اہم

اعجاز عبید ۲۰۰۶ء سے اردو تحریر یعنی یونیکوڈ کو فروغ دینے کی نیت سے اردو کی مفت دینی اور ادبی برقی کتب فراہم کرتے رہے ہیں۔ کچھ ڈومین (250 فری ڈاٹ کام، 4 ٹی ڈاٹ کام ) اب مرحوم ہو چکے، لیکن کتابیں ڈاٹ آئی فاسٹ نیٹ ڈاٹ کام کو مکمل طور پر کتابیں ڈاٹ اردو لائبریری ڈاٹ آرگ پر شفٹ کیا گیا جہاں وہ اب بھی برقرار ہے۔ اس عرصے میں ۲۰۱۳ء میں سیف قاضی نے بزم اردو ڈاٹ نیٹ پورٹل بنایا، اور پھر اپ ڈیٹس اس میں جاری رہیں۔ لیکن کیونکہ وہاں مکمل کتب پوسٹ کی جاتی تھیں، اس لئے ڈاٹا بیس ضخیم ہوتا گیا اور مسائل بڑھتے گئے۔ اب اردو ویب انتظامیہ کی کوششیں کامیاب ہو گئی ہیں اور لائبریری فعال ہو گئی ہے۔ اب دونوں ویب گاہوں کا فارمیٹ یکساں رہے گا، یعنی مکمل کتب، جیسا کہ بزم اردو لائبریری میں پوسٹ کی جاتی تھیں، اب نہیں کی جائیں گی، اور صرف کچھ متن نمونے کے طور پر شامل ہو گا۔ کتابیں دونوں ویب گاہوں پر انہیں تینوں شکلوں میں ڈاؤن لوڈ کے لئے دستیاب کی جائیں گی ۔۔۔ ورڈ (زپ فائل کی صورت)، ای پب اور کنڈل فائلوں کے روپ میں۔

کتابیں مہر نستعلیق فونٹ میں بنائی گئی ہیں، قارئین یہاں سے اسے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں:

مہر نستعلیق ویب فونٹ

کاپی رائٹ سے آزاد یا اجازت نامہ کے ساتھ اپنی کتب ان پیج فائل یا یونی کوڈ سادہ ٹیکسٹ فائل /ورڈ فائل کی شکل میں ارسال کی جائیں۔ شکریہ

یہاں کتب ورڈ، ای پب اور کنڈل فائلوں کی شکل میں فراہم کی جاتی ہیں۔ صفحے کا سائز بھی خصوصی طور پر چھوٹا رکھا گیا ہے تاکہ اگر قارئین پرنٹ بھی کرنا چاہیں تو صفحات کو پورٹریٹ موڈ میں کتاب کے دو صفحات ایک ہی کاغذ کے صفحے پر پرنٹ کر سکیں۔


کماؤں کے آدم خور ۔۔۔ جم کاربٹ/ محمد منصور قیصرانی

شکاریات کی ایک اور کتاب

کماؤں کے آدم خور

مصنف

جم کاربٹ

تصحیح و تدوین

اعجاز عبید

ڈاؤن لوڈ کریں

پی ڈی ایف فائل

ورڈ فائل

ٹیکسٹ فائل

ای پب فائل

مکمل کتاب پڑھیں…..

کماؤں کے آدم خور

 

 

جم کاربٹ

 

 

اردو ترجمہ

محمد منصور قیصرانی

 

تصحیح و تدوین

اعجاز عبید

 

 

پیش لفظ

 

یہ کتاب میجر جم کاربٹ کو پیش آئے سچے تجربات پر مشتمل ہے۔  میں یہ کتاب ایڈونچر اور ایکشن کے متلاشی افراد کے لیے پیش کر رہا ہوں۔

اس میں شکاری حضرات کے ذوق کی تسکین اور نئی باتیں سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔  مبتدی شکاری پہلی بار شیر کے شکار پر جانے سے قبل اس کتاب کو پڑھ لیں تو زخمی ہو کر آدم خور بننے والے شیروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہ جائے۔  اچھے نشانے اور حوصلے سے زیادہ اہم اور بھی کئی باتیں ہیں جو شیروں کے شکاری کو مد نظر رکھنی چاہئیں۔  شکار پر جانے سے قبل مکمل منصوبہ بندی، تیاری اور مستقل مزاجی اس شکار میں کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

صوبجات متحدہ میں مصنف یہاں کے باسیوں کو آدم خور درندوں سے بچانے کے لیے پہچانا جاتا ہے۔  سرکاری افسران اپنے زیر انتظام علاقوں میں موجود آدم خور جانوروں سے ہونے والی تباہی سے تنگ آ کر مدد کے لیے جم کاربٹ کے پاس آئے اور انہیں مایوسی نہیں ہوئی۔  جم کاربٹ کے ہاتھوں ان غیر معمولی اور وحشت ناک درندوں کی ہلاکت نہ صرف مقامی آبادی بلکہ حکومت کے لیے بھی گراں قدر خدمت تھی۔

ان کہانیوں سے قارئین کو جم کاربٹ کے دل میں فطرت سے لگاؤ کا اندازہ ہو گا۔  میں ان کے ساتھ کئی بار شکاری مہمات میں جا چکا ہوں۔  دنیا کے کسی براعظم کے کسی جنگل میں موجود نشانات کو جم کاربٹ سے بہتر اور کوئی نہیں سمجھ سکتا۔  انہیں جنگل کے فطری ماحول کے مشاہدے سے خوشی ملتی ہے۔  انہوں نے اپنی آنکھوں سے جو کچھ دیکھا اس سے وہ جنگ کے دوران بینائی کھونے والے فوجیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔  جم کاربٹ نے اس کتاب کے پہلے ایڈیشن سے ہونے والی تمام تر آمدن اپنے ملک اور قوم کے لیے بینائی کی قربانی دینے والے نابینا فوجیوں کے لیے بنے سینٹ ڈنسٹن کے فنڈ کے لیے وقف کر رکھی ہے۔

لن لتھ گو

وائسرائے ہاؤس

نیو دہلی

 

 

مصنف کی رائے

 

اس کتاب کے بیشتر واقعات آدم خور شیروں کے بارے میں ہیں۔  اس لیے یہ بتانا ضروری ہے کہ ان جانوروں میں آدم خوری کی عادت کیسے پیدا ہوتی ہے۔

آدم خور شیر عام شیر ہی ہوتا ہے جو حالات سے مجبور ہو کر نئی خوراک اپناتا ہے۔  ایسے واقعات میں نوے فیصد شیر زخمی ہو کر اور بقیہ دس فیصد عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے آدم خور بنتے ہیں۔  زخمی ہونے کی وجہ اناڑی شکاری کی چلائی ہوئی اوچھی گولی اور زخمی شیر کا پیچھا نہ کرنا یا سیہی کے شکار میں شیر سے ہونے والی بے احتیاطی شامل ہیں۔  چونکہ انسان شیروں کی قدرتی خوراک نہیں، اس لیے شیر عمر یا زخموں سے مجبور ہو کر ہی انسان کو خوراک بناتا ہے۔

میں ایک مہینے تک کھلے میدان میں انسانوں سے کم از کم سو گز دور خیمے میں سوتا رہا، صبح سے شام تک جنگلوں میں پھرتا رہا، کئی بار عورت کا بھیس بدل کر ایسی جگہوں سے گھاس کاٹی جہاں اور کوئی انسان جانے کی ہمت نہ کرتا تھا۔  اس دوران شیرنی نے مجھے ہضم کرنے کے کئی نادر مواقع ضائع کیے۔  آخری موقع پر قسمت نے میری بجائے ایک اور بدقسمت شخص کو شیرنی کے سامنے پیش کر دیا۔

شکار کی گزرگاہ پر چھپ کر یا پوشیدہ رہ کر حملہ کرنا، دونوں طرح شیر کی کامیابی کا سارا دار و مدار اس کی رفتار اور کسی حد تک دانتوں اور پنجوں پر ہوتا ہے۔  زخم، دانتوں کے گھسنے یا ناکارہ ہو جانے سے شیر اپنا عام شکار پکڑنے سے معذور ہونے کے بعد بھوک سے مجبور ہو کر انسانی شکار پر اتر آتا ہے۔  میرے خیال میں شیر کا جانوروں کی بجائے انسانی شکار پر مائل ہونا محض حادثاتی ہوتا ہے۔  میں یہاں مکتیسر کی شیرنی کی مثال پیش کروں گا۔  یہ جوان شیرنی تھی۔  اس نے سیہی کے شکار میں نہ صرف ایک آنکھ گنوائی بلکہ اس کے بازو اور اگلے پنجے میں ایک سے نو انچ تک لمبے پچاس کانٹے پیوست ہوئے تھے۔  کچھ کانٹے ہڈی سے ٹکرانے کے بعد مڑ کر انگریزی کے حرف یو کی شکل اختیار کر گئے۔  جہاں جہاں شیرنی نے دانتوں سے ان کانٹوں کو نکالنے کی کوشش کی، وہاں زخم بنے اور پیپ پڑ گئی۔  ایک دن جب شیرنی گھاس کے قطعے میں بیٹھی اپنے زخم چاٹ رہی تھی تو ایک عورت نے اُسی قطعے سے گھاس کاٹنا شروع کی۔  پہلے پہل تو شیرنی نے کوئی توجہ نہ دی مگر جب عورت گھاس کاٹتے کاٹتے بالکل نزدیک پہنچ گئی تو شیرنی نے جست لگا کر عورت کے سر پر پنجہ مارا۔  بیچاری عورت کی کھوپڑی انڈے کی طرح پِچک گئی۔  اس کی موت اتنی اچانک تھی کہ اگلے دن جب اس کی لاش ملی تو اس کے ایک ہاتھ میں درانتی اور دوسرے میں گھاس کی مٹھی تھی جسے وہ کاٹنے والی تھی۔  عورت کی لاش کو چھوڑ کر شیرنی لنگڑاتی ہوئی میل بھر دور ایک گرے ہوئے درخت کے تنے کے پیچھے پہنچی اور لیٹ گئی۔  اگلے دن ایک آدمی اس درخت کو کاٹنے آیا۔  شیرنی درخت کی دوسری جانب لیٹی تھی اور اس نے حملہ کر کے اس آدمی کو ہلاک کر دیا۔  یہ آدمی اپنی صدری اور قمیض اتار چکا تھا اور شیرنی کے حملے سے درخت پر گرا۔  شیرنی کے پنجوں سے اس کی کمر پر گہری خراشیں آئیں۔  شیرنی کو شاید ان خراشوں سے بہنے والے خون سے خیال آیا ہو کہ وہ اس لاش سے اپنی بھوک مٹا سکتی ہے۔  جو بھی وجہ ہو، شیرنی نے جانے سے قبل اس کی پشت کا کچھ حصہ کھایا۔  ایک دن بعد اس نے باقاعدہ گھات لگا کر تیسرا آدمی مارا۔  اس دن سے اس شیرنی نے باقاعدہ آدم خوری شروع کر دی اور ہلاکت سے قبل کل ۲۴ افراد مارے تھے۔

تازہ کیے شکار پر موجود شیر، زخمی شیر یا بچوں والی شیرنی بھی اتفاقیہ طور پر انسان ہلاک کر سکتے ہیں۔  اکثر لوگ انہیں بھی آدم خور گردانتے ہیں مگر یہ کسی بھی اعتبار سے آدم خور نہیں۔  ذاتی طور پر میں کسی بھی شیر کو آدم خور ماننے سے قبل کم از کم دو ہلاکتوں کا انتظار کرتا ہوں اور جہاں ممکن ہو، لاشوں کا ڈاکٹری معائنہ کرانے کے بعد اس جانور کو آدم خور شمار کرتا ہوں۔  پہاڑی علاقوں میں بہت سے ایسے واقعات میرے علم میں ہیں کہ قتل کر کے الزام شیر، تیندوے، لگڑبگڑ یا بھیڑیوں پر ڈالنے کی کوشش کی گئی تھی۔  یہاں تفصیل بتانا مناسب نہیں۔

عام خیال ہے کہ آدم خور ہمیشہ بوڑھا اور خارشی ہوتا ہے۔  اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ انسانی جسم میں موجود نمک کی مقدار اسے خارش زدہ بنا دیتی ہے۔  انسانی یا حیوانی گوشت میں موجود نمک کی مقدار پر رائے دینے کا میں حق تو نہیں رکھتا البتہ یہ ضرور جانتا ہوں کہ تمام آدم خوروں کی کھال نہایت نرم اور ریشمی ہوتی ہے۔  یعنی عام خیال کے برعکس انسانی گوشت کھانے سے آدم خور کی کھال پر کوئی برا اثر نہیں پڑتا۔

یہ غلط فہمی بھی عام ہے کہ تمام آدم خوروں کی اولاد خود بخود آدم خور بن جاتی ہے۔  اس خیال کی وجہ یہ ہے کہ یہ بچے انسانی گوشت پر پلتے ہیں تو ان کا آدم خور بن جانا فطری سی بات ہے۔  فطری طور پر انسان تیندوے یا شیر کی خوراک نہیں ہوتے۔

بچہ وہی کھاتا ہے جو اسے ماں دے گی۔  کئی بار بچے بڑے ہو کر انسانی شکار میں اپنی ماں کی مدد بھی کرتے ہیں۔  تاہم ماں کو چھوڑنے یا ماں کی ہلاکت کے بعد کسی بھی بچے نے آدم خوری جاری نہیں رکھی۔

جب درندے انسانوں کو ہلاک کرتے ہیں تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ جانور شیر ہے یا تیندوا؟ میرے اصول کے مطابق ہر وہ ہلاکت جو دن کی روشنی میں ہو، شیر اور ہر وہ ہلاکت جو رات کی تاریکی میں ہو، تیندوا کرتا ہے۔  آج تک میں نے اس اصول سے کسی جانور کو انحراف کرتے نہیں دیکھا۔  دونوں جانور نیم شب بیدار ہوتے ہیں، شکار مارنے یا گھات لگانے کا طریقہ بھی دونوں میں یکساں، دائرہ عمل بھی ایک ہی اور دونوں ہی انسانی شکار کو دور تک لے جا سکتے ہیں۔  یہ غلط فہمی عموماً پیدا ہو جاتی ہے کہ ان کے شکار کا وقت بھی ایک ہی ہوتا ہے۔  ایسا نہیں کہ دونوں جانوروں کی ہمت اور حوصلہ فرق ہوتا ہے۔  شیر جب آدم خور بنتا ہے تو اس کے دل سے انسان کا خوف جاتا رہتا ہے۔  اس کے علاوہ دن میں انسان زیادہ آسانی سے اور زیادہ تعداد میں گھر سے باہر ہوتے ہیں تو اس میں شیروں کو سہولت رہتی ہے۔  اس کے بالکل برعکس تیندوا چاہے کتنے آدمی مار چکا ہو، اس کے دل سے انسانی دہشت نہیں زائل ہو پاتی۔  اس لیے یہ دن کی روشنی کی بجائے رات کی تاریکی میں انسان پر حملہ آور ہوتا ہے۔  اس لیے وہ رات کو گاؤں میں گھومتا یا رات کو ہی جھونپڑے توڑ کر شکار کرتا ہے۔  انسانی خوف زائل ہونے کے سبب شیر دن میں عام دکھائی دیتا ہے، اس کا شکار آدم خور تیندوے کی نسبت بہت آسان ہوتا ہے۔

آدم خور سے ہونے والی ہلاکتوں کی رفتار عموماً درج ذیل تین عوامل پر ہوتی ہے:

  • اس کے دائرہ عمل میں قدرتی شکار کتنا ہے
  • اس کی معذوری کی نوعیت، جس نے اسے آدم خور بنایا
  • آیا آدم خور نر ہے یا بچوں والی مادہ

ایسے افراد جو حقیقت سے ناواقف اور سنی سنائی پر بھروسہ کرتے ہیں، میں ان کی غلط فہمی دور کرنا چاہتا ہوں۔  یہاں میں شیروں کی بات کروں گا کہ آدم خور شیر انتہائی مختصر تعداد ہوتے ہیں۔  جس مصنف نے سب سے پہلے ’شیر جیسا خون کا پیاسا‘ یا ’شیر جیسا سفاک‘ کی اصطلاح استعمال کی، اس نے یہ الفاظ بظاہر برے کردار کے لیے چنے ہوں گے مگر اس نے نہ صرف شیر جیسے شاندار جانور کی شہرت سے لاعلمی ظاہر کی بلکہ شیر کی شہرت کو بھی گہنا دیا۔  اس کی بنائی ہوئی یہ اصطلاحات اب پوری دنیا میں عام استعمال ہوتی ہیں۔  یہ شخص اس غلط العام رائے کا ذمہ دار ہے جس پر تقریباً پوری دنیا یقین رکھتی ہے۔

جب میں ’شیر جیسا خون کا پیاسا‘ یا ’شیر جیسا سفاک‘ سنتا یا پڑھتا ہوں تو مجھے وہ ننھا لڑکا یاد آ جاتا ہے جس کے پاس ایک پرانی توڑے دار بندوق تھی۔  اس بندوق کی دائیں نال میں چھ انچ لمبا شگاف تھا۔  نالیوں اور کندے کو الگ ہونے سے بچانے کے لیے تانبے کی تاروں بندھی تھیں۔  یہ لڑکا ترائی اور بھابھر کے جنگلات میں بے فکر گھومتا پھرتا تھا۔  ان دنوں کم از کم دس گنا زیادہ شیر پائے جاتے تھے۔  یہ لڑکا جہاں بھی رات پڑے، سو جاتا اور اپنی حفاظت اور حرارت کے خیال سے تھوڑی آگ جلا لیتا تھا۔  اس کی نیند بار بار شیروں کی دھاڑ سے اکھڑ جاتی جو بعض اوقات دور اور بعض اوقات بالکل نزدیک ہوتے تھے۔  یہ لڑکا آگ پر مزید ایک یا دو لکڑیاں ڈال کر پھر سونے کی کوشش کرتا تھا۔  اسے شیروں سے ڈر نہ لگتا تھا۔  اسے اپنے مختصر تجربے اور دوسروں کی باتوں سے معلوم ہو چکا تھا کہ جب تک شیر کو تنگ نہ کیا جائے تو وہ کوئی نقصان نہیں پہنچاتا۔  اسی طرح دن کی روشنی میں شیر کو دیکھتے ہی وہ لڑکا راستے سے ہٹ جاتا۔  اگر ہٹنا ممکن نہ ہوتا تو بے حس و حرکت کھڑا ہو جاتا۔  شیر اس کے پاس سے ہو کر گزر جاتا اور لڑکا اپنا سفر جاری رکھتا۔  اسی طرح ایک واقعہ مجھے یاد ہے کہ جب وہ لڑکا جنگلی مرغیوں پر گھات لگاتے ہوئے آلو بخارے کی جھاڑی میں چھپا تھا کہ جھاڑی کی دوسری طرف سے شیر نکلا۔  اس نے حیرت سے لڑکے کو دیکھا اور جیسے زبان حال سے پوچھا، ’ارے، تم یہاں کہاں؟‘ جواب نہ ملنے پر شیر خاموشی سے آگے بڑھ گیا۔  اسی طرح مجھے وہ لاکھوں افراد یاد آتے ہیں جو ہر روز جنگل میں جاتے ہیں اور ان کی مڈبھیڑ شیروں سے ہوتی ہے۔  ان میں بچے، بوڑھے، جوان اور عورتیں سبھی شامل ہوتے ہیں۔  ان میں سے ہر ایک شخص بحفاظت گھر واپس لوٹتا ہے۔  اکثر کو تو شیر کی موجودگی کا علم تک نہیں ہو پاتا۔

جب شیر آلو بخارے کی جھاڑی سے نکلا تھا، سے اب تک نصف صدی گزر چکی ہے۔  میں نے گزشتہ بتیس سال میں بے شمار آدم خوروں کا سامنا کیا، ایسے ایسے مناظر بھی دیکھے جو پتھر کو موم کر دیں، مگر میں نے کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ شیر نے بلا وجہ شکار کیا ہو۔  ان کا کام ہمیشہ اپنی بھوک مٹانے کے لیے شکار تک محدود ہوتا ہے چاہے یہ شکار انسانی ہو یا حیوانی۔

شیر کا فطری کردار قدرتی توازن برقرار رکھنا ہے۔  وہ حالات سے مجبور ہو کر یا جب انسانوں نے اس کی قدرتی خوراک ختم کر دی ہو تو آدم خوری کی طرف مائل ہوتا ہے۔  آدم خوری سے پہلے وہ مویشی خور بنتا ہے۔  اس سے ہونے والا نقصان کبھی بھی دو فیصد مویشیوں سے زیادہ نہیں ہوتا۔  لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ پوری نسل پر ہی بے رحم اور سفاک ہونے کا لیبل لگا دیا جائے۔

شکاری فطرت پسند ہوتا ہے۔  اس کے پاس جنگل میں گزرے بے شمار برسوں کا تجربہ ہوتا ہے۔  ہر شخص کا اپنا نکتہ نظر ہو سکتا ہے لیکن اکثریت کی رائے تقریباً یکساں ہوتی ہے۔  اس لیے میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی میری رائے سے لفظ بلفظ متفق ہو گا۔  لیکن خیالات ضرور ملتے جلتے ہوں گے۔

تمام شکاری چاہے وہ ہاتھی پر سوار، مچان پر بیٹھ کر یا زمین پر شیر کے دو بدو ہو کر شکار کرتے ہوں، اس بات سے اتفاق کریں گے کہ شیر نہایت شریف النفس اور بے جگر درندہ ہے۔  جب اس کی نسل معدوم ہوئی، جیسا کہ یہ اب معدومی کے خطرے سے دوچار ہے، ہندوستان اپنے سب سے خوبصورت جانور سے محروم ہو جائے گا۔

شیر کے برعکس تیندوے مردار خور ہوتے ہیں۔  جب انسان اس کے قدرتی شکار کو ختم کر دے تو آدم خور بنتا ہے۔

ہمارے پہاڑوں کے زیادہ تر باشندے ہندو ہیں اور وہ اپنے مردوں کو جلاتے ہیں۔  یہ رسم ندی یا دریا کے کنارے ادا کی جاتی ہے تاکہ راکھ بہہ کر دریائے گنگا اور پھر اس سے آگے سمندر کو جا پہنچے۔  پہاڑوں میں ندیاں اور دریا بہت دور ہوتے ہیں اور اتنی دور تک لاش لے جانا بہت مہنگا پڑتا ہے۔  اکا دکا اموات کو چھوڑ دیں لیکن وبا کی صورت میں یہ لوگ زیادہ اموات کا سامنا کرتے ہیں۔  اس طرح ہر مردہ جلانا ممکن نہیں رہتا۔  وبا میں مردے کے منہ پر سلگتا کوئلہ رکھ کر اسے کھائی میں پھینک دیتے ہیں۔

تیندوے کے علاقے میں ایسی لاشیں انسانی گوشت مہیا کرتی ہیں۔  وبا کے اختتام پر جب تیندوے کو مفت کی لاشیں ملنا بند ہوتی ہیں تو وہ آدم خوری شروع کر دیتا ہے۔

کماؤں کے دو تیندووں نے کل ۵۲۵ افراد ہلاک کیے تھے۔  پہلا تیندوا ہیضے کی وبا سے اور دوسرا ۱۹۱۸ میں ’جنگی بخار‘ سے آدم خور بنا تھا۔

کرنل جم کاربٹ

چمپاوت کی آدم خور شیرنی

میں ایڈی نولس کے ہمراہ ملانی میں شکار کھیل رہا تھا تو اس شیرنی کے متعلق پہلی بار سنا۔  بعد میں اس شیرنی کو سرکاری طور پر ’چمپاوت کی آدم خور‘ کہا گیا۔

ایڈی کو اس صوبے میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ فطرت سے محبت اور شکار کا شوق اپنی انتہا پر تھے۔  وہ ان چند خوش نصیب افراد میں سے ایک تھا جن کے پاس نہ صرف ہر چیز بلکہ ہر قسم کی بہترین چیز ہوتی ہے۔  اس کی رائفل کے نشانے اور گولی کی طاقت کا جوڑ نہ تھا۔  اس کا ایک بھائی ہندوستان کی فوج کا سب سے بہترین نشانچی جبکہ دوسرا بھائی ہندوستانی فوج میں ٹینس کا سب سے بہترین کھلاڑی تھا۔  جب ایڈی نے بتایا کہ حکومت نے اس کے بہنوئی کو ’چمپاوت کی آدم خور شیرنی‘ مارنے بھیجا ہے تو مجھے یقین تھا کہ اس شیرنی کے دن گنے جا چکے ہیں۔

بعض نامعلوم وجوہات کی بناء پر شیرنی ہلاک نہ ہوئی۔  چار سال بعد جب میں نینی تال پہنچا تو یہ شیرنی حکومت کے لیے درد سر بن چکی تھی۔  اس کی ہلاکت پر انعامات مقرر تھے اور خصوصی شکاری بھیجے گئے۔  گورکھوں کی جماعتیں بھی اسے نہ مار سکیں۔  انسانی ہلاکتیں بڑھتی گئیں۔

بعد میں معلوم ہوا کہ یہ شیرنی کماؤں آنے سے قبل ہی آدم خور بن چکی تھی۔  کماؤں سے قبل وہ نیپال میں بھی دو سو افراد ہلاک کر چکی تھی۔  اسے مسلح نیپالی دستے نے فرار پر مجبور کر دیا تھا۔  اس نے کماؤں میں مزید دو سو چونتیس انسان شکار کیے۔

نینی تال پہنچنے کے فوراً بعد مجھ سے ملنے ضلعی ڈپٹی کمشنر برتھڈ آیا۔  اپنی ناگہانی وفات کے بعد وہ ہلدوانی میں ہی دفن ہوا۔  اس کے سارے جاننے والے اس سے محبت کرتے ہیں۔  اس نے جب مجھے بتایا کہ ان کے ضلع کے لوگ اس شیرنی سے کتنے تنگ آ چکے ہیں تو مجھے حیرت نہ ہوئی۔  لوگوں کی تکلیف اس کی تکلیف تھی۔  جانے سے قبل اس نے وعدہ لیا کہ اگلی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی میں اس شیرنی کا پیچھا کروں گا۔

میں نے دو شرائط رکھیں۔  پہلی تو یہ کہ تمام حکومتی انعامات واپس لے لیے جائیں۔  دوسرا یہ کہ تمام شکاریوں اور الموڑہ کے گورکھوں کو واپس بلا جائے۔  ان شرائط کی وجوہات بھی ظاہر تھیں۔  کوئی بھی اچھا شکاری انعام کے لالچ میں شکار نہیں کرتا۔  دوسرا جب دو شکاری ایک ہی جگہ ہوں تو ایک دوسرے کی گولیوں سے بچنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔  برتھڈ نے میری دونوں شرائط منظور کر لیں۔  اگلے ہفتے برتھڈ میرے پاس آیا اور بتایا کہ اسے گزشتہ رات ہرکارے نے پالی کے مقام پر ایک عورت کی ہلاکت کی اطلاع پہنچائی ہے۔  یہ گاؤں دیبی دھورا اور دھونا گھاٹ کے درمیان ہے۔

ان لوگوں نے بتایا کہ وہ پانچ روز سے گھر کی دہلیز سے باہر نہیں گئے۔  نتیجتاً صفائی کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ اور خوراک بھی ختم ہونے والی تھی۔  اگر شیرنی کو مارا یا بھگایا نہ جاتا تو یہ لوگ عن قریب بھوک سے مر جاتے۔

اس گاؤں کی کل آبادی پچاس افراد پر مشتمل تھی جن میں عورتیں، مرد، بچے اور بوڑھے شامل تھے۔  یہ لوگ انتہائی خوف زدہ تھے۔  جب میں وہاں پہنچا تو سورج کافی بلند ہو چکا تھا مگر وہ لوگ بند دروازوں کے پیچھے ہی خود کو محفوظ سمجھ رہے تھے۔  جب ہم لوگ گاؤں کے وسط میں پہنچ کر آگ جلا کر چائے بنانے لگے تو اکا دکا دروازے کھلنا شروع ہوئے۔

اس علاقے میں شیرنی کی موجودگی صاف ظاہر تھی۔  گزشتہ تین راتوں سے وہ گاؤں کے پاس سڑک سے ہوتی ہوئی گزری۔  یہ سڑک گاؤں سے بمشکل سو گز دور ہو گی۔  دن میں بھی شیرنی کئی بار گاؤں سے متصل کھیتوں میں دیکھی گئی۔

نمبردار نے ایک کمرہ ہمارے حوالے کیا۔  ہم کل آٹھ افراد تھے۔  اس کمرے کا دروازہ اس طرف کھلتا تھا جہاں سارے گاؤں کی غلاظت پھینکی جاتی تھی۔  میں نے فیصلہ کیا کہ میں رات کھلے آسمان کے نیچے گزاروں گا۔

رات کا کھانا جلدی کھا کر میرے آدمی اس کمرے میں محفوظ ہو کر بیٹھ گئے تو میں نے سڑک کے کنارے ایک درخت سے ٹیک لگا لی۔  دیہاتیوں نے بتا دیا تھا کہ شیرنی اس سڑک سے ہو کر گزرتی ہے تو اگر میں اسے پہلے دیکھ پاتا تو گولی چلا سکتا تھا۔  رات روشن تھی اور چودھویں کا چاند نکلا ہوا تھا۔

شکار کی تلاش میں میں نے بے شمار راتیں جنگل میں گزاری تھیں مگر کسی آدم خور کا مقابلہ کرنے کے لیے جنگل میں رات گزارنے کا یہ پہلا موقع تھا۔  جلد ہی ساری سڑک چاند کی روشنی سے منور ہو گئی۔  سڑک سے دائیں اور بائیں جانب درختوں کے پتوں سے چاندنی چھن رہی تھی۔  جب ہوا چلتی تو ایسا لگتا کہ درجنوں شیر میری طرف بڑھ رہے ہوں۔  مجھے اپنی حماقت پر افسوس ہونے لگا کہ میں نے زمین پر بیٹھنے کا فیصلہ کیوں کیا۔  اب میں اس آدم خور کے رحم و کرم پر تھا۔  یہ بتاتے ہوئے شرمندگی ہے کہ کی مجھ میں گاؤں واپس جانے جرأت نہ تھی۔  سردی اور خوف سے میرے دانت بجنے لگے۔  جب سورج کی سنہری کرنیں میرے سامنے والے پہاڑوں کی برفانی چوٹیوں پر پڑیں تو میں گھٹنوں میں سر دے کر بے خبر سو گیا۔  گھنٹے بھر بعد میرے آدمی مجھے اٹھانے آئے۔  میں نے ساری رات شیرنی کی آواز تک نہ سنی تھی۔

میری بحفاظت واپسی پر گاؤں والے حیران تھے۔  میں نے انہیں کہا کہ وہ مجھے شیرنی کی انسانی ہلاکتوں والی جگہوں پر لے جائیں۔  انہوں نے دہلیز سے ہی ہاتھوں کے اشارے سے بتانے کی کوشش کی۔  آخری ہلاکت کہ جس کے بعد میں ادھر آیا تھا، گاؤں کے بالکل کنارے پر ہوئی تھی۔  بیس عورتیں اور لڑکیاں مویشیوں کے لیے درختوں سے پتے توڑنے گئی تھیں۔  یہ عورتیں دن چڑھے گاؤں سے بمشکل نصف میل دور جا کر درختوں پر پتے توڑنے کے لیے چڑھیں۔  متوفیہ اور اس کے ہمراہ دو اور عورتوں نے کھڈ کے کنارے ایک درخت چنا۔  یہ کھڈ چار فٹ گہری اور دس یا بارہ فٹ چوڑی تھی۔  متوفیہ نے سب سے پہلے پتے توڑے اور نیچے اترنے لگی۔  شیرنی اس دوران انتہائی خاموشی سے کھڈ تک پہنچی اور اس نے باہر نکل کر عورت کا پیر منہ میں دبا لیا۔  عورت کے ہاتھ سے درخت کی ٹہنی چھوٹ گئی۔  اسے کھڈ میں گھسیٹ کر شیرنی نے پاؤں چھوڑ کر گلے سے دبوچا۔  ہلاک کرنے کے بعد اسے اٹھائے ہوئے شیرنی نے جست لگائی اور گھاس میں گم ہو گئی۔

دیگر دونوں عورتوں نے یہ سارا واقعہ تفصیل سے دیکھا کہ وہ بھی وہیں تھیں۔  شیرنی اور اس کے شکار کے نظروں سے اوجھل ہوتے ہی دہشت سے سہمی ہوئی ساری عورتیں اور لڑکیاں گاؤں لوٹیں۔  اس وقت گاؤں کے سارے مرد دوپہر کا کھانا کھانے واپس آئے تھے۔  سب نے ڈھول، ڈرم، دھاتی پتیلیاں، غرض ہر وہ چیز اٹھا لی جسے بجا کر شور کیا جا سکتا۔  اس طرح سب مدد کے لیے روانہ ہوئے۔  مرد آگے آگے اور عورتیں پیچھے پیچھے تھیں۔

جائے حادثہ پر پہنچ کر یہ سوال کھڑا ہوا کہ کیا کیا جائے۔  ابھی وہ بحث کر رہے تھے کہ شیرنی نے پاس والی جھاڑی سے نکل کر زوردار دھمکی دی۔  تمام افراد سر پر پاؤں رکھ کر بھاگے اور گاؤں پہنچ کر دم لیا۔  جب سانس بحال ہوئی تو ہر آدمی دوسرے کو الزام دینے لگا کہ وہ پہلے بھاگا تھا۔  جب تکرار کی نوبت آئی تو ایک شخص نے کہا کہ اگر کوئی سارے ہی اپنے دعووں کے مطابق اتنے سچے اور بہادر ہیں تو کیوں نہ دوبارہ جا کر اس عورت کی جان بچائیں؟ تین بار یہ پارٹی کھڈ تک جا کر لوٹ آئی۔  چوتھی بار بندوق بردار نے ہوا میں گولی چلائی۔  شیرنی فوراً ہی جھاڑیوں میں غرائی۔  یہ پارٹی اب مدد کا خیال دل سے نکال کر واپس لوٹ آئی۔  میں نے بندوقچی سے کہا کہ اس نے ہوا کی بجائے جھاڑی میں گولی کیوں نہیں چلائی۔  وہ بولا کہ شیرنی پہلے ہی غضب ناک ہو رہی تھی۔  اگر سے کوئی چھرا اسے لگ جاتا تو وہ اسے زندہ نہ چھوڑتی۔

اگلی صبح میں تین گھنٹے تک شیرنی کے نشانات تلاش کرتا رہا۔  ساتھ ہی ساتھ مجھے شیرنی سے اچانک مڈبھیڑ کا خطرہ بھی رہا۔  ایک جگہ گھنی جھاڑیوں میں تلاش کے دوران تیتروں کا جھنڈ پھڑپھڑاتا ہوا اڑا تو ایک بار میری دھڑکن رک گئی۔

میرے آدمیوں نے اخروٹ کے درخت تلے زمین صاف کر کے ناشتے کے لیے جگہ بنائی تھی۔  ناشتے کے بعد نمبردار نے کہا کہ اگر میں رائفل لے کر نگرانی کروں تو وہ لوگ گندم کی تیار فصل کاٹ لیں۔  اس نے کہا کہ اگر یہ فصل آج نہ کاٹی گئی تو بعد میں اسے کوئی کاٹنے کو تیار نہیں ہو گا کیونکہ لوگ انتہائی خوفزدہ ہیں۔  نصف گھنٹے بعد میرے آدمیوں سمیت پورا گاؤں کٹائی پر لگ گیا۔  میں رائفل لیے نگرانی کرتا رہا۔  شام تک پانچ بڑے کھیتوں کی کٹائی مکمل ہو گئی۔  بقیہ دو کھیت چھوٹے اور گاؤں سے متصل تھے۔  نمبردار کے بقول یہ کھیت کٹائی کے لیے محفوظ تھے۔

گاؤں میں صفائی کی صورتحال اب کافی بہتر ہو چکی تھی۔  اب گاؤں والوں نے میرے لیے دوسرا کمرہ بھی خالی کر دیا۔  اس رات ہم نے کمرے کے دروازے کی جگہ کانٹے دار جھاڑیاں لگا دیں تاکہ ہوا کی آمد و رفت تو جاری رہے لیکن شیرنی نہ گزر پائے۔  اس رات میں نے اچھی طرح نیند پوری کی جو پچھلی رات کی ادھار تھی۔

اب میری موجودگی سے گاؤں والوں کی ہمت اور نقل و حمل بھی نسبتاً بڑھ گئی تھی مگر وہ ابھی اتنا بھروسہ نہیں کرتے تھے کہ ساتھ چل کر آخری واردات کی جگہ دکھائیں یا جنگل میں میرے ساتھ گھوم سکیں۔  یہ لوگ پورے جنگل سے اچھی طرح واقف اور مجھے ان جگہوں تک لے جا سکتے تھے جہاں شیرنی کی موجودگی کا امکان ہوتا یا کم از کم میں شیرنی کے پنجوں کے نشان دیکھ سکتا۔  اس وقت تک مجھے قطعی علم نہیں تھا کہ آیا یہ آدم خور نر ہے یا مادہ، نوعمر ہے یا عمر رسیدہ۔  ان معلومات کا حصول پنجوں کے نشان یعنی پگ دیکھ کر ہی ہو سکتا تھا۔

صبح چائے کے بعد میں نے گاؤں والوں سے کہا کہ مجھے اپنے ساتھیوں کے لیے گوشت درکار ہے۔  کیا کوئی دیہاتی میرے ساتھ گڑھل یعنی پہاڑی بکرے کے شکار پر چل سکتا ہے؟ یہ گاؤں شرقاً غرباً ایک لمبی کھائی کے کنارے پہاڑ کی بلندی پر واقع تھا۔  اس کے ساتھ ہی وہ سڑک گزرتی تھی جہاں میں نے پہلی رات شیرنی کا انتظار کیا تھا۔  یہ سڑک بہت سی ڈھلوانوں سے ہو کر گزرتی تھی۔  مجھے علم تھا کہ یہاں بہت گڑھل ہیں۔  نمبردار نے حامی بھر لی۔  اپنی خوشی کا اظہار کیے بغیر میں نے تین افراد چنے۔  چلتے چلتے نمبردار سے یہ وعدہ بھی کیا کہ اگر گڑھل زیادہ ہوئے تو میں ایک اپنے آدمیوں کے لیے اور دو گاؤں والوں کے لیے ماروں گا۔

سڑک عبور کر کے ہم گہری ڈھلوان کھائی میں نیچے اترے۔  میں ہر طرف گڑھل تلاش کرتا چل رہا تھا۔  نصف میل بعد کھائیاں ختم ہو رہی تھیں۔  وہاں سے پوری وادی کے دائیں جانب کا بہترین نظارہ دیکھنے کو مل رہا تھا۔  میں وہاں موجود صنوبر کے اکلوتے درخت سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا اور ادھر ادھر دیکھنا شروع کیا۔  اچانک آنکھ کے گوشے سے حرکت دکھائی دی۔  میں نے اپنی پوری توجہ اس جگہ مرکوز کر دی۔  حرکت دوبارہ ہوئی۔  یہ گڑھل کا سر تھا جس کے کان ہلے تھے۔  اس کا سر گھاس سے باہر جبکہ باقی جسم گھاس میں چھپا ہوا تھا۔  دیگر ہمراہیوں نے کچھ بھی نہ دیکھا تھا کیونکہ سر پس منظر سے بالکل مل گیا تھا۔  اندازے سے اس جگہ کا بتا کر میں نے کہا کہ وہ بیٹھ کر دیکھتے رہیں۔  میرے پاس اس وقت ہنری مارٹینی رائفل تھی جو اپنے نشانے اور گولی کے دھکے کی وجہ سے مشہور ہے۔  اس میں کالے بارود کا کارتوس استعمال ہوتا تھا۔  میری نشست سے گڑھل کا فاصلہ دو سو گز ہو گا جو اس رائفل کے لیے معمولی بات تھی۔  میں نے رائفل اس درخت کی ایک ابھری جڑ پر رکھ کر نشانہ لیا اور گولی چلا دی۔

کالے بارود کے دھوئیں نے میرے سامنے ایک پردہ سا تان دیا۔  میرے آدمیوں کا خیال تھا کہ میں نے پتھروں یا پتوں کے ڈھیر پر گولی چلائی تھی۔  دھواں مدھم ہوا تو میں نے اس جگہ سے ذرا نیچے گھاس ہلتی دیکھی۔  پھر لڑھکتے ہوئے گڑھل کی پچھلی ٹانگیں دکھائی دیں۔  جب گڑھل گھاس سے آزاد ہوا تو نیچے کی طرف لڑھکنے لگا۔  جوں جوں وہ نیچے آتا گیا اس کی رفتار بڑھتی چلی گئی۔  نصف فاصلے پر وہ اس جگہ سے گزرا جہاں دو اور گڑھل لیٹے تھے۔  وہ دونوں لڑھکتے گڑھل سے خبردار ہو کر اٹھے اور سیدھا اوپر کو بھاگے۔  میں نے کارتوس بدل کر دوبارہ نشانہ درست کیا اور جونہی بڑا گڑھل ذرا رکا، میں نے اس کی کمر اور دوسرے کے کندھے میں گولی اتار دی۔

بعض اوقات ہم سے بظاہر نا ممکن دکھائی دینے والے کام ہو جاتے ہیں۔  میں نے سخت زمین پر لیٹ کر ساٹھ ڈگری کے زاویے پر دو سو گز دور گڑھل کی گردن کے سفید نشان پر گولی چلائی۔  گولی کے درست مقام پر لگنے کا امکان لاکھوں میں سے ایک سہی، گولی بال برابر بھی اپنے نشانے سے نہ ہٹی۔  کالے بارود نے گولی کو عین نشانے پر پہنچایا۔  گولی لگتے ہی گڑھل مر گیا تھا۔  پھر گڑھل اس سخت ڈھلوان پر لڑھکتا ہوا اس جگہ پہنچا جہاں پہلے سے دو اور گڑھل موجود تھے۔  ابھی یہ گڑھل اس جگہ سے نیچے نہ آیا تھا کہ دوسرے دونوں گڑھل بھی اس کے پیچھے لڑھکنے لگ گئے۔  جب یہ تینوں جانور ہمارے قدموں میں آ کر رکے تو دیہاتیوں کی حیرت قابل دید تھی۔  انہوں نے پہلے کبھی رائفل کا استعمال دیکھا تک نہ تھا۔  وہ آدم خور کو بھلا کر ان جانوروں کو اٹھانے لپکے۔

