلوں کو دیکھنے آیا تو پتہ چلا کہ ایک بیل غائب ہے۔ یہ بیل شیر نے نہیں مارا تھا بلکہ اس مقام پر انسانی پیروں کے نشانات تھے۔ شاید اس کے اپنے ساتھیوں یا پھر بیلندور کے لوگ اسے کھول کر لے گئے ہوں گے۔ دوسرا بیل صحیح سلامت تھا۔

جانسن نے درست نتیجہ اخذ کیا کہ بیلندور والوں نے اس کے بیل کو چرایا ہے۔ بھری ہوئی رائفل کے ساتھ جانسن بیلندور پہنچا اور اس نے بیل مانگا اور پولیس کو بلوانے کی دھمکی دی۔ گاؤں والوں نے معصوم بن کر پوچھا کہ کیا ہوا ہے؟ جانسن نے جب اشتعال دکھایا تو وہ بولے کہ انسانی پیروں کے نشان اس کے اور اس کے ساتھیوں کے تھے۔ جب جانسن نے چور کو گولی مارنے کی دھمکی دی تو گاؤں والے زیرِ لب مسکراتے رہے۔

جانسن کو خطرہ ہوا کہ دوسرا بیل بھی اسی طرح نہ ہاتھ سے نکل جائے۔ سو اس نے اپنے ہمراہیوں سے کہا کہ وہ اس پر مچان بنائیں اور سہ پہر کے وقت وہ مچان پر بیٹھ گیا۔ شیر کے شکار سے زیادہ وہ بیلندور والوں سے اپنے بیل کو بچانے کا سوچ رہا تھا۔ قسمت کا کھیل دیکھیے کہ ابھی دن کی روشنی باقی تھی کہ شیر آ گیا۔ جانسن نے گولی چلائی تو شیر زخمی ہو کر فرار ہو گیا۔

اگلا پورا ہفتہ جانسن اکیلا جنگل میں زخمی شیر کے پیچھے پیچھے مارا پھرتا رہا۔ بیلندور والے تو دور، اس کے اپنے ہمراہی اس کا ساتھ چھوڑ گئے کہ زخمی شیر کا تعاقب بہت خطرناک کام ہے۔ ایک بار راستہ بھولنے کی وجہ سے جانسن کو رات جنگل میں ہی گزارنی پڑی۔ ہفتے بھر کی مایوسی اور تھکاوٹ کے بعد جانسن شیر کو مارے بغیر واپس لوٹ گیا۔

اس کے بعد کچھ عرصے کو سکون چھا گیا۔ عفریت غائب ہو گیا اور بیلندور والے بھی یہ ماننے پر مجبور ہو گئے کہ ان کے عدم تعاون کے باوجود صاحب نے اس بلا سے چھٹکارا دلا دیا۔ بُڈیّا کو اور بھی برا لگا کہ اس طرح اس کی جادوگری بیکار ثابت ہو رہی تھی۔ اس نے جوش میں آ کر دعویٰ کیا تھا کہ اس شیر کو کوئی بھی نہیں مار سکتا اور یہ صاحب بھی اسے نہیں مار سکتا اور اب یہ صاحب بظاہر اس شیر کو مار چکا تھا۔

مویشی پھر جنگل میں چرائی کو بھیجے جانے لگے۔ ایک روز پھر واقعہ پیش آ گیا۔

دوپہر کے وقت ایک ریوڑ بھاگا بھاگا گاؤں پہنچا تو اس میں سے ایک گائے کم تھی اور اس کا ۱۹ سالہ رکھوالا بھی۔ لوگوں نے توجہ نہ دی۔ رات ہوئی تو پھر جا کر لوگوں نے توجہ دی کہ لڑکا اور گائے کہاں ہوں گے۔ لڑکے کے رشتہ دار پریشان ہو گئے اور گائے کا مالک بھی۔ اگلی صبح جب گاؤں والے تلاش کرنے نکلے تو گائے کی لاش کھیت میں دکھائی دی جس کی گردن کو ایک بڑے شیر نے مہارت سے توڑ دیا تھا۔ ۱۰۰ گز دور جھاڑیوں میں لڑکے کی لاش بھی دکھائی دی۔

دونوں میں یہ فرق تھا کہ گائے کی لاش ان چھوئی مگر لڑکے کی لاش نصف حصہ کھائی جا چکی تھی۔ عام شیر آدم خور بن گیا کہ اسے زخمی کر کے شکار نہ کیا جا سکا۔

پھر ایسے واقعات کا سلسلہ شروع ہوا۔ سورج غروب ہوتے ہی بیلندور والے اپنے جھونپڑوں میں اور مویشی باڑوں میں بند کر دیے جاتے۔ بُڈیّا بیچارے کی مسلسل بے عزتی ہو رہی تھی۔

انسانی شکار میں کمی کی وجہ سے اس شیر نے اپنا دائرہ کار تگارتی اور دور کے دیہاتوں تک پھیلا دیا تو جا کر اسے عفریت کی عرفیت ملی۔ اس کا نام دن دیہاڑے یا رات کو بند دروازے کے پیچھے سرگوشی میں ہی لیا جاتا تھا۔ بصورتِ دیگر شیر کی شکل کا یہ عفریت نام لینے والے سے بدلہ لینے پہنچ جاتا۔

تاریکی چھاتے ہی عفریت نکل آتا۔ یہ عفریت کہیں بھی ہو سکتا تھا اور بند کمرے میں موجود آدمی بھی اس سے نہ بچ سکتے۔ اس کے جاسوس چمگادڑ، الو یا دیگر بد روحوں کی شکل میں جاسوسی کرتے پھرتے اور جو بھی آدمی عفریت کے بارے میں میں بات کرتا ہوا ملتا، اس کی خبر عفریت تک پہنچا دیتے۔

پھر جو آدمی عفریت کے بارے میں میں بات کرتا، اس کی موت یقینی تھی۔ جلد یا بدیر وہ شیر کا لقمہ بن جاتا۔ اس کے بچنے کے کوئی امکانات نہ رہتے۔ یہ عام خیال تھا۔

تگراتی میں بطور ڈاکٹر کام کرنے والے میرے دوست ڈاکٹر سٹینلے نے مجھے عفریت کی ہلاکت کے لیے بلایا۔ اس کے پاس بارہ بور کی بندوق تھی اور رائفل نہیں رکھتا تھا۔ اس نے جوانی میں اسی بندوق سے کئی شیر مارے تھے اور اس کا ریکارڈ ڈِک برڈ کے برابر پہنچ گیا تھا جو سنتاویری کا پوسٹ ماسٹر تھا۔ اس آدمی کے بارے میں میں بھی میں پہلے کہیں لکھ چکا ہوں۔ اب ڈاکٹر بوڑھا ہو چلا تھا، سو اس نے اپنی پرانی بندوق پر بھروسہ کرنے کی بجائے مجھے بلایا۔

اس کا خط ملنے کے تین روز بعد میں اپنی کار سٹڈبیکر پر سوار ہو کر اس کے پاس پہنچا اور پھر ہم اس کی ڈسپنسری کے برآمدے میں بیٹھ کر باتیں کرنے لگے۔ سب سے پہلے اس نے خوب پیٹ بھر کر کھانا کھلایا۔ پھر ڈھیروں چائے پینے کے بعد ہم اپنے پائپ سلگا کر بیٹھ گئے اور پرانی یادیں تازہ کرنے میں ۳ گھنٹے بیت گئے۔ چونکہ میں فطرتاً کافی بے صبرا ہوں، سو میں زیادہ دیر انتظار نہ کر سکا اور ڈاکٹر سے مدعے پر آنے کو کہا۔ پہلا مرحلہ بیلندور جا کر معلومات حاصل کرنے کا تھا۔

بیلندور پہنچنے پر سٹڈبیکر کو کافی دقت ہوئی۔ بارشوں کی وجہ سے راستہ انتہائی خستہ تھا۔ ساتھ بیٹھے ڈاکٹر کا خیال تھا کہ ہمیں پیدل چلنا چاہیے۔ بیلندور پہنچ کر سب سے پہلے میں نے جانسن کی غلطی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی۔ میں نے فوراً بُڈیّا کو بلا بھیجا جو اپنے جھونپڑے میں چھپا بیٹھا تھا۔ میں نے اسے کہا کہ وہ اپنا مخصوص لبادہ پہن کر میرے لیے پوجا کرے اور ہر ممکن منتر پڑھ کر میری کامیابی کی کوشش کرے۔ میں نے اسے ۱۰ روپے دیے۔

وہ فوراً بہت خوش ہو گیا۔ اس نے فوراً اپنا مخصوص لبادہ اوڑھ کر بازار کا رخ کیا تاکہ ہر کوئی اسے دیکھ سکے۔ پھر اس نے کالا مرغ اور دیسی شراب کی بوتل خریدنے کی خاطر ۵ روپے مزید مانگے۔ مرغ ذبح کر کے اسے پکا کر جادوگر نے کھانا تھا اور پھر دیسی شراب پی کر وہ مقامی روحوں کو بلاتا۔ اس سارے عمل کے بعد وہ اس قابل ہوتا کہ آدم خور کی تباہی کی ضمانت دے سکتا۔ ڈاکٹر اور مجھے بخوبی علم تھا کہ دیسی شراب کی پوری بوتل پینے کے بعد جادوگر پوری طرح مدہوش ہو گا مگر میں نے خوشی خوشی ہاں کہہ دی۔

پھر میں نے اسے پیسے دیے اور پھر انتظار کرنے لگا کہ اس سارے عمل پر ایک گھنٹہ تو لگ ہی جاتا۔ یہ لازمی تھا تاکہ بیلندور کے لوگوں کا اعتبار حاصل کیا جا سکے۔

ڈاکٹر میں باتیں کرتے رہے اور اس دوران بُڈیّا نے مرغا ذبح کر کے اسے پکایا اور کھا گیا۔ پھر اس نے فوراً شراب کی بوتل کو منہ لگایا اور بغیر سانس لیے پوری بوتل پی گیا۔

جب وہ اٹھا تو نشے میں دھُت تھا اور سیدھا کھڑا ہونا اس کے لئے ممکن نہ تھا۔ لال لال آنکھوں سے مجھے دیکھ کر وہ مسکرایا اور اپنی غلیظ گدڑی سے ایک کڑا نکالا جو جنگلی بیلوں اور شاخوں سے بنا تھا۔ میری رائفل مانگ کر اس نے رائفل کی نالی پر تین بار اوپر سے نیچے تک پھیرا۔ نشے کی وجہ سے وہ یہ کام پوری طرح کرنے سے قاصر تھا اور مجھے اس کی مدد کرنا پڑی۔

اس طرح یہ رسم پوری ہو گئی۔ اب شیر کی موت یقینی تھی اور اس کی موت میری رائفل سے ہی ہونی تھی۔ جنگل کی روحوں نے بُڈیّا کی شکل میں پیٹ بھر کر کھایا اور شراب پی لی تھی۔ گاؤں والے اس دوران ہمارے اردگرد کھڑے تماشا دیکھتے رہے۔ جونہی رسومات پوری ہوئیں، بُڈیّا مدہوش ہو کر گر گیا۔

مقامی لوگوں کا ہم پر اعتماد بحال ہو گیا تھا۔ بُڈیّا کی شہرت بھی لوٹ آئی اور دیہاتیوں اور بیلندور کی عزت بھی۔ اب یہ لوگ ہمیں مسکرا کر دیکھنے لگے اور وقتی طور پر عفریت کی سرگرمیاں ماند دکھائی دینے لگیں۔ لوگ اسے عام سا شیر سمجھنے لگے جو گولی کھانے کا منتظر ہو گا۔

اب تاریکی چھا چکی تھی اور سٹڈبیکر پر تگارتی واپسی کا سفر ڈراؤنا خواب بن گیا۔ تاہم کار صحیح سلامت واپس پہنچ گئی۔ پھر یہ فیصلہ ہوا کہ اب سے ہم یہ سفر دن کی روشنی میں اور پیدل طے کریں گے ورنہ گاڑی کی ٹوٹ پھوٹ لازمی ہو گی۔

گارے کی نیت سے سٹینلے نے تگارتی سے دو جانور خریدے اور اگلے دن انہیں بیلندور کے راستے پر انہیں مناسب جگہوں پر باندھ دیا گیا کہ میں اوپر بتا چکا ہوں کہ شیر اس پورے علاقے میں سرگرم تھا۔ دوپہر کا کھانا کھا کر ہم لوگ بیلندور کو لوٹے جو ۷ میل کا سفر ہے۔ وہاں ہم نے گارے کے لیے مزید تین جانور خریدے۔ صاف لگ رہا تھا کہ بُڈیّا کے ساتھ ہم نے کھیل تماشا کیا تھا، لوگوں نے اسے بہت پسند کیا اور اب ہماری مدد کو تیار تھے۔ ان گاروں کو ہم نے ایسے مقامات پر باندھا جو بیلندور کے لوگوں کے خیال میں شیر کی گزرگاہ پر واقع تھے۔

تنگیِ وقت کے سبب ہم کسی بھی گارے پر مچان نہ بنوا سکے۔ عام طور پر میں مچان بنوا کر پھر مناسب جگہ پر گارا بندھواتا ہوں۔ اس کے دو فائدے ہیں۔ پہلا یہ کہ اگر جانور مارا جائے تو مچان سے واضح دکھائی دیتا ہے اور اس کا مقام بدلنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ دوسرا یہ کہ مچان بنانے کا شور نہیں ہوتا۔ اگر جانور پہلے مارا جائے اور پھر مچان باندھی جائے تو پیدا ہونے والے شور سے اگر شیر قریب ہو تو گھبرا کر بھاگ جاتا ہے۔

جب ہم تگارتی روانہ ہوئے تو گہری تاریکی چھا چکی تھی۔ ہم نے ٹارچیں روشن کر کے پوری احتیاط سے چلنا شروع کر دیا۔ راستے پر ہمیں ملنے والا واحد جانور پینگولن تھا جو جھاڑ جھنکار میں اپنی خوراک تلاش کر رہا تھا۔ عموماً یہ جانور اندھیرا چھانے کے کافی دیر بعد نکلتے ہیں۔

اس رات ہمارے گارے سبھی محفوظ رہے مگر تیسرے روز دن چڑھے ایک آدمی بھاگا بھاگا سٹینلے کی ڈسپنسری پر آیا کہ آدم خور اس کے رشتہ دار کو اٹھا لے گیا ہے۔ یہ آدمی اپنی بیوی کے ساتھ اور اس کا رشتہ دار اپنی بیوی کے ساتھ بیلندور کے راستے پر ایک میل دور پاس پاس بنے دو جھونپڑوں میں رہتے تھے۔ سورج خاصا چڑھ آیا تھا اور یہ آدمی اپنی اور رشتہ دار کی بیوی کے ساتھ جھونپڑوں کے باہر بیٹھا باتیں کر رہا تھا۔ اس کا رشتہ دار تگارتی سے اشیائے صرف لے کر آ رہا تھا۔ جب یہ آدمی اتنا قریب پہنچا کہ انہیں دکھائی دینے لگا تو اچانک اس نے چیخ ماری اور غائب ہو گیا۔

ہمارے مخبر نے بتایا کہ اس نے اپنی کلہاڑی اٹھائی اور اس سمت بھاگا۔ رشتہ دار کی بیوی بھی شور مچاتی اس کے پیچھے پیچھے تھے۔ آدم خور کا انہیں خیال تک نہ تھا۔ ان کا خیال تھا کہ جنگل کی کوئی بد روح اس آدمی کو تنگ کر رہی ہو گی۔

جب وہ اس جگہ پہنچے تو نرم زمین پر انہیں شیر کے پگ دکھائی دیے۔ وہ خوف زدہ ہو کر وہیں رک گئے۔ متوفی کی بیوی کی چیخ و پکار سے آدم خور ناراض ہو کر غرایا کہ وہ قریب بیٹھ کر پیٹ بھرنا شروع کر چکا تھا۔ آدم خور کی دہاڑ سن کر دونوں بھاگے۔ اپنی بیوی اور ہمسائے کی بیوی کو ایک جھونپڑے میں بند کر کے اس نے لمبا چکر کاٹ کر تگارتی کا رخ کیا۔ اس نے بتایا کہ آدم خور ابھی بھی اس کے رشتہ دار کو کھا رہا ہو گا۔ ہم اگر ہمت کریں تو ابھی جا کر اسے مار سکتے ہیں۔

میں نے رائفل، ٹارچ اور گرم کوٹ اٹھایا جبکہ سٹینلے نے بارہ بور کی بندوق اور ٹارچ اٹھائی۔ ہم دونوں جوان تھے اور جلد ہی ان جھونپڑوں کو پہنچ گئے۔ چند منٹ بعد ہم جائے وقوعہ پر پہنچے۔ ہمارا ساتھی درمیان میں، سٹینلے اس کے بائیں اور میں دائیں جانب تھا۔ ہم آدم خور کی ہلاکت کے لیے بے چین تھے۔

آدم خور کو ہماری آمد کا علم ہو چکا تھا کہ ہمیں گوشت کھانے یا ہڈیاں چبانے کی کوئی آواز نہ آئی۔ ویسے بھی آدم خور نے جہاں شکار پکڑا تھا، وہ مقام جھونپڑوں سے دکھائی دے جاتا تھا۔

جب ہم قریب پہنچے تو آدم خور غرانے لگا۔ لمحہ بہ لمحہ اس کی غراہٹ بلند ہوتی گئی۔ لگ رہا تھا کہ آدم خور ہمیں بھگانے کے چکر میں ہے۔ اب ہم واپس جا سکتے تھے۔ اگر ہم آگے بڑھتے تو آدم خور یا تو ہم پر حملہ کر دیتا یا پھر فرار ہو جاتا۔

ہم ایک لمحہ رکے اور پھر سر ہلا کر ایک دوسرے کو آگے بڑھنے کا اشارہ کیا۔ اپنے بائیں ہاتھ سے میں نے اپنے ہمراہی کو پیچھے ہٹایا اور اشارے سے کہا کہ وہ پیچھے ہی رہے۔ پھر میں اور ڈاکٹر سٹینلے کندھے سے کندھا ملا کر آدم خور کی جانب بڑھنے لگے۔ ابھی تک ہمیں شیر دکھائی نہ دیا تھا۔ دہاڑیں مسلسل سنائی دیتی رہیں اور ہمارے سامنے کی جھاڑیاں اچانک زور سے ہلیں۔ ہم رک گئے اور ہمارے ہتھیار پہلے ہی شانوں پر تھے۔ ہم نے رک کر شیر کے حملے کا انتظار کیا۔

مگر حملہ نہ ہوا۔ آخری لمحے آدم خور کی ہمت جواب دے گئی اور اس نے فرار کو ترجیح دی۔ اسے انسان کا پیچھا کر کے شکار کرنے کی عادت تھی۔ آج تک کوئی انسان اس کے پیچھے نہ آیا تھا۔ آخری بار سماعت شکن دہاڑ سنائی دی اور آدم خور غائب ہو گیا۔ مجھے ایک جھاڑی کے پیچھے اس کا سرخی مائل خاکہ سا دکھائی دیا اور اگلے لمحے وہ غائب ہو چکا تھا۔ میں گولی چلا سکتا تھا مگر یاد نہیں کہ گولی کیوں نہ چلائی۔ اس غلطی پر مجھے ہمیشہ پچھتاوا رہے گا۔

شیر کافی بھوکا تھا کہ اس نے اتنی دیر میں لگ بھگ نصف سے زیادہ لاش ہڑپ کر لی تھی۔ اب بازو، ٹانگیں، سر اور کچھ پسلیاں بچی ہوئی تھیں۔ سٹینلے اور میں نے ایک دوسرے سے کچھ نہ کہا۔ ہم دونوں جانتے تھے کہ جنگل میں انسانی آواز بہت دور تک سنائی دیتی ہے۔ میں نے مچان کی نیت سے اردگرد دیکھا تاکہ جب شیر اس بچی کھچی لاش سے پیٹ بھرنے آئے تو شکار کر سکوں۔

عفریت نے عجیب کام کیا۔ اس کا سامنا ہجوم کی بجائے دو انسانوں سے تھا اور شاید اسے بہت بھوک لگی تھی یا فطرتاً وہ ایسا ہی تھا، سو اس نے اچانک واپس ہماری طرف رخ کر لیا اور زور سے دہاڑتا ہوا آیا۔ اس کی دہاڑ کی شدت سے جیسے زمین کانپ رہی ہو۔ اس شدت سے یہ بھی اندازہ ہوا کہ شیر کافی قریب ہے۔ یاد رہے کہ اس دوران شیر جھاڑیوں میں چھپا ہوا تھا اور دکھائی نہ دیا۔ اب ہلتی ہوئی جھاڑیاں ہم سے قریب تر ہوتی جا رہی تھیں۔

جنگل میں کوئی مخصوص اصول نہیں اور ہر جانور ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ انسانوں کی طرح درندوں کی بھی اپنی اپنی شخصیت ہوتی ہے اور مختلف حالات میں ان کا رویہ مختلف ہوتا ہے۔

کندھے سے کندھا ملائے ہم دونوں کھڑے تھے اور اب ہم نے اپنا رخ اسی جانب کر لیا جہاں سے دہاڑ سنائی دے رہی تھی۔ امید تھی کہ ایک یا دو منٹ تک شیر نمودار ہو جاتا۔

تاہم ایسا نہ ہوا۔ اس کی بجائے شیر نے جھاڑیوں میں چھپے ہوئے ہمارے اور لاش کے گرد چکر کاٹنا شروع کر دیے۔ اس کی دہاڑ بھی مسلسل جاری رہی۔ ایک بار پھر عین آخری لمحے شیر کی ہمت جواب دے گئی۔ شیر کی حکمتِ عملی واضح تھی کہ وہ سامنے آنے کی بجائے ہمیں ڈرا کر بھگانا چاہتا تھا۔

پھر مجھے خیال سوجھا جس کی کامیابی کا انحصار شیر کی یاداشت اور سمجھ بوجھ پر تھا۔ شیر نے ہم دونوں کو آتے دیکھ لیا تھا۔ اب اگر ہم میں سے ایک آدمی وہیں لاش کے پاس گھاس میں چھپ جاتا اور دوسرا واپس چلا جاتا تو کیا شیر دھوکہ کھا جاتا؟ یہ بھی ممکن تھا کہ وہ واپس لوٹتے ہوئے آدمی پر حملہ کرتا۔ یہ بھی ممکن تھا کہ اسے ہمارے دھوکے کا اندازہ ہو جاتا اور ہم میں سے جو آدمی گھاس میں چھپا ہوتا، اس پر گھات لگا کر حملہ کر دیتا۔

صورتحال اتنی غیر یقینی تھی کہ مجھے ذرا بھی پسند نہ آئی۔ ویسے بھی ڈاکٹر کے پاس بندوق تھی اور میرے پاس رائفل۔ اگر میرے مشورے پر وہ واپس جاتا اور شیر اس پر حملہ کرتا تو اس کے لیے خطرہ بہت زیادہ ہو جاتا۔ اگر وہ گھاس میں چھپ جاتا اور شیر اس پر حملہ کرتا تو بھی اسے نقصان ہوتا۔ ایک حل یہ تھا کہ میں ڈاکٹر کو اپنی رائفل دے کر اس کی بندوق لے لیتا۔

مجھے یہ خیال پسند نہ آیا۔ میں اپنی اعشاریہ ۴۰۵ کی رائفل کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کا عادی تھا۔ سٹینلے کو اپنی بندوق کی عادت تھی۔ اگر ہم ہتھیار بدل لیتے تو ہم دونوں کے ہاتھ اجنبی ہتھیار ہوتا جو آدم خور کا سامنا کرنے کے لیے بہت خطرناک صورت حال ہوتی۔

سٹینلے بھی ایسے ہی سوچ رہا تھا اور اس نے میرے کان میں سرگوشی کی کہ میں چھپ جاؤں اور وہ واپس چلا جاتا ہے۔ بغیر کچھ کہے میں نے اپنی رائفل اس کی جانب بڑھائی اور اس کی بندوق لینے کی کوشش کی۔ سٹینلے نے اپنی بندوق پیچھے ہٹا لی اور ہاتھ کے اشارے سے مجھے جھاڑیوں کے پیچھے چھپنے کا کہا۔

شیر اس دوران مسلسل گھوم رہا تھا اور کبھی دہاڑتا تو کبھی غراتا۔ ۳۰ گز دور چھوٹی ۴ فٹ اونچی ایک جھاڑی تھی اور اس کے نیچے عام جھاڑ جھنکار اگا ہوا تھا۔ کوئی بڑا درخت یا پتھر نہ تھا، سو میں دبے پاؤں اس جھاڑی کے پیچھے چھپ کر بیٹھ گیا۔ جب شیر چلتا ہوا راستے کی مخالف سمت پہنچا تو میں نے سٹینلے کو جانے کا اشارہ کیا۔

آدم خور کو اپنی روانگی کی اطلاع دینے کی نیت سے سٹینلے آہستہ سے کھانسا اور آہستہ آواز میں خود کلامی کرتا واپس چل پڑا۔ اس کی نگاہیں اسی سمت جمی تھیں جہاں سے آدم خور کی آواز آ رہی تھی۔ اس کی ہاتھ میں بارہ بور کی بندوق تیار تھی۔

خود کلامی سٹینلے کی غلطی تھی۔ آدم خور نے لاش کو لوٹنے کی بجائے سٹینلے کا پیچھا شروع کر دیا۔ مزید یہ کہ اب آدم خور خاموش ہو گیا تھا۔ صاف لگ رہا تھا کہ اب شیر ایک اور شکار کرنے کی نیت سے جا رہا ہے اور اس لیے خاموش ہوا ہو گا۔ سٹینلے کے پاس صرف بندوق تھی اور اسے یہ بھی علم نہ تھا کہ آدم خور کس سمت سے حملہ کرے گا۔

مجھے پریشانی ہوئی کہ میرے دوست کی جان کو عظیم خطرہ لاحق تھا۔ بنا سوچے میں نے آدم خور کا پیچھا کرنے کا سوچا۔ اس سے بڑی حماقت اور کوئی نہیں ہو سکتی تھی۔ اس کی وجہ بھی بتاتا ہوں۔

ذرا تصور کیجیے کہ ڈاکٹر بھری ہوئی بندوق اٹھائے الٹے قدموں جا رہا ہے۔ اسے علم نہیں کہ میں اپنی پناہ گاہ سے نکل کر شیر کا پیچھا کر رہا ہوں۔ اب آپ خود کو شیر کی جگہ رکھ کر سوچیں کہ آپ غصے کا اظہار کرنے کے بعد کچھ ٹھنڈے ہوئے ہیں۔ آپ خاموشی سے چل رہے ہیں۔ عین اسی وقت آپ کو یہ بھی علم ہے کہ اگر آپ نے بڑھ کر حملہ کیا تو آپ کو نقصان ہو گا۔ آپ کو یہ بھی علم نہیں کہ آپ کے پیچھے ایک اور انسان آ رہا ہے۔ آپ کے پیچھے میں اپنی بھری ہوئی رائفل لیے بہت احتیاط سے چل رہا ہوں۔ مگر مجھے نہ تو شیر دکھائی دے رہا ہے اور نہ ہی سٹینلے۔ مجھے اپنے آگے وقفے وقفے سے ہلکی سی سرسراہٹ سنائی دے رہی ہے جو شیر یا سٹینلے کے چلنے سے پیدا ہو رہی ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ سٹینلے اور میرے درمیان چالیس سے پچاس گز کا فاصلہ ہے اور آدم خور شیر درمیان میں ہے۔

اب اگر شیر ذرا سا بھی سوچنے کے قابل ہو تو وہ بہت لطف اٹھا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسے ایک بار حملے کی آواز نکالنی ہو گی۔ جونہی ’ووف ووف‘ کی آواز آتی، سٹینلے اور میں گولی چلا دیتے۔ شاید ایک آدمی کی گولی دوسرے کو لگ جاتی۔ قسمت یا یوں کہہ لیجیے کہ بدقسمتی سے ایسا بھی امکان تھا کہ ہم ایک دوسرے کو گولی مار کر ختم کر دیتے۔ اخبارات میں شہ سرخیاں چھپتیں کہ دو شکاری ایک دوسرے کو آدم خور سمجھ کر مار بیٹھے اور آدم خور دونوں کو کھا گیا۔

میں شیر کا پیچھا کرنے میں اتنا غافل ہو گیا کہ مجھے اس بات کا احساس نہ رہا۔ آدم خور کو تعاقب کا اندازہ نہ تھا، سو وہ سٹینلے کے پیچھے لگا رہا۔ سٹینلے کو جب شیر کی دہاڑ سنائی دینا بند ہوئی تو وقفے وقفے سے سرسراہٹ کی آواز اسے یہ بتانے کے لیے کافی تھی کہ شیر اس کے پیچھے ہے اور کسی وقت بھی حملہ کر سکتا ہے۔

ڈاکٹر جھونپڑوں کو جانے والے راستے تک پہنچ گیا۔ شیر نے خاموشی توڑتے ہوئے دہاڑ لگائی۔ مجھے دکھائی تو کچھ نہ دیا مگر سنائی سب دے رہا تھا۔ میں سوچنے لگا کہ شیر ڈاکٹر پر حملہ کر رہا ہے یا کہ مجھ پر۔ ڈاکٹر نے بندوق چلائی اور اس کے گراپ میرے بہت قریب زمین پر لگے۔ بندوق کے دھماکے سے ڈر کر آدم خور واپس بھاگا اور میرے قریب سے گزرا۔ انتہائی قریب سے میں نے گولی چلائی۔

چند منٹ بعد ڈاکٹر نے مجھے بتایا کہ میری چلائی ہوئی گولی اس کے اتنے قریب سے گزری کہ اگر وہ گنجا نہ ہوتا تو بالوں میں سوراخ ہو جاتا۔ نہ جانتے ہوئے بھی آدم خور ہم دونوں کی موت کا سبب بنتے بنتے رہ گیا تھا۔

خیر، امید ختم نہیں ہوئی تھی۔ ہم دونوں کافی تجربہ کار تھے۔ گولی چلاتے وقت ہم دونوں ہی گولی چلانے کے لیے تیار حالت میں تھے۔ ہم دونوں نے انتہائی قریب سے فائر کیے تھے۔ ہم میں سے ایک یا دوسرے کے فائر سے شیر ضرور زخمی ہوا ہو یا شاید مر گیا ہو۔ ہمیں یاد نہ رہا کہ میں نے سٹینلے کے گراپ زمین پر گرنے آواز خود سنی اور میری چلائی ہوئی گولی سٹینلے کے قریب سے گزری تھی۔

سو ہم نے کافی تلاش کی مگر خون کی ایک بوند بھی نہ ملی۔ زندہ یا مردہ شیر تو کیا اس کی آواز بھی نہ سنائی دی۔ پھر ہمیں احساس ہوا کہ ہم دونوں کا نشانہ خطا ہوا ہے۔ ہم دونوں مایوس ہو گئے۔

پھر ہم خاموشی سے جھونپڑوں کو لوٹے جہاں ہمارا مخبر اور دونوں عورتیں موجود تھیں اور انہیں بتایا کہ کیا ہوا۔ پھر ہم تگارتی کے راستے کو نصف طے کر چکے تھے تو میرا ذہن چلنا شروع ہو گیا۔

عام طور پر شیر پر جب گولی چلائی جائے تو اس جگہ کافی عرصہ واپس نہیں لوٹتا۔ اس شیر پر دو بار گولی چل چکی تھی۔ اس لیے اصولی طور پر شیر کو یہاں سے یکسر غائب ہو جانا چاہیے تھا۔ مگر تھوڑا سا امکان یہ بھی تھا کہ شیر واپس لوٹتا۔ اس شیر نے دو بار خلافِ معمول رویے کا اظہار کیا تھا کہ فرار ہونے کے بعد لوٹا تھا۔ اس نے جان بوجھ کر سٹینلے کا پیچھا کیا حالانکہ اس کے شکار پر بظاہر اب اسے کوئی خطرہ نہ تھا۔ کیا وہ پھر اس طرح کی غیر معمولی فطرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مقام پر واپس آئے گا جہاں وہ دو بار بال بال بچا تھا؟ ۹۹ فیصد امکانات مخالف سہی، مگر ایک فیصد امکان تو تھا کہ عفریت واپس لوٹتا۔

جونہی میں نے یہ سوچا، وہیں رک گیا۔ ڈاکٹر بھی میرے ساتھ رکا اور حیران ہوا کہ میرے رکنے کی کیا وجہ ہو گی۔ میں نے اسے اپنی سوچ بتائی۔ سٹینلے سوچ میں ڈوب گیا۔ پھر اس نے سر ہلایا۔ تجربہ کار شکاری ہونے کی وجہ سے اسے بخوبی علم تھا کہ ایک فیصد امکان ہی سہی، مگر اسے چھوڑا نہیں جا سکتا۔ سو ہم واپس جھونپڑوں کو چل پڑے۔

جھونپڑے میں موجود تینوں افراد ہماری اتنی جلدی واپسی پر حیران ہوئے۔ مگر ہماری آمد سے ان کی تسلی ہوئی۔ جب ہم نے انہیں اپنی سوچ بتائی تو انہوں نے صاف الفاظ میں بتایا کہ ہم غلط ہیں اور آدم خور کئی میل دور جا چکا ہو گا۔

سٹینلے اور میں جھونپڑے سے نکل کر سیدھا آدم خور کے شکار کی سمت بہت محتاط ہو کر روانہ ہوئے۔ راستے میں گزرتے ہوئے ہم نے پیش قدمی کے دوران کسی قسم کی آواز نہ پیدا ہونے دی۔ ہمیں نہ تو شیر کی آواز سنائی دی اور نہ ہی اس کی جھلک دکھائی دی۔

ہم کافی حد تک مطمئن بھی ہوئے اور مایوس بھی۔ اطمینان یہ کہ فوری حملے کا خطرہ نہ رہا مگر مایوسی اس لیے کہ شاید وہ واپس نہ لوٹتا۔

جب میں نے وہاں چھپنے کے لیے جھاڑی تلاش کی تھی تو وہ فیصلہ بعجلت سہی مگر بہترین تھا۔ ابھی میں نے آرام سے دیکھا تو پتہ چلا کہ آس پاس مناسب فاصلے تک چھپنے کے لیے کوئی بھی مقام یا درخت موجود نہیں تھا۔ یہ ۴ فٹ اونچی جھاڑی دن کی روشنی میں تو چھپنے کے لیے بہترین تھی مگر رات کو اندھیرا چھاتا تو مسئلہ بن جاتی۔ شیر اندھیرے میں بھی بخوبی دیکھ سکتا ہے اور اگر واپس لوٹتے ہوئے وہ جھاڑی کے عین مخالف سمت سے نہ آتا تو مجھے فوراً دیکھ لیتا جبکہ اندھیرے کی وجہ سے میں شیر کو نہ دیکھ پاتا۔ دو بار گولی چل چکی تھی، سو اگر آدم خور واپس بھی آتا تو انتہائی محتاط ہو کر اور پوری تفتیش کے بعد ہی آتا۔ اگر میں جھاڑی کے پیچھے چھپنے کے لیے کوئی کمین گاہ بناتا تو آدم خور کو فوراً پتہ چل جاتا۔

اب میں کیا کروں؟ آدم خور کی واپسی کے امکان کو نظرانداز کرنا میرے لیے ممکن نہ تھا۔ مگر خودکشی کرنے کے اور بھی بہت سے طریقے تھے۔

ہم اس بار بولے بغیر سوچتے رہے مگر کوئی حل نہ سجھائی دے رہا تھا۔ اچانک ڈاکٹر کو ایک خیال آیا۔ اس نے کہا کہ وہ جھونپڑے کے مکینوں کے پاس جا کر ان کی مدد سے لاش کے پاس گڑھا کھود کر وہاں چھپ جائے گا۔ جب آدم خور لوٹے گا تو وہ اسے قریب سے گولی مار کر ہلاک کر دے گا۔

اس منصوبے میں بھی کئی خامیاں تھیں۔ سب سے پہلے تو یہ کہ آدم خور کو ڈاکٹر کی موجودگی کا احساس ہوتا تو وہ فرار ہو جاتا۔ دوسرا یہ کہ اگر شیر گڑھے کا قریب سے جائزہ لینے کی کوشش کرتا تو خطرہ اور بھی بڑھ جاتا۔ پھر یہ بھی کہ جب ڈاکٹر گڑھے میں چھپتا تو ظاہر ہے کہ شیر فوراً نہ دیکھ سکتا مگر شیر بھی ڈاکٹر کی نظروں سے اوجھل ہوتا۔ گولی چلانے کے لیے ڈاکٹر کو گڑھے میں کھڑا ہونا پڑتا اور آدم خور اسے دیکھ لیتا۔ ظاہر ہے کہ اچانک انسان کو زمین سے نکلتا دیکھ کر شیر حیران تو ہوتا مگر یہ کہنا مشکل ہے کہ اس کا ردِ عمل کیا ہوتا۔

اس بارے میں میں زیادہ سوچنا بیکار تھا۔ اس امکان کے ساتھ خطرے کو بھی قبول کرنا تھا یا پھر ہم اس منصوبہ ہی رد کر دیتے۔ وقت گزر رہا تھا اور اب تین بج گئے تھے۔ ہمیں جلدی کرنی تھی۔ ہم فوراً واپس جھونپڑوں کو لوٹے۔ یہ تینوں آدمی ہماری مدد کو فوراً تیار ہو گئے۔ ان کے پاس کھدائی کے لیے کوئی اوزار نہ تھا۔ تگارتی میں ڈاکٹر کا کافی اثر و رسوخ تھا اور اس نے فوراً تگارتی کا رخ کیا۔ جلد ہی وہ واپس لوٹا تو اس کے ساتھ چھ مددگار تھے جن کے پاس دو کدالیں، دو دھاتی سلاخیں اور کھودی ہوئی مٹی کو دور پھینکنے کے لیے دو بڑے ٹوکرے تھے۔ جھونپڑوں کے تینوں باشندے، چھ مددگار اور ہم دو شکاری، سب کام پر لگ گئے۔ جلد ہی ہم نے مناسب گڑھا کھود کر اس سے نکالی ہوئی مٹی دور جا کر پھیلا دی اور ہر قسم کے نشانات مٹا دیے۔

مجھے علم تھا کہ یہ منصوبہ سٹینلے کا ہے، سو وہ گڑھے میں خود بیٹھے گا۔ میں جتنا بھی کوشش کرتا، اس نے بات نہیں ماننی تھی۔ اگر میں اسے بتاتا کہ اس کی بندوق اس خطرناک کام کے لیے مناسب نہیں تو اس کا جواب ہوتا کہ اتنے قریب سے بندوق سے بہتر کوئی ہتھیار نہیں۔ میں یہ بات مانتا ہوں کہ انتہائی قریب سے بارہ بور کی بندوق سے کارگر کوئی ہتھیار نہیں۔ میں نے فیصلہ کیا کہ میں رات تگارتی جا کر گزاروں گا۔

شومیِ قسمت، میرے ساتھ تگارتی جانے کے لیے ہمارے مددگار اپنے اوزار اکٹھے کر رہے تھے کہ تگارتی سے دو آدمی ڈاکٹر کو تلاش کرتے آن پہنچے۔ ان میں سے ایک گاؤں کا مکھیا یا پٹیل تھا جو اپنے عہدے کے اعتبار سے بہت کم عمر تھا۔ دوسرا آدمی اس کا ملازم تھا۔ پٹیل نے بتایا کہ اس کی بیوی پورے دنوں کی حاملہ ہے اور کنویں سے گھڑا بھر کر لاتے ہوئے اس کا پیر پھسلا تو وہ گر گئی۔ اس کا حمل بھی ضائع ہوا اور یہ بھی کہ خون بہت بہہ رہا ہے۔ ڈاکٹر کو فوراً چلنا چاہیے۔

اس گفتگو کے دوران پٹیل نے جب ساری کاروائی ہوتی دیکھی تو اسے اندازہ ہو گیا کہ سٹینلے شکار کے لیے تیار ہے۔ سو اس نے مزید زور دینے کے لیے زور زور سے بولنا شروع کر دیا کہ ڈاکٹر اس کا بہترین دوست ہے اور یہ بھی کہ اس کی بیوی کی جان شیر سے زیادہ قیمتی ہے اور یہ بھی کہ اس کی بیوی انتہائی ضدی اور احمق عورت ہے کہ بار بار کہنے کے باوجود اسے وزن اٹھانے کا شوق ہے حالانکہ پٹیل کی بیوی ہونے کی وجہ سے گھر کے کام کرنے کے لیے ملازمین موجود ہوتے ہیں۔

سٹینلے نے مجھے دیکھا تو اس کے چہرے پر مایوسی صاف پڑھی جا رہی تھی۔ اس نے میرا بازو تھام کر کہا، ’نیک تمنائیں اینڈی۔ میری بندوق چاہیے؟‘

میں نے کہا، ’نہیں ڈاکٹر، میری پرانی وفادار رائفل کافی ہے‘۔

چند منٹ بعد یہ سب لوگ نظروں سے اوجھل ہو چکے تھے۔ میں اور لاش اس جگہ رہ گئے۔

دھندلکا چھا رہا تھا سو میں فوراً گڑھے میں گھسا اور اکڑوں بیٹھ گیا۔ بھری ہوئی رائفل کو میں نے اپنے ساتھ ترچھا کر کے گڑھے کے ساتھ ٹکا دیا۔ ہم نے گڑھا کھودتے وقت ڈاکٹر کی بارہ بور کی بندوق کی پیمائش کی تھی کہ بندوق کی نال گڑھے کے باہر نہ نکلے۔

عجلت اور ہیجان کی حالت میں بنائے گئے اس منصوبے پر اب غور کیا تو اس میں کافی مسائل دکھائی دیے۔ سب سے پہلے تو یہ کہ گڑھا بہت گرم تھا۔ اس جگہ سورج سارا دن چمکتا رہا تھا اور زمین تندور کی طرح دہک رہی تھی۔ دوسرا گڑھا اتنا چھوٹا تھا کہ اس میں ہوا کا گزر نہ تھا۔ جلد ہی میں پسینے میں شرابور ہو گیا۔

ان دنوں نہ صرف تگارتی بلکہ ریاست میسور کے شمال مغربی جنگلات میں کہیں بھی پاگل ہاتھی نہ تھے۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب ان علاقوں میں سینکڑوں شیر پھرتے تھے مگر اب صورتحال بدل گئی ہے اور درندوں کی تعداد بہت کم ہو گئی ہے۔ البتہ جنگلی ہاتھیوں کی تعداد اور آماج گاہیں بڑھتی جا رہی ہیں۔

مجھے یاد ہے کہ گڑھے کے اندر انتہائی خاموشی تھی اور مشکل سے موروں، جنگلی مرغیوں اور دیگر پرندوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں کہ وہ شب گزاری کے لیے درختوں پر جمع ہو رہے تھے۔ شیر کی آمد پر ہونے والی سرسراہٹ کو سننا ممکن نہ تھا۔ جب شیر زور سے دہاڑتا یا گرجتا تو ہی مجھے اس کی آواز آتی۔ مگر آدم خور شور کیوں کرتا؟ پھر مجھے یاد آیا کہ دن میں دو بار شیر ایسی حرکت کر چکا ہے۔ میری دلی تمنا تھی کہ شیر اپنی آمد کا اعلان خوب شور مچا کر کرے۔

تاریکی تقریباً چھا چکی تھی کہ میرے اوپر سے کوئی لمبوتری چیز گزری۔ یہ شب بیدار پرندہ تھا جسے انگریزی میں نائٹ جار کہتے ہیں۔ کم بلندی پر اڑتے ہوئے وہ اپنی خوراک تلاش کر رہا تھا۔ شاید انسانی لاش پر جمع ہونے والے کیڑے اور سنڈیاں اس کی خوراک بنتیں۔ مجھے مردار خور مکھیوں کی بھنبھناہٹ صاف سنائی دے رہی تھی۔ لاش سے اٹھنے والا تعفن مجھے پریشان کر رہا تھا کہ لاش کے سڑنے کا عمل سورج کی شدت سے تیز ہو گیا تھا۔

شیر آئے گا؟ اگر آیا تو کیا فوراً ہی پیٹ بھرنے لگے گا یا اسے شک ہو جائے گا کہ کچھ گڑبڑ ہے؟ ہو سکتا ہے کہ جھاڑیوں کے پیچھے چھپ کر وہ ہمیں دیکھتا رہا ہو؟ عین ممکن ہے کہ اسے علم ہو کہ میں اس گڑھے میں چھپا ہوں؟ اب وہ بسہولت آ کر مجھے شکار کر سکتا تھا۔ یہ سوچ اتنی خوشگوار نہیں تھی۔

اب مجھے گڑھے کے منہ سے اکا دکا ستارے دکھائی دینے لگے تو مجھے رات کی آمد کا علم ہو گیا۔ ستارے اتنے پرسکون دکھائی دے رہے تھے کہ میں چند لمحوں کے لیے اپنے آپ کو بھول گیا کہ آدم خور کی تلاش میں گڑھے کے اندر بیٹھا ہوں۔ میں سوچنے لگا کہ اوپر آسمان پر موجود ستاروں کو شاید زمین کے دوسرے حصوں میں ہونے والے مصائب بھی دکھائی دے رہے ہوں گے اور وہ ایسے ہی بے پروائی سے چمک رہے ہوں گے۔

اگلے لمحے مجھے ایسا لگا کہ جیسے یہ دو ستارے مجھے حقارت سے گھورتی ہوئی آنکھیں بن گئے ہوں۔ جیسے انہیں کسی واقعے کے ہونے کا انتظار ہو۔ مگر کس بات کا؟

میں نے خود کو بمشکل اس بارے میں میں سوچنے سے روکا۔ عجیب بات ہے نا کہ جب انسان خطرے میں ہو تو اس کا تصور اس کے ساتھ کیسے کھیل کھیلنے لگ جاتا ہے۔ شاید یہ فطرت کی طرف سے انسان کو گھبراہٹ سے بچانے کا ایک راستہ ہو۔ خیر، اب میں سوچنے لگا کہ آیا سٹینلے پٹیل کی بیوی کی جان بچانے میں کامیاب ہو سکے گا یا نہیں۔

پھر مجھے پہلی بار آواز آئی جیسے کوئی بھاری سانس لے رہا ہو۔

یہ شیر ہی ہو گا۔ اس نے شاید مجھے دیکھ لیا ہو گا اور اب مجھ پر حملہ کرنے کے لیے دبکا ہوا آ رہا ہو گا۔ غیر ارادی طور پر میں رائفل کو تھام لیا۔ رائفل کی دھاتی نالی اور لکڑی کے دستے کو چھوتے ہی مجھے تسلی محسوس ہوئی۔

کچھ دیر کو سانس رک گئی۔ پھر ایک بار زور سے آواز آئی جیسے پھونک ماری ہو۔ پھر خاموشی چھا گئی۔ شاید کوئی تیندوا یہاں سے گزر رہا ہو؟

اس علاقے میں شیروں کی کثرت سے تیندوے نہ ہونے کے برابر تھے۔ اکا دکا تیندوے کا ہونا کوئی عجیب بات نہ تھی اور عین ممکن ہے کہ یہاں سے گزرتے ہوئے تیندوے نے لاش دیکھی ہو تو اس سے کچھ گوشت کھانے کو رک گیا ہو۔ شاید سانس لینے کی یہ آوازیں اسی تیندوے نے نکالی ہوں۔

خیر، پھر کافی دیر تک مجھے کوئی اور آواز نہ سنائی دی۔ پھر اچانک جیسے کسی چیز کو گھسیٹا جا رہا ہو۔ کیا یہ آواز کسی بڑے سانپ کے چلنے کی ہو گی؟ شاید شیش ناگ یعنی کنگ کوبرا یعنی ہمڈریاڈ ہو۔ یہاں شیش ناگ عام ملتے ہیں کہ یہ جنگل ’مرطوب‘ ہے۔ جنوب کے خشک جنگلات میں شیش ناگ نہیں ہوتے۔

پھر خاموشی چھا گئی۔ میں کانوں پر زور دے کر آواز سننے کی کوشش کرتا رہا اور میری آنکھیں گڑھے کے اوپر آسمان کو تکتی رہیں۔ دونوں ستارے ابھی بھی میرے اوپر چمک رہے تھے مگر یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا وہ مجھے حقارت سے دیکھ رہے تھے یا کہ میرا مذاق اڑا رہے تھے۔ تاہم ان کا مقام بدل چکا تھا اور وہ اب کنارے کو جا پہنچے تھے۔ تھوڑی دیر بعد وہ میری نظروں سے اوجھل ہو جاتے۔ شاید ان کی جگہ کوئی اور ستارے آ جاتے۔

ابھی میں یہ سوچ رہا تھا کہ ایک آواز آئی۔ آدم خور نے ایک بڑی ہڈی توڑی اور پھر اسے چبانے لگا۔

شیر کے پیٹ بھرنے کی آواز سے اس کے مزاج کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ عام طور پر یہ کافی اطمینان بھری ہوتی ہیں اور چبانے، کترنے، گوشت کاٹنے وغیرہ کی آوازیں ایک ترتیب سے سنائی دیتی رہتی ہیں۔ اگر کھانے والے ایک سے زیادہ شیر ہوں یا بچوں والی شیرنی تو پھر ان آوازوں کے ساتھ غراہٹ، دہاڑ اور دھمکی نما آوازیں بھی وقفے وقفے سے سنائی دیتی ہیں جو دوسرے شیر یا بچوں کو دور رکھنے کی نیت سے نکالی جاتی ہیں۔ شیرنی اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی ہے اور بہت مرتبہ اپنے بچوں کو بچانے کے لیے اپنی جان تک دے سکتی ہے مگر جب کھانے کی باری آتی ہے تو وہ جب تک ماں کا پیٹ نہ بھر جائے، وہ بچوں کو قریب نہیں آنے دیتی۔ ایک سے زیادہ بالغ شیر ہوں تو بھی جس نے شکار مارا ہوتا ہے، وہ دوسرے کو تب ہی آنے دے گا جب اس کا اپنا پیٹ بھر چکا ہو۔

پھر شیر نے غرانا شروع کر دیا تو مجھے علم ہو گیا کہ شیر اکیلا نہیں۔ شاید شیرنی کے ساتھ بچے ہوں یا پھر ایک اور شیر۔ صورتحال پیچیدہ ہو گئی تھی کہ مجھے دوسرے شیر یا بچوں کا اندازہ نہیں تھا۔ گڑھا بناتے وقت نہ مجھے اور نہ ہی سٹینلے کو اس بات کا خیال آیا۔

میں نے سوچا کہ اب کیا کروں۔ گولی چلانے کے لیے مجھے گڑھے سے باہر جھانکنا پڑتا اور رائفل بھی باہر لانی ہوتی تاکہ نشانہ لے سکوں۔ ان حرکات سے کچھ نہ کچھ آواز پیدا ہوتی۔ یہ بھی ممکن تھا کہ رائفل کی نال کسی چیز سے ٹکرا جاتی۔ اس طرح پیٹ بھرتے ہوئے آدم خور کو میری موجودگی کا نہ صرف علم ہو جاتا بلکہ وہ مجھ پر بھی حملہ کر سکتا تھا۔ ہاں اس بات کا بھی امکان تھا کہ آدم خور کا رخ میری مخالف سمت ہوتا۔

دوسرا شیر یا بچے بھی تو موجود تھے۔ بچے جب میرا سر اور رائفل نکلتی دیکھتے تو ماں کو خبردار کر دیتے۔ یہ سوچنا تو بیکار تھا کہ اتفاق سے سبھی جانور میری مخالف سمت منہ کیے بیٹھے ہوں گے۔ اگر دو شیر ہیں تو ان میں سے آدم خور کون سا ہو گا؟ ظاہر ہے کہ جو پیٹ بھر رہا ہو گا، وہی آدم خور ہو گا۔ مگر یہ بھی ممکن تھا کہ دوسرا شیر بھی آدم خوری شروع کر چکا ہو۔ مجھے دونوں کو ہی شکار کرنا ہو گا۔

واحد متبادل یہ تھا کہ میں اپنی جگہ دبکا رہتا اور شیر اپنا پیٹ بھر کر چلے جاتے۔ مگر میں ان کا شکار کرنے آیا تھا نہ کہ ان سے چھپنے۔ پھر مجھے اس آدمی کا خیال آیا جسے آدم خور مار کر کھا رہا تھا۔ اگلی صبح جب سٹیلنے اور دیہاتی آتے تو لاش کھائی جا چکی ہوتی، آدم خور کے پگ جگہ جگہ ہوتے اور میں گڑھے میں چھپا ملتا۔

خیر، میں نے گولی چلانے کا فیصلہ کیا اور انتہائی آہستگی سے اٹھنا شروع کیا تاکہ پیر سیدھے کر سکوں۔ اس طرح اٹھتے ہوئے کافی وقت لگا مگر کسی قسم کی آواز نہ پیدا ہوئی۔ البتہ میرے پٹھے اس آہستہ حرکت کی وجہ سے بہت تھک گئے تھے کہ میں بہت دیر سے زانو تہہ کیے بیٹھے تھا۔ شیر کے پیٹ بھرنے اور غرانے کی آوازیں مسلسل جاری تھیں۔ گھٹنوں کے بل کھڑا ہو کر میں نے ہاتھ بھی زمین پر رکھے اور انتہائی آہستگی سے خود کو اٹھانے لگا۔

 وقت گزرتا گیا اور میری آہستہ حرکات نے مجھے تھکانا شروع کر دیا۔ میں تیزی نہیں دکھا سکتا تھا۔ جب میرے کان گڑھے کی سطح کو پہنچے تو شیر کی آوازوں کی شدت اور بھی بڑھ گئی۔ مجھے ڈر لگنے لگا۔

جب سر گڑھے کے کنارے کو پہنچا تو سوچا کہ اب مجھے کچھ تیزی دکھانی ہے کہ دوسرا شیر یا بچے مجھے دیکھ سکتے تھے۔ میں نے فوراً بلند ہوا تاکہ باہر دیکھ سکوں۔

میرے سامنے خوفناک منظر تھا۔ تاریکی میں بیٹھے رہنے کی وجہ سے میری آنکھیں تاریکی میں بخوبی دیکھ رہی تھیں۔ مجھ سے چند فٹ دور اور میری مخالف سمت منہ کیے ایک شیر بیٹھا لاش سے پیٹ بھر رہا تھا۔ اس شیر سے چند فٹ دور ایک اور شیر بھی بیٹھا دکھائی دیا جس کا رخ پہلے شیر اور میری طرف تھا۔ جونہی میرا سر گڑھے سے باہر نکلا، دوسرے شیر نے مجھے دیکھ لیا۔

غراتے ہوئے وہ اپنے پیروں پر اٹھا۔ میں فوراً نیچے جھکا اور رائفل اٹھائی۔ میرا خیال تھا کہ شیر میرے سر پر ہو گا۔ جونہی میں نے رائفل اٹھائی، مجھے خیال آیا کہ باہر ایک نہیں بلکہ دو شیر ہیں۔ سو میں پھر وہیں بیٹھ گیا۔

اس دوران چند سیکنڈ بیتے ہوں گے مگر آدم خور نے جب دوسرے شیر کو غرا کر اٹھتے دیکھا تو سمجھا کہ اس کا ساتھی اس پر حملہ کرنے والا ہے۔ ظاہر ہے کہ اسے میرے بارے میں میں کچھ علم نہ تھا۔ اس نے دہاڑ کر دوسرے شیر پر حملہ کر دیا۔

میں نے سوچا کہ اب ان کی توجہ دوسری جانب ہے، سو مجھے عمل کرنا چاہیے۔

میں فوراً اٹھا اور رائفل سمیت گڑھے کی سطح سے بلند ہوا۔ ایک لمحے کو تو مجھے نہ کچھ دکھائی دیا اور نہ ہی کچھ سنائی دیا۔ تاہم ہوا میں گرد و غبار کا بادل موجود تھا۔ دونوں شیر غائب ہو چکے تھے اور دہاڑ یا غراہٹ کی آواز نہ آئی۔

یہ بات عجیب تھی۔ اگر پہلا شیر بھاگا اور دوسرا اس کے تعاقب میں گیا تو دوسرے شیر کو کچھ دہاڑنا یا غرانا چاہیے تھا۔ شاید انہوں نے میری رائفل یا مجھے گڑھے سے نکلتے دیکھ لیا ہو۔ مگر اس صورت میں بھی وہ کچھ نہ کچھ شور کرتے۔

جنگل یکسر خاموش تھا۔ مجھے اس کی وجہ سمجھ نہ آئی۔ پھر میں نے سوچا کہ آدم خور اپنے ساتھی کو بھگانے کے بعد شاید واپس لوٹے۔ سو میں گڑھے میں دبک کر بیٹھ گیا کہ وہ کب لوٹتا ہے۔

میرا انتظار بیکار گیا۔ نصف گھنٹے بعد مجھے ایک طویل انسانی چیخ سنائی دی اور پھر جیسے کسی انسان کا گلا گھونٹا جا رہا ہو۔ پھر دوسری چیخیں سنائی دیں۔ یہ آوازیں ان دو جھونپڑوں سے آ رہی تھیں۔ وہ مدد کے لیے چلا رہے تھے۔

پھر مجھے احساس ہوا کہ کیا معاملہ ہے۔ آدم خور نے دوسری عورت شکار کر لی تھی۔ دوسرے شیر کو بھگانے یا پھر مجھ سے ڈر کر بھاگنے کے دوران آدم خور جب ان جھونپڑوں کے قریب سے گزرا تو اس نے ان میں سے کسی کو شکار کر لیا ہو گا۔ مگر اس نے جھونپڑے کے اندر کیسے رسائی حاصل کی ہو گی؟ شاید اس نے غصے کے مارے جھونپڑے کی دیوار توڑ دی ہو۔ آدم خور بھوکا ہرگز نہیں تھا کہ کافی دیر تک پیٹ بھرتا رہا تھا۔

میں سوچنے لگا کہ اب کیا کروں۔ یہیں بیٹھا رہوں یا پھر جھونپڑوں کی سمت جاؤں؟ دونوں صورتوں میں کچھ کرنا ممکن نہ تھا۔ تازہ شکار کی موجودگی میں اس لاش پر شیر کی واپسی کے امکانات نہ تھے۔ دوسری جانب اگر میں جھونپڑوں کو جاتا بھی تو تاریکی میں آدم خور کا پیچھا کرنا ممکن نہ تھا۔ یہ کام دن چڑھے ہی ہوتا۔

میں نے وہیں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا کہ اگر دوسرا شیر واپس لوٹتا تو میں اسے شکار کر لیتا چاہے وہ عفریت ہوتا یا دوسرا شیر۔ یہ تو میں اپنی آنکھوں سے دیکھ چکا تھا کہ وہ عفریت کو انسانی لاش سے پیٹ بھرتا ہوا کتنی بے چینی سے دیکھ رہا تھا۔ یعنی یہ بھی آدم خور تو بن ہی چکا تھا۔

اس کے بعد مجھے رات کو نیند تو نہ آئی کہ گڑھے میں چیونٹیاں اور دیگر حشرات گھستے اور مجھے کاٹتے رہے۔ چار بجے تک نہ تو کوئی آواز آئی اور نہ ہی کوئی چیز دکھائی دی۔ پھر ایک لگڑبگڑ کو انسانی لاش دکھائی دی تو گڑبڑ شروع ہو گئی۔ اسے شیروں کی بو آ رہی تھی اور وہ جانتا تھا کہ اگر اس نے شیر کے شکار کو منہ لگایا تو نتیجہ موت کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ اب اسے فیصلہ کرنا مشکل ہو رہا تھا کہ آیا وہ جان کا خطرہ مول لے کر بھوک مٹائے یا نہ۔ اس نے عجیب عجیب آوازیں نکالنا شروع کر دیں۔ پورے جنگل کو علم ہو گیا کہ یہ احمق جانور فیصلہ نہیں کر پا رہا۔

مسئلہ وہی تھا کہ شیر ظاہر نہیں ہوا تھا مگر اس کی آمد کسی لمحے بھی متوقع تھی اور وہ لمحہ لگڑبگڑ کی زندگی کا آخری لمحہ ہوتا۔ میں جھونپڑے میں ہونے والی تازہ واردات کو بھول کر لگڑبگڑ کے بارے میں میں سوچنے لگا۔

میرے اوپر آسمان کچھ کم تاریک ہو گیا کہ صبحِ کاذب نمودار ہو رہی تھی۔ پھر لگڑبگڑ نے ہمت پکڑی اور لاش کے قریب پہنچا۔ میں نے چند ہڈیاں چبانے کی آوازیں سنیں اور پھر لگڑبگڑ ڈر کر بھاگ گیا۔ میں چشمِ تصور سے دیکھ رہا تھا کہ اس نے ہڈی منہ میں دبا کر دوڑ لگائی ہو گی تاکہ اپنی کھوہ میں چھپ کر کھا سکے۔

میں نے پو پھٹنے کا انتظار کیا اور پھر اپنی رائفل سمیت گڑھے سے نکل آیا۔ گڑھے سے نکل کر میں نے اپنی ٹانگیں سیدھی کیں اور دورانِ خون بحال ہونے کا انتظار کیا۔ پھر میں جھونپڑوں کی سمت چل دیا تاکہ دیکھوں کہ رات کو کیا ہوا تھا۔ وہاں ایک خوفناک منظر دکھائی دیا۔

دہشت زدہ آدمی اور اس کی بیوی مجھے ایک جھونپڑے میں دبکے دکھائی دیے۔ انہوں نے مجھے رات کی خوفناک تفصیل بتائی۔ رات کو تینوں نے نسبتاً مضبوط جھونپڑے میں رات گزارنے کا سوچا۔ آدمی نے پوری احتیاط سے جھونپڑے کے عین وسط میں سونے کی جگہ چنی اور اس کی بیوی اس کے بائیں جانب لیٹ گئی۔ دوسرے جھونپڑے والی بیوہ عورت نے شرم کے مارے اس جوڑے سے ذرا ہٹ کر ایک دیوار کے قریب سونے کی جگہ چنی جو اس جوڑے کے پیروں کی جانب تھی۔

جھونپڑا چھوٹا اور مربع شکل کا تھا۔ اس کی لمبائی اور چوڑائی بارہ بارہ فٹ تھی۔ اگر ہم اس جوڑے کو جھونپڑے کے عین درمیان میں سویا ہوا تصور کریں تو ان کے لیے چھ فٹ جگہ مختص ہو گئی۔ ان کے پیروں کی جانب شاید تین فٹ دور بیوہ سوئی ہو گی جو دیوار سے بمشکل تین فٹ دور ہو گی۔ ہندوستان کے مرطوب علاقوں میں ایسے جھونپڑوں کی دیواریں زمین سے چند انچ اوپر رکھی جاتی ہیں تاکہ دیمک سے نقصان نہ ہو۔ سو چاروں طرف تھوڑی سی خلا ہوتی ہے۔

آدم خور اس جھونپڑے کے قریب سے گزرا۔ وہ اپنے ساتھی کا تعاقب کر رہا تھا، سو بہت غصے میں ہو گا۔ اسی خلا سے اس نے جب سوئی ہوئی عورت کو دیکھا ہو گا تو اس پر حملہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہو گا۔ اس نے اپنا پنجہ اندر گھسا کر عورت کو باہر کی جانب گھسیٹنا شروع کر دیا ہو گا۔

اس کی چیخ و پکار سن کر میاں بیوی بھی جاگ گئے اور یہ آوازیں میں نے گڑھے میں بیٹھے ہوئے سنی تھیں۔ اتنی دیر میں آدم خور نے عورت کے سر اور گردن کو جھونپڑے سے باہر نکال کر اس کا حلقوم دبوچ لیا۔ اس کا باقی جسم جھونپڑے کے اندر پھنس گیا تھا۔ تڑپتی ہوئی عورت نے جھونپڑے کی دیوار کو سہارا دینے والے دو بانسوں کو پکڑ لیا تھا جو آدم خور کے زور سے ٹوٹ گئے۔ ایک بانس اس کی ساڑھی سے ہو کر اس کے جسم میں پیوست ہو گیا۔ سو اس بدقسمت عورت کا جسم بانس کی دیوار کے ساتھ گڑ گیا۔

متوفیہ اور اس کے ساتھیوں کی چیخ و پکار سے شاید آدم خور نے اپنا ارادہ بدل دیا اور اسے چھوڑ کر بھاگ گیا۔ اس عورت کی لاش بہت بھیانک منظر پیش کر رہی تھی۔ آدم خور کے پنجے نے اس کی ایک چھاتی کو لیر لیر کر دیا تھا۔ پھر عفریت نے اس کے حلقوم کو دبوچا تو نرخرہ ادھیڑ کر رکھ دیا۔ بدقسمت عورت اپنے ہی خون کے تالاب میں مردہ پڑی تھی جو کچھ تو کچی زمین میں جذب ہو گیا تھا اور کچھ وہیں جم گیا۔

میاں بیوی جھونپڑے کے دوسرے کونے پر دبکے ہوئے منتظر تھے کہ کب آدم خور نمودار ہو کر ان کو بھی ہلاک کر دے گا۔ دونوں ہی خوف سے شل تھے۔ ان پر اتنا خوف طاری تھا کہ انہیں دن نکلنے کا بھی اندازہ نہ ہوا۔ جب میرے قدموں کی چاپ سنائی دی تو وہ خوف سے کانپنے لگے کہ آدم خور لوٹ آیا ہو گا۔

میں نے بہ آواز بلند انہیں تسلی دی۔ پھر ان لوگوں نے دروازہ کھولا اور باہر نکلے اور زمین پر گر کر سسکیاں لینے لگے۔ انہیں تسلی دینے اور ان کے حواس بحال کرنے پر کافی وقت لگا۔ پھر جا کر انہوں نے کہانی سنائی۔

جب میں جھونپڑے میں گھس کر لاش کو دیکھ رہا تھا تو سٹینلے اور دیگر لوگ بھی آن پہنچے۔ سٹینلے نے ساری رات جاگ کر گزاری تھی مگر اسے میری رائفل کی آواز نہ آئی۔ تگارتی اتنی دور نہیں تھا کہ رائفل چلنے کی آواز نہ جا پاتی۔ سو اس نے سوچا یا تو آدم خور نہیں لوٹا یا پھر میں مارا گیا ہوں۔ سو اس نے روشنی ہوتے ہی ادھر کا رخ کیا۔

اسے دیکھتے ہی میں نے پوچھا، ’پٹیل کی بیوی اب کیسی ہے؟‘ وہ ہکا بکا رہ گیا۔

چند لمحے بعد اس نے جواب دیا، ’وہ ٹھیک ہے۔ مگر یہ سب کیسے ہوا؟‘ میں نے رات کی کہانی سنائی اور پھر ہم نے چند لمحوں میں نیا منصوبہ تیار کر لیا۔

ہم نے میاں بیوی اور ان کے سامان کو جمع کر کے انہیں دیگر افراد کے ساتھ تگارتی بھجوا دیا۔ سٹینلے ایک جھونپڑے میں جب کہ میں لاش والے جھونپڑے میں چھپ جاتا۔ جب عفریت اور اس کے ساتھی کی واپسی ہوتی تو ہم دونوں کا سامنا کرنے کو تیار ہوتے۔

ہم نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے کافی احتیاط کی۔ سب سے پہلے تو یہ کہ ہمیں گولی چلاتے ہوئے خیال رکھنا تھا کہ وہ دوسرے ساتھی کی سمت نہ چلائی جائے۔ دوسرا یہ بھی کہ اگر سٹینلے کو دوسرا شیر دکھائی دے جاتا تو جب تک آدم خور لاش پر نہ پہنچتا، اس نے گولی نہیں چلانی تھی۔ جونہی میں گولی چلاتا اور دوسرا شیر قریب ہوتا تو سٹینلے بھی گولی چلا دیتا۔ اگر سٹینلے پہلے گولی چلاتا تو عین ممکن تھا کہ آدم خور بھاگ جاتا۔ ہمارا اصل مقصد عفریت کی ہلاکت تھا۔ دوسرے شیر کو ہم احتیاطاً مارنا چاہتے تھے کہ ہمارے اندازے کے مطابق وہ آدم خور بن چکا ہو گا۔ آدم خور کی ہلاکت لازمی تھی۔

رت جگے کے بعد میں تھکا ہوا تھا اور سٹینلے بھی تازہ دم نہیں تھا، ہم نے فیصلہ کیا کہ میں تگارتی لوٹ کر کھانا کھانے کے بعد کچھ دیر سوؤں گا اور پھر تین بجے تک کھانے پینے کے سامان اور سٹینلے کی بندوق کے لیے ٹارچ کے ساتھ واپس لوٹ آؤں گا۔ سٹینلے رک کر پہرہ دے گا مبادا کہ آدم خور یا دوسرا شیر لوٹے۔

پھر مجھے ایک اور خیال سوجھا اور جب سٹینلے کو بتایا تو وہ بھی تیار ہو گیا۔ خیال یہ تھا کہ ہم جھونپڑے سے ایک بوری لے کر دوسری لاش کی باقیات کو جمع کر کے انہیں یہاں لائیں۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا کہ آدم خور یا دوسرا شیر جب وہاں جاتے تو انہیں کچھ نہ ملتا۔ اس طرح وہ سیدھا جھونپڑے کو لوٹتے۔

جب ہم نے اپنے ساتھیوں کو یہ کام کرنے کو کہا تو اونچی ذات ہونے کی وجہ سے وہ جھجھک گئے۔ سو سٹینلے اور میں نے ہی یہ کام کرنا تھا۔ سٹینلے کو ڈاکٹر ہونے کی وجہ سے کوئی مسئلہ نہیں تھا مگر میرے لیے یہ کوئی خوشگوار کام نہ تھا۔ لاش پر تھوڑا سا گوشت باقی تھا جو دو دن پرانا ہونے کی وجہ سے بری طرح متعفن تھا۔ اس کے علاوہ مکھیوں کے انڈے اور لاروے بھی اس پر موجود تھے۔

ہم نے تمام اجزا جمع کیے اور بوری میں ڈال لیے۔ ہمارے ہمراہی اسے ہاتھ لگانا بھی گناہ سمجھتے تھے، سو مجھے بورا کندھے پر لاد کر تگارتی لے جانا پڑا۔ بظاہر لاش بہت کم بچی تھی مگر اس کا وزن ناقابلِ یقین حد تک بھاری تھا۔

جب تگارتی پہنچا تو پسینے اور لاش سے نکلنے والے مواد سے میں بری طرح لتھڑ چکا تھا۔ جب میں نے پولیس چوکی پر پہنچ کر بوری کو اتارا تو میرے ہاتھ، کندھے اور گردن خون آلود تھے۔ پہرے پر موجود سپاہی ہکا بکا رہ گیا۔ شاید زندگی میں پہلی بار اسے بیان لینا بھول گیا ہو گا۔ مجھے تو معلوم تھا مگر میں نے اسے یاد نہیں کرایا۔ جب تھانے سے سب انسپکٹر اور دیگر افسران آتے تو سوالات کی بھرمار ہو جاتی کہ ہم نے لاش کو جائے واردات سے کیوں ہٹایا؟ پولیس کو کیسے پتہ چلے گا کہ اس آدمی کو شیر نے ہی مارا ہے؟ کیا ثبوت ہے کہ اسے قتل نہیں کیا گیا؟ کیا پتہ اس نے خودکشی کی ہو؟ خیر، ان سوالات کے جوابات بعد میں دیے جا سکتے تھے۔ مجھے تو غسل اور ڈھیر ساری چائے، کھانا اور پھر نیند سے مطلب تھا۔

میں سیدھا ڈاکٹر کی رہائش گاہ کو گیا جہاں میں اس کے ساتھ رہ رہا تھا۔ میں نے وہاں پہنچ کر ملازم کو ڈھیر ساری چائے بنانے کا حکم دیا اور پھر اپنے کپڑے اتار کر انہیں اچھی طرح دھویا اور پھر خود نہایا۔

نہانے کے بعد خوب تازہ دم ہو کر میں نے خوب چائے پی۔ اتنی زیادہ چائے کہ ملازم کو کہنا پڑا کہ کچھ جگہ کھانے کے لیے بھی چھوڑ دوں۔ جب کھانا آیا تو میں نے پلیٹیں صاف کر دیں۔ ملازم کو میرے پیٹو ہونے پر حیرت ہوئی۔

میں نے اسے بتایا کہ ڈاکٹر کے لیے دوپہر کا کھانا الگ اور پھر ہم دونوں کے لیے رات کا کھانا الگ بنا دے جو میں تین بجے لے کر جاؤں گا۔ پھر میں نے اسے کھانا تیار کرنے کے لیے پیسے دیے اور کہا کہ وہ مجھے اڑھائی بجے جگا دے۔

جب میں جاگا تو تین بجنے والے تھے۔ کھانا تیار تھا اور میں نے کھانے کے ساتھ ساتھ چائے کی دو تھرماس اور پانی کی دو بوتلیں اٹھائیں اور پھر ڈاکٹر کی ٹارچ سمیت سارا سامان بڑے بیگ میں رکھا اور جھونپڑوں کو چل پڑا۔

تیز چلتے ہوئے میں جھونپڑوں کو پہنچا تو شیروں کی کوئی خبر نہ تھی۔ ڈاکٹر بہت بھوکا تھا، سو اس نے خوب پیٹ بھر کھانا کھایا اور پھر پانی پینے کے بعد ہم نے رات کے منصوبے پر بات کی۔ چائے کو ہم نے رات کے لیے چھوڑ دیا۔

چار بجے ہم الگ ہوئے اور میں لاش والے جھونپڑے میں چلا گیا۔ میرے ساتھ رائفل، کھانا، چائے کی تھرماس اور آدھی بوتل پانی تھا۔ سٹینلے کے پاس بھی یہی چیزیں تھیں۔ لاش سے ہر ممکن دور رہتے ہوئے میں نے ایک کونے میں بیٹھ کر اگلے ۱۴ گھنٹے گزارنے کے لیے خود کو تیار کیا۔

میں آلتی پالتی مار کر کئی گھنٹے بے حس و حرکت بیٹھنے کا عادی ہوں اور یہ عادت شکار کے لیے بہت ضروری ہے۔ ذرا سی بھی حرکت یا آواز سے جنگلی جانور اور پرندے خبردار ہو جاتے ہیں۔ اگر مطلوبہ جانور کے سونگھنے کی حس تیز ہو تو ہوا کی سمت کا بھی خیال رکھنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب تیز ہوا چل رہی ہو تو ہرنوں کے چور شکاری گھر سے نہیں نکلتے۔ بارش ہو تو بو زیادہ دور نہیں جاتی۔ بارش کے دوران شیر کے علاوہ سبھی جانور چھپ جاتے ہیں۔ بارش بہت تیز ہو تو پھر شیر اور ہاتھی بھی زیادہ حرکت نہیں کرتے۔

شیروں میں سونگھنے کی حس بہت کمزور ہوتی ہے، سو میں نے اس بارے میں میں نہیں سوچا۔ مجھے یہ فکر تھی کہ میری آواز یا حرکت سے آدم خور خبردار نہ ہو جائے۔ پچھلی رات والے واقعے کے بعد ہمیں یقین تھا کہ دونوں شیر بہت محتاط ہوں گے۔ یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ آدم خور ممکنہ بے بس شکار اور اپنے خون کے پیاسے شکاری میں فرق کرنے کے قابل کیسے ہو جاتا ہے۔

چھاؤں میں ہونے کی وجہ سے لاش ابھی تک سڑنا شروع نہیں ہوئی تھی۔ پچھلی رات کے گڑھے کی نسبت یہاں جھونپڑے میں بیٹھنا بہت آسان تھا۔ آس پاس مکمل خاموشی تھی کہ عفریت کی دہشت سے تگارتی اور آس پاس کئی میل کے دیہاتوں کے مویشی اب جنگل میں چرائی کے لیے نہیں بھیجے جاتے تھے۔

سہ پہر بھی خاموشی سے گزری اور واحد شور مکھیوں کی بھنبھناہٹ تھی جو اب لاش پر انڈے دے رہی تھیں۔ جھونپڑے کے اندر شام کی تاریکی چھانے لگی تھی اور جلد ہی دکھائی دینا دشوار ہو جاتا۔ مجھے باہر دن کی روشنی کچھ حد تک دکھائی دے رہی تھی کہ دیواریں زمین سے چند انچ اونچی تھیں۔

اس علاقے میں تیندوے اور دیگر بڑی بلیاں نہیں تھیں، سو ان کا کھاجا بننے والے پرندے بکثرت تھے اور ان میں جنگلی مرغ وغیرہ کا شور بتا رہا تھا کہ اب سورج ڈوبنے والا ہے۔ میں نے خاموشی سے ساتھ لایا ہوا کھانا کھا کر چائے پی۔

جلد ہی پرندوں کی آوازیں غائب ہو گئیں اور ان کی جگہ قریبی جنگل سے چیتل اور پھر کچھ دور سے سانبھر کی آواز آئی۔ اس سے مجھے معلوم ہو گیا کہ اب سورج غروب ہو چکا ہے اور جھونپڑے کے باہر تاریکی پوری طرح چھا چکی ہے۔

جلد ہی شب بیدار پرندوں کی آوازیں آنے لگیں اور ندی سے ایک بگلا بولا۔ مجھے یقین ہو گیا کہ اب رات پوری طرح چھا گئی ہے اور مجھے اب جھونپڑے کے باہر کچھ نہ دکھائی دے رہا تھا۔ اب اگر آدم خور لاش کو لے جانے کے لیے آتا تو مجھے ٹارچ کا سہارا لینا پڑتا۔

اس طرح ایک مشکل آن کھڑی ہوئی۔ جب میں ٹارچ جلاتا تو اس کی روشنی سامنے والی دیوار سے ٹکرا کر لوٹتی اور مجھے اندھا کر دیتی۔ میں دیوار کے پار اور نیچے سے بھی نہ دیکھ سکتا۔ آدم خور میری نظروں سے چھپ جاتا۔ اگر میں لاش کے قریب لیٹ کر رائفل ساتھ رکھ لیتا تو کافی آسانی ہو جاتی۔ جونہی شیر آتا تو میں رائفل کا رخ اس کی جانب کر کے لبلبی دبا دیتا۔ آدم خور جب لاش کو کھینچنے کی کوشش کرتا تو کچھ نہ کچھ آواز ضرور پیدا ہوتی۔

پچھلی رات کی جد و جہد کی وجہ سے جھونپڑے کی دیوار کا ایک بانس متوفیہ کی لاش میں گڑا ہوا تھا۔ جب شیر اس رکاوٹ سے لاش کو کھینچنے کی کوشش کرتا تو آواز ضرور پیدا ہوتی۔

چائے کی تھرماس اور رائفل کو اٹھا کر میں رینگتا ہوا آگے بڑھا اور لاش کے پاس لیٹ گیا۔ رائفل کا کندہ میری بغل میں تھا اور رائفل کی نال دیوار سے چند انچ دور۔ اس دوران میرا کندھا کسی سرد اور سخت چیز سے لگا۔ یہ لاش کی ٹانگ تھی، سو میں فوراً اس سے تھوڑا دور ہو گیا۔

تین گھنٹے گزر گئے۔ دس بچ گئے تھے۔ شیر عموماً آٹھ بجے تک اپنے شکار پر لوٹ آتے ہیں۔ تیندوے اس سے بھی پہلے آ جاتے ہیں۔ میں سوچنے لگا کہ شاید شیر اب نہ آئے گا کہ اچانک لاش کی ٹانگ میرے کندھے سے لگی۔

نہ صرف لاش کی ٹانگ ہل رہی تھی بلکہ لاش آہستہ آہستہ کھسک رہی تھی۔

ذرا سی بھی آواز نہ آئی تھی۔ ٹانگ پھر ہلی۔ میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ میں اٹھ کر بھاگنے ہی والا تھا کہ اچانک مجھے اس بات کی وجہ سمجھ آ گئی۔ میرا پورا بدن پسینے پسینے ہو رہا تھا اور ہاتھ کانپ رہے تھے۔ مگر وجہ یہ تھی کہ لاش زندہ نہیں ہوئی بلکہ آدم خور لوٹ آیا تھا اور وہی اسے گھسیٹ رہا تھا۔

میں کچھ نہ کر سکتا تھا۔ اندھا دھند گولی چلانا بیکار ہوتا کہ آدم خور ڈر کر بھاگ جاتا۔ اگر گولی چلاتا تو شیر کو زخمی کرتا۔ اس کے لیے مجھے شیر کے مقام کا اندازہ ہونا چاہیے تھا۔

پھر مجھے ہلکی سی سرسراہٹ سنائی دی جو میرے کچھ دائیں جانب اور کافی قریب سے آ رہی تھی۔ مجھے کچھ دکھائی نہ دیا۔ میں ٹارچ جلانے والا تھا کہ یاد آیا کہ اس طرح تو میں خود چندھیا جاؤں گا۔ تاہم یہ جاننا بھی لازمی تھا کہ یہ آواز کہاں سے آ رہی تھی اور کس وجہ سے؟

پھر میں نے انتہائی احمقانہ حرکت کی۔ دکھائی نہ دیا تو میں نے سوچا کہ ہاتھ سے چھو کر دیکھتا ہوں کہ کیا ہوا۔ یہ سوچ کر میں نے اپنا دائیاں ہاتھ آہستہ آہستہ اس جانب بڑھانا شروع کیا۔

میرا ہاتھ زیادہ دور نہ جا پایا کہ مجھے کوئی بالدار اور سخت سی چیز ملی اور اسی لمحے جیسے قیامت برپا ہو گئی۔ آدم خور لاش کو کھینچنے میں مشکل محسوس کرتے ہوئے پنجے کی مدد سے لاش کے کسی اور حصے کو پکڑنے کے چکر میں اپنا پنجہ دیوار کے نیچے سے گھسا کر ٹٹول رہا تھا۔ اس سے سرسراہٹ کی آواز پیدا ہوئی۔ جب میری انگلیاں اس کے پنجے سے لگیں تو ظاہر ہے کہ شیر کو جن بھوت پر تو یقین نہیں ہو گا، اسے پتہ چل گیا ہو گا کہ اندر کوئی زندہ چیز موجود ہے۔

عام شیر ہوتا تو بھاگ جاتا۔ مگر عفریت نے اس کے عین الٹ کیا۔ اس نے طیش سے زوردار دہاڑ لگائی اور دیوار کو توڑنے کی کوشش کرنے لگا۔

میرا کام آسان ہو گیا۔ دیوار پر جونہی بڑا سوراخ بنا، میں نے ٹارچ جلائی اور روشنی سیدھا اس خوفناک شیر کے منہ پر پڑی جس میں بانس کے ٹکڑے بھرے ہوئے تھے۔ رائفل کو چند انچ ہلا کر میں نے اس پر گولی چلائی۔ اعشاریہ ۴۰۵ کی گولی سیدھا اس کے حلق سے گزری۔ میں نے لوٹ لگائی تاکہ شیر کی جست سے دور رہوں۔ میں جھونپڑے کے دوسرے سرے پر پہنچا تو عفریت دیوار کے سوراخ سے اندر گھس آیا۔ تاہم اس دوران میں نے دو اور گولیاں اس کے سر میں اتار دیں۔ مرتے ہوئے آدم خور میں نے وہیں چھوڑ اور سیدھا دروازہ کھول کر باہر نکلا تو ایک اور خوفناک منظر دکھائی دیا۔

مجھ سے ۲۰ فٹ دور ایک اور شیر جھونپڑے کے دوسرے سرے پر لیٹا دکھائی دیا۔ اس کا دم لبوں پر تھا۔ سٹینلے کی بندوق سے نکلنے والی دونوں گولیوں نے شیر کو بچنے کا ذرا بھی موقع نہ دیا تھا۔ اپنی رائفل کے دھماکوں اور جوش کی وجہ سے میں سٹینلے کی بندوق کی آواز نہ سن سکا تھا۔

پھر ڈاکٹر نے مجھے اپنی کہانی سنائی۔ اس نے بتایا کہ جب اس نے میری پہلی گولی کی آواز سنی اور پھر شیر کی دہاڑ اور دیوار توڑنے کی آواز آئی تو اس نے احتیاط کو ایک طرف رکھا اور سیدھا میری مدد کے لیے جھونپڑے سے نکلا۔ اس کے عین سامنے چند گز کے فاصلے پر دوسرا شیر ترچھا کھڑا آدم خور کو دیکھ رہا تھا۔ اتنے کم فاصلے سے سٹینلے نے اس پر دونوں نالیں چلا دیں جو لیتھل بال سے بھری تھیں۔ دونوں گولیاں شیر کے دل میں ترازو ہو گئیں اور شیر فوراً ہلاک ہو گیا۔

ہمارے خیال کے عین مطابق آدم خور مادہ تھی اور دوسرا شیر اس کا جوڑا۔

تگارتی میں صبح تک ڈھول تاشے بجتے رہے اور جب اگلے روز اطلاع بُڈیّا تک پہنچی تو اس نے خوشی اور فخر سے ناچنا شروع کر دیا۔ اب اس کے عظیم جادوگر ہونے میں کوئی شبہ نہ تھا کہ اس کے منتروں نے نہ صرف آدم خور بلکہ اس کے ساتھی کو بھی ہلاک کروا دیا تھا۔ اب اس کی شہرت اور عزت بحال ہو گئی تھی اور اب اس کے لیے دعوتوں اور شراب اور مرغوں کی کوئی کمی نہ ہوتی۔ جب میں دوپہر کے وقت اس کا شکریہ ادا کرنے گیا تو وہ نشے میں مدہوش پڑا تھا۔

٭٭٭

۳۔ آملی گولا کا نواب

اس کہانی کا عنوان آپ کو شاید کچھ عجیب لگے کیونکہ جس جانور کے بارے میں میں میں بات کرنے لگا ہوں، اس کا شرافت سے دور دور تک کوئی تعلق نہ تھا۔ یہ جانور ریاست میسور کے ضلع شموگا میں واقع چھوٹی سی بستی آملی گولا سے متعلق تھا۔

مقامی لوگ اسے اپنی زبان میں ’گونڈنورائی‘ کہتے تھے جس کا مطلب کچھ حد تک نواب بنتا ہے۔ اس نام کا تعلق اس کے ابتدائی دور کے رویے سے تھا جب وہ اس بستی کے اردگرد موجود گھنے جنگل میں آیا تھا۔ کہا جاتا تھا کہ یہ شیر تگارتی سے آیا تھا جو یہاں سے ۸ میل دور اور شیروں کے لیے مشہور مقام ہے۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ یہ شیر کرڈی بیٹّا کے محفوظ کردہ جنگل سے آیا ہے جہاں شیروں کی تعداد بہت زیادہ اور خوراک کے لیے مقابلہ سخت ہو گیا۔

سو ’گونڈنورائی‘ کو یہ بات پسند نہ تھی کہ ’عام‘ شیر اس کا مقابلہ کرنے کو تیار ہوں۔ کئی بار نوجوان شیر اس کا شکار اس کی ناک کے عین نیچے سے چھین کر بھاگ جاتے تھے اور ایک بار تو ایک کم عمر شیرنی نے اسے شکار سے بھگا دیا تھا۔ شیر نے اس جنگل کو چھوڑ کر ایسے جنگل کا رخ کیا جہاں اسے دیگر شیروں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شکار کی بھی کثرت ہو۔

آملی گولا سے دو میل دور اور تگارتی کے راستے پر دو چھوٹے ٹیلے ہیں۔ ایک روز اس مقام سے شام کو پانچ بجے لکڑہارے گزرنے لگے تو ایک ٹیلے پر انہوں نے شیر کو دھوپ سینکتے دیکھا۔ سورج غروب ہونے میں ابھی ایک گھنٹہ باقی تھا۔ اس علاقے میں شیر کا ہونا کوئی اچنبھے کی بات نہ تھی مگر دن دیہاڑے شیر کم ہی دکھائی دیتے ہیں۔

لکڑہاروں کی رفتار تیز ہو گئی اور زور زور سے بولنے لگے۔ شیر اگرچہ ان سے دور تھا، مگر ان پر کوئی توجہ نہ دی۔ شیر کافی جسیم لگ رہا تھا۔ لکڑہاروں کو دیکھنے اور ان کا شور سننے کے بعد بھی شیر آرام سے لیٹا رہا اور محض سر اٹھا کر انہیں گزرتے ہوئے دیکھتا رہا۔

لکڑہاروں نے بھی سوچا کہ ابھی سورج کی روشنی ہے تو آسانی سے سفر جاری رکھا جا سکتا ہے۔ اتنا بڑا شیر تاریکی چھانے کے بعد تو بہت خطرہ بن سکتا ہے۔

اس دن کے بعد چرواہوں، لکڑہاروں اور جنگل کے چوکیداروں نے اس شیر کو عین اسی مقام پر ہر شام دھوپ سینکتے دیکھا اور ہر بار شیر ان پر کوئی توجہ نہ دیتا۔

کسی کو یاد نہ تھا کہ کبھی کسی شیر نے ایسی حرکت کی ہو۔ تیندوے اکثر دھوپ سینکتے ہوئے مل جاتے ہیں مگر شیر نہیں ملتا۔ شیر عموماً بہت محتاط ہوتے ہیں اور جانتے ہیں کہ اس طرح دکھائی دیے تو جلد یا بدیر گولی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

اس شیر پر کسی نے گولی نہ چلائی کہ کسی کے پاس رائفل نہ تھی۔ ایک دو بلا لائسنس کی بھرمار بندوقیں بستی میں تھیں مگر شیر ان کی مار سے کافی دور ہوتا تھا۔

شروع کے چند ماہ تو اس شیر نے اپنی توجہ چیتل اور دیگر جنگلی جانوروں پر مرکوز رکھی۔ یہ علاقہ مغربی گھاٹ کے قریب ہے جہاں بارش بکثرت ہوتی ہے۔ ایک بار ایسا ہوا کہ جنوب مغربی مون سون نہ آئی۔ جنگل خشک ہو گئے۔ گھاس مرجھا گئی اور کھیت ویران ہو گئے۔ جنگلی جانور بھی دوسرے علاقوں کو منتقل ہونے لگے یا پھر کسی کونے کھدرے میں بچے ہوئے پانی اور گھاس تک محدود ہو گئے۔ ابھی تک جنگل میں مویشی اور پالتو جانور ساتھ ساتھ چرتے تھے مگر اب محض مویشی بچ گئے۔ شیر نے اس سے قبل مویشیوں پر توجہ نہ دی تھی۔

یہ شیر اپنے شکار کے معاملے میں بہت نک چڑھا تھا۔ اس نے مویشیوں کے ریوڑ چھوڑ کر گاؤں کے پوسٹ ماسٹر اور سکول کے استاد کے کھیت کا رخ کیا اور وہاں بندھے بڑے سفید بیل کو شکار کیا۔ ہر ہفتے منڈی کے روز یہ آدمی اس بیل کو گاڑی میں جوت کر ۱۹ میل دور ساگر قصبے کو جاتا تھا۔ شیر نے پنجے کے ایک وار سے بیل کو گرا کر اور گردن مروڑی اور پھر بیل کو اپنی پشت پر لاد کر کھیت کے کنارے چھ فٹ چوڑے نالے پر سے جست لگا کر جنگل میں گھس گیا۔

یہ کھیت بیل کے مالک کے گھر کے عقب میں تھا۔ مالک اپنے پچھواڑے کنویں پر اپنے کپڑے دھو رہا تھا کہ اس نے یہ سارا واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ اس نے شور مچا کر شیر کو بھگانے کی کوشش کی۔ اگرچہ بیل مر چکا تھا مگر شیر نے پھر بھی اس کے شور شرابے پر کان نہ دھرا اور بیل کی لاش کو اٹھا کر سیدھا جنگل میں گھس کر غائب ہو گیا۔

پھر شیر نے مسلسل جانور مارنے شروع کر دیے۔ ہر بار اس کا شکار اکیلا اور بڑا بیل یا خوب فربہ گائے ہوتی۔ اس نے کبھی کسی ریوڑ پر حملہ نہیں کیا حالانکہ عموماً شیر اور تیندوے ریوڑ پر حملہ کر کے جو جانور ہاتھ لگے، اسے شکار کر لیتے ہیں۔

یہ شیر کافی وقت صرف کر کے سب سے بڑا جانور چنتا کہ وہ خود بھی بہت بڑا شیر تھا۔ ویران کھیتوں اور پگڈنڈی پر موجود دھول پر اس کے جناتی حجم کے پگ اس کی جسامت کو صاف ظاہر کر دیتے تھے۔

اتفاق سے انہی دنوں میں تگارتی آیا ہوا تھا جو شکار کے سلسلے میں میری پسندیدہ جگہ ہے۔ یہاں مجھے گونڈنورائی کے بارے میں میں پتہ چلا کہ بہت بڑا شیر ہے۔ اُس وقت شیر جنگلی جانوروں تک محدود تھا، سو میں نے اس پر توجہ نہ دی۔ البتہ سوچا کہ اسے ایک نظر دیکھا ضرور جائے کہ آیا اتنی بڑی جسامت کا ہی ہے؟

ایک رات میں پیدل آملی گولا کو جانے والی پگڈنڈی پر جنگل کو چل پڑا۔ رائفل میرے کندھے پر تھی کہ شاید اس کی ضرورت پڑ جائے۔ میں نے ہاتھ میں تین سیل والی ٹارچ اٹھائی ہوئی تھی اور جیب میں اضافی سیل بھی تھے۔

مجھے یہ رات بخوبی یاد رہے گی۔ راستے میں ٹارچ کی روشنی کو منعکس کرتی ہوئی سبز آنکھیں دکھائی دیں جو چیتل اور سانبھر کی ہوتی ہیں۔ روشنی پڑتے ہی وہ سر کو اوپر نیچے کرنے لگتے ہیں تاکہ روشنی کی زد سے بچ جائیں۔ پھر جنگلی سور کی سرخ آنکھ، جنگلی بھینسے کی نیلی آنکھیں، ایک جھاڑی کے اوپر سے جھانکتے ہوئے تیندوے کی سرخی مائل سفید آنکھیں اور پھر دس فٹ کی دوری سے ریچھ کی گلابی مائل نیلے رنگ کی آنکھیں بھی دکھائی دیں۔

میں جب آملی گولا کے کھیتوں کو پہنچا تو مجھے گونڈنورائی دکھائی دیا۔ اگرچہ میں نے اسے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا، مگر فوراً پہچان لیا۔ سفیدی مائل سرخ رنگ کی دو بڑی آنکھیں مجھے لگ بھگ سو گز دور دکھائی دیں جو مجھے دیکھ رہی تھیں۔

شیر واقعی بہت بڑا تھا۔

میں نے ٹارچ کی روشنی اس کی آنکھوں پر مرکوز رکھی اور وہ مسلسل گھورتا رہا۔ یہ سلسلہ ۱۰ منٹ تک جاری رہا اور پھر اس نے میری جانب چلنا شروع کر دیا۔

عام شیر روشنی دیکھتے ہی بھاگ جاتا۔ زخمی یا آدم خور شیر بھی یا تو بھاگ جاتا یا پھر دہاڑ کر مجھ پر حملہ کرنے کے لیے دوڑتا۔

گونڈنورائی کا رویہ سب سے الگ تھا۔ وہ آہستہ آہستہ چلتا ہوا میری جانب آتا گیا۔ اس کے ادھ کھلے منہ سے ہلکی سی غراہٹ نکل رہی تھی۔ مگر اس کی چال ہموار اور پرسکون تھی۔

ایک بات تو واضح تھی کہ یہ عجیب جانور سیدھا ٹارچ کے پاس پہنچ کر اس کے بارے میں میں جاننا چاہتا تھا۔

سچ بتاؤں تو مجھے شیر کے اس رویے سے کافی الجھن ہوئی۔ میں اسے مارنا نہیں چاہتا تھا کہ اس نے کسی انسان کو کوئی نقصان نہیں دیا تھا۔ تاہم جب وہ ٹارچ کے پاس پہنچ کر اس کے پیچھے انسان کو دیکھتا تو ظاہر ہے کہ کچھ بھی کر سکتا تھا۔

شیر چلتا ہوا اب پچاس گز سے بھی کم فاصلے پر رہ گیا تھا اور اس کا رخ ابھی بھی میری جانب تھا۔ میں اس شیر کے عجیب رویے کے بارے میں میں پریشان ہونے ہی لگا تھا کہ اچانک مجھے اس کی وجہ سمجھ آ گئی۔ کرسمس میں چار دن باقی تھے اور ابھی شیروں کے ملاپ کا موسم چل رہا تھا۔ یہ نر شیر تھا اور اس کا رخ اپنی مادہ کی طرف ہو گا جو کہیں پاس بیٹھی اس کی منتظر ہو گی اور اس سے متاثر ہو رہی ہو گی کہ اس کا میاں روشنی سے ڈرے بغیر کیسے سیدھا اس کی جانب آ رہا ہے۔

ملاپ کے موسم میں اور جوڑے کے ساتھ شیر بہت خطرناک ہو جاتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ ایسے وقت ہر جانور کو تخلیہ چاہیے ہوتا ہے اور مداخلت کا ایک مطلب خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔ اس لیے چاہے ان کی خلوت میں مخل ہونے والا انسان ہو یا جانور، وہ اس کو ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اچانک مجھے ایک خیال آیا کہ کہیں شیرنی میرے پیچھے سے اپنے ساتھی کی مدد کے لیے تو نہیں آ رہی۔ گونڈنورائی اتنے قریب آ گیا تھا کہ اس پر ٹارچ کی روشنی ہٹانا خطرناک ہو سکتا تھا کہ وہ حملہ کر سکتا تھا۔ تاہم اپنے پیچھے شیرنی کی موجودگی بھی نظرانداز کرنا ممکن نہ تھا۔

میں نے مڑتے ہوئے دوسری جانب ٹارچ کا رخ پھیرا اور اسے حرکت دیتے ہوئے اپنے عقب تک لایا۔ عین میرے پیچھے کچھ فاصلے پر شیرنی کتے کی مانند بیٹھی اپنے جوڑے کو آتا دیکھ رہی تھی۔

شیر کا رویہ مجھے سمجھ آ گیا۔ شیر دوسری جانب سے اپنی مادہ کے پاس آ رہا تھا کہ اس دوران میں عین ان کے درمیان میں پہنچ گیا۔ اب اگر شیر کو میں سامنے مل جاتا تو وہ ہرگز خوش نہ ہوتا۔ اب مجھے یہاں سے ہر ممکن تیزی سے نکلنا تھا۔

میں ترچھا ہو کر چلنے لگا اور کوشش کی کہ آواز نہ پیدا ہو اور ٹارچ کی روشنی نر کی جانب رہے۔ گونڈنورائی اچانک رکا اور زور سے غرایا۔ عین اسی وقت میرے پیچھے سے شیرنی بھی غرائی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ حملہ کرنے والے ہوں۔

بائیں ہاتھ سے میں نے بھری ہوئی رائفل اتاری اور شانے سے لگا لی۔ پھر میں نے رائفل پر لگی ہوئی ٹارچ بھی جلا لی۔ میں نے سوچا کہ چند لمحے بعد دوسری ٹارچ بجھا کر جیب میں ڈال لوں اور لبلبی پر انگلی رکھ دوں۔

شاید دو ٹارچوں کی روشنی کی وجہ سے شیروں نے حملہ نہیں کیا۔ شاید گونڈنورائی کو اچانک ایک سے دو ہونے والی روشنیاں پسند نہ آئی ہوں۔ مسلسل دہاڑتے ہوئے اس نے اپنے جوڑے کی طرف سفر جاری رکھا اور میں نے دونوں ٹارچیں جلائے رکھیں۔ جلد ہی دونوں شیر ایک دوسرے سے مل گئے اور دونوں بیٹھ کر مجھے دیکھنے لگے۔

پھر میں الٹے قدموں وہاں سے ہٹنے لگا جو اس تاریکی میں اور بل کھاتی پگڈنڈی پر آسان نہ تھا۔ راستہ پر کافی گھاس تھی اور رائفل کو تانا ہوا جبکہ دو ٹارچیں مطلوبہ سمت رکھے ہوئے تھا۔ گھپ اندھیرے میں الٹے قدموں چلنا بہت مشکل تھا اور رائفل بھی تانے رکھنا لازمی تھا۔ بائیں ہاتھ کے انگوٹھے سے میں نے ٹارچ کا بٹن دبایا ہوا تھااور دونوں ٹارچوں کی روشنی میں دونوں شیر مجھے گھور رہے تھے۔

کچھ دور تک تو میں ایسے ہی چلا۔ شیروں نے میرا تعاقب کرنے کی کوشش نہیں کی تھی، سو میں نے اپنا رخ موڑ کر چلنا شروع کیا اور چند لمحوں بعد مڑ کر دیکھا تو دونوں شیر وہیں بیٹھے تھے۔ یعنی انہیں میری روانگی سے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔

جلد ہی میں آملی گولا پہنچا اور نمبردار سے ملا۔ یہ آدمی میرا واقف تھا اور میں نے اسے شیروں سے ملاقات کا بتایا۔ نمبردار کا نام رامیا تھا اور چونکہ وہ رنڈوا تھا، سو اس نے مجھے رات اپنے ساتھ گزارنے کا کہا۔ اس نے کہا کہ دن کی روشنی میں شاید میں شیروں کے رویے کو بہتر سمجھ سکوں۔

دودھ کے کئی گلاس پینے اور بے ذائقہ وڑے کھانے کے بعد ہم نے گپ شپ شروع کی۔ جلد ہی ہمیں جنگل سے شیروں کے ملاپ کی زوردار آوازیں آنے لگیں۔ یہ شور و غل کافی دیر جاری رہا اور پھر تھم گیا۔ وقفے کے بعد پھر وہی شور شرابا شروع ہوا اور ہمارے سونے تک جاری رہا۔

اگلی صبح مجھے بیدار ہونے کی جلدی نہیں تھی کہ رات بھر کے تھکے ہوئے شیر اب سو رہے ہوں گے اور اگر میں علی الصبح انہیں جگانے پہنچ گیا تو ان کا غصہ بجا ہو گا۔ دوسرا رات بھر مجھے اچھی طرح سے نیند نہ آئی۔

میں دس بجے بیدار ہوا۔ وڑوں کے ساتھ کافی کے تین مگ پینے کے بعد (مجھے ذاتی طور پر چائے زیادہ پسند ہے) میں شیروں کی تلاش میں نکلنے کو تیار ہوا۔ کنارسی دیہاتوں میں چائے کی بجائے کافی پی جاتی ہے۔ رامیا کو کھیتوں میں کام کرنا تھا، سو میں اکیلا ہی روانہ ہو گیا۔

میں اس جگہ کا تعین کر چکا تھا جہاں شیروں نے رات ملاپ کیا تھا۔ یہ مقام رامیا کے گھر سے ایک فرلانگ دور تھا۔ سال کے اس دوران زمین کافی سخت ہوتی ہے مگر جگہ جگہ مٹی کے اکھڑے ہوئے ڈھیلے، جڑ سے اکھڑی ہوئی جھاڑیاں وغیرہ دکھائی دیں۔ ویسے بھی جنسی ملاپ کے دوران شیر بہت جارح ہو جاتے ہیں۔

پاس ہی ایک کھائی تھی اور کھائی کنارے درخت کی چھال پر شیر کے پنجوں کے نشانات اور تازہ لید سے پتہ چل رہا تھا کہ شیر اسی کھائی میں گئے ہوں گے۔ تیندوے کے برعکس شیر اپنی لید پر مٹی نہیں ڈالتا۔ مجھے بخوبی علم تھا کہ شیروں کے پیچھے اس طرح جانا عقلمندی نہیں، سو میں نے رائفل تیار رکھی اور خود بھی محتاط ہو گیا۔ پوری کوشش تھی کہ میرے ربر سول جوتوں کے نیچے کوئی خشک پتہ یا ٹہنی نہ آئے۔

جونہی میں کھائی میں داخل ہوا تو پہلے بڑے درخت کے سائے میں پہنچتے ہی مجھے تعفن محسوس ہوا تو مجھے پتہ چل گیا کہ شیر کا شکار کہیں پاس ہی موجود ہو گا۔ چند گز آگے بہت بڑی جسامت کی سورنی کی لاش دکھائی دی۔ دونوں شیروں نے اس سے خوب پیٹ بھرا تھا کہ شیروں کو سور کا گوشت بہت پسند ہے۔ مادہ ہونے کے باوجود سورنی دلیری سے لڑی اور زمین پر جدوجہد کے نشانات واضح تھے۔

میں نے لاش پر زیادہ توجہ نہ دی کہ میں اطراف میں شیروں کی موجودگی جاننے کے لیے زیادہ محتاط تھا۔ اس دوران مجھے ۳۰ گز دور آلوبخارے کی ایک جھاڑی کے پیچھے کوئی سفید چیز دکھائی دی۔ قریب جا کر دیکھا تو وہ سانبھر کے کولہے کی ہڈی نکلی جس سے دو روز قبل شیروں نے پیٹ بھرا تھا۔ یہ جاننا ممکن نہ تھا کہ سانبھر پہلے مارا گیا تھا کہ سورنی۔ یہ واضح تھا کہ گونڈنورائی نے اسے کہیں اور مارا تھا اور گھسیٹ کر یہاں لایا تھا۔

پاس موجود درخت سے اترتے اور واپس بیٹھتے ہوئے تین کوے دکھائی دیے جس سے مجھے کچھ دور تیسرے شکار کا علم ہوا اور یہ بھی کہ شیر قریب موجود نہیں۔ یہ چیتل کی لاش تھی جسے گونڈنورائی مار کر یہاں لایا تھا۔ اس لاش سے نہ ہونے کے برابر گوشت کھایا گیا تھا۔ شیروں کا پیٹ خوب بھرا ہوا تھا۔

لاشوں کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا تھا۔ چیتل اور سانبھر کے درمیان مجھے ایک اور مادہ سانبھر کی لاش ملی۔ اس لاش کو شیروں نے کھایا تھا اور نہ ہونے کے برابر گوشت بچا تھا۔ اب مجھے یقین ہو گیا تھا کہ پہلے سانبھر اور پھر سورنی ماری گئی تھی۔ سورنی نے مرنے سے قبل لڑائی کی تھی کہ اس کے کھروں کے نشانات جا بجا تھے۔ ظاہر ہے کہ سورنی مردہ سانبھر کے پاس کیوں آتی۔ شیروں میں سے ایک اسے بھگا کر یہاں لایا ہو گا۔ دوسرا سانبھر اور چیتل کو مارنے کے بعد یہاں تک لایا گیا ہو گا۔ مگر ان کے آس پاس گھسیٹنے کے نشانات نہیں تھے۔ صاف لگ رہا تھا کہ شیر اسے اپنی پشت پر اٹھا کر لایا ہو گا۔ اس سے آپ شیر کی جسامت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

جنگل کے عجیب واقعات کی وجہ جاننے سے اطمینان ہوتا ہے۔ یہ کھائی موت کا گھر تھی اور یہاں تعفن پھیلا ہوا تھا۔ اچانک مجھے خوف محسوس ہونے لگا۔

مجھے احساس ہوا کہ مجھے دیکھا جا رہا ہے۔ میں نے چند قدم اٹھا کر نزدیکی درخت سے اپنی پشت لگا لی۔ اب مجھے عقب سے حملے کا خطرہ نہ تھا۔ پھر میں نے آس پاس کی تمام جھاڑیوں اور درختوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔

سورج پچھلے کئی گھنٹوں سے تیز ہو رہا تھا اور گرمی بڑھتی جا رہی تھی۔ زمین سے ابخرات اٹھ رہے تھے اور کچھ دیر تک تو مجھے کچھ بھی نہ دکھائی دیا۔ ہر طرف خاموشی چھائی تھی۔ کچھ دیر قبل آنے والی جھینگروں کی آواز بھی تھم گئی تھی۔ کوے مجھے دیکھ چکے تھے اور اب خاموشی سے ایک طرف سر گھمائے ہوئے ہانپ رہے تھے۔ شاید انہیں اندازہ ہو گا کہ جلد ہی کچھ ہونے والا ہے۔

اچانک مجھے آنکھ کے ایک گوشے سے گھاس کا ایک گچھا ہلتے اور پھر رکتے محسوس ہوا۔ ہوا بالکل رکی ہوئی تھی، سو اس کے ہلنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ ہاں اگر اسے چھو کر کوئی جانور گزرا ہو تو ضرور ہلے گی۔

یہ جانور کوئی شیر ہی ہو گا۔

زیادہ تر شیر حتیٰ کہ آدم خور بھی اگر دیکھ لیے جائیں تو حملہ کرتے ہوئے جھجھکتے ہیں۔ انہیں بے خبری میں شکار کو جا لینے کی عادت ہوتی ہے۔ سو اپنے تجربے کی مدد سے میں نے اس جانب پوری آنکھیں کھول کر دیکھنا شروع کر دیا تاکہ شیروں کو پتہ چل جائے کہ مجھے ان کی موجودگی کا علم ہو چکا ہے۔ اس طرح ان کے حملے کا امکان ختم ہو جاتا۔

ایک لمحے کو تو مجھے کچھ نہ دکھائی دیا۔ پھر مجھے کالے رنگ کی دو چیزیں گھاس کے اوپر سے اٹھتی دکھائی دیں جن کے ایک طرف کا رنگ سفید تھا۔ مجھے فوراً علم ہو گیا کہ میں شیر کے کانوں کو دیکھ رہا ہوں۔ اگلے لمحے اس نے پھر اپنا سر مزید اوپر اٹھایا اور ہماری آنکھیں چار ہوئی تو مجھے معلوم ہو گیا کہ یہ شیرنی ہے۔ اس کا سر نر کی نسبت کافی چھوٹا تھا۔ اب مجھے نر کا سامنا کرنا تھا۔ شاید وہ کہیں چھپ کر مجھے دیکھ رہا ہو گا مگر پتہ نہیں کہاں چھپا ہو گا۔ شاید وہ اپنی بہادری دکھانے کے لیے مادہ کے سامنے مجھ پر حملہ کر دیتا۔

شیرنی مجھے دیکھتی رہی اور کچھ بھی نہ ہوا۔ کچھ دیر بعد مجھے شک ہوا کہ شیرنی اکیلی ہے۔ شاید نر پانچواں جانور مارنے گیا ہو۔

دس منٹ گزر گئے اور پھر شیرنی نے آواز نکالنا شروع کی۔ یہ عجیب سی آواز نہ تو دہاڑ تھی اور نہ ہی میاؤں۔ تاہم اس آواز کا مقصد اپنے جوڑے کو بلانا تھا۔ ظاہر ہے کہ شیرنی میں مجھ پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں تھی۔

میں نے سوچا کہ اب مجھے یہاں سے چلا جانا چاہیے۔ سو میں گھوم کر اس درخت کی دوسری جانب پہنچا اور واپسی کا رخ اختیار کیا۔

اگلے لمحے کھائی کے اوپری سرے سے شیر کی دہاڑ نے بتایا کہ مجھے واپسی کا فیصلہ کرنے میں کافی دیر ہو گئی تھی۔ گونڈنورائی آ گیا۔ شیرنی کی آواز سے گونڈنورائی کو اندازہ ہو گیا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ خشک پتوں پر اس کے دوڑنے کی آواز آنے لگی۔

مجھے درختوں پر چڑھنے کی عادت نہیں مگر اس روز میں ںے خاصی تیزی سے درخت پر چڑھنے کی کوشش کی۔ رائفل میرے شانے سے لٹکی ہوئی تھی۔ درخت پر پہلی شاخ ۸ فٹ کی بلندی پر تھی۔ اس پر پہنچ کر میں نے مزید اوپر چڑھنے کا سوچا مگر رائفل پھسل گئی۔ اسے واپس شانے پر لاد کر میں نے اوپر چڑھنے کی کوشش کی تو رائفل پھر پھسل گئی۔

اس دوران گونڈنورائی درخت کے نیچے پہنچ گیا تھا۔ میری حرکات کو دیکھ کر گونڈنورائی رک کر اوپر کو دیکھنے لگا۔ میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے یہیں رک کر ہی گونڈنورائی کا سامنا کرنا ہو گا۔ سو میں نے رائفل شانے سے اتار کر چھتیا لی۔ میرا خیال تھا کہ گونڈنورائی سیدھا درخت پر جست لگائے گا مگر اس نے زمین پر جھک کر دہاڑنا شروع کیا اور دہاڑتا رہا۔

میری حماقت دیکھیے کہ میں نے مزید اوپر جانے کا سوچا۔ میں ۷ فٹ اور اوپر جا سکا کہ شاخیں بہت پتلی ہو گئی تھیں۔ اس دوران شیرنی بھی بھاگتی ہوئی شیر کے ساتھ پہنچ گئی اور اب دونوں شیر مجھ سے ۱۵ فٹ نیچے تھے۔

میں دعا کر رہا تھا کہ شیر درخت پر نہ چڑھیں کیونکہ شاخیں بہت کمزور تھیں۔ میں نے مزید اوپر چڑھنے کے چکر میں اتنی کمزور شاخ پکڑ لی تھی کہ اب مجھے دونوں ہاتھوں اور پیروں سے شاخ تھامنی پڑ رہی تھی۔ اس طرح رائفل کو استعمال نہ کر سکتا تھا۔ اگر میں رائفل اتارنے کی کوشش کرتا تو نیچے جا گرتا۔ اس کے علاوہ میرے پٹھوں پر پڑنے والا دباؤ بہت زیادہ تھا اور میں زیادہ دیر چمٹا نہ رہ سکتا تھا۔

پھر میں ںے سوچا کہ شور کر کے شیروں کو بھگا دوں۔ کیا پتہ وہ بھاگ جائیں۔ مگر یہ بھی ممکن تھا کہ وہ مزید ناراض ہو جاتے۔ شیر ابھی تک شرافت کا مظاہرہ کر رہا تھا مگر میری آواز سے مشتعل ہو جاتا۔

چند منٹ بعد دونوں شیروں نے جیسے ایک دوسرے کو سوچ کے ذریعے چلنے کا کہا ہو اور اٹھ کر چل دیے۔ مزید پانچ منٹ بعد میں احتیاط سے نیچے اترا مگر محتاط رہا کہ شیر لوٹیں تو واپس درخت پر چڑھ جاؤں گا۔ مزید پانچ منٹ بعد میں نالے سے ہو کر گاؤں کو چل پڑا۔ میں گونڈنورائی اور اس کی ساتھی کا شکرگزار تھا کہ انہوں نے مجھے نقصان نہ پہنچایا۔

جلد ہی میں تگارتی جانے والے راستے پر چل رہا تھا اور سوچ رہا تھا کہ شاید گونڈنورائی سے یہ آخری مرتبہ سامنا ہوا ہو گا۔ میں غلط تھا۔

بنگلور لوٹے ایک مہینہ گزرا ہو گا کہ آملی گولا کے نمبردار نے مجھے ایک پوسٹ کارڈ بھیجا جس پر لکھا تھا کہ گونڈنورائی اتنا نڈر ہو گیا تھا کہ مسئلہ بن گیا تھا۔ اس نے مجھے آن کر اسے شکار کرنے کی درخواست کی۔ اس نے لکھا کہ کسی وقت بھی گونڈنورائی آدم خوری پر اتر سکتا ہے۔

جب تک شیر انسان کو نقصان نہ پہنچائے، میں اسے مارنا پسند نہیں کرتا۔ میں اس کے پیچھے کبھی نہ لگتا کہ نمبردار کے اندازے کے برعکس گونڈنورائی کبھی انسان کو نقصان نہ پہنچاتا۔ ویسے بھی یہ شیر دو مرتبہ مجھے نقصان پہنچائے بغیر چھوڑ چکا تھا۔

میرے پاس چند دن کی چھٹی تھی اور اس شیر سے ایک اور ملاقات کر کے مجھے خوشی ہوتی۔ جب میں آملی گولا پہنچا تو واقعات کا رخ بدل چکا تھا حالانکہ محض چند روز ہی قبل رامیا نے مجھے پوسٹ کارڈ بھیجا تھا۔ ہوا کچھ یوں کہ شیر نے مزید ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاؤں کے مزید بہترین مویشی مارنا شروع کر دیے۔ گونڈنورائی پہلے ہی رامیا کا بہترین بیل مار چکا تھا اور اب اس نے دوسرا بہترین بیل بھی مار ڈالا۔

بیچارے نمبردار کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ میرا انتظار کیے بغیر اس نے سیدھا ۱۲ میل دور کُمسی کا رخ کیا۔ وہاں اس نے اپنے عم زاد سے ۱۲ بور کی بندوق ادھار مانگی اور واپس لوٹ کر شیر کے انتظار میں چھپ کر بیٹھ گیا۔ گونڈنورائی پہلے ہی یہاں سے کئی جانور مار چکا تھا، سو وہ سیدھا پھندے میں آن پھنسا۔ رامیا نے اس کے منہ پر گراپ چلائے۔ شیر تکلیف کی شدت سے دہاڑتا ہوا بھاگا۔ اس کا غصہ اتنا زیادہ تھا کہ اس نے بھاگتے ہوئے بانسوں سے بنا ہوا ایک پلیٹ فارم بھی گرا دیا جس پر چڑھ کر کسان اپنی فصلوں کو پرندوں سے بچاتے تھے۔