کئی اعتبار سے یہ مہم کامیاب رہی۔  گاؤں بھر کے لیے گوشت اور پورے گاؤں کا اعتماد بھی مل گیا۔  شکار کی داستانیں ہمیشہ بڑھا چڑھا کر پیش کی جاتی ہیں۔  میں ناشتہ کرنے لگا تو سبھی گاؤں والے مردہ گڑھلوں کے گرد جمع ہو گئے۔  گڑھلوں کی کھال اتارنے اور گوشت کی تقسیم کے دوران ان تینوں افراد نے نہایت فیاضی سے میرے کارنامے پر روشنی ڈالی۔  میں نے خود سنا کہ کس طرح میں نے میل بھر دور سے گڑھل پر گولی چلائی اور ان جادوئی گولیوں نے گڑھل کھینچ کر میرے قدموں میں لا کر ڈال دیے۔

دوپہر کے کھانے کے بعد نمبردار میرے پاس آیا اور پوچھا کہ مجھے کتنے افراد درکار ہیں اور یہ کہ میں جنگل میں کس طرف جانا چاہتا ہوں۔  ایک بار پھر اپنی مسرت دباتے ہوئے میں نے خاموشی سے انہی دو افراد کو چنا جو گڑھل کے شکار میں ساتھ گئے تھے۔  اب ہم اس طرف روانہ ہوئے جہاں آخری واردات ہوئی تھی۔

ہمارے پہاڑی لوگ ہندو ہیں اور اپنے مردے جلاتے ہیں۔  آدم خور سے ہونے والی ہلاکت میں ان کی کوشش ہوتی ہے کہ کچھ نہ کچھ باقیات لازمی مل جائیں، چاہے وہ ہڈیوں کے محض چند ریزے ہی کیوں نہ ہوں۔  اس مردہ خاتون کی رسومات ابھی ہونی تھیں۔  اس کے لواحقین نے درخواست کی کہ اگر ممکن ہو تو میں کچھ نہ کچھ باقیات واپس لاؤں۔

لڑکپن سے ہی میں نے جنگل کا مطالعہ شروع کر دیا تھا۔  موجودہ واردات کے بارے میں مجھے عینی شاہدین نے بھی معلومات دی تھیں۔  عینی شاہدین سے ہمیشہ درست معلومات نہیں ملتیں۔  لیکن جنگل میں موجود شواہد کبھی جھوٹ نہیں بولتے۔  جائے حادثہ پر پہنچ کر مجھے پہلی ہی نظر میں اندازہ ہو گیا کہ شیرنی یہاں چھپ کر کھڈ کے راستے ہی پہنچ سکتی ہے۔  کھڈ میں سو گز دور جا کر اور پھر اوپر لوٹتے ہوئے ایک جگہ میں نے نرم ریت پر پنجوں کے واضح نشانات دیکھے۔  یہ شیرنی کے پگ تھے جو اپنی جوانی گزار چکی تھی۔  مزید اوپر جا کر درخت سے دس گز دور شیرنی ایک پتھر کے پیچھے چھپ کر عورتوں کے نیچے اترنے کا انتظار کرنے بیٹھ گئی تھی۔  متوفیہ درخت سے اترنے والی پہلی عورت تھی۔  ابھی وہ پوری طرح نیچے اترنے بھی نہ پائی تھی کہ شیرنی نے پچھلی ٹانگوں پر کھڑے ہو کر اسے دبوچ لیا۔  اس بدقسمت عورت نے شاخ اتنی مضبوطی سے پکڑی تھی کہ اس شاخ پر ہتھیلی اور انگلیوں سے اتری ہوئی کھال ابھی تک موجود تھی۔  جہاں شیرنی نے عورت کو ہلاک کیا، وہاں مزاحمت کے نشانات تھے اور خون کا ایک بڑا سا دھبہ بھی۔  یہاں سے خون کی خشک لکیر کھڈ سے ہوتی ہوئی دوسرے کنارے تک جا پہنچی۔  کھڈ سے نکلتے ہی وہ جھاڑیاں سامنے تھیں جہاں شیرنی نے اسے کھایا تھا۔

عموماً سمجھا جاتا ہے کہ آدم خور شیر انسان کی کھوپڑی، ہاتھ اور پیر نہیں کھاتے۔  ایسا نہیں ہوتا۔  اگر آدم خور شیر کو تنگ نہ کیا جائے تو وہ سب کچھ کھا لیتے ہیں حتیٰ کہ خون آلودہ کپڑے بھی۔  ایک بار میں نے ایک آدم خور کے پیٹ سے خون سے رنگے کپڑے خود نکالے تھے مگر وہ قصہ کسی دوسرے وقت کے لیے اٹھا رکھتے ہیں۔

اس وقت ہم نے عورت کے خون آلود کپڑے اور ہڈیوں کے چند ریزے پائے۔  ہم نے اپنے ساتھ لائے گئے سفید کپڑے میں انہیں احتیاط سے باندھ لیا۔  چاہے باقیات کتنی ہی مختصر کیوں نہ ہوں، آخری رسومات کے لیے کافی ہوتی ہیں۔  انہیں جلا کر گنگا دریا ڈال دیا جاتا ہے۔

اس کے بعد میں نے دوسری مگر پرانی واردات کے مقام کا چکر لگایا۔  گاؤں سے ہٹ کر سڑک کے پار چند ایکڑ کا کھیت تھا۔  اس کے مالک نے سڑک کے کنارے اپنا گھر بنایا ہوا تھا۔  اس کی بیوی دو بچوں کی ماں تھی جو چھ سالہ لڑکا اور چار سالہ لڑکی تھے۔  اس عورت کی بڑی بہن بھی اس کے ہمراہ رہتی تھی۔  ایک روز یہ دونوں بہنیں مکان کے اوپر والی پہاڑی پر گھاس کاٹ رہی تھیں کہ اچانک شیرنی نمودار ہوئی اور بڑی بہن کو اٹھا کر چلتی بنی۔  چھوٹی بہن درانتی لہراتی ہوئی سو گز تک ان کے پیچھے بھاگی تاکہ شیرنی سے اپنی بہن چھڑا کر خود کو اس کے حوالے کر دے۔  اس جرأت کا مظاہرہ سارے گاؤں والوں نے دیکھا۔  سو گز کے بعد شیرنی نے متوفیہ کو زمین پر ڈالا اور دوسری بہن کی طرف پلٹی۔  غراہٹ کے ساتھ اس نے دوسری بہن پر چھلانگ لگائی جو اب گاؤں کی طرف بھاگتی ہوئی جا رہی تھی تاکہ گاؤں والوں کو اس واردات کے بارے میں بتا سکے۔  اسے علم نہ تھا کہ گاؤں والے یہ سب پہلے ہی دیکھ چکے ہیں۔  اس وقت اس عورت کی بے معنی غوں غاں کو گھبراہٹ، خوف اور جوش سمجھا گیا۔  جب تمام افراد شیرنی کے پیچھے جا کر ناکام پلٹے تو انہیں علم ہوا کہ یہ عورت اپنی قوت گویائی کھو چکی ہے۔  مجھے گاؤں میں یہ کہانی سنائی گئی اور جب میں سڑک عبور کر کے اس کے گھر پہنچا تو وہ بیچاری کپڑے دھو رہی تھی۔  اسے گوں گی ہوئے پورا ایک سال ہو چکا تھا۔

آنکھوں سے بے چینی کے اظہار کے سوا وہ عورت بالکل تندرست لگ رہی تھی۔  پاس رک کر جب میں نے اسے بتایا کہ میں اس کی بہن کی قاتل کو ہلاک کرنے آیا ہوں تو اس نے جھک کر میرے پیر چھوئے۔  یقیناً میں اس علاقے میں آدم خور کو ہی ہلاک کرنے آیا تھا لیکن ایسا آدم خور جو کبھی ایک مقام پر دوبارہ شکار نہ کرتا ہو، شکار کھانے بھی دوبارہ نہ لوٹتا ہو اور جو کئی سو مربع میل کے علاقے میں سرگرم ہو، کا شکار میرے لیے اتنا ہی دشوار ہوتا جتنا کہ بھوسے کے ایک نہیں بلکہ دو ڈھیروں سے ایک سوئی کو تلاش کرنا۔

میں نے نینی تال سے آتے ہوئے بے شمار منصوبے بنائے تھے۔  ایک منصوبہ تو جنگلی گھوڑوں کی وجہ سے ناقابل عمل تھا۔  موجودہ صورتحال میں دیگر تمام منصوبے بیکار لگ رہے تھے۔  اس کے علاوہ یہاں کوئی تجربہ کار آدمی نہ تھا کہ جس سے میں مدد مانگ سکتا۔  یہ اس علاقے میں پہلا آدم خور تھا۔  اگلے تین دن تک میں طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک جنگلوں میں گھومتا رہا اور ان جگہوں پر زیادہ توجہ دی جہاں گاؤں والوں کے اندازے کے مطابق شیرنی سے مڈھ بھیڑ کے زیادہ امکان تھے۔

ان پہاڑی علاقوں میں پھیلی ہوئی ایک غلط فہمی کا ازالہ یہاں ضروری ہے کہ اس بار اور کئی دیگر مواقع پر میں نے دیہاتی عورت کا بھیس بدل کر آدم خوروں کو اپنی طرف متوجہ کر کے انہیں کلہاڑی یا درانتی سے ہلاک کیا ہے۔  اس افواہ میں محض اتنی صداقت ہے کہ میں نے ساڑھی مانگ کر اپنے لباس پر لپیٹی اور گھاس کاٹی یا درخت پر چڑھ کر پتے توڑے۔  میرے علم میں صرف دو بار آدم خور میری طرف متوجہ ہوئے اور گھات لگائی، ایک بار بڑے پتھر کے پیچھے چھپ کر اور دوسری بار گرے ہوئے درخت کے پیچھے چھپ کر۔  دونوں مرتبہ گولی چلانے کا موقع نہیں ملا۔

میرا اندازہ تھا کہ شیرنی ادھر سے چلی گئی ہے۔  لوگوں کی مایوسی کے باوجود میں نے یہاں سے ۱۵ میل دور چمپاوت منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔  ہم صبح سویرے روانہ ہوئے۔  دھونا گھاٹ پر ناشتہ کرنے رکے اور مغرب کے وقت چمپاوت جا پہنچے۔  اس علاقے کی سڑکیں بالکل غیر محفوظ تصور ہوتی تھیں۔  آدمی بڑے بڑے گروہوں میں ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں یا بازاروں کو آتے جاتے تھے۔  دھونا گھاٹ سے روانہ ہوتے وقت ہم آٹھ افراد تھے کہ ہمارے ساتھ بائیس مزید دیہاتی بھی آن ملے۔  تیس افراد کا ہمارا گروہ چمپاوت پہنچا۔  ان نئے ہمراہیوں میں سے کچھ افراد دو ماہ قبل بیس آدمیوں کے ایک اور گروہ کے ساتھ شامل ہو کر چمپاوت پہنچے تھے۔  انہوں نے اس روز کی داستان کچھ یوں بیان کی۔

یہاں سڑک چند میل پہاڑ کے جنوب سے گزرتی ہے۔  پچاس گز دور یہ سڑک وادی کے متوازی ہے۔  دو ماہ قبل یہ بیس افراد چمپاوت کے بازار میں شرکت کے لیے آ رہے تھے۔  سڑک بالکل خالی تھی اور دن کا وقت تھا۔  اچانک انہوں نے چیخیں سنیں تو دہشت زدہ ہو گئے۔  پھر انہوں نے شیرنی کو دیکھا جو ایک برہنہ عورت کو اٹھائے لا رہی تھی۔  یہ عورت اپنی چھاتی پیٹ پیٹ کر مدد کے لیے پکار رہی تھی۔  اس کے سر کے بال ایک طرف اور پاؤں دوسری طرف سڑک پر گھسٹ رہے تھے۔  شیرنی نے اسے کمر سے پکڑا ہوا تھا۔  شیرنی ان سے پچاس گز دور سے گزری اور اس کے بعد یہ لوگ اپنے راستے پر چل دیے۔

میں نے پوچھا، ’تم بیس آدمی ہو کر بھی کچھ نہ کر پائے؟‘

’نہیں صاحب۔  ہم اتنے خوفزدہ تھے کہ کچھ نہ کر سکے۔  آدمی جب خوفزدہ ہو تو کیا کر سکتا ہے؟ مزید یہ کہ اگر ہم شیرنی سے اس عورت کو چھڑا بھی لیتے اور شیرنی ہم پر حملہ بھی نہ کرتی تو بھی عورت اتنی زخمی تھی کہ اس کا بچنا نا ممکن تھا‘۔

بعد میں علم ہوا کہ وہ عورت چمپاوت کے نزدیک ایک گاؤں سے تعلق رکھتی تھی۔  جب وہ خشک لکڑیاں چن رہی تھی تو اسے شیرنی اٹھا لے گئی۔  اس کی ساتھیوں نے بھاگ کر گاؤں والوں کو خبردار کیا۔  امدادی جماعت تیار ہو ہی رہی تھی کہ یہ بیس افراد بھی آن پہنچے۔  اس طرح امدادی جماعت کو شیرنی کے جانے کا راستہ معلوم ہوا اور یہ سب اکٹھے ہو کر شیرنی کے پیچھے چلے۔  آگے کی کہانی کچھ یوں تھی:

’ہم پچاس یا ساٹھ مضبوط و توانا مرد تھے جو اس عورت کو بچانے نکلے۔  ہمارے ساتھ کئی افراد بندوقوں سے مسلح تھے۔  ایک فرلانگ دور اس عورت کی جمع شدہ لکڑیاں موجود تھیں۔  پاس ہی اس عورت کے تار تار کپڑے پڑے تھے۔  ہم یہاں سے ڈھول بجانے اور بندوقیں چلانے لگے۔  میل بھر دور جا کر ہم نے اس لڑکی کی لاش ایک پتھر پر پڑی پائی۔  شیرنی نے اس کے جسم سے سارا خون چاٹ کر صاف کر دیا تھا لیکن ابھی اسے کھانا شروع نہیں کیا تھا۔  چونکہ ہم سارے مرد تھے، اس لیے ہم نے منہ پھیر کر لاش کو کپڑے سے ڈھانک دیا۔  بیچاری عورت اس طرح پڑی تھی جیسے وہ تھک کر سو گئی ہو اور ہلکی سی آہٹ ہوتے ہی جاگ پڑتی‘۔

اس طرح کی داستانیں بند دروازوں کے پیچھے اور آتش دان میں جلتے الاؤ کے پاس بیٹھ کر سنائی جاتی ہیں۔  آدم خور کی موجودگی سے اس علاقے کے لوگوں کا رویہ اور احساسات کیسے بدل جاتے ہیں، اس کا حقیقی اندازہ گھر سے باہر تاریکی میں نکل کر لگایا جا سکتا ہے جہاں ان درندوں کی حکومت ہوتی ہے۔  جہاں لوگ آدم خور کی موجودگی اور دہشت کے سائے میں جیتے ہیں۔  میں ان دنوں بالکل ناتجربہ کار تھا پھر بھی مجھے بخوبی اندازہ ہو چلا تھا کہ آدم خور کی موجودگی کے باعث کتنی دہشت چھا جاتی ہے۔  میرے ۲۳ سالہ ذاتی تجربے سے بھی یہ بات مزید واضح ہو جاتی ہے۔

چمپاوت کا تحصیلدار اس رات مجھ سے ملنے آیا۔  میرے پاس اس کے لیے ایک تعارفی خط موجود تھا۔  اس نے مجھے رائے دی کہ میں چند میل دور ایک اور بنگلے میں منتقل ہو جاؤں۔  اُس جگہ کے آس پاس کئی وارداتیں ہوئی تھیں۔

میں اگلی صبح تحصیلدار کے ہمراہ اس بنگلے میں پہنچا۔  وہاں میں برآمدے میں بیٹھا ناشتہ کر ہی رہا تھا کہ دو بندوں نے مجھے اطلاع دی کہ شیر نے گاؤں سے دس میل دور ایک گائے ماری ہے۔  تحصیلدار نے معذرت کی کہ اسے چمپاوت میں چند اہم کام نمٹانے ہیں اور یہ کہہ کر کہ وہ شام کو میرے ساتھ آ کر بنگلے میں ہی رات گزارے گا، چلا گیا۔  میرے رہنما دونوں ہی مضبوط افراد تھے۔  ہم نے دس میل کا فاصلہ ریکارڈ وقت میں طے کیا۔  گاؤں آ کر ہم مویشیوں کے باڑے میں گئے۔  یہاں ایک کافی بڑا بچھڑا مرا ہوا تھا اور اسے تیندوے نے کھایا تھا۔  میرے پاس اس تیندوے سے مقابلہ کرنے کا نہ تو وقت تھا اور نہ ہی کوئی ارادہ۔  میں نے دونوں افراد کو مناسب انعام دیا اور واپس چل پڑا۔  بنگلے پہنچ کر میں نے دیکھا کہ تحصیلدار ابھی تک نہ لوٹا تھا۔  سورج ڈوبنے میں ایک گھنٹہ باقی تھا۔  میں چوکیدار کے ساتھ اس طرف چل دیا جہاں بقول چوکیدار شیرنی اکثر پانی پینے آیا کرتی تھی۔  یہاں سے بنگلے کے باغیچے کو پانی آتا تھا۔  یہاں نرم مٹی میں شیر کے کئی دن پرانے بے شمار پگ دکھائی دیے۔  یہ نشانات آدم خور سے یکسر مختلف تھے۔

بنگلے کو لوٹا تو تحصیلدار آ چکا تھا۔  برآمدے میں بیٹھ کر میں نے دن بھر کی روداد سنائی۔  اس نے میری ناکامی پر ہمدردی کا اظہار کیا۔  پھر اچانک ہی وہ اٹھا اور بولا کہ اس کی واپسی کا سفر کافی لمبا ہے اس لیے اسے فوراً ہی روانہ ہو جانا چاہیے۔  مجھے شدید حیرت ہوئی۔  آج صبح دو بار اس نے مجھے کہا تھا کہ وہ میرے ساتھ رات گزارے گا۔  مجھے اس کے رکنے یا نہ رکنے سے کوئی غرض نہ تھی۔  میں تو اس کی بحفاظت واپسی کے لیے پریشان تھا۔  تاہم اس نے تمام باتیں سنی ان سنی کرتے ہوئے واپسی اختیار کی۔  اس کے پیچھے لالٹین اٹھائے ایک مقامی آدمی تھا۔  اس مدھم روشنی میں اسے چار میل کا سفر طے کرنا تھا جو دن دیہاڑے لوگ بڑے بڑے گروہوں میں طے کرتے ہوئے کتراتے تھے۔  میں نے اس بہادر شخص کو سلام کیا اور اسے جاتے ہوتے ہوئے دیکھتا رہا۔

اس بنگلے کے متعلق مجھے ایک داستان سنانی ہے لیکن اس کتاب میں نہیں کہ یہ کتاب جنگل سے متعلق ہے۔  جنگل سے ہٹ کر مافوق الفطرت باتیں اس کتاب میں کرنا مناسب نہیں۔

اگلی صبح میں نے بنگلے کے پھلوں اور پھولوں سے بھرے باغ کا چکر لگا کر چشمے پر غسل کیا۔  میں نے دوپہر کو تحصیلدار کو واپس آتے دیکھا تو اطمینان کا سانس لیا۔

ابھی میں وہیں کھڑا اس سے باتیں کر ہی رہا تھا کہ میں نے ڈھلوان سے آتے ہوئے ایک شخص کو دیکھا جو کبھی چلتا اور کبھی دوڑ رہا تھا۔  بظاہر وہ خاصی جلدی میں لگ رہا تھا۔  تحصیلدار سے کہہ کر کہ میں ابھی واپس آتا ہوں، نیچے اترا اور اس شخص کی طرف بھاگا۔  مجھے آتے دیکھ کر وہ شخص رک کر سانس لینے کو بیٹھ گیا۔  جونہی میں اس کے قریب ہوا، وہ چلایا، ’صاحب، جلدی کریں۔  شیرنی نے لڑکی ماری ہے‘۔  میں چلایا، ’وہیں بیٹھو‘ اور واپس بنگلے کی طرف بھاگا۔  تحصیلدار کو یہ بات بتا کر میں نے رائفل اٹھائی اور چند اضافی گولیاں جیب میں ڈالیں اور تحصیلدار کو پیچھے آنے کا کہتے ہوئے میں چل پڑا۔

جو شخص خبر لایا تھا، وہ کچھ اس طرح کا بندہ تھا کہ اس کی ٹانگیں اور زبان بیک وقت کام نہیں کر سکتی تھیں۔  منہ کھلتا تو اس کی ٹانگیں رک جاتیں اور جب چلتا تو منہ بند ہو جاتا۔  میں نے اسے کہا کہ وہ خاموشی سے میرے پیچھے آئے اور ہم پہاڑی سے نیچے اترے۔

گاؤں میں مردوں، عورتوں اور بچوں کا ہجوم جمع تھا اور سب نہایت پرجوش تھے۔  مجھے دیکھتے ہی سب ایک ساتھ بولنا شروع ہو گئے۔  ایک شخص انہیں چپ کرا رہا تھا۔  میں اس شخص کو الگ لے گیا اور ماجرا دریافت کیا۔  اس نے گاؤں کے ایک جانب چند درختوں کے جھنڈ کی طرف اشارہ کیا جہاں ایک فرلانگ لمبی ڈھلوان تھی۔  وہاں درجن بھر افراد لکڑیاں جمع کر رہے تھے کہ اچانک آدم خور نمودار ہوئی اور ایک سولہ سالہ لڑکی کو اٹھا کر لے گئی۔  باقی افراد گاؤں کو بھاگے اور چونکہ میری آمد کی خبر سب کو تھی، انہوں نے فوراً ایک آدمی میری طرف دوڑا دیا۔

میں جس آدمی سے گفتگو کر رہا تھا، اس کی بیوی بھی ان افراد میں شامل تھی۔  اس نے پہاڑ کے کنارے والے درخت کی طرف اشارہ کیا کہ شیرنی نے وہاں سے لڑکی کو اٹھایا ہے۔  کسی فرد کو اتنا ہوش نہیں تھا کہ وہ مڑ کر یہ دیکھتا کہ شیرنی اس لڑکی کو لے کر کس طرف گئی ہے۔

میں نے یہ ہدایت کی کہ میں جب تک واپس نہ آ جاؤں، کوئی بھی گاؤں سے باہر نہ نکلے اور نہ ہی شور کرے۔  پھر میں اس درخت کی طرف بڑھا۔  سارا علاقہ ہموار تھا اور کہیں بھی شیرنی کے چھپنے کی جگہ نہیں تھی۔  یہ بتانا مشکل ہے کہ کس طرح شیرنی چھپ کر لڑکی تک پہنچی۔  دیگر افراد کو تب علم ہوا جب انہوں نے لڑکی کے دم گھٹنے کی آوازیں سنیں۔

شیرنی نے جہاں لڑکی ہلاک کی تھی، وہاں خون کا تالاب بنا ہوا تھا۔  ساتھ ہی لڑکی کا نیلے موتیوں سے بنا گلوبند پڑا تھا۔  یہاں سے نشان پہاڑی کی طرف گئے۔

راستے کے ایک جانب خون کی لکیر اور دوسری جانب لڑکی کے پیر گھسٹنے کے نشان تھے۔  پہاڑی پر نصف میل دور جا کر مجھے لڑکی کی ساڑھی ملی۔  ایک بار پھر شیرنی برہنہ لاش اٹھائے جا رہی تھی۔  خدا کا شکر ہے کہ اس بار اس کا شکار مر چکا تھا۔

پہاڑ کی چوٹی پر نشان ایک کانٹے دار جھاڑی سے گزرے جہاں لڑکی کے بال پھنسے تھے۔  یہاں ایک اور بہت دشوار گزار کانٹے دار جھاڑی سے شیرنی گزری تھی۔  ابھی میں اس جھاڑی سے بچ کر گزرنے کی کوشش میں تھا کہ اپنے پیچھے قدموں کی چاپ سنی۔  مڑ کر دیکھا تو ایک شخص رائفل اٹھائے میری طرف آ رہا تھا۔  میں نے اسے کہا کہ میری واضح ہدایات کے باوجود اس نے گاؤں سے کیوں قدم باہر نکالا؟ اس نے کہا کہ اسے تحصیلدار نے میرا ساتھ دینے کو کہا تھا۔  اسے تحصیلدار کی حکم عدولی کی جرأت نہ ہوئی۔  چونکہ وہ واپس جانے والا نہیں تھا، میں نے اس سے بحث نہ کی کہ مفت میں وقت برباد ہوتا۔  میں نے اسے بھاری بوٹ اتارنے اور جھاڑیوں میں چھپا دینے کو کہا۔  پھر اسے ہدایت کی کہ وہ میرے بالکل قریب عقب میں چلے اور پیچھے سے پوری طرح خبردار رہے۔

میں نے پتلی جرابیں، نیکر اور ربر سول والے جوتے پہنے تھے۔  اس جھاڑی سے بچنے کا راستہ نہ تھا سو میں اس سے ہو کر گزرا جو کافی تکلیف دہ تھا۔

جھاڑیاں عبور کرتے ہی خون کے نشان اچانک بائیں مڑ گئے اور آگے چل کر نیچے ایک بہت عمودی ڈھلوان سے گزرے جہاں پہاڑی بانس کے درخت موجود تھے۔  سو گز دور خون کی لکیر ایک عمودی کناروں والے نالے سے گزری۔  یہاں شیرنی نے کسی قدر دقت سے نالہ عبور کیا۔  کنارے پر کافی پتھر وغیرہ اپنی جگہ سے ہٹے ہوئے تھے۔  میں پانچ یا چھ سو گز تک اسی طرح آگے بڑھا۔  میرا ساتھی ہیجان کا شکار ہو رہا تھا۔  بہت بار اس نے مجھے روک کر کہا کہ اسے نزدیک سے شیرنی کی آواز آ رہی ہے۔  نصف ڈھلوان پر ہمیں ایک اونچی چٹان ملی جو کم از کم تیس فٹ بلند تھی۔  میرے ساتھی کی ہمت جواب دے چکی تھی، میں نے اسے کہا کہ وہ اس چٹان پر چڑھ جائے اور میری واپسی کا انتظار کرے۔  وہ بخوشی اس چٹان پر چڑھ گیا۔  جب وہ اپنی جگہ پر چھپ کر بیٹھ گیا تو میں نے نالے میں سفر جاری رکھا۔  سو گز دور خون کے نشان ایک گہری کھائی سے ہو کر گزرے۔  کھائی اور ندی کے ملاپ پر ایک تالاب سا بنا ہوا تھا۔  خون کی لکیر اس تالاب کے کنارے سے گزری۔

شیرنی لڑکی کو لے کر سیدھی ادھر آئی تھی اور میرے تعاقب نے اسے پریشان کر دیا تھا۔  ہڈیوں کے چند ٹکڑے ادھر موجود تھے اور پانی شیرنی کے قدموں کے نشانات سے رسنا شروع ہو رہا تھا۔  تالاب کے کنارے مجھے ایک عجیب چیز دکھائی دی جو انسانی ٹانگ تھی۔  میں نے اس سے زیادہ قابل رحم چیز اور نہیں دیکھی۔  ٹانگ گھٹنے سے نیچے ایسے کٹی تھی جیسے کسی نے کلہاڑی سے کاٹ کر الگ کی ہو۔  ابھی تک اس سے گرم خون رس رہا تھا۔

اس ٹانگ کو دیکھتے ہوئے میں شیرنی کو بھول گیا۔  میرے اندر اچانک ہی خطرے کی لہر دوڑ گئی۔  رائفل اٹھائے ہوئے میں نے اپنی دونوں انگلیاں لبلبیوں پر رکھیں اور سر اٹھایا تو پندرہ فٹ دور پتھر لڑھکتے ہوئے دکھائی دیے جو تالاب میں گرنے لگے۔  مجھے آدم خور کے شکار کا ابھی تک کوئی تجربہ نہ تھا ورنہ میں خود کو اس طرح خطرے میں نہ ڈالتا۔  رائفل اٹھانے کی وجہ سے شیرنی نے ارادہ بدلا اور بھاگ گئی۔  اس کے قدموں سے پتھر لڑھکے اور تالاب میں گرنے لگے۔

کنارہ بہت عمودی تھا۔  واحد طریقہ دوڑ کر اس پر چڑھنا تھا۔  میں تالاب تک جا کر بھاگا اور چھلانگ لگا کر چڑھتے ہوئے جھاڑی کا سہارا لے کر اوپر پہنچ گیا۔  یہاں جھاڑیوں کی جھکی ہوئی شاخیں آہستہ آہستہ سیدھی ہو رہی تھیں کہ شیرنی ابھی ابھی ادھر سے گزری تھی۔  یہاں جھکی ہوئی چٹان کے نیچے وہ لڑکی کی لاش چھوڑ کر مجھے دیکھنے آئی تھی۔

یہاں سے وہ لڑکی کی لاش لے کر اس حصے میں گھسی جہاں بڑے پتھر تھے۔  یہ علاقہ کئی ایکڑ پر مشتمل تھا اور یہاں گھسنا خطرناک اور دشوار تھا۔  پتھروں کے درمیان بیلیں اور جھاڑیاں اگی ہوئی تھیں۔  ایک بھی غلط قدم آسانی سے ہاتھ پیر تڑوا دیتا یا سیدھا موت کے منہ میں لے جاتا۔  اس صورتحال میں پیش قدمی بہت مشکل اور آہستہ تھی۔  شیرنی اس سے پورا فائدہ اٹھا رہی تھی۔  درجن بھر جگہوں پر میں نے اس کے رکنے کے نشانات دیکھے۔  ہر بار خون کی لکیر کم سے کم ہوتی گئی۔

یہ اس شیرنی کا ۴۳۶واں شکار تھا۔  اسے بخوبی علم تھا کہ اس کا پیچھا کر کے لاش لے جانے کے لیے لوگ کیسے آتے ہیں۔  شاید یہ پہلی بار تھا کہ اتنی مستقل مزاجی سے اس کا پیچھا کیا جا رہا تھا۔  اب اس نے غرانا شروع کر دیا۔  شیرنی کی اس غراہٹ کا اندازہ آپ اس طرح لگا سکتے ہیں کہ جب آپ اس پتھریلے علاقے میں جھاڑیوں اور بیلوں سے بھری ہوئی جگہ پر ہوں، جہاں ہر قدم رکھنے سے پہلے یہ تسلی کرنا لازمی ہو کہ آپ کسی اندھے غار میں نہیں گریں گے تو کیسا محسوس ہو گا۔

مجھے توقع نہیں کہ آپ گھر میں آتش دان کے سامنے بیٹھ کر میری کیفیت کا درست اندازہ لگا سکیں۔  شیرنی کی غراہٹ سے اس کے حملے کا امکان قوی سے قوی تر ہوتا جا رہا تھا اور ساتھ ہی یہ امید بھی کہ حملے کی صورت میں گولی مار سکوں گا۔  اس طرح میں حساب چکتا کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گا۔

اس کی غراہٹ محض گیدڑ بھبھکی نکلی۔  جونہی اسے اندازہ ہوا کہ میں اس دھمکی سے ڈرنے والا نہیں بلکہ اور تیزی سے اس کا پیچھا کر رہا ہوں تو وہ خاموش ہو گئی۔

تعاقب کرتے ہوئے اب چار گھنٹے سے زیادہ ہو گئے تھے۔  اگرچہ اس کی حرکت سے ہلتی ہوئی گھاس تو مجھے دکھائی دے رہی تھی لیکن اس کا بال بھی مجھے دکھائی نہیں دے سکا تھا۔  پہاڑیوں پر بلند ہوتے سائے اشارہ کر رہے تھے کہ اگر میں بخیریت واپسی چاہتا ہوں تو یہیں سے واپس مڑ جاؤں۔

شکار ہونے والی عورت ہندو تھی، اس کی رسومات کے لیے کچھ نہ کچھ باقیات درکار تھیں۔  تالاب سے گزرتے ہوئے میں نے اس کی ٹانگ نرم زمین میں گڑھا کھود کر دفن کر دی۔  یہاں وہ شیرنی اور دیگر جانوروں سے بھی محفوظ تھی اور جب چاہتے اسے نکال سکتے تھے۔

چٹان پر موجود میرا ساتھی مجھے زندہ دیکھ کر بہت خوش ہوا۔  میری طویل غیر حاضری اور شیرنی کی غراہٹوں سے اس نے اندازہ لگا لیا تھا کہ شیرنی مجھے ہلاک کر چکی ہے۔  اسے گاؤں واپس جانے کی فکر ہو رہی تھی۔

نالے سے اترتے ہوئے میں نے سوچا کہ گھبرائے ہوئے آدمی کے ہاتھ میں بھری ہوئی رائفل بھی ہو تو اس کے آگے چلنا کتنا خطرناک ہو سکتا ہے۔  لیکن اس کے پیچھے پیچھے چلتے ہوئے جب میں نے اسے گرتے دیکھا تو اس کی اعشاریہ 450 بور کی رائفل جو سیفٹی کیچ کے بغیر تھی، کا رخ دیکھ کر میں نے یہ طے کر لیا کہ آئندہ ایبٹسن کے علاوہ کسی اور شخص کے ہمراہ آدم خور کے شکار میں نہیں جانا۔  ہمراہی غیر مسلح ہو تو اس کی اور مسلح ہو تو اپنی جان بچانا مشکل ہوتا ہے۔

پہاڑی پر اس جگہ پہنچ کر جہاں میرے ساتھی نے اپنے بوٹ چھپائے تھے، میں بیٹھ کر پائپ پینے اور اگلے دن کے منصوبے بنانے لگا۔  لازماً شیرنی آج رات متوفیہ کو مکمل ہڑپ کر لے گی اور کل کا دن وہ انہی پہاڑیوں میں گزارے گی۔

موجودہ علاقے میں شیرنی پر گھات لگانا بہت مشکل تھا۔  اس کو گولی مارے بغیر چھیڑا جاتا تو شاید وہ علاقہ ہی چھوڑ جاتی۔  اس لیے واحد راستہ ہانکا تھا جس میں کامیابی کے امکانات تھے، اگر میں کافی افراد جمع کر لیتا۔

میں اس وقت پہاڑی کے جنوبی سرے پر ایک جگہ بیٹھا تھا۔  تا حد نگاہ کسی قسم کا سبزہ نہ تھا۔  یہاں مغرب سے آنے والی ندی گزرتی تھی۔  یہ ندی وادی کو گہرائی میں کاٹتی ہوئی گزرتی تھی۔  مشرق میں یہ ندی چٹان سے ٹکرا کر اپنا رخ بدلتی اور اس جگہ سے ذرا ہٹ کر گزرتی تھی جہاں میں اب بیٹھا تھا۔

میرے سامنے والی پہاڑی دو ہزار فٹ بلند ہو گی۔  اس پر چھدری گھاس اور صنوبر کے اکا دکا درخت تھے۔  مشرق میں یہ اتنی ڈھلوان ہو گئی تھی کہ گڑھل کے سوا کوئی ادھر نہ جا سکتا۔  اگر میں اتنے افراد اکٹھے کر لیتا جو اس ندی سے اس پہاڑی کی ڈھلوان والے سرے تک جمع ہو جاتے اور شیرنی کو بھگا پاتے تو شیرنی کے فرار کا فطری راستہ اس جگہ سے ہو کر گزرتا جہاں میں بیٹھا ہوا تھا۔

ہانکا کافی مشکل تھا کیونکہ ڈھلوان والا سرا شمال کی جانب تھا جہاں میں نے شیرنی کو چھوڑا تھا۔  یہ درختوں سے بھرا ہوا، پون میل طویل اور نصف میل چوڑا تھا۔  ہانکے والے میری ہدایات پر عمل کرتے تو شیرنی مارنے کا عمدہ موقع مل سکتا تھا۔

گاؤں میں تحصیلدار منتظر ملا۔  میں نے اسے ساری صورتحال سمجھائی اور کہا کہ وہ فوراً ہانکے کے لیے بندوں کا انتظام شروع کرے۔  میں نے اسے اگلی صبح دس بجے اس درخت کے پاس آنے کو کہا جہاں شیرنی نے لڑکی کو ہلاک کیا تھا۔  وہ اپنی پوری کوشش کرنے کا وعدہ کر کے چمپاوت لوٹ گیا اور میں پہاڑی پر چڑھ کر بنگلے کو چلا گیا۔

میں اگلی صبح پو پھٹتے جاگا اور ناشتہ کر کے اپنے بندوں سے کہا کہ وہ واپسی کی تیاریاں کریں اور چمپاوت میں رک کر میری واپسی کا انتظار کریں۔  میں اب اس جگہ گیا جہاں ہانکا ہونا تھا تاکہ اپنے منصوبے پر ایک اور تنقیدی نظر ڈال سکوں۔  مجھے کوئی غلطی نہ دکھائی دی۔  نو بجے میں اس جگہ پہنچا جہاں تحصیلدار سے ملنے کا وعدہ کیا تھا۔

تحصیلدار نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہانکے کے دوران ہر جائز و ناجائز اسلحے سے چشم پوشی کرے گا اور سرکاری طور پر ہر فرد کو کارتوس اور گولیاں بھی دیے جائیں گے۔  اس روز بھانت بھانت کے اتنے ہتھیار جمع ہوئے کہ عجائب گھر بن جاتا۔

مجھے علم ہے کہ تحصیلدار نے کس مشکل سے آدمی جمع کیے ہوں گے کہ ان کے دلوں میں آدم خور کا خوف تھا۔  تحصیلدار کے خوف سے زیادہ شیرنی کا خوف انہیں ستا رہا ہو گا۔  دس بجے تحصیلدار اور ایک اور آدمی آیا۔  پھر دو دو، پانچ پانچ اور دس دس کی ٹولیوں میں آدمی آئے۔  دوپہر تک ۲۹۸ افراد جمع ہو گئے۔

جب سارے آدمی آ چکے اور اسلحہ بھی تقسیم ہو گیا تو میں انہیں پہاڑی کے سرے تک لے گیا جہاں لڑکی کی قمیض پڑی تھی۔  میں نے سامنے والی پہاڑی پر موجود صنوبر کے درخت کی طرف اشارہ کیا جو آسمانی بجلی گرنے سے جل گیا تھا۔  میں نے انہیں بتایا کہ وہ سرے پر قطار بنائیں اور جب وہ مجھے اس درخت کے نیچے رو مال ہلاتا ہوا دیکھیں تو جس کے پاس اسلحہ ہو وہ اسے چلانا شروع کر دے جبکہ باقی افراد ڈھول تاشے بجائیں اور پتھر نیچے لڑھکائیں مگر جب تک میں خود انہیں لینے نہ آؤں، کسی بھی صورت میں نیچے قدم نہ رکھیں۔  جب مجھے پورا یقین ہو گیا کہ ہر آدمی نے میری ہدایات کو سن اور سمجھ لیا ہے، میں تحصیلدار کے ہمراہ چل پڑا۔  تحصیلدار خود کو میرے ساتھ زیادہ محفوظ تصور کرتا تھا کیونکہ مقامی تیار کردہ اسلحہ زیادہ خطرناک ہوتا۔

وادی کا لمبا چکر کاٹ کر میں دوسری طرف پہاڑی پر چڑھا اور درخت کی طرف گیا۔  یہاں پہاڑی انتہائی ڈھلوان ہو گئی تھی اور تحصیلدار جو پیٹنٹ لیدر کے بوٹ پہنے ہوئے تھا، بولا کہ اس کے لیے آگے جانا ممکن نہیں۔  اس نے بیٹھ کر اپنے جوتے اتارے اور چھالوں کو دیکھنے لگا۔  ہانکے والے افراد شاید طے شدہ اشارہ بھول گئے اور انہوں نے ہانکا شروع کیا تو میں مطلوبہ جگہ سے ابھی ڈیڑھ سو گز دور تھا۔  میں اتنی تیزی سے اس طرف بھاگا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ کم از کم درجن بھر مرتبہ میرے گردن کیسے ٹوٹتے ٹوٹتے بچی۔

بھاگتے ہوئے میں نے دیکھا کہ اس جگہ گھاس کا ایک قطعہ موجود ہے۔  چونکہ اس وقت اس سے بہتر جگہ کی تلاش ممکن نہ تھی، میں وہیں بیٹھ گیا۔  میری پیٹھ اس طرف تھی جہاں سے میں آیا تھا۔  گھاس دو فٹ بلند تھی اور اگر میں غیر متحرک رہتا تو میرا آدھا جسم گھاس میں چھپ جاتا اور دکھائی نہ دیتا۔  سامنے والی پہاڑی سے ہانکا ہو رہا تھا۔  شیرنی کے گزرنے کی متوقع جگہ میرے پیچھے بائیں جانب تھی۔

پہاڑی کا سرا کٹا پھٹا تھا۔  بندوقوں کے ساتھ ساتھ ڈھول تاشوں کی آوازیں قیامت برپا کر رہی تھیں۔  یہ سب اپنے عروج پر تھا کہ میں نے تیس گز دور دائیں جانب گھاس کے ایک اور قطعے سے شیرنی نکلتے دیکھی۔  تحصیلدار نے درخت کے نیچے سے ہی اپنی بندوق کی دونوں نالیاں چلا دیں۔  یہ آواز سنتے ہی شیرنی مڑی اور اسی طرف چل دی جہاں سے وہ آئی تھی۔  نا امیدی اور مایوسی سے میں نے بھی گولی چلا دی۔

پہاڑی پر موجود ہانکے والوں نے جب تین گولیوں کی آواز سنی تو سمجھے کہ شیرنی ماری گئی ہے۔  انہوں نے آخری بار بندوقیں چلا کر اور نعرے لگا کر اجتماعی شور کیا۔  میں سانس روکے ان چیخوں کا منتظر تھا جب ان کی نظر شیرنی پر پڑتی۔  اسی وقت شیرنی میرے بائیں جانب نکلی اور ایک ہی جست میں ندی عبور کر کے سیدھا میری طرف آئی جہاں میں اس کا منتظر تھا۔  میری تبدیل شدہ اعشاریہ 500 بور کی کارڈائیٹ رائفل جس کا نشانہ سطح سمندر پر نشانہ درست تھا، سے نکلنے والی گولی شیرنی کی کمر پر تھوڑا اوپر لگی۔  میں سمجھا کہ شیرنی کو گولی نہیں لگی اور اب وہ چھلانگ لگا کر غائب ہو جائے گی۔  میری گولی اسے لگی تھی لیکن نشانے سے ذرا پیچھے۔  سر جھکا کر وہ میری طرف تھوڑی سی مڑی اور یہاں تیس گز سے بھی کم فاصلے پر اس نے مجھے شانے پر گولی چلانے کا سنہری موقع دیا۔  تیسری گولی لگتے ہی وہ تھوڑا سا ڈگمگائی مگر میری طرف بڑھتی رہی۔  میں رائفل کندھے سے لگائے سوچ رہا تھا کہ حملے کی صورت میں مجھے کیا کرنا چاہیے کہ اب میری رائفل خالی تھی۔  میرے پاس کل تین گولیاں تھیں۔  شیرنی کی خاطر دو گولیاں کافی سمجھ کر میں نے تیسری گولی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رکھی ہوئی تھی۔

خوش قسمتی سے زخمی شیرنی نے حملے کا ارادہ بدل دیا۔  وہ بہت آہستگی سے مڑی اور اپنے دائیں طرف موجود ندی کو عبور کر کے چند گرے ہوئے پتھروں پر چڑھی اور ایک بہت بڑی چپٹی چٹان پر جا پہنچی۔  جہاں یہ چٹان پہاڑی سے ملی تھی، وہاں ایک جھاڑی موجود تھی۔  شیرنی نے اس جھاڑی کو نوچنا شروع کر دیا۔  میں نے فوراً تحصیلدار سے چلا کر کہا کہ وہ اپنی بندوق لائے۔  اس نے لمبا سا جواب دیا جس میں سے مجھے صرف ایک لفظ سمجھ آیا، ’پاؤں‘۔  اپنی رائفل زمین پر رکھ کر میں اس کی طرف بھاگا اور اس کی بندوق چھین کر واپس لوٹا۔

جب میں پہنچا تو شیرنی اب جھاڑی سے ہٹ کر چٹان کے سرے پر آ کر مجھے دیکھ رہی تھی۔  بیس فٹ کے فاصلے سے میں نے بندوق اٹھائی۔  اس کی نالیوں اور کندے کے درمیان چوتھائی انچ گہرا شگاف تھا۔  میں نے سوچا کہ اگر تحصیلدار کے فائر کرتے وقت نالی نہیں پھٹی تو اب بھی نہیں پھٹے گی۔  البتہ اندھا ہونے کے ’روشن‘ امکانات تھے۔  اور کوئی چارہ نہیں تھا، میں نے بندوق سے شیرنی کے کھلے منہ کا نشانہ لیا اور گولی چلا دی۔  شاید میرا نشانہ غلط تھا یا پھر میرا ہاتھ بہک گیا یا شاید بندوق میں بیس فٹ دور تک گولی پھینکنے کی صلاحیت نہیں تھی۔  گولی شیرنی کے اگلے دائیں پنجے میں لگی۔  یہ گولی میں نے بعد میں ناخن سے کھرچ کر نکالی تھی۔  خوش قسمتی سے شیرنی کا دم لبوں پر تھا اور یہ آخری دھکا اس کے لیے کافی ثابت ہوا۔  اس کا سر پنجوں پر آ کر ٹک گیا۔

جس وقت میں نے شیرنی کو دوسری بار اپنی بائیں جانب ندی عبور کرتے دیکھا، میں ہانکے والوں کی موجودگی کو یکسر بھلا چکا تھا۔  اچانک مجھے اس چٹان سے آواز آئی، ’وہ رہی چٹان پر۔  اسے نیچے گراؤ اور ٹکڑے ٹکڑے کر دو‘۔  مجھے اپنے کانوں پر یقین نہ آیا۔  ’ٹکڑے ٹکڑے کر دو‘۔  تاہم یہ سچ تھا۔  اب دوسروں نے بھی شیرنی کو دیکھ لیا تھا اور ان کے منہ سے بھی یہی فقرہ نکلا۔

شیرنی جہاں تھی، خوش قسمتی سے وہ چٹان دوسری پہاڑی سے الگ تھی اور یہ لوگ چھلانگ لگا کر نہ آ سکتے تھے۔  لیکن دوسری سمت جہاں میں تھا، سے چڑھنا بہت آسان تھا۔  میں نے اوپر چڑھ کر شیرنی پر پاؤں رکھ دیا۔  مجھے امید تھی کہ شیرنی مردہ ہی ہو گی۔  ہانکے والے افراد جمع ہو کر اپنے اپنے ہتھیار لہرانے لگے۔

یہ چٹان بارہ سے چودہ فٹ بلند تھی۔  یہ افراد اوپر نہ چڑھ سکے کیونکہ اس کا دوسرا سرا بہت پھسلوان تھا۔  ظاہر ہے کہ مجمعے کا رویہ غیر متوقع نہیں تھا۔  ان میں سے ہر شخص کا کم از کم ایک قریبی رشتہ دار اس شیرنی کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔  جو آدمی ان کا سردار لگ رہا تھا، وہ بار بار بھاگ کر کہتا کہ یہ شیطان ہے۔  اس نے میری بیوی اور دو بیٹے کھا لیے ہیں۔  جلد ہی ان کا جوش ٹھنڈا ہونے لگا۔  جو آدمی سب سے زیادہ جذباتی ہو رہا تھا، سب سے پہلے ٹھنڈا ہوا۔  وہ چٹان کے قریب آ کر بولا۔  ’صاحب ہم پاگل ہو گئے تھے۔  اب ہم ہوش میں آ گئے ہیں۔  ہم آپ سے اور تحصیلدار صاحب سے معافی مانگتے ہیں‘۔  میں نے بندوق کا غیر استعمال شدہ کارتوس نکال کر بندوق نیچے لٹکائی جو انہوں نے سنبھال لی۔  میں نے اب انہیں بتایا کہ وہ اوپر آ سکتے ہیں۔  وہ اس شیرنی کو آرام سے نیچے لائے اور ہر کوئی اس کے گرد جمع ہو گیا۔

جب شیرنی چٹان پر جھکی مجھے دیکھ رہی تھی تو مجھے لگا جیسے اس کا منہ کچھ ٹیڑھا ہو۔  اب اس کا معائنہ کرتے ہوئے میں نے دیکھا کہ اوپر اور نیچے والے دائیں بڑے دانت ٹوٹے ہوئے تھے۔  اوپر والا آدھا اور نیچے والا جبڑے کی ہڈی سے ٹوٹا ہوا تھا۔  بندوق کی گولی سے لگنے والی اس مستقل نوعیت کی چوٹ نے شیرنی کو اس کے قدرتی شکار سے معذور کر دیا اور وہ آدم خور بن گئی۔

ان افراد نے درخواست کی کہ میں شیرنی کی کھال یہاں نہ اتاروں۔  وہ اسے اپنے گاؤں لے جانا چاہتے تھے۔  ان کا کہنا تھا کہ ان کی عورتیں اور بچے شیرنی کی لاش دیکھے بغیر یقین نہیں کریں گے۔

انہوں نے دو چھوٹے درخت کاٹ کر شیرنی کے اطراف میں رکھے اور پگڑیوں اور صافوں کی مدد سے شیرنی کو احتیاط اور مضبوطی سے باندھا۔  جب وہ تیار ہو گئے تو ہم شیرنی کو نیچے لے چلے۔  ہانکے والے شیرنی کو لے کر سیدھا پہاڑ پر چڑھے اور دوسری طرف گاؤں کو لے چلے۔  ہر آدمی دوسرے کو سہارا دیے ہوئے تھا۔  اس طرح یہ قطاریں آگے بڑھیں۔  دور سے یہ چیونٹیوں کی قطاریں لگ رہی تھیں جو کھٹمل کو لے کر جا رہی ہوں۔  اگر یہ انسانی زنجیر ٹوٹ جاتی تو بے شمار لوگ مر سکتے تھے۔  خوش قسمتی سے یہ زنجیر نہ ٹوٹی۔  سب لوگ اب پہاڑ پر چڑھ چکے تھے۔  وہ ناچتے اور گاتے جا رہے تھے۔  میں اور تحصیلدار چمپاوت لوٹے۔

پہاڑی پر چڑھ کر میں نے وادی پر الوداعی نگاہ ڈالی۔  یہاں وہ جھاڑی تھی جہاں لڑکی کے سر کے بال الجھے ہوئے دیکھے تھے اور اسی جگہ شیرنی کا اختتام ہوا۔

نیچے اترتے ہوئے ہانکے والوں کو لڑکی کا سر ملا۔  اب وادی سے دھوئیں کی لکیر بلند ہو رہی تھی کہ اس لڑکی کے رشتہ دار اس کی آخری رسومات ادا کر رہے تھے۔  یہ سب اسی جگہ ہو رہا تھا جس جگہ شیرنی نے آخری سانس لیا۔

رات کا کھانا کھا کر ہم تحصیل کے صحن میں کھڑے تھے کہ ہم نے صنوبر کی مشعلیں آتے ہوئے دیکھیں جو سامنے والی پہاڑی پر تھیں۔  گھنٹہ بھر بعد وہ لوگ آن پہنچے۔

اتنے بڑے مجمع کے سامنے کھال اتارنا کافی مشکل تھا۔  میں نے کام شروع کرنے کی نیت سے اس کا سر، گردن اور پنجے کاٹ کر کھال سے ہی لگے رہنے دیے اور باقی کھال اگلی صبح اتارنے کا سوچا۔  رات بھر کے لیے پولیس کا ایک سپاہی پہرے پر کھڑا کر کے ہم سو گئے۔  اگلے دن جب مجمع اکٹھا ہوا تو جسم، ٹانگیں اور دم کو لوگوں نے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے تقسیم کیے۔  دیگر فوائد کے علاوہ یہ ٹکڑے بچوں کو بطور تعویذ دیے گئے کہ وہ بہادر بنیں گے۔  مجھے بعد ازاں شیرنی کے معدے سے نکلی ہوئی لڑکی کی ثابت انگلیاں تحصیلدار نے سپرٹ میں ڈال کر نینی تال بھیجیں جو میں نے جھیل کنارے دفن کر دیں۔  یہ جگہ نندا دیوی کے مندر کے پاس ہے۔

کھال اتارنے کے دوران تحصیلدار، نمبردار اور مقامی تاجر وغیرہ ایک بڑی دعوت کا پروگرام بنا رہے تھے۔  مجھے انہوں نے بطور مہمان خصوصی مدعو کیا۔  رات گئے یہ سب لوگ چلے گئے۔  اب گاؤں اور پہاڑ محفوظ تھے۔  وہ دن یا رات کسی بھی وقت اور کہیں بھی آ جا سکتے تھے۔  میں نے تحصیلدار کے ساتھ آخری بار پائپ پیتے ہوئے بتایا کہ میرا رکنا ممکن نہیں۔  وہ دعوت میں میری نیابت کر لے۔  ہمارے پاس اب دو دن اور پچھتر میل کا سفر تھا۔

سورج نکلتے ہی ہم روانہ ہوئے۔  شیرنی کی کھال میرے گھوڑے کی زین پر تھی۔  میں اپنے آدمیوں سے پہلے نکلا تاکہ اگلے چند گھنٹے اس کی کھال کی صفائی پر صرف کروں۔  میرا ارادہ تھا کہ دیبی دھورا جا کر رات بھی گزارتا اور کھال کی صفائی بھی ہو جاتی۔  پالی سے گزرتے ہوئے میں نے سوچا کہ اس گوں گی عورت کو شیرنی کی کھال دکھاتا چلوں۔  شاید اسے صبر آ جائے۔  گھوڑے کو برف پر چھوڑ کر میں پہاڑ پر چڑھا اور گھر تک پہنچ گیا۔  بچے میرے آس پاس جمع ہو کر زمین پر مجھے کھال بچھاتا ہوا دیکھنے لگے۔  بچوں کا شور سن کر کھانا بناتی ان کی ماں نے دروازے سے باہر جھانکا۔

میں صدمے اور جوابی صدمے کے بارے میں نہ تو کچھ جانتا ہوں اور نہ ہی کچھ کہوں گا۔  مجھے صرف اتنا علم ہے کہ وہ عورت جو بارہ ماہ سے گوں گی تھی، اب اچانک گاؤں والوں کو چلا چلا کر بتانے لگی کہ آؤ دیکھو صاحب کیا لائے ہیں۔  بچے اپنی ماں کو بولتا دیکھ کر حیران ہوتے رہے۔

میں نے آرام کرتے اور چائے پیتے ہوئے گاؤں والوں کو شیرنی کی ہلاکت کی داستان سنائی۔  وہاں سے نکل کر میں نصف میل دور سے بھی گاؤں والوں کی خوشی بھری آوازیں سنتا رہا۔

اگلی صبح میرا سامنا ایک تیندوے سے ہوا جو بہت دلچسپ رہا۔  یہ اس لیے بتا رہا ہوں کہ میں دیبی دھورا سے دیر سے کیوں نکلا۔  میرے گھوڑے کا وزن پھر بڑھ چکا تھا۔  میدان میں اس پر سوار اور اترائی چڑھائی پر پیچھے بھاگتے ہوئے ہم نے صبح ۹ بجے سے شام ۶ بجے کے دوران ۴۵ میل کا سفر طے کیا اور نینی تال پہنچے۔

چند ماہ بعد نینی تال میں بڑا دربار لگا۔  گورنر جنرل سر جان ہیوٹ نے تحصیلدار کو ایک بندوق اور میرے دوسرے ہمراہی کو جو میرے ساتھ لڑکی کی ہلاکت کے بعد شیرنی کے پیچھے آیا تھا، ایک خوبصورت شکاری چاقو دیا۔  یہ خوبصورت ہتھیار نسل در نسل ان کے لیے باعث فخر رہیں گے۔  یہ انعامات ان کی بہادری کو تسلیم کر کے دیے تھے۔

٭٭٭

روبن

میں نے اس کے والدین کو کبھی نہیں دیکھا تھا۔  جب میں نے اسے ایک بھنگی سے خریدا تو اس نے بتایا کہ یہ سپینیل نسل کا کتا ہے اور اس کا نام پنچہ ہے۔  اس کا باپ بہت عمدہ شکاری کتا تھا۔  میں روبن کے شجرہ نسب کے بارے میں اس سے زیادہ نہیں جانتا۔

مجھے پلے کی تلاش بالکل نہیں تھی اور یہ محض اتفاق ہی تھا کہ جب میں اپنی ایک دوست کے ہمراہ وہاں گیا تو ہمارے سامنے سات پلوں کی ایک غلیظ ٹوکری رکھ دی گئی۔  پنچہ ان ساتوں میں سے سب سے چھوٹا اور سب سے کمزور تھا۔  صاف لگ رہا تھا کہ یہ پلا اپنی سی کوشش کر کے اب تک زندہ ہے۔  اپنے دیگر بہن بھائیوں کو چھوڑ کر پنچہ ٹوکری سے نکلا اور چکر لگا کر میرے قدموں میں بیٹھ گیا۔  صبح کا وقت اور سردی شدید تھی۔  جب میں نے اسے اٹھا کر اپنے کوٹ کے اندر ڈالا تو اس نے میرا منہ چاٹ کر شکریہ ادا کرنے کی کوشش کی۔  میں نے ہر ممکن کوشش کی کہ وہ یہ نہ جان سکے کہ میں اس سے اٹھنے والی بدبو سے پریشان ہوں۔

اس وقت اس کی عمر تین ماہ تھی اور میں نے اسے ۱۵ روپوں کے عوض خریدا تھا اور اب اس کی عمر ۱۳ سال ہے اور پورے ہندوستان کا سونا دے کر بھی کوئی مجھے اس سے جدا نہیں کر سکتا۔

میں اسے لے کر گھر پہنچا اور سب سے پہلے اسے پیٹ بھر کر کھانا کھلایا۔  پھر گرم پانی اور صابن سے اسے غسل دیا۔  اس کے بعد ہم نے اس کا نام پنچہ سے بدل کر روبن رکھا۔  یہ نام ہمارے پرانے وفادار کولی نسل کے کتے کا تھا جس نے میری اور میرے چھوٹے بھائی کی زندگیاں ایک ریچھنی کے حملے سے بچائی تھیں۔  اس وقت میری عمر چھ سال جبکہ میرا بھائی چار سال کا تھا۔

روبن کو باقاعدہ خوراک ملتی رہی اور اس کی صحت بہتر ہوتی گئی۔  اس اصول کے تحت کہ نو عمر لڑکے اور پلے کی تربیت میں عجلت نہیں کرنی چاہیے، چند ہفتے بعد میں روبن کو لے کر تھوڑی دور گیا تاکہ اسے بندوق کی آواز سے شناسا کراؤں۔

ہماری زمین کے نچلے سرے پر کچھ گھنی جھاڑیاں ہیں اور جب میں ان کے گرد چکر لگا رہا تھا کہ ایک مور اڑا۔  روبن کو بھلا کر میں نے فوراً ہی مور پر کارتوس چلایا اور مور فوراً ہی نیچے گرا۔  مور کانٹے دار جھاڑی پر گرا تھا، روبن فوراً ہی اس کی جانب لپکا۔  جھاڑیاں اتنی گھنی اور دشوار گزار تھیں کہ میرا گزر نہ ہو سکتا تھا، اس لیے میں گھوم کر دوسری جانب گیا جہاں کھلی زمین تھی۔  وہاں کچھ فاصلے پر پھر سے گھنا جنگل شروع ہو جاتا تھا۔  مجھے یقین تھا کہ زخمی مور اسی جنگل کا رخ کرے گا۔  اس وقت اس قطعے میں سورج کی روشنی پھیلی ہوئی تھی اور اگر میرے پاس وڈیو کیمرہ ہوتا تو یقیناً بے مثال وڈیو بنتی۔  زخمی بوڑھی مورنی کے گردن کے پر خوف کے مارے کھڑے تھے اور اس کا ایک پر ٹوٹا ہوا تھا۔  اس کی دم سے روبن لٹکا ہوا تھا اور مورنی روبن کو اپنے ساتھ گھسیٹ کر گھنے جنگل کو جا رہی تھی۔  میری حماقت دیکھیں کہ میں نے بھاگ کر مورنی کو گردن سے پکڑ کر اٹھایا۔  روبن بھی اس کے ساتھ اٹھتا چلا آیا۔  مورنی نے دولتی چلائی اور روبن قلابازی کھاتا نیچے گرا۔  فوراً ہی روبن دوبارہ اٹھا اور جب میں نے مردہ مورنی کو زمین پر ڈالا تو روبن اس کے گرد ناچنے لگا۔  آج کا سبق ختم ہو گیا تھا اور جب ہم گھر واپس آئے تو یہ کہنا مشکل تھا کہ ہم دونوں میں سے کون زیادہ خوش تھا، روبن جس نے آج اپنا پہلا شکار کیا تھا یا پھر میں جس نے اس غلیظ ٹوکری سے بہترین کتا چنا۔

گرمیوں میں ہم لوگ پہاڑ پر رہتے تھے اور ہر سال نومبر میں نیچے دامن میں منتقل ہو جاتے۔  اس بار ۱۵ میل کے طویل سفر پر جب ایک جگہ تنگ موڑ مڑے تو دوسری جانب لنگوروں کا ایک بہت بڑا غول پہاڑی سے نیچے کی جانب جاتے ہوئے روبن کے بالکل قریب سے گزرا۔  میری سیٹی کو نظر انداز کرتے ہوئے روبن کھائی کی جانب لنگوروں کے پیچھے لپکا۔  لنگور فوراً ہی درخت پر چڑھ گئے۔  یہاں زمین کھلی تھی اور اکا دکا درخت بھی تھے۔  اس کے بعد زمین اچانک ڈھلوان سے گزرتی ہوئی تیس یا چالیس گز نیچے جاتی تھی اور پھر وہاں چند گز سیدھی زمین تھی۔  اس سے آگے پھر زمین ڈھلوان ہوتی ہوئی وادی کو جاتی تھی۔  اس جگہ کے دائیں جانب کچھ جھاڑیاں تھیں اور بارش کے پانی کے گزرنے سے وہاں کھائی سی بن گئی تھی۔  ابھی روبن ان جھاڑیوں تک پہنچا ہی تھا کہ پلٹا۔  کان سر سے ملے ہوئے اور دم ٹانگوں میں دبائے روبن اپنی جان بچانے کے لیے پوری قوت سے بھاگ رہا تھا۔  اس کے پیچھے بہت بڑا تیندوا لگا تھا۔  چونکہ میں خالی ہاتھ تھا اس لیے محض شور مچا سکتا تھا۔  میرے ساتھ میگی کی ڈانڈی اٹھانے والے مزدور بھی شور مچانے لگے۔  ہمارا ساتھ دینے کے لیے جب سو سے زیادہ لنگور بھی چلائے تو شور و غل اپنی انتہا کو پہنچ گیا۔  ادھر تیندوا ہر چھلانگ پر روبن سے قریب تر ہوتا جا رہا تھا۔  یہ بے جوڑ دوڑ بمشکل پچیس یا تیس گز تک چلی ہو گی اور روبن کے بالکل قریب پہنچ کر تیندوا اچانک مڑا اور وادی میں غائب ہو گیا۔  پہاڑی کے سرے سے مڑ کر روبن میرے پاس آیا۔  تیندوے سے بال بال بچنے کے بعد روبن نے دو قیمتی سبق سیکھے جو اس نے ساری زندگی یاد رکھے۔  پہلا سبق یہ کہ لنگوروں کا پیچھا کرنا خطرناک ہے اور دوسرا یہ کہ جب لنگور خطرے کی آواز نکال رہے ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ تیندوا قریب ہے۔

موسم بہار میں روبن کی تربیت کا سلسلہ منقطع ہو گیا اور جب دوبارہ تربیت شروع ہوئی تو جلد ہی واضح ہو گیا کہ بچپن میں فاقہ کشی اور عدم توجہی کے باعث روبن کا دل بہت کمزور ہو گیا تھا اور تھوڑی سی بھی مشقت سے بے ہوش ہو جاتا تھا۔

شکاری کتے کے لیے اس سے زیادہ مایوسی کی بات نہیں ہو سکتی کہ اس کا مالک شکار پر جاتے ہوئے اسے گھر پر ہی چھوڑ جائے۔  پرندوں کا شکار روبن کے لیے شجر ممنوعہ تھا، میں روبن کو بڑے شکار پر ساتھ لے جانے لگا۔  اس نئے مشغلے کو روبن نے ایسے اپنایا جیسے بطخ پانی کو۔  اس کے بعد سے جب بھی میں رائفل لے کر نکلتا، روبن میرے ساتھ ہوتا تھا۔

ہاتھی یا مچان کی نسبت زمین پر کھڑے ہو کر درندے کو فوری طور پر ہلاک کرنا زیادہ آسان ہے۔  پہلی بات یہ کہ جب زمین پر رہ کر زخمی درندے کا تعاقب کرنا ہو تو شکاری پوری احتیاط سے گولی چلاتا ہے۔  دوسرا یہ کہ جب زمین پر کھڑے ہوں تو درندوں کے اعضائے رئیسہ کو نشانہ بنانا آسان ہوتا ہے۔  مگر میں چاہے جتنی احتیاط سے شکار کرتا رہا، کئی بار ایسا ہوا ہے کہ تیندوے یا شیر زخمی ہو کر بھاگے۔  جب تک ان کا تعاقب کر کے میں نے انہیں ہلاک نہیں کر لیا، میں چین سے نہیں بیٹھا۔  اتنے برسوں کی رفاقت میں صرف ایک بار ایسا ہوا کہ روبن نے مجھے مشکل صورتحال میں اکیلا چھوڑا تھا۔  اس دن کی مختصر غیر حاضری کے بعد جب روبن میرے پاس لوٹا تو ہم نے فیصلہ کیا کہ اس بارے میں کسی کو نہیں بتائیں گے۔  تاہم اب ہم بوڑھے ہو چلے ہیں اور اتنے حساس نہیں رہے۔  روبن اب اپنے بستر مرگ پر لیٹا ہوا ہے اور اس نے خوش دلی سے مجھے یہ واقعہ سنانے کی اجازت دی ہے۔

تیندوا جب تک کہ جھاڑیوں سے نکل کر سامنے نہ آیا، ہماری نظروں سے اوجھل تھا۔  باہر آ کر تیندوا رکا اور مڑ کر اپنے بائیں شانے سے پیچھے دیکھنے لگا۔

یہ تیندوا غیر معمولی جسامت کا نر تھا اور اس کی کھال پر دھبے اس طرح چمک رہے تھے جیسے مخمل پر بنے ہوں۔  ۱۵ گز کے فاصلے سے بہترین رائفل سے آرام سے چلائی جانے والی گولی اس کے دائیں شانے میں لگی۔  چاہے گولی اس کے دل سے کتنا قریب سے کیوں نہ گزری ہو، اسے فوری نہ گرا سکی۔  جب گولی اس کے جسم سے گزر کر پچاس دور زمین میں دھنسی، تیندوا فضاء میں اچھلا اور قلابازی کھاتے ہوئے انہی جھاڑیوں میں گرا جہاں سے وہ منٹ بھر پہلے نکلا تھا۔  بیس، چالیس، پچاس گز تک بھاگنے کی آوازیں جھاڑیوں سے آتی رہیں اور پھر اچانک خاموشی چھا گئی۔  آواز ختم ہونے کے دو مطلب ہو سکتے تھے۔  اول یہ کہ تیندوا زخم کی تاب نہ لا کر مر چکا ہے، دوم، تیندوا گھنی جھاڑیوں سے نکل کر کھلی زمین پر پہنچ گیا ہے۔

اس روز ہم لوگ بہت دور نکل آئے تھے۔  سورج غروب ہونے والا تھا اور ہم گھر سے چار میل دور تھے۔  جنگل کے اس حصے میں انسانی آمد و رفت نہ ہونے کے برابر تھی اور رات کو یہاں سے کسی انسان کے گزرنے کا قطعی کوئی امکان نہ تھا۔  اس کے علاوہ میگی بالکل نہتی تھی اور نہ تو اسے اکیلا چھوڑ کر تیندوے کا تعاقب کرنا مناسب تھا اور نہ ہی ساتھ لے جانا۔  ہم شمال کو مڑ کر گھر چل دیے۔  اس جگہ نشانی لگانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی کیونکہ میں تقریباً پچاس سالوں سے ان جنگلوں سے میں روز روشن اور راتوں کو بھی بکثرت گزرتا تھا۔  اگر میری آنکھیں بند بھی ہوتیں تو بھی مجھے یہاں سے گزرنے میں مشکل نہ ہوتی۔

اگلی صبح سورج ابھی نکلا نہ تھا کہ روبن اور میں اس جگہ لوٹے۔  روبن کل میرے ساتھ نہ تھا۔  جہاں کل تیندوا آن کر رکا، روبن نے اس جگہ زمین سونگھی اور آگے بڑھ کر ان جھاڑیوں تک پہنچا جہاں سے تیندوا نکلا تھا۔  اس جگہ تیندوے کے خون کے بڑے بڑے دھبے تھے۔  یہاں رک کر یہ دیکھنا کہ تیندوے کو زخم کس جگہ لگا تھا، فضول ہوتا کیونکہ پندرہ گز کے فاصلے سے نہ صرف میں نے گولی تیندوے کے شانے میں لگتے بلکہ پچاس گز دور زمین میں دھنستے دیکھی۔  یعنی گولی تیندوے کے جسم کے پار ہو گئی تھی۔

یہاں سے ضروری تھا کہ ہم خون کے نشانات کا پیچھا کرتے لیکن چار میل کے سفر کے بعد کچھ آرام کرنا بہتر تھا۔  ابھی اندھیرا باقی تھا اور کچھ وقت گزارنے سے ہمیں نقصان کی بجائے فائدہ ہی ہوتا۔  سورج نکلنے والا تھا اور جنگل کے اکثر جانور اس وقت گھوم پھر رہے ہوتے ہیں۔  ممکن تھا کہ ان میں سے کسی جانور سے ہمیں تیندوے کی موجودگی کے بارے میں جاننے کا مزید موقع مل جاتا۔

نزدیکی درخت کے نیچے میں نے شبنم سے پاک خشک جگہ تلاش کر لی۔  یہاں ہم بیٹھے اور ابھی میں نے سگریٹ ختم ہی کیا تھا کہ ایک مادہ چیتل، پھر دوسری اور پھر تیسری بولی۔  یہ آواز ہمارے بائیں اور سامنے کی جانب ۶۰ گز کے فاصلے سے آئی تھی۔  روبن اٹھا اور میری جانب دیکھنے لگا۔  میرا اشارہ پاتے ہی وہ دوبارہ آواز کی جانب مڑا۔  لنگور کی آواز پر لپکنے والا پلا اب تجربہ کار شکاری کتا بن چکا تھا۔  آس پاس موجود دیگر جانوروں اور پرندوں کی طرح روبن بھی یہ جان چکا تھا کہ چیتل کسی تیندوے کی موجودگی کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں۔

چیتلوں کے بولنے سے اندازہ ہو رہا تھا کہ تیندوا ان کے سامنے ہے۔  تھوڑی دیر اور رکتے تو ہمیں پتہ چل سکتا تھا کہ تیندوا زندہ ہے یا مر چکا ہے۔  پانچ منٹ بولتے رہنے کے بعد سب چیتل اچانک دو مرتبہ ایک ساتھ بولے اور پھر چپ کر گئے۔  یعنی تیندوا نہ صرف زندہ تھا بلکہ اپنی جگہ چھوڑ چکا تھا۔  اب ہمیں یہ جاننا تھا کہ تیندوا کہاں ہے۔  یہ کام ہم چیتلوں پر گھات لگا کر سکتے تھے۔

ہوا کی مخالف سمت ۵۰ گز آگے جا کر ہم گھنی جھاڑیوں میں داخل ہوئے اور چھپ کر چیتلوں کی جانب بڑھنے لگے۔  یہ کام اتنا مشکل نہیں اور برسوں کے تجربے سے میں اور روبن سیکھ چکے ہیں کہ جنگلوں میں کیسے خاموشی سے چلنا ہے۔  چیتل ابھی ہماری نظروں سے اوجھل اور اس وقت دکھائی دیے جب ہم ان سے محض چند فٹ دور رہ گئے تھے۔  سارے چیتل کھلے میدان میں کھڑے شمال میں ایک ہی جگہ دیکھے جا رہے تھے۔  یہ تقریباً وہی جگہ تھی جہاں کل تیندوے کے فرار کے بعد آوازیں ختم ہوئی تھیں۔

اس وقت تک ہمیں چیتلوں سے بھرپور مدد ملی اور انہوں نے انجانے میں تیندوے کی موجودگی اور پھر اس کی حرکات سے آگاہ کیا تھا۔  ان کی مدد سے اب ہمیں تیندوے کی سمت بھی پتہ چل گئی تھی۔  یہ سب جاننے پر ایک گھنٹہ لگا۔  اگر چیتل ہماری موجودگی محسوس کر لیتے تو یہ ساری محنت اکارت جاتی کہ چیتل سارے جنگل کو ہماری موجودگی کے بارے میں مطلع کر دیتے۔  ابھی میں یہ سوچ ہی رہا تھا کیا میں الٹے قدموں واپس جا کر کچھ دور سے ان چیتلوں کے پیچھے سے جا کر تیندوے کا پیچھا کروں یا کسی تیندوے کی آواز نکال کر انہیں یہاں سے بھگاؤں کہ اچانک ایک مادہ مڑی اور سیدھا میرا منہ تکنے لگی۔  اگلے ہی لمحے سارا جنگل اس کی خطرے کی آواز سے جاگ اٹھا۔  چیتل خطرہ بھانپ کر بھاگ لیے۔  کھلے تک پہنچنے کے لیے مجھے صرف پانچ گز بڑھنا تھا لیکن تیندوا تیز نکلا۔  جونہی میں جھاڑیوں سے نکلا تو دوسری طرف کی جھاڑیوں میں تیندوے کی پچھلی ٹانگیں اور دم گم ہوتی دکھائی دیں۔  چیتلوں نے ہماری ساری محنت پر اچھی طرح پانی پھیر دیا تھا۔  اب ہمیں پھر سے تیندوے کی تلاش کرنی تھی۔  اب یہ کام روبن کا تھا۔

تیندوے کو آرام سے بیٹھنے کا وقت دینے اور اس کی بو کچھ مدھم ہو جانے کی نیت سے میں چند منٹ کھلے میدان میں رکا۔  پھر میں روبن کے ساتھ مغرب کو گیا جہاں ہوا کا رخ ہماری مخالف سمت تھا۔  ہم ابھی ۶۰ یا ۷۰ گز ہی گئے ہوں گے کہ آگے چلتا ہوا روبن رک کر ہوا سونگھنے لگا۔  جنگل میں روبن بالکل گوں گا بن جاتا ہے اور اسے اپنے اعصاب پر پوری طرح قابو رہتا ہے۔  تاہم ایک رگ ایسی ہے جو تیندوے کی نزدیک موجودگی یا اس کی تازہ بو کو محسوس کر کے اس کے قابو میں نہیں رہتی۔  یہ رگ اس کی پچھلی ٹانگوں کے پیچھے سے گزرتی ہے۔

پچھلی گرمیوں میں یہاں سے بہت بڑا طوفان آیا تھا اور بہت سے درخت گر گئے تھے۔  روبن کا رخ ان گرے ہوئے درختوں میں ایک کی جانب تھا۔  یہ درخت ہم سے ۴۰ گز دور تھا۔  اس کی شاخیں ہماری جانب اور جڑیں مخالف سمت تھیں۔  تنے کے دونوں جانب ہلکی جھاڑیاں تھیں اور چھوٹی گھاس بھی اگی ہوئی تھی۔

کوئی دوسرا موقع ہوتا تو ہم سیدھے اس درخت کو چل پڑتے مگر ہمارا سامنا تیندوے سے تھا جو زخمی ہونے کے بعد انتہائی نڈر بن جاتا ہے۔  اس کے علاوہ تیندوے کو پندرہ گھنٹے کا وقفہ بھی مل چکا تھا۔

گھر سے نکلتے وقت میں نے اعشاریہ ۲۷۵ بور کی رائفل اٹھائی تھی۔  لمبے فاصلے تک ساتھ لے جانے کے لیے تو یہ رائفل بہت عمدہ ہے لیکن تھوڑے فاصلے سے زخمی تیندوے کا سامنا کرنے کے لیے اس کی طاقت کافی نہیں۔  اس لیے براہ راست درخت تک جانے کی بجائے میں نے ایسا راستہ اختیار کیا جو ہمیں درخت کی سیدھ میں اس سے پندرہ گز دور لے جاتا۔  قدم بقدم چلتے ہوئے ہم اس جگہ تک پہنچے اور جب شاخیں عبور کر کے ہم تنے کی سیدھ میں پہنچے تو روبن رک گیا۔  روبن کو دیکھتے ہوئے میں نے سمت متعین کی تو تیندوے کی دم اوپر نیچے ہلتی دکھائی دے رہی تھی۔  یہ علامت ظاہر کرتی تھی کہ تیندوا حملے کے لیے تیار ہے۔  وہیں میں کر ابھی میں رائفل کو شانے تک اٹھا پایا تھا کہ سامنے کی جھاڑیوں سے تیندوا نمودار ہوا۔  میری چلائی ہوئی گولی جو تیندوے کو ہلاک کرنے کی بجائے محض اسے روکنے کے لیے چلائی گئی تھی، تیندوے کے پیٹ کے نیچے سے ہوتی ہوئی اس کی پچھلی بائیں ٹانگ میں لگی۔  گولی کے صدمے سے زیادہ گولی کی آواز سے تیندوے کی توجہ دوسری جانب ہوئی اور تیندوا میرے دائیں شانے کے قریب سے ہوتے ہوئے گزرا۔  ابھی میں دوسری گولی چلانے کے قابل ہو ہی رہا تھا کہ تیندوا جھاڑیوں میں غائب ہو گیا۔  اس دوران روبن میرے قدموں سے نہیں ہٹا تھا۔  پھر ہم اس جگہ کا معائنہ کرنے آگے بڑھے جہاں سے تیندوا گزرا تھا۔  یہاں ہر طرف خون ہی خون تھا تاہم یہ جاننا نا ممکن تھا کہ آیا یہ خون پرانے زخم سے نکلا ہے یا نئے زخم سے۔  تاہم اس کا روبن پر کوئی اثر نہ ہوا اور اس نے فوراً ہی تیندوے کا پیچھا شروع کر دیا۔  کچھ گھنی جھاڑیوں اور گھٹنے تک لمبی گھاس سے گزرتے ہوئے دو سو گز کے بعد میں اپنے سامنے تیندوے جاتے دیکھا۔  ابھی میں گولی چلانے کے لیے تیار ہو ہی رہا تھا کہ تیندوا ایک جھاڑی میں گھس کر غائب ہو گیا۔  یہ جھاڑی ایک بڑے خیمے کے حجم کی تھی۔  یہاں تیندوے کو نہ صرف پناہ حاصل تھی بلکہ یہاں سے وہ اگلے حملے کے لیے بھی تیار ہو سکتا تھا۔

اس روز اس مہم میں ہم کافی وقت گزار چکے تھے اور ہلکی رائفل کے ساتھ تیندوے کا مزید پیچھا کرنا حماقت ہوتی۔  ہم مڑے اور گھر کو چل پڑے۔

اگلی صبح ہم دونوں پھر لوٹے۔  اس بار جنگل میں صبح سویرے کی تمام خوشبوؤں سے بے نیاز روبن جلد از جلد اس جگہ واپس لوٹنا چاہتا تھا جہاں ہم نے تیندوے کو کل چھوڑا تھا۔

اس بار میرے پاس اعشاریہ ۴۵۰/۴۰۰ کی رائفل تھی اور کل کی نسبت بہت بہتر محسوس کر رہا تھا۔  ابھی ہم اس کانٹے دار جھاڑی سے کئی سو گز دور تھے کہ میں رکا اور روبن کو احتیاط سے اور آہستگی سے چلنے کا اشارہ کیا۔  یہ فرض کرنا کہ جہاں گزشتہ روز زخمی جانور کو چھوڑا تھا، وہ اب بھی وہیں ہو گا، انتہائی خطرناک غلطی ہے۔  ذیل کا واقعہ اس بات کی وضاحت کرے گا۔

میرے ایک واقف شکاری نے دوپہر کے وقت شیر کو زخمی کیا اور کئی میل تک اس کا پیچھا کرتا رہا۔  اگلی صبح بہت سارے ساتھیوں کے ہمراہ وہ اس جگہ کو لوٹا۔  اس کا ایک ساتھی جو مقامی شکاری بھی تھا، اس کی خالی رائفل اٹھائے ہوئے سب سے آگے تھا۔  میرے واقف کا ارادہ تھا کہ جہاں کل شیر کا پیچھا چھوڑا تھا، وہیں نئے سرے سے پیچھا شروع کرے گا۔  ابھی وہ لوگ خون کے نشانات پر چلتے ہوئے اس جگہ سے ایک میل پیچھے ہی تھے مقامی شکاری سیدھا اسی زخمی شیر پر جا پہنچا۔  نتیجتاً شیر نے اس شکاری کو ہلاک کر دیا جبکہ دیگر افراد میں کچھ تو درختوں پر چڑھ گئے جبکہ کچھ افراد نے سر پر پاؤں رکھا اور دور جا کر دم لیا۔

مجھے اس کانٹے دار جھاڑی کے مقام کا بخوبی اندازہ تھا۔  اس لیے میں روبن کے ساتھ ایسے بڑھا کہ ہم اس جھاڑی کی دوسری جانب چند گز کے فاصلے سے گزرتے۔  روبن کو بخوبی علم تھا کہ ہوا کے رخ سے جانور کیسے تلاش کیا جاتا ہے۔  ہم تھوڑا آگے بڑھے اور ابھی اس جھاڑی سے تقریباً سو گز دور تھے کہ روبن رکا اور ہوا کو سونگھ کر مجھے اشارہ کیا کہ اسے تیندوے کی بو محسوس ہو رہی ہے۔  کل کی طرح آج بھی وہ ایک گرے ہوئے درخت کے پیچھے گھنی گھاس میں چھپا تھا۔  کل کے ناکام حملے کے بعد تیندوا اسی طرف گیا تھا۔  درخت کے ہماری طرف والے حصے میں زمین کھلی تھی اور دوسری جانب گھنی گھاس اور جھاڑیاں شروع ہو جاتی تھیں۔  روبن کو میں نے اشارہ کیا کہ اصل راستے سے پیش قدمی جاری رکھے۔  ہم اس کانٹے دار جھاڑی کے پاس سے گزرے اور روبن نے اس جھاڑی کو بالکل ہی نظر انداز کر دیا۔  اس کا رخ ایک نالے کی طرف تھا جو برساتی پانی سے بنا تھا۔  یہاں پہنچ کر میں نے اپنا کوٹ اتارا اور اس میں جتنے پتھر آ سکتے تھے، بھرے اور درخت کے پاس موجود کھلی زمین پر لوٹ آیا۔

میں نے رائفل کو فوری طور پر استعمال کرنے کی نیت سے تیار رکھ کر کوٹ سے پتھر نکال کر پھینکنے شروع کیے۔  میں نے درخت سے ابتداء کی اور پھر اس کے آس پاس کی جھاڑیوں میں پتھر پھینکے۔  اگر تیندوا زندہ ہوتا تو جب کوئی پتھر اس کے پاس گرتا یا لگتا تو حملہ کر دیتا۔  حملے کی صورت میں جہاں میں تھا، وہاں سے تیندوے کا سامنا کرنا آسان ہوتا۔  جب تمام پتھر ختم ہو گئے تو میں نے تالیاں بجائیں، کھانسا اور شور مچایا لیکن نہ تو پتھراؤ کے دوران اور نہ ہی اس کے بعد تیندوے کی جانب سے کوئی آواز سنائی دی۔

اب میں سیدھا درخت کے قریب جا کر اس کے اوپر سے دوسری جانب دیکھنے میں میں حق بجانب ہوتا۔  پرانی کہاوت ہے کہ جب تک تیندوے کی کھال نہ اتار لی جائے، اسے مردہ نہ سمجھو، سو میں نے اس طرح درخت کے گرد چکر لگانے شروع کیے کہ ہر بار ہمارا فاصلہ کم ہوتا جائے حتیٰ کہ میں درخت کے نیچے جھاڑیوں میں جھانک سکتا۔  میں نے پہلا چکر ۲۵ گز کے فاصلے سے شروع کیا اور ابھی میں نے دو تہائی فاصلہ ہی طے کیا ہو گا کہ اچانک روبن رک گیا۔  جونہی میں نے مڑ کر نیچے دیکھا کہ روبن کیوں رکا ہے، سامنے سے تیندوے کی غراہٹیں سنائی دیں اور تیندوے نے سیدھا ہمارا رخ کیا۔  مجھے اپنے سامنے ہلتی ہوئی جھاڑیاں ہی دکھائی دے رہی تھیں۔  میں تھوڑا سا دائیں مڑا اور رائفل اٹھائی ہی تھی کہ تیندوے کا سر اور شانے مجھ سے چند فٹ دور جھاڑیوں سے نکلے۔