وہ روز اور اس سے اگلے دو دن اور دو راتیں گونڈنورائی نے تکلیف سے دہاڑتے ہوئے گزاریں اور دیہاتی لوگ اپنے جھونپڑوں میں دبکے یہ دہاڑیں سنتے رہے۔

مجھے اس بارے میں میں کسی نے تگارتی میں نہیں بتایا اور پانچویں روز جب میں شام کو آملی گولا پہنچا۔ تگارتی سے آملی گولا تک کا ۸ میل کا سفر میں نے لاعلمی کی وجہ سے سکون سے طے کیا۔ اس دوران مجھے گونڈنورائی کی نہ تو آواز آئی اور نہ ہی شکل دکھائی دی۔ اس رات جنگل پر خاموشی رہی اور اس سے اگلے روز رامیا کے چلائے ہوئے گراپ کا پہلا نتیجہ ہمارے سامنے آیا۔

صبح کے ۹ بجنے والے تھے اور میں تگارتی روانہ ہونے والا تھا کہ ایک آدمی ٹھوکریں کھاتا آملی گولا داخل ہوا۔ اس نے بتایا کہ پو پھٹنے سے ذرا قبل وہ ایک اور آدمی کے ہمراہ چند میل دور چوردی سے آملی گولا آ رہا تھا کہ آملی گولا سے دو میل پہلے انہوں نے دیکھا کہ ایک شیر ان کا پیچھا کر رہا ہے۔ یہ لوگ شیروں کو دیکھنے کے عادی تھے اور انہیں گونڈنورائی کے زخمی ہونے کا علم نہیں ہوا تھا، انہوں نے زیادہ توجہ نہیں دی۔ انہوں نے اپنے پیچھے توجہ دیتے رہنے کا فیصلہ کیا۔

اگلے دو یا تین سو گز تک انہیں کچھ نہ دکھائی دیا۔ پھر اچانک انہیں شیر دکھائی دیا جو ان سے ۳۰ گز پیچھے تھا۔ اب انہیں یقین ہو گیا کہ شیر کسی نیک ارادے سے نہیں آ رہا۔ سو انہوں نے دوڑ لگا دی۔ اس پر شیر نے دہاڑ کر ان پر حملہ کر دیا۔

جو آدمی آملی گولا پہنچا، وہ دوڑنے میں زیادہ تیز تھا۔ اس نے بتایا کہ شیر نے اس کے ساتھی کو پکڑ لیا تھا جو اس سے محض ایک گز پیچھے تھا۔ اس کے دوست کی آخری چیخ نے اس نے اس کے اندر جیسے بجلی بھر دی۔ اس نے مڑ کر دیکھا کہ شیر اس کے ساتھی کو دبوچ چکا تھا۔ شیر کا چہرہ بری طرح زخمی اور بگڑا ہوا تھا۔ اسے شیر کی آنکھیں دکھائی نہیں دیں۔ جس طرح اس نے آدمی پر حملہ کیا، وہ خوفناک تھا۔ اس نے مڑ کر دیکھے بنا سیدھا آملی گولا کا رخ کیا اور وہاں پہنچ کر ہی دم لیا۔

زخمی گونڈنورائی نے پہلا انسان شکار کر لیا تھا۔ تفصیل سے پتہ چلتا تھا کہ رامیا نے گونڈنورائی کو اندھا کر دیا تھا۔

بلا تاخیر میں نے سیدھا جائے وقوعہ کا رخ کیا۔ رامیا اور یہ آدمی میرے ساتھ تھے۔ شیر بہت بھوکا ہو گا کہ اس نے اپنے شکار کا زیادہ تر حصہ وہیں بیٹھ کر کھا لیا تھا۔ شاید ہماری آمد کی آہٹ سن کر وہ چھپ گیا ہو گا۔ متوفی کے ہاتھ، سر اور پیر بکھرے پڑے تھے جو اس بات کی علامت تھے کہ شیر نے خوب پیٹ بھر کر کھایا ہے۔

شیر کی روانگی کے نشانات واضح تھے۔ یہاں سبزہ بہت زیادہ تھا۔ رامیا اور لکڑہارا دونوں ہی کنّڑ تھے اور جنگل کے باسی نہ ہونے کی وجہ سے گھبرا گئے اور مجھے واضح بتا دیا کہ وہ آگے نہیں جا سکتے اور ویسے بھی وہ کھوجی نہیں تھے۔ یہ کام جنگل میں رہنے والے مقامی قبائل بہت عمدگی سے کرتے ہیں۔ میں نے شیر کے گزرنے کے نشانات کا پیچھا دبی ہوئی گھاس کی مدد سے کیا۔ سامنے اور دائیں بائیں حملے کا خیال رکھتے ہوئے ہر ممکن تیزی سے گھنی گھاس میں چلنا بہت مشکل کام ہے۔

گونڈنورائی اپنے جثے کے باوجود مقابلہ کرنے کو نہ رکا۔ شاید اس کے حالیہ زخم کی وجہ سے اسے ایک اور مسلح انسان کا سامنا کرنے کی جرات نہ رہی ہو گی۔ یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ جنگلی جانور کو کیسے پتہ چل جاتا ہے کہ ایک انسان نہتا اور کمزور ہے اور دوسرا مسلح اور خطرہ بن سکتا ہے۔

نشانات گھنے جنگل سے ہوتے ہوئے چھدرے علاقے میں داخل ہوئے جہاں تعاقب کرنا مشکل ہو گیا۔ پھر زمین ڈھلوان ہوتی گئی اور پھر ایک جگہ تنگ سی کھائی میں شیر نے جست لگائی۔ یہ کھائی محض پانی کی گزرگاہ سے بنی تھی۔ میں نے چند گز رینگ کر اس میں بڑھنے کی کوشش کی مگر گھاس اتنی گھنی ہو گئی کہ مجھے رکنا پڑا۔ ایسے مقام پر آدم خور شیر کا پیچھا کرتے ہوئے اس کو جا لینا ممکن نہیں۔

مایوسی اپنی جگہ، مگر میں نے دو باتیں اچھی طرح سمجھ لیں۔ پہلی تو یہ کہ رامیا کے چلائے ہوئے گراپ سے شیر مکمل اندھا نہیں ہوا اور اب نسلِ انسانی کے لیے مہلک خطرہ بن چکا تھا اور جب تک زخم مندمل نہ ہوتے، اس نے انسانی گوشت سے ہی پیٹ بھرنا تھا۔ ایسا سوچنا عجیب تھا کہ عموماً جب شیر انسانی گوشت کھا لیتے ہیں تو پھر کسی اور جانور پر توجہ نہیں دیتے۔ یعنی اب یہ شیر آدم خوری شروع کر چکا تھا۔ دوسری بات یہ کہ اپنے بھاری جثے کے باوجود یہ شیر کم ہمت، کمینہ فطرت اور عجیب تھا۔ اس وجہ سے اس کا شکار مشکل تر ہو جاتا کہ عام بہادر شیر کا شکار آسان ہوتا ہے۔

آپ دیکھیں گے کہ تھوڑے ہی عرصے میں یہ دونوں باتیں کیسے درست ثابت ہوئیں۔ آملی گولا میں میرا قیام بہت مختصر تھا کہ میں ہوائی جہاز بنانے کے کارخانے میں کام کرتا تھا۔ سو میں نے رامیا کو ہدایت کی کہ وہ مجھے گونڈنورائی کی حرکات سے پوری طرح آگاہ رکھے۔ اگلی صبح میں بنگلور لوٹ آیا۔

رامیا نے جلد ہی خط بھیجا۔ اس نے بتایا کہ گونڈنورائی اب بہت خطرناک اور محتاط ہو چکا ہے۔ اب وہ پہلے کی مانند پہاڑی پر دھوپ نہیں سینکتا۔ اب نہ تو یہ شیر کسی کو دکھائی دیتا اور نہ ہی اس کی آواز کسی کو سنائی دیتی۔ ہاں جب بھی کوئی مسافر اپنی منزل پر نہ پہنچتا تو راستے پر اس شیر کے بڑی تھالی کی جسامت کے پگ اس کی موجودگی کی چغلی کھاتے۔

رامیا نے لکھا کہ گونڈنورائی نے آملی گولا اور تگارتی کے درمیان کے ایک مقام کو بطور خاص چنا ہوا ہے اور اس پر چلتی ہوئی جماعت کا آخری آدمی پکڑ لیتا ہے۔ ایسا تین بار ہوا اور اب لوگ اس راستے کو چھوڑ کر ۲۵ میل طویل چکر کاٹ کر تگارتی جاتے ہیں۔

چونکہ میں اس راستے پر کئی دفعہ چل چکا تھا سو مجھے اس مقام کے تعین میں دشواری نہ ہوئی۔ یہ مقام دراصل دو پہاڑیوں کے درمیان نشیبی وادی تھی جہاں راستے کے دونوں جانب اونچے اونچے بانس اور اونچی سبز گھاس اگی ہوئی تھی۔ ایسے مقام پر شیر بہ آسانی چھپ کر راہگیروں پر حملہ کر سکتا ہے۔

اگلی صبح میں تگارتی کے لیے روانہ ہوا اور وہاں محکمہ جنگلات کے ریسٹ ہاؤس میں اپنی گاڑی ٹھہرائی۔ یہ ریسٹ ہاؤس تگارتی سے ایک میل دور خوبصورت مقام پر ہے۔ پھر میں ۸ میل کے پیدل سفر پر چل پڑا۔ یہ اسی خطرناک راستے سے ہو کر جاتا تھا۔ عین دو بجے دوپہر کو میں روانہ ہوا اور مطلع ابر آلود اور بالکل بھی گرم نہ تھا۔ اس طرح کے موسم میں شیر دن کو بھی دکھائی دے سکتے ہیں۔

میری پیش قدمی سست تھی کہ مجھے پوری طرح محتاط ہو کر چلنا تھا۔ میرا ارادہ تھا کہ میں آملی گولا عین چھ یا ساڑھے چھ بجے پہنچوں جب تاریکی چھانے لگتی ہے۔ زیادہ دیر ہوتی تو مجھے ٹارچ جلانی پڑتی۔ گونڈنورائی اتنا محتاط تھا کہ ٹارچ دیکھتے ہی فرار ہو جاتا کہ اسے محض بے خبر راہگیروں پر حملہ کرنے کی عادت تھی۔

پہلا میل راستہ پارک نما علاقے سے گزرتا ہے اور یہاں مور بکثرت تھے۔ ملاپ کے موسم کے بعد مور پنکھ گر جاتے ہیں اور اس موسم میں وہ دوبارہ نکلنے لگے تھے۔ جب بھی مور مجھے دیکھتے تو یا جھاڑیوں میں دبک جاتے یا پھر اڑ جاتے۔

بتدریج سبزہ گھنا ہوتا گیا اور درختوں کی اونچائی اور جھاڑ جھنکار بھی بڑھتے گئے۔ دو میل بعد راستے کے دونوں جانب جیسے سبزے کی دیواریں بن گئیں اور ایک گز سے زیادہ دور کی ہر چیز نظروں سے اوجھل تھی۔ میں سامنے راستہ دیکھ سکتا یا وقتاً فوقتاً پیچھے بھی نگاہ ڈال لیتا۔

جس خطرناک وادی میں گونڈنورائی تین شکار کر چکا تھا، وہ ابھی مزید تین میل آگے تھی۔ راستے کے پانچویں میل سے یہ وادی شروع ہوتی ہے اور اس سے تین میل بعد آملی گولا آتا ہے۔

جوں جوں میں اس وادی سے قریب ہوتا گیا، سبزہ مزید گھنا ہوتا گیا۔ اس طرح کے جنگل شیروں کو پسند نہیں ہوتے کہ انہیں پارک نما جنگل پسند آتے ہیں۔ پارک نما جنگل کو پسند کی سب سے بڑی وجہ یہی ہوتی ہے کہ شیروں کی خوراک چاہے وہ چیتل ہوں یا جنگلی سور یا مویشی، ایسی جگہ ہی آتے ہیں وہاں گھاس بکثرت ہوتی ہے۔ یہاں بھی گونڈنورائی عام شیروں سے مختلف تھا کہ وہ ایسی جگہ شکار کرتا تھا جہاں سے گھات لگانا آسان ہو۔

آخر میں اس مقام پر پہنچا جہاں راستہ پہاڑی سے نیچے وادی کو اترتا ہے۔ یہ وہی موت کی وادی ہے جہاں شیر نے تین شکار کیے تھے۔ یہ وادی پون میل یا زیادہ سے زیادہ سات فرلانگ ہو گی اور اس کے اختتام پر راستہ پہاڑی پر چڑھنا شروع ہوتا ہے۔ وادی میں راستے کے دونوں جانب بانسوں کے گھنے جھنڈ اور جھاڑ جھنکار بہت زیادہ ہے۔

میں نے رک کر ریت اٹھائی اور اپنے کندھے کے برابر اونچائی پر لا کر اسے گرایا۔ ہلکی ہوا چل رہی تھی اور ریت تھوڑا سا بائیں جانب گری۔ یعنی ہوا دائیں سے بائیں چل رہی تھی اور اگر شیر حملہ کرتا تو وہ بائیں جانب سے ہی کرتا۔ یہ جنگل کا بنیادی اصول ہے۔

درندے عموماً ہرنوں وغیرہ سے پیٹ بھرتے ہیں جن کی قوتِ شامہ بہت تیز ہوتی ہے۔ سو اگر وہ ہوا کی سمت سے حملہ کریں تو ان کی بو سونگھ کر جانور بہت پہلے بھاگ جائیں گے۔ درندے یہ بات فطری طور پر جانتے ہیں کہ انہیں ہوا کی مخالف سمت سے حملہ کرنا چاہیے تاکہ ان کا شکار ان کی آمد نہ جان سکے۔

انسان میں اپنے بچاؤ کی خاطر سونگھنے کی قطعی حس نہیں ہوتی اور ایک گز دور چھپے ہوئے شیر یا تیندوے کی بو کو انسان نہیں سونگھ سکتا چاہے ہوا کسی سمت سے بھی چل رہی ہو۔ درندوں کو اس بات کا علم نہیں ہوتا، سو وہ ہمیشہ ہوا کی مخالف سمت سے ہی حملہ کرتے ہیں۔ اس لیے مجھے تقریباً یقین تھا کہ اگر گونڈنورائی نے حملہ کیا تو بائیں جانب سے ہی حملہ کرے گا۔ اس کی بزدلی کی وجہ سے یہ بات بھی تقریباً یقینی تھی کہ وہ بائیں جانب اور عقب سے حملہ آور ہو گا۔

یہ سوچ کر میں نے انتہائی خاموشی سے پوری طرح محتاط ہو کر چلنا شروع کیا۔

پہلا چوتھائی میل مجھے یقین رہا کہ کچھ ہونے والا ہے۔ ہر چند لمحے بعد میں مڑ کر پیچھے دیکھ لیتا تھا۔ ایک بار جب میں مڑا تو دیکھا کہ میں جس جھاڑی کے پاس سے گزرا تھا، وہ زور سے ہلی اور پھر ساکن ہو گئی۔

میں نے اپنا رخ پیچھے کو کر لیا۔ جھاڑی اتنی گھنی تھی کہ اس کے نیچے دیکھنا ممکن نہ تھا۔ مگر میں نے اس کی چوٹی کو دیکھنا شروع کر دیا۔ اگر شیر اس کے پیچھے چھپا ہوا ہوتا تو مجھ پر حملہ کرنے کے لیے اسے جھاڑی سے باہر نکلنا پڑتا اور اس دوران اس کے جسم سے جھاڑی مس ہوتی تو چوٹی ہلنے لگتی۔

اچانک اس جھاڑی کی ایک شاخ جو راستے پر تھی، ہلی جیسے کوئی چیز اس کے تنے سے لگی ہو۔ میں نے اعشاریہ ۴۰۵ کی رائفل کو شانے سے لگایا اور گونڈنورائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو گیا۔

اگلے لمحے شاخ زور سے ہلی اور پھر ایک جنگلی سور نکل کر سامنے آیا۔ جونہی اس کی نگاہ مجھ پر پڑی تو اس نے رخ موڑا اور اس کی پشت پر بال سیہ کے کانٹوں کی مانند کھڑے ہو گئے۔ وہ مجھے اپنی چھوٹی سرخ آنکھوں سے گھورنے لگا۔

میرا دل چاہا کہ قہقہہ لگاؤں مگر اطمینان کا سانس لے کر رہ گیا۔ اگر جنگلی سور بائیں جانب تھا تو پھر شیر کا آس پاس ہونے کا امکان نہ تھا۔

مجھے ساکت دیکھ کر جنگلی سور کو تسلی ہوئی کہ مجھ سے اسے فوری کوئی خطرہ نہیں مگر پھر بھی وہ مجھے دیکھتا ہوا دوسری جانب کے جنگل میں گھس گیا۔ اگلے لمحے وہ نظروں سے اوجھل ہو چکا تھا۔

میں نے سکون کا سانس لیا اور چلنے لگا۔ اس بار میں شاید کچھ غیر محتاط ہو گیا کہ موت کی وادی ختم ہونے والی تھی۔ مجھے سامنے کچھ نہ دکھائی دیا اور میں نے عقب میں دیکھا۔ پھر سامنے دیکھا تو اچانک پیچھے دیکھنے کی تحریک پیدا ہوئی۔

میں جونہی مڑا، گونڈنورائی کا سر دکھائی دیا جو بائیں جانب اس جگہ تھا جہاں سے چند لمحے قبل میں گزرا۔ ذرا سی بھی آواز نہ پیدا ہوئی تھی۔ میں نے رائفل شانے سے لگائی اور شست باندھنے لگا مگر گونڈنورائی غائب ہو گیا۔ شاید اس کی چھٹی حس نے اسے خطرے کا احساس دلایا ہو گا کہ اس کا سامنا کسی بے ضرر راہگیر سے نہیں بلکہ قاتل سے ہے۔ انتہائی خاموشی سے وہ غائب ہو گیا۔

میں مزید حوصلہ پا کر سیدھا اسی جانب گیا جہاں اس کا سر دکھائی دیا تھا۔ چند گز دور مگر نظروں سے اوجھل اس کی غراہٹ سنائی دی اور پھر جھاڑ جھنکار سے اس کے گزرنے کی آہٹ اور پھر خاموشی۔ اس نے فرار کو ترجیح دی تھی۔

میں تاریکی چھانے سے ذرا قبل آملی گولا پہنچا اور رامیا کو پوری کہانی سنائی۔

اگلا دن کچھ کرنے کو نہیں تھا۔ رامیا نے بتایا کہ شیر کی خاطر گارا بندھوانا بیکار رہے گا کہ شیر اس پر کوئی توجہ نہیں دے گا۔ اس کے علاوہ آملی گولا میں ویسے بھی بہت کم مویشی تھے اور جو تھے، ان کے مالکان انہیں کسی قیمت پر نہ بیچتے۔ مجھے اگلی صبح تگارتی جا کر ہی کوئی جانور لانا پڑتا۔

دوپہر کو گونڈنورائی نے پارک نما علاقے سے ایک آدمی کو پکڑ لیا۔ شاید وہ بہت بھوکا ہو گا کہ اس نے یہ خطرہ مول لیا۔ یہ مقام میری کار والے ریسٹ ہاؤس سے ایک میل دور تھا۔ متوفی کے تین ساتھی بھاگم بھاگ سیدھا آملی گولا خبر لے کر آئے کہ انہیں اطمینان تھا کہ شیر اب دوسری جانب مصروف ہو گا۔ یہ لوگ تین بجے پہنچے اور ہم جائے واردات پر ۷ میل کا فاصلہ طے کر کے ساڑھے چار بجے کے بعد پہنچے۔

گونڈنورائی نے جھاڑی میں چھپ کر حملہ کیا تھا۔ یہ جھاڑی کافی بڑی تھی اور درمیان میں کاجو کا درخت اگا ہوا تھا۔ متوفی کو ہلاک کرنے کے بعد وہ لاش کو اسی جھاڑی کے پیچھے لے گیا اور آدھی سے زیادہ لاش ہڑپ کر گیا۔ متوفی سب سے پیچھے چل رہا تھا اور اس کے تینوں ساتھی دوڑتے ہوئے آملی گولا آئے تھے۔

اس مقام پر کاجو کا درخت نے بہت اچھا موقع فراہم کیا تھا۔ اس درخت کی شاخیں بہت سی اور پتے بڑے ہوتے ہیں جن میں مچان کو چھپانا آسان ہوتا ہے۔ میں جانتا تھا کہ گونڈونورائی بہت مکار ہے اور دوبارہ نہیں لوٹے گا کہ مچان بنانے کے وقت جو شور ہو گا وہ اسے بخوبی سن لے گا کہ ابھی بھی وہ کہیں قریب ہی لیٹا ہو گا۔ معمولی سا امکان تھا کہ شیر لوٹتا۔ سو چھ بجے میں مچان پر چڑھ کر بیٹھ گیا جو وقت کی تنگی کے باوجود کافی اچھی بنی ہوئی تھی۔ یہ تینوں آدمی واپس تگارتی لوٹ گئے جبکہ ان کے بدقسمت چوتھے ساتھی کی باقیات جھاڑی میں ہی پڑی رہیں۔

یہ بہار کا موسم تھا، سو جلد ہی تاریکی چھانے لگی۔ ایک گھنٹے کے اندر اندر لاش دکھائی دینا بند ہو گئی۔ چونکہ چاند نہیں تھا، سو مجھے رائفل کی نال سے بندھی ہوئی ٹارچ کی روشنی پر ہی گزارا کرنا تھا۔

مزید ایک گھنٹے تک ہر طرف خاموشی رہی اور محض چند شب بیدار پرندوں اور چمگادڑوں کے اڑنے کی آواز آتی رہی۔ میں نے گھڑی پر نظر ڈالی جس کے چمکدار ڈائل نے بتایا کہ آٹھ بج رہے ہیں۔ عموماً اسی وقت شیر اپنے شکار کو لوٹتے ہیں۔

پھر مجھے پارک نما علاقے سے چیتلوں کی آواز سنائی دی جو میرے مشرق میں تھا۔ ان کی آوازیں دور فاصلے پر ڈوب رہی تھیں کہ مجھے درخت کے نیچے کسی جانور کے چلنے کی آواز آئی۔ شاید گونڈنورائی آن پہنچا۔ اگلے لمحے جب وہ پیٹ بھرنے لگتا تو مجھے گولی چلانے کا موقع ملتا۔

اسی لمحے میں نے ۱۰۰ گز دور سے شیر کی غراہٹ سنی۔ گونڈنورائی تنہا نہ تھا۔

ان میں سے کون آدم خور ہو گا؟ ممکن تھا کہ دوسرا شیر آدم خور ہو۔ گونڈنورائی کی بزدلی سے یہ خیال اور پختہ ہوا۔ یہ بھی ممکن تھا کہ دونوں آدم خور ہوتے۔

درخت کے نیچے سے پہلے شیر کی دہاڑ سے میری سوچ کا سلسلہ ٹوٹا اور پھر پہلے شیر نے دوڑ لگا دی۔ میں نے سوچا کہ چلو دونوں شیر بھاگ گئے۔ مگر نو بجے سے ذرا قبل درخت کے نیچے ایک ٹہنی ٹوٹنے اور پھر ہڈیاں چبانے کی آواز آئی۔ ایک شیر تو لوٹ آیا تھا۔ میں نے آہستہ آہستہ رائفل شانے تک لانا شروع کی۔

اگلے لمحے جیسے قیامت برپا ہو گئی ہو۔ میرے پیچھے کچھ فاصلے سے دہاڑیں سنائی دیں اور پھر درخت کے نیچے سے غراہٹ آئی اور کوئی بھاری جسم والا جانور میرے درخت پر چڑھنے لگا ہو۔ ساتھ ہی دوسرا جانور بھاگتا ہوا میرے درخت کے تنے سے ٹکرایا اور اسے نوچنے لگا۔ اس ٹکراؤ سے درخت ہل گیا۔

 درخت ایسے ہل رہا تھا جیسے طوفان کی زد میں ہو۔ میں ڈرا کہ مچان سے نیچے ہی نہ جا پڑوں۔ عین قدموں کے نیچے سے آنے والی دہاڑوں اور غراہٹوں نے مجھے پریشان کر دیا۔ بعجلت میں نے رائفل کی نیچے کو جھکائی اور ٹارچ جلائی۔ روشنی سیدھی مجھ سے دو فٹ نیچے موجود تیندوے پر پڑی جو نیچے کو ہی دیکھ رہا تھا۔

میں نے رائفل کی نال ذرا ہلائی اور روشنی سیدھی گونڈنورائی کی آنکھوں پر پڑی۔ گونڈنورائی کو علم ہوتا کہ اس درخت پر تیندوے کی بجائے میں موجود ہوں تو کبھی حملہ نہ کرتا۔ مگر اس کی خوراک پر ہاتھ صاف کرتا تیندوا چڑھا تو وہ بھی پیچھے لپکا۔

گونڈنورائی کی آنکھوں کے درمیان چلائی گئی پہلی گولی تو بہت آسان تھی اور گونڈنورائی سیدھا زمین پر جا پڑا۔ دوسری گولی بھی آسان ثابت ہوئی کہ پہلی گولی کی آواز سن کر تیندوے نے اوپر کو دیکھا اور دوسری گولی اس کی بھی آنکھوں کے درمیان لگی۔ اگر وہ انسانی لاش سے پیٹ نہ بھر رہا ہوتا تو میں اس کو چھوڑ دیتا۔ مگر اب امکان تھا کہ یہ بھی آدم خور بن جاتا۔

گونڈنورائی شاید میرے شکار کردہ تمام شیروں سے بڑی جسامت کا تھا مگر سب سے بزدل بھی۔

٭٭٭

۴۔ دِگوامیٹّا کا قاتل

اگر آپ آندھرا پردیش میں گنتاکل جنکشن سے جنوب مشرق کو میٹر گیج ٹرین پر سفر کریں تو نندیال کے بڑے قصبے کو عبور کرنے کے بعد تھوڑی دیر بعد جنگلات سے بھرے پہاڑی علاقے میں پہنچ جائیں گے جس میں جگہ جگہ ندی نالے بہتے ہیں۔ یہ علاقہ بہت خوبصورت ہے۔ راستے میں آپ بسواپورم اور چیلیما میں رکتے ہوئے ایک مختصر اور ایک طویل سرنگ عبور کریں گے۔ آخر میں سبزے سے بھری وادی عبور کرنے کے لیے اونچا فولادی پل آئے گا جو درختوں کی چوٹیوں سے بھی کہیں اونچا ہے۔ چند میل آگے ایک بڑی سنگی گزرگاہ دکھائی دے گی جو پٹڑی کے دائیں جانب ہے اور اس میں ہمیشہ گنجائش سے زیادہ پانی ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آپ کو بیرونی سگنل دکھائی دے گا جو دِگوامیٹّا ریلوے سٹیشن کا ہے۔ اس جگہ پہاڑی اور جنگل ختم ہوتے ہیں اور میدانی زرعی علاقہ شروع ہوتا ہے۔

’قاتل‘ کی سرگرمیاں یہاں سے لے کر اس اونچے فولادی پل تک پھیلی ہوئی تھیں۔ اس کی زیادہ تر توجہ اس آبی گزرگاہ اور اس کے پاس موجود بیرونی سنگل والے مقام پر تھی۔

مجھے چیلیما اور دِگوامیٹّا کے درمیان موجود جنگل ہمیشہ سے پسند رہے تھے مگر اس لیے نہیں کہ یہاں جنگلی جانور بکثرت ہیں بلکہ یہ مقام بہت پرسکون ہے اور یہاں جنگل میں چنچو قبائل آباد ہیں۔ یہ جنگل مشرقی گھاٹ تک پھیلا ہے۔ میرا مشاہدہ ہے کہ آندھرا پردیش کے دیہاتی ریاست میسور کے دیہاتیوں کی نسبت زیادہ مہمان نواز اور دوستانہ ہیں۔ میری اپنی رہائش ریاست میسور میں ہے۔ مدراس کے لوگ آندھرا پردیش اور میسور کے لوگوں کی ملی جلی خصوصیات رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ جنوب کی نسبت یہاں کی نباتات بھی مختلف ہیں اور یہاں ہاتھی یا جنگلی بھینسے نہیں پائے جاتے۔ مزید جنوب کی طرف نیل گائے نہیں ملتے۔

ایک روز میں ٹرین پر دِگوامیٹّا روانہ ہوا اور طویل سرنگ، اونچے پل، آبی گزرگاہ اور بیرونی سگنل سے گزرتے ہوئے خوش ہوتا رہا۔ دِگوامیٹّا میں بستربند، رائفل اور مختصر سامان کے ساتھ اترا۔ دو آوارہ بچوں نے میرا بستربند اور سامان اٹھا لیا۔ میں نے رائفل شانے پر لٹکائی اور ہم ریلوے پٹڑی کے متوازی راستے پر چل پڑے۔ ہمارا رخ اسی جانب تھا جہاں سے ٹرین آئی تھی۔

آدھا میل دور پرانا فارسٹ بنگلا تھا جو بہت آرام دہ تھا۔ اس کے جنوب میں ٹیک کی نرسری تھی جبکہ مشرق اور شمال میں جنگل تھا۔ مغرب کی جانب ریلوے سٹیشن کو جانے والی سڑک تھی اور ریلوے سٹیشن کی دوسری جانب ٹرین کی پٹڑی تھی۔ بیرونی سنگل اور آبی گزرگاہ نصف فرلانگ دور تھی۔ میرا پرانا دوست علیم خان جو اس بنگلے کی چوکیداری کرتا تھا، مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوا اور بچوں کو ڈانٹ کر بولا کہ جلدی سے سامان اندر لائیں۔

بنگلے میں دو خوابگاہیں ہیں۔ علیم خان نے بہتر والی خوابگاہ میرے لیے تیار کر دی۔ اس کمرے کی کھڑکی سڑک اور پٹڑی کی طرف کھلتی تھی۔ اس خوابگاہ کے ساتھ غسل خانہ تھا جس میں فوارہ لگا تھا جبکہ دوسری خوابگاہ میں فوارہ نہیں تھا۔

علیم مسلمان تھا اور اس کی دو بیویاں تھیں جبکہ اکثر مسلمان چار شادیاں کرتے ہیں۔ اس نے ایک بار مجھے بتایا تھا کہ اس کے لیے دو بیویاں ہی کافی ہیں۔ پھر اس نے اپنی بیویوں کو حکم دیا کہ وہ نلکا چلا کر میرے غسل کے لیے پانی بھریں۔ اس مقصد کے لیے غسل خانے کی چھت پر جستی ٹینک لگا ہوا تھا۔ جتنی دیر میں سامان کھول کر علیم خان کی بنائی ہوئی چائے پیتا رہا اور اس دوران آدھے گھنٹے میں نلکے سے دونوں خواتین نے پانی بھرا اور اس دوران ایک دوسرے سے لڑتی بھی رہیں کہ وہ پوری محنت سے نلکا نہیں چلا رہیں۔ ٹینک بھر گیا تو ان خواتین کی لڑائی ختم ہوئی۔

غسل سے بہت مزہ آیا کہ باہر درجہ حرارت ۳۷ درجے سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا۔ پھوار کی شکل میں پانی سے غسل سے بہت راحت ملی۔ آندھرا پردیش میں گرمیاں بہت گرم ہوتی ہیں۔ ان خواتین کی محنت سے بھرا ہوا پانی میں بڑے مزے سے ضائع کرتا رہا۔

غسل سے فارغ ہو کر میں برآمدے میں آرام کرسی پر نیم دراز ہو کر پائپ اور چائے سے دل بہلانے لگا۔ اس دوران پٹڑی سے مال گاڑی گزری جس کے دونوں سروں پر انجن لگے تھے۔ آگے والے انجن سے نکلتا ہوا دھواں بتا رہا تھا کہ وہ پوری طاقت خرچ کر رہا ہے جبکہ پیچھے والا انجن آرام سے چل رہا تھا۔

علیم خان میری کرسی کے پاس ہی زمین پر آلتی پالتی مارے بیٹھ گیا اور اپنے خاندانی مسائل بتانے لگا۔ اس کی ایک ہی بہن تھی جس کا شوہر فارسٹ گارڈ تھا اور کچھ عرصہ قبل تپِ دق سے مر گیا۔ اب اس کی بیوہ بہن اور دو بچے بے سہارا ہو گئے۔ علیم کی پہلی بیوی سے تین اور دوسری سے دو بچے تھے۔ اب علیم کو چار بالغان اور سات بچوں کا پیٹ بھرنا تھا اور اس کی تنخواہ بہت معمولی تھی۔

علیم نے بتایا کہ دو بچوں کے باوجود اس کی بہن بہت خوبصورت دوشیزہ ہے اور بہترین بیوی ثابت ہو گی۔ کیا میں اس سے شادی کر لوں؟ ایک لمحے کو میں نے آنکھیں بند کر کے تصور کیا کہ مسلمان ہو گیا ہوں اور اپنی بیوی کے علاوہ علیم کی بہن سے شادی کرنے کے بعد دو اور خواتین سے بھی شادی کر سکتا ہوں۔

پھر مجھے اخراجات کا خیال آیا اور میں واپس حقیقت کی دنیا کو لوٹ آیا۔

میں نے علیم سے کہا کہ میں بنگلور میں اس کی بہن کے لیے مناسب رشتہ تلاش کرنے کی کوشش کروں گا۔ پھر میں نے جلدی سے موضوعِ گفتگو بدل دیا اور پوچھا کہ شیر یا تیندوے اس علاقے میں موجود ہیں؟

اس نے بتایا کہ دس روز قبل ایک شیر بلا اجازت مارا گیا تھا۔ اس کا شکاری ایک سرکاری افسر تھا جو جیپ میں سوار ہو کر رائفل اور ٹارچ کی مدد سے ریسٹ ہاؤس سے ۲۰۰ گز دور ایک فائر لائن پر شیر مارنے میں کامیاب ہوا۔ یہ فائر لائن شرقاً غرباً واقع ہے۔ یہ فائر لائن بنگلے کے جنوب مغرب میں ایک فرلانگ دور سڑک سے شروع ہوتی ہے اور مشرق کی جانب ۲ میل دور ایک اور سڑک سے جا ملتی ہے۔ یہ سڑک دیوگامتہ اور گونڈاچیروو کو ملاتی ہے جن کا باہمی فاصلہ ۴۰ میل ہے۔

علیم نے بتایا کہ یہاں ایک تیندوا ہے جو اب مسئلہ بن رہا ہے۔ اس کے پگ ریسٹ ہاؤس کے آس پاس ہر صبح دکھائی دیتے ہیں اور تین ہفتے قبل ریسٹ ہاؤس کے برآمدے میں سویا کتا اٹھا لے گیا۔ اس نے بتایا کہ اس کی بہن دو بچوں کے علاوہ ایک کتا بھی ہمراہ لائی تھی اور ریسٹ ہاؤس کے آؤٹ ہاؤس میں رہتی تھی۔ اس کی بہن کا کتا عام دیہاتی کتوں سے کافی بڑا تھا اور ایک بار جب تیندوے نے اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اس کتے نے الٹا تیندوے پر حملہ کر دیا اور تیندوے کو ناکام فرار ہونا پڑا۔ علیم اور اس کی بہن نے یہ منظر چاندنی میں اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔

علیم جانتا تھا کہ جلد یا بدیر تیندوا اس کتے کو شکار کر ہی لے گا۔ اصل خطرہ یہ تھا کہ اب یہاں سات بچے بھی ہیں اور ان میں سے دو محض شیرخوار ہیں۔ اب اگر تیندوا بہت بھوکا ہوا تو عین ممکن ہے کہ بچوں پر بھی ہاتھ صاف کر لے۔

مجھ سے بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ میں انگلستان، آسٹریلیا یا کینیڈا کیوں نہیں منتقل ہو جاتا۔ میں نے اس کا جواب دینے کی بہت مرتبہ کوشش کی ہے مگر شاید میں اپنی بات نہیں سمجھا سکا۔ میں دِگوامیٹّا میں آرام کرسی پر نیم دراز تھا کہ یہ سوال میرے ذہن میں دوبارہ آیا۔ ہندوستان جیسا ماحول مجھے انگلستان، آسٹریلیا یا کینیڈا میں کہاں مل سکتا ہے؟ ہاں افریقہ یا جنوبی امریکہ میں شاید ایسا ہو۔ چند گھنٹوں کے ٹرین یا کار کے سفر کے بعد میں بنگلور جیسے شدید گرم علاقے سے نکل کر مناسب موسم والے پہاڑی علاقوں تک پہنچ سکتا ہوں۔ بنگلور سے ۲۰۰ میل کے دائرے میں کئی ایسے پہاڑی مقامات موجود ہیں۔ اسی طرح بنگلور سے کچھ دور مشرق میں بنجر اور بیابان نیم صحرائی علاقے ہیں تو مغرب میں بارش کی کثرت والے گھنے جنگل۔ بنگلور میں لاکھوں لوگ آباد ہیں اور اس سے محض ۵۰ میل دور آپ جنگل میں خود کو تنہا پائیں گے۔ اس کے علاوہ جنگلی قبائل کی بے شمار زبانیں اور بولیاں ہوں یا شہروں میں محفوظ رہائش سے لے کر جنگل میں ہونے والی اچانک بیماریاں، مار گزیدگی یا جنگلی جانور کے ہاتھوں پہنچنے والا نقصان۔ ہندوستان دنیا کا شاید واحد ملک ہے کہ جہاں وقت کی کوئی قدر نہیں، یہاں آپ کے لباس پر کوئی توجہ نہیں دیتا چاہے انسان عریاں ہی کیوں نہ ہو اور نہ ہی انسان کو اپنی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ انسان کا وجود ہی کافی ہے۔ اس کے علاوہ ہر چیز بے معنی ہے۔ چاہے آپ کو جلدی ہو یا نہ ہو، کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پیدائش اور موت اٹل ہیں، پیدائش سے موت کے درمیان ہر اہم واقعہ بھی قسمت پر منحصر ہوتا ہے۔ کیا فرق پڑتا ہے؟

جب میں اپنے دوستوں کو بتاتا ہوں کہ مجھے ہندوستان سے کیوں محبت ہے تو وہ میری بات نہیں سمجھ پاتے۔ انہی وجوہات کی بنا پر میں ہندوستان کو چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

میری سوچ کا سلسلہ اچانک فارسٹ رینج آفیسر کی آمد سے ٹوٹا۔ یہ آدمی سائیکل پر سوار علیم خان کو بتانے آیا تھا کہ محکمہ جنگلات کا ضلعی افسر دِگوامیٹّا سے گزر رہا ہے اور رات اسی بنگلے میں گزارے گا۔ پھر اس نے پوچھا کہ آیا میرے پاس رہائش کا تحریری اجازت نامہ ہے؟ میں نے صاف بتا دیا کہ میرے کوئی اجازت نامہ نہیں۔ اس پر افسر نے سختی سے مجھے فوراً جانے کا کہا۔

یہ مسئلہ مجھے بہت مرتبہ پیش آ چکا ہے اور اس سے بچنے کے لیے میں نے بہت ساری جگہوں پر زمین کے چھوٹے چھوٹے قطعے خرید لیے ہیں تاکہ سرکاری افسران سے جان چھوٹ جائے۔ سرکاری افسران ہمیشہ سے ایسے ہی ہوتے ہیں، چاہے ہم برطانوی راج کی بات کریں یا پھر آزادی کے بعد کی۔

میں نے رینج آفیسر کی تھوڑی خوشامد کی تو وہ فوراً میرا ہمنوا بن کر کہنے لگا کہ سبھی افسر نکمے ہوتے ہیں۔ دورے تو کرتے ہیں مگر سارا کام ان کے ماتحت کرتے ہیں۔ ان کا کام صرف ’بھتہ‘ یعنی سفری خرچ لینا ہوتا ہے۔ جب ان کا ہاتھ تنگ ہو تو کوئی نہ کوئی دورہ نکال لیتے ہیں اور یہ دورے مہینے کے آخری دنوں میں ہی ہوتے ہیں۔ اس نے کہا کہ میں رات یہاں گزار سکتا ہوں مگر علی الصبح افسرِ اعلیٰ کے آنے سے قبل یہ جگہ چھوڑ دوں ورنہ اس کے لیے مسئلہ کھڑا ہو جائے گا۔

میں نے وعدہ کیا اور پھر پوچھا کہ آیا گاؤں کوئی کمرہ کرائے پر مل سکتا ہے؟ اس نے کہا کہ اسے معلوم نہیں۔

اس مرحلے پر میں نے اسے بتایا کہ اس وجہ سے ہی میں نے بیس پچیس مقامات پر زمین کے چھوٹے قطعے خریدے ہوئے ہیں۔ اس بات پر اس کا چہرہ کھل اٹھا اور بولا کہ محکمہ مالیات میں اس کا ایک دوست ہے جس کی ملکیت میں پٹڑی کی دوسری جانب کئی ایکڑ زمین ہے۔ اس نے بتایا کہ اس کے دوست کا نام رنگا ریڈی ہے، وہ ایک خیمے جتنی جگہ مجھے بالکل مفت دے دے گا۔

ایک گھنٹے بعد ہم اس کے دوست کے گھر پہنچ گئے۔ وہاں ہم نے کافی پی اور کچھ دوسے کھائے۔ پھر رنگا ریڈی ہمیں اپنی زمین پر لے گیا جو ریلوے سٹیشن سے چوتھائی میل آگے مشرق کو تھی۔ اس نے مجھے کہا کہ میں اپنی مرضی کے مطابق جتنا رقبہ چاہے چن لوں۔

یہ زرخیز زرعی زمین تھی۔ میں ایک کونے کو گیا جہاں زمین زیادہ زرخیز نہیں تھی اور کاشت بھی نہیں ہوتی تھی۔ مجھے محض خیمے کی جگہ چاہیے تھی، میں اسے نقصان نہیں پہنچانا چاہتا تھا۔ ایک طرف کچھ فاصلے پر ندی بہہ رہی تھی اور دوسری جانب سڑک گزرتی تھی۔ جنگل میں خیمہ لگانے کے لیے بہترین مقام تھا۔ چند گز میرے لیے کافی رہتی۔

میں نے اس آدمی کو اپنی پسند سے آگاہ کیا تو وہ مسکرانے لگا۔ اس نے وعدہ کیا کہ وہ مجھے کل اپنی جیپ پر گِدالور لے جائے گا جو ۱۲ میل دور ہے۔ وہاں ہم سرکاری طور پر ملکیت کو میرے نام پر منتقل کرا لیں گے۔

میں نے اس سے قیمت پوچھی تو اس آدمی نے سختی سے کہا کہ یہ تحفہ ہے۔ میں نے اسے بتایا کہ میں مفت نہیں لوں گا اور یہ بھی کہ قیمت کے بغیر زمین سرکاری طور پر فروخت شمار نہیں ہو گی۔ سو اسے قیمت بتانی ہو گی۔ اس نے ہچکچاتے ہوئے کہا ’۵ روپے‘۔ میں نے کہا، ’نہیں، ۵۰ روپے‘۔

وہ پریشان ہو گیا کہ اس کے خیال میں اس بیکار زمین کے لیے ۵۰ روپے بہت بڑی رقم تھی حالانکہ برطانوی اعتبار سے یہ ۲ پاؤنڈ بھی نہیں بنتی تھی۔

اگلی صبح ہم گِدّالور گئے جہاں سرکاری دفتر کھلنے پر ہم نے کاغذی کاروائی پوری کی اور دِگوامیٹّا میں اس قطعہ زمین کی ملکیت میرے نام ہو گئی۔

میں نے واقعات کو ترتیب سے ہٹ کر بیان کیا ہے۔ اصل میں یہ بتانا چاہیے تھا کہ جب میں فائر لائن پر چہل قدمی کے بعد ریسٹ ہاؤس پہنچا تو کیا ہوا۔ فائر لائن ایک گہرے نالے سے ہو کر گزرتی ہے جہاں سے برساتی نالہ بہتا تھا۔ خشک موسم کی وجہ سے نالہ ایک گز چوڑائی میں بہہ رہا تھا اور دونوں کناروں کی کیچڑ میں مجھے اوسط جسامت کے تیندوے کے پگ دکھائی دیے۔ تیندوے پانی میں چلنا پسند نہیں کرتے، سو اس نے بھی نالے کو جست لگا کر عبور کیا۔

میں نے سوچا کہ آیا کہ وہی تیندوا تو نہیں جس کے بارے میں میں علیم خان نے بتایا تھا۔ یہ پگ فارسٹ لاج کی طرف جا رہے تھے اور پچھلی رات کے لگ رہے تھے۔ یہاں میں نے جھک کر ان کو بغور دیکھا تو بات واضح ہو گئی۔ پانی کی مستقل گزرگاہوں پر کائی اگی ہوتی ہے جو یہاں بھی تھی۔ دونوں کناروں پر کائی ابھی تک دبی ہوئی تھی۔ اگر تیندوے نے پچھلی رات نالہ عبور کیا ہوتا تو کائی دبنے کے بعد واپس اپنی شکل کو لوٹ آتی۔ مگر کائی ابھی تک دبی ہوئی تھی۔ اس کا مطلب تھا کہ تیندو ایک یا دو گھنٹے قبل ہی یہاں سے گزرا تھا۔

اب شام کے چھ بجے چکے تھے سو تیندوا چار یا پانچ بجے گزرا ہو گا جو غروبِ آفتاب سے کافی پہلے کا وقت ہے۔ تیندوا اب بنگلے کے آس پاس کہیں ہو گا یا پٹڑی عبور کر کے دوسری جانب تالاب کو چلا گیا ہو گا۔ میں ریسٹ ہاؤس واپس لوٹا اور سوچتا آیا کہ کیا رات کو تیندوے کی آواز سنائی دے گی؟

میں رات کے کھانے کی خاطر گھر سے بھنا ہوا گوشت لایا تھا اور کھانے کے لیے بیٹھا تو پونے آٹھ بج رہے تھے۔ میں رات کا کھانا کھانے سے قبل گھڑی دیکھتا ہوں۔ علیم کی بہن کا کتا میری کرسی کے پاس بیٹھا مجھے دیکھ رہا تھا کہ اسے میں شاید کھانے کو کچھ دوں۔ میں نے اسے سوکھی روٹی کا ایک ٹکڑا دیا۔

عام طور پر کتوں کو کچھ کھانے کو دیا جائے تو وہ اسے نگل کر فوراً مزید مانگتے ہیں۔ تاہم یہ دیہاتی کتوں کی مانند روٹی منہ میں دبا کر کمرے سے نکل کر برآمدے میں گیا ہی تھا کہ تیندوے کی غراہٹ سنائی دی اور کتا چیخا۔

میری رائفل خوابگاہ میں اور دوسری جانب تھی۔ مجھے علم تھا کہ تیندوے کے حملے سے کتے کو بچانے کے لیے مجھے فوراً باہر نکلنا ہو گا کہ رائفل اٹھانے کا وقت نہیں۔ میں جونہی باہر نکلا تو چاندنی میں برآمدے سے باہر کو جست لگاتا ہوا تیندوا دکھائی دیا۔ کتا اس کے جبڑوں میں دبا ہوا اور ابھی تک تڑپ رہا تھا۔

میں نے زور سے چلاتے ہوئے پاس پڑی ہوئی کرسی اٹھا کر تیندوے کو ماری۔ تیندوا ۱۵ فٹ دور تھا اور کرسی سیدھی اسے جا کر لگی۔ اس نے کتے کو نہیں چھوڑا اور اسے اٹھائے ہوئے فرار ہو گیا۔

میں نے بھاگ کر اپنی رائفل اٹھائی اور اسے بھرا اور تیندوے کے فرار کی سمت بھاگا۔ چاندنی خوب چمک رہی تھی، سو میں نے ٹارچ اٹھانے کی ضرورت محسوس نہ کی کہ اس پر وقت لگتا۔

جب میں صحن سے نکل کر جنگل میں داخل ہوا تو صورتحال بدل گئی۔ جنگل کی وجہ سے چاندنی کی کرنیں یہاں وہاں تو دکھائی دے رہی تھیں مگر بحیثیتِ مجموعی تاریکی چھائی ہوئی تھی۔ جلد ہی مجھے اندازہ ہو گیا کہ اب کتے کو بچانا ممکن نہیں رہا اور اگر میں اندھیرے میں ٹھوکریں کھاتا رہا تو اس سے تیندوا خبردار ہو کر فرار ہو جائے گا۔ میں ایک جگہ بیٹھ کر خود کو کوسنے لگا کہ رائفل پر ٹارچ لگانے پر چند لمحے ہی لگتے اور اب میں تیندوے کا پیچھا کر رہا ہوتا۔

تیندوے کو جب احساس ہوا کہ میں پیچھا نہیں کر رہا تو اس نے رک کر پیٹ بھرنے کی ٹھانی۔ ۱۰ منٹ بعد مجھے گوشت اور ہڈیاں چبائے کی آوازیں آنے لگیں۔ میں سوچنے لگا کہ ان آوازوں کی مدد سے تیندوے کا پیچھا کروں یا پھر بنگلے میں جا کر ٹارچ لاؤں۔ حسب معمول میں نے غلط فیصلہ کیا اور اس کے نتیجے میں تین انسانوں کی جان چلی گئی۔

آہستہ آہستہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو کر میں نے تاریکی میں پنجوں کے پل چلنا شروع کر دیا۔ عموماً ایسی صورتحال میں شکاری اس وقت حرکت کرتا ہے جب مطلوبہ جانور کے پیٹ بھرنے کی آواز آ رہی ہو۔ جونہی جانور کی آواز رکتی ہے، شکاری بھی رک جاتا ہے۔ اس طرح جس جانور کا تعاقب ہو رہا ہو، اسے شک نہیں ہوتا کہ شکاری کے چلنے سے پیدا ہونے والی آہٹ جانور کو سنائی دینے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ جنگل میں اندھیری رات میں بغیر روشنی کے ممکن ہی نہیں ہوتا کہ بغیر آواز پیدا کیے انسان چل سکے۔

میں تیندوے کے کافی قریب تک پہنچ گیا تھا۔ میں اس سے بمشکل پانچ گز دور ہوں گا کہ قسمت میرا ساتھ چھوڑ گئی۔ راستے میں سور، پینگولن یا ریچھ نے گڑھا کھودا ہوا تھا۔ میرا پیر اس میں پڑا اور میں لڑکھڑایا اور تیندوے کو میری موجودگی کا علم ہو گیا۔ ایک غراہٹ سنائی دی اور تیندوا جھاڑیوں میں غائب ہو گیا۔ میں نے اسے جھاڑیوں میں گزرتے ہوئے سنا۔

خود کو سنبھال کر میں نے پیش قدمی جاری رکھی اور کتے کی لاش پر جا پہنچا۔ تاریکی میں لاش کا خاکی بمشکل دکھائی دے رہا تھا۔ جب میں ریسٹ ہاؤس کو لوٹا تو علیم خان اور اس کا پورا خاندان کتے کی تلاش میں جمع ہو کر سوچ رہا تھا کہ میں کہاں غائب ہو گیا ہوں۔

میں نے اپنی اعشاریہ ۴۰۵ بور کی رائفل سے ٹارچ لگائی اور علیم کے ساتھ لوٹا۔ علیم نے کتے کی باقیات اٹھائیں اور ہم بنگلے کو لوٹے۔ علیم نے طے کیا کہ وہ صبح سویرے کتے کی لاش کو دفنا دے گا۔ میں تیندوے کی تلاش میں نکلا۔

ٹارچ کی روشنی میں گشت آسان تھی۔ میں نے ریسٹ ہاؤس کے آس پاس دو گھنٹے کے دوران ایک فرلانگ کے دائرے میں سارا علاقہ چھان مارا۔ تیندوے کا کوئی نشان نہ ملا۔ ایک جگہ جنگلی سور کا چھوٹا سا غول دکھائی دیا۔ تیندوا جیسے اس علاقے سے غائب ہو چکا ہو۔ سڑک کی دوسری جانب پٹڑی پر بیرونی سگنل کے پاس کچھ چیتل اور ایک مادہ نیل گائے دکھائی دی جو آرام سے گھاس چر رہے تھے۔ اچانک ریلوے انجن کی سیٹی سنائی دی اور مال گاڑی کا شور آنے لگا۔

تیندوا جا چکا تھا۔ علیم کے خاندان کی عورتوں کا رونا دھونا شروع ہو چکا تھا اور علیم نے اگلی صبح کتا دفنا دیا۔ کچھ دیر بعد میں ریسٹ ہاؤس سے نکلا اور رینجر کے گھر گیا کہ اس نے اپنا پرانا خیمہ مجھے ادھار دینے کا وعدہ کیا تھا۔

دو گھنٹے بعد میں نے اپنی زمین پر خیمہ گاڑ دیا تھا۔ اس دوران میں نے دیہاتی بازار سے مٹی کے دو برتن خریدے اور ان میں پانی بھر کر اپنی ضروریات کے لیے رکھ دیا۔ خیمے کے باہر پتھروں سے دو چولہے بنا لیے جن پر چائے اور کھانا بنانا آسان تھا۔ سونے کے لیے زمین تھی اور نہانے دھونے کے لیے ندی قریب ہی بہہ رہی تھی۔ روشنی کی خاطر لالٹین تھا۔ یہاں میں جب چاہتا، آتا اور جب چاہتا، چلا جاتا۔ دِگوامیٹّا میں اب مجھے سرکاری افسران کے نخرے برداشت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں رہی تھی۔

بارش میں مسئلہ بنتا کہ مٹی کیچڑ کی دلدل بن جاتی۔ میں نے فارسٹ بنگلے میں رہنے کا ارادہ کیا تھا تو بستر ساتھ نہیں لایا تھا۔ بارش کی صورت میں سونا ممکن نہ رہتا۔

گِڈالور سے واپسی کے بعد دوپہر کو میں نے اپنے خیمے کے پاس سڑک سے ایک جیپ گزرتے دیکھی جس پر سفید حروف میں آگے اور پیچھے ’محکمہ جنگلات آندھرا‘ لکھا ہوا تھا۔ ڈرائیور کے ساتھ اگلی نشست پر ایک کالی رنگت والا آدمی بیٹھا تھا جس نے مجھے گھور کر دیکھا۔ یہ محکمہ جنگلات کا ضلعی افسر تھا۔

اس شام میں نے ریسٹ ہاؤس جا کر حاضری لگائی۔ مجھے سرکاری حکام سے تعلق رکھنا پسند نہیں مگر ہندوستان میں اس کے بغیر گزارا بھی نہیں۔

نوجوان ضلعی افسر حال ہی میں بھرتی ہوا تھا۔ کالج سے فراغت کے بعد اسے سیدھا طبی معائنے سے گزار کر اس ملازمت پر رکھ لیا گیا تھا۔ جلد ہی مجھے علم ہو گیا کہ اسے جنگل اور جنگلی حیات کے بارے میں میں الف ب بھی نہیں معلوم۔ اس کے علاوہ اسے شیروں اور تیندوؤں کے بارے میں میں شدید غلط فہمیاں بھی ہیں۔

علیم اسے پچھلی رات کے کتے والے واقعے کے بارے میں میں بتا چکا تھا مگر عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس نے میرے بارے میں میں ایک لفظ تک نہ کہا۔

مجھے ضلعی افسر نے اس پوری واردات کی تفصیل سنائی کہ کیسے سوتے ہوئے علیم کے سینے پر لیٹے کتے کو تیندوے نے دبوچ لیا تھا۔ میں نے حیرانی کے تاثرات چہرے پر سجائے اس کی بات سنی۔ شاید اسے علم نہیں تھا کہ کوئی بھی آدمی اتنا بھاری کتا اپنے سینے پر نہیں لٹا سکتا۔

یہ سب کہہ کر اس نے مجھے تیندوے کے شکار کی دعوت دی۔ اس نے پوچھا کہ میں کہاں رہ رہا ہوں۔ جب میں نے اسے بتایا کہ میں پاس موجود خیمے میں قیام پذیر ہوں تو اس کی حیرت قابلِ دید تھی۔ اس نے فوراً مجھے کہا کہ میں بنگلے کے دوسرے حصے میں رہنے کو آ جاؤں اور یہاں سکون سے رہوں۔

میں نے بظاہر شرمندگی سے سر جھکا کر کہا کہ میرے پاس سرکاری فارسٹ لاج میں رہنے کا اجازت نامہ نہیں اور یہاں اس بارے میں میں حکومتی قوانین پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ اجازت نامے کے لیے مجھے محکمہ جنگلات کے کنزرویٹر یا ضلعی کلکٹر کے پاس جانا ہو گا۔

میری بات سن کر اسے سخت غصہ آیا اور وہ بولا کہ وہ ڈی ایف او ہے اور اس کی اجازت کافی ہے۔ کنزرویٹر اور کلکٹر بے شک بھاڑ میں جائیں۔ پھر اس نے جیسے مجھے حکم دیا کہ فوراً بنگلے میں منتقل ہو کر رات کا کھانا اس کے ساتھ کھاؤں۔

میں پھر بنگلے میں منتقل ہو گیا۔ اس بار میں سرکاری افسر کا مہمان بن کر آ رہا تھا۔ اس بار بھی مجھے وہی کمرہ ملا جس کے غسل خانے میں غسل کے لیے شاور لگا ہوا تھا۔ خوش قسمتی دیکھیے کہ جس رات میں دوبارہ بنگلے میں منتقل ہوا، اسی رات تیز بارش ہوئی۔ اگلی صبح میرے کیمپ والا مقام کالی کیچڑ کی دلدل بنا ہوا تھا۔

ڈی ایف او نے علیم سے کہہ کر بستی سے ایک کتا منگوا لیا جس کی تجویز علیم نے دی تھی مگر میں اس کے خلاف تھا۔ افسر نے علیم سے کہا کہ وہ اس کتے کو بنگلے کے صحن میں ٹیک کے درخت سے باندھ دے۔ وہ ہر قیمت پر تیندوے کی ہلاکت چاہتا تھا۔ میں کتے کو بطور گارا نہیں باندھتا کہ کتے بہت حساس اور ذہین ہوتے ہیں اور انہیں پہلے سے اندازہ ہو جاتا ہے کہ کیا ہونے والا ہے۔ اس طرح وہ بہت ذہنی اذیت سے گزرتے ہیں۔

ڈی ایف او کے پاس ہتھیار نہیں تھے مگر وہ میرے ساتھ دوسری آرام کرسی پر بیٹھ گیا۔ ہم نے دروازہ آدھا کھول رکھا تھا اور باہر چاندنی چھٹکی ہوئی تھی۔ ہم اندھیرے میں بیٹھے تھے، سو تیندوا ہمیں نہ دیکھ پاتا۔

میں نے پوری توجہ سے نگرانی جاری رکھی کہ میں کتے کو ہلاکت سے بچانا چاہتا تھا۔ کتے کو اپنی حالت کا اندازہ تھا اور یہ بھی کہ باہر کافی ٹھنڈ تھی، سو کتا بھونکنے اور رونے لگا۔ تیندوا آدھے میل دور سے اس کی آواز سن کر چلا آتا۔

۱۱ بجے کے بعد ڈی ایف او اونگھنے لگا اور ۱۲ بجے سے پہلے سونے چلا گیا۔ ۲ بجے کے بعد چاند درختوں کے پیچھے چھپ گیا اور کتا سایوں میں چھپ گیا۔ کتا اپنی قسمت سے مایوس ہو کر سو گیا۔ اگر تیندوا حملہ کرتا تو میں کتے کو نہ بچا سکتا۔ میں نے چاند چھپنے کا انتظار کیا اور جب اندھیرا پوری طرح چھا گیا تو میں نے اٹھ کر کتے کو کھولا اور اسے اندر لے آیا۔ کتا پیار سے دم ہلاتا ہوا میرے پیچھے پیچھے آ گیا۔

اگلے روز دوپہر کے کھانے کے بعد ڈی ایف او نندیال روانہ ہو گیا جبکہ میں نے نصف شب کی ٹرین سے بنگلور واپس روانہ ہوا۔ روانگی سے قبل میں نے علیم کو اپنے پتے والے چند لفافے دیے تاکہ وہ کسی بھی خبر سے مجھے آگاہ رکھ سکے۔ ان لفافوں پر ٹکٹیں لگی تھیں۔ مجھے احساس تھا کہ تیندوے کے بارے میں میں مجھے جلد ہی اطلاع ملے گی۔ بنگلور پہنچنے کے بعد میں ان باتوں کو بھول چکا تھا۔

۴ ماہ بعد جب علیم کا خط ملا تو مجھے کافی حیرت ہوئی۔ اس نے لکھا کہ ایک ریلوے گینگر کو کسی جنگلی جانور نے طویل پل اور بیرونی سگنل کے درمیان ہلاک کر دیا تھا۔ متوفی کی لاش جزوی کھائی جا چکی تھی مگر اس کے پاس کوئی پگ نہ ملے۔ اس نے یہ بھی لکھا تھا کہ اس بارے میں میں اتفاق رائے نہیں کہ کس جانور نے اس گینگر کو ہلاک کیا ہو گا۔ کچھ کے خیال میں یہ شیر کا کام تھا تو کچھ اس کی ذمہ داری ریچھ پر ڈالتے تھے۔ کچھ توہم پرست لوگ تو سوچ رہے تھے کہ یہ کسی بد روح کا کام ہو گا۔ علیم کا خیال تھا کہ یہ اسی تیندوے کا کام ہے۔ پھر اس نے مجھ سے پوچھا کہ چاہے جو بھی جانور ہو، کیا میں اسے مارنے آ سکتا ہوں؟

میں نے اسے لکھا کہ اس واقعے کو گزرے کافی وقت گزر چکا ہے اور عین ممکن ہے کہ اس آدمی کو کسی مشتعل ریچھ نے اتفاقیہ ہلاک کیا ہو۔ سو دِگوامیٹّا جانا بیکار رہے گا۔ میں نے اسے لکھا کہ وہ مجھے مزید واقعات سے آگاہ رکھے۔

اگلا خط ایک ماہ بعد ملا۔ اس میں درج تھا کہ ایک اور گینگر مارا گیا ہے۔ یہ گینگر پانی کی ٹینکی کی دیکھ بھال پر متعین تھا اور سورج غروب ہونے سے قبل سٹیشن لوٹ آتا تھا۔ یہ آدمی شام کو ۶ بجے دوسرے گینگر سے سگنل کے نیچے ملتا اور سگنل جلانے کے بعد دونوں مل کر واپس لوٹتے تھے۔ دوسرا آدمی سگنل جلا کر آہنی سیڑھی سے نیچے اترا تو دوسرا آدمی غائب تھا۔ اس نے سوچا کہ شاید وہ ٹینکی پر ہی سو گیا ہو، اس نے زور سے آواز دی، ’رام۔ رام‘۔

جواب نہ آیا۔ اس آدمی کو خطرے کا احساس نہ ہوا اور وہ اپنے ساتھی کی تلاش میں چل پڑا۔ پانی کی ٹینکی کی نیچے اس آدمی کی لاش پڑی تھی۔ اس کے سینے سے کچھ گوشت غائب تھا۔ ۶ بج چکے تھے مگر ابھی تک کافی روشنی تھی۔ اس نے زمین پر دیکھا تو کچی مٹی پر بہت سے پگ دکھائی دیے جو تیندوے کے تھے۔

گینگر نے تیندوے کے پگ دیکھ کر جو دوڑ لگائی تو سیدھا سٹیشن پہنچ کر دم لیا۔

’جلدی آئیے۔ آدم خور تیندوا ہمارے آس پاس ہی ہے‘۔ علیم نے لکھا۔

بدقسمتی سے اس روز میں کافی مصروف تھا سو میں نے اگلی صبح روانہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ میرا خیال تھا کہ میں کار پر جاؤں گا تاکہ تاخیر نہ ہو اور خیمہ اور دیگر سامان ساتھ لے جاؤں گا۔ میں دوبارہ بنگلے میں جانے کا خطرہ مول لینے کے لیے تیار نہیں تھا۔ ویسے بھی ریسٹ ہاؤس یا مسافر بنگلے میں تین روز سے زیادہ قیام کی سرکاری طور پر بھی اجازت ممکن نہیں۔ آدم خورشیر یا تیندوے کے شکار کے لیے تین دن بہت کم مدت ہے۔

اس شام میں کام سے لوٹ کر روانگی کے لیے سامان باندھنے کے بعد کھانا کھا نے ہی والا تھا کہ باہر سے گھنٹی بجنے کی آواز آئی۔ میرا ملازم تنگاویلو تار اور ساتھ رسید کی کاپی بھی لایا۔

میں نے دستخط کر کے تار کھولا تو مجھے دھچکا لگا۔ اس میں لکھا تھا، ’تیندوے نے بہن کا بچہ مار دیا۔ جلدی آئیے۔ علیم‘۔

پو پھٹنے سے قبل میں سفر پر روانہ ہو چکا تھا۔

اگر آپ دِگوامیٹّا کے فارسٹ ریسٹ ہاؤس کو جائیں تو اس کے جنوب مشرقی کنارے سے ۲۰ گز پر ایک چھوٹی سی قبر اور اس پر لگا کتبہ دکھائی دیتا ہے۔ اس پر ’شرارتی‘ لکھا ہے۔

کہتے ہیں کہ برطانوی راج کے دور میں برطانوی کلکٹر یا محکمہ جنگلات کا افسر دوران سفر یہاں مقیم تھا۔ اس کے ساتھ اس کا کتا بھی تھا جس کا نام ’شرارتی‘ تھا۔ اچانک تیندوے نے جست لگا کر اس کتے کو پکڑا تو اس کے مالک نے بعجلت گولی چلائی جو تیندوے اور کتے، دونوں کی ہلاکت کا سبب بنی۔ پھر اس نے اپنے پالتو کتے کو دفن کر دیا۔ اگلے دورے پر وہ کتے کی قبر کا کتبہ بھی ساتھ لایا جو ابھی تک وہاں موجود ہے۔

جب میں کار سے نکل رہا تھا تو علیم نے مجھے موجودہ واقعے کے بارے میں میں بتایا۔ اس کی بھتیجی نے ’شرارتی‘ کی کہانی سنی تھی اور اس کی عادت تھی کہ وہ ’شرارتی‘ کی قبر پر ہر صبح جنگل سے تازہ پھول جمع کر کے رکھتی تھی۔ ایک بار وہ پھول جمع کر کے رکھنا بھول گئی۔ شام کو اسے یاد آیا تو پھول مرجھا رہے تھے۔ اس نے ماں سے کہا کہ وہ پھول رکھنا بھول گئی تھی سو اب رکھ آتی ہے۔ ماں نے جواب دیا کہ تاریکی چھانے والی ہے، سو نہ جائے۔ ویسے بھی پھول مرجھا چکے تھے۔

اس لڑکی کا نام ’پیاری‘ تھا۔ ماں نے اسے سمجھایا کہ آدم خور تیندوا اسی علاقے میں ہے۔ اس لیے وہ نہ جائے۔ بے شک اگلی صبح مزید تازہ پھول جمع کر کے رکھ دے۔ پیاری نے بات پر توجہ نہ دی اور چلی گئی۔ وہ قبر پر پہنچ گئی تھی کہ وہاں مرجھائے ہوئے پھول ابھی تک موجود تھے۔ مگر بچی کا کوئی پتہ نہ تھا اور نہ ہی اس کی کوئی چیخ پکار سنائی دی۔

تاخیر سے پریشان ہو کر ماں نے اسے آواز دی مگر جواب میں خاموشی رہی۔ پھر اس نے علیم اور اس کی دو بیویوں کو بلایا۔ علیم نے لاٹھی اٹھائی اور یہ چاروں ’شرارتی‘ کی قبر کو لالٹین اٹھا کر چل پڑے۔ وہاں انہوں نے پھول تو دیکھے مگر بچی غائب تھی۔ پھولوں سے چند گز دور بچی کا ہار پڑا ہوا ملا اور پھر خون کی بوندیں دکھائی دیں۔

علیم اور اس کی بیویاں اور بہن فوراً گاؤں کو لوٹے اور کافی دیر بعد ایک رینجر، دو چوکیداروں اور کافی ساری دیہاتیوں کو ساتھ لائے۔ ان کے پاس کلہاڑیاں، لاٹھیاں، چاقو اور لالٹین تو تھے مگر بندوق کسی کے پاس نہیں تھی۔

ان لوگوں نے عجلت اور عدم توجہی سے تلاش کی کوشش کی مگر سبھی تیندوے سے خوفزدہ تھے۔ اگلی صبح زیادہ توجہ سے تلاش کی گئی اور تیندوے کے پگ دکھائی دیے اور بچی کی باقیات بھی گھنی جھاڑی کے نیچے پڑی ملیں۔ انہیں بچی کے لباس کی دھجیاں بھی دکھائی دیں۔ اس کے بعد آدم خور تیندوے کے پگ نہ ملے۔

علیم نے مجھے کہا کہ میں ریسٹ ہاؤس میں رہوں تاکہ خیمے میں تیندوا مجھ پر حملہ نہ کر سکے۔ میں نے انکار کیا مگر علیم کا اصرار جاری رہا اور پھر اس نے مجھے ایک پیشکش کی۔ یہ پیشکش نہ صرف دلیرانہ بلکہ خطرے سے بھی بھرپور تھی۔ اس نے مجھے کہا کہ وہ ساری رات ’شرارتی‘ کی قبر پر بیٹھے گا اور میں برآمدے کے ستون کے پیچھے چھپ کر نگرانی کروں۔ جونہی اسے تیندوے کی موجودگی کا احساس ہوتا، وہ آہستگی سے بول کر مجھے خبردار کر دیتا۔ میں ٹارچ جلا کر تیندوے کی آنکھوں کی چمک دیکھ کر اسے گولی مار دیتا۔ راتیں کافی تاریک تھیں کہ چاند نہیں تھا۔

علیم کا منصوبہ نڈر مگر حماقت سے بھرپور تھا۔ آدم خور کی آمد کا بھلا اسے کیسے علم ہو پاتا؟ آدم خور کے دانت اس کے گلے میں دھنس چکے ہوتے تو پھر جا کر اسے تیندوے کی موجودگی کا علم ہوتا مگر تب تک بہت دیر ہو چکی ہوتی۔ اس کے علاوہ جب تیندوا اسے دبوچ چکا ہوتا تو گولی چلانا اور بھی مشکل ہوتا کہ گولی علیم کو لگ سکتی تھی۔ اگر کوئی معجزہ ہوتا اور علیم کو خبر بھی ہو جاتی تو جب وہ مجھے خبردار کرتا تو تیندوا اس کی آواز سے گھبرا کر بھاگ جاتا۔

میں نے مسلسل انکار کیا مگر علیم کی تجویز سے مجھے ایک خیال سوجھا۔ اگر میں خود ہندوستانی لباس پہن کر قبر پر بیٹھ جاتا تو تیندوے کو کوئی فرق نہ محسوس ہوتا۔ مغربی لباس پہننے پر تیندوے کو اجنبیت محسوس ہو سکتی تھی۔ اس طرح کسی اور کی جان کو خطرہ نہ لاحق ہوتا۔ اگر میں تیندوے کی آمد کو نہ بھانپ سکتا تو مجھ پر اقدامِ خودکشی کا الزام بھی عائد نہ ہو سکتا کہ میں تیندوے کا لقمہ بن چکا ہوتا۔ سو میں نے علیم کو اپنا خیال بتایا تو اس نے ماننے سے انکار کر دیا۔

میں اپنا کام نکالنا جانتا ہوں اور مغرب کے وقت میں قبر کے کتبے کے پاس آلتی پالتی مار کر بیٹھ گیا۔ میں نے علیم کے میلے کپڑے پہن کر غلیظ پگڑی باندھی تھی۔ میں نے اپنے ہاتھوں اور منہ کی جلد پر کالک لیپی ہوئی تھی۔ ساتھ ہی میں نے رائفل زمین رکھ کر اس پر خشک پتے ڈال دیے تھے تاکہ آدم خور تیندوے کو دکھائی نہ دے۔ ریسٹ ہاؤس کی جانب میری پشت تھی اور میں جنگل کو تین جانب دیکھ سکتا تھا۔

جنگل میں غروبِ آفتاب کا ایک گھنٹہ اور طلوعِ آفتاب کا ایک گھنٹہ انتہائی دلچسپ ہوتے ہیں اور اس دوران ہی جنگل کے پرندوں کے نغمے زوروں پر ہوتے ہیں۔ مغرب کو دن کے پرندوں کی آواز ڈوبنے سے قبل شب بیدار پرندے بولنا شروع ہوتے ہیں اور فجر کے وقت شب بیدار پرندوں کی آواز غائب ہونے سے قبل ہی دن کے پرندے نغمہ سرائی کرنے لگتے ہیں۔

اس وقت میں پرندوں کی نغمگی سے لطف اندوز ہونے کے قابل نہ تھا۔ میرے کان قاتل کی آہٹ سننے کو بے چین تھے۔ سورج غروب ہونے کے ایک گھنٹے بعد تیندوا اپنی گشت شروع کرتا ہے۔ ’پیاری‘ کی ہلاکت بھی ایسے ہی وقت ہوئی تھی۔ شاید تیندوا ایک اور شکار کی تلاش میں آ نکلے۔ یہ سوچیں میرے ذہن میں آتی رہیں اور مجھے خطرے کا بڑھتا ہوا احساس دلاتی رہیں۔

جلد ہی تاریکی چھا گئی۔ عقب میں ریسٹ ہاؤس قریب تھا اور تاریکی میں دھبے کی مانند دکھائی دے رہا تھا۔ میرے اوپر درختوں کی پھننگوں سے تارے دکھائی دے رہے تھے۔ کچھ دور بانس کا گھنا جھنڈ آسمان کو بلند ہو رہا تھا اور بانسوں کی چوٹیاں جھکی ہوئی تھیں۔

پھر مجھے بائیں جانب سے ہلکی سی سرسراہٹ سنائی دی۔ یہ آواز مجھے دوبارہ سنائی دی جو چند فٹ دور کی جھاڑی سے آ رہی تھی۔ میں نے آنکھوں پر زور دیا مگر جھاڑی محض ایک دھبے کی مانند دکھائی دے رہی تھی۔ رائفل میرے سامنے ہی تھی سو میں نے اسے تھاما اور کندے کو شانے پر لا کر میں نے ٹارچ جلائی۔ تیز روشنی کی لکیر نے سامنے کا منظر عیاں کر دیا۔ میرے سامنے یہ آدم خور نہیں بلکہ ایک بڑا سیاہ بچھو تھا جو ہندوستان میں عموماً اور آندھرا پردیش میں خصوصاً کثرت سے ملتا ہے۔ یہ بچھو اپنا پیٹ بھرنے نکلا تھا۔

سیاہ بچھو آٹھ انچ تک لمبے ہوتے ہیں اور ان کا رنگ سیاہ کالے سے لے کر مونگیا سبز تک ہو سکتا ہے۔ اس کے جسم پر چھوٹے اور سخت بال اگے ہوتے ہیں اور سامنے والے بازو کیکڑے کی مانند بڑے اور طاقتور۔ اس کی دم کے سرے پر ڈنک ہوتا ہے۔ اس بچھو کے ڈنک سے ۲۴ گھنٹے تک شدید درد کا عذاب سہنا پڑتا ہے اور کمزور دل افراد کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

جونہی روشنی پڑی تو بچھو رک کر مجھے دیکھنے لگا۔ اس کی ننھی آنکھیں ٹارچ کی روشنی میں خوب چمک رہی تھیں۔ میں نے مٹی کا ڈھیلا اٹھا کر پھینکا تو بچھو بھاگ گیا۔ میں نے ٹارچ بجھا کر رائفل پھر اپنے سامنے رکھی اور اس پر ٹٹول کر تھوڑے سے پتے ڈال دیے اور زیرِ لب بچھو کو کوسنے لگا۔

بچھو کی وجہ سے مجھے ٹارچ جلانی پڑی اور اگر تیندوا قریب ہوتا تو میرے مقام سے آگاہ ہو جاتا اور اس کی چھٹی حس بتا دیتی کہ اس کا سامنا شکار سے نہیں بلکہ شکاری سے ہے جو اس کی جان لینے کے درپے ہے۔ سو وہ فرار ہو جاتا۔

میں نے سن رکھا تھا کہ بچھو کی دو سے زیادہ آنکھیں ہوتی ہیں۔ میں سوچنے لگا کہ اگر ایسا ہوتا تو بچھو کی دیگر آنکھیں بھی ٹارچ کی روشنی میں چمکتیں۔ اچانک مجھے بیرونی سگنل کی سمت سے ٹرین کے انجن کی سیٹی سنائی دی۔ مال گاڑی رک کر اب سیٹیاں بجانے لگی تھی۔ مجھے پہلے تو اس کی وجہ سمجھ نہ آئی کہ ڈرائیور اور دیگر عملہ زور زور سے باتیں کر رہا تھا۔ ان کی آوازوں سے لگ رہا تھا کہ جیسے وہ ہیجان کا شکار ہوں۔

اچانک مجھے وجہ سمجھ آ گئی۔ بیرونی سگنل اٹھا ہوا ہو گا کہ نندیال سے آنے والی مسافر گاڑی کا وقت ہو چلا تھا۔ یعنی اب نصف شب ہو رہی تھی۔ وقت تیزی سے گزر رہا تھا۔

انسانی آوازوں کے ساتھ ساتھ اب مجھے مسافر گاڑی کی سیٹی کی آواز بھی سنائی دینے لگی جو اب سٹیشن پر رکنے لگی تھی۔ مال گاڑی کے ڈرائیور نے سیٹی بجائی اور انجن چلایا اور گاڑی آہستہ آہستہ چلنے لگی۔ چند منٹ بعد مسافر گاڑی رفتار پکڑتی ہوئی قریب سے گزری۔

اس کے بعد مجھے توقع تھی کہ خاموشی چھا جائے گی مگر ایسا نہ ہوا۔ جلد ہی مجھے انسانی آوازیں پھر سے سنائی دینے لگیں جو بتدریج بلند ہوتی جا رہی تھیں۔ پھر مجھے کئی افراد لالٹینیں اٹھائے ریسٹ ہاؤس کو آتے دکھائی دیے۔ آدم خور کی فوری ہلاکت کے امکانات ختم ہو چکے تھے، سو میں کافی ناراض ہو کر اٹھا اور برآمدے کو چل پڑا جہاں علیم موجود تھا۔ وہاں جا کر پتہ چلا کہ سٹیشن ماسٹر، رینجر، ڈرائیور اور گارڈ کے علاوہ مال گاڑی کا ایک فائرمین بھی وہاں میرے منتظر تھے۔

ان لوگوں نے بتایا کہ جب مال گاڑی طویل سرنگ سے نکلی تو انجن کی روشنی میں پٹڑی کے کنارے پڑی ہوئی ایک مسخ شدہ انسانی لاش دکھائی دی۔ لاش کو دیکھ کر ڈرائیور نے اندازہ لگایا کہ شاید پٹڑی عبور کرتے ہوئے اس سے پہلے گزرنے والی ٹرین کی زد میں آ کر یہ آدمی ہلاک ہو گیا ہو گا۔ مال گاڑی کی رفتار کافی سست تھی، سو اس نے سوچا کہ رک کر لاش کا جائزہ لے گا تاکہ بعد میں الزام اس کے سر نہ آئے۔ ان لوگوں نے جب لاش کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ اسے کسی درندے نے مار کر کھایا ہے کہ ادھ کھائی ہڈیاں بکھری ہوئی تھیں۔

ٹرین گارڈ آ گیا تو ان لوگوں نے سوچا کہ شاید یہ لاش کسی چنچو فرد کی ہو گی کہ لاش پر محض ایک لنگوٹی تھی۔ ان لوگوں نے تیندوے کے آدم خور ہونے کے بارے میں میں سن رکھا تھا، سو ان لوگوں نے سوچا کہ وہ دِگوامیٹّا کے سٹیشن ماسٹر کو اطلاد دیتے ہیں اور وہ پھر متعلقہ حکام کو تار بھیج دے گا۔ ان لوگوں نے سٹیشن ماسٹر کو اطلاع دی جسے میری آمد کے بارے میں میں پہلے سے ہی علم تھا۔ یہ سب لوگ مل کر پہلے رینجر اور پھر مجھے بتانے آن پہنچے۔ واپس جا کر یہ لوگ تار بھیج دیتے۔

میرا اندازہ درست تھا کہ تیندوا کہیں دور ہو گا۔ شاید اس رات اس نے بنگلے کا رخ ہی نہیں کیا ہو گا۔ یہ بھی ممکن تھا کہ جب بچھو کی آواز سن کر میں نے ٹارچ جلائی تو وہ کہیں قریب ہی ہو اور ٹارچ کی روشنی دیکھ کر بھاگ گیا ہو اور فرار کے دوران اس نے چنچو کو دیکھ کر ہلاک کر دیا ہو۔ یہاں سے سرنگ کافی دور تھی اور تیندوا اتنی جلدی وہاں تک نہ جا سکتا تھا۔ شاید چنچو کو آدم خور تیندوے کے بارے میں میں کچھ علم نہ ہو کہ وہ مسافر ہو گا یا کسی وجہ سے سرنگ کے اندر سو گیا ہو کہ تیندوا یہاں نہ آئے گا۔

میں نے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں اپنی پوری کوشش کروں گا۔ جب وہ لوگ چلے گئے تو میں نے سوچا کہ شرارتی کی قبر پر بیٹھنا بیکا رہے۔ سو میں نے سوچا کہ کچھ دیر سو جاتا ہوں۔ علیم کو میں نے کہا کہ مجھے چار بجے جگا دے۔

علیم شاید سویا نہیں ہو گا کہ اس نے چار بجنے سے چند منٹ قبل ہی مجھے جگا دیا۔ پھر ہم نے چائے بنا کر پی اور ساتھ کچھ بسکٹ کھائے۔ پھر ہم لوگ ریلوے پٹڑی کے ساتھ چل پڑے۔ اگر آدم خور شیر ہوتا تو یہ کام کافی خطرناک ہوتا کہ آدم خور شیر قطار کے ہمیشہ آخری آدمی پر حملہ کرتا ہے۔ مگر تیندوا ہمیشہ اکیلے آدمی پر ہی اس کی لاعلمی میں حملہ کرتا ہے اور اگر ایک سے زیادہ آدمی ہوں تو حملہ کرنے سے گریز ہی کرتا ہے۔

پو پھٹنے والی تھی کہ ہم طویل پل پر جا پہنچے۔ یہاں ہم دس منٹ رکے تاکہ کچھ روشنی ہو جائے۔ پل عبور کرنے کے لیے ہمیں سلیپروں پر چلنا تھا۔ سلیپروں کے درمیان سے ہمیں کافی نیچے درختوں کی پھننگیں دکھائی دے رہی تھیں۔

پل عبور کرتے ہوئے کافی وقت لگا۔ پھر ہم دوسری جانب پہنچے تو سرنگ منہ پھاڑے کھڑی تھی۔ دہانے سے ذرا قبل مسخ شدہ لاش پڑی تھی جو چنچو کی تھی۔

معائنے سے پتہ چلا کہ ٹرین کی واپسی کے بعد آدم خور نے اس سے پیٹ بھرا تھا کہ لاش سے اس سے کہیں زیادہ گوشت غائب تھا کہ جس کے بارے میں میں مجھے بتایا گیا تھا۔ اس کا سر، ہاتھ اور پیر لاش سے کچھ فاصلے پر پڑے تھے۔ اب زیادہ امکان نہ رہا تھا کہ تیندوا لوٹے گا۔

ابھی ہم انہی سوچوں میں محو تھے کہ اچانک سرنگ سے زوردار آواز آنے لگی۔ یہ آواز بتدریج بڑھتی گئی۔ صبح سویرے دِگوامیٹّا والی مسافر گاڑی آ رہی تھی۔ میں نے جلدی جلدی منصوبہ بنایا اور علیم کو اپنے ساتھ رکھا۔ میں نے سرنگ کے دہانے سے چند گز دور پہنچ کر اپنے ہاتھ زور زور سے ہلانے شروع کر دیے تاکہ ٹرین کا ڈرائیور مجھے دیکھ لے۔ جلد ہی ٹرین کا انجن اور اس کا دھواں دکھائی دینے لگا۔

ٹرین کافی تیز تھی مگر ڈرائیور نے مجھے دیکھ لیا۔ اس نے بریکیں لگائیں اور میں فوراً پٹڑی سے اتر گیا۔ رکتے رکتے بھی آدھی ٹرین گزر چکی تھی۔ ٹرین کا ڈرائیور اور گارڈ دونوں اتر کر میری جانب دوڑتے ہوئے آ رہے تھے اور میں نے انہیں پوری صورتحال بتائی اور درخواست کی کہ وہ علیم کو دِگوامیٹّا کے سٹیشن ماسٹر کے پاس لے جائیں اور رینجر کو بتائیں کہ وہ پولیس کو اطلاع دے کہ رات کو اس سرنگ کی جانب کوئی آدمی آنے کی کوشش نہ کرے۔ علیم کو میں نے ہدایت کی کہ وہ دو بجے والی ڈاؤن ٹرین پر ہم دونوں کے لیے کھانا، چائے اور کمبل لے کر لوٹ آئے۔ اس طرح اس کی واپسی پر کوئی خطرہ نہیں ہو گا۔

ابھی ہم یہ بات کر رہے تھے کہ بہت سے مسافر بھی اتر کر معلومات لینے کو آن پہنچے کہ کیا ہوا ہے۔ کچھ لوگوں نے لاش دیکھنے پر اصرار کیا۔ ۱۵ منٹ بعد جا کر ٹرین اپنے سفر پر روانہ ہوئی۔ میں نے طویل پل سے ٹرین کو گزر کر موڑ پر غائب ہوتے دیکھا۔

گدھ لاش کو بہت جلدی تلاش کر لیتے ہیں۔ جونہی مجھے اپنے اوپر آسمان پر پہلا دھبہ دکھائی دیا تو دیگر دھبوں کو نمودار ہوتے زیادہ دیر نہ لگی۔ کچھ دیر بعد گدھ نیچے اترنے لگے اور آہستہ آہستہ لاش کے قریب ہونے لگے۔

میں سرنگ کے دہانے پر بیٹھا تھا اور میرے پاس پٹڑی پر بچھے پتھروں کی کوئی کمی نہ تھی۔ سو میں نے سنگ باری سے گدھوں کو دور ہی رکھا۔ اس طرح وقت گزرنے کا احساس نہ ہوا۔ جب دِگوامیٹّا کو جانے والی مال گاڑی گزری تو مجھے یقین ہے کہ نہ تو اس نے مجھے دیکھا ہو گا اور نہ ہی لاش کو، مگر ڈرائیور اتنے گدھوں کو پٹڑی کے دونوں جانب بیٹھے دیکھ کر ضرور حیران ہوا ہو گا۔

یہ پٹڑی اتنی مصروف نہیں تھی اور دو بجے تک کوئی ٹرین متوقع نہیں تھی۔ دو بجے کے بعد ٹرین سرنگ کے دہانے کے پاس آ رکی اور علیم اترا۔ اس نے چائے، کھانا اور کمبل اٹھائے ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ٹرین کا ڈرائیور، فائرمین، گارڈ اور پتہ نہیں کتنے لوگ بھی اتر آئے کہ وہ لاش دیکھنا چاہتے تھے۔ لاش سے اب تعفن اٹھ رہا تھا۔

پھر سب لوگ ٹرین پر سوار ہوئے اورمیرے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے روانہ ہو گئے۔ ایک گھنٹے بعد مال گاڑی گزری اور پھر سکون ہو گیا۔ گدھ اب لاش کا خیال چھوڑ کر اڑنے لگے۔

ہم یہاں دو جگہوں پر ہی چھپ سکتے تھے۔ پہلی جگہ تو سرنگ کا دہانہ تھا اور دوسرا مقام دہانے کے اوپر۔ پھر میں نے خود کو آدم خور کی جگہ رکھ کر سوچا کہ کون سی جگہ چھپنے کے لیے زیادہ مناسب ہو گی۔ اس علاقے میں رہنے کی وجہ سے تیندوے کو اندازہ ہو گا کہ ہر کچھ وقفے کے بعد سرنگ کے دہانے سے شور و غل کے ساتھ عجیب سی مخلوق دھواں چھوڑتی ہوئی نمودار ہوتی ہے۔ سو لاش پر پہنچنے سے قبل وہ پوری چھان بین کرے گا اور اس دوران ہمیں دیکھ لے گا۔ میں علیم کو واپس نہیں بھیج سکتا تھا، سو اسے ساتھ ہی رکھنا تھا۔ وہ نہتا گھر واپس بھی نہیں جا سکتا تھا۔

ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ ہم سرنگ کے دہانے کے اوپر پہاڑی پر ہی کہیں چھپ جائیں۔ کوشش یہی ہو کہ دہانے کے قریب ہی رہیں۔ امید تھی کہ تیندوا خوامخواہ پہاڑی کے اوپر کی جانب دیکھنے کی ضرورت نہیں محسوس کرے گا۔ سرنگ کے اوپر پہاڑی ڈھلوان تھی اور جگہ جگہ سخت گھاس اگی تھی اور اکا دکا بونے درخت بھی تھے۔ بڑے پتھر بھی بکثرت تھے جو گیند سے لے کر انسانی قد کے برابر تھے۔

ہم نے تھوڑی ہی دیر میں پتھر جمع کر کے اتنی آڑ بنا لی کہ اس کے پیچھے ہم سہولت سے چھپ کر لیٹ سکتے تھے۔ ان پتھروں کے درمیان ہم نے دو سوراخ چھوڑ دیے تھے کہ جن سے میں اور علیم نیچے کا منظر دیکھ سکتے۔ گولی چلانے کے لیے مجھے اس دیوار کے اوپر سے دیکھنا پڑتا۔ اگر میں سوراخ سے ہی رائفل کی نال نکالنے کی کوش کرتا تو پتھروں سے ٹکرانے کی آواز تیندوے کو خبردار کر سکتی تھی۔ یہاں لیٹنے کی وجہ سے ہمارے پیر سروں سے زیادہ اونچے تھے۔

ہم چار بجے کمین گاہ میں پہنچ گئے مگر دھوپ بہت سخت تھی اور زمین شدید گرم۔ ہم اپنے کمبلوں پر لیٹے رہے۔ جلد ہی پیر اونچے ہونے کا اثر ظاہر ہونے لگا۔ دورانِ خون سینے اور اوپری دھڑ میں مرتکز ہو گیا جس کی وجہ سے مجھے گھٹن ہونے لگی۔ سورج ڈوبنے تک یہ کیفیت بہت سخت محسوس ہو گئی۔ جب یہ کیفیت برداشت سے باہر ہو گئی تو میں نے تھوڑا ہلنا جلنا شروع کیا اور دیکھا کہ علیم بھی میری نقل کر رہا تھا۔ یعنی اسے بھی یہی مسئلہ تھا۔ دو ہی گھنٹوں میں ہم اتنے پریشان ہو گئے کہ اس حالت میں مزید رکنا ممکن نہ رہا۔

تاریکی چھانے لگی تھی اور چنچو کی لاش کچھ کچھ دکھائی دے رہی تھی کہ اچانک پہاڑی کے اوپر اور ہمارے عقب سے کاکڑ نے بھونکنا شروع کر دیا۔

اس کی بھونک جاری رہی مگر ایک ہی جگہ سے آواز آتی رہی۔ یعنی کاکڑ جہاں تھا، وہ مقام اس کے لیے محفوظ تھا۔ ہمارے پیچھے سے ایک مور نے آواز نکالی اور درخت سے اڑ کر دوسری جانب چلا گیا۔ اس کا رخ آبی گزرگاہ کی جانب تھا۔

پھر خاموشی چھائی رہی۔ تاریکی گہری ہو رہی تھی کہ ایک ہمارے پیچھے سے ایک جنگلی مرغی دیوانہ وار چلاتی ہوئی اڑی۔ اپنے عقب میں ہونے والی یہ سرگرمیاں میرے لیے باعثِ پریشانی تھیں۔ ہمارے پیچھے کوئی جانور تھا جو ان سب کے لیے پریشانی کا سبب تھا۔ یہ جانور شیر بھی ہو سکتا تھا اور تیندوا بھی۔ میرا شبہ آدم خور پر تھا۔

اگلے چند منٹ بعد اتنی تاریکی چھا گئی کہ چنچو کی لاش دکھائی دینا بند ہو گئی مگر ریلوے کی پٹڑی کے نیچے بچھے ہلکے رنگ کے پتھر ابھی تک دھندلے دھندلے دکھائی دے رہے تھے۔ ابھی میں اسی جانب دیکھ رہا تھا کہ میرے عقب میں ایک چھوٹا سا پتھر لڑھکا۔ آواز بہت مدہم تھی مگر میرے جنگل کے عادی کانوں نے اسے فوراً سن لیا۔

میں نے سر موڑ کر دیکھنے کی کوشش کی۔ علیم بھی پیچھے دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ میں نے سوچا کہ شاید آدم خور نیچے پٹڑی پر چل رہا تھا کہ کوئی پتھر ہل گیا ہو گا۔ میں بہت خوش ہوا کہ ہم نے سرنگ کے منہ میں بیٹھنے کی حماقت نہیں کی تھی۔

ابھی میں خوش ہو ہی رہا تھا کہ ایک اور خیال سوجھا کہ شاید تیندوا نیچے نہیں بلکہ ہمارے عقب اور اوپر سے حملہ کرنے آ رہا ہے۔ آدم خور تیندوے رینگتے ہوئے شکار کے پاس پہنچ کر اس پر جست لگاتے ہیں۔

عین اسی لمحے سرنگ کے نیچے سے زمین ہلی اور طویل چنگھاڑ سنائی دی اور پھر سرنگ کے دہانے سے ٹرین کا انجن الٹا چلتا ہوا نکلا۔ اس سے دھواں اور چنگاریاں نکل رہی تھیں۔ چونکہ انجن الٹا چل رہا تھا، سو اس کی روشنی کسی کام کی نہیں تھی۔ تیزی سے چلتا انجن جلد ہی نظروں سے اوجھل ہوا اور شور بھی غائب ہو گیا۔

 عین اسی لمحے آدم خور تیندوے نے حملہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم اس کا حملہ نیچے سے اوپر کو نہیں بلکہ اوپر اور پیچھے سے تھا۔ شاید اسے صرف ایک آدمی دکھائی دے رہا تھا کہ اس نے حملہ کرنے کا سوچا۔ اگر اسے علم ہو جاتا کہ اس کا سامنا ایک آدمی سے نہیں بلکہ دو سے ہے تو وہ بے جھجھک فرار ہو جاتا۔ عام تیندوا غراتے ہوئے حملہ کرتا ہے مگر آدم خور تیندوا انتہائی خاموشی سے آتا ہے۔

ہم نے زمین پر تیندوے کے نرم پنجوں کی سرسراہٹ سنی مگر کچھ دکھائی نہ دیا۔ عین جست لگاتے وقت اسے احساس ہوا کہ اس کے سامنے دو آدمی ہیں۔ ہم سے دو گز دور رک کر تیندوا غرایا۔ تب ہمیں معلوم ہوا کہ آدم خور ہمارے سر پر پہنچ چکا ہے۔

اس کے بعد مجھے پوری طرح یاد نہیں کہ کیا ہوا۔ علیم جست لگا کر اٹھا اور شور کرنے لگا۔ میں لوٹنیاں لگاتے ہوئے تیندوے سے دور ہوا اور ٹارچ روشن کر کے تیندوے کے منہ پر گولی چلائی۔ تیندوے نے جست لگائی اور ہمارے درمیان سے ہوتا ہوا سرنگ میں پٹڑی پر جا گرا۔

نصف شب کی ٹرین کا ڈرائیور اپنے انجن کی روشنی میں سرنگ کے دہانے پر دو بندوں کو آرام سے چائے پیتے دیکھ کر بہت حیران ہوا ہو گا۔ ہمارے درمیان تیندوے کی لاش پڑی تھی۔ تھوڑی دور چنچو کی باقیات بھی تھیں۔ شاید یہ منظر اسے کبھی نہ بھول سکے۔ تاہم اس نے تیندوے کی لاش کے ساتھ مجھے اور علیم کو بھی دِگوامیٹّا تک پہنچا دیا۔

٭٭٭

۵۔ مافوق الفطرت داستانیں

بہت سے لوگوں نے مجھ سے پوچھا ہے کہ اتنے برس جنگل میں گزارنے کے بعد میں نے کوئی مافوق الفطرت واقعات دیکھے اور آیا میرے خیال میں ان واقعات میں کوئی سچائی بھی ہے یا یہ محض تخیل کی پیداوار ہوتے ہیں۔

یہ کہنا تو ممکن نہیں کہ جنگل میں شکاری واقعات کو مافوق الفطرت واقعات سے کیسے منسلک کیا جاتا ہے۔ مجھ سے کہیں زیادہ تجربہ کار شکاریوں نے اس بارے میں میں کافی دلچسپ واقعات بیان کیے ہیں اور مجھے ان کی باتوں پر یقین بھی ہے۔ میں نے خود بھی کئی ایسے دلچسپ واقعات بیان کیے ہیں جیسا کہ کلہٹی کے فارسٹ بنگلے کے متوفی چوکیدار والا واقعہ۔ خوش قسمتی سے اس وقت میرا بیٹا ڈونلڈ بھی میرے ساتھ تھا۔ ہم دونوں نے اس چوکیدار کے بھوت کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھا حالانکہ اس کی ہلاکت گولی لگنے سے ہوئی تھی اور بہت برس قبل دفن بھی ہو چکا تھا۔

پھر کیپٹن نیڈ والا واقعہ دیکھیں کہ جس نے پرانے مندر سے ایک دیا اٹھایا تھا۔ چند دن بعد وہ بخار سے مرتے مرتے بچا اور وہ بھی اس طرح کہ اسے دیا واپس اپنی جگہ رکھنا پڑا تھا۔ اسی علاقے میں وہ لڑکی بھی رہتی تھی جس کے منہ سے رات کے کھانے کے وقت پتھر نکلتے تھے۔ میں نے اسے خود دیکھا اور پھر ایک مذہبی شخص کے ہاتھوں اسے شفا یاب ہوتے بھی دیکھا۔ ان واقعات کے بارے میں میں پہلے اپنی کتاب میں لکھ چکا ہوں۔

میں مافوق الفطرت واقعات کا ماہر نہیں اور جن معاملات سے انسان کو اچھی واقفیت نہ ہو، اس پر رائے زنی سے گریز کرنا چاہیے۔ میں اس بارے میں جنوبی ہندوستان کے لوگوں کے عقائد کے حوالے سے بات کروں گا۔ ظاہر ہے کہ میں اس بارے میں اپنی رائے نہیں دے رہا کہ میں اس کا جواب نہیں دے سکتا۔

جنوبی ہندوستان میں سب سے زیادہ اعتقاد بد روحوں کے جوڑے پر کیا جاتا ہے جو میاں بیوی سمجھے جاتے ہیں۔ مادہ بد روح کو تامل میں منی سپورم اور ملیالم میں یکشی کہا جاتا ہے۔ یہ بھی مانا جاتا ہے کہ مادہ روح انتہائی خطرناک ہوتی ہے اور دیگر خواتین کو خاص طور پر نقصان پہنچاتی ہے۔ نر روح بے ضرر مانی جاتی ہے۔ کم از کم تامل لوگ یہی سمجھتے ہیں۔ ملیالم لوگوں کے خیال میں یکشی (مادہ بد روح) اور گندھروا (نر بد روح) دونوں ہی انسان کے لیے بہت خطرناک ہوتی ہیں۔

تامل لوگ سمجھتے ہیں کہ منی سپورم (مادہ بد روح) کوئی بھی روپ اختیار کر سکتی ہے چاہے وہ انسانی ہو یا حیوانی اور اکثر دودھیا سفید یا کالے رنگ کے دھوئیں کے مرغولے جیسی دکھائی دیتی ہے۔ ملیالم لوگ سمجھتے ہیں کہ یکشی زیادہ تر نیم برہنہ خاتون کی شکل میں دکھائی دیتی ہیں جس کا اوپری دھڑ عریاں اور نچلے دھڑ پر نیم شفاف لنگی ہوتی ہے۔ ان کے لمبے اور کالے بال ان کی کھوکھلی پشت پر لہراتے ہیں کہ ان بد روحوں کی پیٹھ نہیں ہوتی۔ اکثر کہانیاں سننے کو ملتی ہیں کہ مرد یا نوجوان کو رات کے وقت یہ مخلوق ملتی ہے جو انہیں لبھا کر اپنے ساتھ لے جاتی ہیں۔ پھر یہ مخلوق اس کے سر یا پشت پر وار کرتی ہے اور آدمی خون کی الٹیاں کرتا ۲۴ گھنٹے کے اندر اندر مر جاتا ہے۔ دیگر لوگوں کو یہ مخلوقات تالاب یا کنویں پر لے جا کر اس میں دھکا دے دیتی ہیں۔

اسی طرح دو نمبودریوں (مغربی ساحل کے برہمن پجاری) کی کہانی مشہور ہے جنہیں دو یکشیاں خوبصورت لڑکیوں کے روپ میں ملی تھیں۔ پجاریوں نے ان سے بات کی تو لڑکیوں نے انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دی۔ پجاریوں کی نیت خراب ہو گئی اور انہوں نے چلنے کی حامی بھر لی۔ ان کا گھر بہت خوبصورت تھا اور دونوں لڑکیاں دونوں پجاریوں کے ساتھ الگ الگ کمرے میں چلی گئیں۔ کسی ناقابل فہم وجہ سے ایک پجاری مباشرت نہ کر سکا اور اس نے اپنے گلے میں لٹکے تعویذ کو پکڑا جو پام کے پتے پر ’نگھری‘ لفظ کی صورت موجود تھا۔

دوسرے کمرے سے ہنسی کی آواز آتی رہی اور پھر اچانک ہنسی رکی تو ہڈیاں چٹخنے کی آواز آئی۔ پہلی لڑکی نے پجاری کو نہ چھوا مگر اسے بار بار کہنے لگی کہ وہ اس تعویذ کو پھینک دے اور اس کے ساتھ ہمبستری کرے۔ مزید لبھانے کے لیے اسے اپنا عریاں جسم دکھانے لگی۔ اس پجاری کا شک پختہ ہو چکا تھا، سو اس نے تعویذ نہ چھوڑا۔

اچانک دوسرے کمرے سے ہڈیاں چٹخنے کی آواز بند ہوئی اور یہ لڑکی مشتعل ہو گئی اور پجاری کو گالیاں دینے کے بعد اس کے منہ پر تھپڑ مارا اور غائب ہو گئی۔ لڑکی کے غائب ہوتے ہی گھر بھی غائب ہو گیا اور پجاری اپنے ساتھی کی بگڑی ہوئی لاش کے ساتھ اندھیرے میں تنہا رہ گیا۔

ایک مخصوص شکل میں خون آشام مخلوق پر بھی یقین کیا جاتا ہے۔ یورپی خون آشام مخلوق انسانی خون پیتی ہے مگر ہندوستانی خون آشام مخلوق صرف رات کو دکھائی دیتی ہے اور سارا دن زمین کے اندر چھپ کر سوتی ہے۔ یہ مخلوق رات کے وقت اکیلے مرد کا پیچھا کرتی ہے اور جب مرد رکے تو وہ بھی رک جاتی ہے اور جب مرد چلنے لگے تو وہ بھی چلنے لگتی ہے۔ یہ تعاقب شکار کے گھر سے ۱۰۰ گز کی دوری تک جاری رہتا ہے اور پھر یہ مخلوق حملہ کرتی ہے۔ یہ پیچھے سے حملہ کر کے اپنے شکار کی بوٹی بوٹی کر کے اس کے گوشت سے اپنا پیٹ بھرتی ہے۔ اس سے بچاؤ کا واحد حل یہ ہے کہ ایک انتہائی مقدس لفظ پڑھ کر چاقو نکال کر اس مخلوق پر حملہ کیا جائے تو یہ مخلوق ذبح ہوتے جانور جیسی آواز نکالتی ہے۔ اس پر چاقو سے اس وقت تک وار کرتے رہنا چاہیے جب تک کہ وہ اپنے خون میں لت پت ہو کر گر نہ جائے۔ کم از کم بتایا تو یہی جاتا ہے۔

کاروبار میں کامیابی اور خوشحالی اور دولت جمع کرنے کے لیے کہا جاتا ہے کہ اگر کوئی آدمی اپنی بیوی کو کسی روح کے حوالے کر دے تو اسے یہ سب کچھ حاصل ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد میاں بیوی کو الگ رہنا ہوتا ہے اور ان کے درمیان ازدواجی رشتہ ختم ہو جانا چاہیے۔ ان کے آپس میں عام میل ملاپ اور کھانا پینا وغیرہ سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔

بیوی کو الگ گھر میں رہنا چاہیے اور ہر روز رات کو نو بجے اسے بغیر کھڑکی والے کمرے میں داخل ہو کر دروازہ اندر سے بند کر لینا چاہیے۔ پھر دھندلا سا ہیولا نمودار ہو گا جو اس مخلوق کا ہیولا ہو گا۔ یہ ہیولا عورت کے ساتھ تین بجے تک رہے گا اور پھر تین بجے وہ چلا جائے گا۔

میرے علم میں ہے کہ کئی سال قبل رنگون سے ایک یہودی خاندان آیا تھا۔ شوہر کا ہارڈویئر کا کاروبار تھا۔ اس کی ایک بیوی اور تین بچے تھے۔ ان کی شادی کو کافی عرصہ گزر چکا تھا اور کاروبار میں گھاٹا ہو رہا تھا۔ اس آدمی نے ایسی ہی ایک مخلوق سے معاہدہ کیا۔ تین بچوں کے باوجود اس کی بیوی بہت خوبصورت تھی۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ معاہدہ شروع کرنے کا خیال شوہر کا تھا کہ بیوی کا۔

اصول کے مطابق بیوی ایک اور گھر میں منتقل ہو گئی اور ہر روز نو بجے رات کو وہ بند کمرے میں چلی جاتی اور تین بجے تک وہیں رہتی۔ اس کا شوہر اور تینوں بچے دوسرے گھر میں رہتے تھے۔ سارا دن یہ ایک دوسرے کے ساتھ گزارتے تھے۔ کاروبار چمک اٹھا۔ جس چیز کو ہاتھ لگاتے، وہ سونا بن جاتی۔ پورا خاندان رنگون کے امیر ترین خاندانوں میں سے ایک بن گیا۔

ایک دن عجیب کام ہوا۔ بچے باہر گئے ہوئے تھے اور میاں بیوی گھر میں اکیلے تھے۔ پرانی عادتیں کہاں چھوٹتی ہیں۔ میاں بیوی بہک گئے۔

اس رات بیوی کے گھر میں نو بجے کے بعد شدید شور و غل ہوا۔ مخلوق انتہائی ناراض اور خفا تھی۔ اس نے بیوی کو خوب مارا اور کہا کہ پھر کبھی واپس نہیں آئے گا۔ اس کے بعد یہ مخلوق پھر نہ لوٹی۔ اس روز سے کاروبار میں گھاٹا شروع ہو گیا اور نوبت یہاں تک آن پہنچی کہ رنگون کے امیر ترین خاندانوں میں سے ایک خاندان غریب ترین خاندانوں میں سے ایک بن گیا۔

ایسی مادہ مخلوقات کے بارے میں بھی کہانیاں مشہور ہیں کہ وہ بھی رات کو انسانی شوہروں کے پاس آتی ہیں۔ آیا وہ دولت اور کامیابیاں بھی ساتھ لاتی ہیں یا نہیں، اس بارے میں کچھ واضح نہیں کہا جاتا۔

بہت مرتبہ مجھ سے کالے جادو کے بارے میں پوچھا گیا ہے کہ اس میں حقیقت بھی ہے یا محض گپ بازی۔ میرے دوستوں کے ساتھ ایسے بے شمار واقعات پیش آئے ہیں۔ میں اوسی براؤن کا واقعہ سنا چکا ہوں جس کا عینی شاہد ہوں۔

بیس سال قبل میں نے ایک ایسی حرکت کی تھی جو مجھے نہیں کرنی چاہیے تھی۔ اب یہ کہنا تو ممکن نہیں کہ آیا میں نے اس آدمی کو ناراض کیا تھا یا اس نے مجھ پر کوئی عمل کیا۔ دو ہفتے سے زیادہ ایسا ہوتا رہا کہ ہر رات کو عین تین بجے میری آنکھ کھل جاتی اور محسوس ہوتا کہ جیسے کوئی میرا گلا گھونٹ رہا ہے اور شدید خوف طاری ہو جاتا۔ پھر مجھے کمرے کے باہر کسی کے پیروں کی چاپ سنائی دیتی جیسے کوئی آدمی فوجی بوٹ پہن کر ٹہل رہا ہو۔ کئی مرتبہ میں لاٹھی یا رائفل لے کر فوراً نکلا مگر چاندنی رات میں بھی مجھے کچھ نہ دکھائی دیا اور میرے نکلتے ہی چاپ تھم جاتی۔ جونہی میں واپس اندر آتا تو چاپ شروع ہو جاتی۔ عموماً یہ چاپ دس منٹ تک جاری رہتی۔

ایک رات انتہا ہو گئی۔ میری آنکھ کھلی تو میرا سانس رکنے والا تھا۔ باہر قدموں کی چاپ سنائی دی۔ میں بندوق ہاتھ میں لے کر فوراً باہر نکلا مگر کچھ نہ دکھائی دیا۔ جونہی میں کمرے میں گھسا، چاپ پھر شروع ہو گئی۔ میں نے کھڑکی بند کر کے چٹخنی چڑھا دی۔ یہ سب عجیب محسوس ہو رہا تھا مگر میں نے اسے نظرانداز کیا اور بتی بند کر کے بستر میں جا گھسا۔

اگلے لمحے مچھر دانی سے کوئی چیز ٹکرا کر فرش پر گری۔ میں نے اٹھ کر بتی جلائی تو دیکھا کہ کیچڑ کی گیند پڑی ہوئی تھی۔ مٹھی کے برابر یہ گیند کہاں سے آئی ہو گی؟ کھڑکیاں اور دروازہ بند تھا۔ میری بیوی اور بچے دوسرے کمرے میں سکون سے سو رہے تھے۔

اس موقعے پر میں نے سوچا کہ اب اس بارے میں کچھ کرنا چاہیے۔

بنگلور میں ایک آدمی رہتا تھا جو ایسے معاملات کا ماہر سمجھا جاتا تھا۔ اس کا معاوضہ ایک روپیہ (ایک شلنگ اور چار پینس) تھا جو اسے پان کے پتے پر رکھ کر دینا پڑتا تھا۔ نہ وہ ایک روپے سے زیادہ لیتا اور نہ ہی کم۔ میں نے اس کے بارے میں کافی سنا تھا اور سمجھتا تھا کہ یہ آدمی بہت فنکار ہے۔

میں اس سے ملنے گیا۔ اس کی آنکھیں کالی بھور اور بہت بڑی تھیں اور بڑی مونچھیں رکھے ہوئے تھا۔ اس کے علاوہ ہر طرح سے عام انسان تھا۔ میں اس کے کمرے میں گیا اور ایک روپیہ پان کے پتے پر رکھ کر پیش کیا تو دل ہی دل میں خود کو چغد سمجھ رہا تھا۔

مجھے دیکھتے ہوئے اس نے نرمی سے کہا، ’تمہیں رات کو قدموں کی چاپ تنگ کرتی ہے اور ابھی حال ہی میں کیچڑ کا ڈھیلا بھی کسی نے تم پر پھینکا تھا۔ تم پر (نام لے کر اس نے بتایا) نے عمل کرایا ہے کہ تم نے اس کی بات نہیں مانی تھی‘۔

آپ کہیں گے کہ اس میں کیا کمال ہے؟ اس نے شاید میری سوچ پڑھ لی ہو یا پھر کسی قسم کا تنویمی عمل کیا ہو یا کچھ اور۔ خیر، مزید سنیے۔

اس نے کہا، ’گھر جاؤ۔ کھڑکی سے سورج طلوع ہونے کی سمت چھ قدم چلو اور پھر ایک فٹ زمین کھودو۔ جو کچھ ملے، اسے تباہ کر دو۔ پھر تمہیں کبھی مسئلہ نہیں ہو گا‘۔

میں کافی اکھڑا ہوا گھر گیا اور بیلچہ لے کر باہر نکلا تو مزید ناراض تھا۔ کھڑکی سے چھ قدم مشرق کی سمت گن کر میں نے کھدائی شروع کی۔ اب میں نہ صرف ناراض تھا بلکہ یہ بھی سوچ رہا تھا کہ میں کتنا احمق ہوں۔ مگر اچانک ایک فٹ کھدائی پوری ہوتے ہی کچھ دکھائی دیا۔ یہ مٹی سے بنی بھدی سی گڑیا تھی۔ اس کے سر پر ایک انسانی بال باندھ کر اس میں کیل گاڑی ہوئی تھی۔ کیل کی نوک پر آدھے لیموں کا خشک چھلکا تھا۔ انسانی بال میرا ہی تھا۔

میں حیران رہ گیا مگر پتلے کو جلا دیا۔ اس روز سے مجھے رات کو تین بجے سنائی دینے والی چاپ ختم ہو چکی ہے۔

اب سوچنے کی بات ہے کہ اُس آدمی کو گڑیا کے بارے میں کیسے پتہ چلا؟ اگر وہ میری سوچ پڑھ سکتا تو بھی اسے پتہ نہیں چل سکتا تھا۔ اس نے پہلے سے گڑیا وہاں دفن بھی نہیں کی ہو گی کہ اسے کیسے معلوم تھا کہ میں اس کے پاس ہی آؤں گا؟

کئی سال بعد میں نے ایک ایسے آدمی کو یہ واقعہ بتایا جو اس طرح کا علم رکھتا تھا۔ اس نے بتایا کہ گڑیا پر بندھا بال ایک طرح سے مجھے ظاہر کر رہا تھا اور سر میں گاڑی ہوئی کیل کا مطلب اس جادو کا اثر میرے ذہن پر ہونا تھا۔ اگر عامل مجھے نہ بتاتا تو کچھ ہی عرصے بعد میں پاگل ہو جاتا۔

اس پر مجھے ان معاملات میں دلچسپی پیدا ہوئی اور میں نے مزید تحقیق کرنے کا فیصلہ کیا۔ میرا مندرجہ بالا واقف کالا جادو جانتا تھا۔ میں نے اسے تنگ کرنا شروع کر دیا کہ مجھے اس بارے میں مزید بتائے اور مجھے بھی اپنے جادوگروں کے حلقے میں شامل کر لے۔ اس نے صاف انکار کیا۔

میری ایک عادت بہت سے لوگوں کو ناپسند ہے۔ وہ یہ کہ میں بہت ضدی اور مستقل مزاج ہوں۔ جتنا یہ آدمی انکار کرتا، اتنا ہی میرا اصرار بڑھتا جاتا۔ آخر اس نے مجھے چاندی کے کنگن والے سلسلے میں شامل کر دیا۔

میرے پاس یہ چاندنی کا کنگن ابھی تک موجود ہے اور میں اسے خاص مواقع پر پہنتا ہوں۔ کوئی اور اسے نہیں چھو سکتا۔ اس جماعت کے راز تو میں نہیں بتا سکتا کہ میں نے حلف اٹھایا ہوا ہے مگر آپ کو اس کے خدوخال بتا دیتا ہوں۔

سب سے پہلے انتہائی پرانے قبرستان جانا ہوتا ہے۔ جتنا پرانا ہو گا، اتنا ہی بہتر ہو گا۔ یہ چکر اماوس کی رات کو لگے گا۔ اس آدمی کو اکیلا قبرستان جانا ہو گا اور اس کے پاس ایک کالا مرغا اور ایک چاقو ہو گا تاکہ اسے ذبح کر سکے۔ اگر اس میں مرغ ذبح کرنے کی ہمت نہیں تو پھر اپنے ساتھ ایک کلو سور کی انتڑیاں اور کلیجی لے کر جائے۔

جب وہ قبرستان میں داخل ہو تو اگر بتیاں وغیرہ جلا کر مختصر سی پوجا کرے اور پھر مرغا ذبح کر کے اس کے ٹکڑے ٹکڑے کرے۔ اگر اس نے سور کی انتڑیاں اور کلیجی اٹھائی ہوئی ہے تو پھر اس کے ٹکڑے ٹکڑے کرے۔ پھر پیچھے مڑ کر دیکھے بغیر قبرستان میں چلنا شروع کرے اور غلیظ ترین زبان استعمال کرتے ہوئے ایک ایک ٹکڑا اپنی پشت کی جانب پھینکتا جائے۔ اس بات کی پابندی نہیں کہ کون سی زبان بولی جائے۔ ’یہ لو ۔۔۔ اور کھاؤ‘۔ اس طرح بد روحیں اس کی جانب متوجہ ہوں گی۔

پھر یہ آدمی گھر واپس جائے اور ایک اور پوجا کرے جس کے بعد بد روح اس کی غلام ہو جائے گی۔