تیندوے کی جست اور میری رائفل سے گولی بیک وقت نکلی۔  میں فوراً ہی بائیں مڑا تاکہ روبن میرے قدموں میں نہ کچلا جائے اور میں نے دوسری گولی چلائی۔  اس وقت تیندوا میرے قریب سے گزر رہا تھا۔  پہلی گولی میں نے ہاتھوں میں رائفل پکڑے ہوئے جبکہ دوسری گولی رائفل کو پہلو سے ٹکائے چلائی۔

کوئی زخمی جانور چاہے وہ شیر ہو یا تیندوا، جب اپنے حملے میں ناکام ہو جائے تو فرار کو ترجیح دیتا ہے اور جب تک اسے دوبارہ نہ چھیڑا جائے، حملہ نہیں کرتا۔

میں بائیں جانب اس لیے مڑا تھا کہ روبن میرے قدموں تلے نہ کچلا جائے اور جب میں نے دیکھا تو روبن کہیں دکھائی نہ دیا۔  شکار میں ہماری اتنے برسوں رفاقت میں پہلی بار ایسا ہوا تھا کہ روبن مجھے مشکل وقت میں اکیلا چھوڑ گیا۔  شاید اب وہ گھر جانے کی کوشش کر رہا ہو؟ تاہم راہ میں حائل دشواریاں اور کمزور دل کے پیش نظر اس کا گھر پہنچنا بہت مشکل تھا۔  یہاں سے گھر کا فاصلہ کم از کم چار میل بنتا تھا۔  انہی خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں نے فوراً اسے تلاش کرنے کا فیصلہ کیا۔  جونہی میں چلا، فوراً ہی میں نے اس کا سر تقریباً سو گز دور ایک درخت کے تنے کے پیچھے سے نکلتے ہوئے دیکھا۔  جب میں نے ہاتھ اٹھا کر چٹکی بجائی تو وہ لٹکے ہوئے کانوں اور شرمندہ انداز سے چلتا میرے پاس پہنچا۔  رائفل کو زمین پر رکھ کر جب میں نے اسے گود میں اٹھایا تو زندگی میں دوسری بار اس نے میرا منہ چاٹ کر مجھے بتانے کی کوشش کی کہ وہ مجھے زندہ اور محفوظ دیکھ کر کتنا خوش ہو رہا ہے اور یہ کہ مجھے اکیلا چھوڑنے پر وہ کتنا شرمندہ ہے۔

اچانک اور ان دیکھے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے انسان اور جانوروں کے رد عمل میں بہت فرق ہے، خصوصاً جب خطرہ سنائی دے لیکن دکھائی نہ دے۔  روبن نے ایسی صورتحال میں بھاگنے میں عافیت سمجھی جبکہ میرے قدم وہیں زمین میں گڑ گئے اور فرار ممکن نہ رہا۔

جب میں نے روبن کو یقین دلا دیا کہ میں اس سے بالکل بھی ناراض نہیں تو اس نے کانپنا بند کیا اور ہم تیندوے کی لاش کو چل پڑے۔  اس تیندوے نے انتہائی بہادری سے ہمارا مقابلہ کیا تھا اور بال برابر فرق کے ساتھ میری بجائے اس کی لاش پڑی تھی۔

میں نے آپ کو یہ واقعہ سنا رہا تھا تو دنیا کا سب سے بہادر کتا اور انسان کا بہترین دوست روبن، ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے جا چکا ہے۔  مجھے علم ہے کہ اگلی دنیا میں وہ میرا انتظار کر رہا ہے۔

چوگڑھ کے شیر

مشرقی کماؤں کا جو نقشہ میرے سامنے دیوار پر لٹک رہا ہے، اس پر جا بجا کانٹے لگے ہیں۔  ہر کانٹے کے نیچے ایک تاریخ درج ہے۔  کانٹا اس علاقے اور تاریخ اس دن کو ظاہر کرتی ہے کہ جب سرکاری اطلاع کے مطابق اس جگہ چوگڑھ کے آدم خور نے انسانی جان لی تھی۔  نقشے پر کل ۶۴ نشان ہیں۔  میں نقشے کے درست ہونے پر اصرار نہیں کرتا کیونکہ یہ نقشہ میں نے صرف دو سال میں بنایا تھا۔  جو ہلاکتیں میرے علم میں نہ آئیں یا جو افراد گھائل ہو کر بعد میں ہلاک ہو گئے، وہ اس فہرست میں شامل نہیں۔

پہلا کانٹا ۱۵ دسمبر ۱۹۲۵ کا اور آخری ۲۱ مارچ ۱۹۳۰ کا ہے۔  شمالاً جنوباً دو کانٹوں کا انتہائی فاصلہ ۵۰ میل ہے اور شرقاً غرباً ۳۰ میل۔  یہ علاقہ پہاڑی اور ۱۵۰۰ مربع میل پر پھیلا ہوا ہے۔  سردیوں میں یہاں بہت برف پڑتی ہے اور وادیاں گرمیوں میں جھلسا دینے والی گرمی کا شکار ہوتی ہیں۔  اس علاقے میں چوگڑھ کے آدم خور نے اپنی سلطنت اور دہشت طاری کر رکھی تھی۔  اس پورے علاقے کے دیہاتوں میں اکا دکا گھروں سے لے کر سو افراد تک نفوس آباد تھے۔  ان دیہاتوں کو سخت پگڈنڈیاں آپس میں ملاتی ہیں۔  جب آدم خور کی سرگرمیوں کے باعث یہ راستے مخدوش ہو جاتے ہیں تو یہ لوگ رابطے کے لیے آواز سے کام لیتے ہیں۔  کسی اونچی جگہ مثلاً پتھر یا گھر کی چھت پر کھڑا ہو کر کوئی بھی شخص ’کووئی‘ کی آواز نکالتا ہے تاکہ پاس والے دیہات کے لوگ خبردار ہو جائیں۔  جب اس کا جواب ملتا ہے تو پہلا شخص تیز اور اونچی آواز میں چلا کر پیغام سنا دیتا ہے۔  ایک دیہات سے دوسرے اور پھر آگے یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے اور نہایت مختصر وقت میں پیغام پورے علاقے میں پہنچ جاتا ہے۔

اس آدم خور پر قسمت آزمائی کے لیے میں نے اپنا نام ضلعی کانفرنس میں فروری ۱۹۲۹ میں پیش کیا۔  اس وقت کماؤں کے ڈویژن میں تین آدم خور سرگرم تھے۔  چوگڑھ کا آدم خور سب سے زیادہ تباہی پھیلا رہا تھا، میں نے پہلے اسی کو چنا۔

کانٹوں اور تاریخوں سے بھرا سرکاری نقشہ میرے حوالے کر دیا گیا جس کے مطابق آدم خور کالا آگر کے شمالی اور مشرقی سرے پر زیادہ سرگرم تھا۔  یہ پہاڑ ۴۰ میل لمبا اور ۸۵۰۰ فٹ بلند ہے۔  اس پہاڑ کے شمالی سرے سے سڑک جاتی ہے اور کئی جگہ میلوں تک گھنے جنگلات سے گزرتی ہے۔  بعض جگہ یہ سڑک جنگل اور مزروعہ زمین کے درمیان حد بندی کا کام بھی دیتی ہے۔  ایک جگہ سڑک بل کھاتی ہے جو کالا آگر کے فارسٹ بنگلے سے نزدیک ہے۔  یہ بنگلہ ہی میری منزل تھا اور چار دن کے پیدل سفر اور ۴۰۰۰ فٹ کی عمودی چڑھائی کے بعد اپریل ۱۹۲۹ کو ایک شام میں وہاں پہنچا۔  آخری انسانی شکار ایک بائیس سالہ نوجوان تھا جو مویشیوں کو چراتے وقت مارا گیا۔ آمد کی اگلی صبح میں ناشتہ کر رہا تھا تو اس جوان کی دادی مجھے ملنے آئی۔

اس نے بتایا کہ آدم خور نے اس کے واحد رشتہ دار کو ہلاک کر ڈالا ہے۔  جب وہ رو دھو کر چپ ہوئی تو اس نے اپنی تینوں بھینسیں بطور چارہ استعمال کرنے کے لیے مجھے دینا چاہیں۔  اس کا کہنا تھا کہ اگر اس کی بھینسوں کی مدد سے میں آدم خور کو مار سکا تو اسے سکون اور اطمینان مل جائے گا کہ اس کے پوتے کا بدلہ اتر چکا ہے۔  یہ بھینسیں جوان اور میرے لیے بیکار تھیں۔  براہ راست انکار کرنے سے اس کا دل ٹوٹ جاتا۔  میں نے اسے کہا کہ میں پہلے اپنے ساتھ نینی تال سے لائے ہوئے نوجوان بھینسے باندھوں گا۔  اس کے بعد اس کی بھینسوں کی باری آئے گی۔  اس دوران آس پاس کے دیہاتوں کے نمبردار بھی میرے گرد جمع ہو چکے تھے۔  انہوں نے بتایا کہ آدم خور کو آخری بار دس دن قبل اور بیس میل دور ایک گاؤں میں دیکھا گیا تھا جہاں آدم خور نے میاں بیوی مار کھائے تھے۔

دس دن پرانے نشانات کا پیچھا کرنا بے کار تھا۔  نمبرداروں سے کافی دیر تک بات سے فارغ ہوا تو میں نے فیصلہ کیا کہ مشرقی سرے کے گاؤں ڈلکانیہ کا چکر لگا لوں۔  ڈلکانیہ کالا آگر سے دس میل دور تھا اور آدم خور کی آخری واردات والے گاؤں سے دس میل دور۔

نقشے پر ڈلکانیہ اور اس کے آس پاس کے دیہاتوں پر لگے کانٹوں کی کثرت سے معلوم ہوتا تھا کہ آدم خور کا مستقل ٹھکانہ وہیں کہیں ہے۔

اگلی صبح ناشتہ کر کے میں کالا آگر کی طرف فارسٹ روڈ پر چلنے لگا۔  یہ سڑک مجھے پہاڑ کے آخر تک لے جاتی جہاں اس سڑک کو چھوڑ کر نیچے اترتے ہوئے دو میل چل کر میں ڈلکانیہ پہنچ جاتا۔  یہ سڑک گھنے جنگلات سے گزرتی اور کم ہی استعمال ہوتی تھی۔  میں اس پر پگ تلاش کرتا ہوا چلنے لگا۔  میں دو بجے اس جگہ پہنچا جہاں سڑک چھوڑ کر نیچے اترنا تھا۔  یہاں میں ڈلکانیہ کے بہت سارے بندوں سے ملا۔  یہ لوگ ’کوووئی‘ کی وجہ سے جان چکے تھے کہ میں اس جگہ کیمپ لگانے آ رہا ہوں۔  انہوں نے بتایا کہ اس صبح آدم خور نے عورتوں کی ایک جماعت پر حملہ کیا تھا جو ڈلکانیہ سے دس میل دور ایک اور گاؤں کے قریب فصل کاٹ رہی تھیں۔

میرے ساتھی آٹھ میل سے میرا کیمپ اٹھائے آ رہے تھے۔  وہ بخوشی دس میل اور چلنے کے لیے تیار تھے لیکن جب میں نے یہ سنا کہ اس گاؤں کا راستہ خاصا مشکل اور گھنے جنگلات سے گزرتا ہے تو میں نے آدمیوں کو ڈلکانیہ بھیج کر خود اکیلے اس جگہ جا کر جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا۔  میرے ملازم نے فوراً ہی کھانا بنانا شروع کر دیا۔  تین بجے کھانا کھا کر میں دس میل کے سفر پر چل دیا۔  عام حالات میں دس میل اڑھائی گھنٹے کا سفر ہے لیکن یہاں صورتحال برعکس تھی۔  مشرقی سرے سے گزرتا ہوا راستہ کئی گہری کھائیوں، بڑی چٹانوں، گھنی جھاڑیوں اور درختوں سے ہو کر جاتا تھا۔  ہر ایسی رکاوٹ سے پوری طرح محتاط ہو کر گزرنا پڑتا ہے جہاں آدم خور کی شکل میں موت چھپی ہو۔  پیش قدمی بہت سست ہو جاتی ہے۔  ابھی میں کافی دور تھا کہ ڈھلتے سائیوں نے مجھے رکنے کا عندیہ دیا۔

کسی دوسرے علاقے میں رات کو کھلے آسمان تلے خشک پتوں پر سو جانا بہت آسان ہوتا لیکن یہاں اس طرح سونا یقینی موت تھا۔  عرصہ دراز سے شب بسری کے لیے مناسب درخت کا انتخاب اور اس پر آرام سے سو جانے کی عادت نے یہ مسئلہ بھی حل کر دیا تھا کہ کہاں اور کیسے سویا جائے۔  اس بار میں نے برگد کا درخت چنا۔  ابھی میں چند ہی گھنٹے سویا ہوں گا کہ درخت کے نیچے چند جانوروں کی آوازیں سن کر جاگ گیا۔  میری رائفل شاخ سے بندھی ہوئی تھی۔  دیکھا تو معلوم ہوا کہ ریچھوں کا غول ’کارپھل‘ کے درختوں کی طرف جا رہا تھا۔  یہ درخت نزدیک ہی تھے۔  کھاتے وقت ریچھ بہت شور کرتے ہیں۔  جب تک وہ پیٹ بھر کر چلے نہ گئے، میرے لیے سونا ممکن نہ تھا۔

سورج ابھرے دو گھنٹے گزر چکے تھے کہ میں اس گاؤں پہنچا۔  پانچ ایکڑ کے خالی رقبے میں دو جھونپڑے اور مویشیوں کا ایک باڑہ اور اس کے ہر طرف جنگل تھا۔  اس گاؤں سے چند ہی گز دور گندم کا کھیت تھا جہاں تین موقعوں پر گھات لگاتا آدم خور بروقت دکھائی دیا تھا۔  مجھے وہ جگہ دکھائی گئی۔  جس شخص نے آدم خور دیکھ کر عورتوں کو خبردار کیا تھا، نے بتایا کہ ناکام ہونے پر آدم خور جنگل کو لوٹا اور دوسرے شیر کے ساتھ مل کر پہاڑی سے نیچے اترا۔  ان دونوں جھونپڑوں کے مکینوں کو رات بھر نیند نہ آئی کیوں کہ شیر رات بھر بولتے رہے اور میری آمد سے ذرا پہلے چپ ہوئے۔  دو شیروں والی بات نے تصدیق کی کہ آدم خور کے ساتھ اس کا بچہ بھی ہے۔

ہمارے دیہاتی بہت مہمان نواز ہیں۔  جب انہیں علم ہوا کہ میرا کیمپ ڈلکانیہ میں ہے اور میں نے رات جنگل میں گزاری تھی تو انہوں نے فوراً کھانا تیار کرنے کی پیش کش کی۔  میں جانتا تھا کہ اس طرح ان لوگوں پر غیر ضروری بار پڑتا۔  میں نے انہیں چائے کا کہا۔  چائے تو موجود نہ تھی لیکن دودھ کا گلاس مل گیا جو بہت زیادہ گڑ کی وجہ سے کچھ زیادہ میٹھا تھا۔  اگر اس کی عادت ہو جائے تو بہت مزہ دیتا ہے۔

میزبانوں کی درخواست پر میں رائفل لے کر نگرانی کرنے لگا اور وہ لوگ بچی ہوئی فصل کاٹ کر جلد ہی فارغ ہو گئے۔  دوپہر کو ان لوگوں کی دعائیں لے کر میں اس طرف روانہ ہوا جہاں وادی سے انہوں نے شیروں کی آوازیں سنی تھیں۔

یہ وادی تین دریاؤں نندھور، لدھیا اور مشرقی گوالا کے ملاپ سے شروع ہو کر جنوب مغرب کی طرف بیس میل لمبی اور خوب گھنے جنگلات سے بھری ہوئی ہے۔  نشانات کا کھوج لگانا ممکن نہ تھا۔  میرے لیے واحد ممکنہ راستہ یا تو ان آدم خوروں کو اپنی طرف متوجہ کرنا یا جنگلی جانوروں کی آواز سے ان کا پیچھا کرنا تھا۔

زمین پر کھڑے ہو کر آدم خور کا شکار کرنے والے بخوبی جانتے ہیں کہ جانوروں اور پرندوں کی آوازیں اور ہوا کا رخ اس نوعیت کے شکار میں بہت اہمیت رکھتے ہیں۔  یہاں جانوروں اور پرندوں کی تفصیل بتانا تو مناسب نہیں کہ تین یا چار میل کا مطلب کئی ہزار فٹ کی بلندی یا پستی ہے۔  اسی مناسبت سے جانور اور پرندے بھی بدل جاتے ہیں کہ جن پر شکاری بھروسہ کر کے اپنی حفاظت اور شکار کی حرکات کے بارے میں جانتا ہے۔  تاہم ہر سطح یا بلندی اور پستی، ہوا کے رخ کی اہمیت یکساں رہتی ہے۔  اس بارے میں چند الفاظ شاید بے محل نہ ہوں۔

شیروں کو علم نہیں ہوتا کہ انسانوں میں سونگھنے کی قوت یعنی قوت شامہ نہ ہونے کے برابر ہے۔  شیر جب آدم خور بنتا ہے تو وہ انسان پر حملہ کرتے وقت وہی طریقہ اپناتا ہے جو وہ دیگر جنگلی جانوروں کے شکار کے لیے آزماتا ہے۔  یعنی ہوا کی مخالف سمت سے حملہ یا ہوا کے رخ پر لیٹ کر۔

جب شکاری آدم خور کی تلاش کر رہا ہو تو اس بات کی اہمیت اور واضح ہوتی ہے کہ کس طرف شیر کی موجودگی کے امکان ہو سکتا ہے۔  یعنی شیر گھات لگا رہا ہے یا شکاری کے انتظار میں لیٹا ہے۔  اگر ہوا شیر سے شکاری کی طرف چل رہی ہو تو شیر کی جسامت، رنگت اور بے آواز حرکت کرنے کی صلاحیت بھی بیکار ہو گی۔

چاہے شیر چھپ کر حملہ کرے یا گھات لگا کر، دونوں صورتوں میں حملہ عقب سے ہوتا ہے۔  اس لیے آدم خور کی تلاش میں نکلے شکاری کا ہوا کا رخ جانے بغیر گھنے جنگل میں گھسنا خودکشی کے مترادف ہے۔  مثلاً شکاری ایسی جگہ گھسے جہاں ہوا مخالف سمت میں چل رہی ہو تو شیر کی موجودگی عقب میں ہی ممکن ہے جہاں شکاری کی توجہ سب سے کم ہو گی۔  بار بار ہوا کے رخ سے آگے پیچھے ہو کر وہ خطرے کو عقب کی بجائے دائیں یا بائیں لا سکتا ہے۔  ہو سکتا ہے کہ پڑھتے ہوئے آپ کو یہ تجویز اتنی بھلی نہ لگے لیکن حقیقی زندگی میں یہ بہترین کام دیتی ہے۔  گھنے جنگل میں بھوکا آدم خور گھات لگائے ہو تو پیچھے کے رخ چلنے سے زیادہ بہتر اور محفوظ طریقہ اور کوئی نہیں۔

شام ہوتے ہوتے میں وادی کے دوسرے سرے پر پہنچ گیا اور اس دوران نہ تو شیروں کو دیکھا اور نہ ہی کسی پرندے یا جانور کی آواز سے اس کی موجودگی کا علم ہوا۔  یہاں واحد آبادی پہاڑ کے شمالی سرے پر موجود ایک مویشی خانہ تھا۔

میں اس بار شب بسری کے لیے درخت کے چناؤ میں کافی محتاط تھا اس لیے رات بغیر کسی پریشانی کے گزری۔  تاریکی چھانے کے کچھ دیر بعد ہی شیروں کی دھاڑیں اور پھر چند منٹ بعد مزل لوڈنگ بندوق سے دو گولیاں چلنے کی آواز آئی۔  اس کے بعد مویشی خانے کے لوگوں کا شور وادی میں گونجا۔  باقی رات پر سکون گزری۔

میں نے اگلے دن دوپہر تک پوری وادی چھان ماری اور پھر ڈھلوان پر چڑھنے لگا تاکہ اپنے بندوں سے ڈلکانیہ جا ملوں کہ میں نے مویشی خانے سے ایک لمبی سی ’کوووئی‘ سنی۔  یہ آواز دوبارہ آئی۔  میرے جواب پر ایک شخص چٹان پر چڑھا اور اس نے چلا کر پوچھا کہ کیا میں وہی صاحب ہوں جو نینی تال سے آدم خور کو مارنے آیا ہوا ہے؟ میں نے اسے بتایا کہ ہاں میں وہی صاحب ہوں۔  اس پر اس نے بتایا کہ دوپہر کو اس کے مویشی وادی میں اس طرف جہاں میں ابھی تھا، والی کھائی میں نکل گئے تھے۔  واپسی پر اس نے گنا تو ایک سفید گائے کم تھی۔

اس کا خیال تھا کہ اس گائے کو انہی شیروں نے مارا ہے جو گزشتہ رات میرے موجودہ مقام سے بول رہے تھے۔  اس اطلاع پر میں نے اس کا شکریہ ادا کیا اور کھائی میں تفتیش کی نیت سے نکل کھڑا ہوا۔  ابھی میں اس کھائی کے سرے پر تھوڑا سا ہی آگے بڑھا ہوں گا کہ مجھے مویشیوں کے کھروں کے نشان دکھائی دیے۔  ان کا پیچھا کرتے ہوئے مجھے وہ جگہ مل گئی جہاں شیروں نے گائے کو ہلاک کیا اور پھر کھائی میں لے گئے۔  گھسٹنے کے نشانات پر پیچھا کرنا عقلمندی نہ ہوتا۔  میں نے وادی کا ایک لمبا چکر لگایا اور اس جگہ دوسرے کنارے سے پہنچا جہاں میری توقع کے مطابق شیر گائے کو لے جاتے۔  یہ کنارہ کم ڈھلوان اور اس نوعیت کا تھا کہ وہاں سے گھات لگانا آسان تھا۔  قدم بقدم اور سائے کی طرح چھپ کر میں آگے بڑھتا رہا۔  یہاں گھاس میری کمر تک اونچی تھی۔  ابھی میں تیس گز ہی بڑھا ہوں گا کہ سامنے کچھ حرکت دکھائی دی۔  ایک سفید ٹانگ اوپر اٹھی اور پھر زور سے غراہٹ سنائی دی۔  شاید دونوں شیر گوشت کے کسی خاص ٹکڑے پر لڑ رہے تھے۔

میں کئی منٹ تک بالکل خاموش کھڑا رہا۔  ٹانگ بار بار ہلتی رہی لیکن غراہٹ کی آواز دوبارہ نہ آئی۔  اگر میں کسی طرح تیس گز اور آگے بڑھتا اور ایک شیر کو ہلاک کر بھی لیتا تو دوسرا شیر مجھ پر چڑھ دوڑتا۔  وہاں تحفظ نا ممکن تھا۔  مجھ سے بیس گز دور اور شیروں سے بھی اتنے ہی فاصلے پر ایک چٹان تھی جو دس یا پندرہ فٹ بلند ہو گی۔  اگر میں وہاں پہنچ پاتا تو گولی چلانا محفوظ ہوتا۔  گھٹنوں اور کہنیوں کے بل چلتا اور رائفل کو دھکیلتا ہوا میں اس چٹان کے پیچھے پہنچا۔  منٹ بھر رک کر سانس بحال کی اور رائفل بھر کر چٹان پر چڑھا۔  جب میری آنکھیں اوپری سطح کے برابر آئیں اور میں نے جھانکا تو دو شیر دکھائی دیے۔

ایک شیر گائے کا پچھلا حصہ کھا رہا تھا اور دوسرا ساتھ لیٹا پنجے چاٹ رہا تھا۔  دونوں بظاہر ایک ہی جسامت کے حامل تھے۔  جو پنجے چاٹ رہا تھا، اس کا رنگ کچھ مدھم سا تھا۔  میں نے سوچا کہ بڑی عمر کی وجہ سے کھال کا رنگ مدھم پڑ گیا ہو گا۔  میں نے پوری احتیاط سے نشانہ لے کر گولی چلائی۔  گولی لگتے ہی وہ اچھل کر نیچے گرا جبکہ دوسرے نے اتنی تیزی سے چھلانگ لگائی کہ مجھے دوسری لبلبی دبانے کا وقت ہی نہ ملا۔  جس شیر کو گولی لگی تھی، وہ بے حس و حرکت تھا۔  اسے پتھر وغیرہ مار کر میں نے تسلی کی اور اس کی طرف گیا۔  یہ دیکھ کر مجھے سخت مایوسی ہوئی کہ میں نے غلطی سے شیرنی کی بچی کو مار دیا تھا۔  اس غلطی کا خمیازہ مجھے مزید بارہ ماہ کی اضافی محنت اور ضلع کو پندرہ مزید انسانی جانوں کی صورت میں بھگتنا پڑا۔  میں خود بھی مرتے مرتے بچا۔

میری مایوسی پھر یہ سوچ کر کچھ کم ہوئی کہ چاہے اس شیرنی نے ابھی تک کوئی انسان نہیں مارا لیکن انسانی ہلاکتوں میں اس نے اپنی ماں کی مدد تو کی ہو گی (یہ اندازہ بعد ازاں درست نکلا)۔  بہرحال اس کی پرورش تو انسانی گوشت پر ہی ہوئی تھی۔  ممکن تھا کہ آگے چل کر یہ بھی آدم خور بنتی۔

کھلے میدان میں مناسب اوزاروں سے شیر کی کھال اتارنا مشکل نہیں۔  لیکن یہاں میں اکیلا اور چاروں طرف گھنی جھاڑیوں سے گھرا ہوا تھا۔  میرے پاس اوزار کے نام پر قلم تراش چاقو تھا۔  شیر بلاوجہ شکار نہیں کرتے۔  بظاہر مجھے آدم خور سے کوئی خطرہ نہیں تھا مگر مجھے یہ احساس تھا کہ شیرنی لوٹ کر میری ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

میں نے مغرب سے ذرا قبل کھال اتار لی۔  چونکہ دوسری رات بھی جنگل میں ہی گزرنی تھی، میں نے یہیں رکنے کا سوچا۔  شیرنی کے پگ سے ظاہر ہوتا تھا کہ وہ بوڑھی ہے اور ساری زندگی اسی جنگل میں گزار چکی ہے جہاں تقریباً ہر شخص کے پاس آتشیں اسلحہ ہے۔  اسے آدمیوں کے طور طریقوں کا بھی علم ہے۔  اس کے باوجود امکان تھا کہ وہ رات کو کسی وقت دوبارہ گائے کو کھانے آتی اور سورج نکلنے تک ادھر ہی رہتی۔

درخت زیادہ نہ تھے اور اس رات جو درخت میں نے شب بسری کے لیے چنا، میں نے زندگی بھر اس سے زیادہ تکلیف دہ درخت نہیں دیکھا۔  شیرنی ساری رات وقفے وقفے سے بولتی رہی لیکن صبح ہوتے وقت اس کی آواز دور ہوتی چلی گئی۔  بالآخر اس کی آواز پہاڑ کے اوپر غائب ہو گئی۔

میرا جسم اکڑا ہوا اور میں بھوک سے بے حال تھا۔  سابقہ چونسٹھ گھنٹوں سے میں نے کچھ نہ کھایا تھا۔  رات کو گھنٹہ بھر بارش بھی ہوئی تھی اور میں خوب بھیگ چکا تھا۔  صبح کو جب ہر چیز صاف دکھائی دینے لگی تو میں نیچے اترا اور شیرنی کی کھال کوٹ میں باندھ کر ڈلکانیہ چل پڑا۔  میں نے کبھی شیر کی تازہ اتری کھال کا وزن نہیں کیا۔  اگر کھال، پنجے اور سر ملا کر کل وزن ۴۰ پاؤنڈ ہو تو ۱۵ میل سفر کے اختتام پر یہ وزن کوئی ۲۰۰ پاؤنڈ محسوس ہو رہا تھا۔

میرے آدمی سلیٹ کے پتھروں والے درجن بھر گھروں کے مشترکہ صحن میں سو سے زیادہ دیہاتیوں کے ساتھ محو گفتگو تھے۔  میری آمد کا اس وقت تک کسی علم نہ ہوا جب تک کہ میں خون میں لت پت، بھوکا اور ٹھوکریں کھاتا لوگوں کے درمیان نہ پہنچ گیا۔  یہ منظر مجھے تا دم مرگ یاد رہے گا۔

میرا چالیس پاؤنڈ کا خیمہ کھیت کے بیچوں بیچ اور گاؤں سے سو گز دور لگا تھا۔  ابھی میں وہاں پہنچا ہی تھا کہ میرے سامنے چائے لا کر رکھ دی گئی۔  میز کی جگہ دو اٹیچی تھے۔  بعد ازاں مجھے دیہاتیوں نے بتایا کہ میرے ہمراہی جو برسوں سے اس طرح کی مہمات میں میرے ساتھ تھے، نے یہ ماننے سے انکار کیا تھا کہ میں آدم خور کا لقمہ بن چکا ہوں۔  دن ہو یا رات، وہ چائے کی کیتلی آگ پر رکھے میرے منتظر رہے۔  انہوں نے ڈلکانیہ اور دیگر دیہاتوں کے نمبرداروں کو الموڑہ یہ اطلاع بھیجنے سے بھی روکے رکھا کہ میں گم ہو چکا ہوں۔

میں نے انتہائی مجبور ہو کر سارے گاؤں کے سامنے ہی غسل کیا کیونکہ میں بہت گندا اور تھکا ہوا تھا۔  اس کے بعد میں نے کھانا کھایا۔  ابھی میں سونے جا ہی رہا تھا کہ زور سے بجلی چمکی اور پھر گرج سنائی دی۔  کھیت میں خیمے کے لیے کیل زیادہ مضبوط نہیں گاڑے جا سکتے۔  ہم نے گاؤں سے کھونٹے منگوائے اور ان کی مدد سے خیمہ پھر سے گاڑا۔  مزید حفاظت کے لیے ہم نے ہر طرف سے خیمے پر اضافی رسیاں لپیٹ کر کھونٹوں سے باندھ دیں۔  آندھی اور طوفان گھنٹہ بھر جاری رہا اور میرے خیمے نے اتنا شدید طوفان پہلے کبھی نہیں جھیلا۔  خیمے کی اپنی کئی رسیاں کینوس سے ٹوٹ کر الگ ہو گئیں لیکن کھونٹے اور اضافی رسیاں اپنی جگہ قائم رہیں۔  اکثر اشیاء بھیگ گئیں اور کئی انچ گہری ندی خیمے کے آر پار بہہ رہی تھی۔  خوش قسمتی سے میرا بستر نسبتاً خشک تھا۔  دس بجے میرے آدمی گاؤں میں اپنے کمرے میں دروازہ بند کر کے سو گئے تو میں رائفل بھر کر سویا تو بارہ گھنٹے بعد اٹھا۔

اگلا دن سامان خشک کرنے، شیرنی کی کھال صاف اور سیدھا کرنے میں گزرا۔  یہ سارا منظر گاؤں والوں نے دیکھا جو اس دن اپنے کاموں سے چھٹی کر کے میری داستان سننے آئے تھے۔  یہاں موجود ہر شخص کا ایک یا ایک سے زیادہ رشتہ دار شیرنی کے ہاتھوں ہلاک ہوا تھا۔  کئی لوگوں کے جسموں پر شیرنی کے پنجوں اور دانتوں کے نشان تا دم مرگ رہیں گے۔  ان لوگوں نے میری معذرت کو قبول نہ کیا کہ میں نے شیرنی کی بجائے غلطی سے اس کی بچی کو مار دیا ہے۔  اصل آدم خور ایک ہی تھا لیکن گزشتہ کئی ماہ سے لاشیں لانے والی امدادی جماعتوں نے ہمیشہ دو ہی شیرنیاں دیکھی تھیں۔  دو ہفتے قبل میاں بیوی کا ایک ساتھ مارا جانا اس کا ثبوت تھا کہ دونوں شیرنیاں آدم خور تھیں۔

میرا خیمہ پہاڑ کی بلندی پر تھا اور کافی وسیع علاقہ میرے سامنے تھا۔  میرے بالکل سامنے دریائے نندھور کی وادی تھی جس میں ہر طرح کے جھاڑ جھنکار سے پاک نو ہزار فٹ بلند پہاڑی تھی۔  شام کو میں اس جگہ دوربین لے کر بیٹھا اور با آسانی وہ تمام جگہیں تلاش کر لیں جہاں سرکاری نقشے کے مطابق آدم خور نے وارداتیں کی تھیں۔  تین سال میں یہ وارداتیں چالیس مربع میل پر پھیلی تھیں۔

یہاں کے جنگل مویشیوں کے لیے وقف تھے۔  میں نے مویشیوں کے راستے پر چاروں نوعمر بھینسے باندھنے کا سوچا۔

دس دن تک شیرنی کی کوئی اطلاع نہ آئی۔  میں ہر روز صبح سویرے بھینسوں کی طرف چکر لگاتا۔  دن بھر جنگل میں پھرتا اور شام کو بھینسے دوبارہ باندھتا۔  گیارہویں دن اطلاع ملی کہ میرے خیمے سے اوپر والے پہاڑ پر کھڈ میں ایک گائے ماری گئی ہے۔  میری امیدیں بلند ہو گئیں۔  جا کر دیکھا تو یہ اس بوڑھے تیندوے کا شکار تھی جس کے پگ اکثر یہاں دکھائی دیتے تھے۔  دیہاتیوں نے شکایت کی کہ اس تیندوے نے ان کے ڈھیروں جانور مارے ہیں۔  میں مردہ گائے کے نزدیک ہی ایک کھوہ میں چھپ گیا۔  جلد ہی تیندوا مخالف سمت سے آتا دکھائی دیا۔  ابھی میں گولی چلانے کے لیے رائفل سیدھی کر ہی رہا تھا کہ گاؤں سے ایک بے چین آواز آئی جو مجھے بلا رہی تھی۔

اس ہنگامی بلاوے کا ایک ہی مقصد ہو سکتا تھا۔  ہیٹ اٹھائے میں کھوہ سے نکلا۔  پہلے تیندوا حیرت سے اچھل کر چت گرا اور پھر غصیلی آواز نکالتے ہوئے فرار ہو گیا۔  میں کھڈ سے نکل کر چلایا کہ میں آ رہا ہوں اور اس طرف بھاگا۔

وہ آدمی چڑھائی کا پورا راستہ بھاگتے ہوئے آیا تھا۔  جب اس کا سانس بحال ہوا تو پتہ چلا کہ شیرنی نے گاؤں سے نصف میل دور ایک عورت کو ہلاک کیا ہے۔  میں نے راستے میں ہی صحن میں لوگوں کا ہجوم دیکھا۔  کسی نے میری آمد محسوس نہ کی۔  ان کے سروں پر سے جھانک کر دیکھا کہ ایک لڑکی زمین پر بیٹھی ہے۔  اس کے اوپری جسم کے کپڑے تار تار تھے اور ہاتھ پیچھے ٹکائے جبکہ اس کا سر پیچھے کو جھکا ہوا تھا، وہ بے حس و حرکت بیٹھی تھی۔  اس کی چھاتی ہلنے سے سانس کی آمد و رفت کا اندازہ ہو رہا تھا۔  گردن اور چہرے سے خون بہہ کر لوتھڑوں کی شکل میں جمع ہوتا جا رہا تھا۔

جلد ہی لوگوں نے میری آمد محسوس کی اور راستے دینے کو ہٹنے لگے۔  لڑکی کے پاس پہنچ کر اس کے زخموں کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ شیرنی نے نسبتاً کھلے میدان میں اس پر حملہ کیا تھا اور بہت سارے لوگ دیکھ رہے تھے۔  لڑکی کا شوہر بھی ان لوگوں میں شامل تھا۔  شیرنی ان لوگوں کے شور سے بھاگی تو لڑکی وہیں پڑی رہی۔  اس کے ساتھی بھاگ کر مجھے اطلاع دینے گاؤں آئے۔  بعد میں جب لڑکی کو ہوش آیا تو وہ خود چل کر گاؤں پہنچی۔  لوگوں نے کہا کہ یہ لڑکی جلد ہی مرنے والی ہے۔  اس لیے اسے اٹھا کر ہم جائے واردات پر لے چلتے ہیں۔  جب یہ مر جائے گی تو میں اس کی لاش پر چھپ کر شیرنی مار سکتا ہوں۔

یہ باتیں ہو رہی تھیں اور لڑکی کی نگاہیں مجھ پر جمی تھیں۔  اس کی آنکھوں میں زخمی اور بے بس جانور کا سا تاثر تھا۔  لوگ اتنے جمع تھے کہ مجھے لڑکی کے سانس لینے کے لیے جگہ بنانی پڑی۔  مجھے افسوس ہے کہ میں نے کافی غیر مہذب انداز میں لوگوں کو ہٹایا۔  جب سارے مرد چلے گئے تو عورتیں سامنے آئیں جو ابھی تک پیچھے تھیں۔  میں نے انہیں گرم پانی لانے کو بھیجا اور اپنی نسبتاً صاف قمیض کو پھاڑ کر پٹیاں بنائیں۔  ایک لڑکی جو تقریباً ہسٹیریائی انداز میں چیخ رہی تھی، کو قینچی لانے بھیجا۔  اس کی واپسی سے قبل ہی پٹیاں بھی بن چکی تھیں اور گرم پانی بھی آ چکا تھا۔  لڑکی گاؤں کی واحد قینچی لے آئی۔  اس کا مالک درزی کافی عرصے پہلے مر چکا تھا۔  اس قینچی سے درزی کی بیوہ آلو اکھاڑتی تھی۔  قینچی زنگ آلود تھی اور اس کے آٹھ انچ لمبے پھل کسی بھی جگہ ایک دوسرے سے نہیں ملتے تھے۔  ناکام ہو کر میں نے خون آلود بالوں ویسے ہی رہنے دیے۔

اس لڑکی کو شیرنی کے پنجوں سے دو بڑے زخم آئے تھے۔  ایک زخم آنکھوں کے درمیان سے شروع ہو کر سر سے ہوتا ہوا پیچھے گدی پر جا کر ختم ہوتا تھا۔  دوسرا زخم پہلے کے قریب سے شروع ہو کر دائیں کان تک جاتا تھا۔  اس کے علاوہ بے شمار گہری خراشیں دائیں چھاتی، دائیں کندھے اور گردن پر تھیں۔  ایک گہرا زخم دائیں ہاتھ کی پشت پر بھی تھا جو شاید سر بچاتے ہوئے لگا۔

ایک بار میں ایک ڈاکٹر کے ساتھ شیر کے پیدل شکار پر گیا تھا۔  واپسی پر اس نے مجھے دو اونس جتنے زرد رنگ کے محلول کی شیشی دی تھی۔  اس نے ہدایت کی کہ میں اسے ہمیشہ اپنی شکاری مہمات پر ساتھ رکھوں۔  میری اندرونی جیب میں رکھے رکھے اس شیشی کو ایک سال ہو چکا تھا۔  اس کا کچھ حصہ تو عمل تبخیر سے اڑ چکا تھا لیکن ابھی بھی تین چوتھائی دوائی باقی تھی۔  لڑکی کا سر اور جسم دھو کر میں نے اس شیشی کا ڈھکن اتارا اور اس میں موجود آخری قطرہ تک اس لڑکی کے زخموں میں انڈیل دیا۔  اس کے بعد میں نے سر پر اس انداز سے پٹی باندھی کہ اس کی جلد جڑی رہے۔  پھر میں اسے اٹھا کر اس کے گھر لے گیا۔  گھر میں ایک ہی کمرہ تھا جو بیک وقت باورچی خانے، سونے کے کمرے وغیرہ کا کام دیتا تھا۔  بقیہ عورتیں میرے پیچھے پیچھے آئیں۔

دروازے کے ساتھ ہی ٹوکری میں ایک ننھا سا بچہ بھوک سے رو رہا تھا جس کا حل میرے بس سے باہر تھا۔  میں نے یہ ذمہ داری عورتوں پر ڈال دی۔  دس دن بعد روانگی سے ایک روز قبل شام کو میں اس لڑکی کو دیکھنے گیا۔  وہ اپنے گھر کی دہلیز پر بیٹھی تھی اور اس کا بچہ اس کی گود میں بے خبر سو رہا تھا۔

اس کے تمام زخم ماسوائے گدی والے زخم کے (جہاں شیرنی کے پنجے زیادہ گہرے لگے) بھر چکے تھے۔  اس نے اپنے کالے سیاہ بال ہٹا کر مجھے زخم دکھایا جو بالکل ہی بھر چکا تھا اور کھال بھی مل چکی تھی۔  اس نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ شکر ہے کہ اس کی بہن درزی کے گھر سے غلط قینچی لائی تھی (ہندوستان میں کٹے بال یا گنجی عورت بیوگی کی علامت ہوتی ہے)۔  اگر میرا ڈاکٹر دوست یہ سطریں پڑھ رہا ہو تو میں اسے یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اس کے دیے ہوئے زرد محلول کی شیشی نے ایک نوجوان بہادر ماں کی جان بچا لی ہے۔

جب میں لڑکی کی مرہم پٹی کر رہا تھا تو میرے آدمیوں نے ایک بکری لی اور ہم خون کے نشانات کا پیچھا کرتے ہوئے اس جگہ پہنچے جہاں شیرنی نے لڑکی پر حملہ کیا تھا۔  بکری کو ایک جھاڑی سے باندھ کر میں یہاں موجود اکلوتے درخت پر چڑھ گیا۔  سونے کا خیال ہی بے کار تھا کیونکہ میں زمین سے چند ہی فٹ اوپر تھا اور شیرنی ابھی تک بھوکی تھی۔  اس رات نہ تو شیرنی کی آواز سنائی دی اور نہ وہ ادھر آئی۔

مجھے گزشتہ شام زمین کا جائزہ لینے کا وقت نہ مل سکا تھا، سو اگلی صبح زمین کا جائزہ لیتے ہوئے میں نے دیکھا کہ لڑکی پر حملے کے بعد شیرنی وادی میں نصف میل وہاں گئی جہاں مویشیوں کا راستہ دریائے نندھور سے ہو کر گزرتا ہے۔  اس راستے پر وہ دو میل گئی جہاں سڑک ڈلکانیہ کے اوپر فارسٹ روڈ سے جا ملتی ہے۔  یہاں زمین سخت پر میں نشان کھو بیٹھا۔