آپ نے ہندوستان کے جوگیوں وغیرہ کی کرامات سنی ہوں گی کہ وہ ہوا سے کسی بھی قسم کا پھل، پیسے، مٹھائیاں یا مخصوص ادویات پیدا کر دیتے ہیں۔ یہ سب کام ایک مخصوص قسم کی مخلوق کے ذریعے ہوتا ہے جسے ’کتی شیطان‘ کہا جاتا ہے۔ اس مخلوق کے ساتھ عامل کا تعلق برابری کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ دونوں زندگی بھر کے لیے ایک دوسرے سے منسلک ہو جاتے ہیں۔ ملیالم اور تامل میں ’کتی‘ کا مطلب چھوٹا ہے اور ہندی اور اردو میں ’شیطان‘ کا مطلب شیطان ہی ہے۔ سو یہ لفظ چار زبانوں کا مجموعہ ہے۔ یہ مخلوق غیر مرئی ہوتی ہے مگر ننھے سے حبشی کی شکل اختیار کر سکتی ہے جو تین یا چار انچ اونچا ہوتا ہے تاکہ انسان کو دکھائی دے سکے۔

اس مقصد کے لیے رات کو بالخصوص اماوس کی رات کو بارہ بجے کے بعد بھینسوں کے باڑے میں جا کر عامل کو چھپ جانا چاہیے۔ پھر اسے بھینسوں کی پشت پر کوئی ننھی سی چیز بھنبھناتی ہوئی دکھائی دے گی جیسے کوئی بڑا پتنگا ہو۔ مگر اس کے پر نہیں ہوں گے۔ یہ ایک بھینس کی پشت پر ناچتے ہوئے گم ہو کر دوسری بھینس کی پشت پر جا نمودار ہو گا۔ بھینسیں اس کے وجود سے بے خبر رہیں گی۔

یہی کتی شیطان ہیں اور یہ ان کا اصل ماحول ہے۔ اگر عامل اس حد تک رہے تو سب ٹھیک رہے گا۔ اگر عامل نے اس مخلوق کو قابو کر کے اس کی مدد سے ہوا سے چیزیں پیدا کرنا کی نیت کی ہے تو پھر وہ آگ سے کھیل رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسے کتی شیطان کو اپنے اندر حلول کرنا ہو گا۔ اس مقصد کے لیے اسے کتی شیطان سے معاہدہ کرنا ہو گا کہ وہ ایک دوسرے سے زندگی بھر کے لیے منسلک ہو جائیں گے۔ یہ معاہدہ کرنا انتہائی سہل مگر ختم کرنا لگ بھگ ناممکن ہے۔

اس مقصد کے لیے عامل کو چاہیے کہ وہ بھینسوں کے قریب جائے اور ایسے اشارے کرے جیسے وہ ’کتی شیطان‘ کو پکڑنا چاہتا ہے۔ ظاہر ہے کہ وہ پکڑ تو نہیں سکتا مگر مقصد ظاہر کرنے کے لیے یہ حرکت کرنی ہو گی۔ اس کے ساتھ اسے اپنے ذہن میں مستقل یہ سوچ رکھنی ہو گی کہ وہ ’کتی شیطان‘ کو پکڑ کر اپنے قابو میں لانا چاہتا ہے۔ بعض اوقات اسے فوراً جواب مل جاتا ہے تو کئی بار اسے دوسری یا تیسری کوشش میں جواب ملتا ہے۔ یہ جواب عموماً خیال خوانی کی شکل میں ہوتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہو گا۔ عموماً یہ خیال کالے رنگ کی گڑیا کو بنانے یا خریدنے سے متعلق ہوتا ہے جسے عامل اپنے گھر میں میز یا الماری میں رکھے گا اور روزانہ اس کی پوجا کرے گا اور اگر بتیاں وغیرہ جلائے گا۔ یہ گڑیا ’کتی شیطان‘ کو ظاہر کرے گی اور اس عمل کے بعد دونوں کا معاہدہ ہو جائے گا اور ایک دوسرے کی بات ماننے پر مجبور رہیں گے۔

عامل اب کتی شیطان سے کوئی بھی فرمائش کر سکتا ہے مگر اسے مطلوبہ چیز خاص عرصے مثلاً ایک یا دو ماہ بعد لوٹانی ہو گی۔ مگر وہ مفت میں کوئی چیز نہیں لے سکتا۔ کتی شیطان اس کے لیے پیسے، سردرد کی دوا، سیب، پکا ہوا کھانا یا گاڑی کے لیے پیٹرول بھی لے کر آ سکتے ہیں۔ مگر ہر چیز کو مطلوبہ وقت میں واپس لوٹانا ہو گا۔ بصورتِ دیگر اسے خمیازہ بھگتنا ہو گا۔

کتی شیطان ایک کام مفت کرتے ہیں۔ وہ اپنے عامل کو پیش آنے والے خطرے کے بارے میں پیشگی آگاہی دے دیتے ہیں اور اسے بچانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ عامل کی زندگی مختصر ہو جاتی ہے۔ اسے رات کو شاید ہی سونے کا موقع ملے ، کسی عورت سے ازدواجی تعلقات نہیں رکھ سکتا، دولت نہیں جمع کر سکتا مگر اپنے گزارے کے لیے معقول رقم خرچ سکتا ہے، اپنے خاندان سے خوشگوار تعلقات نہیں رکھ سکتا، ہمیشہ اسے خانہ بدوش اور بے چین رہنا ہو گا اور زیادہ دیر ایک جگہ ٹک نہیں سکے گا۔

چاندی کے کنگن والے سلسلے کا رکن ہونے کی وجہ سے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کالا جادو انتہائی دلچسپ شعبہ ہے مگر اس میں مہارت کے لیے انتہائی مشقت اور بے رحمی لازم ہے۔

میرا ایک اچھا دوست ہے جو فوج کا ریٹائر ڈاکٹر اور کرنل ہے۔ اس نے دوسری جنگِ عظیم فوج میں ہی گزاری تھی۔ اس نے مجھے ایک بار سچی کہانی سنائی۔ جب وہ مدراس میں متعین تھا تو اس کی ملاقات دو بھائیوں سے ہوئی جن کے نام محمد بے اور علی بے تھے۔ دونوں مصری تھے۔ اس کی دوستی محمد بے سے ہو گئی اور کچھ عرصے بعد پتہ چلا کہ یہ دونوں بھائی جادوگر ہیں اور مصر سے یہ جادو سیکھ کر آئے تھے۔

جب ڈاکٹر کو یہ پتہ چلا تو اس نے مذاق میں کہا، ’یار کسی وقت مجھے کوئی روح تو دکھاؤ۔ میں بڑے عرصے سے روح دیکھنے کو ترس رہا ہوں‘۔

علی بے نے سنجیدگی سے جواب دیا، ’نہ صرف میں تمہیں روح دکھاؤں گا بلکہ اسے تمہارا غلام بنا دوں گا۔ اس سے جو چاہے کام لیتے رہنا۔ یہ تمہارے لیے خوش بختی کا سبب بنے گی۔ مگر یاد رکھو کہ اس سے کسی کو نقصان نہ پہنچانا اور نہ ہی کوئی غلط کام لینا۔ ورنہ یہ روح تمہارے خلاف ہو جائے گی اور تمہاری موت عبرتناک ہو گی۔ کیا خیال ہے؟‘

ڈاکٹر نے ہنس کر جواب دیا، ’وعدہ رہا۔ یہ تو بہت اچھا ہو گا‘۔

محمد بے نے ڈاکٹر سے پین اور کاغذ لے کر اس پر کچھ لکھنا شروع کیا۔ ڈاکٹر نے مجھے یہ کاغذ دکھایا تھا جس پر مصری محمد بے نے بیس برس قبل یہ نقش بنایا تھا۔ اس کی نقل یہ رہی اور یہ نقش کاغذ پر لکھ کر اپنے پاس جیب میں رکھنا ہو گا:

’اہ، اہ، شرحیل و برہودے و نوداجو و اسکیرہ اف الوئی ایہول کدھامو ما امورو بی ہی میت شین ہتھل کگادی بی ہقی شرحیل اس فر یا روح (۳ بار) ثا ال (۳ بار) بل امورو (۷ بار)‘۔

اس عمل کا آغاز شمال کی جانب منہ کرنے سے ہوتا ہے۔ پھر دائیں مڑ کر مشرق کو منہ کریں اور مندرجہ بالا الفاظ ۷ مرتبہ پڑھیں۔ پھر دوبارہ شمال کو منہ کر کے پھر بائیں مڑ کر مغرب کو منہ کر کے ۷ مرتبہ یہ پڑھیں۔ پھر دوبارہ شمال کو منہ کر کے پھر دائیں جانب سے جنوب کو مڑیں اور پھر ۷ مرتبہ پڑھیں۔ پھر دوبارہ شمال کو منہ کر کے مزید ۷ مرتبہ یہ الفاظ پڑھیں۔ جب یہ چاروں سمتیں پوری ہو جائیں تو جس قبرستان کا آپ نے انتخاب کیا ہے، اس کو منہ کر کے ۲۱ مرتبہ یہ الفاظ پڑھیں۔ پھر آہستہ سے سانس کھینچتے ہوئے اپنا سانس کچھ دیر روک کر پھر تین وقفوں میں نکالیں اور پھر روح سے جو نیک کام لینے مقصود ہوں، ان پر توجہ مرکوز رکھیں اور یہ بھی کہ آپ اس روح کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

یہ عمل ۲۲ روز تک اس طرح کیا جائے کہ تئیسواں روز منگل یا جمعہ بنے اور اسی روز قبرستان جانا ہو گا۔ عمل کا آغاز اس طرح ہو کہ بائیسواں دن یا تو پیر کا بنے یا پھر جمعرات کا۔ اگلا دن منگل یا جمعہ کا ہو گا تاکہ اس روز قبرستان جا سکیں۔

اور یہ نقش کسی کاغذ پر اتار کر کاغذ موڑ کر کسی ہار میں یا بٹوے میں رکھا جائے:

محمد بے نے کہا، ’میں نے تمہاری آسانی کی خاطر رومن عرب الفاظ میں لکھ دیا ہے تاکہ تم آسانی سے پڑھ سکو۔ مزید ہدایات انگریزی میں ہیں اور ان پر حرف بحرف عمل ہونا چاہیے‘۔

‘آخری روز شام کو گلاب کا ایک بڑا ہار بنواؤ اور نصف شب سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل نہا کر سفید رنگ کا لباس پہن لو۔ میں ساڑھے گیارہ بجے آؤں گا۔ اور ہاں، آخری روز تم نے روزہ رکھنا ہے۔ صبح اور شام دودھ کا ایک گلاس پینے میں کوئی حرج نہیں۔ اس سے زیادہ نہ کچھ کھانا ہے اور نہ ہی پینا ہے‘۔

پھر اس نے کیلنڈر پر پنسل کی مدد سے اس نے دنوں کا حساب لگانا شروع کیا اور پھر ایک خاص دن اور تاریخ کو پکا کر دیا۔

پھر وہ ڈاکٹر سے بولا، ’تیار رہنا‘۔

ان ہدایات پر مِن و عَن عمل کیا گیا مگر اس دوران محمد بے یکسر غائب رہا۔ تیسرے ہفتے کے اختتام پر ڈاکٹر کو یقین ہو چکا تھا کہ محمد بے جان بوجھ کر اس سے گریز کر رہا ہے۔ شاید محمد بے مذاق کر رہا ہو۔

آخری دن آن پہنچا۔ گلاب کا ہار شام کو تیار تھا۔ ساڑھے دس بجے ڈاکٹر نے غسل کر کے سفید رنگ کا دھلا ہوا لباس پہن لیا۔ اندر ہی اندر وہ خود کو احمق سمجھ رہا تھا۔

عین ساڑھے گیارہ بجے رات کو اس کے گھر کے سامنے ایک کار آن کر رکی اور محمد بے اترا۔ اس نے بھی سفید کپڑے پہن رکھے تھے۔

اس نے مختصراً ڈاکٹر سے کہا، ’ہار لاؤ۔ ہمیں نصف شب کو پہنچنا ہے‘۔

ڈاکٹر کو یاد نہ تھا کہ کہاں جانا ہے۔ مگر اس نے ہدایات پر عمل کیا۔ یہ لوگ ہار اٹھائے ۱۵ منٹ میں قبرستان پہنچ گئے۔ پھر یہ لوگ گیٹ سے اندر داخل ہوئے۔ تاریکی گہری تھی اور تاروں کی چھاؤں میں کچھ نہ کچھ دکھائی دے رہا تھا۔ قبرستان میں گھس کر محمد بے کچھ دیر رکا۔ پھر اس نے کچھ دور قبروں کا رخ کیا جیسے کسی خاص قبر کو تلاش کر رہا ہو۔ پھر اس نے ایک قبر دیکھی جس پر پتھر کی سل رکھی تھی اور گول کتبہ تھا۔ اس سے زیادہ تاریکی میں کچھ نہ دکھائی دیا۔

محمد بے بولا، ’ہار کو کتبے پر رکھ دو اور خود پائنتی کھڑے ہو کر ہاتھ سینے پر باندھ لو۔ میں تمہارے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ کچھ بھی ہو، گھبرانا نہیں۔ مجھ پر بھروسہ رکھنا۔ اب ہمیں نصف شب کا انتظار کرنا ہے‘۔

چند منٹ بعد دور سے گھنٹے نے بارہ بجنے کا اعلان کیا۔ محمد بے چند منٹ مزید خاموش کھڑا رہا۔ پھر اس نے کسی نامعلوم زبان میں گانا شروع کر دیا۔ ڈاکٹر نے سوچا کہ شاید عربی میں گا رہا ہو۔ الفاظ نغمے سے مشابہ تھے اور محمد بے جیسے حال میں آ گیا ہو۔

کچھ دیر تک یہ سلسلہ چلا اور پھر جیسے کچھ گڑبڑ ہوئی ہو۔ محمد بے کا گانا رک گیا اور پھر اس نے غصے میں کچھ کہنا شروع کر دیا۔ پھر وقفہ اور پھر محمد بے کے غصے والے الفاظ۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ کسی نادیدہ آدمی سے بات کر رہا ہو۔ ڈاکٹر کو دوسرے آدمی کی آواز نہ سنائی دی۔

محمد بے کا جوش بڑھتا گیا۔ اس نے ہاتھ لہرا کر جیسے گالیاں دینا شروع کر دیں۔ اگلے لمحے وہ ایسے گرا جیسے کٹا ہوا شہتیر گرتا ہے۔ اس کا جسم تڑپ رہا تھا اور حلق سے عجیب آوازیں نکلنے لگیں جیسے اس کا گلا گھونٹا جا رہا ہو۔ ڈاکٹر گھبرا کر بھاگنے کو تیار ہو گیا۔

اچانک اس کی تربیت اس کے کام آئی۔ ڈاکٹر ہونے کی وجہ سے اس نے سوچا کہ شاید محمد بے پر مرگی کا یا دل کا دورہ پڑا ہو گا۔ یہ اس کی ذمہ داری تھی کہ وہ محمد بے کی مدد کرتا۔ ویسے بھی اگر محمد بے مر جاتا اور لوگوں کو پتہ چلتا کہ ڈاکٹر اس کے ساتھ آیا تھا تو الٹا ڈاکٹر پر قتل کا مقدمہ چلتا۔

سو اس نے لپک کر محمد بے کے جسم کو پکڑا جو مسلسل تڑپ رہا تھا اور عجیب عجیب آوازیں نکال رہا تھا۔

ڈاکٹر قسم کھاتا ہے کہ محمد بے کو جیسے کوئی غیر مرئی قوت نیچے دبائے ہوئے ہو اور ڈاکٹر اسے اٹھانے میں ناکام رہا۔ پھر محمد بے نے رک رک کر کہا، ’ہار، مجھے گلاب کا ہار دو‘۔

ڈاکٹر نے اسے چھوڑ کر کتبے سے ہار اتارا اور اسے دے دیا۔ محمد بے کا دورہ جاری تھا۔ اسی دورے کی حالت میں اس نے ہار توڑا تو ہار کے ٹوٹتے ہی جیسے صورتحال اس کے قابو میں آ گئی ہو۔

آخرکار محمد بے اٹھا اور اس کے ماتھے کے زخم سے خون بہہ رہا تھا۔ شاید نیچے گرتے وقت اس کا ماتھا قبر کے پتھر سے ٹکرایا ہو گا۔

اس نے ہانپتے ہوئے کہا، ’سب ٹھیک ہو گیا ہے۔ مگر کار کو چلو۔ میں تمہیں وہیں سب بتاؤں گا‘۔

دونوں لشتم پشتم گاڑی کو پہنچے اور ڈاکٹر کے گھر کو روانہ ہو گئے۔ ڈاکٹر نے انتظار کیا اور پھر کچھ دیر بعد محمد بے بولا۔

’روح آ گئی تھی بلکہ ایک نہیں کئی روحیں تھیں۔ انہوں نے انتہائی خوفناک جانوروں کی شکلیں اختیار کی ہوئی تھیں۔ وہ سب تمہاری غلام بننے کو تیار تھیں۔ میں نے واضح کیا کہ ایک روح کافی ہے اور وہ بھی انسانی شکل میں چاہیے۔ ان سب نے اصرار کیا کہ وہ انہی جانوروں کی شکل میں ہی اور سب مل کر تمہاری غلامی کریں گی۔ جب بحث شروع ہوئی تو انہوں نے مجھے گرا کر میرا گلا دبانا شروع کر دیا۔ اگر تم ہار مجھے نہ دیتے تو میں مر چکا ہوتا‘۔

آپ کہیں گے کہ محمد نے خوب فنکاری دکھائی۔ ماتھے کا زخم محض اتفاقی ہو گا یا شاید اس نے خود ہی نقلی خون لگا لیا ہو۔

ایسا ممکن تو ہے۔ مگر یاد رکھیں کہ محمد بے نے ڈاکٹر سے نہ تو پیسے مانگے تھے اور نہ ہی کچھ اور۔ الٹا اس نے خود ہی روح دینے کا وعدہ کیا تھا۔ پھر وہ یہ فنکاری کیوں دکھاتا؟

ہندوستان میں بالعموم اور مغربی ساحل پر بالخصوص مختلف خاندان سمجھتے ہیں کہ ان پر مختلف دیویوں کا سایہ ہوتا ہے۔ یہ جن، بد روحیں یا دیوتا نہیں ہوتے۔ ان کو غیر مرئی مخلوق مانا جاتا ہے اور ہر مخلوق کی اپنی مخصوص خوشبو ہوتی ہے جو کسی بھی پھول کی عدم موجودگی میں بھی صاف محسوس ہوتی ہے۔ میں نے بہت مرتبہ بہت جگہوں پر یہ خوشبو سونگھی ہے حالانکہ وہاں کسی قسم کا پھول ہونا ممکن ہی نہیں تھا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ غیر مرئی مخلوقات خوشبوؤں کو لاتی ہیں۔

اماوس کی رات یعنی نئے چاند سے قبل کی رات کو عام طور پر کالے جادو کے لیے مخصوص سمجھا جاتا ہے اور انہی راتوں کو ہی یہ خاندان ان مخصوص خوشبوؤں کو زیادہ محسوس کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھاری زنجیروں کے گھسیٹنے کی آواز آتی ہے یا جیسے چوڑیاں کھنکھنا رہی ہوں جو مادہ مخلوق کو ظاہر کرتی ہے۔ زیادہ طاقتور مخلوق کی موجودگی کی آواز ایسے سنائی دیتی ہے جیسے کوئی متواتر چٹکی بجا رہا ہو یا جیسے قدموں کی بھاری چاپ ہو۔

روحوں کی موجودگی اور جادو وغیرہ کے بارے میں ہندوستان کے لگ بھگ سبھی مذاہب میں تذکرہ ملتا ہے۔ میرے خیال میں تمام مکاتیبِ فکر کی ابتدا خالص اور الوہی تھی: ان میں ہندومت، بدھ مت، اسلام اور عیسائی، سبھی کسی نہ کسی برتر ہستی کو مانتے ہیں۔ مگر مذہبی رہنماؤں، توہمات اور جادو وغیرہ نے ان کے ساتھ مل کر مذہب کو انتہائی عجیب شکل دے دی ہے اور اکثر یہ اصل تعلیمات کے منافی دکھائی دیتے ہیں۔

ہندوستان میں عیسائی ہونے والے افراد چاہے وہ رومن کیتھولک ہوں یا پروٹسٹنٹ، دونوں میں ہی مذہب، توہمات اور جادو ٹونے کا عجیب امتزاج دکھائی دیتے ہیں۔ بدقسمتی سے زیادہ تر مذہبی سرکردہ افراد اپنے پیروکاروں کو اپنا مطیع و فرمانبردار بنائے رکھنے کے لیے انہیں جہنم کی آگ سے اتنا زیادہ ڈراتے ہیں کہ مذہب کی اصل شکل چھپ جاتی ہے۔

سینٹ انتھونی کو ہر جگہ انتہائی مہربان شخص کے طور پر جانا جاتا ہے مگر ہندوستان میں سینٹ انتھونی کے نام سے دعا مانگ کر کسی بھی شخص سے بدلہ لیا جا سکتا ہے۔ مطلوبہ آدمی کو تکلیف، مرض اور عبرتناک موت دینے کے لیے سینٹ انتھونی کا سہارا لیا جاتا ہے۔ سینٹ انتھونی کے حوالے سے گمشدہ اور چوری مال کی برآمدگی کرائی جاتی ہے اور چور پر سخت مصیبت لانے کے لیے بھی اسی ولی کو وسیلہ مانا جاتا ہے۔ کئی بار تو اس ولی کے توسط سے چور پر جو سزا لاگو کرنے کی کوشش کی جاتی ہے وہ اصل جرم سے کہیں زیادہ گھناؤنی ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر آدھا کلو چاول کی چوری پر چور کے لیے ہیضہ یا طاعون آنے کی دعا مانگی جاتی ہے۔

میری ملازمہ رومن کیتھولک بنی ہے مگر سینٹ انتھونی کے توسط سے مندرجہ ذیل طریقے سے چوری ہونے والی چیز برآمد کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ سب سے پہلے تو سائل کو غسل لینا ہوتا ہے۔ غسل کے بعد وہ سینٹ انتھونی کے مجسمے کو (اگر مجسمہ نہ ہو تو فریم شدہ تصویر) پانی میں نہلائیں۔ اگر پانی کی جگہ دودھ استعمال ہو تو اور بھی فائدہ ہوتا ہے۔ یہ کام منگل کے روز مغرب کے وقت ہونا چاہیے۔ اس کے بعد مجسمے یا تصویر کے چاروں کونوں پر چار موم بتیاں جلائی جائیں۔ اس کے بعد اگر بتیاں جلا کر پھولوں کا نذرانہ پیش کیا جائے۔ پھر رومال کے ایک کونے میں ایک چھوٹا سکہ باندھ کر تصویر کے اوپر یا مجسمے کے قدموں میں رکھ دیا جائے۔

پھر مطلوبہ مال یا رقم کی برآمدگی اور چور پر سخت سزا لانے کے لیے دعا مانگی جاتی ہے۔ اس کے بعد منت مانی جاتی ہے کہ اگر دعا پوری ہوئی تو ۱۳ فقیروں کو خیرات دی جائے گی۔ یہ خیرات پیسوں کی شکل میں بھی ہو سکتی ہے اور کھانے یا کپڑے کی شکل میں بھی۔ یہ دعا ہر روز مغرب کے وقت ۱۳ روز تک مانگی جاتی ہے۔ یہ مانا جاتا ہے کہ چھوٹی موٹی دعا تو ۸ روز میں ہی پوری ہو جاتی ہے جبکہ زیادہ قیمتی چیز کے معاملے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے مگر ایک ماہ سے پہلے ہی یہ دعا پوری ہو جاتی ہے۔

اگر سخت محنت کی کمائی سے خریدے جانے والے زیورات ہوں یا کچھ اور، اس کے لیے ۱۳ روز تک مغرب کے وقت سینٹ انتھونی کے مجسمے یا تصویر کے سامنے ایک موم بتی جلانا کافی رہتا ہے۔

ہندوستان کے کچھ علاقوں اور سابقہ حیدرآباد ریاست میں بالخصوص سینٹ انتھونی کے حوالے سے زیادہ یقین رکھا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں مجسمے کے پیروں پر دھاگہ باندھ دیا جاتا ہے کہ سائل تب تک سینٹ انتھونی کو نہیں جانے دے گا جب تک اس کی خواہش پوری نہیں ہو جاتی۔ سب سے دلچسپ کام میں نے قاضی پت میں رہنے والے ایک سابقہ فوجی اور اینگلو انڈین آدمی کے حوالے سے دیکھا۔ جب مطلوبہ دورانیے میں اس کی دعا پوری نہ ہوتی تو وہ سینٹ انتھونی کے بت کو املی کے درخت سے باندھ کر اس پر وقتاً فوقتاً مرچوں کا پانی اور دیگر تکلیف دہ مرکبات چھڑکتا۔ وجہ یہ بتائی جاتی کہ جب سینٹ انتھونی کو تکلیف دی جائے گی تو وہ زیادہ جلدی دعا پوری کرے گا۔ جب خواہش پوری ہو جاتی تو اس کے مجسمے کو اندر لا کر دودھ وغیرہ سے نہلا کر اونچی جگہ رکھ دیا جاتا۔

مقدس مریم کے مجسمے اور تصویروں کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی سلوک ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے جمعرات کو عمل شروع کیا جاتا ہے اور آٹھ دن تک عمل جاری رہتا ہے۔

قدیم برطانوی طریقہ کے مطابق قینچی سے مجرم کی شناخت کا طریقہ بھی ہندوستان میں کافی مقبول ہے۔ اگر بتیوں پر تسبیح کو اس طرح لٹکانا کہ صلیب اگر بتی کے سلگتے ہوئے سرے کے عین اوپر ہو تو کہا جاتا ہے کہ مجرم کے نام پر صلیب ہلتی ہے۔

ہندوستانی عیسائی جن قبرستانوں میں دفن ہوتے ہیں، وہاں ان کے رشتہ دار مخصوص دنوں میں مردوں کے لیے دودھ اور خوراک وغیرہ لا کر رکھتے ہیں تاکہ ’لمبے سفر‘ پر جانے والے لوگوں کو توانائی ملتی رہے۔

ان باتوں کا تذکرہ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ جان سکیں کہ ہندوستان میں عیسائیت کے ساتھ کتنی مقامی روایات اور توہمات مل چکی ہیں۔ غیر مرئی مخلوقات پر یقین ہو یا دیگر توہمات، یہاں کے تمام مذاہب اور معاشروں میں سرایت کر چکی ہیں۔ اونچی ذات کے ہندو اس معاملے میں دو ہاتھ آگے ہیں۔ پیدائش کے وقت بچے کا زائچہ بنوانا اہم ترین کام سمجھا جاتا ہے کہ اس کا تعلق نہ صرف دیگر امورِ زندگی بلکہ شادی بیاہ سے بھی ہوتا ہے کہ دلہا دلہن شادی سے قبل شاید ہی ایک دوسرے کو دیکھ پاتے ہوں۔ اس کے علاوہ تقویم یا کیلنڈر کے ہر دن پر نشان درج ہوتا ہے کہ آیا یہ دن مبارک ہو گا یا نحس۔ نحس دن پر شاید ہی کوئی ہندو گھر سے دور جانے کا سوچے یا کوئی کاروباری سودا کرے۔ وہ انتظار کرتا ہے کہ مبارک دن آئے تو وہ اس کام کو سرانجام دے۔ جب مطلوبہ دن آئے گا تو اسے اپنی کامیابی کا سو فیصد یقین ہو گا۔ جنسِ مخالف کو رجھانے والی طلسمی انگشتری بنانی ہو تو اس کا طریقہ کار لکھ دیتا ہوں۔ اس طریقہ کار کو پانے میں مجھے بہت مشکلات اٹھانی پڑیں۔ ایک بات یاد رہے کہ اس میں استعمال ہونے والے منتر آپ کو سیکھنے پڑھیں گے۔ مگر اسی وجہ سے اس کی اہمیت اتنی ہے کہ اس کو پانے میں بہت محنت لگتی ہے۔ میں ابھی تک ان منتروں کی تلاش میں ہوں مگر کوئی بھی یہ منتر مجھے بتانے کو تیار نہیں مبادا کہ میں ایک بار سن کر ہی ان کو یاد کر لوں۔

اس مقصد کے لیے آپ کو درمیانی جسامت کا میٹھے پانی کا کچھوا لینا ہو گا جس کا رنگ شوخ ہو۔ یہ کام زیادہ مشکل نہیں کہ ایک روپے میں کوئی بھی کچھوا پکڑ کر لے آئے گا۔ میٹھے پانی کے کنوؤں کے پاس یہ کچھوے عام ملتے ہیں۔

زندہ کچھوا مل جائے تو پھر حلوہ کدو یعنی پیٹھے کے کچھ بیج لیں جو اچھی طرح خشک ہوں تاکہ انہیں اگنے میں کوئی مشکل نہ پیش آئے۔ یہ بیج عام مل جاتے ہیں۔ نہ بھی ملیں تو آپ پینٹھا لے کر اس کے بیجوں کو خشک کر سکتے ہیں جس پر وقت لگے گا۔

اب آپ کچھوے کو کینچوا یا چھوٹا مینڈک دکھا کر لبھائیں تاکہ وہ اپنا سر خول سے باہر نکال کر اسے کھانے کی کوشش کرے۔ جونہی اس کا سر پوری طرح باہر نکلے، تیز چاقو سے اس کا سر قلم کر دیں۔ کوشش کریں کہ یہ وار گدی پر ہو تاکہ ساری گردن بچ جائے۔ جب کچھوا پوری طرح مر جائے تو اس کی گردن میں پیٹھے کے چھ بیج گاڑ دیں۔ پھر کچھوے کو اس طرح مٹی میں گاڑیں کہ وہ دم کے بل جیسے کھڑا ہو۔ اس کی کٹی ہوئی گردن پر کم از کم دو انچ جتنی مٹی آ جائے۔ ہر روز اس مقام پر پانی دیتے رہیں۔

کئی بیج اگ آئیں گے۔ ان میں سب سے بہترین کونپل کو چنیں اور جب اس پر دوسری شاخ نمودار ہو تو اسے جڑ سے اکھاڑ لیں۔ اس کی جڑوں کو صاف کر کے اسے کسی انگوٹھی کے نگینے کے نیچے والی خالی جگہ میں دبا دیں۔ یاد رہے کہ تمام پودا اس انگوٹھی میں سما جانا چاہیے۔

اس بارے میں کوئی بھی انگوٹھی چل جائے گی مگر بہتر ہے کہ چاندی یا تانبے کی ہو۔ پودا رکھنے کی جگہ آپ کو پہلے سے بنا کر رکھنی ہو گی۔

جب پودا سما جائے تو اس پر موم یا کوئی ایسا مادہ لگا دیں جو خشک ہونے پر سخت ہو جائے۔ یاد رہے کہ اگر آپ سنار سے یہ کام کرائیں گے تو سنار اس انگوٹھی میں پودا بند کرنے کی خاطر اسے گرم کرے گا جس کی وجہ سے اندر موجود پودا جل جائے گا۔

جب یہ انگوٹھی پوری طرح تیار ہو جائے تو اگلا چاند نکلنے والے روز استعمال کرنی ہوتی ہے۔ اس سے ایک رات قبل نصف شب کو جب اماوس کی رات ہو تو مخصوص منتر کو گیارہ بار پڑھیں تو انگوٹھی اپنا کام دکھانے کو تیار ہو جائے گی۔ یہ انگوٹھی تا عمر کام دیتی رہے گی۔

اس موضوع کو تمام کرنے سے قبل میں اپنا ایک واقعہ بتاتا ہوں جو چیتل درگ میں پیش آیا تھا۔ یہ علاقہ کبھی شیروں کے لیے مشہور تھا۔ یہ مقام ریاست میسور میں شموگا کے ضلع میں تھا۔ چیتل درگ سے چند میل دور واقع ایک بستی کا نام سمپگے ہلّی ہے جہاں سے راستہ ایک اور دیہات بدھالی کو جاتا ہے۔ اس راستے پر ایک تباہ شدہ مندر اور بہت پرانا کنواں موجود ہے۔ اس مقام کے بارے میں مشہور ہے کہ یہاں آسیب کا سایہ ہے۔ اس وجہ سے دن دیہاڑے بھی لوگ اس سے ایک فرلانگ دور سے گزرتے ہیں جبکہ مغرب کے بعد یہ پورا علاقہ ہی ممنوع سمجھا جاتا ہے۔

اس مندر کے کھنڈرات میں ہمیشہ ہی ایک دو ریچھ ملتے ہیں۔ اکثر تیندوا بھی آن کر رہنے لگتا ہے مگر دونوں ایک دوسرے کو نقصان نہیں پہنچاتے۔ بعض اوقات شیر بھی یہاں چند ہفتے گزارنے آ جاتے ہیں تو ریچھ اور تیندوے چلے جاتے ہیں۔ شیر زیادہ دن نہیں رکتا اور شیر کے جاتے ہی پرانے باسی لوٹ آتے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل سمپگے ہلی سے ایک دیہاتی غائب ہو گیا اور ایک ماہ بعد ایک اور دیہاتی بدھالی سے۔ کسی کو علم نہ ہوا کہ یہ دونوں کہاں گئے یا ان کے ساتھ کیا بیتی۔ ہندوستان میں دیہاتی اپنی مرضی سے اپنا علاقہ کم ہی چھوڑتے ہیں، سو یکے بعد دیگرے دو بندوں کی گمشدگی سے باتیں بننا شروع ہو گئیں۔ اندازہ یہی تھا کہ ان کے ساتھ کوئی حادثہ پیش آیا ہو گا۔

عین اسی دوران اس علاقے میں ایک بہت بڑا اور انتہائی غصیلا شیر یہاں آ کر رہنے لگا۔ یہ شیر دن دیہاڑے مویشیوں پر حملہ کرتا اور ہمیشہ کامیاب رہتا۔ یہ شیر مندر کے کھنڈرات میں رہنے لگا۔ اس کے پگ ہر صبح مندر کو جانے والے راستے پر دکھائی دیتے جو پچھلی شام اس کے نکلنے کے پگوں پر ثبت ہوتے۔ دیہاتیوں نے حکام سے مدد مانگی کہ ہو نہ ہو، یہ شیر آدم خور ہے اور مندر کے کھنڈرات میں رہتا ہے۔

سامپگی ہالی میری پسندیدہ شکارگاہ تھی اور یہاں سے بہت سے واقف افراد نے مجھے خط لکھ کر بلوایا۔ دوسرے آدمی کے گم ہونے کے دو ہفتے بعد میں وہاں پہنچا اور تحقیقات شروع کیں کہ یہ آدمی کب، کہاں اور کیسے غائب ہوئے مگر ہر بات مبہم تھی۔ ایک دیہاتی لڑکی کے ان دونوں سے تعلقات تھے اور کہا جاتا تھا کہ دونوں آدمی اس سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ لڑکی غریب تھی، یہ دونوں آدمی کھاتے پیتے گھرانے سے، شادی شدہ اور بیوی بچوں والے تھے۔ دونوں کے ہی گھر والوں کو علم نہیں تھا کہ یہ آدمی گمشدگی سے عین قبل جو بڑی رقم ساتھ لے کر گئے تھے، وہ کہاں گئی یا یہ کہ وہ پیسے کیوں ساتھ لے کر گئے تھے۔ رقم اور لڑکی والی بات بعد میں سامنے آئی۔ ہندوستان میں بیوی کو اجازت نہیں ہوتی کہ وہ اپنے شوہر سے کوئی سوال کر سکے۔ مرد کی بات حرفِ آخر ہوتی ہے اور خواتین کو گھر گرہستی تک محدود رکھا جاتا ہے۔

شیر اور ان بندوں کی گمشدگی میں کوئی تعلق نہ نکل سکا۔ میں نے اس لڑکی سے بات کی تو اندازہ ہوا کہ اسے کچھ معلوم ہے مگر بتانا نہیں چاہتی۔ میرے خیال میں وہ آدم خور شیر سے بھی زیادہ خطرناک تھی۔ میں پولیس والا نہیں، سو میں نے اسے نظرانداز کر دیا۔ مجھے لڑکی سے زیادہ شیر میں دلچسپی تھی۔

میں نے دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد اسی مندر کو جانے کا فیصلہ کیا تاکہ مناسب جگہ چن کر وہاں رات گزار کر اس شیر کی آمد و رفت کو دیکھوں۔ میں ںے اس شیر کو شکار کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ مجھے شک تھا کہ ان بندوں کی گمشدگی کی وجہ یہ شیر نہیں۔ ویسے بھی گرمیوں کا موسم تھا اور چاند پورا ہونے والا تھا۔ سو مٹی کے گھروں میں بند ہو کر رات گزارنے سے کہیں بہتر تھا کہ میں درخت پر بیٹھ کر چاندنی اور ہوا سے لطف اندوز ہوتا۔ محکمہ جنگلات کا بنگلہ اتنا آرام دہ نہیں۔

دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد میں نے رات کے لیے اپنی رائفل، کارتوس، چائے کی بوتل، پانی کی بوتل، برقی ٹارچ اور کچھ بسکٹ وغیرہ کپڑے کے تھیلے میں ڈالے کہ کاغذ میں لپیٹتا تو اس کو کھولتے ہوئے آواز پیدا ہوتی۔ پھر میں سیدھا کھنڈرات کو روانہ ہو گیا۔ مندر زیادہ بڑا نہیں اور پتھروں سے بنا تھا اور اردگرد پتھروں کی اونچی دیوار بھی تھی۔ کنواں کافی گہرا ہو گا اور اس میں ابھی تک پانی تھا اور یہ کنواں مندر کے سامنے صحن میں تھا۔

اب یہ تو کہنا ممکن نہیں کہ پانی کتنا گہرا ہو گا مگر اوپر سے جھک کر دیکھیں تو نیچے پانی کی چمکدار تہہ دکھائی دیتی تھی۔ کنویں کی چوڑائی ۱۵ فٹ تھی اور اس کی منڈیر پتھروں سے بنی ہوئی اور ایک گز اونچی تھی۔ صحن کے گرد دیواریں اور کنویں کی منڈیر کے پتھر ہوں یا مندر کی تعمیر میں استعمال ہونے والے پتھر، سبھی اپنی جگہ سے ہل چکے تھے۔ بہت سے درخت بھی اگے ہوئے تھے جن میں اکثریت جنگلی انجیر کی تھی جبکہ امبل کی جھاڑیاں بھی کافی تھیں۔ اس مقام کا عمومی تاثر کافی تاریک اور نحوست بھرا تھا۔ اندازہ تھا کہ یہ کھنڈرات زیادہ عرصہ نہیں بچیں گے اور جنگل اس پر چھا جائے گا۔

اس وقت میری توجہ مندر کے کھنڈرات پر نہیں بلکہ شیر کی جائے رہائش کو تلاش کرنے پر تھی جس پر مجھے زیادہ وقت نہ لگا۔ یہاں شیر کے چھپنے کی جگہ کھنڈر ہی تھا۔ زمین سخت تھی مگر کہیں کہیں ریت بھی تھی اور اس پر ایک بڑے شیر کے پگ ثبت تھے جو مندر سے آنے اور جانے کے تھے۔

مجھے معلوم تھا کہ اگر شیر اندر ہو گا تو ابھی وہ سو رہا ہو گا۔ میں نے اندر جانا مناسب نہیں سمجھا بلکہ سوچا کہ یہ بھی دیگر مندروں کی مانند ہو گا کہ اس میں ایک اندرونی کمرہ ہو گا جہاں پوجا وغیرہ ہوتی ہو گی۔ اندرونی کمرے میں نندی کے ایک دو بت ہوں گے۔ ہندومت میں نندی مقدس بیل سمجھا جاتا ہے۔

اس جگہ داخل ہونے کا مطلب موت کو گلے لگانا تھا۔ شیر اندر ہو اور آدم خور نہ بھی ہو تو بھی وہ میری آمد پسند نہیں کرے گا اور مجھے اپنے راستے سے ہٹانے کی کوشش کرے گا۔ ایسے مواقع پر دل کی بجائے دماغ کی بات ماننی چاہیے۔

میرے سامنے آسان سا حل تھا۔ اگر میں اس راستے کے عین سامنے کنویں کی منڈیر کے پیچھے چھپ جاتا تو جب بھی شیر نکلتا تو میں اس کا سامنا کرنے کو تیار ہوتا۔ مندر سے باہر آنے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ سارا معاملہ انتہائی آسان محسوس ہوا۔

جب میں منڈیر کے پیچھے چھپا تو سورج سوا نیزے پر تھا۔ مجھے احساس ہوا کہ میرا سر منڈیر کے اوپر سے دکھائی دے رہا ہے تو پاس پڑے کچھ پتھر اٹھا کر اپنے سامنے اس طرح رکھ لیے کہ ان میں ۶ انچ کا سوراخ بن گیا جہاں مندر کا دروازہ دکھائی دے رہا تھا۔ ضرورت پڑنے پر میں اس سوراخ سے گولی چلا سکتا تھا۔

واحد کام بے حس و حرکت بیٹھنا تھا۔ خوش قسمتی سے مجھے اس کی خوب عادت ہے اور انگارے برساتا سورج ہو یا حشرات، مجھے مسئلہ نہیں ہوتا۔ اس روز بھی مکھی، مچھر، سورج کی گرمی اور اکا دکا چھپکلیاں بھی مجھے تنگ نہ کر سکیں۔

پھر شام ہوئی۔ پرندے اپنے ٹھکانوں پر لوٹے اور چمگادڑیں دن بھر کی نیند کے بعد بیدار ہونے لگیں اور مچھروں کی بھنبھناہٹ بھی تیز ہو گئی۔ اندھیرا چھانے لگا تو بارہویں کا چاند نکل آیا۔ جلد ہی چاندنی میں مجھے مندر کے اندر جانے کا راستہ دکھائی دینے لگا۔ اب شیر کسی بھی وقت ظاہر ہو سکتا تھا۔ سورج کی روشنی کے غائب ہونے سے کوئی فرق نہ پڑا کہ چاندنی تیز ہو رہی تھی۔ جلد ہی رات ہو گئی۔ میں تھوڑا سا کانپا کہ چند ہی منٹ میں ہوا کافی سرد ہو گئی تھی۔

پھر مجھے پہلی بار آواز سنائی دی۔ تین بار تیز سیٹی بجی جو کنویں سے آتی محسوس ہوئی۔ پہلی سیٹی نیچی، دوسری تیز اور تیسری تیز تر تھی۔

میں نے غصے سے سوچا کہ کنویں میں کون چھپا ہو گا۔ اتنی دیر میں خاموشی سے بیٹھا رہا اور اتنی دیر اس آدمی نے ذرا بھی آواز نہ نکالی اور اب جب شیر کی آمد کا وقت ہوا ہے تو اس نے آواز پیدا کر کے اسے خبردار کر دیا ہو گا۔ پھر میں نے سوچا کہ اب چھپنے کا فائدہ نہیں رہا۔ شیر نے یہ سیٹی سن کر جان لیا ہو گا کہ اس کی پناہ گاہ کے باہر انسان اس کا منتظر ہے۔ اب تو وہ کسی قیمت پر نہ نکلتا۔ اگر یہ شیر آدم خور ہوتا تو سوچتا کہ ایک اور شکار اس کے قریب آ گیا ہے۔

سیٹیاں بجنے کے بعد دس سے پندرہ منٹ گزر گئے کہ میں نے دوبارہ سیٹیوں کی آواز سنی۔ پہلے کی طرح تین سیٹیاں بجیں، پہلی نسبتاً مدہم، دوسری تیز تر اور تیسری تیز ترین۔ پھر مکمل خاموشی چھا گئی۔

دل ہی دل میں اس آدمی کو برا بھلا کہتے ہوئے میں اٹھنے ہی والا تھا کہ مندر کے داخلی راستے پر مجھے حرکت سی محسوس ہوئی، جیسے کوئی مٹیالا سا دھبہ سیاہ پسِ منظر کے سامنے حرکت کر رہا ہو۔ پھر یہ دھبہ غائب ہوا، پھر نمودار ہوا، پھر غائب ہوا اور پھر نمودار ہوا۔ چاندنی میں میرے سامنے شیر ترچھا کھڑا تھا۔

بظاہر شیر کو میری موجودگی کا احساس تک نہ ہوا کہ اس نے میری جانب دیکھا بھی نہیں۔ وہ سیدھا اپنے سامنے دیکھ رہا تھا اور پھر سر موڑ کر اپنی اگلی دائیں ٹانگ کو چاٹنے لگا۔ ہر بار جب اس کا سر ہلتا تو اس کی زبان سے پیدا ہونے والی سرسراہٹ بھی واضح سنائی دیتی۔ پھر وہی منحوس تین سیٹیاں سنائی دیں۔

میں نے سوچا کہ اب معاملہ ختم ہو گیا ہے۔ شیر اب جھک کر جست لگائے گا اور مندر میں واپس جا چھپے گا یا جنگل میں گم ہو جائے گا۔ مگر شیر نے ذرا بھی توجہ نہ دی۔ ایسا لگا کہ جیسے اس نے یہ آواز سنی ہی نہ ہو۔ کیا پتہ شیر بہرا ہو یا پھر اس نے یہ سیٹیاں ہی نہ سنی ہوں؟

شیر نے اپنی ٹانگ چاٹنا بند کر دی اور چلنے لگا۔ عین اسی وقت مجھے کنویں کی تہہ سے ایسی آواز سنائی دی جیسے کوئی بڑا پرندہ پر پھڑپھڑاتا اڑ رہا ہو۔ پہلے یہ آواز مدھم اور دور تھی جو بتدریج قریب اور تیز ہوتی گئی۔ میں نے سوچا کہ یہ کوئی بڑا اور بھاری پرندہ ہو گا۔ سو میں نے سوچا کہ یہ فلائنگ فاکس یا پھل کھانے والی چمگادڑ یا اس سے بڑا پرندہ ہو گا۔

پھر چوتھی مرتبہ مجھے سیٹیوں کی آواز سنائی دی جو پہلے سے بلند اور قریب تر تھی۔ اس دوران میں شیر کو یکسر بھلا چکا تھا۔ میں نے اپنی ساری توجہ کنویں کی منڈیر پر مرکوز کر رکھی تھی اور دیکھنا چاہتا تھا کہ کیا باہر نکلتا ہے۔

چاندنی اتنی تیز ہو چکی تھی کہ ہر چیز صاف دکھائی دے رہی تھی۔ میں نے صاف طور پر کچھ دیکھا مگر یہ ایک تاریک ہیولہ یا دھوئیں کا بادل سا تھا جو کنویں سے نکلا۔ اس کا گھیراؤ کم از کم ۶ فٹ رہا ہو گا اور اونچائی بھی ۶ فٹ ہی ہو گی۔

عین اسی لمحے مجھ پر عجیب سی یاسیت چھا گئی۔ کیا اس بات کی بھی اہمیت ہے کہ کنویں سے کیا نکلا؟ کیا زندگی اس قابل ہے کہ آدمی اتنی تکلیفیں سہے؟ کیوں نہ میں کنویں میں جست لگا کر ان تکالیف سے چھٹکارا پا لوں؟

میں نے سر کو جھٹکا اور کنویں پر معلق دھوئیں کے بادل کو دیکھنا شروع کر دیا۔ اچانک ہی بادل غائب ہو گیا۔ چاندنی میں یہ بادل صاف دکھائی دے رہا تھا اور اب اچانک ہی غائب ہو گیا۔ جب میں نے شیر کو دیکھا تو پسینہ بہنے لگا تھا۔ یہ میرا عمومی ردِ عمل ہے کہ جب بھی میں شیر کو جنگل میں دیکھتا ہوں تو جوش کے مارے پسینہ آنے لگتا ہے۔ مگر اب مجھے سردی لگنے لگی۔

اس دوران شیر جو حقیقی تھا، جا چکا تھا۔ مجھے علم تھا کہ اگر اسے جلد ہی کچھ کھانے کو نہ ملا تو اس کی واپسی اب صبح منہ اندھیرے ہی ہو گی۔ سو اگر میں کو شکار کرنا چاہتا ہوں تو مجھے اب یہیں کافی دیر مزید رک کر شیر کی واپسی کا انتظار کرنا ہو گا۔ مگر اب میری دلچسپی شیر کے شکار کی بجائے سیٹی اور اس عجیب بادل پر تھی۔ ویسے بھی چاندنی رات میں کھلی فضا میں بیٹھنا سمپیگے ہلّی میں گرم کمرے میں بند ہونے سے کہیں بہتر تھا۔

میں نے سیٹی اور دھوئیں کے بادل کے سوا ہر چیز بھلا دی اور سوچنے لگا کہ یہ کیا چیز ہو گی؟ میرے علم میں کوئی بھی پرندہ ایسی سیٹی نہیں نکال سکتا۔ یہ سیٹی واضح طور پر انسانی سیٹی سے مشابہ تھی۔ پروں کی پھڑپھڑاہٹ واضح طور پر کسی پرندے کی تھی جو پھل کھانے والی چمگادڑ بھی ہو سکتی تھی۔ کنویں سے پرندہ یا چمگادڑ نہیں نکلی کہ میں نے اس دوران پلک تک نہیں جھپکی تھی۔ کنویں سے نکلنے والی چیز جو بھی تھی، وہ انتہائی غیر متوقع تھی۔ دھوئیں کا بادل باہر نکلا تھا اور میری نظروں کے سامنے ہی اچانک غائب ہو گیا۔

میں اس بارے میں سوچنے میں اتنا محو ہو گیا کہ مجھے وقت گزرنے کا احساس بھی نہ رہا۔ اچانک پیچھے ہلکی سی غراہٹ سنائی دی تو مجھے ہوش آیا۔ شیر اس دوران واپس آ گیا تھا اور واپسی کا راستہ مختلف ہونے کی وجہ سے اس نے مجھے دیکھ لیا۔ یہ آدم خور شیر تھا اور کہا جاتا تھا کہ اس نے دو آدمی شکار کیے ہیں۔

میں نے مڑتے ہوئے اپنی اعشاریہ ۴۰۵ بور کی رائفل شانے سے لگائی۔ ۴۰ گز دور چاندنی میں شیر بیٹھا مجھے دیکھ رہا تھا۔ پھر اس نے اپنا سر ہلکا سا اٹھا کر دہاڑ لگائی جیسے کہہ رہا ہو، ’دفع بھی ہو جاؤ‘۔ میں مطمئن ہو گیا۔ اگر شیر چاہتا تو میری لاعلمی میں ہی مجھے دبوچ چکا ہوتا۔ یہ شیر آدم خور نہیں تھا۔

جب کوئی میرے ساتھ اچھا سلوک کرے تو میں شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس شیر نے بھی مجھ پر حملہ نہیں کیا تھا۔ سو میں جواباً اٹھا تو شیر فرار ہو گیا۔

رائفل کو چھتیائے ہوئے میں نے ٹارچ جلا کر روشنی کنویں میں ڈالی تاکہ دیکھوں کہ سیٹی بجانے والا آدمی کہاں چھپا ہے۔ مگر نیچے مجھے صرف پانی دکھائی دیا۔ میں نے غور سے دیکھا مگر کنویں میں چھپنے کی کوئی جگہ نہیں تھی۔ پھر میں نے واپسی کا راستہ اختیار کیا اور اس بارے میں سوچنے لگا۔ شیر غائب ہو چکا تھا۔

میں نے طے کیا کہ بقیہ رات میں فارسٹ ریسٹ ہاؤس کے برآمدے میں گزاروں گا۔ سو میں گاؤں سے ایک میل دور ریسٹ ہاؤس پہنچا اور چوکیدار کو زور سے آواز دی۔ میرا خیال تھا کہ وہ اندر سو رہا ہو گا۔ مگر اس نے جواب نہ دیا۔ میں نے کئی بار بلایا مگر لگتا تھا کہ وہ چوکیداری بھلا کر گاؤں سونے چلا گیا ہو گا۔

یہ بات اتنی عجیب نہیں۔ ہندوستان کا ہر آدمی جانتا ہے کہ چوکیدار اور جو چاہے کرے مگر چوکیداری نہیں کرتا۔ اس کی بجائے اس کی رات سو کر گزرتی ہے۔ شاید ان کی نیند ہم سے زیادہ گہری ہوتی ہے کہ رات کا مقصد سونا ہی ہے۔

میں برآمدے کے سنگی زینے پر چڑھا اور اوپر پہنچا۔ برآمدہ ریسٹ ہاؤس کے تین جانب پھیلا ہوا ہے۔ ایک آرام کرسی بھی برآمدے میں پڑی تھی جو چوکیدار بھول گیا ہو گا۔ ویسے بھی اس دورافتادہ جگہ پر چور کہاں جو اس پرانی کرسی کو چرانے آتے۔ سو میں اس کرسی پر نیم دراز ہو کر چند گھنٹے کے لیے سونے کی کوشش کرنے لگا۔

میرا ارادہ تھا کہ صبح کو میں سامپگی ہالی کے لوگوں کو بتاؤں گا کہ شیر آدم خور نہیں اور یہ کہ اگر انہیں دو بندوں کی گمشدگی کی اتنی ہی فکر ہے تو وہ پولیس سے کہیں کہ وہ اس لڑکی سے تفتیش کرے۔ پھر میں سٹڈبیکر پر گھر روانہ ہو جاؤں گا۔

مگر اس رات مجھے نیند نہ آئی۔ بار بار میں ان عجیب سیٹیوں، پروں کی پھڑپھڑاہٹ اور خود پر اچانک طاری ہونے والی یاسیت اور اس دھوئیں کے بادل کے بارے میں سوچتا رہا۔ میں اس بارے میں کوئی توجیہ تلاش کرنا چاہ رہا تھا۔ سوچتے سوچتے مجھے نیند آ گئی۔ دن نکلے کافی دیر ہو چکی تھی کہ میں جاگا۔ چوکیدار ابھی تک غائب تھا۔

میں سامپگی ہالی پہنچا اور ان لوگوں کو بتایا کہ میں نے شیر کو اور شیر نے مجھے دیکھا تھا اور یہ بھی کہ یہ شیر آدم خور نہیں۔ میں نے جان بوجھ کر سیٹیوں کے بارے میں کوئی بات نہ کی اور نہ ہی دھوئیں کے بادل کے بارے میں۔ ورنہ لوگ مذاق اڑاتے۔

پھر میرے ایک جاننے والے آدمی نے پوچھا کہ میں کہاں چھپا تھا۔ میں نے اسے بتایا کہ میں کنویں کی منڈیر کے پیچھے چھپا تھا۔ کنویں کا لفظ سنتے ہی اس کے کان کھڑے ہوئے اور اس نے عجیب انداز میں پوچھا:

’آپ نے شیر کے علاوہ بھی کچھ دیکھا یا سنا؟‘

میں ایک لمحہ خاموش رہا پھر الٹا اسی سے پوچھا، ’تم کیوں پوچھ رہے ہو؟‘

اس نے پھر پوچھا، ’آپ نے چمگادڑ کے اڑنے کی آواز سنی یا اسے دیکھا؟ جیسے پر پھڑپھڑا رہے ہوں؟‘

پروں کی پھڑپھڑاہٹ! یہ آواز تو میں نے سنی تھی، صاف سنا تھا کہ جیسے کوئی بھاری پرندہ اڑ رہا ہو۔ یہ آواز کئی بار آئی اور دھوئیں کے بادل کے نمودار ہونے کے بعد یہ آواز ختم ہو گئی تھی۔ میں بھی کتنا احمق ہوں کہ آواز سنتے ہی ٹارچ ڈال کر چمگادڑ کو دیکھ لیتا۔ پھر یاد آیا کہ میں شیر کی خاطر چھپ کر بیٹھا تھا، ٹارچ جلانا ممکن نہ تھا۔

اس آدمی نے جب میری ہچکچاہٹ دیکھی تو ایسے مسکرایا جیسے اسے سب معلوم ہو۔ میں نے اسے ساری بات بتا دی۔

جب میں نے اسے کنویں سے نکلنے والے بادل کے بارے میں بتایا تو وہ انتہائی خوفزدہ ہو گیا۔ اس نے بتایا کہ کئی لوگ پروں کی پھڑپھڑاہٹ سن چکے تھے مگر کسی نے کنویں سے نکلنے والی چیز کو نہیں دیکھا کہ وہ سب ڈر کر بھاگ جاتے تھے۔

پھر اس آدمی نے مجھے تفصیل سے کہانی سنائی۔ اس علاقے پر ایک یا دو سو سال قبل ایک چھوٹا سردار حکومت کرتا تھا۔ تب اس مندر میں خوب رونق ہوتی تھی اور اس سردار نے ملکی راجے سے بغاوت کی ہوئی تھی کہ اس کا دار الحکومت بہت دور تھا۔ اس سردار کے دربار میں ایک آدمی تھا جو مسخرے اور مشیر کا کام کرتا تھا۔ سردار اس آدمی کی کافی عزت کرتا تھا۔

مندر میں کئی پجاری تھے جو سبھی برہمن تھے اور سب سے اونچی ذات والا برہمن مہا پجاری تھا جو کردار کا بہت مضبوط تھا۔ جب بھی ایسے مضبوط کرداروں کا ٹکراؤ ہوتا ہے تو مفادات پر ضرب پڑتی ہے۔ ایسا ہی معاملہ اس مہا پجاری اور درباری مشیر اور مسخرے کے درمیان بھی پیش آیا۔

زیادہ تر تفصیلات تو بھلا دی گئیں مگر یہ بات سبھی جانتے تھے کہ مہا پجاری نے اپنے دشمن کے خلاف الزامات اس طرح سے تیار کیے کہ جیسے وہ سردار کے خلاف بغاوت کر رہا ہو۔ مشیر پر سرِ عام مقدمہ چلا اور پھر اس کو بغاوت کے الزام میں اسی کنویں میں پھینک دیا گیا۔ اس دوران مشیر نے علی الاعلان مہا پجاری اور مندر کے دوسرے پجاریوں کو بددعا دی کہ وہ انتقام لے گا۔

مشیر کی ہلاکت کے ایک ہفتے کے اندر ہی اندر مہا پجاری غائب ہو گیا اور دو روز بعد اس کی لاش کنویں میں تیرتی ملی۔ مسخرے نے پہلے دشمن کا صفایا کر دیا تھا۔ پھر وقفے وقفے سے سبھی پجاری یکے بعد دیگر غائب ہوتے گئے اور ان کی لاشیں بھی کنویں میں تیرتی ملیں۔ ان سب لاشوں کے منہ نیچے کی طرف ہوتے تھے۔ نئے پجاری اور پنڈت آتے گئے مگر ہر ایک کا یہی انجام ہوا۔