دو دن تک اردگرد کے دیہاتیوں نے اپنے گھروں سے باہر قدم نہ رکھا۔  تیسرے دن مجھے چار ہرکاروں نے آ کر اطلاع دی کہ شیرنی نے ڈلکانیہ سے جنوب میں ایک شکار کیا ہے۔  انہوں نے بتایا کہ فارسٹ روڈ سے راستہ دس میل ہے اور شارٹ کٹ سے یہ فاصلہ آدھا رہ جاتا ہے۔  جلد ہی میں تیار ہو گیا اور دوپہر کے ذرا بعد ان کے ہمراہ چل پڑا۔

دو میل کی سخت چڑھائی کے بعد ہم ڈلکانیہ کے جنوب میں پہاڑ کی چوٹی تک پہنچ گئے۔  ہمارے سامنے تین میل چوڑی وادی تھی جہاں شیرنی نے شکار کیا تھا۔

ہرکارے اس سے زیادہ نہ جانتے تھے۔  وہ خود موہالی والی طرف اس جگہ سے میل بھر دور رہتے تھے۔  دس بجے انہیں پیغام ملا کہ لوہالی میں ایک عورت کو شیرنی نے مار ڈالا ہے اور وہ مجھے ڈلکانیہ جا کر اس کے بارے میں اطلاع دیں۔  انہیں یہ اطلاع بذریعہ ’کوووئی‘ ملی تھی۔

ہم اس وقت جس چوٹی پر کھڑے تھے، بالکل بنجر تھی اور میں یہاں سانس لینے اور سگریٹ پینے کے لیے رکا۔  اس دوران میرے ساتھی مجھے اس علاقے کے بارے میں میں بتاتے رہے۔  جہاں ہم کھڑے تھے، اس جگہ سے نزدیک ایک بڑی چٹان کے نیچے ایک پرانا بوسیدہ جھونپڑا تھا جس کے گرد کانٹوں کی باڑ تھی۔  اس جھونپڑے کے بارے میں میں سوال کیا تو پتہ چلا کہ یہ جھونپڑا چار سال پہلے ایک بھوٹیا نے بنایا تھا کہ وہ اپنی بکریاں گرمیوں اور برسات میں ادھر لاتا تھا۔  وہ گڑ اور نمک وغیرہ کو ادھر سے ادھر لاتا لے جاتا تھا۔  چند ہفتے بعد اس کی بکریاں انہی لوگوں کے کھیت میں گھس گئیں۔  یہ لوگ جب شکایت کرنے آئے تو دیکھا کہ جھونپڑا خالی تھا۔  اس طرح کے لوگوں کے پاس رکھوالی کے خونخوار کتے ہوتے ہیں۔  اس بھوٹیا کا اسی طرح کا کتا زنجیر سے بندھا اور مرا ہوا تھا۔  انہیں شک ہوا اور اگلے دن آس پاس کے دیہاتوں کے لوگوں نے مل کر تلاش شروع کی۔  چار سو گز دور آسمانی بجلی سے جلا ہوا ایک برگد کا درخت تھا۔  اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے میرے ساتھیوں نے بتایا کہ اس کے نیچے بھوٹیا کی باقیات میں کھوپڑی، ہڈیوں کے چند ریزے اور خون آلود کپڑے ملے۔  چوگڑھ کی آدم خور کا یہ پہلا شکار تھا۔

جہاں ہم ابھی بیٹھے تھے، وہاں سے نیچے اترنا ممکن نہ تھا۔  ساتھیوں نے بتایا کہ نصف میل آگے چل کر ایک مشکل راستہ ہمیں سیدھا نیچے لے جائے گا۔  ان کے گاؤں سے گزر کر یہ راستہ لوہالی جاتا ہے۔  لوہالی یہاں سے دکھائی دے رہا تھا۔  نصف راستہ طے کرنے کے بعد میں نے بغیر کسی وجہ کے اچانک محسوس کیا کہ ہمارا تعاقب ہو رہا ہے۔  میں نے خود کو سمجھایا کہ اس علاقے میں ایک ہی آدم خور ہے اور اس نے تین میل دور ایک شکار مارا ہے اور وہ اب اس کے پاس ہی موجود ہو گی۔  مجھے مسلسل یہی محسوس ہوتا رہا۔  اس وقت ہم گھاس کے قطعے پر تھے۔  میں نے ساتھیوں کو نیچے بیٹھنے اور واپسی تک کوئی حرکت نہ کرنے کا کہا۔  اب میں واپس مڑا تاکہ کچھ تحقیق کروں۔  میں الٹے قدموں واپس چلا اور اس جگہ پہنچا جہاں سے ہم اس کنارے پر چڑھے تھے۔  یہاں سے میں جنگل میں گھس گیا اور اس کھلے علاقے کا جائزہ لے کر واپس اپنے ساتھیوں کے پاس پہنچا۔  کسی جانور یا پرندے نے مجھے شیر کی موجودگی کے بارے میں نہیں بتایا تھا لیکن اب میں نے چاروں ساتھیوں کو اپنے آگے چلنے کا کہا اور سیفٹی کیچ پر انگلی رکھے میں مستقل پیچھے کی طرف نگران رہا۔

جب ہم اس گاؤں پہنچے جہاں سے میرے ساتھیوں نے اپنا سفر شروع کیا تھا تو انہوں نے رخصت چاہی۔  میں نے بخوشی انہیں اجازت دی۔  ابھی میں نے میل بھر گھنے جنگل سے گزرنا تھا۔  تعاقب کا احساس کافی دیر سے غائب ہو چکا تھا مگر اکیلی جان کی حفاظت کرنا زیادہ آسان ہوتا۔  چھجے نما کھیتوں سے ذرا نیچے میں نے شفاف پانی کا ایک چشمہ دیکھا جہاں سے گاؤں کے لوگ پانی بھرتے تھے۔  اس جگہ نرم کیچڑ میں شیرنی کے بالکل تازہ پگ تھے۔

یہ پگ اسی گاؤں سے آ رہے تھے جہاں میں جا رہا تھا۔  پگ اور تعاقب کے احساس سے مجھے یقین ہو گیا کہ گڑبڑ ہے اور یہ میرا یہ چکر بے کار رہے گا۔  میں جنگل سے نکل کر لوہالی کے سامنے پہنچا جو پانچ چھ چھوٹے گھروں کا گاؤں تھا۔  ان میں سے ایک مکان کے دروازے کے سامنے کئی افراد جمع تھے۔

کھلی ڈھلوان سے انہوں نے مجھے کافی دور سے دیکھ لیا اور چند افراد میری طرف بڑھے۔  ان میں سے ایک شخص جو کافی معمر تھا، نے جھک کر میرے پیر چھوئے اور بہتے آنسوؤں کے ساتھ درخواست کی کہ میں اس کی بیٹی کو بچا لوں۔  اس کی کہانی مختصر مگر دردناک تھی۔  اس کی بیوہ بیٹی جو اس کی واحد رشتہ دار تھی، دوپہر کا کھانا بنانے کے لیے دس بجے خشک لکڑیاں جمع کرنے گئی۔  وادی کے درمیان ایک چھوٹی سی ندی گزرتی ہے اور ندی کے دوسرے سرے سے پہاڑی اچانک ہی اوپر اٹھتی ہے۔  اس پہاڑی کے نچلے سرے پر کئی چھجے نما کھیت ہیں۔  گھر سے ڈیڑھ سو گز دور سب سے نچلے کھیت کے کنارے اس کی بیٹی نے لکڑیاں چننا شروع کیں۔  تھوڑی دیر بعد دیگر عورتوں نے جو ندی پر کپڑے دھو رہی تھیں، نے چیخ سنی۔  اوپر دیکھا تو پتہ چلا کہ شیرنی عورت کو اٹھائے جنگل میں غائب ہو رہی تھی۔  یہ جنگل اسی کھیت کے نچلے کنارے سے شروع ہوتا تھا۔  بھاگم بھاگ ان عورتوں نے گاؤں پہنچ کر اطلاع دی۔  اس بستی کے لوگ اتنے خوفزدہ تھے کہ وہ مدد کی کوشش بھی نہ کر سکے۔  انہوں نے اوپر والے گاؤں پیغام بھیجا جہاں سے چار افراد مجھے اطلاع دینے آئے۔  پیغام بھیجنے کے نصف گھنٹے بعد زخمی عورت رینگتی ہوئی گھر آن پہنچی۔  اس نے بتایا کہ اس نے شیرنی کو تب دیکھا جب وہ اس پر جست لگانے والی تھی۔  اسے بھاگنے کا موقع نہ ملا۔  اس نے کھیت سے نیچے چھلانگ لگائی اور شیرنی نے اسے ہوا میں ہی دبوچ لیا۔  دونوں اکھٹے نیچے گریں۔  اس کے بعد اسے ہوش نہ رہا۔  دوبارہ ہوش آیا تو دیکھا کہ وہ ندی کے پاس پڑی ہے۔  وہ مدد کے لیے کوئی آواز نہ نکال پائی اور مجبوراً گھٹنوں اور ہاتھوں کے بل گھسٹتی ہوئی گھر واپس آئی۔

ابھی یہ کہانی جاری ہی تھی کہ ہم گھر کے دروازے تک آن پہنچے۔  لوگوں کو دروازے سے ہٹا کر میں نے عورت سے خون آلود چادر ہٹائی۔  لوگوں کو ہٹانے کی وجہ یہ تھی کہ کمرے میں روشنی کا واحد ذریعہ دروازہ ہی تھا۔  اس عورت کی حالت اتنی قابل ترس تھی کہ میں بتا نہیں سکتا۔  اگر میں سند یافتہ ماہر ڈاکٹر ہوتا اور میرے پاس جدید اوزار اور ادویات بھی ہوتیں تو بھی میں اس بدنصیب عورت کو نہ بچا پاتا کجا میں عام آدمی تھا اور میرے پاس دوائی کے نام پر تھوڑی سی پوٹاشیم پرمیگنیٹ تھی۔  شیرنی کے بڑے دانتوں اور پنجوں سے آنے والے گہرے زخم سر، چہرے، گردن اور جسم کے کئی حصوں پر تھے۔  اس گرم اور تاریک کمرے میں اب زخم سڑنا شروع ہو گئے تھے۔  شکر ہے کہ بیچاری نیم بے ہوش تھی۔  اس کا باپ میرے ساتھ اندر آیا تھا۔  میں نے اس کی تسلی کے لیے پوٹاشیم پر میگنیٹ کے گاڑھے محلول اور رو مال سے اس عورت کے زخم صاف کیے۔

اب کیمپ واپس جانے کا وقت نہ بچا تھا۔  رات گزارنے کے لیے مناسب جگہ کا انتظام لازم تھا۔  ندی سے ذرا اوپر جہاں عورتیں کپڑے دھو رہی تھیں، پیپل کا ایک بڑا درخت تھا۔  اس درخت کے گرد فٹ بھر اونچا چبوترا تھا جو گاؤں والے مذہبی رسومات کے لیے استعمال کرتے تھے۔

اس درخت کے نیچے میں نے کپڑے اتار کر غسل کیا۔  جب ہوا سے بدن خشک ہو گیا تو میں نے کپڑے پہنے اور رائفل بھر کر شب بسری کے لیے تیار ہو گیا۔  میں مانتا ہوں کہ یہ کوئی اتنی اچھی یا محفوظ جگہ نہیں تھی لیکن اس گاؤں سے بدرجہا بہتر تھی جہاں تاریک اور مکھیوں سے بھرے کمرے میں ایک زخمی عورت سانس لینے کے لیے کوشاں تھی۔

رات کو عورتوں کے بین سے علم ہوا کہ اس زخمی عورت کی مشکل حل ہو چکی ہے۔  اگلی صبح ادھر سے گزرتے ہوئے دیکھا کہ اس عورت کی آخری رسومات کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں۔

اس بدنصیب عورت اور ڈلکانیہ کی لڑکی کے واقعات سے یہ صاف ظاہر تھا کہ بوڑھی شیرنی کے شکار کا دارومدار اس کی جوان بچی پر تھا۔  آدم خور کے حملے میں عموماً سو میں سے ایک آدمی بچتا ہے لیکن اب آدم خور ہلاکتوں سے زیادہ گھائل کر رہی تھی۔  نزدیکی ہسپتال پچاس میل دور تھا۔  جب میں نینی تال لوٹا تو حکومت سے کہا کہ آدم خور کے علاقے میں ہر گاؤں کے نمبردار کو جراثیم کش ادویات اور پٹیاں بھجوا دے۔  میں نے اگلی مرتبہ پہنچ کر دیکھا کہ میری درخواست قبول ہو گئی تھی اور جراثیم کش ادویات کے سبب بہت سی جانیں بچ گئیں۔

میں ڈلکانیہ مزید ایک ہفتہ رکا۔  اس کے بعد ہفتے کے روز اعلان کیا کہ میں پیر کو واپس جا رہا ہوں۔  میں اس آدم خور کے پیچھے ایک ماہ سے لگا تھا اور کھلی فضا میں خیمے میں سونا، سارا دن بلا رکے میلوں چلنا، ہر قدم کو آخری قدم سمجھنا اب میرے اعصاب پر بھاری پڑنے لگا تھا۔  گاؤں والے میرے جانے کی خبر سن کر بہت پریشان ہوئے۔  لیکن میں نے انہیں یقین دلایا کہ جلد ہی واپس لوٹ آؤں گا تو انہوں نے مجھے روکنے کی کوشش نہ کی۔

اتوار کو ناشتے کے بعد ڈلکانیہ کا نمبردار میرے پاس آیا۔  اس نے درخواست کی کہ میں گاؤں والوں کے کھانے کے لیے کوئی جانور مار دوں۔  میں تیار ہو گیا۔  نصف گھنٹے بعد چار مقامی اور اپنے ایک ساتھی کو ساتھ لے کر نکلا۔  میرے پاس اعشاریہ ۲۷۵ کی رائفل اور کارتوسوں کا ایک کلپ تھا۔  ہم دریائے نندھور کی دوسری طرف سے آگے بڑھے جہاں میں نے کیمپ سے پہاڑی ڈھلوان پر بکثرت گڑھل چرتے دیکھے تھے۔

میرے ہمراہیوں میں ایک طویل القامت، جناتی جثے اور بگڑے چہرے والا آدمی تھا جو میرے کیمپ میں اکثر آتا تھا۔  میں اس کے لیے اچھا سامع نکلا سو اس نے مجھے اپنی کہانی اتنی بار سنائی کہ نیند میں بھی میں اسے دہرا سکتا ہوں۔  چار سال قبل اس کی مڈبھیڑ آدم خور سے ہوئی تھی۔  بقیہ کہانی اس کی زبانی سنیں:

’صاحب، وہ سامنے صنوبر کا درخت دیکھ رہے ہیں؟ وہی جو پہاڑی کے سرے والی ڈھلوان کے نچلے کنارے پر ہے؟ جی، وہی صنوبر کا درخت اور اس کے ساتھ بڑی سفید چٹان۔  اسی ڈھلوان کے اوپری سرے پر آدم خور نے مجھ پر حملہ کیا تھا۔  یہ ڈھلوان مکان کی دیوار کی طرح سیدھی ہے۔  ہم پہاڑیوں کے سوا اس پر کوئی پیر نہیں جما سکتا۔  میرا بیٹا جو اس وقت آٹھ برس کا تھا، میرے ساتھ ہی گھاس کاٹنے آیا تھا۔  ہم گھاس کاٹ کر ان درختوں تک لے جاتے جہاں زمین ہموار ہے‘۔

’میں اس چٹان کے سرے پر گھاس کو بڑے ڈھیر کی شکل میں باندھ رہا تھا کہ شیرنی جھپٹی۔  اس کا ایک دانت میری دائیں آنکھ اور دوسرا تھوڑی کے نیچے جبکہ دیگر دو دانت گردن کے پیچھے گڑ گئے۔  شیرنی کے حملے اور اس کے منہ سے لگنے والی ٹکر سے میں نیچے گرا۔  شیرنی اور میں سینہ بہ سینہ تھے۔  اس کا پیٹ میری ٹانگوں کے درمیان تھا۔  نیچے گرتے ہوئے میں نے اپنے ہاتھ آزاد کیے اور اتفاق سے پیپل کا ایک چھوٹا درخت میرے ہاتھ آ گیا۔  جونہی میں نے اس درخت کو پکڑا، میرے ذہن میں خیال آیا۔  میری ٹانگیں آزاد تھیں اور انہیں سکیڑ کر میں شیرنی کے پیٹ سے ٹکا کر اسے نیچے پھینک کر بھاگ سکتا تھا۔  شیرنی کی گرفت سے میرے چہرے کے دائیں جانب کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں اور بے پناہ درد ہو رہا تھا۔  میں نے اپنے اوسان بحال رکھے۔  صاحب آپ دیکھ سکتے ہیں کہ جوانی میں میرا مقابل کوئی نہ تھا۔  آہستہ آہستہ اور شیرنی کو غصہ دلائے بغیر میں نے اپنے پاؤں اس کے پیٹ پر جما دیے۔  بائیں ہاتھ کو اس کے سینے پر جما کر جو میں نے زور لگایا تو شیرنی کو ہوا میں اٹھا لیا۔  ہم اس وقت بالکل کنارے پر تھے۔  اگر میں نے درخت کو نہ پکڑا ہوا ہوتا تو ہم دونوں ہی نیچے گرتے۔  اس طرح شیرنی نیچے جا گری‘۔

’میرا بیٹا اتنا گھبرا گیا کہ وہ بھاگ بھی نہ سکا۔  جب شیرنی بھاگ گئی تو میں نے بیٹے کی دھوتی اتاری اور اپنے چہرے اور منہ کے گرد باندھ لی اور اس کا ہاتھ پکڑ کر گاؤں لوٹا۔  گھر آ کر میں نے اپنی بیوی سے کہا کہ وہ میرے سارے دوستوں کو بلائے۔  میں مرنے سے قبل ان کو ایک بار دیکھنا چاہتا تھا۔  جب میرے دوست جمع ہوئے اور میری حالت دیکھی تو مجھے چارپائی پر ڈال کر پچاس میل دور الموڑہ لے جانے کو تیار ہو گئے۔  میری مصیبت اور تکلیف بے انتہا تھی۔  میں چاہتا تھا کہ جہاں پلا بڑھا ہوں، وہیں مروں۔  میں پیاسا بھی تھا۔  انہوں نے پانی میرے منہ میں ڈالنے کی کوشش کی لیکن وہ گردن کے سوراخوں سے بہہ گیا۔  میرے سر میں آگ سی لگی تھی۔  بہت عرصے تک بے حد تکلیف اور درد کے ساتھ میں موت کا انتظار کرتا رہا۔  موت تو نہ آئی لیکن میں ایک دن ٹھیک ہو گیا‘۔

’صاحب، اب میں بوڑھا اور کمزور ہو چکا ہوں۔  میرے بال کھچڑی ہو گئے ہیں اور میرے چہرے کو کوئی شخص کراہت کے بغیر نہیں دیکھ سکتا۔  میری دشمن زندہ ہے اور مسلسل انسانوں کو ہلاک کر رہی ہے۔  آپ اسے شیر نہ سمجھیں۔  یہ بد روح ہے جو کبھی کبھار شیر کے روپ میں ظاہر ہوتی ہے۔  صاحب، لوگ کہتے ہیں آپ سادھو ہیں۔  سادھوؤں کی حفاظت پر مامور روحیں بد روحوں سے زیادہ طاقتور ہیں۔  اس کا ثبوت یہ ہے کہ آپ تین دن جنگل میں رہ کر واپس آئے ہیں۔  جیسا کہ آپ کے آدمیوں نے کہا تھا، بالکل محفوظ اور زندہ سلامت لوٹے ہیں‘۔

اس شخص کے جناتی قد کاٹھ سے اندازہ لگانا مشکل نہ تھا کہ جوانی میں وہ کس جسامت اور طاقت کا حامل ہو گا۔  اس طرح کی جناتی قوت کا حامل شخص شیرنی کو اٹھا کر، اپنے سر کو اس کی گرفت سے چھڑا کر نیچے پھینک سکتا ہے جبکہ اس کا آدھا چہرہ شیرنی کے منہ میں ہی رہ گیا تھا۔

اس شخص نے بطور کھوجی ساتھ چلنے کی پیشکش کی۔  اس کے پاس بہت خوبصورت اور چمکتی دھار والی کلہاڑی تھی جس کا دستہ لمبا تھا۔  اس نے کندھے پر کلہاڑی رکھی اور ہمارے آگے چلتا ہوا ڈھلوان سے نیچے اترا۔  دریائے نندا عبور کر کے ہم کئی کھیتوں سے گزرے جو آدم خور کی دہشت کے سبب ویران پڑے تھے۔  پہاڑی کے دامن میں پہنچ کر پتہ چلا کہ سخت چڑھائی اور گھاس سے بھری ڈھلوانوں کا سامنا ہے۔  یہ دیو زاد آدمی بہت سخت جان تھا۔  میں جگہ جگہ رک کر قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتا رہا۔

جنگل سے نکل کر ہم سیدھا گھاس والی پہاڑی ڈھلوان کو ترچھے رخ سے عبور کرتے ہوئے پہاڑی کی طرف بڑھے جو تقریباً ہزار فٹ بلند تھی۔  اس پہاڑی پر جگہ جگہ چھوٹی گھاس تھی جہاں میں نے اپنے کیمپ سے گڑھل چرتے دیکھے تھے۔  ابھی ہم چند سو گز ہی بڑھے ہوں گے کہ گڑھل کھڈ سے نکل کر اوپر کو بھاگا۔  گولی لگتے ہی وہ نیچے گرا اور اسی جگہ گم ہو گیا جہاں سے نکلا تھا۔  گولی کی آواز سن کر ایک دوسرا گڑھل اچھلا اور سیدھا پہاڑ کی چوٹی کی طرف بھاگا جو بہت مشکل چڑھائی تھی۔  جونہی وہ اوپر کی طرف بڑھا، میں نے لیٹ کر رائفل کی شست کو دو سو گز پر درست کیا اور اس کے رکنے کا انتظار کرنے لگا۔  ابھری ہوئی چٹان کے پیچھے سے نکل کر وہ ہمیں دیکھنے کے لیے آگے بڑھا کہ میں نے اس پر گولی چلائی۔  وہ گولی لگتے ہی لڑکھڑایا اور پھر آہستہ آہستہ اوپر کی طرف چڑھنے لگا۔  دوسری گولی لگتے ہی وہ اچھلا اور پھر لڑھکتا ہوا ہم سے سو گز دور گزر کر ڈیڑھ سو گز نیچے جا رکا۔

اس بار میں نے جو منظر دیکھا، وہ پہلے ایک تیندوے کے ساتھ دیکھ چکا تھا۔

ابھی گڑھل بمشکل رکا ہی تھا کہ کھڈ سے ایک بڑا ریچھ بھاگتا ہوا نکلا اور بغیر رکے یا ادھر ادھر دیکھے، مویشیوں کے راستے سے ہوتا ہوا گڑھل کے پاس آن رکا اور بیٹھ کر گڑھل کو گود میں بھر لیا۔  ابھی وہ اسے سونگھ ہی رہا تھا کہ اسے میری گولی لگی۔  شاید میں نے جلدی کی یا پھر شست کو درست فاصلے کے لیے نہ استعمال کیا تھا۔  اسے گولی سینے کی بجائے پیٹ میں لگی۔  ہمیں لگا جیسے ریچھ یہ سمجھا ہو کہ گڑھل نے اسے ٹکر ماری ہے۔  وہ فوراً اٹھا اور گڑھل کو پھینک کر بھاگا۔  ساتھ وہ غصے سے آوازیں بھی نکال رہا تھا۔  جب وہ ہم سے سو گز نیچے سے گزرا، میں نے اپنی پانچویں اور آخری گولی اس پر چلا دی۔  بعد میں علم ہوا کہ یہ گولی ریچھ کے جسم میں نیچے لگی اور گوشت سے ہوتی ہوئی گزری۔

جتنی دیر میں میرے ساتھی دونوں گڑھلوں کو اٹھاتے، میں نے نیچے اتر کر خون کے نشانات کا جائزہ لیا۔  راستے پر خون کی بڑی مقدار دیکھ کر اندازہ ہوا کہ گولی کسی نازک جگہ لگی ہے۔  ریچھ عام صورتحال میں بھی کافی خطرناک ہوتا ہے اور نہتے ہو کر زخمی ریچھ کا سامنا کرنا اور بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

جب میرے ساتھی پہنچے تو ہم نے مشورہ کیا۔  کیمپ ساڑھے تین میل دور تھا۔  ابھی دو بج رہے تھے۔  یہ ممکن نہ تھا کہ ہم کیمپ جا کر مزید گولیاں لاتے، ریچھ کو تلاش کرتے اور اسے مار کر اندھیرا ہونے سے قبل کیمپ بھی پہنچ پاتے۔  ہم نے فیصلہ کیا کہ ریچھ کا تعاقب کر کے اسے پتھروں اور کلہاڑی سے ہلاک کریں۔

پہاڑی کافی ڈھلوان اور گھاس پھونس نہ ہونے کے برابر تھی۔  ہمارے پاس موقع تھا کہ ریچھ کے اوپر رہتے ہوئے ہم اپنا کام کسی دشواری کے بغیر پورا کر لیتے۔  اس طرح ہم آگے بڑھے۔  میں آگے آگے اور پھر تین آدمی میرے پیچھے اور ان کے پیچھے وہ افراد جو اپنی کمر پر مردہ گڑھل اٹھائے ہوئے تھے۔  جہاں میں نے آخری گولی چلائی تھی، اس جگہ پہنچ کر خون کے مزید نشانات دیکھ کر ہمارا حوصلہ اور بلند ہوا۔  دو سو گز آگے جا کر خون کی لکیر ایک کھڈ میں مڑ گئی۔  یہاں میں اور کلہاڑی والا ساتھی ایک طرف جبکہ بقیہ تین افراد دوسری طرف ہو گئے۔  گڑھل اٹھانے والے افراد ہمارے پیچھے تھے۔  جب ہم دونوں طرف سے تیار ہو گئے تو ہم نے پہاڑی سے نیچے اترنا شروع کر دیا۔  ہم سے پچاس گز نیچے کھائی کی تہہ میں بانسوں کا ایک جھنڈ تھا۔  اس جھنڈ میں پتھر پھینکنے سے ریچھ کی چیخ سنائی دی۔  ہم سب سر پر پیر رکھ کر اوپر کو بھاگے۔  میں اس طرح کی صورتحال کے لیے تیار نہ تھا۔  مڑ کر دیکھا تو ریچھ ہماری مخالف سمت یعنی نیچے کو بھاگ رہا تھا۔  میں نے چلا کر اپنے ساتھیوں کو صورتحال بتائی۔  پھر ہم نے رخ بدلا اور ریچھ کی طرف دوڑے۔  ہم میں سے چند ساتھیوں کے پتھر بھی ریچھ کو لگتے رہے اور پتھر مارنے والے کا خوشی کا نعرہ اور ریچھ کی چیخ آتی۔  پھر اس کھائی میں ایک موڑ آیا۔  ہماری احتیاط کی وجہ سے ریچھ ہم سے آگے نکل گیا۔  خون کے نشانات کا پیچھا کرنا آسان تھا لیکن یہ پورا علاقہ بڑے بڑے پتھروں سے بھرا ہوا تھا اور ریچھ کسی بھی پتھر کے پیچھے چھپ سکتا تھا۔  جتنی دیر میرے ساتھی آرام کرنے بیٹھے، میں نے کھائی کے اردگرد کا جائزہ لیا۔  میرا ساتھی آگے بڑھا تاکہ کھائی میں جھانک سکے۔  میں اس پہاڑی کنگورے پر چڑھا جو دو سو فٹ نیچے تک دیوار کی طرح سیدھا تھا۔  درخت کو پکڑ کر میں نیچے جھکا تو دیکھا کہ چالیس فٹ نیچے ریچھ ایک غار نما کھڈ میں موجود ہے۔  تیس پاؤنڈ وزنی ایک پتھر اٹھا کر اتنا آگے بڑھا کہ خود میرے اپنے نیچے گرنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا۔  میں نے دونوں ہاتھوں سے پتھر سر سے اونچا کر کے پھینکا۔

پتھر ریچھ کے سر سے چند انچ دور گرا۔  ریچھ ہڑبڑا کر اٹھا اور بھاگ نکلا۔  منٹ بھر بعد وہ پہاڑی کے سرے پر نکلا۔  ایک بار پھر تعاقب شروع ہو گیا۔  زمین مسطح اور نسبتاً خالی تھی۔  ہم چاروں افراد جو خالی ہاتھ تھے، برابر بھاگ رہے تھے۔  میل بھر ہم لوگ پوری رفتار سے بھاگے ہوں گے کہ جنگل سے نکل کر کھیتوں تک آن پہنچے۔  بارش کے کٹاؤ سے یہاں کئی گہری کھائیاں بن چکی تھیں۔  انہی میں سے ایک میں ریچھ چھپا ہوا تھا۔  ہم نے اپنے بگڑے چہرے والا ساتھی کو ریچھ مارنے کے لیے چنا جو کلہاڑی سے مسلح تھا۔  بڑی احتیاط سے وہ ریچھ تک پہنچا اور اپنی خوبصورت کلہاڑی گھما کر سیدھی ریچھ کے سر پر ماری۔  نتیجہ ہماری توقعات کے بالکل الٹ نکلا۔  کلہاڑی کا پھل ریچھ کے سر سے ٹکرا کر اس طرح پلٹا جیسے ربر سے ٹکرایا ہو۔  غصے سے چیخ کر ریچھ اپنی پچھلی ٹانگوں پر کھڑا ہوا۔  ہم لوگ بھاگنے کی کوشش میں ایک دوسرے سے الجھ کر گرے۔  خوش قسمتی سے ریچھ نے ہمارا پیچھا نہ کیا۔

ریچھ کو یہ کھلا علاقہ پسند نہ آیا اور تھوڑی دور جا کر وہ پھر اوٹ میں ہو گیا۔  اس بار کلہاڑی کے استعمال کی باری میری تھی۔  ریچھ ایک بار کلہاڑی کا اوچھا وار سہہ چکا تھا اور میری بو محسوس کر کے محتاط ہو گیا۔  بڑی محنت کے بعد میں ریچھ پر وار کرنے کے قابل ہوا۔  بچپن میں میرا خواب تھا کہ میں کینیڈا جا کر لکڑہارا بنوں۔  میں لکڑیاں چیرنے میں اتنا ماہر ہو گیا تھا کہ کلہاڑی سے ماچس کی تیلی چیر سکتا تھا۔  مجھے یہ ڈر بھی نہ تھا کہ اگر وار خطا ہوا تو کلہاڑی پتھروں سے ٹکرا کر خراب ہو جائے گی۔  جونہی میں ریچھ سے نزدیک ہوا، کلہاڑی کا پورا پھل ریچھ کے سر میں گاڑ دیا۔

ہمارے پہاڑوں میں ریچھ کی کھال بیش قیمت مانی جاتی ہے۔  میں نے کلہاڑی کے مالک سے وعدہ کیا کہ وہ گڑھل کا دگنا گوشت اور ریچھ کی کھال بھی لے سکتا ہے تو اس کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔  گاؤں سے کئی آدمی اب ادھر پہنچ چکے تھے۔  وہ لوگ گوشت بانٹنے اور ریچھ کی کھال اتارنے میں مشغول ہو گئے اور میں اوپر چڑھ کر گاؤں میں اس زخمی لڑکی سے آخری ملاقات کرنے چلا گیا جو میں پہلے بتا چکا ہوں۔  دن بہت تھکا دینے والا تھا۔  اس رات آدم خور میرے خیمے پر حملہ کرتی تو با آسانی مجھے نیند میں ہی ہڑپ کر جاتی۔

ڈلکانیہ سے آتے ہوئے راستے میں بہت ساری خالی پہاڑیاں آتی ہیں اور جب میں گاؤں والوں سے نے اس مشکل راستے کا ذکر کیا تو وہ بولے کہ میں ہیرا خان کی طرف سے واپس جاؤں۔  اس طرح مجھے اس گاؤں کے پیچھے پہاڑ پر چڑھنا ہوتا اور باقی سارا راستہ اترائی تھی۔  رانی باغ سے میں بذریعہ کار نینی تال پہنچ سکتا تھا۔

میں نے اپنے آدمیوں سے کہہ دیا تھا کہ وہ اگلی صبح روانگی کے لیے تیار رہیں۔  سورج نکلنے سے ذرا قبل میں انہیں سامان وغیرہ باندھتا چھوڑ کر آگے بڑھ گیا تاکہ میں جب تک ڈلکانیہ کے لوگوں کو الوداع کہہ لوں، میرے ساتھی مجھے آن ملیں۔  پھر میں نے دو میل کی چڑھائی شروع کی۔  جو پگڈنڈی میں نے چنی تھی، وہ نہ تھی جس سے ہم لوگ آئے تھے۔  بلکہ یہ راستہ دیہاتی بازاروں وغیرہ کو آنے جانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔

راستہ گہری کھائیوں سے ہو کر گزرتا تھا اور گھنے جنگل، جھاڑیاں وغیرہ بھی راستے میں آتے تھے۔  ایک ہفتے سے شیرنی کی کوئی اطلاع نہ تھی سو میں کافی محتاط تھا۔  میں کیمپ سے نکلنے کے گھنٹے بھر بعد پہاڑ کے اوپری سرے تک بغیر کسی دقت کے پہنچ گیا۔  یہ جگہ بنجر اور چوٹی کے پاس تھی۔  فارسٹ روڈ یہاں سے سو گز دور سے گزرتی تھی۔  یہ بنجر قطعہ ناشپاتی کی شکل جیسا اندازاً سو گز لمبا اور پچاس گز چوڑا تھا۔  اس کے وسط میں بارش کے پانی کا ایک چھوٹا سا تالاب تھا جہاں سے سانبھر وغیرہ پانی پیتے تھے۔  اس پر پگ دیکھنے کے خیال سے میں راستے سے مڑ کر اس طرف آیا جہاں راستہ اس قطعے سے بائیں ہو کر ایک ایسی چٹان کے نیچے سے گزرتا تھا جو راستے پر سائبان کی طرح معلق تھی۔  جونہی میں اس تالاب پر پہنچا، میں نے شیرنی کے بالکل تازہ پگ نرم زمین پر ثبت دیکھے۔  وہ اسی طرف سے تالاب پر آئی تھی جہاں سے میں ابھی آیا۔  میری وجہ سے وہ یہاں سے تالاب کو عبور کر کے دائیں طرف کے گھنے جنگل میں گھس گئی۔  اگر میں آگے سے بھی اتنا ہی محتاط ہوتا جتنا کہ عقب کی طرف سے تھا، یقیناً میں شیرنی کو پہلے دیکھ لیتا۔  سنہری موقع ہاتھ سے نکل گیا۔  اگرچہ یہ موقع تو ضائع ہوا لیکن پھر بھی صورتحال میرے حق میں تھی۔

اگر شیرنی مجھے نہ دیکھتی تو تالاب عبور کر کے جنگل میں چھپنے کے لیے جلدی ہرگز نہ کرتی۔  اس کے پگوں سے اس کی رفتار ظاہر تھی۔  اس نے چھپ کر مجھے دیکھا تھا کہ میں اکیلا ہوں اور اس کی طرح پانی بھی پینے آؤں گا۔  اس مقام تک میری حرکات قطعی عام تھیں۔  اگر میں اسی طرح رویہ اختیار کرتا کہ جیسے مجھے شیرنی کی موجودگی کا علم نہیں تو شاید مجھے دوبارہ موقع ملتا۔  پنجوں کے بل بیٹھتے ہوئے میں نے ہیٹ کے نیچے سے ہر طرف گہری نظر رکھی۔  کئی بار کھانسا، پانی کو اچھالتا رہا اور پھر آہستگی سے خشک لکڑیاں چننے لگا۔  میرا رخ اب اس عمودی چٹان کی طرف تھا۔  یہاں میں نے تھوڑی آگ جلائی اور چٹان سے ٹیک لگا کر سگریٹ سلگا لی۔  جب سگریٹ پی چکا اور آگ بھی ختم ہو گئی تو میں نے لیٹ کر بائیں ہاتھ کا تکیہ بنایا اور رائفل کی لبلبی پر انگلی رکھے اسے بھی سامنے رکھ لیا۔

میرے عقب میں موجود چٹان بہت عمودی تھی اور کوئی بھی جانور اس پر نہ چڑھ سکتا تھا۔  میرے سامنے کم از کم بیس گز تک جھاڑ جھنکار وغیرہ سے پاک زمین تھی۔  میں نسبتاً محفوظ تھا۔  اس دوران میں نے نہ تو کچھ دیکھا اور نہ ہی کچھ سنا لیکن پھر بھی مجھے علم ہو گیا کہ شیرنی مجھے دیکھ رہی ہے۔  میرے ہیٹ کا کنارہ اگرچہ میری آنکھوں پر جھکا ہوا تھا لیکن میری نظروں کے سامنے کسی قسم کی رکاوٹ نہ بن رہا تھا۔  میں نے سامنے موجود جنگل کا انچ انچ چھانا۔  ہلکی سی ہوا بھی نہ چل رہی تھی اور نہ ہی گھاس کا کوئی تنکا ہلا۔  میرا اندازہ تھا کہ شیرنی اب اس وقفے میں اپنی جگہ سے نکل کر یا تو گھات لگائے گی یا پھر براہ راست ہلہ بول دے گی۔

بعض اوقات وقت نہیں گزرتا اور بعض اوقات اسے پر لگ جاتے ہیں۔  سر کے نیچے بائیں ہاتھ کافی دیر پہلے سن ہو چکا تھا۔  پھر بھی نیچے وادی سے میرے آدمیوں کی گانے کی آواز بہت جلد ہی ادھر آن پہنچی۔  آواز اونچی ہوتی چلی گئی اور پھر میں نے موڑ پر اپنے ساتھیوں کو آتا دیکھا۔  شاید اسی جگہ شیرنی نے مجھے دیکھا اور پانی پی کر فرار ہو گئی۔  ایک اور ناکامی اور اس دورے کا آخری موقع بھی ہاتھ سے نکل گیا۔

جب میرے ساتھی آرام کر چکے تو ہم سڑک پر چڑھے اور فارسٹ روڈ پر ہیرا خان کا بائیس میل کا سفر شروع ہوا۔  دو سو گز آگے جا کر سڑک کھلے قطعے سے اچانک گھنے جنگل میں مڑی۔  یہاں میں نے ساتھیوں کو آگے چلنے کا کہا اور خود عقب سنبھالا۔  دو میل اسی طرح چل کر ہم نے موڑ پر ایک شخص کو بیٹھے دیکھا جو بھینسوں کی نگرانی کر رہا تھا۔

ناشتے کا وقت ہو چکا تھا۔  میں نے اس آدمی سے پوچھا کہ پانی کہاں سے ملے گا۔  اس نے سیدھا نیچے کی طرف اشارہ کیا اور بتایا کہ وہاں ایک چشمہ موجود ہے جہاں سے گاؤں والے پانی بھرتے ہیں۔  تاہم اگر ہم سیدھا چلتے جائیں تو تھوڑا آگے جا کر ایک چشمہ سڑک ہی سے گزرتا ہے۔

لوہالی گاؤں وادی کے اوپری سرے پر واقع تھا جہاں گزشتہ ہفتے شیرنی نے عورت ہلاک کی تھی۔  اس نے بتایا کہ اس دن کے بعد سے شیرنی کی کوئی اطلاع نہیں اور ہو سکتا ہے کہ شیرنی اب ضلع کے دوسرے سرے پر ہو۔  میں نے اس بات کی تردید کی اور ان تازہ پگوں کے بارے میں بتایا جو میں نے کچھ دیر قبل دیکھے تھے۔  میں نے اسے کہا کہ وہ بھینسوں کو اکٹھا کر کے گاؤں چلا جائے۔  اس کی دس بھینسیں تھیں جو اب سڑک کی طرف چر رہی تھیں۔  اس نے کہا کہ جہاں وہ بیٹھا ہے، جونہی بھینسیں اس جگہ کو چر لیں، وہ انہیں لے کر چلا جائے گا۔  میں نے اسے ایک سگریٹ دی اور تنبیہ کر کے چل پڑا۔  اس کے بعد کیا ہوا، اس کے گاؤں والوں نے کئی ماہ بعد مجھے اگلے چکر پر بتایا۔

اس روز جب وہ آدمی گھر پہنچا تو اس نے سب کو ہماری ملاقات اور میری تنبیہ کے بارے میں بھی بتایا۔  اس نے مجھے موڑ مڑ کر اوجھل ہوتے دیکھا تو وہ سگریٹ جلانے لگا۔  ہوا کی وجہ سے ماچس کی تیلی کو بجھنے سے بچانے کے لیے وہ جھکا۔  ابھی دوبارہ سیدھا نہ ہوا تھا کہ کسی نے اسے دائیں کندھے سے پکڑ کر پیچھے کھینچا۔  اس کے ذہن میں فوراً ہی ہمارا خیال آیا۔  بدقسمتی سے ہم اس کی چیخ نہ سن سکے۔  تاہم مدد زیادہ دور نہ تھی۔  اس کی چیخ سنتے ہی اس کی بھینسیں جمع ہو کر شیرنی کی طرف بڑھیں اور اسے بھگا دیا۔  اس کا کندھا اور بازو ٹوٹ چکے تھے۔  بمشکل وہ ایک بھینس پر سوار ہوا اور دیگر بھینسوں کے گھیرے میں گاؤں پہنچا۔  اس کے گاؤں والوں نے اس کے زخم باندھ کر اسے اٹھا کر ۳۰ میل دور ہلدوانی کے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ داخلے کے کچھ دیر بعد مر گیا۔

قدرت بعض اوقات سامنے آنے والی زندگی کی ڈور چھوڑ کر دوسری کاٹ دیتی ہے۔  کس ڈور کو کٹنا چاہیے اور کس کو نہیں، اس کی ذمہ داری ہم قسمت، نصیب یا جو چاہے کہہ لیں، پر ڈال دیتے ہیں۔

میں فروری میں ڈلکانیہ لوٹا۔  بہت سے آدمی مارے جا چکے تھے اور کہیں زیادہ گھائل ہوئے تھے۔  شیرنی کے بارے میں کوئی تازہ اطلاع نہ تھی سو وہ کہیں بھی ہو سکتی تھی۔  میں نے کیمپ وہیں لگانے کا سوچا جہاں سے میں زیادہ واقف تھا۔

مجھے ڈلکانیہ پہنچتے ہی اطلاع ملی کہ جہاں ہم نے پچھلی مرتبہ ریچھ کا شکار کیا تھا، اس جگہ ایک گائے ماری گئی ہے۔  جو آدمی مویشیوں کی دیکھ بھال کر رہا تھا، اسے یقین تھا کہ یہ کام شیرنی کا ہی ہے۔  اب اس گائے کی لاش ایک غیر آباد کھیت کے کنارے موجود ہے اور اس جگہ سے صاف دکھائی دے رہی ہے جہاں میرا خیمہ لگنے والا ہے۔  اس جگہ گدھ بار بار چکر لگا رہے تھے اور دوربین سے دیکھنے پر میں نے بہت سارے گدھوں کو اس درخت پر بیٹھے دیکھا جو لاش کے بائیں جانب تھا۔  چونکہ لاش کھلی فضاء میں تھی اور گدھ نیچے نہ اترے تھے، سو میں نے یہ نتائج نکالے:

۱۔  گائے کو تیندوے نے مارا ہے

۲۔  تیندوا شکار کے پاس ہی چھپا ہوا ہے

لاش والے کھیت سے نچلا کھیت کافی ڈھلوان اور جھاڑ جھنکار سے بھرا تھا۔  آدم خور ابھی زندہ تھی، اس لیے وہاں سے پیش قدمی مناسب نہ تھی۔

دائیں طرف گھاس سے بھری ہوئی ڈھلوان تھی لیکن علاقہ کھلا تھا اور دکھائی دیے بغیر میرا ادھر سے گزرنا ممکن نہ تھا۔  پہاڑ سے ایک گہری اور درختوں سے بھری ہوئی کھائی شروع ہو کر دریائے نندھور کو جاتی تھی۔  آگے یہ کھائی لاش کے قریب سے گزرتی تھی۔  کھائی کے کنارے والا درخت گدھوں کے بوجھ سے جھکا تھا۔  میں نے کھائی سے ہی آگے بڑھنے کا سوچا۔  جتنی دیر میں علاقے سے بخوبی واقف دیہاتیوں کے ساتھ پیش قدمی کا منصوبہ بنانے لگا کہ میرے ملازمین نے چائے بنا دی۔  دن ڈھل رہا تھا۔  اگر میں جلدی کرتا تو اس جگہ کا جائزہ لے کر اندھیرے پہلے واپس آ جاتا۔

نکلنے سے قبل میں نے اپنے آدمیوں سے خبردار رہنے کا کہا۔  یہ بھی کہا کہ اگر وہ گولی چلنے کے بعد مجھے اس جگہ دیکھیں تو تین چار آدمی سیدھے اس کھلے علاقے سے ہو کر میری طرف آئیں۔  اگر گولی نہ چلے اور صبح تک میں واپس نہ آیا تو میری تلاش شروع کریں۔

کھائی رس بھری کی جھاڑیوں سے پٹی تھی۔  ہوا پہاڑی سے نیچے کی طرف آ رہی تھی اور میں بہت آہستگی سے چل رہا تھا۔  سخت چڑھائی کے بعد میں گدھوں والے درخت تک پہنچا تو پتہ چلا کہ لاش وہاں سے دکھائی نہیں دیتی۔  دوربین سے دیکھنے پر یہ جگہ ہموار دکھائی دی لیکن نزدیک آ کر پتہ چلا کہ ہلالی شکل ہے اور درمیان میں کم از کم دس گز چوڑی اور سروں پر پتلی ہے۔  اس کا بیرونی کنارہ گھنی جھاڑیوں سے بھرا تھا۔  اس کے اندرونی سرے پر پہاڑی تیزی سے نیچی ہوتی جاتی تھی۔  یہاں سے دو تہائی جگہ تو دکھائی دے رہی تھی۔  باقی ایک تہائی جہاں گائے کی لاش تھی، دیکھنے کے لیے مجھے یا تو دور سے لمبا چکر لگانا پڑتا یا پھر گدھوں والے درخت پر چڑھنا پڑتا۔

میں نے سوچا کہ درخت پر چڑھتا ہوں۔  میرے اندازے میں گائے بیس گز دور تھی۔  یہ بھی ممکن تھا کہ تیندوا اس سے بھی کم فاصلے پر ہوتا۔  اگر گدھ اس درخت پر نہ ہوتے تو میں تیندوے کو خبردار کیے بنا اس پر نہ چڑھ پاتا۔  درخت پر بیس کے قریب گدھ جمع تھے اور ان کی تعداد بڑھتی جا رہی تھی۔  اوپری شاخوں پر جگہ کم پڑ رہی تھی، اس لیے پروں کی پھڑپھڑاہٹ اور لڑائی میں شدت آتی جا رہی تھی۔  درخت پہاڑ سے باہر کی طرف جھکا ہوا تھا اور کھائی کے اوپر ایک شاخ زمین سے دس فٹ کی بلندی پر پھیلی ہوئی تھی۔  رائفل اٹھائے میں احتیاط سے اس شاخ تک پہنچا۔  جونہی گدھوں نے دوبارہ لڑائی شروع کی، میں اس شاخ پر چڑھ گیا۔  اس جگہ غلط قدم رکھنے یا پیر پھسلنے کا مطلب سو فٹ نیچے چٹانوں پر گرنا تھا۔  میں دو شاخے پر بیٹھ گیا۔

گائے کی لاش اب صاف دکھائی دے رہی تھی۔  اس سے چند لقمے ہی کھائے گئے تھے۔  دس منٹ میں اسی جگہ پر رکا کیونکہ میری نشست کافی آرام دہ تھی۔  میں نے لاش کے پاس دو گدھ اترتے دیکھے کہ شاید ان کے لیے درخت پر ناکافی جگہ تھی۔  ابھی وہ بمشکل رکے ہی ہوں گے کہ دوبارہ اڑے۔  اسی وقت میری طرف کی جھاڑیاں ہلیں اور اس سے ایک عمدہ نر تیندوا نکل کر باہر آیا۔

جن افراد نے تیندوے کو قدرتی ماحول میں نہیں دیکھا، وہ اس کی حرکات و سکنات، کھال کی خوبصورتی اور ہندوستانی جنگل کے اس خوبصورت ترین جانور کی شان و شوکت کا اندازہ بھی نہیں کر سکتے۔  جسامت اور وزن کے حساب سے اس کی طاقت کا کوئی مقابل نہیں اور نڈر پن میں اس کا دور دور تک کوئی ثانی نہیں۔  اس جانور کو حقیر حشرات الارض کے برابر سمجھنا ایک ایسا جرم ہے جو انہی لوگوں سے سرزد ہوتا ہے جنہوں نے چڑیا گھر میں فاقہ زدہ اور قابل رحم تیندوے دیکھے ہیں۔  یہ جانور اپنی خوبصورتی کے باوجود مویشی خور ہو کر اپنی قسمت پر خود ہی مہر لگا چکا تھا۔  پچھلے چکر میں میں نے ڈلکانیہ کے باشندوں سے سے وعدہ کیا تھا اگر موقع ملا تو اس تیندوے کو ٹھکانے لگا دوں گا۔  اب وہ موقع میرے سامنے تھا۔  میرا خیال ہے کہ تیندوے نے اس گولی کی آواز بھی نہیں سنی ہو گی جس سے مرا۔

ہماری زندگی میں بہت سی باتیں ایسی ہیں جن کی کوئی وجہ نہیں پتہ چلتی۔  میں نے تیندوے کو جس گائے کی لاش پر مارا، اس کے مالک کا سوچیں جو آٹھ سال کا اور اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا۔  دو سال قبل اس کی ماں کو اسی گائے کا چارہ کاٹتے ہوئے آدم خور نے ہلاک کیا۔  بارہ ماہ بعد اس کے باپ کا یہی انجام ہوا۔  گھر کے جو چند برتن تھے وہ باپ کا قرض چکانے میں لگ گئے۔  اس لڑکے نے اپنی زندگی کا آغاز گائے کے مالک کے طور پر کیا۔  اس تیندوے نے اس گاؤں کی دو یا تین سو مویشی چھوڑ کر صرف اسی گائے کو چنا (میں نے جو لال رنگ کی بہترین نسل کی بہترین گائے اسے دی، سے اس کی تشفی نہ ہو پائی کہ اس گائے سے اس لڑکے کی پوری زندگی وابستہ تھی)۔

پچھلے چکر پر میں جس دیہاتی کو اپنے نوجوان بھینسے دے کر گیا تھا، اس نے ان کا خوب خیال رکھا تھا۔  اپنی آمد کے اگلے دن میں نے انہیں باندھنا شروع کر دیا۔  موہوم سی امید تھی کہ شاید آدم خور انہیں ہلاک کرے۔

وادی نندھور سے پانچ میل نیچے ایک بڑی پہاڑی کی جڑ سے ایک ہزار فٹ کی بلندی پر ایک چھوٹا گاؤں تھا۔  آدم خور نے پچھلے چند مہینوں میں اس گاؤں سے چار افراد ہلاک کیے تھے۔  تیندوے کی ہلاکت کے بعد اسی گاؤں سے چند اشخاص آئے کہ میں اپنا کیمپ ان کے گاؤں کے پاس لگاؤں۔  انہوں نے بتایا کہ آدم خور اکثر اس بڑی پہاڑی پر دکھائی دیتی ہے اور غالب امکان ہے کہ وہ اسی جگہ کسی غار میں رہتی ہے۔  انہوں نے بتایا کہ اسی صبح چند عورتوں نے گھاس کاٹتے وقت شیرنی کو دیکھا تھا۔  اب گاؤں والے انتہائی دہشت زدہ تھے اور گھر سے نکلنا دوبھر ہو چکا تھا۔  ان سے ہر ممکن مدد کا وعدہ کر کے اگلی صبح میں گاؤں کی مخالف سمت سے پہاڑی پر چڑھا اور ڈیڑھ گھنٹے تک دوربین سے اس پوری پہاڑی کا جائزہ لیتا رہا۔  پھر وادی عبور کر کے گہری کھائی سے ہوتا ہوا اوپر گاؤں والی پہاڑی پر چڑھا۔  یہاں راستہ بہت مشکل اور میری امید کے خلاف تھا۔  اس میں نیچے گرنے کا بھی اندیشہ تھا جو براہ راست گردن ٹوٹنے پر ہی منتج ہوتا۔  اس جگہ اپنا دفاع کرنا بھی ممکن نہ تھا۔

دو بجے تک میں نے ہر وہ جگہ دیکھ لی جس کی مجھے ضرورت پڑ سکتی تھی اور ناشتے کے لیے کیمپ کا رخ کیا۔  ایک بار مڑ کر دیکھنے پر پتہ چلا کہ دو آدمی میری طرف بھاگتے ہوئے آ رہے ہیں۔  قریب پہنچ کر انہوں نے بتایا کہ اسی صبح شیرنی نے اس کھائی میں ایک بیل ہلاک کیا ہے۔  یہ وہی کھائی تھی جہاں سے میں صبح کو اوپر گیا تھا۔  ایک آدمی سے یہ کہا کہ وہ کیمپ جا کر میرے ملازمین کو کھانا اور چائے کا کہے، میں دوسرے آدمی کے ساتھ الٹے قدموں وادی کو مڑا۔

یہ کھائی دو سو فٹ گہری اور سو فٹ چوڑی تھی۔  نزدیک پہنچے تو گدھ اڑنے لگ گئے۔  افسوس کہ گدھوں نے کھال اور ہڈیوں کے سوا سب کچھ ہڑپ کر لیا تھا۔  ان ہڈیوں سے گاؤں بمشکل سو گز ہی دور تھا لیکن چٹان ناقابل عبور تھی۔  میرا رہنما مجھے کھائی میں چوتھائی میل نیچے لے گیا جہاں مویشیوں کی پگڈنڈی گزرتی تھی۔  اوپر اٹھ کر یہ راستہ گھنے جنگلوں سے گزرتا ہوا گاؤں میں جا ختم ہوتا تھا۔  گاؤں پہنچ کر میں نے نمبردار سے کہا کہ گدھوں نے بیل کی لاش ختم کر دی ہے اور یہ بھی وہ ایک نو عمر بھینسا اور ایک چھوٹی مگر مضبوط رسی کہیں سے لائے۔  جتنی دیر میں یہ چیزیں ملتیں، میرے دو آدمی کھانا اور چائے لے کر دوسرے دیہاتی کے ہمراہ پہنچ گئے۔

جب میں کھائی میں داخل ہوا تو سورج ڈوبنے والا تھا۔  میرے پیچھے کئی آدمی تھے جو ایک جوان اور قوی الجثہ بھینسے کو لا رہے تھے۔  یہ بھینسا نمبردار نے میرے لیے نزدیکی گاؤں سے خریدا تھا۔  جہاں بیل ہلاک ہوا، وہاں سے پچاس گز دور صنوبر کا ایک درخت پہاڑ سے اکھڑ کر نیچے گرا تھا اور اس کا ایک سرا کھائی کی زمین میں دفن تھا۔  بھینسے کو اس درخت سے باندھ کر سارے افراد واپس چلے گئے۔  اس علاقے میں اور درخت نہیں تھے۔  میری نشست کی ممکنہ جگہ اس کھڈ میں گاؤں والے کنارے پر موجود ایک دراڑ تھی۔  بہت مشکل کے ساتھ میں اس دراڑ تک پہنچا جو دو فٹ چوڑی اور پانچ فٹ لمبی تھی۔  یہاں سے بیس فٹ نیچے کھائی کی تہہ تھی۔  دراڑ نیچے جا کر کچھ اس طرح کی ہو گئی تھی مجھے وہ حصہ دکھائی نہ دیتا تھا۔  ویسے بھی دراڑ کچھ اس زاویے پر تھی کہ جب میں بیٹھتا تو شیرنی کی متوقع آمد میرے عقب سے ہوتی جبکہ بھینسا میرے سامنے تیس گز دور تھا۔

سورج ابھی ڈوبا ہی تھا کہ اچانک بھینسا ہڑبڑا کر کھڑا ہوا۔  اس کا رخ دراڑ کی طرف تھا۔  اسی وقت ایک پتھر لڑھکتا ہوا نیچے آیا۔  جس طرف سے آواز آئی، اس طرف گولی چلانا ممکن نہ تھا۔  دیکھے جانے کے ڈر سے میں بالکل چپ چاپ اور ساکت ہو کر بیٹھا رہا۔  کچھ دیر بعد بھینسے کا رخ آہستہ آہستہ بائیں جانب میری طرف ہوا۔  اس سے ظاہر ہوتا تھا کہ وہ جس چیز سے خوف زدہ ہے، وہ میرے بالکل نیچے ہے۔  پھر شیر کا سر میرے نیچے سے نکلا۔  شیر کے سر پر گولی انتہائی ہنگامی صورت میں ہی چلاتے ہیں۔  دوسرا اس وقت میری ہلکی سی بھی حرکت شیر کو میری جگہ سے باخبر کر دیتی۔  ایک یا دو منٹ تک سر بالکل ساکت رہا پھر اچانک ہی آگے بڑھا۔  ایک ہی چھلانگ میں شیر بھینسے پر تھا۔  بھینسا شیر کی طرف رخ کیے ہوئے تھا۔  شیر ایک ہی چھلانگ میں بھینسے پر تھا۔  شیر تیز رفتاری سے بھینسے کے پہلو میں پہنچا اور ایک ہی چھلانگ میں اسے زاویہ قائمہ پر جا لیا۔  سامنے سے نہ جانے کی وجہ سینگوں سے زخمی ہونے کا ڈر تھا۔  نہ تو دانت جمانے کے لیے شیر کو کوشش کرنا پڑی اور نہ ہی کوئی کشمکش۔  دو بھاری جسموں کے ٹکراؤ کی آواز آئی اور بس۔  اب شیر بھینسے پر لیٹا اس کے گلے کو دبوچے ہوئے تھا۔  عام خیال کیا جاتا ہے کہ شیر گردن توڑ کر جانور کو مارتے ہیں۔  یہ غلط ہے۔  شیر دانتوں سے مارتے ہیں۔

شیر کا دائیاں پہلو میری طرف تھا۔  میں نے احتیاط سے اعشاریہ ۲۷۵ کی رائفل سے نشانہ لیا اور گولی چلا دی۔  بھینسے کو چھوڑ کر شیر بغیر کوئی آواز نکالے جست لگا کر یہ جا وہ جا۔  یقیناً شیر کو گولی نہیں لگی۔  مجھے سمجھ نہ آئی کہ نشانہ کیوں خطا ہوا۔  اگر شیر نے مجھے یا رائفل کا شعلہ نہیں دیکھا تو شاید لوٹے۔  میں رائفل بھر کر تیار ہو بیٹھا۔

شیر کے فرار کے بعد بھینسا بالکل ہی ساکت رہا۔  مجھے خیال ہوا کہ شاید گولی شیر کی بجائے بھینسے کو لگی ہے۔  دس یا پندرہ منٹ بہت طویل گزرے۔  اس کے بعد شیر کا سر دوبارہ میرے نیچے پہلے والی جگہ سے نمودار ہوا۔  پھر وقفہ، پھر شیر آہستہ آہستہ سامنے آیا۔  شیر بھینسے کے پاس جا کر رکا اور اس نے بھینسے کو دیکھنا شروع کیا۔  شیر کا پورا جسم میرے سامنے تھا۔  دوسری بار مجھ سے وہی غلطی نہ ہوتی۔  اس بار میں نے بہت احتیاط سے نشانہ لیا اور گولی چلائی۔  میری توقع کے برعکس، شیر گرنے کی بجائے جست لگا کر بائیں جانب عمودی ڈھلوان پر چڑھا اور پتھر نیچے لڑھکنے لگے۔

تیس گز کے فاصلے اور نسبتاً بہتر روشنی میں شیر پر چلائی گئی دو گولیاں میلوں دور دیہاتوں میں سنی گئی ہوں گی۔  اب میرے سامنے بھینسے کی لاش تھی جس پر ایک یا دو گولیوں کے سوراخ ہوں گے۔  یقیناً میری نظر میں فرق آ گیا تھا یا چڑھائی کے دوران رائفل کے دیدبان ہل گئے۔  لیکن چھوٹی چھوٹی اشیاء پر نگاہ جمانے سے بصارت کی کمزوری نہ نکلی۔  رائفل کے دیدبان بھی بظاہر ٹھیک تھے۔  واحد امکان یہی تھا کہ میرا نشانہ خراب تھا۔

شیرنی کی تیسری بار آمد کا کوئی امکان نہ تھا۔  اگر وہ آتی بھی تو اتنی کم روشنی میں گولی چلانا یا اسے زخمی کرنا بیکار ہوتا جبکہ بہتر روشنی میں میں اس پر دو گولیاں ضائع کر چکا تھا۔  اب میرا یہاں رکنا بے کار تھا۔

سارے دن کی مشقت سے میرے کپڑے ابھی تک گیلے تھے اور بتدریج ٹھنڈی ہوتی ہوا مزید سرد ہوتی جا رہی تھی۔  میری نیکر پتلے خاکی کپڑے کی تھی اور چٹان سخت اور ٹھنڈی۔  گاؤں میں گرما گرم چائے میری منتظر تھی۔  یہ تمام وجوہات چاہے جتنی عمدہ ہی کیوں نہ ہوں، آدم خور کی وجہ سے مجھے ادھر ہی رکنا تھا۔  اندھیرا گہرا ہو چلا تھا۔  پون میل کا سفر گہری کھائیوں، بڑے بڑے پتھروں اور گھنے جنگل سے ہو کر گزرتا تھا۔  باوجود اس کے کہ گاؤں والوں نے کل شیرنی دیکھی تھی، باوجود اس کے کہ میں نے بظاہر آدم خور پر دو گولیاں چلائی تھیں، مجھے شیرنی کی اصل موجودگی کا کوئی علم نہ تھا۔  ہو سکتا ہے کہ وہ پچاس میل دور ہو، ہو سکتا ہے کہ وہ پچاس گز دور سے مجھے دیکھ رہی ہو۔  میری نشست جتنی غیر آرام دہ سہی، بہتر یہی تھا کہ صبح ہونے تک میں اسی جگہ رہتا۔  جوں جوں وقت گزرتا رہا، مجھے یہ خیال تنگ کرتا رہا کہ رات کے اندھیرے میں شیرنی پر گولی چلانا اتنا آسان کام نہیں جیسا کہ میں نے فرض کیا تھا۔  اگر یہ جانور دن کی روشنی میں نہ مارا جا سکا تو پھر اسے قدرتی موت مرنے کے لیے چھوڑ دینا پڑے گا۔  صبح کی روشنی ہوتے ہوتے یہ خیال میرے ذہن میں اچھی طرح جڑ پکڑ چکا تھا۔  نیچے اترتے ہوئے میں پھسلا اور کمر کے بل گرا۔  میری ٹانگیں آسمان کی طرف ہو گئیں۔  میں سرد رات سے اکڑ گیا تھا۔  میں خوش قسمتی سے ریت پر گرا اور مجھے یا رائفل کو خراش نہ آئی۔

اتنی صبح پورا گاؤں بیدار تھا۔  فوراً ہی انہوں نے مجھے گھیر لیا۔  میں نے ان کے سوالات پر اتنا کہا کہ میں فرضی شیر پر خالی کارتوس چلا رہا تھا۔

بھڑکتی آگ کے پاس بیٹھ کر چائے دانی خالی کرنے کے بعد میری ہمت بحال ہوئی۔  اب گاؤں بھر کے مردوں اور لڑکوں کو اپنے ساتھ لے کر میں اسی جگہ لوٹا اور کھائی کے اوپر کھڑا ہوا جہاں میں نے رات بسر کی تھی اور لوگوں کو بتایا کہ کس طرح شیر اس جگہ سے نکلا اور میرے گولی چلانے پر وہ اس طرف بھاگا۔  جونہی میں نے کھائی کی طرف اشارہ کیا، سارا ہجوم چلایا کہ ’صاحب، شیر وہاں پڑا ہے‘۔  رات بھر جاگنے کے بعد شاید میری آنکھیں تھک گئی تھیں، لیکن بار بار دیکھنے پر بھی شیر غائب نہ ہوا۔  پھر لوگوں نے پوچھا کہ میں نے بیس یا تیس منٹ بعد دوبارہ کیوں گولی چلائی؟ میں نے بتایا کہ کس طرح شیر دوبارہ اسی جگہ سے نکلا اور جب وہ بھینسے کے پاس کھڑا تھا تو کس طرح میں نے اس پر گولی چلائی اور گولی لگتے ہی وہ کیسے بھاگ کر بائیں جانب چڑھا۔  فوراً ہی غلغلہ بلند ہوا، ’صاحب، دوسرا شیر وہاں مردہ پڑا ہے‘۔  اس بار آوازوں میں گاؤں بھر کی لڑکیاں اور عورتیں بھی شامل تھیں جو دیر سے پہنچی تھیں۔  دونوں شیر ایک ہی جسامت کے اور ایک دوسرے سے ساٹھ گز دور مردہ پڑے تھے۔

دوسرے شیر کے بارے میں پوچھنے پر دیہاتیوں نے بتایا کہ سابقہ چار ہلاکتوں اور پھر بیل کی لاش پر کھوجی جماعت کو ہمیشہ ایک شیر دکھائی دیا تھا۔  شیروں کے ملاپ کا موسم نومبر سے اپریل تک پھیلا ہوتا ہے۔  اگر دونوں شیروں میں سے ایک آدم خور ہوتی تو لازماً اس نے جوڑا تلاش کر لیا تھا۔

جہاں میں بیٹھا تھا، اس سے دو سو گز دور نیچے ایک عمودی راستہ تلاش کر کے سارے گاؤں والے میرے پیچھے چل پڑے۔  نزدیک جانے پر میری امیدیں اچانک بڑھ گئیں کہ یہ بوڑھی شیرنی تھی۔  نزدیکی آدمی کو رائفل تھما کر میں گھٹنوں کے بل جھکا اور اس کے پنجوں کو دیکھا۔  جس دن شیرنی نے گھاس کاٹتی عورتوں پر حملے کی کوشش کی تھی، وہ اپنے پیروں کے بہت عمدہ نشانات چھوڑ گئی تھی۔  یہ اس آدم خور کے پہلے پگ تھے جو میں نے دیکھے۔  میں نے انہیں بغور دیکھا اور انہی سے علم ہوا تھا کہ شیرنی بوڑھی مادہ ہے جس کے ناخن اتنے بڑھ چکے تھے کہ میں نے زندگی بھر کسی شیر کے اتنے بڑے ناخن نہیں دیکھے۔  ان وجوہات کی بنا پر آدم خور کو سو مردہ شیروں میں بھی با آسانی پہچانا جا سکتا تھا۔  میری مایوسی دیکھیں، یہ مردہ بوڑھی شیرنی آدم خور نہیں تھی۔  جب میں نے یہ بات گاؤں والوں کو بتائی تو انہوں نے تسلیم کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ پچھلے موقع پر میں نے خود کہا تھا کہ آدم خور بوڑھی شیرنی ہے اور اب وہ میرے سامنے مردہ پڑی ہے تو میں اسے تسلیم کرنے سے انکاری ہوں۔  حالانکہ جس جگہ وہ مری پڑی ہے، اس سے نزدیک ہی مختصر وقت میں ان کے چار آدمی مارے گئے ہیں۔  ان سب دلائل کے باوجود میرے لیے شیرنی کی پاؤں کی زیادہ اہمیت ہے جبکہ سب شیروں کے پاؤں ایک جیسے ہوتے ہیں۔

ظاہر ہے کہ دوسرا شیر نر ہی ہو سکتا تھا۔  جب میں شیرنی کی کھال اتارنے کی تیاری میں تھا تو ایک جماعت جا کر نر کو لے آئی۔  اس طرف ڈھلوان بہت عمودی تھی۔  کافی مشقت کے بعد لوگ ایک خوبصورت شیر کو لائے۔

دس گھنٹے قبل مرے اور اکڑے شیروں کی کھال ایسے وقت اتارنا جب اردگرد لوگ جمع ہوں اور سورج پشت جلا رہا ہو،، میری زندگی کے تلخ ترین تجربات میں سے ایک ہے۔  یہ کام دوپہر کو مکمل ہوا۔  میرے آدمیوں نے بہت احتیاط سے ان کھالوں کو لپیٹا اور ہم پانچ میل دور کیمپ جانے کو تیار ہو گئے۔

صبح میں نے اردگرد کے دیہاتوں کے نمبرداروں کو بتایا کہ چوگڑھ کی شیرنی زندہ ہے۔  انہیں تمام احتیاطیں کرنی ہوں گی ورنہ شیرنی لازماً فائدہ اٹھائے گی۔  اگر میری ہدایات پر عمل ہوتا تو اگلے مہینوں میں آدم خور اتنے شکار نہ کر پاتی۔

اگلے چند ہفتے تک آدم خور کی کوئی اطلاع نہ ملی۔  پھر میں ترائی میں ہونے والی سرکاری میٹنگ میں شرکت کے لیے ڈلکانیہ سے روانہ ہو گیا۔

مارچ ۱۹۳۰ میں ہمارے ضلع کا کمشنر ویوان آدم خور کے علاقے سے گزر رہا تھا۔  مجھے اس نے بائیس مارچ کو اطلاع دی کہ وہ کالا آگر میں میرا منتظر ہے اور میں فوراً وہاں پہنچوں۔  نینی تال سے کالا آگر تک پچاس میل کا سفر ہے۔  خط کے دو دن بعد میں کالا آگر کے فارسٹ بنگلے میں ویوان اور اس کی بیوی کے ساتھ ناشتہ کر رہا تھا جہاں وہ دونوں مقیم تھے۔

ناشتے کے بعد ویوان نے بتایا کہ ۲۱ تاریخ کو آمد کے بعد جب وہ لوگ برآمدے میں چائے پی رہے تھے تو آدم خور بنگلے کے صحن میں گھاس کاٹتی ایک عورت کو ہلاک کر کے لے گئی۔  انہوں نے فوراً رائفلیں سنبھالیں اور چند ملازمین کے ہمراہ تعاقب میں روانہ ہوئے۔  عورت کی لاش انہیں ایک بڑے درخت کے نیچے جھاڑی سے ملی۔  بعد ازاں میں نے اس جگہ کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ شیرنی ویوان وغیرہ کی آمد پر لاش کو چھوڑ کر نیچے اتری اور لاش کی جگہ سے ۵۰ گز دور رس بھری کی ایک جھاڑی میں چھپ گئی۔  اس بڑے درخت پر ویوان اور دو دیگر درختوں پر دوسرے افراد کے لیے مچانیں باندھی گئیں۔  مچانیں تیار ہوتے ہی یہ لوگ ان پر بیٹھ گئے۔  شیرنی پوری رات واپس نہ آئی۔

اگلی صبح لاش کو مذہبی رسومات کے لیے لے جایا گیا۔  انہوں نے اس جگہ ایک نو عمر بھینسا باندھ دیا جسے شیرنی نے اسی رات مار دیا۔  یہ جگہ بنگلے سے نصف میل دور تھی۔  اگلی شام کو دونوں میاں بیوی مچان بندھوا کر بیٹھے۔  چاند نہ نکلا تھا اور دن کی روشنی مدھم ہو چکی تھی کہ انہوں نے کسی جانور کو آتے سنا۔  پھر وہ جانور دکھائی بھی دیا۔  ناکافی روشنی کی وجہ سے وہ اسے ریچھ سمجھے۔  بدقسمتی سے یہ شیرنی ہی تھی۔  اگر یہ لوگ غلطی نہ کرتے تو یقیناً آدم خور اپنے انجام کو پہنچ چکی ہوتی۔  دونوں میاں بیوی اچھے نشانچی ہیں۔

یہ لوگ پچیس تاریخ کو کالا آگر سے نکلے اور اسی دن میرے چار نو عمر بھینسے ڈلکانیہ سے آن پہنچے۔  شیرنی اب چارے کے لیے تیار تھی اس لیے میں نے چاروں فارسٹ روڈ سے چند سو گز دور بندھوا دیے۔  مسلسل تین راتیں شیرنی ان بھینسوں سے چند فٹ کے فاصلے سے گزرتی رہی لیکن انہیں چھوا تک نہیں۔  چوتھی رات بنگلے کے نزدیک والا بھینسا مارا گیا۔  دیکھا تو پتہ چلا کہ اسے تیندوے کے جوڑے نے ہلاک کیا ہے جو گزشتہ رات بنگلے کے اوپر بول رہا تھا۔  میں اس علاقے میں گولی نہ چلانا چاہتا تھا کہ شیرنی فرار ہو جاتی۔  لیکن اگر انہیں نہ مارا جاتا تو وہ میرے سارے بھینسے مار ڈالتے۔  میں نے ان کا پیچھا کیا اور گھات لگا کر بھینسے کی لاش سے ذرا دور دھوپ سینکتے ہوئے ہلاک کر دیا۔

کالا آگر بنگلے سے فارسٹ روڈ کئی میل تک گھنے جنگلات سے گزرتی ہے۔  کماؤں کے دیگر حصوں کے مقابلے یہاں سانبھر، کاکڑ، سور وغیرہ اور پرندے زیادہ ملتے ہیں۔  دو بار میں نے ان جنگلات میں خون کے نشانات دیکھے اور اندازہ لگایا کہ شیرنی نے سانبھر مارا ہے لیکن تلاش نہ کر پایا۔

اگلے دو ہفتے میں نے دن کا وقت اسی فارسٹ روڈ کے دونوں اطراف گشت میں گزارا۔  دو بار میں شیرنی کے قریب بھی پہنچا۔  پہلی بار جب میں کالا آگر کے سرے پر واقع ایک غیر آباد گاؤں گیا تھا جو آدم خور کی سرگرمیوں کی وجہ سے خالی ہو چکا تھا۔  واپسی پر میں نے مویشیوں کی گزرگاہ پکڑی جو گھوم کر فارسٹ روڈ کو جاتی ہے۔  میں یہاں پتھروں کے ڈھیر کے پاس ٹھٹھک گیا۔  مجھے خطرہ محسوس ہوا۔  اس جگہ فارسٹ روڈ تقریباً تین سو گز دور ہو گی۔  یہاں کنارے سے راستہ ہٹ کر چند گز سخت ڈھلوان اختیار کرتا ہوا دائیں مڑتا ہے اور پہاڑی پر سو گز تک جاتا ہے۔  پتھروں کا یہ ڈھیر اس راستے پر درمیان میں دائیں جانب تھا۔  ان پتھروں کے ڈھیر کے بعد راستہ ایک تنگ سا موڑ کاٹ کر ان پتھروں کے بائیں آ جاتا ہے۔  آگے چل کر ایک اور تنگ موڑ اور پھر یہ فارسٹ روڈ سے جا ملتا ہے۔

اس راستے سے میں پہلے بھی کئی بار آ چکا تھا۔  یہ پہلا موقع تھا کہ مجھے پتھروں کے ڈھیر سے گزرتے ہوئے جھجھک محسوس ہوئی۔  ان سے بچنے کا ایک راستہ یہ تھا کہ میں کئی سو گز گھنے جنگل سے گزرتا یا پتھروں کے اوپر سے لمبا چکر کاٹ کر گزرتا۔  میرے پاس لمبے چکر کا وقت نہ تھا کہ سورج ڈوبنے والا تھا اور دو میل کا سفر باقی تھا۔  اگر میں پہلا راستہ اختیار کرتا تو مجھے شدید خطرے سے دو چار ہونا پڑتا۔  چاہے مجھے کتنا ہی برا لگے، مجھے انہی پتھروں کے قریب سے ہو کر جانا تھا۔  ہوا نیچے سے اوپر کی طرف چل رہی تھی، سو میں بائیں جانب موجود گھنی گھاس کا قطعہ نظر انداز کر کے ساری توجہ دائیں طرف پتھروں پر رکھ سکتا تھا۔  سو فٹ کے بعد میں خطرے سے باہر ہوتا۔  یہ فاصلہ میں نے قدم بقدم طے کیا۔  میرا چہرہ ان پتھروں کی طرف اور رائفل شانے سے لگی ہوئی تھی۔  اگر کوئی مجھے دیکھتا تو ہنسی نہ روک پاتا۔

ان پتھروں سے تیس گز دور ایک کھلا قطعہ تھا جو راستے کے دائیں جانب سے شروع ہو کر پہاڑی پر پچاس یا ساٹھ گز تک چلا جاتا تھا۔  اس کے اور پتھروں کے ڈھیر کے درمیان ایک گھنی جھاڑی حائل تھی۔  اس قطعے میں ایک کاکڑ چر رہا تھا۔  میں نے اسے پہلے محسوس کر کے براہ راست دیکھنے کی بجائے کنکھیوں سے دیکھا۔  مجھے دیکھتے ہی کاکڑ نے سر اٹھایا لیکن اپنی طرف متوجہ نہ پا کر اس نے ساکت ہی کھڑے رہنے کو ترجیح دی۔  جب جانوروں کو احساس ہو کہ ان پر توجہ نہیں دی جا رہی تو بھاگتے نہیں۔  پہلے موڑ پر پہنچ کر میں نے کنکھیوں سے دیکھا تو کاکڑ دوبارہ گھاس چرنے لگ گیا تھا۔

ابھی اس موڑ سے میں تھوڑا آگے بڑھا تھا کہ کاکڑ دیوانہ وار بھونکتا ہوا سیدھا پہاڑی کے اوپر کو بھاگا۔  میں چند ہی قدموں میں واپس موڑ پر تھا۔  اسی وقت میں نے راستے کی نچلی طرف والی جھاڑیاں ہلتی دیکھیں۔  لازماً کاکڑ نے اسے دیکھا تھا اور جس جگہ جھاڑیاں ہل رہی تھیں، وہ واحد جگہ تھی جہاں سے کاکڑ شیرنی کو دیکھ سکتا تھا۔  جھاڑی میں حرکت کا سبب پرندہ بھی ہو سکتا تھا اور شیرنی بھی۔  آگے جانے سے قبل تھوڑی تفتیش لازمی ہو گئی تھی۔

راستے پر پتھروں سے نکلنے والے مختصر چشمے نے لال مٹی کو کیچڑ بنا دیا تھا۔  اس جگہ میرے قدموں کے نشان بالکل واضح تھے۔  گزرتے ہوئے میں نے اپنے نشانات چھوڑے تھے۔  یہاں اب پتھروں سے شیرنی کے کودنے اور اس وقت تک میرے پیچھے آنے کے نشانات تھے جب تک کہ کاکڑ نے بول کر اسے خبردار نہ کر دیا۔  یقیناً شیرنی اس پورے علاقے سے بخوبی واقف تھی۔  یہاں مجھے شکار نہ کر سکنے کے بعد اب وہ اگلے موڑ پر گھات لگانے جا رہی تھی کہ کاکڑ نے اس کا کھیل بگاڑ دیا۔  شاید اب وہ گھاس میں چھپ کر اگلے موڑ پر مجھے جا لینے کی کوشش کرے۔

اب راستے پر مزید چلنا بے وقوفی ہوتی۔  میں نے کاکڑ کے فرار کے راستے کو ترجیح دی اور بائیں مڑ کر نیچے اترا اور کھلے میدان سے ہو کر فارسٹ روڈ تک جا پہنچا۔  اگر اس وقت دن کی روشنی باقی ہوتی تو مجھے یقین تھا کہ شیرنی نہ بچ پاتی۔  پتھروں سے نکلنے کے بعد سے سارے حالات میری موافقت میں تھے۔  اس علاقے سے ہم دونوں ہی بخوبی واقف تھے۔  شیرنی کو میرے ارادے کا علم نہ تھا جبکہ میں اس کے ارادے سے بخوبی واقف تھا۔  مگر یہ سب باتیں بیکار تھیں کیونکہ تاریکی میں اب کم ہی وقت رہ گیا تھا۔

میں نے پہلے بھی بتایا کہ خطرے کے وقت میری چھٹی حس بیدار ہو کر اپنا کام کرتی ہے۔  مزید اس بارے میں کچھ کہنا کہ یہ کیا ہے اور کیسے کام کرتی ہے وغیرہ، موضوع سے بالکل ہٹ کر ہے۔  اس موقع پر میں نے نہ تو شیرنی کو دیکھا اور نہ ہی اس کی آواز سنی، نہ ہی پرندوں یا چرندوں نے کوئی اطلاع دی لیکن پھر بھی مجھے صاف اور بالکل واضح طور پر معلوم ہو گیا کہ آدم خور پتھروں کے پیچھے موجود ہے۔  اس دن میں بہت دیر سے جنگل میں تھا، کئی میل کا سفر بھی طے کیا اور کوئی خطرہ نہ محسوس ہوا۔  پتھروں کے نزدیک پہنچتے ہی مجھے علم ہو گیا کہ یہاں میرے لیے خطرہ ہے۔  چند منٹ بعد کاکڑ نے مجھے اور آس پاس کے جنگل کو شیرنی کی موجودگی سے خبردار کر دیا۔  مڑ کر تفتیش کرنے سے پتا چلا کہ شیرنی کے پگ میرے اپنے قدموں کے نشانات کے اوپر موجود تھے۔

۳

میں قارئین کا شکر گزار ہوں کہ وہ اب تک میری یہ داستان توجہ سے پڑھ رہے ہیں۔  اب میں تفصیل سے شیرنی سے اپنی پہلی اور آخری ملاقات کے بارے میں بتاتا ہوں۔

یہ ملاقات ۱۱ اپریل ۱۹۳۰ کو کالا آگر آمد کے انیسویں دن دوپہر کو ہوئی۔

میں اس روز دو بجے جنگل میں پہلے سے منتخب شدہ جگہوں پر تین بھینسے پر باندھنے نکلا۔  بنگلے سے میل بھر دور جہاں سڑک ایک کنارے سے ہو کر گزرتی ہے اور کالا آگر میں شمال سے مغرب کا رخ کرتی ہے، میں نے بہت سے آدمی دیکھے جو لکڑیاں اکٹھی کر رہے تھے۔  اس جماعت میں ایک بوڑھا آدمی تھا۔  اس نے یہاں سے پانچ سو گز دور درختوں کے ایک جھنڈ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں پچھلے ماہ آدم خور نے اس کے اٹھارہ سالہ اکلوتے نوجوان بیٹے کو مارا تھا۔  مجھے یہ کہانی متوفی کے باپ کی زبانی سننے کا اتفاق نہیں ہوا تھا۔  جب ہم سڑک کنارے سگریٹ پینے بیٹھے تو اس نے مجھے تفصیل بتائی اور اشاروں سے وہ جگہ دکھائی جہاں اس کا بیٹا مارا گیا تھا اور اگلے دن باقیات ملی تھیں۔  اس نے ان پچیس لوگوں کو لعنت ملامت کی جو اس دن اس کے ساتھ تھے لیکن اس کے بیٹے کو شیرنی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔  اس کا لہجہ تلخ تھا۔  ارد گرد موجود لوگوں میں سے چند لوگ اس دن اس کے ساتھ تھے۔  انہوں نے یہ بات سنتے ہی بوڑھے پر الزام دھرا کہ بوڑھے نے ہی غل مچایا تھا کہ شیر کی آواز آ رہی ہے، سب اپنی اپنی جان بچانے کے لیے بھاگیں۔  بوڑھا اس وضاحت سے مطمئن نہ ہوا۔  اس نے سر ہلا کر کہا کہ تم سب تجربہ کار تھے اور وہ محض لڑکا۔  تم نے اسے اکیلا چھوڑ دیا۔  مجھے افسوس ہوا کہ میرے سوالات کی وجہ سے تلخی پیدا ہوئی۔  بوڑھے کی تسلی کے لیے میں نے اسے بتایا کہ ایک بھینسا میں اس جگہ بھی باندھوں گا جہاں اس کا بیٹا مارا گیا تھا۔  اپنے دو ہمراہیوں کو دو بھینسے دے کر میں نے بنگلے واپس بھیجا اور خود تیسرے بھینسے اور دو آدمیوں کے ہمراہ اس جگہ چل دیا جہاں اس شخص کا بیٹا مارا گیا تھا۔