مشیر کی روح کو یہاں سے بھگانے کے لیے بہت سارے عمل کیے گئے مگر ہر بار ناکامی ہوئی اور پجاری غائب ہوتے اور پھر ان کی لاشیں کنویں سے نکلتی رہیں۔ پھر ایسا وقت آیا کہ چاہے جتنا بڑا پجاری یا پنڈت کیوں نہ ہو، یہاں آنے سے انکار کرنے لگا۔ تب سے مندر اجڑ گیا اور اب کھنڈرات باقی ہیں۔

پھر راوی نے بات کو ختم کرتے ہوئے ایک دلچسپ فقرہ بولا، ’خود کو خوش قسمت سمجھیں کہ آپ ابھی زندہ ہیں۔ اگر وہ بد روح چاہتی تو آپ کو کنویں کے اندر دیگر افراد کی مانند پھینک سکتی تھی جیسے اس نے ماضی میں سو سے زیادہ پجاری پھینکے تھے‘۔

میرے منہ سے بے اختیار نکلا، ’بکواس اور لغویات‘۔ مجھے شاید اس بات کی فکر نہ تھی کہ برہمن پنڈت نہ ہونے کی وجہ سے میں بچ گیا یا پھر یہ کہ یہ آدمی مجھے خوامخواہ اس طرح کی فرضی داستانیں سنا کر ڈرانا چاہتا ہو گا۔ میں نے اسے کچھ دیر تک برا بھلا کہا اور وہ بیچارہ چپ چاپ سنتا رہا۔

جب میں چپ ہوا تو وہ آدمی شرمندگی اور تکلیف کی حالت میں منہ لٹکائے چلا گیا۔ پھر میں نے اپنا سامان سٹڈبیکر میں لادا اور چند منٹ میں گھر کو روانہ ہونے کے لیے تیار تھا۔ پھر میں نے سب کو بلا کر انہیں الوداع کہا۔ مندرجہ بالا کہانی کا راوی غائب تھا۔ ان لوگوں نے مجھے حسبِ معمولی تکلفاً روکنے کی کوشش کی مگر میں نے گاڑی کا انجن چلا کر گئیر لگایا اور چل پڑا۔

سمپیگے ہلّی سے ۶ میل دور میں نے گاڑی روکی اور سکون سے سوچنے لگا۔ میرا رویہ بچگانہ تھا۔ اس آدمی نے اپنی طرف سے تو کوئی بات نہیں گھڑی بلکہ اس نے سنی سنائی روایات مجھے بتائی تھیں۔ کنویں کے اندر سے سیٹی کی آواز مجھے خود سنائی دی تھی اور پروں کی پھڑپھڑاہٹ ہو یا دھوئیں کا بادل، میں نے خود دیکھے اور سنے۔ اب یہ میری مرضی تھی کہ میں اس آدمی کی کہانی پر یقین کرتا یا پھر اس بارے میں مزید تحقیق کرتا۔ اصولی طور پر میں مزید لوگوں سے اس کنویں کے بارے میں بات کر کے مزید معلومات جمع کرتا۔ اس کے بعد اگلی رات وہیں کنویں کے پاس گزار کر دیکھتا کہ دوبارہ بھی وہی باتیں ہوتی ہیں یا نہیں۔ ان سب باتوں کی بجائے میں نے الٹا اس آدمی پر دھونس جمائی اور اسے برا بھلا کہا۔

میں نے گاڑی موڑی اور واپس سمپیگے ہلّی گیا جہاں اس آدمی کو تلاش کر کے میں نے اس سے معذرت کی۔ اس آدمی نے فوراً معذرت قبول کر لی اور بولا کہ اسے علم ہے کہ میری کیا کیفیات رہی ہوں گی۔ میری واپسی پر سب خوش تھے کہ میں نے انہیں بتایا کہ میں یہاں شیر کو مارنے نہیں بلکہ اس روح کو مارنے آیا ہوں جو کنویں میں رہتی ہے۔

ہر آدمی کا چہرہ لٹک گیا۔ پھر اسی آدمی نے کہا، ’جناب، میرا مشورہ ہے کہ آپ بنگلور لوٹ جائیں۔ شیر سے تو آپ بچ سکتے ہیں مگر اس بد روح سے بچنا آپ کے بس کی بات نہیں‘۔

مجھے اب آدم خور شیر کا ڈر نہیں تھا، سو میں آرام سے چھ بجے مندر کے کھنڈرات کو پہنچا اور پچھلی رات والی جگہ بیٹھ گیا۔ اس بار بھی رائفل میرے ساتھ تھی۔ اس بار مجھے خاموش بیٹھنے کی بھی ضرورت نہیں رہی تھی۔ سو میں آرام سے چائے پیتا رہا اور روٹی، مکھن اور بکری کا گوشت کھاتا رہا۔ پھر میں نے کچھ مالٹے بھی کھائے اور پھر پائپ پیا۔

شیر کی کوئی خبر نہ تھی۔ میں آرام سے کنویں کی منڈیر کے پاس بیٹھ گیا۔ میرا سارا سامان دائیں بائیں بکھرا ہوا تھا۔ شاید میری آمد سے قبل ہی شیر یہاں سے نکل چکا ہو اگرچہ شیر اتنی جلدی باہر نہیں نکلتے۔ سات بجے کے فوراً بعد سردی ہونے لگی۔ شب بیدار پرندے اڑنے لگے اور عین اسی وقت مندر کے داخلی راستے سے پتھر لڑھکنے کی آواز آئی۔

مجھے علم ہو گیا کہ شیر تاریکی میں کھڑا باہر دیکھ رہا ہے کہ کوئی خطرہ تو نہیں۔ ممکن ہے کہ شیر نے مجھے دیکھ لیا ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ پچھلی رات منڈیر کے پیچھے میرے مقام کو یاد کر چکا ہو۔ اسی لمحے مجھے کنویں سے انہی تین سیٹیوں کی آواز آئی۔ ہر سیٹی پہلی سے زیادہ اونچی اور لمبی تھی۔ پھر یکسر خاموشی چھا گئی۔

میں پھر بھونچکا رہ گیا کہ شیر کی آمد کے ساتھ ہی سیٹی بجی تھی۔ میں نے سوچا کہ کیا کنویں کے اندر مخلوق شیر کو خطرے سے آگاہ کرنا چاہ رہی ہے؟

اگلے ہی لمحے مجھے جواب مل گیا کہ شیر آرام سے چلتا ہوا باہر نکلا۔ چاندنی میں اس شیر کے خدوخال صاف دکھائی دے رہے تھے کہ یہ بہت جسیم شیر ہے۔

پچھلی رات کی مانند آج بھی شیر نے سیٹیوں کی آواز پر کوئی ردِ عمل نہ دیا تھا۔ پھر دوبارہ سیٹیاں بجیں اور شیر نے ان پر ذرا بھی توجہ نہ دی۔ پھر مجھے پروں کی پھڑپھڑاہٹ سنائی دینے لگی جو کافی دور سے آ رہی تھی۔ میں نے سمت جاننے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ یہ آواز کنویں کی تہہ سے آ رہی ہے۔

شیر اس دوران ساکت کھڑا تھا۔ اس کا رخ سیدھا میری جانب تھا۔ صاف لگ رہا تھا کہ شیر کو یاد ہے کہ میں پچھلی رات اسی جگہ بیٹھا تھا۔ میں نے سوچا کہ ٹارچ جلا کر کنویں میں ڈالوں کہ کون سا پرندہ کنویں میں اڑ رہا ہے۔ شیر مجھے ہی گھور رہا تھا، سو میں باز رہا کہ اس شیر کے بارے میں مشہور تھا کہ وہ آدم خور ہے۔ اگر وہ آدم خور ہوتا اور میں کنویں میں دیکھ رہا ہوتا تو اسے حملے کا موقع مل جاتا۔

تیسری بار تین سیٹیاں بجیں اور پروں کی پھڑپھڑاہٹ قریب تر ہو گئی۔ میں نے شیر پر نگاہ ڈالی جو ابھی تک میری سمت دیکھ رہا تھا۔ پھر میں گھٹنوں کے بل اٹھا اور سر اور شانوں کو کنویں کی منڈیر کے اوپر لا کر ٹارچ کا رخ نیچے کیا اور جلا دی۔ روشنی کی شعاع نے تاریکی کو کاٹا تو دکھائی دیا کہ کنویں میں مجھ سے کچھ نیچے ایک تاریک بادل سا تیر رہا ہے۔

شیر کو بھلا کر میں نے اس بادل کو دیکھنا شروع کیا تو بادل اچانک اوپر اٹھنے لگا۔ بادل اتنا گھنا تھا کہ ٹارچ کی روشنی بھی اسے عبور نہ کر سکی۔ جلد ہی بادل اوپر پہنچ جاتا۔

اچانک مجھے شیر کی اونچی دہاڑ سنائی دی تو میں واپس اپنے حواس میں لوٹا۔ میں نے شیر کی جانب ٹارچ کا رخ کیا تو وہ غائب تھا۔ شاید اس نے مجھے کھڑے دیکھ لیا ہو گا۔ میں نے ایک ہاتھ سے ٹارچ شیر کی سمت کیے رکھی اور دوسرے ہاتھ سے رائفل اٹھائی۔ شکر ہے کہ شیر مجھے دیکھ کر فرار ہو گیا تھا۔ اب میرے سامنے کوئی مادی خطرہ نہیں تھا، سو میں نے اپنی توجہ اس خطرے کی طرف مرکوز کر دی جس کا میں کچھ نہ بگاڑ سکتا تھا۔

پروں کی پھڑپھڑاہٹ پھر سنائی دی جو اب کافی قریب آ چکی تھی۔ ٹارچ کی روشنی میں مجھے کنویں کے منہ سے پانچ فٹ نیچے دھوئیں کے بل کھاتے ہوئے بادل دکھائی دے رہے تھے۔ چند لمحوں بعد بادل اٹھ کر میری ٹارچ تک پہنچ گئے۔ میرا ہاتھ کانپنے لگا۔

اس بادل میں عجیب شیطانی سی بات تھی اور اس وقت مجھ پر جو کیفیت طاری ہوئی، وہ میرے لیے نئی تھی۔ عام دھوئیں کے برعکس اس بادل میں جیسے دھواں فیتوں کی شکل میں لہرا اور ناچ رہا ہو۔

جلد ہی اس دھوئیں نے میرے سر اور شانے کو ڈھانپ لیا کہ میں نیچے کو جھک کر دیکھ رہا تھا۔ یہ بادل بہت کثیف تھا۔ میں آسانی سے خوفزدہ نہیں ہوتا مگر اس وقت کچھ دیر کو جیسے میرے حواس جواب دے گئے ہوں۔ اس کیفیت کو بیان کرنا ممکن نہیں، یوں سمجھ لیجیے کہ جیسے میں اپنے جسم سے باہر نکل گیا ہوں۔

ایک بار پھر مجھے شدید تھکن، مایوسی اور ناامیدی کی کیفیات محسوس ہوئیں۔ میرے اندر خواہش پیدا ہوئی کہ میں منڈیر پر چڑھ کر کنویں میں چھلانگ لگا دوں اور ان سب مشکلات سے چھٹکارا مل جائے گا۔ اس سوچ سے مجھے بہت راحت اور تسکین محسوس ہوئی۔

پھر یہ دھواں اوپر اٹھا اور میں نیچے رہ گیا۔ جونہی دھواں اٹھا، میں اپنے حواس میں لوٹ آیا اور چند لمحے قبل کی سوچوں پر حیران ہونے لگا۔ بادل اٹھتا ہوا بتدریج پتلا ہوتے ہوتے یکسر غائب ہو گیا۔ میں نے اس بادل کو ٹارچ کی روشنی میں ۱۰ منٹ دیکھا ہو گا اور اس دوران بادل کم از کم ۵۰ فٹ اوپر اٹھا ہو گا۔

میں نے ٹارچ بجھائی اور اس سارے معاملے پر غور شروع کر دیا۔ اس دیہاتی کی بتائی ہوئی داستان مجھے یاد تھی۔ میں شیطنت اور انتقام کے فلسفے پر غور کرتا رہا اور یہ بھی کہ میرے اپنے خیالات کیسے اچانک تبدیل ہو جاتے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ کنویں میں چھلانگ لگانا ہی میرے تمام تر مسائل کا واحد اور آسان ترین حل ہے۔ میں خود اس بددعا کا شکار ہوتے ہوتے بچا تھا۔ اس وقت مجھے احساس ہوا کہ چند لمحے قبل میں خودکشی کا سوچ رہا تھا۔

اس کے علاوہ بھی اس سے کئی عجیب باتیں جڑی تھیں۔ تین سیٹیوں کی آواز سنائی دینا، پروں کی پھڑپھڑاہٹ، شیر کو نہ تو سیٹیاں سنائی دیتی تھیں اور نہ ہی پھڑپھڑاہٹ اور دھوئیں کا بادل۔

میں فارسٹ بنگلے لوٹا اور آرام کرسی پر نیم دراز ہو کر اس بارے میں مزید سوچنے لگا۔

اس کیفیت میں اگلے روز میں سمپیگے ہلّی سے نکلا اور سب دوستوں کو الوداع کہا۔ یہ سب لوگ مجھے بار بار کہتے رہے، ’ہم نے تو پہلے ہی کہا تھا‘۔ کل جس آدمی کو میں نے برا بھلا کہا تھا، اس نے کہا، ’کل آپ کو مجھ پر غصہ تھا، آج آپ خود کو خوش قسمت سمجھیں کہ آپ کا آخری وقت نہیں آیا تھا۔ مگر اب تیسری رات وہاں گزارنے سے توبہ کریں کہ اس بار آپ کنویں میں چھلانگ لگا دیں گے‘۔

میں چاہتا تو اس سے بحث کر سکتا تھا کہ اگر میرا آخری وقت آ گیا ہے تو قسمت مجھے یہاں سے واپس نہ جانے دے گی اور تیسری رات بھی میں وہیں کنویں کے پاس ہی گزاروں گا، چاہے کچھ بھی ہو جاتا مگر میں خاموش رہا۔

٭٭٭

۶۔ گرہٹّی کے تیندوے کا معمہ

ریاست مدراس میں ضلع سالم میں ایک بڑا دیہات پناگرام ہے۔ اس دیہات سے جنوب کی سمت پگڈنڈی انچٹی کو جاتی ہے۔ اس راستے سے ایک میل دور ایک چھوٹی بستی ہے جسے گرہٹی کہتے ہیں۔ یہاں بمشکل دس بارہ گھر ہوں گے۔

اس کا فاصلہ انچٹی سے ۷ میل ہے مگر گرہٹی تک کار کا سفر انتہائی مشکل ہے کہ انتہائی تنگ موڑ آتے ہیں اور دو پتھریلے نالے عبور کرنے پڑتے ہیں جن میں سال کے نو ماہ ذرا سا بھی پانی نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ راستہ سارا متواتر دشوار چڑھائی اور اترائی پر مشتمل ہے۔ میں فورڈ ماڈل ٹی کے دور میں جوان تھا اور اس پر سوار ہو کر ان مشکلات کو عبور کر کے چوٹی پر پہنچتا تو گاڑی کے ریڈی ایٹر سے بھاپ کے بادل نکل رہے ہوتے تھے۔

ایک بار ایسا ہوا کہ آدھی چڑھائی پر ہی میری کار جواب دے گئی۔ میں متور کے فارسٹ لاج کو جا رہا تھا جو گرہٹی سے بھی ۱۲ میل آگے ہے۔ میرا ارادہ تھا کہ میں وہاں اپنے دوست بیرا پجاری سے ملوں گا اور ہم نے وہاں ایک بھٹکے ہوئے مگرمچھ کو پکڑنا تھا جو دریائے چنار کے کنارے جنگل میں کہیں تھا۔ اب میں کیا کروں؟ خدا ہنری فورڈ کو خوش رکھے، میں نے گاڑی کا رخ موڑا اور ریورس گیئر میں بہ آسانی اس چڑھائی کو عبور کر گیا۔ ظاہر ہے کہ کار کے انجن اور میری گردن پر تو کافی بوجھ پڑا، مگر چڑھائی طے ہو گئی۔

چوٹی سے ایک میل بعد راستہ دائیں مڑتا ہے اور دونوں اطراف میں جنگل ہے۔ ایک اور میل چل کر راستے کے دائیں جانب چشمہ آتا ہے اور اسی کے عین مخالف سمت گرہٹی فارسٹ لاج کو جانے والا راستہ ہے۔ یہ چھوٹا سا خوبصورت بنگلہ تھا مگر اس کے ساتھ ایک مسئلہ تھا کہ یہ ہمیشہ بند رہتا تھا۔ اس کا چوکیدار ہمیشہ ہی چھٹی پر رہتا تھا۔ کبھی وہ انچٹی جاتا مگر اکثر پناگرام کا رخ کرتا کہ وہاں خوبصورت لڑکیاں بکثرت تھیں۔ یہاں اس سے ایک کہانی وابستہ ہے۔

برطانوی راج کے دور میں ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر جو اس علاقے میں متعین تھا، پرانے خیالات کا آدمی تھا۔ یہ آدمی اصولوں کا بہت سخت اور مجھے یکسر ناپسند کرتا تھا۔ مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی کہ وہ مجھے کیوں ناپسند کرتا تھا۔ شاید یہ بھی ایک وجہ ہو کہ میں ’اس‘ کے جنگلات میں گھومتا تھا اور یہ بھی کہ ایک دو بار جب اس سے بات ہوئی تو اس نے مجھے انتہائی حقارت سے دیکھا تھا۔ اس آدمی نے مجھے سختی سے کہا تھا کہ میں اس کے علاقے کے کسی بھی فارسٹ بنگلے میں قیام سے قبل اس سے تحریری اجازت لوں۔ یہ اصول ابھی تک قائم ہے۔ مگر ہندوستان میں آپ جس سے بھی پوچھیں گے، یہی جواب ملے گا کہ اصول بنانے کا مقصد ہی انہیں توڑنا ہوتا ہے۔ ہر آدمی اصول توڑتے ہوئے خوشی محسوس کرتا ہے۔ جتنا سخت اصول ہو گا، اتنا ہی اسے توڑنے میں مزہ آئے گا۔ جب ہر آدمی ہی یہی کرتا تو میں بھی ایسا کیوں نہ کروں؟

مشکل سے بچنے کی خاطر ایک بار میں نے اس سے ایک ماہ قبل اپنے قیام سے آگاہ کر کے قیام کی اجازت مانگی۔ چونکہ میرے پاس اس جنگل میں شکار کا لائسنس تھا، سو مجھے قیام کی تحریری اجازت مل گئی اور ساتھ ہدایات کا پرچہ بھی لف تھا کہ میں ہر اصول کی پابندی کروں، جنگل میں آگ نہ جلاؤں اور واپس روانہ ہونے سے قبل قیام کی مدت کا کرایہ ادا کر دوں وغیرہ وغیرہ۔

میری روانگی کا دن آن پہنچا اور میں خوشی خوشی فورڈ ٹی پر سوار ہو کر گرہٹی روانہ ہوا۔ خوش قسمتی سے جونہی چڑھائی طے ہوئی، موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔ ماڈل ٹی کو موسم کی کوئی پروا نہیں ہوتی تھی اور بارش اسے کہاں روک سکتی تھی۔ شاید اسی وجہ سے اس کار کے اطراف میں مسافروں کو موسم سے بچاؤ کا کوئی انتظام نہیں تھا۔

جب میں گرہٹی کے فارسٹ لاج پہنچا تو پوری طرح بھیگا ہوا تھا۔ بدقسمتی سے چوکیدار حسبِ معمول غائب تھا اور دروازے پر بھاری قفل لٹک رہا تھا۔

میں نے ڈی ایف او سے پیشگی اجازت لے لی تھی اور یہ کام ایک ماہ قبل ہو گیا تھا۔ اب یہ ان لوگوں کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس کی اطلاع چوکیدار کو دیتے تاکہ مجھے لاج بند نہ ملتا۔ دوسروں پر اصولوں کے سخت نفاذ کا حامی آدمی مجھے پھنسا گیا تھا۔ بارش اتنی تیز تھی کہ میں اور میرا ساز و سامان بری طرح بھیگ گیا تھا۔

میں نے بنگلے کے گرد چکر لگایا تو پتہ چلا کہ ایک غسل خانے کا عقبی دروازہ کافی کمزور ہے۔ میں نے ذرا سا زور لگایا تو دروازہ کھل گیا اور میں اندر داخل ہو گیا۔

میں اپنے منصوبے کے مطابق پورا ایک ہفتہ وہاں مقیم رہا مگر اس دوران ایک بار بھی چوکیدار کی شکل نہ دکھائی دی۔ شاید اسے پناگرام کی لڑکیوں نے واپس آنے کی اجازت نہ دی ہو گی۔ جب میری روانگی کا وقت آیا تو سوال پیدا ہوا کہ کرایہ کیسے ادا کیا جائے؟ غسل خانے کا دروازہ بند کرنا کوئی مسئلہ نہ تھا۔

بنگلور پہنچ کر میں نے بذریعہ ڈاک کرایہ ڈی ایف کو بھجوا دیا اور ساتھ خط بھی لکھا کہ کیسے طوفانی بارش کے دوران پناہ کی تلاش میں مقفل بنگلے کے گرد چکر لگاتے ہوئے میرا پیر پھسلا اور میرا ہاتھ لگنے سے غسل خانے کا ایک دروازہ ٹوٹ گیا اور یہ بھی کہ یہ بنگلہ انتہائی غیر محفوظ تھا کہ اس کے دروازے ہاتھ لگنے سے ٹوٹ جاتے تھے۔

چوکیدار میری توقع سے زیادہ عیار نکلا۔ اس نے اپنے افسرِ اعلیٰ سے مل کر میرے خلاف ایک منصوبہ تیار کیا اور الٹا میرے خلاف شکایت درج کرا دی کہ بنگلے سے ساگوان کی آرام کرسی اور جستی ٹب غائب تھے چاہے وہ میں نے چوری کیے تھے یا پھر کسی اور نے، مگر میں نے حکومتی عمارت کو نقصان پہنچایا تھا، سو اب یہ میری ذمہ داری بن گئے۔ ڈی ایف او نے مجھے خط لکھا کہ سات دن کے اندر اندر میں اپنی صفائی پیش کروں ورنہ میرے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ چوکیدار کی غیر حاضری کے بارے میں اس نے ایک لفظ بھی نہ لکھا۔

میں نے اس بارے میں سوچا۔ اگر ڈی ایف او معقول انسان ہوتا تو میں ان دونوں چیزوں کی قیمت ادا کر دیتا۔ مگر موجودہ صورتحال میں وہ الٹا مجھے چور مان لیتا۔ ویسے بھی ہندوستان میں کون چور پرانے اور ناکاری جستی ٹب اور خستہ کرسی چوری کرتا؟

ظاہر ہے کہ یا تو چوکیدار نے خود انہیں چوری کیا تھا یا پھر ڈی ایف او کے کہنے پر اس نے مجھے پھنسانے کی کوشش کی ہو گی۔ تمام تر ناپسندیدگی کے باوجود مجھے یقین تھا کہ ڈی ایف او ایسی گری ہوئی حرکت نہیں کر سکتا۔ میری توجہ اب چوکیدار پر مبذول ہو گئی کہ اس نے اپنی غیر حاضری کا بہانہ گھڑا ہو گا۔ چوکیدار نے سامان غائب کیا ہو گا کہ اگر وہ اسے بیچنے کی کوشش کرتا تو پکڑا جاتا۔ پھر اس نے یہ سامان کہاں چھپایا ہو گا؟

اس کا واضح جواب یہ تھا کہ اس نے اپنی محبوبہ کے گھر چھپایا ہو گا۔ سو میں فوراً پناگرام روانہ ہوا اور نصف شب کے بعد جا پہنچا جب ہر کوئی سو رہا تھا۔ میں نے رنگا کو جگایا اور اسے پورا معاملہ بتا کر کہا کہ وہ سامان کی تلاش میں میری مدد کرے۔ اب سوال یہ پیدا ہوا کہ اتنا بھاری سامان وہ کیسے گرہٹی سے پناگرام تک ۱۲ میل لے کر گیا ہو گا۔ رنگا نے فوراً جواب دیا کہ بانسوں سے بھری بیل گاڑی استعمال ہوئی ہو گی۔

گرہٹی کے آس پاس کے جنگل سے بانس کاٹ کر پناگرام بھیجے جاتے تھے جہاں محکمہ جنگلات کا ڈپو تھا۔ چوکیدار محکمہ جنگلات کا ہی ملازم تھا، سو اس نے بہ آسانی کسی گاڑی بان کو سامان پناگرام لے جانے کے لیے آمادہ کر لیا ہو گا۔

خوش قسمتی سے رنگا بھی ایسا ہی ایک گاڑی بان تھا اور وہ دیگر گاڑی بانوں کو بخوبی جانتا تھا۔ رنگا فوراً ان سے معلومات لینے نکل کھڑا ہوا۔ صبح چار بجے جب رنگا واپس لوٹا تو اس کے پاس معلومات تھیں کہ کن دو گاڑی بانوں نے یہ سامان منتقل کیا اور اب یہ دونوں چیزیں کہاں ہیں۔

تھانے میں اتنی رات گئے ہم نے اکلوتے سپاہی کو جگایا۔ اکیلا ہونے کی وجہ سے اس نے صاف جواب دیا کہ وہ تھانہ خالی نہیں چھوڑ سکتا۔ تھوڑی سی رقم لینے کے بعد اس نے حامی بھر لی۔ ہمیں سٹیشن کی نگرانی کے لیے چھوڑ کر وہ سیدھا پولیس لائنز گیا اور ایک اور سپاہی کو لے کر آیا۔ ہم سپاہی کے ہمراہ جب اس دوشیزہ کے گھر گئے تو اس کی خوبصورتی دیکھ کر مجھے چوکیدار پر رشک آیا۔ تاہم اس لڑکی کے چھوٹے سے مکان میں چوری شدہ سامان موجود تھا۔

اس لڑکی کو گرفتار کر لیا گیا اور سامان کو تھانے لے آئے۔ بعد میں جب سب انسپکٹر آیا تو میں ںے اسے دو عرضیاں دیں۔ پہلی تو اس سامان کی چوری کی درخواست تھی جو کئی دن پہلے کی تاریخ میں لکھی گئی تھی۔ دوسری میں سب انسپکٹر کی تعریف کی گئی تھی کہ اس نے کتنی جلدی اور عمدگی سے چوری شدہ سامان برآمد کر لیا تھا۔ سب انسپکٹر خوش ہو گیا۔ میں نے اسے کہا کہ اب وہ اس لڑکی کو چھوڑ کر چوکیدار کو گرفتار کرے۔ سب انسپکٹر نے صاف انکار کر دیا کہ یہ لڑکی مسروقہ سامان کے ساتھ پکڑی گئی ہے، سو اس کو چھوڑنا ممکن نہیں۔

ڈی ایف او کو میرے وکیل نے ہتکِ عزت کا نوٹس بھجوایا اور کافی بڑی رقم کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کی ایک نقل ہم نے چیف کنزرویٹر کو بھی بھیجی جو مدراس کے جنگلات کا افسرِ اعلیٰ تھا۔ تاہم یہ ڈی ایف او ریٹائر ہونے والا تھا، سو وہ فوری طور پر فرلو پر چلا گیا اور پھر ریٹائر ہو گیا۔ مجھے اس بات کی خوشی تھی کہ میں نے چور اور چوری شدہ سامان تلاش کر لیا تھا۔

یاد رہے کہ جنگل میں جانوروں کے علاوہ انسانوں سے بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اب اصل کہانی کی طرف لوٹتے ہیں۔ ہندوستان میں رہنے کے لیے انسان کو ہوشیار ہونا چاہیے۔ اس پر ایک اور بات یاد آئی۔

ہندوستان میں بغیر ٹکٹ سفر عام ہے۔ اس مقصد کے لیے کافی ٹکٹ چیکر بھرتی کیے گئے ہیں اور مختصر سے سفر کے دوران بھی آپ کو کئی جگہ ٹکٹ دکھانا پڑتا ہے۔ میرا ایک واقف ہندوستان سے برطانیہ گیا تو اسے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ شہر میں سفر کے دوران ٹکٹ نہیں دکھانا پڑتا۔ سو اس نے مفت سفر شروع کر دیا۔ کئی ماہ تک ہر روز کے مفت سفر کے بعد وہ آخر ایک روز پکڑا گیا۔

خیر، ان سب باتوں کا تیندوے سے کوئی تعلق نہیں جس کے بارے میں میں اب لکھنے والا ہوں۔

فارسٹ لاج سے دو فرلانگ پیچھے گرہٹّی کی چھوٹی سی وادی ہے۔ یہاں لکڑہاروں کے پانچ یا چھ گھر ہیں اور محکمہ جنگلات کے لیے قلی کا کام کرتے ہیں۔ ان کے ذمے سڑک کی مرمت ہے اور جب موقع ملے، یہ لوگ صندل کی لکڑی چوری کرتے ہیں اور ہرن وغیرہ کا شکار بھی کر لیتے ہیں۔ چور شکار گرمیوں میں ہوتا ہے جب تالاب وغیرہ خشک ہو جاتے ہیں اور اس علاقے میں پانی اس چشمے پر ہی ملتا ہے جو میں نے اوپر کہانی کے شروع میں بیان کیا تھا کہ جہاں پگڈنڈی سے راستہ اس فارسٹ لاج کو مڑتا ہے۔ یہ لوگ رات کو وہاں چھپ کر شکار کرتے ہیں۔

یہاں چند بھیڑیں  اور مرغیاں بھی پالی جاتی ہیں کہ برطانوی راج میں بکریاں پالنے پر سخت پابندی تھی۔ بکریاں نئے اگنے والے درخت کھا جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی چند مویشی تھے مگر شیر اور تیندوے ان کا صفایا کر چکے تھے۔

اس کہانی کا تیندوا اوسط جسامت کا تھا جو اس بستی کی ادھر ادھر گھومتی مرغیاں کھاتا تھا۔ پھر تیندوے نے ہمت پکڑی اور مرغی خانوں میں گھس کر مرغیاں مارنے لگا۔ تیندوے بھوک مٹانے کے لیے نہیں بلکہ تفریح کی خاطر سارا مرغی خانے تباہ کر دیتے ہیں۔ جب مرغیاں ختم ہوئیں تو اس نے بھیڑوں کا رخ کیا کہ اور کچھ کھانے کو نہیں تھا۔ ایک ایک کر کے بھیڑیں ختم ہونے لگیں۔ مجھے اس تیندوے کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ جانوروں تک ہی محدود ہے اور انسانوں کو کبھی نقصان نہیں پہنچایا۔

میں نے پہلی بار شام ساڑھے چار بجے یہ تیندوے دیکھا۔ میں لاج میں آرام کرسی پر بیٹھا چائے پی رہا تھا کہ چشمے پر حرکت محسوس ہوئی۔ دن کافی گرم تھا اور روشنی خوب پھیلی ہوئی تھی۔ اس وقت جنگلی جانور چھپے رہتے ہیں۔ حرکت دوبارہ ہوئی تو دیکھا کہ زرد رنگ کا ایک جانور تالاب کے کنارے اگے نرسلوں سے باہر نکلا۔ میں یہ نہ جان سکا کہ یہ کون سا جانور ہو گا۔

چند منٹ بعد میں نے دیکھ لیا کہ یہ تیندوا ہے۔ اس نے سیدھا میری طرف رخ کیا ہوا تھا جیسے اسے اندازہ ہو کہ اس لاج سے اس کے لیے خطرہ ہے۔ تین منٹ تک بغور معائنہ کرنے کے بعد تیندوے کی تسلی ہوئی۔ اس نے جھک کر پانی پیا اور اس دوران دو بار رک کر بنگلے کی جانب دیکھا۔

دوسری بار میں نے اسے ایک جنگلی مرغ کے پیچھے درخت پر چڑھتے دیکھا۔ میں علی الصبح جنگل کی سیر سے لوٹ رہا تھا کہ جنگلی مرغ چیخ مار کر چند گز دور اڑا۔

اس کی چیخ سن کر میں رک گیا۔ میرا خیال تھا کہ میری وجہ سے مرغ اڑا ہو گا۔ مگر اگلے لمحے جھاڑیوں سے نکل کر تیندوا اس کے پیچھے درخت پر چڑھا۔ مرغ ایک اور چیخ مار کر اڑ گیا۔ تیندوے نے گردن موڑ کر نیچے میری سمت دیکھا۔

تیندوے نے مجھے دیکھا تو اس نے اپنی گرفت ڈھیلی کی اور درخت سے نیچے گرا۔ ایک لمحے کے لیے اس کی دم دکھائی دی اور اگلے لمحے وہ میری نظروں سے اوجھل ہو چکا تھا۔

تیسری مرتبہ جب میں نے اسے دیکھا تو میں اپنی فورڈ ٹی میں جا رہا تھا۔ میں گرہٹی کے بنگلے اور چشمے سے گزر کر متور سے پناگرام والے راستہ کی طرف جا رہا تھا۔

اُن دنوں یہاں کاریں نہیں آتی تھیں اور بیل گاڑیاں بھی اکا دکا تھیں۔ کبھی کبھی مویشی راستے پر دکھائی دیتے جو نترا پالیم اور دریائے کاویری کے درمیان چل رہے ہوتے۔ ان کا درمیانی فاصلہ سات یا آٹھ میل ہے۔ دریائے کاویری کے کنارے کچھ گھاس تھی۔ اس علاقے کے باسی اپنا سامان سروں پر اٹھائے یا گدھوں اور خچروں پر لاد کر لے جاتے تھے۔ یہاں خچروں کی نسبت گدھے زیادہ سستے تھے۔ اس راستے پر درختوں کی ٹہنیاں جھکی تھیں اور اس وجہ سے میں نے کار کی چھت اور اس کی سکرین نیچے گرائی ہوئی تھی۔ اس کے باوجود کئی جگہ مجھے ٹہنیوں سے بچ کر گزرنا پڑتا ورنہ ٹہنی سٹیرنگ سے ٹکرا جاتی۔

ایک تنگ موڑ کاٹٹے ہی مجھے کافی نیچی شاخ دکھائی دی جس پر تیندوا لیٹا ہوا تھا۔ ظاہر ہے کہ وہ نیچے گزرنے والے جانوروں پر گھات لگا رہا تھا۔ اترائی کی وجہ سے میں نے کار کا انجن بند کیا ہوا تھا۔ سو تیندوے کو میری آمد کا علم نہ ہوا۔

جب میں اس کے نیچے پہنچا تو تیندوا گھبرا کر کودا اور سیدھا کار کی ڈگی پر گرا۔ پھر اس نے جست لگائی اور جھاڑیوں میں غائب ہو گیا۔ جست کے دوران اس کے پنجوں نے کار کی چھت میں خراشیں ڈال دیں جو کپڑے کی بنی ہوئی تھی۔

اس راستے پر ایک اور دیہات آتا ہے جس کا نام جنگل پالیم ہے۔ یہ گرہٹی اور نترا پالیم کے وسط میں ہے اور دونوں سے اس کا فاصلہ اڑھائی اڑھائی میل ہے۔ اس بستی کو میں ’مطمئن گاؤں‘ کہتا ہوں کہ شہری، طبی، تعلیمی اور دیگر سہولیات نہ ہونے کے باوجود یہ لوگ ہمیشہ خوش، ہنستے کھیلتے اور مدد کو تیار ملتے ہیں۔ کسی بھی قسم کی سیاسی وابستگی سے ان کا کوئی تعلق نہ تھا۔

ہر ماہ جب پورا چاند ہوتا تو اس سے دو دن قبل اور دو دن بعد گاؤں والے چاندنی میں مختلف کھیل کھیلتے جو رات کے کھانے کے ایک یا دو گھنٹے بعد یعنی آٹھ بجے کے قریب شروع ہوتے اور نصف شب تک جاری رہتے۔ رواج کے مطابق مرد اور عورتیں الگ الگ کھیلتے۔ عورتیں گاؤں کے وسطی چوک میں اور مرد گاؤں سے باہر ۵۰ گز دور مسطح میدان پر کھیلتے جہاں غلہ بھوسے سے الگ کیا جاتا تھا۔ عورتیں زیادہ تر گاتیں اور ناچتیں جبکہ مرد مختلف کھیل کھیلتے جن میں ’بلچک‘ یا ’کبڈی‘ اہم تھے۔ یہاں کبڈی کو ’گوڈو گوڈو‘ کہا جاتا تھا۔

اس کھیل کے قوانین سادہ ہیں۔ میدان کے وسط میں کوئلے سے ایک لکیر کھینچ دی جاتی ہے اور پانچ سے سات افراد کے دو گروہ دونوں اطراف کھڑے ہو جاتے ہیں۔ پہلے گروہ کا ایک آدمی (دیہاتوں میں ان گروہوں کو الگ الگ نام دیے جاتے ہیں جو مینڈک، ٹِڈے، حرامی وغیرہ ہوتے ہیں) کبڈی لفظ کو متواتر اونچی آواز میں دہراتے ہوئے لکیر عبور کرتا ہے اور دوسرے گروہ کے کسی آدمی کو چھونے کی کوشش کرتا ہے۔ دوسرے گروہ (جس کا نام نامرد، ہیجڑے یا کوئی اور نام بھی ہو سکتا ہے) کے آدمی میں سے جب کسی کو چھوا جائے تو وہ کوشش کرتے ہیں کہ مخالف آدمی کو لکیر واپس نہ عبور کرنے دیں اور اسے اس وقت تک دبائے رکھیں جب تک کہ اس کا سانس نہ ٹوٹ جائے۔ اگر پہلا آدمی سانس ٹوٹے بغیر لکیر واپس عبور کر جائے تو اسے ایک پوائنٹ مل جاتا ہے۔ اگر مخالف ٹیم اسے واپس جانے سے روک دے تو پوائنٹ انہیں مل جاتا۔

جب پہلے گروہ کی باری ختم ہوتی تو دوسرے گروہ کی باری آتی۔ اس طرح یہ سلسلہ چلتا رہتا۔ جو گروہ سب سے پہلے ۲۱ پوائنٹ جمع کر لیتا، وہ جیت جاتا۔ انعام ۵۰ پیسے رکھا جاتا جو ہارنے والا گروہ جیتنے والے کو دیتا۔ یہ رقم ایک شلنگ سے بھی کم ہے۔

میں نے بہت چاندنی راتیں ان لوگوں کے ساتھ اس کھیل میں گزاری ہیں۔ تب میں بہت سخت جان اور جوان تھا۔ اس کے باوجود میرے لیے سانس برقرار رکھ پانا بہت مشکل ہو جاتا تھا۔ میں جب بھی کھیلتا تو خواتین تماشا دیکھنے پہنچ جاتی تھیں کہ دورائی کیا کر رہا ہے۔ دونوں گروہ یہ کہتے کہ میں ان کے لیے بوجھ نہیں۔ جب میں رات گئے گرہٹی کو واپس پیدل چل کر یا گاڑی پر جاتا تو اکثر جنگل میں گزرتے ہوئے خود کو یہی لفظ دہراتے ہوئے پاتا۔

پھر اچانک تیندوے نے حملہ کیا۔ راستے پر گزرتے ہوئے جس شاخ پر میں نے تیندوے کو لیٹے دیکھا تھا، شاید وہ تیندوے کی پسندیدہ کمین گاہ تھی کہ یہاں سے وہ آسانی سے حملہ کر سکتا تھا۔ ایک دن اس نے املی سے لدے گدھے پر اسی شاخ سے حملہ کیا۔ گدھوں پر دو جانب تھیلوں میں املی لدی ہوئی تھی۔ مالک گدھے کو پناگرام کی منڈی لے کر جا رہا تھا۔ یہ آدمی بیلگری کا پھل کھانے کو رکا اور گدھا ۵۰ گز دور ایک موڑ سے گزرا تو مالک کو اچانک آواز آئی جیسے کوئی بھاری جسم گرا ہو اور گلا گھونٹا جا رہا ہو۔

اسے شک نہ ہوا کہ گدھے کے ساتھ کوئی مسئلہ ہوا ہو گا، اس نے سوچا کہ شاید آگے ہاتھی موجود ہو۔ اس وجہ سے وہ محتاط ہو کر موڑ تک پہنچا۔ اس نے دیکھا کہ تیندوا گدھے کو مارنے کے بعد اس کے پیٹ پر سوار تھا اور اس کے منہ سے گدھے کا خون بہہ رہا تھا۔ تیندوا گدھے کی شہ رگ ادھیڑ چکا تھا۔

پھر اس آدمی نے بھاگنے کی بجائے غصے سے دوڑ کر تیندوے پر اپنی لاٹھی پھینکی۔ تیندوے شاید بہت بھوکا تھا، اس نے بھاگنے کی کوشش نہیں کی۔

لاٹھی تیندوے کی کمر پر پڑی اور تیندوے نے سیدھا اس آدمی کے گلے کو دبوچنے کی کوشش کی۔ اس آدمی کی لمبی اور کالی داڑھی تیندوے کے منہ میں آئی تو اس نے گلے کی فکر چھوڑ کر اس آدمی کا سینہ چبانا شروع کر دیا۔ آدمی توازن برقرار نہ رکھ سکا اور پشت کے بل گرا اور چلانے لگا۔

عین اسی وقت میں وہاں سے کچھ دور وادی کے پیچھے پہاڑی ڈھلوان پر اپنے عم زاد کے لیے ایک خاص قسم کا بیٹل تلاش کر رہا تھا۔ مجھے چیخوں کی آواز آئی تو سمجھا کہ جنگلی ہاتھی کسی کو مار رہا ہے۔ میں اس سمت بھاگا۔ بدقسمتی سے اس وقت میری رائفل فارسٹ لاج میں تھی کہ بیٹل پکڑتے وقت رائفل کو ساتھ نہیں رکھا جاتا۔ ویسے بھی اس علاقے میں کسی آدم خور درندے یا پاگل ہاتھی کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔

اتنی دیر میں چیخوں کی آواز رک گئی اور اب میں سوچنے لگا کہ یہ کہاں سے آئی ہوں گی۔ میں نے سوچا کہ شاید جنگلی ہاتھی نے کسی انسان پر حملہ کیا ہو گا تو یہ راستے کے آس پاس ہی کہیں ہوا ہو گا۔ سو میں راستے کی سمت بھاگا اور جگہ جگہ ٹھوکریں کھاتا ہوا آخرکار راستے پر پہنچ گیا۔

وہاں پہنچ کر کچھ نہ دکھائی دیا۔ میں سوچنے لگا کہ دائیں جاؤں یا بائیں۔ آواز اتنی دور سے آئی تھی کہ میں نے سوچا کہ اب جنگل پالیم کی سمت جا کر بائیں مڑوں گا اور اس دوران کوشش یہی ہو گی کہ کم سے کم آواز پیدا ہو۔ مجھے توقع تھی کہ کسی بھی لمحے پاگل ہاتھی سے سامنا ہو سکتا ہے۔

پھر میں نے زور سے آواز دی مگر کوئی جواب نہ ملا۔ میں فرلانگ بھر آگے پہنچا کہ مجھے گدھے کی لاش اور اس کا مالک دکھائی دیا۔ تیندوا اسے چھوڑ کر بھاگ گیا تھا۔ شاید یہ انسان سے اس کا پہلا سامنا تھا اور انسانی چیخیں سن کر تیندوے کی ہمت جواب دے گئی تھی۔ جب اس آدمی نے مجھے تو دیکھا تو اس کے جسم میں حرکت پیدا ہوئی اور اس نے بتایا کہ اس کا نام سبرامنیم ہے اور پناگرام کو املی لے کر جا رہا تھا کہ تیندوے نے اس پر حملہ کیا۔ پھر وہ بیہوش ہو گیا۔ میں نے اسے کندھے پر ڈالا اور سیدھا فارسٹ لاج کو چل پڑا تاکہ اسے کار میں ڈال کر بنگلور ہسپتال کو لے جاؤں۔

افسوس، جب فارسٹ لاج پہنچ کر میں نے اسے نیچے اتارا تو اس پر عالمِ نزع طاری تھا۔ اس کے منہ سے خون بہہ رہا تھا اور سینے کے زخموں سے بھی خون جاری تھا۔ اس کے پھیپھڑے میں سوراخ ہو چکا ہے۔ جب میں نے اسے کار میں ڈالا تو وہ مر چکا تھا۔ اب یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ میں نے متعلقہ حکام کو کیسے اس کے بارے میں مطلع کیا اور پھر کیا ہوا۔ مگر انہیں مطلع کرنے کے بعد میں واپس لوٹا تاکہ گرہٹی، جنگل پالیم اور نترا پالیم کے لوگوں کو تیندوے کے خطرے سے آگاہ کروں۔

عجیب بات دیکھیے کہ اگلے چند ماہ تیندوے کی کوئی اطلاع نہ ملی۔ پھر پناگرام میں ہیضے کی وبا آن پہنچی اور ہر طرف لوگ مرنے لگے۔ وبا نترا پالیم تک پہنچ گئی۔ اس دور افتادہ بستی میں بھی دو تین افراد ہیضے کا شکار ہوئے۔ وبائی مرض کا شکار ہونے کی وجہ سے دیہاتیوں نے ان کی لاشوں کو جلانے یا دفن کرنے کی بجائے جنگل میں پھینک دیا۔

شاید تیندوے نے ایسی ہی کچھ لاشیں کھائی ہوں مگر یقین سے کہنا ممکن نہیں کہ کوئی بھی دیہاتی ایسی لاشوں کے قریب بھی نہ پھٹکتا تھا۔ اگر یہ وجہ نہ ہو تو پھر اس تیندوے کے آدم خور بننے کی وجہ جاننا ممکن نہیں۔

ہوا کچھ یوں کہ گرہٹی والے چشمے سے ایک لڑکا گھڑا بھرنے گیا اور واپس نہ لوٹا۔ اس کی غیر حاضری کا واحد سبب جو اس کے گھر والوں کو سمجھ آیا وہ اس کا نکما پن تھا۔ شام ہوئی تو اس کا باپ اسے مارنے کی نیت سے ڈنڈا اٹھا کر چشمے کو روانہ ہوا۔ اس کا خیال تھا کہ لڑکا وہیں راستے میں ہی کہیں سو رہا ہو گا۔ راستے میں اس کے باپ کو ٹوٹا ہوا گھڑا ملا اور ساتھ پانی کے نشانات بھی تھے۔ صاف لگ رہا تھا کہ واپسی کے سفر پر یہ گھڑا ٹوٹا ہے۔ پھر اس کو پاس موجود گھاس پر لڑکے کے خون کے نشانات ملے اور ان نشانات پر تیندوے کے پگ ثبت تھے۔ ایسا لگتا تھا کہ جیسے تیندوا راستے کے پاس چل رہا تھا کہ اس کی نظر واپس لوٹتے لڑکے پر پڑی اور اس نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ گھسیٹنے کے نشانات واضح بتا رہے تھے کہ تیندوا لاش کو لے کر کس سمت گیا ہے۔

شیروں کی نسبت تیندوؤں کی جسامت چھوٹی ہوتی ہے اور طاقت بھی اسی حساب سے کم۔ سو وہ لاش اٹھانے کی بجائے گھسیٹ کر لے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے وہ جائے واردات سے زیادہ دور نہیں جاتے اور پیٹ بھرنے لگتے ہیں۔ شیر نہ صرف زیادہ اونچے بلکہ زیادہ طاقتور بھی ہوتے ہیں اور بھینسے جیسے بھاری جانور کو بھی مکمل اٹھا کر لے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جب شیر اپنے شکار کو دور لے جانے کے ارادے سے مارے تو گردن سے پکڑ کر جھٹکے سے اپنی پشت پر لاد لیتا ہے۔ اس طرح شکار کا سارا وزن شیر کی چاروں ٹانگوں پر آ جاتا ہے اور شیر اپنے شکار کو بہت دور تک لے جا سکتے ہیں۔ آدم خور کے زیادہ تر شکاروں کی لاش اسی وجہ سے نہیں مل پاتی۔

لڑکے کا باپ بھاگا بھاگا گرہٹی آیا اور دیگر افراد کو مدد کے لیے بلایا۔ یہ لوگ پتھر اور لاٹھیاں لے کر روانہ ہوئے۔ انہیں زیادہ دور نہ جانا پڑا اور چشمے کے دوسری جانب لڑکے کی لاش ایک جھاڑی کے نیچے پڑی تھی۔

اس روز سے اکیلے دیہاتی جنگل میں جانا بند ہو گئے۔ کم از کم ۴ آدمی مل کر  کلہاڑیاں، ٹوکے یا لاٹھیاں لے کر جاتے۔ جنگل پالیم، نترا پالیم، پناگرام اور انچٹی تک خبر پہنچ گئی۔ ہر آدمی اس تیندوے کی ٹوہ میں رہنے لگا۔

عجیب بات دیکھیے کہ اکا دکا مرغیاں اور بھیڑیں بھی بدستور غائب ہوتی رہیں۔ اس علاقے کے زیادہ تر لوگوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ یہ ’بے ضرر‘ تیندوا دیکھا تھا اور میں خود بھی اسے تین بار دیکھ چکا تھا۔ مگر کسی شخص نے اس تیندوے کو املی والے آدمی کی ہلاکت سے نہ جوڑا۔ آدم خور کے بارے میں یہ سمجھا جاتا تھا کہ کوئی اور درندہ ہو گا جو زخموں یا بیماری کی وجہ سے جانور مارنے کے قابل نہ رہا ہو گا۔ بعض لوگوں نے یہ بھی کہا کہ ہیضے والے مریضوں کی لاش کھانے سے تیندوا پاگل ہو گیا ہو گا۔ اس علاقے میں آدم خور شاید ہی کبھی ہوئے ہوں اور یہاں سے کافی دور کمپی کاری کے علاقے دو آدم خور شیر پیدا ہوئے تھے۔ آدم خور تیندوے کے بارے میں کسی کو ذرا سا بھی خیال نہ تھا۔

تیسرا شکار ایک عورت بنی جو اپنے دو سالہ بچے کو کنویں سے نہلا کر آ رہی تھی۔ اس کنویں کا پانی کھارا ہے اور اسے پینے یا کھانے پکانے کے لیے مناسب نہیں سمجھا جاتا۔ عجیب بات دیکھیے کہ تیندوے نے بچے کو ہاتھ بھی نہ لگایا اور ماں کو ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش کو کنویں سے چند گز پیچھے نالے میں لے گیا۔ بچے کے رونے کی آواز سن کر گاؤں والے آئے تو انہیں خبر ہوئی۔

اس حادثے پر دور دور تک لوگ خبردار ہو گئے۔ لکڑی کاٹنے اور جنگل میں ہونے والے تمام امور یکسر بند ہو گئے اور چور شکاری جو رات کو چھپ کر چشموں پر شکار کرتے تھے، بھی اپنی حرکتوں سے باز آ گئے۔

میری کچھ زرعی زمین انچٹی میں ہے اور جو آدمی اس کو کاشت کرتا ہے (مگر معاوضہ ادا کرنے کا تکلف نہیں کرتا)، وہ گرہٹی کے نمبردار کی جانب سے یہ خبر لے کر میرے پاس بنگلور آیا۔ بدقسمتی سے میں ان دنوں کافی مصروف تھا۔ میں نے کہا کہ میں ہفتے بعد آ جاؤں گا اور اسے کہا کہ وہ نمبردار کو بھی بتا دے کہ اکیلا کوئی آدمی گاؤں سے باہر نہ نکلے۔ تیندوے نسبتاً بزدل ہوتے ہیں اور صرف رات کو حملہ کرتے ہیں۔ مگر اس تیندوے نے تینوں انسانی شکار دن دیہاڑے کیے تھے۔

تیندوے کی چوتھی واردات کے اگلے روز میں گرہٹی پہنچا۔ اس بار اس کا شکار گرہٹی کے بنگلے کے چوکیدار کا بیٹا تھا۔ یاد رہے کہ یہ وہی چوکیدار ہے جس نے مجھے چوری کے مقدمے میں پھنسانے کی کوشش کی تھی۔ تیندوا صبح منہ اندھیرے اپنا شکار ہلاک کر کے لے گیا۔

چوری والے معاملے کے بعد چوکیدار ملازمت سے برخاست ہو گیا تھا اور اس نے نیلامی میں چھوٹے ٹھیکے لینے شروع کر دیے جیسا کہ پھل، مختلف ادویاتی جڑی بوٹیاں اور پتے، مہندی، شہد، ہرنوں کے گرے سینگ جمع کرنے اور اسی طرح کے دیگر ٹھیکے لیتا تھا۔  اپنی موت کے روز یہ لڑکا گرہٹی رہنے والے پجاریوں سے بات کرنے آیا تھا کہ وہ اس کے ساتھ چل کر ۴ میل دور پریاملائی کے پہاڑی غاروں سے لٹکے شہد کے کچھ چھتے اتارنے میں اس کی مدد کریں۔

اس لڑکے کا نام نٹ راج تھا اور یہ لڑکا شہد جمع کر چکا تھا اور چار پانچ کنستروں میں بھر کر محفوظ کر لیے تھے۔ ایک کنستر سے اوسطاً ۲۴ بوتل شہد نکلتا ہے۔ شہد کی ایک بوتل تین روپے کی ہے۔ یہ لڑکا آرام سے ۳۰۰ روپے کما کر جا رہا تھا۔

گرہٹّی لوٹ کر اس نے سوچا کہ اس علاقے میں رات کو جنگلی ہاتھیوں کی موجودگی کی اطلاع تھی، سو رات وہیں گزارے گا۔ یہ ہاتھی دریائے کاویری سے آئے ہوئے تھے اور اب تلوادی کی کھائیوں میں گھومتے تھے۔ پناگرام بازار کو جانے والا راستہ اسی مقام سے گزرتا تھا۔ نٹ راج شہد کی بوتلوں سمیت ہاتھیوں کا سامنا نہیں کرنا چاہتا تھا۔

اس کے باپ کی سابقہ جائے ملازمت یعنی فارسٹ لاج مقفل تھا مگر گیراج کھلا تھا کہ اس کا دروازہ نہیں تھا۔ نٹ راج نے رات وہیں اپنی شہد سمیت گزارنے کا فیصلہ کیا۔

گرہٹّی والوں نے صبح سورج نکلنے سے قبل چیخیں سنیں مگر چونکہ ان کی تعداد کافی کم تھی اور ہتھیار بھی نہیں تھے، سو انہوں نے اپنے جھونپڑوں کے دروازے بند رکھے اور روشنی ہونے کا انتظار کیا۔ جب یہ لوگ گیراج کو پہنچے تو دیکھا کہ نٹ راج تو غائب تھا مگر وہاں جدوجہد کی علامات تھیں۔ مٹی کے فرش پر خون موجود تھا اور شہد کا ایک کنستر الٹ گیا تھا جس پر ہزاروں چیونٹیاں چمٹی ہوئی تھیں۔ بھاری جسم گھسیٹنے کے نشانات بھی تھے۔ گیراج سے جنگل دس گز سے بھی کم فاصلے پر شروع ہو جاتا تھا۔

تیندوے نے زیادہ دور جانے کا تکلف نہیں کیا تھا۔ لڑکے کا سر، بازو اور ٹانگیں ابھی تک بچی ہوئی تھیں کہ آدم خور تیندوا ہو یا شیر، انہیں زیادہ پسند نہیں کرتے۔ باقی ساری لاش کھائی جا چکی تھی۔ اس سے پتہ چلتا تھا کہ تیندوا کتنا بھوکا تھا۔ تیندوے کے پگ اس کی چھوٹی جسامت کی دلیل تھے۔

میں گرہٹی دس بجے پہنچا اور پولیس کی آمد سے قبل لاش کو دیکھنے میں کامیاب رہا۔ پولیس نے پہنچتے ہی سوالات کی بھرمار کر دی کہ میں وہاں کیوں آیا ہوں، میرے پاس اسلحہ لائسنس ہے، ڈرائیونگ لائسنس، کار لائسنس، غرض تیندوے سے ہٹ کر انہوں نے ہر طرح کا سوال مجھ سے کیا۔

میں نے انہیں بتایا کہ اگر وہ لاش کو یہیں رہنے دیں اور خود واپس چلے جائیں تو اس طرح مجھے وہاں چھپ کر بیٹھنے کا موقع مل جائے گا اور اگر تیندوا آیا تو اس کو شکار کر سکوں گا۔ امکان تھا کہ سہ پہر یا اندھیرا چھانے کے بعد تیندوا لوٹتا۔

سب انسپکٹر کی عدم موجودگی میں دفعدار (ہیڈ کانسٹیبل یا سارجنٹ)  ہی افسرِ اعلیٰ تھا، سو اس نے فوراً انکار کر دیا۔ اس نے کہا کہ لاش کو ہاتھ بھی نہ لگایا جائے کہ سب انسپکٹر خود آ کر ان کا جائزہ لے گا۔ اسے انچٹی واپس جانا تھا، سو اس نے دو سپاہی وہیں چھوڑ دیے تاکہ شام کو یا اگلی صبح جب سب انسپکٹر آئے گا تو وہ معائنہ کر سکے۔

یہ سننا تھا کہ دونوں سپاہیوں کے رنگ اڑ گئے۔ ایک نے کہا کہ اس نے ناشتہ نہیں کیا اور اگلی صبح تک بھوکا رہنا اس کے لیے ممکن نہیں۔ دوسرے سپاہی نے بتایا کہ اسے شدید کھانسی اور بخار ہے۔ دفعدار نے جب بحث کی کہ ابھی تک تو وہ ایک بار بھی نہیں کھانسا تو دوسرے سپاہی کو فوراً کھانسی شروع ہو گئی۔

خیر، حکمِ حاکم مرگِ مفاجات۔ دفعدار اپنی سائیکل پر واپس انچٹی کو روانہ ہو گیا جبکہ دونوں سپاہی وہیں رہ گئے۔ دونوں سپاہیوں نے ایک دوسرے اور پھر مجھے دیکھا۔ میں انہیں اشارے سے تسلی دی کہ فکر نہ کرو۔ دفعدار کے روانہ ہوتے ہی یہ دونوں سپاہی مجھے چھوڑ کر گرہٹّی کو چل دیے تاکہ اس منحوس جگہ سے دور جا سکیں۔ ان کے جاتے ہی میں نے چھپنے کے لیے کسی مناسب جگہ کی تلاش شروع کر دی۔