یہاں ہم نزدیک والی پگ ڈنڈی لے کر چل پڑے۔  یہ پگ ڈنڈی آڑی ترچھی نیچے وادی میں اتر کر دو میل آگے فارسٹ روڈ سے ملتی ہے۔  یہ راستہ ایک کھلے قطعے سے گزرتا ہے جو درختوں کے جھنڈ کے کنارے واقع ہے۔  یہاں وہ لڑکا مارا گیا تھا۔  اس کھلے قطعے میں جو کہ تیس مربع گز کا تھا، صنوبر کا ایک کم عمر درخت تھا۔  میں نے اسے کاٹ کر بھینسا کٹے ہوئے تنے سے باندھ دیا۔  ایک آدمی سے کہا کہ وہ گھاس جمع کرے۔  دوسرا آدمی مادھو سنگھ تھا جو گڑھوال رجمنٹ میں کام کر چکا تھا اور اب متحدہ صوبہ جات کی پولیس میں ملازم تھا، کو کہا کہ وہ درخت پر چڑھ کر کلہاڑی تنے پر مارے اور آواز کرتا رہے۔  یہ آواز مقامی افراد عموماً اکثر کرتے رہتے ہیں۔  اس کے بعد میں چار فٹ اونچے پتھر پر بیٹھ گیا۔  اس کا نچلا سرا زمین سے ملا ہوا تھا۔  اس پتھر کے پیچھے کی پہاڑی بہت ڈھلوان تھی اور گھنے جنگل سے بھری وادی تک جا رہی تھی۔

پہلا آدمی گھاس کاٹ کر بھینسے کے سامنے ڈال رہا تھا اور مادھو سنگھ مسلسل شور کر رہا تھا۔  میں پتھر پر بیٹھا سگریٹ پی رہا تھا اور رائفل میری بائیں بغل میں تھی۔  اچانک مجھے شیرنی کی آمد کا علم ہو گیا۔  زمین پر موجود پہلے آدمی کو اشارہ کیا کہ وہ میری طرف بھاگ کر آئے اور سیٹی بجا کر مادھو سنگھ کو بھی خاموش کرا دیا۔  تین اطراف سے زمین نسبتاً خالی تھی۔  مادھو سنگھ میرے سامنے بائیں جانب درخت پر تھا۔  گھاس کاٹنے والا آدمی اب میرے سامنے تھا۔  بھینسا ہمارے سامنے دائیں طرف اور بے چین دکھائی دے رہا تھا۔  اس علاقے میں شیرنی مجھے دکھائی دیے بغیر نزدیک نہ آ سکتی تھی۔  یہی امکان تھا کہ شیرنی میرے عقب اور نیچے سے آئی تھی جہاں میں اسے نہ دیکھ سکتا تھا۔

اس پتھر پر بیٹھتے وقت میں نے دیکھ لیا تھا کہ اس کے عقبی طرف ڈھلوان بہت عمودی تھی اور اس کی جڑ صنوبر کے درخت اور جھاڑیوں وغیرہ سے بھری ہوئی تھی۔  یہاں سے زمین آٹھ یا دس فٹ نیچے تھی۔  شیرنی کا اوپر چڑھنا مشکل سہی لیکن نا ممکن نہ تھا۔  میری حفاظت کا دارومدار اس گھاس پھونس میں شیرنی کی حرکت کی آواز سننے پر تھا۔

مجھے یقین ہے کہ آدم خور مادھو سنگھ کے شور کی وجہ سے متوجہ ہوئی تھی۔  اس گھاس میں شیرنی پتھر تک پہنچی اور مجھے دیکھ کر اپنے اگلے قدم کے بارے میں میں سوچ رہی تھی کہ مجھے اس کی موجودگی کی خبر ہو گئی۔  میرا رخ بدلنے اور میرے آدمیوں کی طرف سے اچانک خاموش ہونے سے شیرنی کو شک ہوا ہو گا۔  خیر چند منٹ بعد وادی کے نچلے سرے سے خشک ٹہنی ٹوٹنے کی آواز آئی اور بے چینی کی کیفیت اچانک ہی دور ہو گئی اور میں پر سکون ہو گیا۔  ایک موقع ضائع ہو گیا لیکن مجھے یقین تھا کہ وہ جلد یا بدیر واپس لوٹ کر بھینسے پر ہاتھ صاف کرے گی۔  ابھی چار یا پانچ گھنٹے کی روشنی باقی تھی اور وادی سے ہو کر مخالف سمت پہاڑی پر چڑھ کر بھینسا اور وادی کا بقیہ حصہ صاف دکھائی دے رہا تھا۔  اس جگہ سے اگر میں گولی چلاتا تو کم از کم دو یا تین سو گز دور ہوتا۔  لیکن میرے پاس موجود اعشاریہ ۲۷۵ کی رائفل بہت عمدہ نشانے کی حامل تھی۔  اگر شیرنی کو زخمی بھی ہو جاتی تو اس کا پیچھا کرنا آسان ہو جاتا بجائے اس کے کہ میں اسے کئی سو مربع میل کے جنگل میں تلاش کرتا جو میں گزشتہ کئی ماہ سے کر رہا تھا۔

میرے ساتھی میری مشکل تھے۔  انہیں اکیلا بنگلے بھیجنا قتل کے مترادف ہوتا۔  اس لیے انہیں ساتھ ہی رکھنا پڑا۔

بھینسے کو تنے سے مضبوطی سے باندھ کر کہ شیرنی اسے نہ لے جا سکے، ہم اس کھلے قطعے سے نکل کر دوبارہ راستے پر چڑھے تاکہ سامنے والی پہاڑی سے گولی چلانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہوں۔

راستے سے سو گز دور سامنے کھائی آئی۔  اس کی دوسری طرف راستہ بہت گھنی جھاڑیوں سے ہو کر گزرتا تھا جہاں دو آدمیوں کے ہمراہ گزرنا نادانی ہوتی۔  میں نے سوچا کہ کھائی سے ہو کر نیچے اترتے ہیں اور پھر آگے چل کر اوپر کی طرف نکلیں گے اور جہاں یہ جھاڑیاں ختم ہو رہی ہیں، پر راستے پر دوبارہ آ جائیں گے۔

کھائی دس گز چوڑی اور چار یا پانچ فٹ گہری ہو گی۔  جونہی میں اس میں اترا، ایک شب بیدار پرندہ اس جگہ سے اڑا جہاں میں نے چٹان پر ہاتھ رکھا تھا۔  غور کرتے ہی مجھے اس جگہ زردی مائل دو انڈے دکھائی دیے جن پر بھورے دھبے موجود تھے۔  ان کی شکل منفرد تھی۔  ایک بہت لمبا اور نوکدار جبکہ دوسرا کنچے کی مانند گول۔  میرے پاس اس پرندے کے انڈے نہیں تھے اس لیے سوچا کہ انڈے ساتھ لیتا چلوں۔  میرے پاس کوئی ایسی چیز نہیں تھی کہ جس میں احتیاط سے انڈے لے جاتا۔  میں نے ہتھیلی کا پیالہ بنا کر انڈے رکھے اور ارد گرد کائی رکھ دی۔

جونہی میں نیچے اترا، کھائی کے کنارے اونچے ہو گئے اور جہاں سے ہم نیچے اترے، ساٹھ گز دور اچانک راستہ بارہ یا چودہ فٹ نیچے کی طرف عمودی ڈھلوان تھا۔  ان پہاڑی کھائیوں میں بہنے والے تیز رفتار پانی نے اس پتھر کو کاٹ کر شیشے کی طرح ہموار اور چکنا بنا دیا تھا۔  چونکہ اس پر قدم جمانا مشکل تھا، میں نے رائفل اپنے ساتھیوں کو دے کر خود بیٹھا اور پھسل کر نیچے اترا۔  ابھی بمشکل میرے پیر زمین سے لگے ہوں گے کہ میرے ساتھی میرے دائیں بائیں غڑاپ سے اترے اور رائفل مجھے دیتے ہوئے چلائے کہ کیا میں نے شیرنی کی آواز سنی؟ میں نے پھسلتے ہوئے اپنے کپڑوں کی سرسراہٹ کے سوا اور کچھ نہ سنا تھا۔  سوال کیا تو پتہ چلا کہ انہوں نے دھاڑ سنی تھی۔  یہ آواز بہت نزدیک سے آئی تھی لیکن وہ سمت کا اندازہ کرنے سے قاصر رہے۔  شیر جب شکار کی نیت سے گھات لگا رہا ہو تو وہ آواز نکال کر اپنا راز فاش نہیں کرتا۔  اس کا بہت ہی احمقانہ جواب یہ تھا کہ شیرنی نے ہم تینوں میں سے شکار کے لیے مجھے چنا اور جونہی میں پھسل کر اس کی نظروں سے اوجھل ہوا، اس نے آواز نکالی۔  ظاہر ہے کہ یہ جواب معقول نہیں کہ بغیر کسی وجہ سے یہ فرض کرنا پڑتا کہ شیرنی نے میرے ساتھیوں کو چھوڑ کر مجھے ہی منتخب کیا ہو گا، کیا اسے بقیہ دو انسانوں سے کوئی دل چسپی نہیں تھی؟

ہم تینوں جہاں تھے، ہمارے عقب میں وہی ڈھلوان تھی جہاں سے ہم نیچے اترے تھے، دائیں جانب چٹانی دیوار جو کہ پندرہ فٹ بلند اور کھائی پر ہلکی سی جھکی ہوئی تھی اور ہمارے بائیں جانب چٹانی کنارہ تھا جو تیس یا چالیس فٹ بلند تھا۔  جہاں ہم کھڑے تھے، وہاں کھائی کا ریتلا پیندا چالیس فٹ لمبا اور دس فٹ چوڑا تھا۔  اس کے نچلے سرے پر صنوبر کے ایک بڑے درخت نے گر کر بند سا قائم کیا ہوا تھا۔  اسی بند کی وجہ سے اس جگہ ریت تھی۔  جھکی ہوئی چٹان درخت سے کوئی بارہ یا پندرہ فٹ قبل ہی ختم ہو جاتی تھی۔  میں اس تک بے آواز پہنچا۔  خوش قسمتی سے یہاں میں نے محسوس کیا کہ اس چٹان کے دوسری طرف بھی ریت ہے۔

یوں سمجھیں کہ یہ چٹان سکول والی بہت بڑی سلیٹ تھی۔  اس کا نچلا سرا دو فٹ موٹا تھا اور یہ سیدھی کھڑی تھی۔

جونہی میں اس سے آگے بڑھا، اور دائیں کندھے سے سر موڑ کر دیکھا تو میری نظریں براہ راست شیرنی کی نظروں سے جا ٹکرائیں۔

اب میں آپ کو اس ساری صورتحال کی واضح تصویر پیش کرتا ہوں۔

چٹان کی دوسری طرف ریتلا پیندا تقریباً ہموار تھا۔  اس کے دائیں جانب پندرہ فٹ بلند اور جھکی ہوئی چٹان تھی۔  اس کے بائیں جانب پندرہ فٹ بلند کانٹے دار جھاڑیوں سے بھرا کنارہ تھا۔  اس کی دوسری طرف اسی طرح کی ڈھلوان تھی جیسی کہ ہم نے کچھ دیر پہلے دیکھی تھی تاہم یہ کچھ زیادہ بلند تھی۔  ریتلا پیندا تین اطراف سے ان قدرتی دیواروں سے گھرا بیس فٹ لمبا اور دس فٹ چوڑا تھا۔  اس پر شیرنی اگلے پنجے پھیلائے اور پچھلے پنجوں پر بیٹھی ہوئی تھی۔  اس کا فاصلہ مجھ سے آٹھ فٹ (بعد میں ماپا گیا) تھا۔  اس کے چہرے پر ایسی مسکراہٹ تھی جیسے کوئی کتا اپنے مالک کو بہت دن بعد گھر آتا دیکھے تو اس کے چہرے پر ہوتی ہے۔

میرے ذہن میں فوراً ہی دو سوچیں آئیں۔  پہلی تو یہ کہ مجھے کچھ کرنا ہو گا، دوسری یہ کہ جو کچھ کروں، ایسے انداز سے ہو کہ شیرنی کو خطرہ نہ محسوس ہو۔

رائفل میرے دائیں ہاتھ میں اور رخ دوسری طرف تھا۔  سیفٹی کیچ بند تھا اور شیرنی تک اس کو گھمانے کے لیے تین چوتھائی دائرہ طے کرنا ہوتا۔

میں نے بہت آہستگی سے ایک ہاتھ سے رائفل کی نالی کو حرکت دینا شروع کیا۔  جب چوتھائی دائرے کے بعد کندہ میرے پہلو سے لگا۔  اب مجھے اپنے بازو کو آگے بڑھا کر دائرہ پورا کرنا تھا۔  میں نے ہاتھ لمبا کر کے حرکت جاری رکھی۔  میرا بازو پوری طرح پھیلا ہوا تھا اور رائفل کا بوجھ بھاری پڑنے لگا تھا۔  تھوڑا سا اور حرکت کرنی تھی۔  اس دوران شیرنی کی نگاہیں میری نگاہوں سے نہیں ہٹی اور اس کے چہرے پر وہی مسکراہٹ تھی۔

رائفل کو تین چوتھائی دائرہ طے کرنے میں کتنا وقت لگا، کہنا مشکل ہے۔  میرے لیے تو بس شیرنی کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے رائفل کو حرکت دینا اور رائفل کی حرکت کو نہ دیکھ سکنا، ہاتھ شل ہوتا ہوا محسوس کرنا، جیسے کہ یہ دائرہ کبھی پورا نہیں ہو گا ہی تھا۔  بالآخر دائرہ مکمل ہوا اور جونہی رائفل شیرنی کے جسم کی طرف سیدھی ہوئی، میں نے لبلبی دبا دی۔

رائفل چلی تو اس کا دھکا، اس تنگ جگہ میں اس کی گونجتی ہوئی دھمک سے مجھے رائفل کے چلنے کا احساس تو ہوا لیکن لبلبی دبانے سے رائفل چلنے تک لگا جیسے کوئی ڈراؤنا خواب دیکھ رہا ہوں۔  ایسا خواب کہ شدید خطرے کی حالت میں رائفل کی لبلبی تو بار بار دبائی جاتی ہے لیکن رائفل نہیں چلتی۔

کچھ دیر تک شیرنی اپنی جگہ پر بے حس و حرکت رہی پھر بہت آہستگی سے اس کا سر اس کے پھیلے ہوئے اگلے پنجوں کی طرف جھکنے لگا۔  اسی وقت گولی کے سوراخ سے خون کی دھار بہہ نکلی۔  گولی اس کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑتی ہوئی دل کے اوپری حصے کے چیتھڑے اڑا گئی۔

چند گز پیچھے میرے دونوں ساتھی شیرنی کو سلیٹ نما چٹان کی وجہ سے نہ دیکھ سکے مگر مجھے رکتا دیکھ کر وہ بھی رک گئے۔  انہیں پتہ چل گیا کہ میں نے شیرنی کو دیکھ لیا ہے اور میرے انداز سے جان گئے کہ شیرنی بہت نزدیک ہے۔  بعد ازاں مادھو سنگھ نے مجھے بتایا کہ وہ چلا کر کہنے والا تھا کہ میں انڈے پھینک کر دونوں ہاتھوں سے رائفل پکڑ لوں۔  جونہی میں نے گولی چلائی اور پھر کچھ دیر کے بعد رائفل کو نیچے کر کے نال اپنے پنجے پر رکھی تو قریب ہی موجود مادھو سنگھ نے بڑھ کر رائفل لے لی۔  میری ٹانگیں اچانک ہی جواب دے گئیں۔  میں بڑی مشکل سے اس گرے ہوئے درخت تک پہنچ کر بیٹھ گیا۔  شیرنی کے پنجوں کو دیکھنے سے قبل ہی مجھے یقین ہو گیا تھا کہ آدم خور اب قصہ پارینہ بن چکی ہے۔  قسمت کی مدد سے اس نے سرکاری طور پر چونسٹھ اور ضلع کے لوگوں کے مطابق اس سے دگنی تعداد کے لوگوں کی زندگی کی ڈور کاٹی، اب اگرچہ سب کچھ اسی کے حق میں تھا، قسمت نے اس کی زندگی کی ڈور کاٹ دی۔

آپ کو شاید ایسا لگے کہ تین چیزیں میری کمزوری تھیں جبکہ وہ تینوں میری موافقت میں تھیں۔  ان میں:

۱۔  بائیں ہاتھ میں انڈے

۲۔  ہلکی رائفل

۳۔  شیرنی کا آدم خور ہونا

اگر میرے ہاتھ میں انڈے نہ ہوتے تو میں شیرنی کو اتنا قریب دیکھتے ہی مڑتا اور رائفل کو اس کی طرف پھیرنے کی کوشش کرتا۔  اس طرح شیرنی فوراً جست لگا دیتی جو آہستہ آہستہ رائفل کا رخ پھیرنے کی وجہ سے نہیں لگی۔  اسی طرح اگر رائفل ہلکی نہ ہوتی تو میرے لیے ایک ہاتھ سے اس کا رخ بدلنا اور پھر ہاتھ پوری طرح پھیلائے ہوئے چلانا نا ممکن ہوتا۔  آخری بات، اگر شیرنی آدم خور نہ ہوتی تو جونہی اس نے خود کو گھرا ہوا دیکھا، فوراً ہی جست لگا کر مجھے اپنی راہ سے ہٹاتی جاتی۔  شیروں کے اس طرح کسی کو ہٹانے کا مطلب عموماً یقینی موت ہوتا ہے۔

جب میرے ساتھی لمبا چکر کاٹ کر بھینسا کھولنے اور رسی لانے گئے، میں چٹانوں پر چڑھا اور کھائی میں جا کر انڈوں کو ان کے جائز مالک کو لوٹا آیا۔  آپ یا دیگر شکاری مجھے توہم پرست کہیں تو کہتے رہیں۔  تین مختلف مواقع پر، بہت لمبے عرصے یعنی سال بھر شیرنی کا پیچھا کرنے اور ہر ممکنہ کاوش کے باوجود میں شیرنی پر ایک گولی بھی نہ چلا سکا۔  ان انڈوں کو چند منٹ اپنے ہاتھ میں رکھتے ہی میری قسمت بدل گئی۔

انڈے ابھی تک میرے بائیں ہاتھ میں محفوظ اور گرم تھے۔  میں نے انہیں واپس گھونسلے میں رکھ دیا۔  نصف گھنٹے بعد جب ہم ادھر سے گزرے تو ان کی ماں ان پر بیٹھ چکی تھی اور اس کا رنگ آس پاس سے اتنا مل گیا تھا اصل جگہ جانتے ہوئے بھی میں اسے نہ دیکھ پایا۔

مہینوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے بعد بھینسا اب ہم سے اتنا مانوس ہو چکا تھا کہ کتے کی طرح ہمارے پیچھے چلتا ہوا آیا اور شیرنی کی لاش سونگھ کر اس کے پاس لیٹ کر جگالی کرنے لگا۔  ہم نے درخت کاٹ کر شیرنی لادی۔

میں نے کوشش کی کہ مادھو سنگھ بنگلے سے کچھ اور آدمی لائے لیکن اس نے ایک نہ سنی۔  آدم خورنی کو لے جانے کے اعزاز میں اس نے کسی اور شریک کرنا مناسب نہ سمجھا۔  مجھے بھی ان کی مدد کرنی پڑی کیونکہ دو بندوں کے لیے لاش بہت بھاری تھی۔  مادھو سنگھ کے خیال میں جگہ جگہ رکتے ہوئے ہم چلتے جائیں تو اتنا زیادہ مشکل نہ ثابت ہو۔  ہم تینوں بہت مضبوط جثے کے افراد تھے۔  دو آدمی بچپن سے کڑی مشقت کے عادی اور تیسرے کو زندگی نے بہت سخت بنا دیا تھا۔  پھر بھی یہ کام کسی معجزے سے کم نہ تھا۔

ہم جس راستے سے آئے تھے، بہت تنگ اور بل دار تھا اور اس پر شیرنی والا درخت نہ گزر سکتا تھا۔  جگہ جگہ رک کر سانس بحال کرتے اور کپڑے کو اس طرح کندھوں پر رکھتے ہوئے کہ درخت ہمارے گوشت میں نہ کھب جائے، ہم سیدھے پہاڑی پر رس بھری اور دیگر جھاڑیوں سے ہوتے ہوئے چڑھے۔  ان جھاڑیوں میں ہمارے چہرے اور جسموں کی کھال کا کچھ حصہ اٹکا رہ گیا۔  بعد ازاں کئی دن تک نہاتے ہوئے کافی تکلیف رہی۔

سورج ابھی پہاڑیوں پر چمک رہا تھا کہ تھکے ہوئے مگر انتہائی خوش ہم تین افراد کالا آگر کے بنگلے میں پہنچے۔  اس شام سے اب تک سینکڑوں مربع میل پر پھیلے اس علاقے میں کوئی انسان نہیں مارا گیا یا زخمی ہوا جو سلسلہ چوگڑھ کی آدم خور شیرنی نے پانچ سال سے جاری رکھا تھا۔

میں نے مشرقی کماؤں کے نقشے پر ایک اور کانٹا لگا دیا جو میرے سامنے دیوار پر لٹک رہا ہے۔  اس پر وہی تاریخ درج ہے جس روز آدم خور ماری گئی۔  یہ کانٹا کالا آگر سے دو میل دور لگا ہے اور اس پر ۱۱ اپریل ۱۹۳۰ کی تاریخ درج ہے۔

شیرنی کے پنجے ٹوٹے اور گھسے ہوئے تھے۔  اس کا ایک بڑا دانت ٹوٹ چکا تھا اور سامنے والے دانت بھی جبڑے کی ہڈی تک گھسے ہوئے تھے۔  انہی معذوریوں کی وجہ سے ہی وہ اپنا فطری شکار نہ جاری رکھ سکی اور اسے آدم خور بننا پڑا۔  وہ خود سے شکار کو فوراً ہلاک کرنے کے قابل نہیں رہی تھی۔  خصوصاً جب سے میں نے پہلے چکر پر غلطی سے اس کے نوجوان بچی کو مار دیا تھا۔

٭٭٭

پوال گڑھ کا کنوارہ شیر

۱

ہمارے سرمائی گھر سے تین میل دور جنگل کے عین وسط میں چار سو گز لمبا اور دو سو گز چوڑا ایک کھلا قطعہ ہے۔  اس پر زمرد رنگ کی گھاس اگی ہے اور آس پاس بڑے بڑے درخت ہیں جن پر مختلف بیلیں چڑھی ہوئی ہیں۔  اس قطعے سے زیادہ خوبصورت کوئی اور جگہ نہیں۔  میں نے اسی قطعے میں پہلی مرتبہ صوبجات متحدہ میں پوال گڑھ کے کنوارے شیر کے نام سے موسوم شیر دیکھا تھا۔  ۱۹۲۰ سے ۱۹۳۰ کے دوران بڑے شکار کے شوقین افراد سب سے زیادہ اسی شیر کے پیچھے لگے رہے۔

سردیوں کی اس صبح ابھی سورج نکلا ہی تھا کہ میں اس اونچی جگہ پہنچا جہاں سے قطعے کا نظارہ ممکن تھا۔  اس قطعے کی دوسری جانب سرخ جنگلی مرغیوں کا ایک غول پتوں میں اپنی خوراک تلاش کر رہا تھا۔  یہ جگہ ایک شفاف ندی کے بالکل کنارے پر تھی۔  اس جگہ سبز گھاس پر شبنم کے قطرے سورج کی روشنی میں چمک رہے تھے اور اسی گھاس پر ۵۰ سے زیادہ چیتل چر رہے تھے۔  میں درخت کے تنے پر بیٹھا سگریٹ پیتے ہوئے اس منظر سے لطف اندوز ہو رہا تھا کہ کچھ دیر بعد سب سے پیچھے والی مادہ نے مڑ کر میری طرف دیکھا اور بولی۔  اگلے ہی لمحے بیچلر نامی یہ شیر میرے درخت کے نیچے گھنی جھاڑیوں سے نکل کر قطعے میں داخل ہوا۔  وہ کافی دیر تک اسی جگہ رک کر خوبصورت منظر سے لطف اندوز ہونے کے بعد آہستہ خرامی سے چلتا ہوا قطعے کو عبور کرنے لگا۔  اس کی خوبصورت کھال سردیوں کی ہلکی دھوپ میں انتہائی خوبصورت لگ رہی تھی۔  چلتے ہوئے وہ بار بار دائیں بائیں دیکھتا گیا۔  چیتل اس کے سامنے سے ہٹتے جا رہے تھے۔  ندی پر لیٹ کر اس نے اپنی پیاس بجھائی اور جست لگا کر ندی کو عبور کر کے اس کے پیچھے جنگل میں گم ہو گیا۔  جنگل میں داخل ہوتے وقت اس نے تین بار گرج کر جنگل کی تمام مخلوق کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گرمجوشی سے اسے خوش آمدید کہا تھا۔  ہر بار جب وہ بولا، تمام جنگلی مرغیاں اور درختوں پر موجود بندروں نے بھی بول کر جواب دیا۔

اس روز بیچلر اپنے گھر سے بہت دور تھا۔  اس علاقے کے زیادہ تر شیر ہاتھی کی پشت سے شکار ہوئے تھے، سو اس شیر نے اپنے گھر کا چناؤ بہت احتیاط سے کیا تھا۔  پہاڑی دامن میں موجود نصف میل طویل کھائی جس کے دونوں اطراف ڈھلوانیں کم از کم ہزار فٹ بلند تھیں۔  کھائی کے ایک سرے پر بیس فٹ بلند آبشار اور دوسرے سرے پر راستہ محض چار فٹ چوڑا تھا۔  ہر شکاری جو اس شیر کو شکار کرنا چاہتا، اسے پیدل چل کر ہی یہاں آنا تھا۔  اس محفوظ جگہ رہنے اور رات کے شکار پر حکومتی پابندی سے اس شیر نے اپنے کھال طویل عرصے تک بچائے رکھی۔

اگرچہ بیچلر کو مارنے کے لیے بہت بار بودے باندھے گئے لیکن کبھی بھی اس پر گولی چلانے کا موقع نہیں ملا۔  دو بار بیچلر بال بال بچا۔  پہلی بار ہانکے کے بعد جب شیر نکلا تو فریڈ اینڈرسن کی رائفل کے سامنے عین اس وقت مچان والی رسی آ گئی جب وہ گولی چلانے والا تھا اور دوسری بار بیچلر ہانکا شروع ہونے سے قبل ہی مچان کے قریب سے گزرا جب ہیوش ایڈی اپنا پائپ بھر رہا تھا۔  دونوں شکاریوں نے اسے چند فٹ کے فاصلے سے دیکھا۔  اینڈرسن کے مطابق یہ شیر شیٹ لینڈ پونی کے برابر اور ایڈی کے خیال میں گدھے جتنا بڑا تھا۔

ان ناکام کوششوں کے بعد میں سردیوں میں ونڈھم کو اپنے ساتھ جنگل میں بیچلر کی رہائش گاہ کے سرے پر لے گیا۔  ہندوستان میں شیروں کے متعلق ونڈھم سے زیادہ کوئی نہیں جانتا۔  اس جگہ میں نے علی الصبح بیچلر کے پگ دیکھے تھے۔  ونڈھم کے ساتھ اس کے دو مقامی شکاری بھی تھے۔  ان تینوں نے پگوں کا معائنہ کیا۔  ونڈھم کے مطابق کھونٹوں کے درمیان شیر کی لمبائی ۱۰ فٹ، پہلے شکاری کے مطابق شیر کی لمبائی نشیب و فراز سے ۱۰ فٹ ۶ انچ دوسرے کے مطابق ۱۰ فٹ ۵ انچ تھی۔  تینوں کا متفقہ خیال تھا کہ اس سے بڑے شیر کے پگ انہوں نے زندگی بھر نہیں دیکھے۔

۱۹۳۰ میں محکمہ جنگلات نے بیچلر کے رہائشی علاقے میں جنگلوں کی کٹائی شروع کی جس سے تنگ آ کر بیچلر نے اپنی رہائش بدل دی۔  مجھے اس بارے میں ان دو شکاریوں نے بتایا جن کے پاس اس علاقے میں شیر کے شکار کے اجازت نامے تھے۔  یہ اجازت نامے ہر ماہ پندرہ دن کے لیے دیے جاتے تھے۔  اس سال سردیوں میں شکاریوں کی جماعتیں اس شیر کو مارنے کی ناکام کوششیں کرتی رہیں۔

سردیوں کے اختتام پر مجھے ڈاک کے ہرکارے نے آ کر بتایا کہ اس نے صبح ایک بہت بڑے شیر کے پگ دیکھے۔  اتنے بڑے پگ اس نے ۳۰ سال کے دوران نہیں دیکھے تھے۔  یہ ہرکارہ ہر روز صبح اور شام کو ہمارے گاؤں سے گزرتا تھا۔  اس نے کہا کہ یہ شیر مغرب سے آیا اور سڑک پر دو سو گز تک چلنے کے بعد بادام کے درخت کے پاس سے مشرق کو مڑ گیا۔  بادام کا یہ درخت ہمارے گھر سے دو میل دور اور کافی مشہور تھا۔  جس راستے پر شیر گیا وہ راستہ نصف میل گھنے جنگلوں سے گزرنے کے بعد ایک بڑے نالے سے ہوتا ہوا پہاڑ کے دامن میں مڑ کر گھنے جنگل سے بھری ہوئی وادی کو جاتا ہے جو شیروں کی پسندیدہ رہائش گاہ ہے۔

اگلے روز میں صبح سویرے اس نیت سے روبن کے ساتھ نکلا کہ جہاں پگڈنڈی وادی میں داخل ہوتی ہے، اس مقام کو دیکھوں۔  وادی میں آنے جانے والے تمام جانور یہاں سے گزرتے ہیں۔  جونہی ہم گھر سے نکلے تو روبن کو پتہ چل گیا کہ ہم کسی خاص مہم کے لیے جا رہے ہیں اور اس نے شور مچاتی جنگلی مرغی، ہمیں قریب آنے دینے والے کاکڑ اور ہمیں دیکھ کر شور مچانے والے دو سانبھروں کی طرف کوئی توجہ نہ دی۔  جہاں مویشیوں کی پگڈنڈی وادی میں داخل ہوتی ہے اور زمین سخت ہو جاتی ہے، اس جگہ پہنچ کر روبن نے اپنا سر جھکایا اور پوری احتیاط سے زمین اور آس پاس کے پتھر سونگھے۔  میرا اشارہ پاتے ہی وہ آگے ہوا اور مجھ سے ایک گز آگے چلتا ہوا بڑھا۔  اس کے انداز سے ظاہر تھا کہ وہ شیر کی تازہ بو کا پیچھا کر رہا ہے۔  سو گز مزید نیچے جا کر جہاں پگڈنڈی چوڑی ہو جاتی ہے، نرم زمین پر میں نے شیر کے پگ دیکھے۔  ایک ہی جھلک سے مجھے تسلی ہو گئی کہ یہ پگ بیچلر کے ہی ہیں جو ہم سے بمشکل ایک یا دو منٹ قبل یہاں سے گزرا ہے۔

نرم زمین سے گزرنے کے بعد راستہ ۳۰۰ گز تک پتھروں سے ہوتا ہوا پھر کھلے میدان میں داخل ہوتا ہے۔  اگر شیر راستے پر ہی چلتا رہا ہو تو اس کھلے قطعے میں ہم اسے دیکھ سکتے تھے۔  ابھی ہم پچاس گز مزید آگے گئے ہوں کہ روبن نے رک کر اپنا سر اٹھایا اور راستے کے بائیں جانب گھاس کے ایک پتے کو اوپر سے نیچے اور پھر نیچے سے اوپر سونگھا۔  پھر راستہ چھوڑ کر گھاس میں داخل ہو گیا۔  یہ گھاس دو فٹ بلند تھی۔  گھاس کے دوسرے سرے پر چالیس فٹ چوڑی ایک کانٹے دار جھاڑی تھی۔  عموماً یہ جھاڑی بہت گنجان اور پانچ فٹ تک بلند ہوتی ہے۔  اس کے پتے چوڑے اور اتنے گھنے نہیں ہوتے۔  پھول بھی گچھوں کی شکل میں لٹکتے ہیں۔  شیر، سانبھر اور سور اس کے سائے کو بہت پسند کرتے ہیں۔  جب روبن یہاں پہنچا تو رک کر مڑا اور میرے پاس آیا۔  اس کا مطلب تھا کہ اسے جھاڑی میں دکھائی نہیں دے رہا اس لیے اسے گود میں اٹھا لوں۔  اسے اٹھا کر میں نے اس کی پچھلی ٹانگیں اپنی بائیں جیب میں ڈالیں جبکہ اس نے اگلے پنجے میرے بائیں شانے پر رکھ دیے۔  اس طرح وہ پوری طرح محفوظ تھا اور میرے دونوں ہاتھ بھی رائفل چلانے کے لیے آزاد تھے۔  اس حالت میں روبن نے کبھی بھی، چاہے اس نے کچھ بھی دیکھا ہو یا گولی چلانے سے قبل یا گولی چلانے کے بعد ہمارے شکار نے جو کچھ بھی کیا ہو، روبن اپنی جگہ سے نہیں ہلا اور نہ ہی میرا نشانہ خراب کیا۔  میں اس جھاڑی میں گھس کر آہستگی سے آگے بڑھا۔  میں نے ابھی نصف فاصلہ ہی طے کیا ہو گا کہ اچانک میں نے اپنے سامنے کی جھاڑیاں ہلتی دیکھیں۔  شیر کو جھاڑی سے نکلنے کا موقع دے کر میں آگے بڑھا تاکہ کھلے میدان میں شیر کو دیکھ سکوں تاہم شیر گم ہو چکا تھا۔  روبن کو نیچے اتارا تو اس نے سونگھ کر مجھے بتایا کہ شیر بائیں جانب کی ایک تنگ اور گہری کھائی میں اترا ہے۔  یہ کھائی آگے جا کر ایک وادی میں ختم ہوتی ہے جہاں کئی غار ہیں۔  ان غاروں میں شیر بکثرت رہائش رکھتے ہیں۔  قریب سے شیر کے حملے کا سامنا کرنے کے لیے میرے پاس مناسب رائفل نہیں تھی اور ناشتے کا وقت بھی ہو رہا تھا، میں اور روبن واپس لوٹے۔

ناشتے کے بعد میں اعشاریہ ۴۵۰ بور کی رائفل کے ساتھ اکیلا لوٹا۔  جونہی میں اس پہاڑی کے نزدیک پہنچا جہاں سے مقامی افراد گورکھوں کے حملے کا سامنا کرتے رہے تھے، مجھے کسی آدمی کے چلانے اور بھینسوں کی گھنٹیوں کی آواز سنائی دی۔  یہ آوازیں اسی پہاڑی کے اوپر سے آ رہی تھیں جہاں نصف ایکڑ زمین ہموار ہے۔  جب میں پہاڑی پر چڑھا تو دیکھا کہ ایک آدمی درخت پر چڑھا ہوا کلہاڑی کا دستہ درخت پر مار کر شور کر رہا ہے۔  درخت کے تنے کے گرد بہت سی بھینسیں جمع تھیں۔  جب اس آدمی نے مجھے دیکھا تو چپ ہوا اور بتایا کہ شکر ہے کہ میں بروقت پہنچا ورنہ اونٹ کے برابر شیطان شیر اسے کئی گھنٹوں سے تنگ کر رہا تھا۔  اس کے بیان سے پتہ چلا کہ جب میں اور روبن واپس لوٹے تو اس آدمی نے اپنی بھینسوں کے لیے بانس کے پتے کاٹنا شروع کیے۔  فوراً ہی اس نے ایک شیر کو اپنی جانب آتے دیکھا۔  اس نے شیر کو دیکھتے ہی شور مچایا جیسا کہ عام لوگ شیروں کو بھگانے کے لیے کرتے ہیں۔  بھاگنے کی بجائے شیر غرانے لگا۔  فوراً ہی یہ آدمی بھاگا اور قریبی درخت پر چڑھ گیا۔  شیر نے اس کی چیخوں اور شور پر کوئی توجہ نہ دی اور درخت کے گرد چکر کاٹنے شروع کر دیے۔  بھینسوں نے درخت کے گرد جمع ہو کر اپنا رخ شیر کی طرف کر لیا۔  شاید شیر نے مجھے آتے سنا تو چند لمحے قبل ہی چلا گیا تھا۔  میں اس آدمی کو بہت عرصے سے جانتا تھا اور نمبردار سے جھگڑے سے قبل اس کی بندوق سے چوری بہت زیادہ شکار کھیل چکا تھا۔  اس نے درخواست کی کہ میں اسے اور اس کی بھینسوں کو بحفاظت جنگل سے باہر لے جاؤں۔  اسے آگے چلنے کا کہہ کر میں اس کے پیچھے چلنے لگا تاکہ کوئی بھینس بھٹک جائے تو اسے ساتھ لے آؤں۔  ابتدا میں ساری بھینسیں دائرے کی صورت میں ہی رکی رہیں تاہم کچھ دیر بعد ہم انہیں لے کر چل پڑے۔  ابھی ہم نے اس جنگل میں نصف راستہ طے کیا ہو گا کہ مجھے محسوس ہوا کہ شیر ہماری دائیں جانب سے بولا ہے۔  میرے ساتھی نے اپنی رفتار تیز کر دی اور میں نے بھی بھینسوں کو ہانکا۔  ہمارے سامنے ابھی ایک میل کا بہت گھنا جنگل تھا جس کے بعد ندی کے پار کھلا میدان شروع ہو جاتا تھا جو ان کے لیے محفوظ تھا۔  یہاں اس کا گاؤں بھی موجود تھا۔

میرے شناسا مجھے شکاری سے زیادہ فوٹوگرافر کی حیثیت سے جاننے لگے ہیں۔  قبل اس کے کہ میں اس آدمی سے جدا ہوں، اس نے درخواست کی کہ اس بار میں کیمرہ رکھ کر رائفل اٹھاؤں اور اس شیطان شیر کو ہلاک کر دوں۔  اگر یہ شیر ایک بھینس روز کھائے تو پچیس روز میں اس کا سارا ریوڑ ختم کر دے گا۔  میں نے اپنی سی پوری کوشش کرنے کا وعدہ کیا اور اس طرف چل پڑا جہاں ایسا تجربہ میرا انتظار کر رہا تھا جس کی تمام جزئیات میرے ذہن میں ثبت ہیں۔

کھلے میدان میں پہنچ کر میں زمین پر بیٹھ گیا تاکہ جب شیر یا کوئی جنگلی جانور بولے تو مجھے شیر کے محل وقوع کا علم ہو جائے۔  اس وقت تین بج رہے تھے اور سورج کی تمازت راحت بخش تھی۔  گھٹنوں پر سر جھکا کر میں ابھی چند منٹ غنودگی کے عالم میں رہا ہوں گا کہ شیر کی آواز سے بیدار ہو گیا۔  پھر شیر وقفے وقفے سے بولنے لگا۔

پہاڑوں اور میدانوں کے درمیان نصف میل چوڑی اور جنگل سے بھری ایک پٹی سی ہے۔  اتنا گھنا جنگل کئی سو میل تک کہیں اور نہیں۔  میں نے اندازہ لگایا کہ شیر اسی پٹی میں دوسری جانب موجود ہے۔  یہاں سے اس کا فاصلہ پون میل ہو گا۔  اس کے بولنے کے انداز سے محسوس ہوا کہ شیر ملاپ کے لیے جوڑے کی تلاش میں ہے۔

اس جگہ سے نزدیک اور قطعے کے اوپر بائیں جانب سے ایک راستہ شروع ہوتا تھا جو کئی سال قبل جنگل کی کٹائی اور لکڑی کی منتقلی کے لیے استعمال ہوتا رہا تھا۔  یہ راستہ آگے چل کر مجھے تقریباً وہیں لے جاتا جہاں اس وقت شیر موجود تھا۔  اگر میں یہ راستہ اپناتا تو براہ راست شیر تک پہنچ سکتا تھا مگر وہاں گھاس بہت لمبی تھی اور روبن کی مدد کے بغیر میرے لیے شیر کو تلاش کرنا تقریباً نا ممکن ہوتا۔  اس لیے میں نے شیر کی طرف جانے کی بجائے اسے اپنی طرف بلانے کا فیصلہ کیا۔  میں شیر سے اتنا دور تھا کہ وہ مجھے نہ سن سکتا۔  اس لیے میں اس راستے پر چند سو گز بھاگا اور پھر رائفل زمین پر رکھ کر ایک اونچے درخت پر چڑھا اور تین بار بولا۔  فوراً ہی بیچلر کا جواب آیا۔  نیچے اتر کر میں واپس بھاگا اور بار بار آواز نکالتا جا رہا تھا۔  جب میں اس قطعے پر واپس پہنچا تو مجھے چھپنے کے لیے کوئی مناسب جگہ نہ ملی۔  مجھے ایسی جگہ جلد ہی تلاش کرنی تھی۔  بدبو دار کالے پانی سے بھرے چھوٹے سے گڑھے کو نظر انداز کر کے میں کھلے میدان میں ایک جگہ لیٹ گیا۔  یہاں سے بیس گز دور راستہ گھاس میں داخل ہوتا تھا۔  اس جگہ سے مجھے راستہ پچاس گز تک دکھائی دیتا تھا اور اس کے بعد جھاڑیوں کی وجہ سے نظروں سے اوجھل ہو جاتا تھا۔  میرا اندازہ تھا کہ شیر اسی راستے سے آتا۔  میں نے فیصلہ کیا کہ جونہی شیر دکھائی دیا تو فوراً ہی گولی چلا دوں گا۔

رائفل کھول کر اور کارتوسوں کو دیکھ کر میں نے رائفل کے بھرے ہونے کی تسلی کی اور پھر سیفٹی کیچ اتار کر میں نرم زمین پر کہنیوں کے بل لیٹ کر شیر کا انتظار کرنے لگا۔  اس میدان میں پہنچ کر میں نے پھر سے شیرنی کی آواز نہیں نکالی تھی اور اب میں نے ایک ہلکی سی آواز سے شیر کو اپنے موجودہ مقام سے آگاہ کیا۔  فوراً ہی سو گز دور سے شیر کا جواب آیا۔  اگر وہ اپنی موجودہ رفتار سے آیا تو تیس سیکنڈ کے اندر اندر وہ مجھے دکھائی دے جاتا۔  میں نے بہت آہستگی سے گننا شروع کیا اور ۸۰ تک گنا کہ اچانک دائیں جانب جھاڑیوں میں حرکت دکھائی دی۔  اس جگہ جھاڑیاں محض دس گز دور تھیں۔  اپنی آنکھیں اس طرف گھماتے ہوئے دیکھا کہ ایک بہت بڑے شیر کا سر جھاڑیوں کے اوپر سے نکلا ہوا ہے۔  اس جگہ جھاڑیاں چار فٹ اونچی تھیں۔  شیر ایک یا دو فٹ جتنا جھاڑیوں کے اندر تھا لیکن مجھے اس کا سر ہی دکھائی دیا۔  بہت آہستگی سے میں نے رائفل گھمائی اور جونہی میں نے شست باندھی، مجھے محسوس ہوا کہ شیر کا سر بالکل میری سیدھ میں نہیں۔  میں نیچے لیٹا ہوا تھا اور شیر کا سر بلندی پر تھا اور مجھے اوپر کی طرف گولی چلانی تھی۔  میں نے اس کی دائیں آنکھ سے ایک انچ نیچے گولی چلا دی۔  اس کے بعد اگلے نصف گھنٹے تک خوف کے مارے میرا دم نکلا رہا۔