آدم خوروں کے معاملے میں یہ عام بات ہے کہ بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ نہیں ملتی۔ آدم خور عموماً اپنے شکار کو کسی ایسی جگہ لے جاتے ہیں جہاں گھنی جھاڑیاں اور گھاس ہو تاکہ کوئی مداخلت نہ کرے۔ اس لیے ان کا شکار عموماً درختوں سے دور ہی ہوتا ہے۔ اس مقام پر امبل کی کافی گھنی جھاڑیاں تھیں اور آدم خور نے لاش ایسی ہی دو گھنی جھاڑیوں کے درمیان چھوڑی تھی۔ یہاں کمین گاہ بنانا فضول تھا کہ دور سے ہی دکھائی دے جاتی۔

میں نے کافی سوچا اور پھر ایک حل سمجھ آ گیا۔ یہ حل بتانا اتنا آسان نہیں، سو میں آپ کو تفصیل سے سمجھانے کی کوشش کرتا ہوں۔

لاش کے شمال میں فارسٹ بنگلا اور گیراج تھے۔ مشرق میں تھوڑے ہی فاصلے پر گرہٹی تھی اور یہ مقام کافی کھلا تھا۔ مغرب میں ہلکی جھاڑیاں تھیں جن سے راستہ گرہٹّی سے جنگل پالیم کو جاتا تھا۔ جنوب میں گھنی جھاڑیاں تھیں اور پیچھے چھوٹی پہاڑی۔

میں مغربی جانب سے آیا تھا اور تیندوے کے پگ یہاں کی ریتلی زمین پر نہ دکھائی دیے تھے۔ سو تیندوا جنوب سے ہی آیا ہو گا اور اسی جانب پہاڑی کو ہی گیا ہو گا۔

میرا منصوبہ یہ تھا کہ میں گیراج میں چھپ جاؤں اور جب تیندوے کے پیٹ بھرنے کی آواز سنائی دے (اگر سنائی دے) تو میں پنجوں کے بل بنگلے کے سامنے سے ہوتا جنگل پالیم کے راستے پر جانے کے بعد اس مقام پر پہنچوں جو تیندوے اور پہاڑی کے درمیان ہو گا تاکہ واپس لوٹتے تیندوے پر گولی چلا سکوں۔

جب میں مطلوبہ جگہ پہنچ جاؤں تو میں (پہلے سے جمع شدہ) پتھر تیندوے کی سمت پھینکوں تاکہ وہ گیراج کے قریب گر کر آواز پیدا کریں۔ اس طرح تیندوا گھبرا کر بھاگے گا تو اس کا رخ سیدھا میری جانب ہو گا۔ تیندوؤں میں سونگھنے کی حس بالکل نہیں ہوتی سو اسے میری موجودگی یا نقل و حرکت کا اندازہ نہیں ہو سکے گا۔ تیندوے کی قوتِ سماعت بہت تیز ہوتی ہے اور ہلکی سی آواز بھی پیدا ہوئی تو وہ سن لے گا۔ مگر اس خطرے کو مول لیے بغیر گزارا بھی نہیں تھا۔

پھر ایک اور خیال کے تحت میں نے سوچا کہ اپنی خاکی قمیض کی دھجیاں بنا کر انہیں مغرب کی سمت راستے کے کنارے جھاڑیوں پر لٹکا دوں گا تاکہ جب تیندوا فرار ہو تو اس سمت نہ جائے۔ شمال میں بنگلے والی سمت تیندوا ویسے بھی نہ جاتا۔ مشرق کی سمت گرہٹی تھی، سو تیندوا میری جانب ہی آتا۔

میں نے جب تک قمیض کے نیچے کچھ نہ پہنا ہو، میں اسے نہیں پھاڑتا۔ موجودہ صورتحال میں اور کوئی چارہ نہ تھا کہ دوسری قمیض جو کار میں تھی، وہ اس سے بہتر حالت میں تھی۔ میں نے قمیض اتار کر اس سے آٹھ یا دس لمبی پٹیاں بنائیں اور راستے کے کنارے امبل کی جھاڑیوں پر مختلف جگہوں پر باندھ دیں۔ لاش کے مقام سے تیندوا انہیں نہ دیکھ سکتا مگر فرار ہوتے ہوئے اگر وہ مغرب کا رخ کرتا تو اسے یہ دھجیاں فوراً دکھائی دے جاتیں۔ اگر یہ دھجیاں سفید یا کسی اور رنگ کی ہوتیں تو بہت بہتر رہتا مگر شکار کے لیے خاکی رنگ کے کپڑے ہی شکاری ساتھ لے جاتا ہے۔

پھر میں گرہٹی گیا جو بنگلے کے مشرق میں تھی اور ان لوگوں اور سپاہیوں کو بتایا کہ اب وہ گھر سے باہر نہ نکلیں۔ اس ہدایت کی ضرورت نہیں تھی کہ ان کے گھروں سے چند گز دور ہی نٹ راج ہلاک ہوا تھا اور یہ لوگ کسی قیمت پر گھر سے نکلنے کو تیار نہ تھے۔

پھر میں نے اپنی کار کو دھکیل کر بنگلے کے دوسری جانب کھڑا کر دیا کہ تیندوا گیراج کو آئے تو اسے کار نہ دکھائی دے۔ میں نے کار سے سارا سامان بشمول بستر، خوراک، پانی اور بندوق وغیرہ نکال کر گیراج میں رکھ دیا۔ یہاں میں نے اگلی صبح تک رکنا تھا کہ شاید تیندوے کی ہلاکت کا موقع مل جاتا۔

یہ کام دوپہر سے پہلے ہو گیا۔ سورج جھلسا رہا تھا اور خشک جنگل سے جھینگروں کی آواز آ رہی تھی۔ کبھی کبھی دیگر پرندوں کی آواز بھی سنائی دے جاتی۔

گھنٹوں پر گھنٹے گزرتے رہے اور زمین سے گرم ہوا کے بھبھکے اٹھتے رہے اور گرمی اتنی شدید ہو گئی کہ جھینگروں کے سوا سبھی چرند و پرند خاموش ہو گئے۔

وقت گزرتا رہا اور میں ہڈیاں چبائے جانے کی آواز کا منتظر رہا۔ آسمان پر ایک بڑا گِدھ اڑ رہا تھا جس کی آواز سنائی دے جاتی تھی۔ اس نے شاید لاش دیکھ لی تھی مگر انسانی بستی کے قریب ہونے کی وجہ سے نہ اترا تھا۔

پانچ بجے تو گرمی کی شدت کافی کم ہو گئی اور گدھ کی بھوک تیز تر۔ اس نے سیدھا زمین کا رخ کیا اور لاش سے کچھ دور زمین پر بھد سے اترا۔ جلد ہی دوسرے گدھ بھی اس کے پیچھے پیچھے اترتے اور تیندوے کی آمد سے قبل ہی ہڈیاں صاف ہو جاتیں۔ جب رات کو تیندوا آتا تو اسے کچھ بھی کھانے کو نہ ملتا تو وہ چل دیتا۔

وقفے وقفے سے چار یا پانچ مزید گدھ اترے مگر لاش کو کھانے سے جھجھک رہے تھے کہ نٹ راج کے سر میں آنکھیں سلامت تھیں اور انہیں گھور رہی تھیں۔

وقت گزرتا رہا اور شام ڈھلتے ہی پرندوں کے چہچہانے کی آوازیں آنے لگیں۔ جنگل سے محبت کرنے والے افراد کے لیے یہ موسیقی سے کم نہیں۔

پھر گدھوں کے اڑ کر درختوں پر بیٹھنے کی آواز سنائی دی۔ اب گدھ یہاں صبح تک بیٹھ رہتے۔

تاریکی چھانے لگی اور اچانک ایسی خاموشی چھا گئی جسے محسوس کرنا مشکل نہیں۔ شب بیدار پرندوں کی آوازیں آنے لگیں۔ پھر الو بولا۔ میں نے رائفل پر ٹارچ جمائی ہوئی تھی اور اس کی روشنی کو تنگ دائرے کی شکل میں رکھا ہوا تھا۔ پھر رات کی تاریکی گہری ہو گئی۔ تیندوا ابھی تک غائب تھا اور میرا پورا منصوبہ ناکام ہو رہا تھا۔

اگلے چھ گھنٹے تک خاموشی رہی۔ چاند اب ڈھل رہا تھا اور روشنی اتنی نہیں تھی کہ میں تیندوے کی آمد پر اس کے خلاف اپنے منصوبے پر عمل کر سکتا۔

شاید اسی مایوسی کی کیفیت میں مجھ پر اونگھ طاری ہو گئی۔ پھر اچانک میری آنکھ کھل گئی۔ مجھے سمجھ نہ آئی کہ میں کیوں بیدار ہوا مگر یہ کیفیت واضح تھی کہ جیسے میں شدید خطرے میں ہوں۔ یہ کیفیت بہت بھاری تھی۔

ایک لمحے کو میں نے سوچا کہ میرے حواس میرے ساتھ کھیل رہے ہیں مگر شدید خطرے کا احساس گہرا ہوتا چلا گیا۔ مجھے کسی چیز سے فوری خطرہ تھا۔

پھر مجھے احساس ہو گیا کہ آدم خور کہیں قریب ہے۔ میری چھٹی حس نے مجھے بہت مرتبہ بچایا تھا اور ایک بار پھر مجھے نیند سے بیدار کر کے بتا رہی تھی کہ آدم خور تیندوا حملہ کرنے والا ہے۔

میں نے اعشاریہ ۴۰۵ بور کی رائفل کو سختی سے تھاما اور ہر طرف دیکھنے لگا۔ گیراج کے دروازے سے چاندنی صاف دکھائی دے رہی تھی۔ بنگلا بھی دکھائی دے رہا تھا۔ پھر اس روشن دروازے کے نچلے بائیں کنارے پر کوئی چیز ہلی۔ کوئی سیاہ رنگ کی چیز تھی۔ اس مقام پر چاندنی نہیں پڑ رہی تھی مگر اس کے پسِ منظر میں چاندنی تھی جس کی وجہ سے مجھے یہ حرکت محسوس ہوئی۔

سایہ پھر ہلا اور پھنکار سنائی دی۔ یہ کوبرا بھی ہو سکتا ہے اور آدم خور بھی۔

خوش قسمتی سے میں نے ذرا بھی حرکت نہ کی تھی۔ اگر میں نے ذرا سا بھی حرکت کی ہوتی تو اس سائے کو احساس ہو جاتا کہ اس کی موجودگی اب راز نہیں رہی۔ مگر اب مجھے تیزی سے حرکت کرنی تھی۔

اٹھتے ہوئے میں نے خود کو پیچھے کی سمت دھکیلا اور سیدھا دیوار سے ٹکرایا۔ پھر میں نے رائفل کی نال اٹھا کر ٹارچ جلائی۔ ٹارچ کی روشنی سے عارضی طور پر اندھا ہونے کے باوجود تیندوے نے حملہ کر دیا۔

اگلے چند لمحوں کے بارے میں میں بہت تشکر اور عاجزی سے لکھوں گا کہ میں نے تیندوے کو پہلی گولی سے ہلاک کر دیا۔ میں شیخی نہیں بگھار رہا۔ جنگلی جانور سخت جان ہوتے ہیں اور سانبھر ۹ گولیاں کھا کر بھی کئی میل بھاگ سکتا ہے، بائسن ۱۵، جنگلی ہاتھی ۲۵ اور شیر یا تیندوے کو کئی گولیاں بھی گرانے میں ناکام ہو سکتی ہیں۔ اس دوران آدم خور درندہ آپ کی بوٹیاں نوچ سکتا ہے۔

یہ بھی ممکن ہے کہ گولی نہ چلے کہ کارتوس خراب ہو۔ یہ بھی ممکن ہے کہ گولی چلتے ہی جانور ایک طرف ہو جائے۔ کچھ بھی ممکن ہے۔ خوش قسمتی سے میری چلائی ہوئی گولی نشانے پر بیٹھی اور تیندوا جست کے درمیان تھا کہ گولی کھا کر نیچے گرا۔ میں نے احتیاطاً دو مزید گولیاں اس کے کانپتے جسم میں اتار دیں۔

سب انسپکٹر اگلی صبح کافی جلدی پہنچ گیا۔ تاہم وہ اس بات پر خوش نہ تھا کہ رات کے وقت نٹ راج کی زیادہ تر ہڈیوں کو لگڑبگڑ اور گیدڑ لے گئے تھے۔

٭٭٭

۷۔ لکاولّی کا آدم خور

اگر آپ ریاست میسور کے مغربی حصے میں تاری کیرے کے قصبے کو جائیں تو وہاں کار کے قابل دو سڑکیں دکھائی دیں گی۔ ان سڑکوں پر اگر آپ قصبے سے چار یا پانچ میل دور جا کر لوگوں سے ملیں تو وہ آپ کو شیروں کی سرگرمیوں کے بارے میں بہت کچھ بتائیں گے۔

پہلی سڑک تاری کیرے سے جنوب مغرب کی سمت جاتی ہے اور لِنگڈ ہلّی کے گاؤں سے مڑ کر بابا بدان کے نیم قوسی پہاڑی سلسلے کے دامن میں سنتاویری کی بستی سے ہو کر ۲۰ میل دور چک مگلور کو جاتی ہے۔

دوسری سڑک شمال مغرب کو بابا بدان کے مشرقی اور شمال مشرقی ڈھلوان سے ہو کر مڑتی ہے اور لکاولّی اور امبل بیلے کی بستیوں سے ہو کر ۱۰ میل دور بھدراوتی کے قصبے کو جاتی ہے۔ ان دونوں قصبوں کو براہ راست ۱۰ میل لمبی تیسری سڑک بھی ملاتی ہے۔

پہلی اور دوسری سڑک بابا بدان کے پہاڑی سلسلے کی جنوبی اور شمالی ڈھلوانوں سے گزرتی ہیں۔ ان پہاڑوں کو عبور کرنے والے شیر عموماً شمال یا مغرب کی وادی سے آتے تھے اور یہاں ان کا سامنا جنوبی سڑک پر واقع سنتاویری کی بستی سے ہوتا تھا یا پھر ان کے سامنے مشرقی سڑک والا علاقہ لال باغ ہوتا۔

سنتاویری کی بستی اور یہ علاقہ سارا لال باغ کہلاتا ہے۔ میں نے اسی علاقے میں آدم خور شیر کے ساتھ دو دو ہاتھ کیے تھے۔ سنتاویری سطح سمندر سے ۴،۵۰۰ فٹ بلند ہے اور پتھریلا اور گھنے جنگل سے بھرا ہوا ہے۔ لال باغ کا علاقہ یہاں سے سیدھی لکیر میں ۳۵ میل اور ۱۰۰۰ فٹ نیچے ہے۔ لال باغ کا علاقہ بہت کم پتھریلا ہے اور یہاں کا جنگل سنتاویری سے زیادہ گھنا ہے۔

میں اس علاقے کے پوسٹ ماسٹر ڈِک برڈ سے ملنے آیا ہوا تھا جو پورے ضلع میں شیروں کا سب سے مشہور شکاری اور میرا دوست ہے۔ اس آدمی نے بارہ بور کی بندوق سے تمام شیر شکار کیے تھے۔ اسے رائفل کے استعمال سے سخت چڑ تھی۔

اس نے مجھ سے پوچھا، ’جوک، تم نے کیمن گنڈی کے شیر کے بارے میں سنا؟‘

کیمن گنڈی سنتاویری اور لال باغ کے درمیان واقع ہے اور ڈِک ہمیشہ مجھے جوک کہتا ہے۔ میں نے اتنے مختلف مقامات پر شکار کھیلا ہے اور اتنے لوگوں سے دوستی رکھی ہے کہ ہر آدمی مجھے مختلف نام سے پکارتا ہے۔ بہت پرانے دوست مجھے ’جوک‘، ’سکاچی‘ یا ’سکاچ‘ کہتے ہیں جب کہ نئے دوست مجھے ’اینڈی‘، ’کینیتھ‘، ’کین‘ یا ’کے ڈی ایس‘ کہتے ہیں۔

سکول میں مجھے ’سپیرا‘ کہا جاتا تھا کہ مجھے سانپوں سے شغف تھا اور سکول یا عبادت کے دوران جہاں موقع ملتا، سانپ چھوڑ کر تماشا دیکھا کرتا تھا۔ خیر، یہ سب بہت پرانی باتیں ہیں۔

میرے بیٹے کا دوست ’رستم دودھ والا‘ مجھے ہمیشہ ’ڈاٹ‘ کہتا ہے اور مجھے اس سے بہت شرمندگی ہوتی ہے۔ اب خود سوچیے کہ مجھ میں اور ’نقطے‘ میں کیا مماثلت ہو سکتی ہے۔ اب اتنے زیادہ ناموں کی وجہ سے جب کسی تقریب میں کسی کا نام زور سے لیا جاتا ہے تو میں غائب دماغی سے ادھر ادھر دیکھنے لگتا ہوں کہ شاید کوئی مجھے بلا رہا ہو گا۔

خیر، اب ڈِک کے سوال کو لوٹتے ہیں۔

میں نے جواب دیا، ’نہیں۔ میں کافی عرصے بعد اس علاقے میں آیا ہوں۔ ضلع سیلم میں مَیں کافی سرگرم رہا ہوں مگر اب میں نیلگری اور آندھرا پردیش جاتا رہتا ہوں کہ وہاں ابھی تک شیر بکثرت ہیں‘۔

ڈِک بولا، ’ہاں، وہاں بھی شیر ہیں مگر وہ عام شیر ہیں جو مویشی اٹھا کر بھاگنے میں عافیت سمجھتے ہیں جو کوئی نئی بات نہیں۔ میں جس شیر کے بارے میں بات کر رہا ہوں، وہ کچھ مختلف ہے‘۔

پھر اس نے مجھے تفصیل سے بتایا کہ اس علاقے میں حال ہی میں ایک بہت بڑا شیر آیا ہے جو جنگل میں چرائی کے لیے بھیجے جانے والے مویشیوں پر سڑک پر ہی حملہ کرتا ہے اور سب سے فربہ گائے مارنے کے بعد اپنی پشت پر لاد کر لے جاتا ہے۔ ایسا بہت مرتبہ ہو چکا ہے اور یہ مقام تاری کیرے اور چک مگلور والی سڑک پر ہے۔ یہی واقعہ کئی بار کیمن گنڈی والی سڑک پر بھی ہو چکا ہے جو تاری کیرے اور چک مگلور والی سڑک سے نکلنے والے ایک راستے پر ہوتا ہے۔ یہ مقام لنگڈ ہلّی کے قریب ہے۔

ڈک نے یہ بھی بتایا کہ دو یا تین بار چرواہوں نے ہلاک شدہ گائے کی لاش واپس لینے کی کوشش میں شیر پر پتھر اور ڈنڈے پھینکے تو شیر الٹا ان پر حملہ آور ہو گیا اور چرواہے سر پر پیر رکھ کر بھاگے۔ بعد میں نشانات دیکھنے سے اندازہ ہوا کہ چرواہوں کو بھگانے کے بعد شیر لوٹا اور اس نے گائے کو اٹھا کر اپنی پشت پر لادا اور چل دیا۔ عموماً شیر گلے یا گردن سے پکڑ کر اپنے شکار کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جاتے ہیں۔

ہم نے اس بات پر بحث کی اور نتیجہ نکالا کہ یا تو یہ شیر انتہائی نڈر اور خرانٹ نر ہے یا پھر وہ لاش کو کہیں دور لے جا کر کھاتا ہے جس سے یہ امکان پیدا ہوتا ہے کہ شاید یہ شیر نہیں بلکہ شیرنی ہو جو اپنے بچوں کے لیے خوراک لے جاتی ہو۔ اس شیر کو علم تھا کہ اگر وہ طویل فاصلے تک جانور کی لاش کو گھسیٹ کر لے گیا تو وہ جگہ جگہ خاردار جھاڑیوں اور پتھروں وغیرہ سے پھنستی جائے گی۔ شاید اسی لیے وہ اٹھا کر لے جاتا تھا۔

ڈِک نے شکایتاً کہا، ’اگر میں اس محکمے سے چند روز کی چھٹی لے سکتا تو اس شیر کو لازمی شکار کرتا۔ مگر دو یا تین روز کی چھٹی بھی طویل کاغذی کاروائی کے بعد ملتی ہے۔ چھٹیوں کے دوران میری جگہ تاری کیرے یا چک مگلور سے کوئی آدمی آئے گا اور افسرِ اعلیٰ میری چھٹی کے بارے میں سنتے ہی غصہ ہو جاتا ہے۔ پوسٹ ماسٹر بننے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے‘۔

میرا چکر تمام ہوا اور میں بنگلور لوٹا اور اس شیر کے بارے میں سب کچھ بھول گیا۔ ویسے بھی مجھے مویشی چور یعنی لاگو شیروں سے کوئی دلچسپی نہیں۔

چند ماہ گزرے اور پھر ایک صبح میں بنگلور کے ضلعی میجسٹریٹ کے دفتر کچھ سٹامپ پیپر خریدنے گیا۔ وہاں مجھے سٹامپ فروش کے پاس ایک دیسی آدمی ملا۔ اسے ایک خاص مالیت کا سٹامپ چاہیے تھا جو دستیاب نہیں تھا اور نہ ہی کم قیمت والے، کہ وہ ایک سے زیادہ خرید لیتا۔

میں نے اپنا مطلوبہ سٹامپ خریدا جو اس آدمی کی مطلوبہ قیمت سے کہیں زیادہ کا تھا اور مل رہا تھا۔

سٹامپ فروش نے مجھ سے پوچھا، ’نام؟‘ یہ سرکاری کاروائی ہوتی ہے کہ سٹامپ کی پشت پر خریدار کا نام لکھا جاتا ہے۔

‘کے ڈی ایس اینڈرسن‘۔ میں نے رک رک کر اپنا نام ہجوں کے ساتھ بتایا تاکہ اسے لکھنے میں آسانی ہو۔

دیسی آدمی مجھے گھورنے لگا۔ خیر نام کے اندراج کے بعد میں نے رقم ادا کی اور سٹامپ اٹھا لیا۔ پھر یہ دیسی آدمی بولا۔ ’معاف کیجیے، آپ وہی مسٹر اینڈرسن ہیں جو شیروں کے مشہور شکاری ہیں؟‘

میں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، ’ہاں، میں وہی ہوں مگر اتنا بھی مشہور شکاری نہیں۔ کہیں آپ میرے بیٹے کی بات تو نہیں کر رہے‘۔

اس نے جواب دیا، ’میرا نام وینکٹ سبا راؤ ہے اور میں تاری کیرے کے نزدیک لکاولّی ڈیم کے منصوبے کا اسسٹنٹ چیف انجینیر ہوں۔ جب آپ نے اپنا نام بتایا تو میرے کان کھڑے ہوئے۔ میں نے سنا ہے کہ آپ نے بہت جگہوں پر شیروں کا شکار کیا ہے۔ براہ کرم آپ لکاولی آئیے اور میرے مہمان بنیے۔ میری رہائش گاہ کافی بڑی ہے اور آپ آسانی سے اس میں رہیں گے۔ آدم خور شیر کے شکار کے لیے میں پورا بندوبست کروں گا‘۔

میں نے حیرت سے پوچھا، ’کون سا آدم خور؟‘

اب حیران ہونے کی باری اس کی تھی۔ ’آپ نے واقعی اس کے بارے میں کچھ نہیں سنا؟ تین روز قبل اخبار میں خبر تھی۔ آئیے کافی پیتے ہیں اور پھر میں آپ کو تفصیل بتاتا ہوں‘۔

یہاں ایک چھوٹا سا ریستوران ہے جس کا نام ’ٹِفن روم‘ ہے۔ سو ہم دونوں وہاں پہنچے اور کافی پیتے ہوئے اس نے یہ کہانی سنائی۔

تاری کیرے والی سڑک پر بابا بدان کی مشرقی ڈھلوان سے ایک بڑا شیر آیا ہے جو لکاولّی سے گزر کر بھدراوتی جانے کے چکر میں تھا۔ اس نے اس علاقے کے مویشیوں کو مارنا شروع کر دیا تھا۔ یہ شیر اپنے شکار کردہ جانور کو اپنی پشت پر لاد کر لے جاتا تھا اور اگر کوئی چرواہا اسے بھگانے کی کوشش کرتا تو وہ دہاڑتے ہوئے اس کا پیچھا کرتا۔ پھر یہ شیر اپنے شکار سمیت مغرب کی سمت لال باغ کو چلا جاتا۔

وقت گزرتا رہا اور کسی چرواہے کو نقصان نہ پہنچا مگر شیر اپنا شکار کرتا رہا۔ چرواہوں کا غصہ بڑھتا گیا اور ان کی مداخلت سے شیر بھی زیادہ غصیلا ہوتا گیا۔

ایک دن ایسا آیا کہ دونوں جانب برداشت ختم ہو گئی۔ شیر نے ایک چرواہے کی موجودگی میں ایک فربہ گائے دبوچی تو چرواہا نسبتاً نڈر ثابت ہوا اور اس نے اپنی لاٹھی شیر پر پھینک ماری۔ شیر نے اپنا شکار چھوڑا اور غراتا ہوا چرواہے کی طرف بڑھا۔ ایسے وقت چرواہے بھاگ جاتے تھے۔

یہ آدمی فرار نہ ہوا بلکہ دہشت کی وجہ سے اپنی جگہ کھڑا رہ گیا۔ چونکہ وینکٹ سبا راؤ وہاں نہیں تھا، سو اسے علم نہیں کہ چرواہا کیوں فرار نہ ہوا۔ شیر نے چرواہے کو ہلاک کر کے وہیں کھایا اور پھر اپنی شکار کردہ گائے کو اٹھا کر چل پڑا۔

چرواہے کی ہلاکت کی خبر دور دور تک پھیل گئی اور چرواہوں نے شیر کو بھگانے کی کوشش ترک کر دی۔ جب بھی شیر حملہ کرتا تو چرواہے فوراً بھاگ کھڑے ہوتے اور شیر ان کو تنگ نہ کرتا۔ مگر دور کے چرواہوں نے اس واردات کے بارے میں نہ سنا تھا۔ انہوں نے حملے کے وقت شیر کو بھگانے کی کوششیں جاری رکھیں۔ شیر کو انسان کی کمزوری کا علم ہو چکا تھا، سو اس نے لکاولی میں دو چرواہوں کو ہلاک کر کے کھایا اور اس کی ہمت اور بڑھ گئی۔ پھر اس نے دو چرواہے کیمن گنڈی سے کھائے اور اور ایک سنتاویری کے قریب سے۔ یہ تینوں افراد مکمل کھا لیے گئے تھے اور سب سے اہم یہ تھا کہ انسانی گوشت سے پیٹ بھرنے کے بعد شیر گائے کی لاش وہیں چھوڑ جاتا تھا۔

اس کے بعد شیر لکاولی لوٹا۔ اس بار دو چرواہے ریوڑ لے کر نکلے تھے جن میں سے باپ ادھیڑ عمر اور اس کا بیٹا پندرہ برس کا تھا۔ یہ دونوں کھڑے ہو کر مویشیوں کو دیکھ رہے تھے کہ لڑکے نے ایک جگہ ابھری ہوئی زمین کے پیچھے شیر کا سر دیکھا جو انہیں دیکھ رہا تھا۔ اس نے باپ کو شیر کا سر دکھایا اور پھر دونوں سر پر پیر رکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے جبکہ مویشی پیچھے رہ گئے۔ اس بار شیر نے مویشیوں کو چھوڑ کر ان کا پیچھا شروع کیا۔

لڑکا کم عمر اور تیز رفتار تھا، سو وہ اپنے باپ سے آگے تھا کہ باپ نے دیکھا کہ شیر نے اس کے پاس سے گزر کر لڑکے کو دبوچ لیا۔ باپ نے دہشت کے مارے شیر اور لڑکے کو وہیں چھوڑا اور خود نکل کھڑا ہوا۔ جب گاؤں پہنچا تو گر کر بیہوش ہو گیا۔ ہوش آنے کے کافی دیر بعد وہ اصل واقعہ بتانے کے قابل ہو سکا۔

دیہاتی سیدھا وینکٹ سبا راؤ کے پاس آئے اور اس سے مدد مانگی۔ اس کے پاس آتشیں اسلحہ نہ تھا، سو وہ فوری مدد سے قاصر تھا۔ اس نے باپ سے کرید کرید کر سوالات کیے اور اس سے تمام تر تفصیلات نکلوائیں اور پھر اب مجھ تک پہنچا دیں۔

اسی وقت ایک ہرکارہ ۱۱ میل دور تاری کیرے مدد لانے بھیجا گیا۔ اس دوران مویشیوں کا ریوڑ واپس لوٹ آیا۔ سبھی مویشی زندہ سلامت تھے۔

اگلی صبح کئی پولیس والے اور فارسٹ گارڈ جن کی کل تعداد ۹ بنی، ہاتھوں میں لاٹھیاں لے کر جائے واردات کو روانہ ہوئے۔ ان کے ساتھ رائفلوں سے مسلح دو سپاہی اور ایک سب انسپکٹر بھی تھا جس کے پاس سرکاری ریوالور تھا۔ اس طرح متوفی کا باپ ان ۱۲ افراد کے ساتھ حملے کی جگہ پہنچا۔ لڑکے کی لاش نہ مل سکی اور سبھی واپس لوٹ آئے۔

اس کے بعد ڈیم پر کام کے لیے قلیوں کا قحط پڑ گیا۔ دیہات کے رہنے والے دیہات سے باہر جانے سے کترانے لگے اور کافی مزدور تاری کیرے لوٹ گئے۔ کافی مزدور سائیکلوں پر تاری کیرے سے روز ۱۱ میل کا سفر طے کر کے کام کرنے آتے اور شام کو پھر واپس لوٹ جاتے تھے اور اب انہوں نے سفر یکسر روک دیا۔ چاول، غلہ، روٹی اور سبزیاں لے کر تاری کیرے سے آنے والے افراد بھی رک گئے کہ اس سڑک پر سفر بہت خطرناک تھا۔ ڈیم کا کام رک گیا اور وہاں رہنے والے افراد بھوکوں مرنے لگے۔

وینکٹ نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور چند دن کی چھٹی پر بنگلور آ گیا جہاں سٹامپ فروش کے پاس ہماری ملاقات ہوئی۔ اس نے مجھ سے بار بار کہا کہ میں اس کے ساتھ لکاولی چلوں اور اس آدم خور سے لوگوں کو نجات دلاؤں۔

میں کچھ مصروف تھا مگر اس کے اصرار کے سامنے ہاں کرتے ہی بنی۔ میں نے واضح کر دیا کہ میں پانچ یا چھ دن سے زیادہ نہ رک سکوں گا۔

وینکٹ کو شاید علم نہ تھا کہ آدم خور کے شکار پر پانچ یا چھ دن کی کوئی اہمیت نہیں۔ میں نے اسے بتایا کہ وہ اپنے ہوٹل واپس جائے اور اپنا ساز و سامان لے کر میرے بنگلے پر پہنچ جائے۔ تین بجے ہم لوگ کار پر نکل پڑیں گے۔

میں سیدھا گھر پہنچا۔ اس طرح کے مواقع کے لیے میرا زیادہ تر سامان ہمیشہ تیار رہتا ہے اور کچھ ڈبہ بند اغذیہ بھی۔ یہاں ایک اور غیر متوقع چیز میری منتظر تھی۔ ڈاکیہ ڈِک برڈ کا خط لے کر آیا تھا جو کچھ یوں ہے:

’عزیزم جاک،

جلدی کرو اور کل تک یہاں پہنچ جاؤ۔ میں نے جس شیر کے بارے میں بتایا تھا، وہ اب آدم خوری پر اتر آیا ہے اور کئی چرواہوں کو کھا چکا ہے۔ کل اس نے ۳ میل دور ہوسور جانے والے میرے ڈاکیے پر ہاتھ صاف کر ڈالا۔ میرے پاس چھٹی لینے کی فرصت نہیں سو میں نے بیماری کی درخواست بھیج دی اور ڈاکیے کی لاش ڈھونڈنے نکل کھڑا ہوا۔ ہم نے ساری دن تلاش کیا مگر اس کی ٹوپی اور سلپیر کے سوا اور کچھ ہاتھ نہ آیا۔ اس کی ڈاک کا تھیلا بھی مل گیا ہے۔

مگر اب میرے پاس وقت نہیں اور کل میں نے کام پر حاضر ہونا ہے۔ اب بہانے مت کرو۔ کل دوپہر کا کھانا میرے پاس تیار ہو گا (خط ملنے کے اگلے روز)۔ دعا ہے کہ اس ڈاکیے کو شیر نہ کھا جائے۔

تمہارا دوست

ڈِک‘

ڈِک اس روز رات کو دو مہمان دیکھ کر کافی حیران ہوا۔ وینکٹ اور میں نے وقت ضائع نہیں کیا تھا۔

ہم نے رات گئے تک گپ شپ کی مگر اس کا فائدہ نہ ہوا۔ مجھے معلوم تھا کہ کل سے میرے پاس پورے ۵ دن ہیں۔ ڈِک اپنا کام چھوڑنے سے قاصر تھا۔ وینکٹ کے پاس نہ تو ہتھیار اور نہ ہی شکار کا کوئی تجربہ تھا۔ ڈاکیے کی لاش نہ مل سکی تھی، سو اب اس کی ہڈیوں کو تلاش کرنا بیکار تھا۔

وینکٹ نے کہا کہ اسے اگلے روز کام پر جانا ہے سو ہم نے کار پر اس جانب روانہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ سڑک سے یہ فاصلہ ۵۰ میل بنتا ہے مگر سیدھی لکیر میں دیکھا جائے تو کافی قریب ہے۔ ہم نے رم کا آخری جام پیا اور ڈِک کو الوداع کہہ کر نصف شب کے بعد روانہ ہو گئے۔ میں نے وینکٹ کو سکھایا کہ وہ کیسے سپاٹ لائٹ کو استعمال کرے۔ سو کافی روشنی ہو گئی تھی اور ہم اپنا راستہ اور جنگل کو بھی بخوبی دیکھ سکتے تھے۔

ابھی ہم تاری کیرے سے ۱۵ میل دور بگاودا کٹّے پر تھے جہاں سڑک پر بنے پل کے نیچے سے چھوٹی سی ندی گزرتی ہے۔ سڑک کے دونوں جانب کھجور کے اونچے اور گھنے درخت ہیں اور ان کے نیچے جھاڑیاں اور ٹائیگر گھاس موجود ہے۔ اس جگہ ہمیں ایک عجیب منظر دکھائی دیا۔ اس جگہ سڑک کی دوسری جانب ہمیں ایک شاندار شیر کھڑا دکھائی دیا۔

شیر نے اپنا سر موڑا ہوا تھا اور شاید کار کی روشنی کو دیکھ رہا تھا کہ ہمیں اس کی آنکھوں سے روشنی منعکس ہوتی دکھائی دی جو سفیدی مائل سرخ یعنی سرخ سے زیادہ سفید تھیں۔ جیسے دو خوب روشن ستارے چمک رہے ہوں۔ تیندوے کی آنکھیں نسبتاً چھوٹی، قریب تر اور سفید سے زیادہ سرخی مائل ہوتی ہیں۔

کار کی تیز روشنی میں ہمیں شیر کی دھاریاں صاف دکھائی دے رہی تھیں۔

میں نے کار روک دی۔ شیر اور تیندوے دونوں ہی جب ان پر تیز روشنی پڑے تو وہ زمین پر جھک جاتے ہیں مگر روشنی کے منبع کو دیکھتے رہتے ہیں اور اس طرح ان کا پتہ چل جاتا ہے۔ عین یہی کام اسی شیر نے کیا۔ اس نے نیچے جھک کر پیٹ کے بل رینگنا شروع کر دیا تاکہ پل کے کنارے کے پیچھے چھپ جائے۔

وینکٹ میرے ساتھ بیٹھا جوش سے کانپ رہا تھا۔ اس کے ہاتھ میں موجود سپاٹ لائٹ لرز رہی تھی اور وہ مسلسل مجھے کہہ رہا تھا کہ گولی چلاؤں۔

شیر نے اس کی آواز سن لی اور چند فٹ کی جست لگا کر پل کے پیچھے چھپ گیا۔ پھر اس نے پل کے نیچے سے ندی کو عبور کیا اور دوسرے کنارے کھجور کے جھنڈ میں گھس گیا۔ وینکٹ مجھے مایوسی سے دیکھ رہا تھا۔ اس کے ہونٹ لرز رہے تھے۔ میں سمجھا کہ وہ رو دے گا۔

میں نے اسے تفصیل سے سمجھایا کہ تمام شیر آدم خور نہیں ہوتے اور ہم ابھی آدم خور کے علاقے سے باہر ہیں اور ویسے بھی بگاوڈ کٹی کے مقام پر پل کے نیچے سے شیر اکثر ندی عبور کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایسے شیر انسان کے لیے بے ضرر ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ سڑک کے کنارے سپاٹ لائٹ کی روشنی میں شیر کا شکار نہ صرف ممنوع ہے بلکہ شکار کے اصولوں کی خلاف ورزی بھی ہے۔

یہ کہنا مشکل ہے کہ اس نے بات سمجھی یا مجھے احمق گردانا۔ دو بجے جب ہم اس کے بنگلے کو پہنچے تو وہ اس وقت تک خاموش رہا تھا۔ گھر پہنچ کر اس نے بات کرنا شروع کر دی۔

اس کی خاموشی بھی اس وجہ سے ختم ہوئی کہ شام پانچ بجے کے بعد اس کے پاس کام کرنے والے چند قلیوں میں سے ایک کو آدم خور اٹھا کر لے گیا تھا۔ اس وجہ سے قلیوں نے بنگلے پر آ کر چوکیدار کو مطلع کیا کہ وہ وینکٹ کو بتا دے کہ اب وہ لوگ اپنا کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ اب اگر پل پر شیر کو دیکھنے کے بعد میری تفصیل سے اس کی تسلی نہ بھی ہوئی ہوتی تو اب یہ واقعہ اس بات کا ثبوت تھا کہ جو شیر ہم نے دیکھا، وہ آدم خور نہیں تھا۔

وینکٹ نے کھانے کی دعوت دی جو میں نے قبول نہیں کی کہ رات کافی ہو چکی تھی۔ میں نے اسے بتایا کہ اب ہمیں سونا چاہیے اور صبح ۵ بجے اٹھ کر ہم تیار ہو کر ۶ بجے جائے واردات کا معائنہ کرنے جائیں گے۔ وہ مجھے ایک چھوٹے کمرے کو لے گیا جہاں آرام دہ بستر میرا منتظر تھا۔ ۵ منٹ بعد میں گہری نیند سو رہا تھا۔

صبح پو پھٹنے کے بعد پچھلی شام والی واردات کے مقام کو دیکھنے ہم لوگ روانہ ہوئے۔ ہمارے ساتھ چوکیدار اور تین قلی تھے۔ اتفاق سے یہ تینوں قلی اس واردات کے شاہد تھے۔ یہ چاروں قلی ڈیم کی دیوار یعنی بند کے ساتھ چلتے ہوئے اس جگہ اترنے لگے جہاں پانی کے بہاؤ کے لیے گیٹ بننا تھا۔ دوسرے کنارے پر چڑھنے سے قبل آدم خور نے وار کیا۔ انہیں سماعت شکن چیخ سنائی دی اور مڑ کر دیکھا تو چوتھا ساتھی غائب تھا۔

ایک لمحے بعد انہیں شیر اس آدمی کو گلے سے دبوچے ہوئے ڈھلوان پر چڑھتا دکھائی دیا جہاں سے یہ لوگ ابھی ابھی اترے تھے۔ اوپر چڑھ کر شیر اور اس کا شکار، دونوں ان کی نظروں سے اوجھل ہو گئے۔ اس کے بعد ان لوگوں نے ایک لمحہ ضائع کیے بنا سیدھا گاؤں کا رخ کیا اور سب کو مطلع کرنے کے بعد انجینیر کے بنگلے کو گئے اور چوکیدار کو اطلاع دی۔ متوفی کی تلاش کے لیے کوئی کوشش نہ کی گئی تھی۔

ہم نے مطلوبہ جگہ پہنچ کر نشانات دیکھے تو ساری کہانی واضح طور پر سامنے آ گئی۔ ہمارے اندازے کے برعکس آدم خور وہاں ان کے انتظار میں چھپا ہوا نہیں تھا۔ آدم خور نے کچھ دور سے ان لوگوں کو دیکھ کر ان کا پیچھا شروع کیا تھا۔ جب شیر بند پر چڑھا تو نرم مٹی پر اس کے ماگھ واضح تھے۔ حملے کی جگہ پر صاف نشانات تھے کہ حملہ کرتے ہی شیر متوفی سمیت فرار ہو گیا تھا۔

بند پر چڑھتے ہوئے شیر کے ماگھ واضح دکھائی دیے۔ آدھی چڑھائی پر اس کا پیر پھسلا تو اس کے چاروں پیروں سے بننے والی واضح لکیریں دکھائی دیں۔ یہاں شاید اس کے منہ سے اس کا شکار چھوٹ گیا تھا کیونکہ جب اس نے لاش کو دوبارہ اٹھایا تو خون کی واضح لکیر بننے لگی تھی جو چڑھائی سے ہو کر آگے جنگل میں غائب ہو رہی تھی۔

خون کی لکیر کے بغیر تعاقب ممکن نہ ہوتا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے یہاں جھاڑ جھنکار بہت گھنا تھا۔ گہری سبز گھاس پر خون کا سرخ رنگ کچھ فاصلے سے واضح دکھائی دے رہا تھا۔

شیر اپنے شکار کو لے کر مغرب کی سمت بہت دور تک گیا۔ اس نے لکا ولّی گاؤں سے نصف میل آگے سڑک کو تنگ موڑ پر عبور کیا۔ سڑک اس مقام سے آگے امبل بیل اور بھدراوتی کو واپس مڑتی ہے۔ شیر کا رخ لال باغ کی طرف تھا اور میں نے سوچا کہ وہ شاید وہاں کسی غار میں رہتا ہو گا۔

چند منٹ بعد ہم نے محکمہ جنگلات کی فائر لائن عبور کی جہاں سے لال باغ فارسٹ بلاک شروع ہو گیا۔ آدم خور یہاں بھی نہ رکا۔ اب تعاقب مشکل ہو گیا کہ متوفی کا خون جمنے لگا تھا۔ خون کے نشانات کم سے کم تر ہوتے گئے اور خون کے نشان تلاش کرنے پر زیادہ وقت لگنے لگا۔ مجھے محسوس ہوا کہ جلد ہی شاید یہ نشانات یکسر غائب ہو جائیں گے۔

دس یا پندرہ منٹ بعد یہی ہوا۔ خون کے نشانات غائب ہو گئے اور آدم خور کے ماگھ بھی دکھائی دینا ممکن نہ تھے۔ آدم خور کو یہاں سے گزرے ۱۲ گھنٹے ہو چکے تھے اور رات کو چلنے والی ہوا اور صبح کی شبنم نے گرے ہوئے پودوں اور گھاس کو دوبارہ اٹھا دیا تھا۔ اب ہم یہ نہ جان سکے کہ شیر کا رخ کس سمت تھا کہ اب ہمیں کوئی علامت نہ مل سکی۔

وینکٹ اور دیگر ساتھی بہت مایوس ہوئے۔ میں بھی مایوس تھا۔ اس دوران مجھے ایک اہم بات پتہ چلی کہ آدم خور لال باغ کے علاقے میں رہتا ہے جو میں نے شروع سے سوچا تھا۔ اندازہ تھا کہ جہاں نشان غائب ہوئے، وہاں سے لاش اور آدم خور زیادہ دور نہیں ہوں گے کہ پہلے ہی آدم خور کافی فاصلہ طے کر کے یہاں تک آیا تھا۔ میں نے دیہاتیوں سے پوچھا کہ یہاں غار وغیرہ ہیں تو ہر آدمی نے لاعلمی ظاہر کی۔

گاؤں پہنچ کر میں نے سب سے پہلے مقامی فارسٹ گارڈ کی تلاش شروع کی کہ اس آدمی کو اپنے زیرِ انتظام پورے علاقے کا علم ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے یہ آدمی سرکاری کام سے تاری کیرے گیا ہوا تھا اور اگلے روز واپسی متوقع تھی۔

میں فوراً وینکٹ کو کار میں بٹھا کر سیدھا تاری کیرے جا پہنچا۔ میرے دماغ میں غار یا کھوہ کی موجودگی کا خیال اچھی طرح جڑ پکڑ چکا تھا، سو میں تسلی کیے بغیر نہ بیٹھتا۔

نصف گھنٹے بعد ہم ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر کے دفتر تھے جہاں ہمیں نہ صرف فارسٹ گارڈ ملا بلکہ اس کا افسر فارسٹ رینجر اور اس کا افسر ڈویژنل چیف اور ڈسٹرکٹ افسر بھی مل گئے۔ ان سب کو جمع کر کے ہم نے شیر کے پچھلے شکار کے بارے میں بتایا اور یہ بھی کہ خون کے نشانات لال باغ کو جاتے ہوئے راستے میں ختم ہو گئے تھے۔ کیا ان لوگوں کو لال باغ میں کسی غار یا کھوہ یا ایسے کسی مقام کا علم ہے جہاں شیر رہ سکے؟

ڈی ایف او نے رینجر کو دیکھا اور رینجر نے گارڈ کو، پھر گارڈ نے رینجر کو دیکھا اور رینجر نے ڈی ایف او کو۔ انہوں نے آنکھوں ہی آنکھوں میں کچھ گفتگو کی۔

آخر ڈی ایف بولا، ’بدقسمتی سے اس علاقے میں کوئی غار نہیں مسٹر اینڈرسن‘۔

میرا خیال بری طرح فوت ہونے والا تھا۔ میرا نکتہ نظر ناکام رہا۔ فارسٹ گارڈ ننگے پیر تھا اور ایک پیر پر کھڑا دوسرے کے انگوٹھے سے اپنی پنڈلی کھرچ رہا تھا۔

رینجر نے جھجھکتے ہوئے اپنے افسر سے کہا، ’سوامی، کیا ایسا ممکن ہے کہ یہ شیطان مُنی سوار مندر میں چھپا ہوا ہو؟‘

رینجر نے سوچ میں ڈوبے انداز سے کہا، ’مُنی سوار مندر؟‘

ڈی ایف او شرمندگی سے سر جھکائے کھڑے گارڈ پر دہاڑا، ’مُنی سوار مندر، احمق انسان، اس مندر کے بارے میں تم نے پہلے کیوں نہیں بتایا؟ یہ آدم خور اسی مندر میں ہی چھپا ہو گا‘۔

جب جذبات کچھ سرد ہوئے تو مجھے بتایا گیا کہ لال باغ کی حد سے کچھ پہلے ایک قدیم مندر ہے جو کھنڈر بن چکا ہے۔ جب انہوں نے تفصیل بتائی تو مجھے اندازہ ہو گیا کہ جہاں ہم نے شیر کا تعاقب ختم کیا تھا وہاں سے یہ مندر زیادہ دور نہیں۔ اس کے بڑے کمرے کی چھت گر چکی ہے مگر گارڈ کے خیال میں وہاں اتنی جگہ تھی کہ شیر سہولت سے رہ سکتا۔

یہاں سے ہم لوگ لکا ولّی روانہ ہوئے اور ڈی ایف او، رینجر اور گارڈ سرکاری جیپ میں ہمارے پیچھے تھے۔ وہ شکار دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ طے ہوا کہ وہ اصل شکار کے وقت گاؤں میں ہی رہیں گے اور مجھے پریشان نہیں کریں گے۔

جب ہم لکا ولّی پہنچے تو دوپہر کے کھانے کا وقت گزر چکا تھا مگر جوش کی وجہ سے میں نے کھانے کو بھلا کر سیدھا مندر جانے کا فیصلہ کیا۔ ہم راستے میں اس جگہ سے گزرے جہاں خون کے نشانات ختم ہوئے تھے اور اس سے مزید ایک میل کے قریب آگے بڑھے کہ اچانک ایک نشیب آیا۔ اس نشیب کے وسط میں ایک جھاڑ جھنکار اور جنگل کا ایک جزیرہ سا دکھائی دیا۔ پتوں وغیرہ کی آڑ سے جھانکتے ہوئے گارڈ نے مجھے مندر دکھایا جو بھورے رنگ کا چھوٹا سا مندر تھا۔

میں نے گارڈ کو ہدایت کی کہ وہ کسی اونچے درخت پر چڑھ کر میرا انتظار کرے۔ میں نے پنجوں کے بل چھپ چھپا کر پیش قدمی شروع کی۔ سورج میری پشت جھلسا رہا تھا مگر مجھے کوئی جلدی نہیں تھی۔

جوش کی وجہ سے میں گارڈ سے پوچھنا بھول گیا تھا کہ مندر کا داخلی راستہ کس جانب ہے۔ یہ بات کافی اہم تھی کہ اگر میں مندر کے عقب میں چھپتا تو عین ممکن تھا کہ شیر چکر کاٹ کر میرے عقب سے آ سکتا تھا۔

قریب پہنچ کر دیکھا کہ مندر کا داخلی راستہ میرے سامنے اور تھوڑا سا دائیں جانب تھا۔ اس پر کچھ ملبہ بھی گرا ہوا تھا۔ میں اس حوالے سے کافی خوش قسمت تھا۔ اب میں یہاں چھپ کر شیر کو باہر بلاتا اور اسے گولی مار دیتا۔

میں نے اس منصوبے پر عمل کیا اور جلد ہی مندر کے بیرونی احاطے کے قریب پہنچ گیا۔ میں نے سوچا کہ اگر میں ایک کونے کے پیچھے چھپ کر شیر کے نکلنے کا انتظار کروں تو یہاں شیر کے حملے کا امکان نہیں رہے گا کہ شیر جب نکلتا تو سیدھا باہر کا رخ کرتا، دائیں یا بائیں دیکھنے کی کوئی وجہ نہ تھی۔

مگر یہاں ایک اور مسئلہ تھا۔ جیسے میں ایک کونے کے پیچھے چھپا ہوا تھا، عین اسی طرح شیر دوسرے کونے کے پیچھے سے چھپ کر مجھ پر عقب سے حملہ کر سکتا تھا۔ عین ممکن تھا کہ شیر اس مندر میں نہیں بلکہ جھاڑیوں میں چھپا مجھے ہی دیکھ رہا ہو؟

میں نے سوچا کہ میں مندر کے داخلی راستے سے دو فٹ دور رہ کر دیوار سے چپک جاتا ہوں۔ اس طرح عقب سے حملے سے بچ جاؤں گا۔ میں نے ایسا ہی کیا۔ اب شیر کو نکالنے کا مرحلہ تھا۔ ظاہر ہے کہ میں نے شیر کو ڈرا کر نہیں بلکہ اس کے تجسس کو ابھار کر باہر نکالنا تھا۔

میں نے آہستہ سے شیر کی دہاڑ کی نقل کی، جیسے شیر کافی دور ہو۔ کچھ نہ ہوا۔ شاید شیر نے میری آواز نہ سنی ہو؟ شیر کی سماعت بہت تیز ہوتی ہے۔ میں نے دوبارہ آواز نکالی مگر کچھ نہ ہوا۔ تیسری بار میں نے اونچی آواز نکالی۔ بظاہر اس دور والے شیر نے انتہائی تیزی سے سفر کیا ہو گا۔ مندر سے کچھ بھی نہ نکلا۔ اب میری ہمت بڑھی اور میں جھک کر آگے بڑھا اور داخلی راستے میں گھسا۔ یہاں پھپھوندی اور سیلن کی بو تو محسوس ہوئی مگر کوئی انسانی لاش نہ دکھائی دی۔ فرش پر کافی مٹی تھی جس پر کسی قسم کے نشانات نہ تھے۔ یہاں کئی ماہ سے کوئی جانور نہ گھسا تھا۔ یعنی یہ مندر شیر کی پناہ گاہ نہ تھا۔

ہم انتہائی مایوس واپس گاؤں کو لوٹے۔ وینکٹ نے ہمارے لیے اتنا کھانا تیار کیا تھا کہ ڈی ایف او اور رینجر نے بھی خوب پیٹ بھر کھایا اور گارڈ کے لیے بھی کچھ بچ گیا۔

وینکٹ کے بنگلے کے برآمدے میں بیٹھ کر تمباکو نوشی کرتے ہوئے ان لوگوں نے گپ شپ شروع کی۔ میرے لیے وقت کی اہمیت تھی مگر ہندوستان میں شاید ہی کسی اور انسان کے لیے وقت کی کوئی اہمیت رہی ہو۔

سہ پہر کو ایک لمباڑی چرواہا اپنی بھینسوں کے ساتھ بنگلے کے صحن میں آیا۔ آدم خور کے ہوتے ہوئے جنگل میں جانا تو خطرناک تھا، سو اس نے انجینیر کے بنگلے کے صحن کی گھاس کو اپنی بھینسوں کے لیے مناسب سمجھا۔ ہمارے تمباکو کے دھوئیں سے اس نے ہمت پکڑی اور ہمارے قریب آ کر اس نے سگریٹ مانگی جو ڈی ایف او نے دے دی۔ پھر ہم نے اسے بنگلے کے پیچھے والے صحن کو جاتے دیکھا اور اس کی موجودگی کو بھول گئے۔

چند منٹ بعد گارڈ نمودار ہوا اور صاف لگ رہا تھا کہ وہ ہیجان میں مبتلا ہے۔

اس نے جھجھکتے ہوئے کہا، ’جناب، معاف کیجیے مگر یہ کم ذات لمباڑی چرواہا کہتا ہے کہ مُنی سوارا کے مندر سے بھی ایک میل آگے ایک ایسا چٹانی چھجا ہے جس کے نیچے شیر چھپ سکتا ہے۔ ایک بار بھینسوں کو واپس لاتے ہوئے اس نے اسی چھجے پر شیر کو دھوپ سینکتے دیکھا تھا۔ یہ آدم خور کے ظہور سے پہلے کی بات ہے۔ شیر کو دیکھتے ہی چرواہا اور اس کی بھینسیں بھاگ نکلیں اور اس کے بعد وہ دوبارہ وہاں نہیں گیا۔

ہم نے فوراً لمباڑی کو بلا کر اس سے سوالات شروع کر دیے۔ اس نے ہمیں عین وہی بات بتائی جو فارسٹ گارڈ بتا چکا تھا۔ ایک نئی بات البتہ پتہ چلی کہ اس کے خیال میں اس نے جو شیر دیکھا تھا، وہی آدم خور تھا کہ اُس وقت تک اس شیر نے آدم خوری شروع نہیں کی تھی۔ چند ہی منٹ میں تیار ہو کر میں فارسٹ گارڈ اور لمباڑی کے ساتھ روانہ ہو گیا۔ فارسٹ گارڈ تو کافی جھجھک رہا تھا مگر لمباڑی کا حوصلہ بلند تھا۔

ساڑھے چار بجے ہم مندر کے پاس سے گزرے اور پانچ بجے ہم مطلوبہ جگہ کے قریب پہنچ گئے۔ یہاں لمباڈی نے ۲۰۰ گز آگے ذرا بلند زمین کی طرف اشارہ کیا جس پر ایک چٹان جھکی تھی۔ اس نے بتایا کہ اس مقام سے ہمیں دکھائی تو نہیں دے گا مگر اس چٹان کے نیچے ایک کھوہ ہے جس کا دہانہ دو فٹ اونچا ہے۔ اس کا خیال تھا کہ برساتی بارشوں کے پانی نے بہاؤ سے یہاں اتنی جگہ بنا دی ہو گی کہ شیر چھپ سکے۔ اس نے بتایا کہ پچھلی مرتبہ جب اس نے شیر کو دیکھا تو وہ تقریباً اسی جگہ تھا جہاں ہم اب کھڑے تھے۔ شیر کو دیکھتے ہی وہ سر پر پیر رکھ کر بھاگا۔

ایک بار پھر میں نے اپنے ہمراہیوں کو درختوں پر چڑھ کر انتظار کا کہا اور چل پڑا۔

راستہ کافی گھنے جنگل سے ہو کر گزرتا تھا۔ میں دائیں، بائیں اور پیچھے سے بھی محتاط ہو کر چل رہا تھا۔ اس جگہ انتہائی خاموشی تھی اور ہر قدم رکھنے سے قبل میں زمین کو دیکھ لیتا تھا۔ اگر میں کسی خشک ٹہنی یا پتے پر پیر رکھتا تو کھیل تمام ہو جاتا۔ تاہم وقفے وقفے سے کوئی نہ کوئی ٹہنی میرے جسم سے رگڑ کھاتی تو ہلکی سی آواز پیدا ہوتی۔ میں خود کو سمجھاتا کہ دوبارہ ایسا نہ ہو، ورنہ شیر میری آمد بھانپ لے گا۔

پھر میں چٹان کے بہت قریب پہنچ گیا مگر جھاڑ جھنکار کی وجہ سے غار نہ دکھائی دی۔ میں یہاں چند منٹ رکا تاکہ شیر کی آواز سن سکوں۔ مگر خاموشی رہی۔

میں نے خود سے کہا، ’چند قدم اور، پھر میں شیر کو دیکھ لوں گا‘۔

میں نے نیچے دیکھا تو کوئی پتہ یا ٹہنی نہ دکھائی دی مگر دائیں جانب ایک چھوٹے پودے کو نظرانداز کر گیا۔ اس پر کانٹے تھے۔ پہلے یہ کانٹوں والی ٹہنی میری پتلون سے لگی، ایک لمحہ رکی اور پھر دوبارہ ہلی جس سے واضح سرسراہٹ ہوئی۔

آدم خور نے یہ آواز سن لی۔ اسے علم ہو گیا کہ یہ کوئی پرندہ یا جانور نہیں ہو سکتا کہ اس کی موجودگی ہر جاندار کو بھگانے کے لیے کافی ہے۔ یہ آواز اس کے کسی دشمن کی ہے جو چھپ کر اس پر حملہ کرنے اور اسے مارنے آیا ہے۔

اسی لمحے آدم خور نے دہاڑ لگا کر حملہ کیا۔

میرے سامنے کی جھاڑیاں چِریں اور اس میں سے شیر کا سر اور پھر جسم نکلا اور مجھے دیکھتے ہی رکا۔ اس نے آخری جست لگانے سے قبل ایک لمحے کا توقف کیا۔ شاید اس نے پہلی بار کسی انسان کو اپنا سامنا کرتے دیکھا تھا ورنہ تو ہر انسان اس کے سامنے سے بھاگ نکلتا تھا۔ مجھے شیر کی حالت کافی مضحکہ خیز لگی کہ اس کا سر اور اگلے پنجے زمین پر جبکہ پچھلا دھڑ اور دم اوپر اٹھے ہوئے تھے۔

میں نے اس کے سر پر دو گولیاں چلائیں اور پھر ایک طرف ہوا۔ اتنے قریب سے شیر پر گولی چلائی جائے تو شیر لگ بھگ ہمیشہ ہی سیدھا بھاگتا ہے۔ چاہے وہ اگلے لمحے مر ہی کیوں نہ جائے، اس ایک لمحے میں وہ انسان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

آدم خور نے عین یہی کیا۔ میں نے اس کے شانے کے پیچھے دو اور گولیاں چلائیں۔ ذرا سا تڑپ کر شیر بے جان ہو گیا۔ پھر میں نے دیکھا کہ یہ کافی بوڑھا شیر تھا جو اب جنگلی جانور مارنے کے قابل نہ رہا تھا۔

اس کے آخری شکار کی ہڈیاں بھی وہیں تھیں جنہیں شیر اچھی طرح صاف کر چکا تھا۔ سرخ چیونٹیوں نے گوشت کے بچے کھچے ریشوں کو کھانا شروع کر دیا تھا۔

ہم تینوں بے خوف ہو کر تاریکی میں واپس لوٹے۔ بنگلے میں ایک اور دعوت تیار تھی جس سے مجھے بدہضمی ہو گئی۔ ساری رات مندروں سے بھاگ کر نکلتے شیر مجھے ڈراتے رہے۔ پھر صبح کو میں نے وینکٹ اور محکمہ جنگلات کے افسران کو الوداع کہا۔

نو بجے میں سنتاویری پہنچ چکا تھا۔ ڈِک نے مجھے کھانے کی دعوت دی جو میں نے نرمی سے رد کر دی۔ میرا پیٹ ابھی تک خراب تھا، سو میں نے تھوڑی سی رم پی لی۔ شام ۴ بجے میں اپنے گھر میں تھا۔

٭٭٭

۸۔ طوفانِ باد و باراں کا تحفہ

میرا بیٹا ڈونلڈ انتہائی خوش تھا۔ اس نے پہلی بار کلے پیجن پر نشانہ لگانے کا مقابلہ جیتا تھا۔ یہ مقابلہ ریاست میسور کی رائفل ایسوسی ایشن نے منعقد کرایا تھا اور ڈونلڈ اور ایک اور آدمی دونوں نے مشترکہ طور پر پہلا مقام حاصل کیا تھا۔

ہندوستان میں کم لوگ ہی کلے پیجن پر نشانے بازی کرتے ہیں کہ یہاں جنگلی کبوتر عام ملتے ہیں۔ ڈونلڈ کو علم نہیں تھا کہ مٹی کے کبوتر کو پھینکنے کے لیے مشین بھی ہوتی ہے۔ سو اس نے بغیر تیاری کے مقابلے میں شرکت کی اور مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آیا۔ بدقسمتی سے میں رائفل کی حد تک اچھا نشانے باز ہوں مگر بندوق پر ناکام رہتا ہوں۔ کئی برس میں نے سنائپ اور بطوں پر بندوق سے ناکام شکار کی کوششیں کی تھیں۔

ڈونلڈ بندوق اور رائفل دونوں کا ماہر ہے۔ سو جب اس نے یہ مقابلہ جیتا تو ہم نے طے کیا کہ جشن منانے کے لیے ہمیں جنگل جانا چاہیے۔

آپ سوچیں گے کہ جشن منانے کے لیے بھلا جنگل بھی کوئی مناسب جگہ ہے؟ ہم دونوں کو جنگل سے عشق ہے اور ہم دونوں ہی جنگل میں خوش ہوتے ہیں۔

اس بار ہم نے شیروں کو مارنے کی بجائے رات کے وقت ان کی تصاویر کھینچنے کا سوچا۔ ڈونلڈ نے اپنے دوست رستم دودھ والا سے اس کا قیمتی کیمرہ مستعار لیا جس پر فلیش لگی تھی۔ رستم دودھ والا کے بارے میں میں دوسری کتاب میں لکھ چکا ہوں۔ ڈونلڈ بہت عرصے سے اس طرح کے موقعے کی تلاش میں تھا کہ وہ اس انتہائی دشوار کام پر ہاتھ ڈالے۔

میں آپ کو یہ نہیں بتاؤں گا کہ ہم کس جنگل کو گئے مگر یہ جنوبی ہندوستان کے ان چند مقامات میں سے ایک ہے جہاں ابھی تک شیر عام ہیں۔ میری پچھلی تصانیف میں بہت سے لوگوں نے میری بیان کردہ جگہوں پر قسمت آزمائی کی ہے اور اب جنگلی حیات کے تحفظ کے پیشِ نظر میں ایسی جگہوں کے نام لکھنے سے گریز کر رہا ہوں۔ شیر، تیندوے اور ریچھ اب جنوبی ہندوستان میں بہت کم ہو گئے ہیں۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد غیر ملکی افراد کی آمد کی وجہ سے ان جانوروں کی تعداد بہت گھٹ گئی ہے۔ اس کے علاوہ زراعتی مقصد کے لیے استعمال ہونے والا زہر بہت تباہ کن ثابت ہوا ہے جو حکومت انتہائی ارزاں نرخوں پر دیہاتیوں کو بیچتی ہے تاکہ ان کی فصلیں ضرر رساں کیڑوں سے بچ سکیں۔ اس زہر کو کسانوں نے جنگلی حیات بالخصوص شیروں اور تیندوؤں کے خلاف استعمال کیا ہے۔ جب بھی یہ درندے مویشی شکار کرتے تھے تو شکار کردہ جانور کو تلاش کر کے اس کی لاش پر زہر چھڑک دیا جاتا تھا۔ یہ زہر لگ بھگ ہمیشہ ہی مہلک ثابت ہوا ہے۔

یہ زہر اتنا موثر ہے کہ ریاست میسور کی حد تک شیر، تیندوے، لگڑبگڑ، گیدڑ اور کافی حد تک گِدھ بھی ختم ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خودکشی اور قتل میں اس زہر کے استعمال سے بے شمار انسان بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پرانے زہروں میں سنکھیا، کچلا وغیرہ کہیں کم مہلک اور آہستگی سے اثر کرتے ہیں اور ان کو معمولی مقدار میں بیچا جاتا ہے اور ان کو آسانی سے تلاش کیا جا سکتا ہے جبکہ حکومت ڈی ڈی ٹی سیروں کے حساب سے دیتی ہے۔ حیرت ہے کہ حکومت ڈی ڈی ٹی کے غلط استعمال سے چشم پوشی کرتی ہے۔

خیر، ہم ’شیروں کی سرزمین‘ کو روانہ ہوئے جہاں ہم نے پہلے ہی اپنے لیے بانس اور گھاس سے جھونپڑا بنایا ہوا ہے۔ میں نے وہاں زمین کا ایک ٹکڑا بہت برس قبل ۱۲۰ روپے (لگ بھگ ۷ پاؤنڈ) کے عوض خریدا تھا۔ ہمارے جھونپڑے کے سامنے ۲۰۰ گز پر دریا بہتا ہے جس کے کنارے مُٹھی، املی، جامن اور جنگلی آم کے بہت بڑے درخت ہیں۔ کہیں کہیں بانس کے گھنے جھنڈ اور جھاڑ جھنکار بھی ملتا ہے۔ جگہ جگہ گھاس کے قطعے ہیں جن پر سڑتے ہوئے پتوں کی موٹی تہہ بچھی رہتی ہے۔

مگرمچھ اور ہرن ایسے مقامات کو بہت پسند کرتے ہیں۔ گھنے سائے کی وجہ سے سانبھر، نیل گائے اور چیتل بھی دن کی گرمی میں پناہ لینے آتے ہیں اور رات کو بھی اپنی پیاس بجھانے ایسے مقامات پر وہ دریا سے پانی پینے جاتے ہیں۔ دریا کا پانی اوپر پہاڑ سے آتا ہے اور کافی سرد ہوتا ہے۔

درندوں کی وجہ سے چرندے گھبرائے رہتے ہیں اور ہر قسم کی جھاڑی، جھنڈ اور گھاس وغیرہ سے بچ کر چلتے ہیں۔ ان کے کان اور آنکھیں ہمیشہ تیار رہتے ہیں کہ کہیں شیر، تیندوے یا جنگلی کتے کا سامنا نہ ہو جائے۔ اس فکر میں بیچاروں کو پانی میں موجود مگرمچھ یاد نہیں رہتے۔ ویسے بھی مگرمچھ کی آنکھیں اور ناک پانی سے باہر ہوتا ہے اور باقی جسم پانی میں پوشیدہ رہتا ہے۔

جونہی سانبھر پانی پینے کو سر جھکاتا ہے، پانی سے مگرمچھ کا سر نکلتا ہے اور اس کے تیز دانت سانبھر کو منہ سے پکڑ لیتے ہیں اور مگرمچھ کی دم پانی سے نکل کر سانبھر کی ٹانگوں سے ٹکراتی ہے اور سانبھر پانی میں گر جاتا ہے۔

مگرمچھ اس دوران اپنی گرفت ڈھیلی نہیں کرتا بلکہ تیرتا ہوا سانبھر کو پانی میں لے جاتا ہے۔ جب مگرمچھ شکار سمیت پانی میں داخل ہو کر پھرکی کی طرح گھومتا ہے اور سانبھر کی گردن ٹوٹ جاتی ہے یا وہ بے ہوش ہو جاتا ہے۔ اگلے لمحے مگرمچھ اور سانبھر پانی میں گم ہو جاتے ہیں اور پانی کی سطح پر ابھرنے والے بلبلے اس واقعے کی گواہی دیتے ہیں۔

خیر، ہمیں اس بارے میں کچھ علم نہیں کہ ہم اپنے جھونپڑے کے برآمدے میں آرام کرسیوں پر بیٹھے دوسرے کنارے سے آنے والی آوازوں کو سن رہے تھے۔ یہ آوازیں ہاتھی بانس کھاتے وقت نکال رہے تھے۔ بانسوں کا ٹوٹنا، ہاتھی کے بچے کی آواز، ان کے نظامِ انہضام سے نکلنے والی آوازیں اور ہتھنیوں کی آوازیں بھی سنائی دے رہی تھیں۔ موروں کی آواز آ جاتی تھی اور آسمان پر دو بھورے گِدھ مردار کی تلاش میں چکر کاٹ رہے تھے اور وقفے وقفے سے ان کی آواز سنائی دے جاتی تھی کہ جنگل کے بڑے درندوں کا بچا کھچا شکار ان کی خوراک بنتا ہے۔

جنگل میں پرسکون تھا مگر ہمارے جھونپڑے میں گڑبڑ ہو رہی تھی۔ ہمیں کافی دیر سے جھونپڑے کے چوکیدار اور اس کی بیوی کے لڑنے کی آواز آ رہی تھی۔ چوکیدار کا کام ہماری عدم موجودگی میں اس جگہ کی دیکھ بھال تھا جبکہ اس کی بیوی دن میں دو بار ہمارے لیے دریا سے پانی بھر کر لاتی تھی۔ ان کی لڑائی کی آواز گاہے بگاہے کافی بلند ہو جاتی تھی۔

ڈونلڈ بولا، ’ایسا لگتا ہے کہ بورا اور اس کی بیوی لڑ رہے ہیں۔ آپ جا کر دیکھیں۔ میں نے اس عورت کو دو بار غسل کا پانی لانے کو کہا ہے مگر اس نے سنا ہی نہیں‘۔

سو میں اٹھا اور جھونپڑے کے پیچھے بنے ۱۲ مربع فٹ کے جھونپڑے کا رخ کیا جو باورچی خانے کا کام دیتا تھا۔ وہاں بورا زمین پر بیٹھا آگ تیز کر رہا تھا جبکہ اس کی بیوی پان کھا کھا کر پیک پھینک رہی تھی۔ ڈونلڈ کا ملازم لڑکا تنگاویلو تھا جو کافی دور کلوزپیٹ سے تعلق رکھتا تھا اور اب بیٹھا تماشا دیکھ رہا تھا۔ تنگاویلو خود کو ڈونلڈ کا ملازم، باورچی، بیرا غرض ہر قسم کا نوکر مانتا تھا مگر درحقیقت وہ کچھ بھی نہیں کرتا تھا۔

میں نے جا کر کہا، ’تم لوگوں کو کیا مسئلہ ہے؟ اور تم عورت ہو کر اتنی گندی زبان استعمال کرتی ہو، شرم نہیں آتی؟‘

چند لمحے کی خاموشی کے بعد بورا بولا، ’جناب، میں نے اس سخت مزاج عورت سے تین سال قبل شادی کی تھی اور ہمارے تین بچے ہیں۔ مگر یہ کسی بچے کا خیال نہیں رکھتی اور نہ ہی ان کو وقت پر کھلاتی پلاتی ہے۔ سارا دن اس کا کام پان کھانا اور مزید پان خریدنے کے لیے رقم کا تقاضا ہے۔ مجھے تو یہ بہت مہنگی پڑ رہی ہے‘۔

‘میں نے اس کے باپ کو شادی کے بدلے ۱۰ روپے دیے تھے۔ اب بڈھا جوانا مجھے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی کا ہاتھ ۱۵ روپے میں دینے کو تیار ہے۔ اس کے علاوہ وہ اس ہڈیوں کے بورے کو ۵ روپے میں مجھ سے خرید لے گا۔ وہ نوجوان لڑکی مجھے محض ۱۰ روپے کی پڑے گی۔ یہ تینوں بچے بھی اپنے ساتھ لے جا سکتی ہے، مجھے ان کی کوئی ضرورت نہیں‘۔

بورا کی بیوی دیوی نے اس کی بات کاٹی۔ ’بڈھے سور، لکشمی جیسی لڑکی سے تمہارا کیا تعلق؟ اگرچہ اس کی عمر ۱۵ سال ہے مگر پوری حرافہ ہے۔ تمہارا ایک پیر ویسے بھی قبر میں ہے اور اس سے شادی کے ایک ہفتے بعد مجھے ہی تمہاری لاش زمین میں گاڑنی پڑے گی۔ بڈھے جوانا کا جہاں تک تعلق ہے تو اس کے منہ میں ایک دانت بھی نہیں مگر اس کو ہمیشہ جوان چھوکرے پسند آتے ہیں۔ میری تسکین کون کرے گا؟ میں ابھی بھی جوان اور خوبصورت ہوں‘۔

مسئلہ گھمبیر تھا۔ ایک روپیہ ایک شلنگ اور چار پینس کے برابر ہے۔ عورتوں کی قیمت نہ ہونے کے برابر لگ رہی تھی۔ تنگاویلو نے اس دوران ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں لقمہ دیا: ’سار، مجھے یہ جگہ بہت پسند ہے۔ بہت اچھی جگہ ہے۔ ڈھیروں شکار، ڈھیروں شیر، ڈھیروں ہرن۔ ڈھیر ساری عورتیں، بہت سستی عورتیں۔ ۵ روپے یا ۱۰ روپے میں ایک عورت، پیسے بے شک اگلے ماہ دے دو۔ جب دل بھر جائے تو بدل لو۔ سار، بہت اچھی جگہ‘۔

تنگاویلیو بات ختم کر کے مسکرایا۔

ڈونلڈ برآمدے سے للکارا، ’تنگاویلو، اس کمینی عورت سے کہو کہ میرے غسل کا پانی لے کر آئے‘۔ اس موقعے پر ہمارا مقامی شکاری کنماری بھی پہنچ گیا اور اس کے پاس ہماری مطلوبہ معلومات تھیں۔ وہ صبح پو پھٹنے کے وقت نکلا تھا اور اب معلومات لے کر آیا کہ ایک شیر اور ایک تیندوا یہاں سے نصف میل دور ایک خشک نالے سے گزرے تھے۔ تیندوا یہاں کا پرانا باسی تھا کہ اس کے ماگھ بکثرت دکھائی دیتے تھے جبکہ شیر معمول کی گشت پر نکلا تھا اور اس کی فوری واپسی کے کوئی امکانات نہ تھے۔

اب اگر ہم گارا باندھ کر تصویر کھینچنے کو بیٹھتے تو عین ممکن تھا کہ شیر کی بجائے تیندوا اسے مار جاتا۔ ہم صرف شیر کی تصویر چاہتے تھے اور ہم نے کنماری کو یہ بات واضح کر کے بتائی کہ ہم شیر کے پیچھے ہیں۔ پھر ہم نے اسے کہا کہ وہ ایسی جگہ تلاش کرے جہاں شیر بکثرت آتا ہو۔

دوپہر کو وہ کامیاب لوٹا اور بتایا کہ دریا کے دوسرے کنارے پر جنگلی جانوروں کی ایک پگڈنڈی ہے جس پر شیر کے تازہ اور باسی، ہر طرح کے ماگھ موجود ہیں۔ وہاں بہت مناسب درخت بھی ہے جس کو ہاتھی بھی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ شیر اس رات یا اگلی رات لازمی وہاں سے گزرے گا۔

ہم نے چار بھینسے خریدے اور ان میں سے دو باندھ دیے۔ بڑا بھینسا دریا کے پار شیر کی گزرگاہ پر اور چھوٹا چار فرلانگ دور نالے کے کنارے جہاں سے تیندوا روز گزرتا تھا۔ تنگاویلو کنماری کے ساتھ گیا تاکہ مناسب جگہوں پر گارے باندھے جائیں۔ میں ڈونلڈ کے ساتھ شام کی سیر پر دریا کنارے چل پڑا۔

اس جنگل میں ابھی بھی بہت سے جانور باقی ہیں اور ہم نے چیتل کے بڑے غولوں کے علاوہ کافی سانبھر اور ایک نیل گائے بھی دیکھی جو پانی کے کنارے گھاس کھا رہی تھی۔ دریا کے موڑ پر ہمیں نر ہاتھی دکھائی دیا جو پانی پینے آیا ہوا تھا۔ ہم شکار کی نیت سے نہیں نکلے تھے سو ہمارے پاس ہتھیار نہیں تھے۔ ایک یا دو لمحے کے لیے ہاتھی کی نیت ڈانواں ڈول دکھائی دی جیسے اسے ہماری موجودگی پسند نہ ہو۔ پھر اس نے مڑ کر فرار ہونے کو ترجیح دی۔ یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ اتنا عظیم الجثہ جانور کتنی تیزی سے چل سکتا ہے۔

اگلی صبح کنماری جنگلی جانوروں والی گزرگاہ جبکہ تنگاویلو نالے کو گیا تاکہ دیکھ سکے کہ آیا دونوں جانور سلامت ہیں۔ جنگل میں اکثر انہونی ہوتی رہتی ہے سو اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔ ہمارے نکتہ نظر سے یہ بہتر تھا کہ نالے والے چھوٹے گارے کو شیر نے ہلاک کیا تھا۔ اس نے آسانی سے گارا ہلاک کر کے رسی توڑی اور کچھ دور ایک گڑھے میں لے گیا۔ سر اور کھروں کے سوا اس نے پورا جانور کھا لیا تھا۔ اس جگہ سایہ سا تھا، سو گدھوں کو ابھی تک لاش نہ مل سکی تھی۔

عجیب بات دیکھیے کہ جنگلی جانوروں کی گزرگاہ پر سے تیندوا گزرا اور اس نے بڑے گارے کو مشکل سے ہلاک کیا۔ تیندوا اتنا طاقتور نہیں تھا کہ وہ رسی توڑ پاتا۔ اس نے کچھ حصہ کھایا اور باقی کو وہیں چھوڑ کر چل دیا۔ یہ گارا ایسی جگہ تھا کہ ہم بہ آسانی تصویر کھینچنے کے لیے بیٹھ سکتے تھے کہ ساتھ ہی بڑا درخت تھا۔ رات کو جب بھی تیندوا لوٹتا تو ہم اس کی تصویر بنا لیتے۔

ڈونلڈ بہت خوش تھا کہ وہ اب شیر کی تصویر بنانے میں کامیاب ہونے والا تھا۔ اس نے چھوٹے گارے کی باقیات پر بیٹھنے کو ترجیح دی اور شیر کو لبھانے کے لیے اس نے تجویز پیش کی کہ تیسرا گارا وہاں باندھ دیا جائے۔

میں نے یہ منصوبہ تیندوے اور شیر، دونوں کے ضمن میں کارگر پایا ہے۔ انسان کی مانند درندوں کی بھی انفرادی خصوصیات ہوتی ہیں اور ہماری کچھ برائیاں ان میں بھی پائی جاتی ہیں۔ سب سے بڑی برائی جو انسان اور درندے میں مشترک ہے وہ ہے لالچ۔ کچھ تیندوے اور شیر کبھی کبھار ہی دوسری مرتبہ شکار کردہ جانور کو لوٹتے ہیں۔ کچھ جانور واپسی سے قبل کافی وقت لگا کر آس پاس کسی انسان کی موجودگی تلاش کرتے ہیں اور ہر طرح سے مطمئن ہو کر ہی گارے پر لوٹتے ہیں۔ اسی تلاش کے دوران اکثر درندوں کو مچان پر بیٹھا شکاری دکھائی دے جاتا ہے۔ سو ان درندوں کو للچانے کے لیے میں اکثر گارے کے ساتھ ایک اور زندہ جانور بھی بندھوا دیتا ہوں جہاں سے جزوی کھائی ہوئی لاش دکھائی دے رہی ہوتی ہے اور پھر خود ان دونوں کے درمیان مناسب جگہ پر بیٹھ جاتا ہوں۔ اگر مناسب جگہ نہ ملے تو پھر زندہ گارے کے پاس بیٹھنے کو ترجیح دیتا ہوں۔

اب ہوتا یوں ہے کہ جب شیر یا تیندوا شکار کردہ گارے پر لوٹتے ہیں تو وہ براہ راست لاش پر نہیں آتے بلکہ اس کے گرد چکر کاٹنا شروع کر دیتے ہیں کہ ان کی فطرت انہیں انسان کی موجودگی کے بارے میں خبردار کرتی ہے۔ چکر کاٹتے ہوئے اسے زندہ گارا دکھائی دیتا ہے۔ آپ سوچیں گے کہ اس طرح تو درندے مزید مشکوک ہو جائیں گے کہ مرے ہوئے جانور کے پاس ایک اور زندہ جانور کیسے آ گیا۔ مگر یاد رہے کہ درندے انسان کی مانند عقل سے کام نہیں لیتے۔ وہ اپنی فطرت پر چلتے ہیں اگرچہ ان کی فطرت بھی اکثر انتہائی کارگر ہوتی ہے۔

گشت کا فوری نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ درندہ زندہ گارا مار لیتا ہے۔ ظاہر ہے کہ تازہ گوشت ایک یا دو دن پرانے گوشت سے تو بہتر ہو گا۔ ویسے بھی دن میں دھوپ اور گدھوں کی موجودگی میں اول تو گوشت بچتا ہی نہیں اور اگر بچے بھی تو اس کا ذائقہ خراب ہو چکا ہوتا ہے۔

میرے پاس رات کے وقت تصویر کھینچنے کے لیے مناسب کیمرہ نہیں اور ہم شکار کی نیت سے نہیں آئے تھے، سو ہمارے پاس آتشیں اسلحہ نہیں تھا۔ میرے لیے بیکار تھا کہ میں رات کو مچان پر بیٹھ تیندوے کے گارا کھانے کی آواز سنتا رہتا۔ میں نے سوچا کہ رات کا پہلا پہر تو میں اپنے جھونپڑے کے برآمدے میں بیٹھ کر جنگل سے آنے والی آوازیں سنوں اور پھر بستر پر سو جاؤں۔

اس علاقے میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی تھی۔ اس لیے ہم دونوں اپنے ساتھ ترپال لائے تھے تاکہ مچان پر بیٹھیں تو بارش سے بچ سکیں۔ میں اس بات کے حق میں بالکل بھی نہیں کہ اس طرح مچان اور واضح ہو جاتی ہے اور ترپال چھپانے کے لیے اضافی محنت کرنی پڑتی ہے۔ دوسرا یہ بھی مسئلہ ہوتا ہے کہ بارش کے قطرے جب ترپال پر پڑتے ہیں تو کافی شور ہوتا ہے اور انسان کو کچھ سنائی نہیں دیتا۔ اس کے علاوہ ۵۰ گز دور موجود درندے کو بھی یہ شور واضح سنائی دیتا ہے تو وہ اوپر دیکھ کر مچان اور انسان کو دیکھ لیتا ہے۔ مگر ساری رات بارش میں بھیگنا بھی کوئی مذاق نہیں چاہے آپ نے برساتی پہنی ہو یا کچھ اور۔ بارش کا پانی ہر چیز میں گھس جاتا ہے۔

ڈونلڈ نے کہا کہ وہ ترپال استعمال کرے گا اور میں کنماری اور تنگاویلو  کے علاوہ ایک اور مقامی آدمی بُندا کے ساتھ ڈونلڈ کے لیے مچان بنانے کو چل پڑا۔

نالے کے کنارے لیچی کی نسل کا ایک درخت اگا ہوا تھا اور ڈونلڈ نے اسی پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گارے کی باقیات اس درخت سے ۳۰ گز دور تھیں۔ اس درخت سے نالے کے دونوں جانب دیکھا جا سکتا تھا۔ تیسرا فائدہ یہ تھا کہ ایک رات قبل شیر یہیں سے گزرا تھا۔ شکار کے اصول کے مطابق یہ انتہائی بہترین مقام تھا جہاں ہم نے مچان بنانی تھی۔ شیر کے ظاہر ہونے کے کافی امکانات تھے اور ڈونلڈ آسانی سے تصویر لے سکتا تھا۔

میرے تینوں ہمراہیوں نے بہترین مچان تیار کی۔ بادل چھا رہے تھے، سو ڈونلڈ نے اوپر ترپال اس طرح تان دی کہ بارش کا پانی دونوں اطراف سے نیچے گرتا۔ پھر ہم نے ترپال کو پتوں اور شاخوں سے پوری طرح چھپا دیا۔ ڈونلڈ اپنے کیمرے اور فلیش کے ساتھ بیٹھ گیا اور ہم چاروں پانچ بجے لوٹ آئے۔

اب میں پہلے آپ کو یہ بتاتا ہوں کہ اپنے جھونپڑے سے مجھے کیا سنائی دیا پھر ڈونلڈ بتائے گا کہ رات کیسی گزری۔

تنگاویلو نے جلدی کھانا تیار کر دیا اور میں کھانے سے فارغ ہو کر برآمدے میں بیٹھ کر پائپ اور رم پینے لگا۔ جنگل پر تاریکی اور خاموشی چھا چکی تھی۔ دریا کی دوسری جانب سے چیتل کی ’آئیو آئیو‘ کی آواز آئی اور پھر میرے جانب والے کنارے سے سانبھر بولا، ’دھانک دھانک‘۔ پھر کچھ دور سے مادہ سانبھر کی آواز آئی، ’اونک اونک‘۔ مادہ سانبھر کی آواز میں خطرے کا عنصر واضح تھا۔

برگد کے ایک درخت پر لنگوروں کا غول تھا اور چوکیدار کے سوا سبھی لنگور سو رہے تھے۔ چوکیدار لنگور ہمیشہ چوکس ہو کر نگرانی کرتا ہے اور اونگھتا بھی نہیں۔ جب اس کو تھکن سے نیند آنے لگے تو وہ کسی دوسرے لنگور کو جگانے کے بعد پھر سوتا ہے۔ اس طرح دن ہو یا رات، لنگور ہمیشہ چوکیدار مقرر کیے رکھتے ہیں۔ یہ ذمہ داری نر اپنے ذمہ خود لیتے ہیں اور چوکیدار عموماً سب سے اونچے درخت کی سب سے اونچی شاخ پر بیٹھتا ہے اور ماداؤں اور بچوں کو حملے سے بچانے کے لیے ہمیشہ ہوشیار رہتا ہے۔

چوکیدار لنگور نے سانبھر اور چیتل کی آواز سنی تو اس نے بھی اپنے ساتھیوں کو ’ہر، ہا ہر، ہر، ہا ہر‘ کی آواز سے خبردار کر دیا۔ میں چشمِ تصور سے دیکھ سکتا ہوں کہ کیسے مائیں اپنے بچوں کو سینے سے لگا کر درخت کی بلند شاخوں سے نیچے جھک کر رات کی تاریکی میں قاتل درندے کو تلاش کر رہی ہوں گی۔

چیتل اور سانبھر کی آوازوں سے میں شیر کی پیش قدمی کا اندازہ لگا سکتا تھا۔ اس نے دریا عبور کیا ہو گا اور پانی پیتے کاکڑ نے اسے دیکھ کر خوف سے ’کھر کھر‘ کی آواز نکالی۔ اس ہرن کی آواز دیگر ہرنوں سے یکسر مختلف اور کسی حد تک کتے کی بھرائی ہوئی بھونک سے مشابہ ہوتی ہے۔ اس چھوٹے سے جانور کی آواز اس کی جسامت سے کہیں اونچی ہوتی ہے۔

شیر اب زیادہ خوش نہیں کہ اس کی موجودگی کا راش فاش ہو چکا ہے۔ اس نے دہاڑ لگائی۔ پھر دوبارہ دہاڑا اور پھر نسبتاً لمبی غراہٹ کی آواز نکالی۔ آواز میں غصے کی بجائے بھوک واضح تھی۔

شیر کی دہاڑ سنتے ہی جنگل پر مکمل خاموشی چھا گئی۔ دریا کے کنارے مینڈک بھی چپ کر گئے۔ ہر زندہ مخلوق چاہے وہ چھوٹی ہو یا بڑی، جان گئی کہ جنگل کا بادشاہ گشت پر نکلا ہے۔ جھینگر کی آواز آ جاتی تھی جو ہمارے جھونپڑے کے غسل خانے میں پانی کے برتن کے پیچھے چھپا تھا۔ اسے شیر سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔ اسے شاید شیر کی آواز تک نہ سنائی دی ہو۔ ویسے بھی شیر سے جھینگر کو کیا خطرہ۔

اچانک خاموشی کو دریا کی جانب تیندوے کی آرہ کشی نے ختم کیا۔

تیندا کافی دیر قبل لوٹ کر بڑا گارا کھا رہا تھا۔ شیر کی دہاڑ سن کر اسے گارا چھوڑنا پڑا۔ شیر کی قربت تیندوے کو قبول نہیں مگر اسے اندازہ نہیں ہو پا رہا تھا کہ کیا کرے۔ اس نے دوبارہ آرہ کشی شروع کی اور اس دوران سوچتا رہا کہ رکنا بہتر ہے کہ فرار ہونا۔

مجھے معلوم تھا کہ ڈونلڈ یہ سب آوازیں سن چکا ہو گا اور شیر کی تصویر کھینچنے کے لیے تیار ہو رہا ہو گا کہ اس وقت شیر لاش کے قریب تر پہنچ چکا ہو گا اور مردہ گارے کے علاوہ زندہ گارا بھی دیکھ چکا ہو گا۔

جنگل پر ایک بار پھر خاموشی چھا گئی۔ مینڈکوں نے ٹرٹراہٹ شروع کر دی اور رات کی تاریکی اور گہری ہو گئی۔ میں نے اوپر آسمان کو دیکھا تو حیران ہوا کہ ستارے کیوں نہیں دکھائی دے رہے۔ پھر اگلے لمحے احساس ہوا کہ آسمان پر جیسے آتش بازی شروع ہو گئی ہو اور بجلی کے کڑاکے سنائی دینے لگے۔ آسمانی بجلی سانپ کی طرح لپلپانے لگی جیسے کسی بڑے نقشے پر دریا کی گزرگاہ ہو۔

پھر ہوا شروع ہوئی۔ مجھے دور سے ہوا کی آواز سنائی دینے لگی جو بتدریج تیز ہوتی ہمارے جنگل تک آن پہنچی۔ اس طوفانی ہوا سے جھومتے ہوئے درختوں کی شاخیں ٹوٹنے کی آوازیں آنے لگیں۔ تاریکی اتنی تھی کہ کچھ دکھائی دینا ممکن نہ تھا اور ہمارے جھونپڑے کو سہارا دینے والے بانس لرز رہے تھے۔ مجھے شک ہوا کہ کہیں ہمارے جھونپڑے کی چھت نہ اڑ جائے۔

جتنی تیزی سے ہوا آئی تھی، اتنی ہی تیزی سے تھم گئی۔ اب مجھے ہوا کی دور ہوتی آواز سنائی دے رہی تھی۔ آسمانی بجلی اب ہمارے سروں پر چمک رہی تھی۔ یہ بجلی متواتر اتنی تیزی سے چمک رہی تھی کہ جیسے دن ہو گیا ہو۔ اس کے علاوہ بجلی اور گرج کا وقفہ نہ ہونے کے برابر تھا۔ میں نے ڈونلڈ کے درخت کے بارے میں سوچا کہ وہ بہت زیادہ اونچا تو نہ تھا سو اس پر آسمانی بجلی گرنے کے امکانات کم تھے کہ اس کے پاس بہت اونچے درخت تھے۔

بارش بہت پہلے ڈونلڈ تک پہنچ چکی تھی مگر جھونپڑے تک کچھ تاخیر سے پہنچی۔ میں نے سوچا کہ ڈونلڈ ترپال لگانے کے فیصلے سے کافی خوش ہو گا۔

جب بارش ہمارے جھونپڑے کو پہنچی تو اس کا شور اتنا تھا کہ آسمانی بجلی کی گرج بھی ماند پڑ گئی۔ جھونپڑے کی گھاس پھونس سے بنی چھت میں سینکڑوں جگہ سے پانی ٹپکنے لگا اور ہمارا سامان بھیگنے لگا۔ چند لمحے پہلے کا خشک جھونپڑا اب کیچڑ کا تالاب بن چکا تھا۔ میں کرسی پر ہی بیٹھا اس جھونپڑے کی چھت بنانے والے مزدوروں کو برا بھلا کہتا رہا کہ انہوں نے جھک ماری تھی۔

شور شرابے سے آخرکار تنگاویلو کی آنکھ کھل گئی۔ شاید وہ خواب میں درجنوں بیویاں پانچ پانچ روپے کے حساب سے خرید اور فروخت کر رہا تھا کہ اب اسے چاروں طرف بارش کا پانی دکھائی دیا اور ایک انچ بھی خشک زمین نہ دکھائی دی۔

موسلا دھار بارش ایک گھنٹہ جاری رہی اور پھر بتدریج پھوہار میں بدل گئی۔

مینڈکوں کی ٹرٹراہٹ سے پتہ چل رہا تھا کہ وہ ملاپ کے لیے تیار ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں مینڈک دریا اور اس کے آس پاس بنے تالابوں میں جمع تھے۔ میں سونے کے لیے کرسی سے اٹھا۔ جھونپڑے میں سونے کے لیے خشک جگہ بستر پر نہیں بلکہ بستر کے نیچے تھی۔

عین اسی لمحے مجھے غصے سے بھرے ہاتھی کی آواز آئی۔ یہ آواز نالے اور عین ڈونلڈ کی مچان کی جانب سے آئی تھی۔ تنگاویلو اپنی بکواس ادھوری چھوڑ کر چپ ہو گیا۔ ہم دونوں نے ایک دوسرے کو متفکرانہ انداز سے دیکھا۔ ہم دونوں ہی باہر برآمدے میں آ گئے تاکہ بہتر طور سے سن سکیں۔

ہاتھی پھر چنگھاڑا۔ آواز نالے کی جانب سے ہی آئی تھی۔ پھر مجھے دور سے کسی انسان کے چلانے کی آواز آئی جو بارش کی وجہ سے صرف اس حد تک پہچانی جا رہی تھی کہ یہ انسانی آواز ہے۔ یہ آواز بھی ہاتھی والی سمت سے ہی آئی تھی۔ اس جگہ ڈونلڈ کے علاوہ اور کون ہو سکتا تھا؟

پھر مجھے اچانک سمجھ آئی کہ میرا بیٹا خطرے میں ہے۔ ہاتھی اسے مچان سے گرانے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ ہاتھی کو بھگانے کی کوشش کر رہا ہو گا۔ ڈونلڈ غیر مسلح تھا۔

جب مجھے سمجھ آئی تو میں خود کو برا بھلا کہنے لگا کہ کیسے چوک گیا۔ ڈونلڈ تو کل کا بچہ تھا، میں نے کیوں نہ سوچا؟ ہم سبھی غیر مسلح تھے کہ ہم اپنے ساتھ کیمرہ ہی لائے تھے اور شکار کا ارادہ بھی نہیں تھا۔

میں نے بڑا لالٹین اٹھایا اور دوسرے ہاتھ میں صندل کی لکڑی کا ڈنڈا اٹھایا اور باہر بھاگا۔ ڈونلڈ کی مچان نصف میل دور تھی۔ مجھے احساس تک نہ ہوا کہ میں نے کوٹ بھی نہیں پہنا اور برہنہ سر نکلا  تھا۔

کچھ دور تک بھاگنے کے بعد اچانک مجھے احساس ہوا کہ میرے پیچھے ایک اور لالٹین بھی ہے۔ یہ تنگاویلو تھا۔ مجھے ڈونلڈ بہت پیارا ہے اور تنگاویلو کی موجودگی سے مجھے بہت خوشی ہوئی کہ اتنی تاریکی میں محض لالٹین کے سہارے غصے سے پاگل ہاتھی کا سامنا کرنے والے ملازمین کم ہی ہوتے ہیں۔

ہمیں درخت گرنے کی آواز آئی تو مجھے پتہ چل گیا کہ ہاتھی نے ڈونلڈ کی مچان والے درخت کو گرا دیا ہے۔ میں نے اپنی رفتار بڑھا دی۔ تنگاویلو میرے ساتھ تھا۔ ہمارا ارادہ تھا کہ جلد از جلد ہاتھی کی توجہ اپنی جانب کر کے ڈونلڈ کی جان بچائیں۔

اب یہاں ڈونلڈ کی زبانی سنیے: خدا جانے کہ والد مجھے کیوں اپنی کہانیوں میں ساتھ گھسیٹ لیتے ہیں۔ مجھے اپنے بارے میں لکھنے یا بات کرنے سے سخت الجھن ہوتی ہے۔ میرے خیال میں یہ سارا واقعہ ہی ’رائی کا پربت‘ تھا‘۔

’والد نے آپ کو ابتدائی تفصیلات بتائی ہیں کہ یہ سارا معاملہ کیسے شروع ہوا اور میں پچھلی شب گارا کرنے والے شیر کی تصویر کھینچنے کی نیت سے کیمرے کے ساتھ درخت پر بیٹھ گیا۔ گارا تقریباً سارا ہی کھایا جا چکا تھا، سو میں نے ایک اور گارا باندھنے کا فیصلہ کیا کہ شیر اس جانب سے گزرے تو اس کو للچایا جا سکے۔ شیر اور تیندوے اپنے شکار کردہ جانور پر لوٹنے سے قبل گرد و پیش کا چکر کاٹتے ہیں‘۔

’مچان کافی آرام دہ تھی اور گارے کا بچا ہوا سر اور کھر میرے سامنے گڑھے میں بائیں جانب ۳۰ گز دور پڑے تھے۔ میرے نیچے جو گزرگاہ تھی وہ کنماری کے مطابق شیروں اور تیندوؤں کے استعمال میں رہتی تھی اور اسی پر چل کر وہ دریا پانی پینے جاتے تھے۔ اس میں ایک چھوٹی ندی شامل ہوتی تھی جہاں سے پچھلی رات شیر آیا تھا۔ میرے سامنے ذرا سا دائیں جانب تیسرا گارا تھا جو ابھی تک زندہ تھا۔ دوسرا گارا پچھلی رات دریا کی دوسری جانب تیندوا نے مار کر کھایا تھا‘۔

’تاریکی چھا چکی تھی کہ ہرنوں اور لنگوروں نے خطرے کی آواز نکالی۔ مجھے علم ہو گیا کہ تیندوا یا شیر ظاہر ہو چکا ہے۔ جانوروں کے شور سے اندازہ ہو رہا تھا کہ یہ تیندوا نہیں بلکہ شیر ہی ہو گا۔ پھر شیر نے کافی قریب سے دہاڑ لگائی اور اس کے بعد کچھ دور سے تیندوے کا جواب سنائی دیا۔ شاید اسی تیندوے نے ہمارا دوسرا گارا مارا تھا‘۔

’میں تصویر کھینچنے کے لیے تیار ہو گیا۔ عین اسی وقت میں سوچ رہا تھا کہ کاش کیمرے کی بجائے میرے ہاتھ میں رائفل ہوتی۔ والد کو ہمیشہ رائفل کی بجائے کیمرے سے شیر کی تصویر کھینچنے کی پڑی رہتی ہے۔ ایک طرح سے ان کی بات بجا ہے مگر میرا دل اس شیر کا شکار کرنا چاہ رہا تھا۔ مجھے اپنی اعشاریہ ۴۲۳ کی رائفل یاد آنے لگی‘۔

’اگلی آواز جو میں نے سنی، وہ گارے کے زمین پر گرنے اور ’بھاں‘ کرنے کی تھی۔ مجھے فوراً علم ہو گیا کہ یہ تیندوا نہیں بلکہ شیر ہے۔ تیندوے اپنے شکار کا گلا گھونٹ کر مارتے ہیں اور کافی شور ہوتا ہے۔ شیر کے حملے کی صورت میں گارے کے گرنے سے قبل اس کی گردن ٹوٹ چکی ہوتی ہے‘۔

’میں نے اپنے نیچے اور دائیں جانب کیمرے کا رخ کیا اور بٹن دبایا۔ آنکھیں چندھیانے والی روشنی پیدا ہوئی اور شیر نے دہاڑ لگائی۔ پھر جھاڑیوں کے ہلنے کی آواز سے پتہ چلا کہ شیر جا چکا ہے‘۔

’اب چونکہ میرے کرنے کے لیے اور کچھ نہیں بچا تھا، سو میں نے مچان پر لیٹ گیا اور دعا کر رہا تھا کہ تصویر اچھی آئی ہو۔ مچان کافی سخت تھی اور مجھے اپنے جھونپڑے کی یاد آنے لگی‘۔

’میں اونگھنے لگا کہ اچانک میری آنکھ کھلی تو درخت تیز ہوا کی وجہ سے لرز رہا تھا۔ رات بہت تاریک تھی اور اچانک آسمانی بجلی چمکی اور ساتھ ہی گرج سنائی دی۔ مجھے فوراً اندازہ ہو گیا کہ کافی بڑا طوفان آنے والا ہے۔ درخت کی ٹہنیاں اور پتے میرے چہرے سے رگڑ کھا رہے تھے۔ ترپال کا کچھ حصہ کھل چکا تھا مگر تنے سے بندھا کنارہ ابھی تک اپنی جگہ قائم تھا۔ تیز ہوا کی وجہ سے ترپال کے دوسرے حصے اڑ رہے تھے اور کافی تیز آواز پیدا ہو رہی تھی‘۔

اچانک ہوا رکی اور بارش شروع ہو گئی۔ بارش کو آبشار کہنا بہتر ہو گا۔ میں دودھ والا کا کیمرہ ڈبے میں بند کر کے دعا کرنے لگا کہ پانی ڈبے میں نہ گھسے۔ میں بارش میں اچھی طرح بھیگ چکا تھا اور پانی میرے جسم سے بہہ رہا تھا‘۔

’پھر کچھ عجیب سا ہوا۔ شیر لوٹ آیا۔ شاید آسمانی بجلی کی چمک سے اسے حوصلہ ہوا ہو گا کہ اس نے جو روشنی دیکھ کر دوڑ لگائی تھی، وہ کوئی عجیب بات نہ تھی۔ اس نے لوٹ کر گارا کھانا شروع کر دیا‘۔

’میں نے دوسری تصویر کی کوشش نہ کی کہ تیز بارش میں کیمرے کا ستیاناس ہو جاتا۔ بارش اتنی تیز تھی کہ تیز ٹارچ کی روشنی بھی اسے عبور نہ کر پاتی‘۔

’آخر بارش کی شدت کم ہوئی اور مجھے شیر کے پیٹ بھرنے کی آواز اور بھی بہتر سنائی دینے لگی۔ پھر ایک اور آواز آئی جیسے کوئی بھاری جسم ’بھچاک بچھاک‘ کرتا نالے میں چلتا آ رہا ہو۔ یہ جانور ہاتھی تھا‘۔

’شاید بارش کی وجہ سے ہاتھی کو پیٹ بھرنے سے زیادہ بارش سے پناہ کی تلاش تھی۔ آواز قریب تر ہوتی گئی‘۔

’شیر نے یہ آواز سنی اور اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرنے کے لیے دہاڑا۔ عام شیر ہاتھی کو آتا دیکھ کر بھاگ جاتے ہیں کہ دونوں کو ایک دوسرے کی موجودگی پسند نہیں۔ مگر یہ شیر عجیب تھا کہ اس نے گارا کھانا بند نہ کیا‘۔

’اس کا غصہ بڑھتا گیا اور اس نے دہاڑنا شروع کر دیا‘۔

’ہاتھی کی پیش قدمی رک گئی۔ ہاتھی نے زمین پر سونڈ مار کر خطرے کی آواز پیدا کی۔ نیچے خشک اور سخت مٹی کی بجائے پانی اور کیچڑ تھا سو ایسا لگا جیسے کوئی آدمی ناک سڑک رہا ہو‘۔

’شیر کو مزید غصہ آیا اور اس نے زور سے دہاڑنا شروع کر دیا۔ اگر ہاتھی چلا جاتا تو شیر سکون سے پیٹ بھرتا اور میں بھی آرام سے رہتا۔ مگر وائے قسمت۔۔۔‘

’اچانک ہوا کا جھونکا آیا اور ترپال نے آواز پیدا کی۔ ہاتھی درخت کے عین نیچے تھا۔ شیر نے یہ آواز سنی تو جست لگا کر ہاتھی کے قریب جھاڑیوں میں غائب ہو گیا۔ ان دونوں باتوں سے ہاتھی کو گھبراہٹ ہوئی اور اس کا غصہ اور تیز ہو گیا۔ اسے الجھن ہو گی کہ آیا شیر نے اس پر جست لگائی تھی اور اس کے اوپر سے آنے والی عجیب آواز سے اسے خطرہ ہو گا یا نہیں۔ سو اس نے سر اٹھایا تو مچان، ترپال اور مجھے دیکھ لیا‘۔

’ہاتھی نے غصے سے چنگھاڑا اور سیدھا درخت کے تنے کو لپکا۔ اس کا ماتھا تنے سے ٹکرایا۔ تیز بارش کی وجہ سے زمین نرم ہو چکی تھی اور درخت ترچھا ہو گیا۔ مجے علم ہو گیا کہ دوسرے دھکے کے بعد درخت گر جائے گا‘۔

’ہاتھی نے ایک اور چنگھاڑ لگانے کے بعد تھوڑا سا پیچھے ہٹ کر چند لمحے انتظار کیا۔ تاریکی کے باوجود مجھے اس کا ہلکا سا سایہ دکھائی دے رہا تھا جو میرے بائیں جانب تھا۔ سفید رنگ کی لکیروں سے اندازہ ہوا کہ اس کے دانت تھے یعنی نر ہاتھی تھا۔ اس کے علاوہ اب اس کی بو آ رہی تھی۔ بارش کے پانی سے دھلنے کے باوجود اس کی اپنی بو قائم تھی‘۔

’اگلی ٹکر سے میں درخت سمیت نیچے گر جاتا۔ سو میں نے زور زور سے چلانا شروع کر دیا۔ میری آواز سے چند لمحے ہاتھی جھجکا‘۔

’مجھے اچانک اپنی برقی ٹارچ کا خیال آیا۔ کاش کہ پہلے اس کے بارے میں سوچ لیتا۔ اس کی روشنی کو دیکھ کر ہاتھی فوراً بھاگ جاتا۔ میں نے بعجلت ٹارچ پکڑی اور روشن کر کے سیدھا اس کے چہرے پر ڈالی‘۔

’شکاری تجربے کے برعکس، اس ہاتھی نے ٹارچ کی روشنی دیکھتے ہی الٹا درخت کے تنے کو ایک اور ٹکر ماری۔ درخت آہستہ آہستہ گرنے لگا اور اس  کی جڑیں ٹوٹنے کی آواز آنے لگی۔ پھر سارا درخت، مچان اور میں، سبھی نیچے جا گرے‘۔

’جب میں نے محسوس کیا کہ درخت گر رہا ہے تو میں نے ٹارچ چھوڑ کر سیدھا اپنے اوپر والی شاخ پکڑ لی۔ جب ہم نیچے گرے تو صدمے کے علاوہ مجھے کوئی جسمانی چوٹ نہیں لگی تھی۔ میں نے سوچا کہ ٹارچ جلا کر ہاتھی کی جانب بھاگوں تو وہ ڈر جائے گا۔ مگر میں مچان کے بانسوں میں الجھا ہوا تھا اور ٹارچ کا بھی علم نہ تھا کہ کہاں ہو گی۔ گرتے وقت میں نے ٹارچ کو چھوڑ کر شاخ پکڑ لی تھی۔ اب اگر میں مچان سے آواز ہونے کی کوشش کرتا تو شور کی وجہ سے ہاتھی کو میرے مقام کا علم ہو جاتا‘۔

’ہاتھی نے اس مسئلے کا حل تلاش کر لیا اور اس نے ترپال کو پکڑ کر اسے پھاڑا اور زمین پر ڈال کر اسے کچلنے لگا۔ اس وقت ہاتھی مجھ سے چند قدم دور تھا‘۔

’میں شاخوں میں چھپا رہا مگر کوشش کرنے لگا کہ ہاتھی کو دیکھ کر اندازہ لگاؤں کہ وہ کتنا قریب ہے۔ تاریکی کے باوجود میں نے دیکھ لیا کہ وہ مجھ سے بمشکل ۱۵ فٹ دور ہو گا۔ مجھے اس کی تیز بو آ رہی تھی۔ پورا ایک یا دو منٹ وہ ترپال کے چیتھڑے اڑاتا رہا کہ پھر مجھے ایک اور آواز سنائی دی۔ یہ آواز انسانوں کے چلانے کی تھی‘۔

’جب یہ آواز قریب آئی تو میں نے پہچانا کہ یہ میرے والد اور تنگاویلو تھے۔ ان کے ہاتھوں میں لالٹین تھے۔ ہاتھی نے فوراً ترپال کو چھوڑ دیا۔ اس نے ایک لمحے کو رک کر پھر اپنی سونڈ زمین پر ماری۔ ہاتھی کافی غصے اور خوف کی حالت میں تھا۔ میں نے دیکھا کہ اس نے مڑ کر والد اور تنگاویلو کی سمت رخ کر لیا‘۔

‘والد اور تنگاویلو شور کرتے دوڑتے آ رہے تھے۔ مجھے علم تھا کہ والد کے پاس کوئی ہتھیار نہیں، سو صورتحال کافی گھمبیر تھی۔ پھر میں نے سوچا کہ اگر میں بھی شور کروں تو ہاتھی شاید ڈر جائے‘۔

’عین اسی وقت میرے سامنے والد اور تنگاویلو اس طرح شور مچاتے آن پہنچے جیسے ’بنشی‘ ہوں۔ والد نے چلا کر میری خیریت پوچھی مگر میں جواب دینے کی ہمت نہ کر سکا۔ ہاتھی بہت قریب تھا اور میری آواز سنتے ہی حملہ کر دیتا‘۔

’لالٹینوں کی روشنی میں مجھے ہاتھی صاف دکھائی دیا۔ اس کی سونڈ اندر کو مڑی ہوئی تھی جو حملے کی علامت ہے۔ مجھے فوری کچھ کرنا تھا، ورنہ ان دونوں کی جان خطرے میں ہوتی۔ میں نے پوری قوت سے چلانا شروع کر دیا‘۔

’ہاتھی نے ایک اور چنگھاڑ لگائی۔ والد اور تنگاویلو نے اپنے لالٹین اوپر اٹھائے اور چلانے لگے۔ ہمارا مشترکہ شور سن کر ہاتھی کی ہمت جواب دے گئی۔ والد کی چیخم دہاڑ اتنی عجیب تھی کہ میں بمشکل اپنی ہنسی روک پایا۔ ان کے ہاتھ میں لاٹھی تھی جو وہ لہرا رہے تھے‘۔

’ہمارا شور اتنا تھا کہ ہاتھی نے فرار کو ترجیح دی۔ اس کے بھاگتے ہی میں نے فوراً مچان سے خود کو آزاد کیا اور بھاگ کر والد کی طرف لپکا‘۔

’انہوں نے فوراً میری خیریت پوچھی۔ میں نے تسلی دی کہ مجھے کچھ نہیں ہوا‘۔

’پھر ہم نے سیدھا واپسی کا رخ اختیار کیا کہ ہر ہاتھی دوسرے سے  مختلف ہوتا ہے اور اگر اس ہاتھی کی سوچ بدل جاتی تو لوٹ آتا‘۔

اگلی صبح ہم دودھ والا کا کیمرہ اور ڈونلڈ کی ٹارچ تلاش کرنے گئے۔ وہاں ہمیں عجیب منظر دکھائی دیا۔

درخت سے گرتے ہوئے کیمرہ الگ گرا یا اسے ہاتھی نے تلاش کر لیا، مگر کیمرے کا ڈبہ ہاتھی کے پیر تلے کچلا جا چکا تھا۔ ٹارچ ہمیں ٹھیک حالت میں مل گئی۔

اس روز دن کے وقت ہم چڑھے ہوئے دریا کے کنارے بیٹھ گئے اور چیتل اور لنگوروں کو دیکھنے لگے جو دوسرے کنارے پر پیٹ بھر رہے تھے اور ان کی شرارتیں بھی جاری تھیں۔ پچھلی رات کی تیز ہوا سے انجیر کے بے شمار پھل گرے تھے جنہیں اب ۳۰ چیتلوں کا غول کھا رہا تھا۔ اس درخت پر لنگور اپنا پیٹ پہلے ہی بھر چکے تھے۔ اب وہ بچوں کی طرح انجیر چیتلوں پر پھینک رہے تھے۔ بار بار کوئی لنگور چیتل کی پشت پر جست لگا کر چڑھتا اور اس کا کان اینٹھ کر یا دم مروڑ کر پھر درخت پر چڑھ جاتا۔ مادائیں بچوں کو چاٹ رہی تھیں۔ بڑے نر چیتل اور بوڑھے لنگور اس شغل سے دور تھے مگر چیتلوں اور لنگوروں کے بچے ایک دوسرے کے پیچھے دوڑ رہے تھے۔ بہت خوبصورت منظر تھا۔

مگر اس منظر کو ہمارے علاوہ موت بھی دیکھ رہی تھی۔ چیتلوں کا غول تو چلا گیا تھا مگر لنگور ابھی تک وہیں تھے کہ اچانک جنگل سے ایک جنگلی کتے نے جست لگائی اور ایک کم عمر لنگور کو پکڑ لیا۔ یہ لنگور باقی غول سے کچھ دور چلا گیا تھا۔

لنگور چوکیدار کی یہ ناکامی تھی۔ شاید وہ دریا کی دوسری جانب ہماری نگرانی میں مصروف تھا سو وہ اس اکیلے جنگلی کتے کو نہ دیکھ پایا۔

زیادہ تر لنگور شور کرتے درختوں پر چڑھ گئے مگر چوکیدار لنگور اور بڑے لنگور نیچے اتر کر جنگلی کتے کا مقابلہ کرنے آئے۔ ان کے شور سے جنگل گونجنے لگا مگر انہیں کافی دیر ہو گئی تھی۔ جنگلی کتے کا شکار لنگور مر چکا تھا۔

ڈونلڈ اور میں نے ایک ساتھ شور مچایا۔ میرا گلا پچھلی شب سے بیٹھا ہوا تھا اور شاید میری عجیب آواز سن کر جنگلی کتے نے ڈر کر لنگور کی لاش کو منہ سے نکال کر زمین پر ڈالا اور خود چند قدم دور جا کھڑا ہوا اور ہماری جانب دیکھنے لگا۔ جنگلی کتے جنگل کے کسی بھی درندے سے زیادہ نڈر ہوتے ہیں اور انسان سے نہیں ڈرتے۔ میں نے کبھی نہیں سنا کہ جنگلی کتے نے انسان پر حملہ کیا ہو۔

دریا کافی چڑھا ہوا تھا اور اسے عبور کرنا ہمارے بس سے باہر تھا۔ سو ہم شور کرتے رہے تاکہ کتا لاش سے دور رہے۔ دریا پر ایک درخت گرا ہوا تھا، جس کی مدد سے ہم دریا کے دوسرے کنارے پہنچے اور جب لنگور کی لاش اٹھائی تو وہ ابھی تک گرم تھی۔ اس کی دم ایک گز لمبی اور بے جان لاش سے لٹک رہی تھی۔

لنگوروں کا پورا غول ابھی تک درختوں پر تھا اور جنگلی کتے پر چلا رہا تھا۔ لنگور اور بڑے نر باری باری ہمیں اور جنگلی کتے کو اپنی نوکیلے دانت دکھاتے رہے۔ پھر شاید انہیں احساس ہو گیا کہ اس لنگور کی موت میں ہمارا کوئی ہاتھ نہیں تھا۔ ڈونلڈ نے مردہ لنگور کی لاش کو درخت پر جہاں تک اس کا ہاتھ پہنچا، رکھ دی۔ باقی لنگور اسی درخت پر تھے۔

لنگور نیچے اتر کر اس شاخ پر لاش کا جائزہ لینے لگے۔ کسی نے اسے سونگھا تو کسی نے اسے چھوا۔ ایک بوڑھی مادہ جو شاید اس کی ماں تھی، نے اسے اٹھا کر چوما۔ اس کی بڑی بڑی سیاہ آنکھوں میں آنسو تھے۔ کیا لنگور بھی روتے ہیں؟

ہم ’شیروں کی سرزمین‘ سے واپس لوٹے تو کافی مایوس مگر زیادہ تجربہ کار تھے۔ ہاتھی نے ہمیں اچھا سبق دیا تھا۔ اس سال معمول سے زیادہ مرغابیاں ہمالیہ سے نیچے آئی تھیں اور ڈونلڈ دوستوں کے ہمراہ ان کے شکار کا منصوبہ بنا چکا تھا۔ جب ہم گھر پہنچے تو اس کی پارٹی تیار تھی۔ میں ساتھ نہ گیا۔

٭٭٭

تشکر: مترجم جنہوں نے اس کی فائل فراہم کی

تصحیح و تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں

پی ڈی ایف فائل

ورڈ فائل

ٹیکسٹ فائل

ای پب فائل

یہاں کتب ورڈ، ای پب اور کنڈل فائلوں کی شکل میں فراہم کی جاتی ہیں۔ صفحے کا سائز بھی خصوصی طور پر چھوٹا رکھا گیا ہے تاکہ اگر قارئین پرنٹ بھی کرنا چاہیں تو صفحات کو پورٹریٹ موڈ میں کتاب کے دو صفحات ایک ہی کاغذ کے صفحے پر پرنٹ کر سکیں۔
ویب گاہ کی تعمیر و تشکیل: محمد عظیم الدین اور اعجاز عبید