شیر مرنے کی بجائے ہوا میں اچھلا اور پشت کے بل جھاڑیوں پر گرا۔  اس جگہ ایک فٹ چوڑا درخت تھا جو کسی طوفان میں گر گیا تھا۔  ابھی یہ درخت سبز تھا۔  ناقابل یقین غصے سے شیر نے دھاڑتے ہوئے درخت کے پرزے پرزے کرنا شروع کر دیے جیسے یہ درخت ہی اس کا دشمن ہو۔  درخت کی شاخیں ایسے ہوا میں اچھل رہی تھیں جیسے کوئی گردباد انہیں اچھال رہا ہو اور میری طرف جھاڑیاں ہل رہی تھیں۔  ہر لحظہ مجھے یہی ڈر تھا کہ شیر اب جھاڑیوں سے نکلا کہ تب نکلا۔  گولی چلاتے وقت شیر سیدھا مجھے دیکھ رہا تھا اور بخوبی جانتا تھا کہ میں کہاں ہوں۔

میں اتنا دہشت زدہ تھا کہ رائفل کو دوبارہ بھرنے کی ہمت نہ کر سکا کہ شیر اس آواز سے میری طرف متوجہ نہ ہو جائے۔  میں نصف گھنٹے تک بائیں نال کی لبلبی پر انگلی رکھے اور پسینے سے شرابور اسی جگہ بے حس و حرکت لیٹا رہا۔  آخرکار درخت کی شاخوں اور جھاڑیوں کا ہلنا بند ہوا اور شیر کی دھاڑیں بھی کم ہوتی گئیں اور دھاڑیں بند ہوتے ہی میں نے سکون کا سانس لیا۔  مزید نصف گھنٹے تک میں بے حس و حرکت لیٹا رہا حتیٰ کہ میرے بازو رائفل کے بوجھ سے شل ہو گئے۔  پھر میں نے اپنے پنجوں کی مدد سے خود کو پیچھے کی طرف کھینچنا شروع کیا۔  تیس گز تک اسی طرح حرکت کرنے کے بعد میں اٹھا اور جھک کر چلتے ہوئے نزدیک درخت پر چڑھ گیا۔  یہاں میں مزید چند منٹ تک رکا لیکن پھر ہر طرف چھائی ہوئی خاموشی کے سبب اٹھا اور گھر کو چل دیا۔

۲

اگلی صبح میں ایک آدمی کے ساتھ لوٹا۔  یہ آدمی درخت پر چڑھنے کا ماہر تھا۔  پچھلی شام میں نے دیکھا تھا کہ کھلی زمین کے کنارے ایک درخت اگا تھا جس سے ۴۰ گز دور گولی کھا کر شیر گرا تھا۔  ہم یہاں تک بڑی احتیاط سے پہنچے اور میں تنے کے پیچھے رکا جبکہ میرا ساتھی درخت پر چڑھا۔  کافی دیر تک پوری توجہ سے دیکھنے کے بعد اس نے سر ہلایا اور نیچے اترا۔  نیچے اتر کر اس نے بتایا کہ کافی بڑے رقبے پر موجود جھاڑیاں گری ہوئی ہیں لیکن شیر کا کوئی نشان نہیں۔

میں نے اسے دوبارہ اوپر چڑھنے کا اشارہ کیا اور کہا کہ وہ پوری توجہ مرکوز رکھے۔  اگر اسے جھاڑیوں میں کوئی حرکت دکھائی دے تو فوراً مجھے مطلع کرے۔  اس کے بعد میں پوری احتیاط سے ان جھاڑیوں کی طرف گیا جہاں کل شیر نے اپنا غصہ ٹھنڈا کیا تھا۔  شیر کے پاس اپنا غصہ ٹھنڈا کرنے کی معقول وجہ تھی۔  نہ صرف اس نے درخت کی شاخوں اور چھال کو ادھیڑا تھا بلکہ بہت ساری جھاڑیوں کو اس نے یا تو جڑ سے اکھاڑ کر یا چبا کر پھینکا تھا۔  ہر جگہ خون ہی خون تھا اور زمین پر دو جگہوں پر جمے ہوئے خون کے دائرے دکھائی دیے۔  ان میں سے ایک دائرے کے پاس میں نے دو مربع انچ حجم کی ایک ہڈی اٹھائی۔  معائنے سے میں نے اندازہ لگایا کہ یہ ہڈی شیر کی کھوپڑی کی ہے۔

یہاں سے آگے خون کے نشانات ختم ہو گئے۔  یہ اس بات کا ثبوت تھا کہ شیر زندہ ہے اور اگر میں نے کل یہاں سے نکلتے وقت ہر ممکن احتیاط نہ کی ہوتی تو شاید میں آج زندہ نہ ہوتا کیونکہ جب میں یہاں سے کھسکنے لگا تو دنیا کے سب سے خطرناک جانور یعنی تازہ زخمی شیر سے محض دس گز دور تھا۔  اس جگہ دائرے میں چکر لگانے پر کہیں کہیں خون کے دھبے دیکھے۔  غالباً شیر نے یہاں اپنا منہ رگڑا ہو گا۔  ان نشانات سے اندازہ لگانا مشکل نہ تھا کہ یہ نشانات دو سو گز دور سیمل کے ایک بڑے درخت کو جا رہے تھے۔  آگے بڑھنے سے قبل میں پیچھے ہٹا اور اپنے ساتھی والے درخت پر چڑھا تاکہ اس جگہ داخل ہونے سے قبل یہاں کا طائرانہ جائزہ لے سکوں۔  مجھے یہ خلش ستا رہی تھی جب میں اس جگہ جاؤں گا تو شیر ابھی زندہ ہو گا۔  سر کے زخم کے ساتھ شیر کئی دنوں تک زندہ رہ سکتے ہیں اور کبھی کبھار تو وہ بالکل صحت یاب بھی ہو جاتے ہیں۔  بے شک اس شیر کی کھوپڑی کا کچھ حصہ گم تھا لیکن مجھے اس طرح کے زخمی شیر کا کوئی تجربہ نہ تھا۔  ہو سکتا ہے یہ شیر چند گھنٹے یا چند دن زندہ رہے یا پھر بہت برس زندہ رہ کر اپنی فطری موت مرے۔  اس لیے میں نے شیر کو معمولی زخمی شیر سمجھ کر ہر ممکن طور پر محتاط رہتے ہوئے پیچھا کرنے کا فیصلہ کیا۔

میں نے درخت پر بلندی سے دیکھا کہ سیمل کے درخت کی جانب سیدھی لکیر سے تھوڑا سا بائیں جانب دو اور درخت ہیں۔  نزدیکی درخت خون کے نشانات سے ۳۰ گز جبکہ دوسرا مزید ۵۰ گز دور تھا۔  اپنے ساتھی کو درخت پر چھوڑ کر میں نیچے اترا اور رائفل، بندوق اور سو کارتوسوں کا تھیلا اٹھایا اور بہت احتیاط سے نزدیکی درخت پر چڑھ کر تیس فٹ کی بلندی پر بیٹھ گیا۔  پھر میں نے ڈوری سے بندھی رائفل اور بندوق اوپر کھینچے۔  میں نے رائفل کو درخت کے دو شاخے پر فوری استعمال کی نیت سے ٹکا کر بندوق سے چھروں کو دوسرے درخت کی جڑ تک ہر جگہ مارنا شروع کر دیا۔  میرے ذہن میں یہ خیال تھا کہ اگر شیر زندہ اور اسی علاقے میں ہے تو زخمی شیروں کی طرح اپنے پاس بندوق چلنے کی آواز سن کر یا کوئی چھرا لگنے کی وجہ سے حملہ کرے گا یا غرائے گا۔  شیر کی موجودگی کی کوئی اطلاع نہ پا کر میں نے دوسرے درخت کا رخ کیا اور وہاں سے سیمل کے درخت سے چند گز دور تک چھرے مارے۔  آخری کارتوس میں نے سیمل کے درخت پر چلایا تو محسوس ہوا جیسے شیر ہلکی آواز سے غرایا ہو۔  یہ آواز دوبارہ نہ آئی تو میں نے اسے تخیل سمجھا۔  کارتوسوں کا تھیلا ختم ہو گیا تھا اس لیے میں نے دوسرے ساتھی کو درخت سے اتارا اور گھر چل پڑا۔

جب میں دوسری صبح لوٹا تو میرا بھینسوں والا دوست کھلے علاقے میں بھینسیں چرا رہا تھا۔  مجھے دیکھ کر اس نے سکون کا سانس لیا۔  مجھے اس کی وجہ بعد میں معلوم ہوئی۔  گھاس ابھی تک شبنم سے نم تھی لیکن ایک خشک جگہ دیکھ کر ہم سگریٹ پینے اور گپ شپ کرنے بیٹھے۔  یہ آدمی چور شکاری رہ چکا تھا۔  اس نے ساری زندگی انہی جنگلوں میں گزاری تھی جو شیروں سے بھرے تھے اور اس کا کافی تجربہ تھا۔

کل جب میں اسے کھلے میدان میں چھوڑ کر واپس لوٹا تو اس نے نالا عبور کیا اور پھر اس جانب سے آوازیں سننے بیٹھ گیا جہاں میں واپس گیا تھا۔  اس نے دو شیروں کو بولتے سنا اور پھر میری گولی کی آواز سنی اور پھر دوسرے شیر کو غصے سے غراتے سنا تو اس کے ذہن میں فوری طور پر یہ خیال آیا کہ میں نے ایک شیر کو زخمی کر دیا ہے جس نے حملہ کر کے مجھے ہلاک کر دیا ہے۔  اگلی صبح اسی جگہ لوٹ کر اس نے پورے سو مرتبہ بندوق چلنے کی آوازیں سنیں تو پریشان ہو گیا۔  اس کا تجسس اتنا بڑھا کہ آج وہ اس معاملے کو تفصیل سے جاننے آ گیا تھا۔  خون کی بو پا کر اس کی بھینسوں نے رہنمائی کی۔  جہاں شیر گرا تھا، وہاں اس نے خشک خون کے دھبے اور ہڈی کا ٹکڑا پایا۔  اس کے خیال میں ایسا جانور جس کی کھوپڑی سے ہڈی کا ٹکڑا ٹوٹ کر الگ ہو چکا ہو، چند گھنٹوں سے زیادہ زندہ نہیں رہ سکتا۔  اسے اتنا یقین تھا کہ اس نے مجھے پیشکش کی کہ ہم اس کی بھینسیں لے کر جنگل میں گھسیں اور شیر کی لاش ڈھونڈیں۔  بھینسوں کی مدد سے زخمی جانور کو تلاش کرنے کے بارے میں میں پہلے بھی سن چکا تھا مگر کبھی استعمال کرنے کا موقع نہیں ملا تھا۔  میں نے اسے کہا کہ اگر اس کی کوئی بھینس زخمی ہوئی یا ماری گئی تو میں اسے قیمت ادا کروں گا۔

۲۵ بھینسوں کا رخ بدل کر اور انہیں اکٹھا رکھتے ہوئے ہم اس جگہ بڑھے جہاں میں نے کل سو کارتوس چلائے تھے۔  ہم سیدھا سیمل کے درخت کو گئے اور بھینسیں ہمارے پیچھے تھیں۔  پیش قدمی کافی سست تھی۔  گھاس ہماری تھوڑیوں تک بلند تھی اور ہاتھوں سے گھاس ہٹا کر قدم رکھنے کے لیے جگہ تلاش کرنی پڑتی تھی۔  ہمیں بار بار اس لیے بھی رکنا پڑ رہا تھا تاکہ بھینسیں منتشر نہ ہو جائیں۔  جونہی ہم سیمل کے درخت کے پاس پہنچے تو گھاس کچھ چھدری ہو چکی تھی اور یہاں میں نے دیکھا کہ ایک چھوٹا سا گڑھا تھا جہاں خشک پتے بچھے تھے اور خون کے دھبے موجود تھے۔  ان میں سے کچھ دھبے خشک تھے، کچھ خشک ہو رہے تھے اور ایک دھبہ بالکل تازہ تھا۔  جب میں نے اس گڑھے میں اپنا ہاتھ رکھا تو وہ ابھی تک گرم تھا۔  کل میں نے یہاں پورے سو کارتوس چلائے تو شیر اسی جگہ لیٹا تھا۔  اب اس نے ہمیں آتے دیکھ کر ہی یہ جگہ چھوڑی۔  بھینسوں نے خون دیکھ لیا تھا اور زمین پر کھر مار رہی تھیں۔  ایسی صورتحال کہ ایک طرف سے شیر حملہ کر رہا ہو اور دوسری جانب بپھری ہوئی بھینسیں ہوں، مجھے بالکل نہیں جچی۔  فوراً ہی میں نے اپنے دوست کا بازو پکڑا اور ہم بھینسوں سمیت کھلے میدان کو لوٹ آئے۔  جب ہم محفوظ جگہ پہنچے تو میں نے اپنے دوست سے کہا کہ گھر واپس چلیں اور میں کل اکیلا آ کر اس شیر کا سامنا کروں گا۔

میں ہر روز جس راستے سے گزر کر آتا جاتا تھا، اس کے کچھ حصے کی مٹی بالکل نرم تھی۔  چوتھے دن اسی نرم مٹی پر میں نے ایک بڑے نر شیر کے پگ دیکھے۔  ان پگوں کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا کہ سو گز آگے جا کر شیر سیمل کے درخت سے سو گز کے فاصلے پر گھنی جھاڑیوں میں گھسا ہے۔  یہ صورتحال انتہائی غیر متوقع تھی۔  اگر اب میں کسی شیر کو دیکھتا تو انتہائی قریب جائے بغیر یہ جاننا ممکن نہیں تھا کہ میں زخمی شیر کو دیکھ رہا ہوں یا دوسرے شیر کو۔  تاہم ابھی شیر میرے سامنے نہیں تھا، سو اس بارے میں سوچنا بے کار تھا۔  میں جھاڑیوں میں گھسا اور سیمل کے درخت کے پاس موجود اس گڑھے کو چل پڑا جہاں کل میں نے شیر کی موجودگی کے آثار پائے تھے۔

یہاں خون کے نشان نہیں تھے سو میں آڑا ترچھا چلنے لگا۔  اس جگہ جھاڑیاں اتنی گھنی تھیں کہ چند انچ سے زیادہ آگے دیکھنا ممکن نہ تھا۔  میں ایک گھنٹے سے زیادہ چلنے کے بعد دس فٹ چوڑے نالے پر پہنچا۔  نیچے اترنے سے قبل میں نے دوسرے کنارے کو دیکھا تو مجھے ایک شیر کی پچھلی ٹانگ اور دم دکھائی دی۔  شیر بالکل ساکت تھا اور اس کا سر اور جسم درخت کے پیچھے اور صرف ایک ٹانگ سامنے تھی۔  شیر مجھ سے دس گز دور تھا اس لیے گولی چلا کر اس کی ٹانگ توڑ دینا انتہائی آسان تھا۔  اگر مجھے یقین ہوتا کہ یہ ٹانگ اسی زخمی شیر کی ہے تو میں ضرور گولی چلا دیتا۔  تاہم اس علاقے میں اب دو شیر موجود تھے اور اگر میں غلط شیر کو زخمی کرتا تو میری مشکلات دگنی ہو جاتیں۔  پھر شیر نے حرکت کی اور آگے بڑھ گیا۔  اس کے جانے کے بعد میں اس جگہ پہنچا تو دیکھا کہ وہاں خون کی چند بوندیں موجود تھیں۔  اب یہ سوچ کر افسوس کرنا کہ میں نے گولی چلا کر شیر کی ٹانگ کیوں نہیں توڑی، بے کار تھا۔

چوتھائی میل آگے جا کر ایک چھوٹی ندی تھی۔  شیر کے زخم بھر رہے تھے اور وہ شاید اسی ندی پر پانی پینے جائے۔  اسے راستے ہی میں جا لینے یا ندی پر جا کر گھات لگانے کی نیت سے میں نے جنگلی جانوروں ایک پگڈنڈی پکڑی جو آگے جا کر ندی سے گزرتی ہے۔  ابھی میں کچھ ہی دور چلا ہوں گا کہ بائیں جانب سے سانبھر کی خطرے کی آواز سنی اور پھر سانبھر گھنے جنگل میں بھاگ گیا۔  یعنی شیر اور میں ندی سے یکساں دور تھے۔  چند لمحے بعد مجھے پچاس گز دور اسی جگہ سے کسی بھاری جانور کے پنجے کے نیچے آ کر خشک شاخ ٹوٹنے کی آواز سنائی دی جہاں سے سانبھر بھاگا تھا۔  سانبھر نے پورے جنگل کو شیر کی موجودگی سے خبردار کر دیا تھا۔  ظاہر ہے کہ یہ شاخ شیر کے پنجے تلے آ کر ہی ٹوٹی تھی۔  میں نے فوراً زمین پر لیٹ کر اسی جانب رینگنا شروع کر دیا۔

یہاں جھاڑیاں چھ سے آٹھ فٹ بلند تھیں۔  ان کی اوپری شاخوں پر گھنے پتے جبکہ تنے اور نچلے حصے کافی چھدرے تھے۔  زمین پر لیٹ کر میں تقریباً پندرہ فٹ تک دیکھ سکتا تھا۔  میں نے تیس گز کا فاصلہ طے کیا اور خواہش تھی کہ شیر سامنے سے ہی حملہ کرے (کیونکہ میں صرف سامنے ہی کی جانب گولی چلا سکتا تھا)۔  اچانک مجھے کسی سرخ چیز پر سورج چمکتا ہوا دکھائی دیا۔  ہو سکتا ہے کہ یہ کوئی خشک پتہ ہو یا پھر شیر۔  تاہم دو گز دائیں جانب جا کر میں اسے مزید بہتر دیکھ سکتا تھا۔  سر کو اتنا جھکا کر کہ تھوڑی زمین کو لگنے لگی، میں اس طرف رینگنے لگا۔  اس جگہ پہنچ کر میں نے سر اٹھایا تو شیر کو عین اپنے سامنے پایا۔  زمین پر جھکا ہوا شیر سیدھا مجھے دیکھ رہا تھا۔  سورج اس کے بائیں شانے پر چمک رہا تھا۔  میری دو گولیاں کھاتے ہی وہ بائیں پہلو گرا اور آواز تک نہ نکالی۔

پاس کھڑے ہو کر میں نے اس پر نظریں دوڑائیں تو پنجے دیکھنے کی ضرورت نہیں تھی کہ میرے سامنے بیچلر تھا۔

چار دن قبل لگنے والی گولی کا داخلی سوراخ کھال کی سلوٹ میں چھپ گیا تھا اور سر کی پشت پر بڑا سوراخ تھا جو ناقابل یقین حد تک صاف ستھرا تھا۔

رائفل کی آواز دور تک سنی گئی ہو گی، سو میں فوراً ہی گھر لوٹا۔  چائے پیتے ہوئے میں نے تفصیل بتائی تو میرے آدمی جمع ہونے لگے۔

اپنی بہن اور روبن کے علاوہ ۲۰ افراد کے ساتھ ہم اسی جگہ لوٹے اور شیر کو رسیوں سے باندھنے سے قبل میں نے اپنی بہن کی مدد سے شیر کو سر سے دم تک اور دم سے سر تک ماپا۔  گھر پہنچ کر ہم نے اسے دوبارہ ماپا۔  غیر جانبدار آدمی کی عدم موجودگی میں ایسی پیمائشیں بے کار ہوتی ہیں، مقصد یہ بتانا ہے کہ ماہر شکاری جانور کے پگ سے اس کے قد کا بالکل درست اندازہ لگا سکتے ہیں۔  آپ کو یاد ہو گا کہ ونڈہم نے دو کھونٹوں کے درمیان شیر کی لمبائی دس فٹ بتائی تھی، جو کہ نشیب و فراز شامل کرنے سے دس فٹ چھ انچ بنتی ہے۔  پہلے شکاری نے نشیب و فراز کو شامل کر کے دس فٹ پانچ انچ جبکہ دوسرے نے دس فٹ چھ انچ یا اس سے کچھ زیادہ بتائی تھی۔  ان اندازوں کے سات سال بعد جب میں نے اپنی بہن کی مدد سے اس شیر کو ماپا نشیب و فراز کو شامل کر کے تو شیر کی لمبائی دس فٹ سات انچ نکلی۔

میں نے اس شیر کے شکار کی کہانی قدرے تفصیل سے سنائی کہ ۱۹۲۰ سے ۱۹۳۰ کے درمیان شیروں کا شکار کرنے والے شکاری اس شیر کے شکار کے بارے میں جاننا چاہیں گے۔

٭٭٭

موہن کا آدم خور

۱

ہمالیہ میں ہمارے گرمائی گھر سے ۱۸ میل دور پہاڑی سلسلہ شروع ہوتا ہے جو شرقاً غرباً ۹۰۰۰ فٹ کی بلندی تک پھیلا ہوا ہے۔  اس کے مشرقی سرے پر گھاس سے بھری ڈھلوانیں ہیں۔  اس گھاس کے بعد یہ پہاڑی سلسلہ تیزی سے نیچے ہوتا ہوا دریائے کوسی تک جاتا ہے۔

ایک دن اس جگہ شمالی طرف واقع گاؤں کی عورتیں اور لڑکیاں گھاس کاٹ رہی تھیں کہ اچانک ایک شیر نمودار ہوا۔  بھگدڑ کے دوران ایک عورت کا پیر پھسلا اور وہ ڈھلوان پر لڑھکتی نیچے جا گری۔  ان عورتوں کی بھگدڑ اور چیخوں سے پریشان ہو کر شیر جتنی خاموشی سے آیا تھا، اتنی ہی خاموشی سے غائب ہو گیا۔  جب یہ خواتین چپ ہوئیں تو انہوں نے اکٹھے ہو کر چٹان سے نیچے جھانکا۔  ان کی ساتھی ذرا نیچے ایک اور چٹان پر پڑی تھی۔

اس عورت نے بتایا کہ وہ سخت زخمی ہے اور حرکت نہیں کر سکتی۔  بعد میں پتہ چلا کہ اس کی ایک ٹانگ اور کئی پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں۔  کافی غور و خوض کے بعد خواتین نے طے کیا کہ یہ کام مردوں کا ہے۔  انہوں نے زخمی عورت سے کہا کہ وہ گاؤں جا کر مدد لاتی ہیں۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان میں سے کوئی بھی زخمی عورت کے پاس رکنے کو تیار نہیں۔  زخمی عورت نے منتیں کیں کہ کوئی تو رک جائے۔  اس کی بے بسی پر ترس کھاتے ہوئے ایک سولہ سالہ لڑکی رک گئی۔  باقی تمام عورتیں گاؤں روانہ ہو گئیں جبکہ یہ لڑکی راستہ تلاش کر کے نیچے اتری۔

یہ چٹان پہاڑی سے ذرا باہر نکلی ہوئی تھی۔  جس جگہ عورت لیٹی تھی، اس کے پاس ہی ایک گڑھا سا تھا۔  زخمی عورت کو یہ خوف تھا کہ کہیں وہ نیچے نہ گر جائے۔  اس نے لڑکی سے کہا کہ وہ اسے کنارے سے ہٹا کر اس گڑھے میں لے جائے۔  اس لڑکی نے بمشکل تمام زخمی عورت کو گڑھے تک پہنچایا۔  گڑھا اتنا چھوٹا تھا کہ اس میں لڑکی کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی۔  وہ مشکل سے سکڑ کر قریب ہی بیٹھ گئی۔

گاؤں ۴ میل دور تھا۔  دونوں بار بار اندازہ لگاتیں کہ کتنی دیر بعد مدد آئے گی۔  عورتوں کو گاؤں پہنچنے پر کتنا وقت لگے گا اور کتنی دیر بعد مرد اکٹھے ہو کر آئیں گے۔

یہ گفتگو سرگوشیوں میں ہو رہی تھی کہ کہیں شیر آس پاس ہو اور ان کی آواز سن کر آ جائے۔  اچانک زخمی عورت نے لڑکی کو سختی سے جکڑ لیا۔  اس عورت کے چہرے پر دہشت کے آثار دیکھ کر لڑکی نے اپنے کندھے کے اوپر سے دیکھا تو کانپ کر رہ گئی۔  شیر نیچے اتر کر ان کی طرف ہی آ رہا تھا۔

چند ہی افراد ان بھیانک خوابوں سے جاگے ہوں گے جب دہشت کے مارے ان کے اعضاء بیکار اور آواز بند ہو جاتی ہے۔  بھیانک بلائیں ان کا پیچھا کر رہی ہوتی ہیں۔  خوف سے پسینہ بہہ رہا ہوتا ہے۔  بیدار ہونے پر ہم خدا کا شکر ادا کر رہے ہوتے ہیں۔  لیکن اس بدقسمت لڑکی کے بس میں اس بھیانک حقیقت سے فرار ممکن نہ تھا۔  اس منظر کا اندازہ کرنے کے لیے زیادہ وقت نہیں لگتا۔  پہاڑی سے نکلی ہوئی چٹان کا سرا جو کہ ایک گڑھے پر ختم ہوتا ہے، پر دو عورتیں موجود ہیں جو خوف سے حرکت کرنا بھول جاتی ہیں۔  شیر ان کی طرف آہستگی سے بڑھتا چلا آ رہا ہے۔  فرار کے تمام راستے مسدود ہیں۔

میرا پرانا دوست موٹھی سنگھ اس وقت اسی گاؤں میں اپنی بیمار بیٹی کی تیمار داری کے لیے آیا تھا کہ یہ عورتیں آن پہنچیں۔  وہ امدادی جماعت کے ساتھ بطور سربراہ گیا۔  جب یہ سب لوگ چٹان پر جا کر جھکے تو نیچے صرف بے ہوش عورت اور خون کے نشان ہی باقی تھے۔

زخمی عورت کو احتیاط سے اٹھا کر یہ لوگ گاؤں لوٹے۔  جب اسے ہوش آیا تو اس نے اپنی بپتا سنائی۔  موٹھی سنگھ اسی وقت میری طرف روانہ ہو گیا۔  اس کی عمر ۶۰ سال سے زیادہ تھی۔  جب وہ اٹھارہ میل چل کر میرے پاس پہنچا تو یہ ماننے کو تیار نہ تھا کہ اسے آرام کرنا ہے یا وہ تھکا ہوا ہے۔  ہم اسی وقت روانہ ہو گئے۔  حادثے کے چوبیس گھنٹے بعد ہم جائے واردات پر پہنچے۔  میں اب کچھ بھی نہ کر سکتا تھا۔  شیر نے اس بہادر لڑکی کے جسم کی چند ہڈیاں اور خون آلود کپڑے ہی چھوڑے تھے۔

یہ اس شیر کی پہلی واردات تھی۔  بعد ازاں اسے سرکاری طور پر ’موہن کا آدم خور‘ کہا گیا۔

لڑکی کو مارنے کے بعد سردیوں میں شیر نیچے کوسی وادی چلا گیا اور راستے میں انسانی شکار کرتا گیا۔  ان میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے دو آدمی اور ہماری اسمبلی کے رکن کی بہو بھی شامل تھے۔  آدم خور گرمیوں میں یہاں لوٹا جہاں سے اس نے آدم خوری شروع کی تھی۔  اس کے کئی سال بعد تک اس کی شکار گاہ کوسی وادی سے ککری کھاٹ اور گرگیا تک پھیلی رہی۔  یہ اندازاً چالیس میل بنتے ہیں۔  بعد ازاں یہ موہن کے اوپر بھی شکار کرنے لگا۔

چوگڑھ کے شیروں میں بیان کردہ ضلعی کانفرنس میں کماؤں کے ضلع میں سرگرم آدم خوروں کی ترجیحی فہرست کچھ یوں تھی:

۱۔  چوگڑھ کے شیر

۲۔  موہن، ضلع الموڑا

۳۔  کنڈا، ضلع گڑھوال

جب میں چوگڑھ کی شیرنیوں کا خاتمہ کر کے فارغ ہوا تو بینز نے یاد دلایا کہ ابھی اس فہرست کا ایک حصہ پورا ہوا ہے اور موہن کا آدم خور اگلے نمبر پر اپنی باری کا منتظر ہے۔  بینز الموڑہ کا ڈپٹی کمشنر تھا۔  اس نے بتایا کہ شیر کی سرگرمیاں روز بروز بڑھ رہی ہیں۔  گزشتہ ہفتے اس نے تنکولا گاؤں سے مزید تین انسانی شکار کیے تھے۔  بینز نے مشورہ دیا کہ میں اس گاؤں سے ابتدا کروں۔

میں جب چوگڑھ کی شیرنیوں کے پیچھے تھا تو بینز نے اس آدم خور کے پیچھے کئی پیشہ ور شکاری لگائے تھے۔  انہوں نے انسانی لاشوں پر بیٹھ کر شیر کا انتظار کیا لیکن ناکام رہے کہ شیر اپنے شکار پر دوسری مرتبہ نہ آتا تھا۔  آخرکار یہ سب واپس لوٹ گئے۔  بینز نے مجھے بتایا کہ اب میں اس شیر کے پیچھے جا سکتا ہوں کہ دیگر تمام شکاری مایوس ہو کر لوٹ گئے ہیں۔  یہ بہت اہم بات ہے کہ آدم خور کے تعاقب میں ایک سے زیادہ شکاری نہ جائیں۔  آدم خور کا تعاقب کرتے وقت انتہائی گھبراہٹ میں غلطی سے ایک شکاری دوسرے کو بھی ہلاک کر سکتا ہے۔

۲

مئی کی ایک جھلساتی دوپہر کو میں اپنے دو ملازموں اور چھ گڑھوالیوں کے ہمراہ نینی تال سے آنے والی ٹرین سے رام نگر کے سٹیشن پر اترا۔  یہاں سے ہم ۲۴ میل کے پیدل سفر پر کرتکالہ روانہ ہوئے۔  ہماری پہلی منزل ۷ میل دور گرگیا تھی جہاں ہم شام کو پہنچے۔  بینز کا خط ایسے وقت ملا کہ روانگی سے قبل میں ڈاک بنگلہ استعمال کرنے کی اجازت نہ لے سکا۔  اس لیے ہم لوگ کھلی جگہ خیمہ لگا کر سو گئے۔

گرگیا میں دریائے کوسی کے کنارے کئی سو فٹ بلند ایک چٹان ہے۔  جب میں سونے لگا تو اس طرف ایسی آوازیں آنے لگیں جیسے پتھر لڑھک رہے ہوں۔  کچھ دیر بعد مجھے تشویش ہونے لگی۔  چاند نکلا اور اتنی روشنی ہو گئی کہ سانپ وغیرہ سے بچ کر چلنا ممکن تھا تو میں آواز کی جانب بڑھا۔  پتہ چلا کہ یہ آواز سڑک کے کنارے تالاب کے مینڈکوں کی ہے۔  میں نے خشکی، پانی حتیٰ کہ درخت پر رہنے والے اور دنیا کے مختلف حصوں کے مینڈکوں کی آوازیں سنی ہیں لیکن جیسی آواز گرگیا کے مینڈک مئی کے مہینے میں کر رہے تھے، کہیں اور نہیں سنی۔

علی الصبح ہم روانہ ہوئے اور ابھی دن گرم ہو رہا تھا کہ موہن پہنچ گئے۔  یہ بارہ میل کا سفر تھا۔  جتنی دیر میں میرے ہمراہی اپنے لیے کھانا اور میرے ملازمین میرے لیے ناشتہ بنانے لگے، بنگلے کے چوکیدار، جنگل کے دو چوکیداروں اور کئی مقامی لوگوں نے مجھے آدم خور کی داستانیں سنا سنا کر کافی محظوظ کیا۔  سب سے مزے کی داستان وہ تھی جس میں مقامی مچھیرا اور جنگل کا مقامی چوکیدار تھے۔  جنگل کے چوکیدار نے خود کو اس کہانی کا ہیرو ظاہر کیا۔  اس نے مزے لے لے کر بتایا کہ کس طرح وہ ایک مقامی مچھیرے کے ہمراہ جا رہا تھا کہ ایک موڑ مڑتے ہوئے اس نے آدم خور شیر دیکھا۔  مچھیرے نے اس کی بندوق چھینی اور دونوں ہی سر پر پیر رکھ کر بھاگے۔  میں نے پوچھا، ’کیا تم نے پیچھے مڑ کر دیکھا؟‘ میری سادہ لوحی پر ترس کھاتے ہوئے اس نے جواب دیا، ’نہیں صاحب، جب آدم خور تعاقب میں ہو تو پیچھے مڑ کر دیکھنے کا کسے ہوش رہتا ہے‘۔  پھر اس نے بتایا کہ مچھیرا جو اس سے آگے تھا، اچانک گھاس میں سوئے ہوئے ایک ریچھ پر چڑھ گیا۔  پھر ان کی بدحواسی، ریچھ اور شیر کا مشترکہ ہنگامہ، غرض عجیب منظر تھا۔  جس کا منہ جس طرف اٹھا، ادھر کو بھاگا۔  کافی دیر بعد مچھیرا واپس لوٹا تو چوکیدار نے اسے خوب لعن طعن کی کہ وہ کیسے اسے نہتا کر کے ریچھ اور آدم خور کے رحم و کرم پر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔  چوکیدار نے کہانی ختم کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے اگلے روز مچھیرا بستی چھوڑ کر چلا گیا کیونکہ اس کی ٹانگ ریچھ سے ٹکرانے سے زخمی ہو گئی تھی اور یہ بھی کہ دریائے کوسی میں مچھلیاں ختم ہو گئی تھیں۔

دوپہر کو ہم مزید سفر کے لیے تیار تھے۔  پورا گاؤں اکھٹا ہو کر ہمیں الوداع اور خبردار کرنے آیا۔  ان کے خیال کے مطابق گھنے جنگل میں آدم خور ہمارا منتظر ہو گا۔  ہم اب کرتکالہ کی جانب ۴، ۰۰۰ فٹ کی چڑھائی کو روانہ ہو گئے۔

ہماری پیش قدمی کافی سست تھی کہ میرے ساتھی بھاری سامان اٹھائے ہوئے تھے اور چڑھائی بہت سخت تھی۔  گرمی کا تو پوچھیے مت۔  اس جگہ کچھ عرصہ قبل بدامنی پھیلی تھی اور اسے رفع کرنے کے لیے پولیس کا ایک چھوٹا سا دستہ آیا تھا۔  مجھے ہدایت کی گئی تھی کہ اپنی ضرورت کی ہر چیز اپنے ساتھ ہی لے چلوں کیونکہ شورش کے باعث مجھے کوئی چیز بھی مقامی طور پر نہ مل سکے گی۔  یہی وہ بوجھ تھا جس سے میرے ساتھی ہانپ رہے تھے۔

ہم لوگ کئی جگہوں پر رکتے سہ پہر کے بعد ایک مزروعہ قطعے تک پہنچ گئے۔  ابھی ہم آدم خور کے علاقے سے باہر تھے، میں اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر بے خطر اس جھونپڑے کی طرف چل دیا جو موہن سے صاف دکھائی دے رہا تھا۔  مجھے جنگل کے چوکیدار نے بتایا تھا کہ یہ میرے قیام کے لیے بہترین رہے گا۔

یہ جھونپڑا موہن پر جھکی چٹان پر بنا تھا۔  میں عام راستے سے چلتا ہوا اس کے قریب پہنچا۔  میں ایک کھڈ سے بچتے ہوئے جونہی مڑا تو چشمے سے گھڑے میں پانی بھرتی ایک عورت دکھائی۔  میں بے آواز چلتا ہوا اس سے کافی قریب پہنچ گیا تھا اور اچانک مخاطب کرنے سے وہ گھبرا جاتی۔  سو میں آہستہ سے کھانسا اور چند گز دور رک کر سگریٹ سلگانے لگا۔  تھوڑی دیر بعد میں نے منہ دوسری طرف کیے ہوئے اس سے پوچھا کہ کیا اس وقت اس جگہ کسی فرد کا اکیلا پانی بھرنے کا فیصلہ دانش مندی ہے؟ چند لمحے رک کر اس نے جواب دیا کہ واقعی یہ محفوظ جگہ نہیں۔  لیکن پانی بھرنا لازمی تھا اور گھر میں کوئی مرد بھی نہیں تو اسے اکیلے آنا پڑا۔  میں نے پوچھا کہ کیا واقعی گھر میں کوئی مرد نہیں؟ اس نے جواب دیا کہ مرد تو ہے لیکن وہ کھیت میں ہل چلا رہا ہے۔  دوسرا پانی بھرنا عورتوں کی ذمہ داری ہے۔  گھڑا بھرنے میں وقت ہی کتنا لگتا ہے، بمشکل چند منٹ۔  اب یہ عورت اپنی جھجھک اور گھبراہٹ پر قابو پا چکی تھی اس لیے اب اس نے سوالات شروع کیے۔

’کیا آپ پولیس والے ہیں؟‘

’نہیں!‘

’کیا آپ محکمہ جنگلات کے افسر ہیں؟‘

’نہیں!‘

’پھر کون ہیں؟‘

’ایک آدمی!‘

’کیوں آئے ہیں؟‘

’آدم خور مارنے‘۔

’آدم خور کے بارے میں مجھے کیسے علم ہوا؟‘

’اکیلا کیوں آیا ہوں؟‘

’میرے ساتھی کہاں ہیں؟‘

’کل کتنے افراد ہیں؟‘

’میں کب تک رکوں گا؟‘

وغیرہ وغیرہ

اس عورت نے جب تک یہ سوال نہ کر لیے، اس نے گھڑا بھرے جانے کے بارے میں نہیں بتایا۔  پھر اس نے میرے پیچھے چلتے ہوئے بتایا کہ پہاڑی کی جنوبی طرف ڈھلوان پر آدم خور تین روز قبل ایک عورت کو ایک درخت کے نیچے سے لے گیا تھا۔  اس نے مجھے وہ درخت دکھایا۔  یہ جگہ فارسٹرز ہٹ سے بمشکل دو یا تین سو گز دور تھی۔  اب ہم پہاڑ کے اوپر جانے والی پگڈنڈی پر آ گئے۔  اس نے مجھے بتایا کہ اب وہ بالکل محفوظ ہے کیونکہ اگلے موڑ پر ہی اس کا گاؤں ہے۔

آپ میں سے وہ افراد جو ہندوستانی خواتین کو جانتے ہیں، بخوبی سمجھ گئے ہوں گے کہ میں نے کتنا بڑا معرکہ سر کر لیا تھا۔  خصوصاً اس حوالے سے کہ حال ہی میں مقامی افراد کی پولیس سے جھڑپیں ہوئی تھیں۔  گھڑا بھرتی ایک عورت کو خوفزدہ کیے بغیر، اس کے پاس رک کر اور چند جواب دے کر میں نے ایسا شناسا بنا لیا جو پورے گاؤں کو فوری طور پر میری آمد سے آگاہ کر دے گا کہ میں کوئی افسر نہیں بلکہ میرے آنے کا واحد مقصد لوگوں کی جان آدم خور سے بچانا ہے۔

۳

فارسٹرز ہٹ سڑک سے بیس گز دور بائیں جانب ایک چھجے نما چٹان پر تھا۔  اس کا دروازہ زنجیر لگا کر بند کیا گیا تھا۔  میں اسے کھول کر اندر داخل ہوا۔  کمرہ دس مربع فٹ کا اور بالکل صاف ستھرا تھا۔  البتہ اس سے پھپھوندی کی بو آ رہی تھی۔  مجھے بعد ازاں علم ہوا کہ ڈیڑھ سال قبل آدم خور کے ظہور سے اب تک اسے استعمال نہیں کیا گیا۔  اس کمرے کے دونوں طرف راہداری نما دو کمرے تھے جن میں سے ایک باورچی خانہ اور دوسرا ایندھن کا گودام تھا۔  یہ جھونپڑا میرے آدمیوں کے لیے قطعی محفوظ تھا۔  پچھلا دروازہ کھول کر میں نے ہوا کی گردش بحال کی۔  پھر باہر نکل کر میں نے سڑک اور جھونپڑے کے درمیان اپنے چالیس پاؤنڈ وزنی خیمے کے لیے ایک جگہ منتخب کی۔  چونکہ یہاں فرنیچر نہ تھا، میں ایک پتھر پر بیٹھ کر اپنے ساتھیوں کا انتظار کرنے لگا۔

چٹانی چھجا ۵۰ گز چوڑا اور ہٹ اس کے جنوبی سرے پر تھا۔  گاؤں پہاڑی کے شمالی سرے پر تھا۔  اس لیے گاؤں سے ہٹ کو دیکھا جانا ممکن نہ تھا۔  ابھی پتھر پر بیٹھے ہوئے مجھے دس منٹ ہی گزرے ہوں گے کہ گاؤں والی ڈھلوان سے ایک سر نمودار ہوا، پھر دوسرا اور پھر تیسرا۔  اس خاتون نے فوراً ہی پورے گاؤں کو میری آمد کے بارے میں بتا دیا تھا۔

ہندوستان میں جب اجنبی ملیں تو وہ پہلے اصل موضوع سے ہٹ کر دنیا بھر کے موضوعات پر سیر حاصل بحث کریں گے جن میں نجی اور ذاتی معاملات بھی شامل ہوتے ہیں۔  جب کوئی موضوع نہ بچے تو پھر اصل بات شروع ہوتی ہے۔  دنیا بھر میں معیوب سمجھے جانے والے سوال جیسا کہ شادی شدہ ہیں؟ اگر ہاں تو کتنے بچے ہیں اور لڑکے کتنے اور لڑکیاں کتنی، اگر شادی نہیں کی تو کیوں؟ پیشہ اور تنخواہ۔  صرف اس رسم سے واقف افراد ہی اسے برداشت کر سکتے ہیں۔

اکثر سوالوں کے جواب میں اس عورت کو پہلے ہی دے چکا تھا اور باقی سوال جو کسی عورت کو مرد سے پوچھنے میں جھجھک ہو سکتی ہے، وہ انہوں نے پوچھ لیے۔  اس دوران میرے ساتھی بھی پہنچ گئے تھے۔  انہوں نے چشمے سے پانی بھرا اور خشک لکڑیاں جمع کرنے کے بعد آگ جلا کر چائے بنانے لگے۔  میں نے ڈبہ بند دودھ کھولا۔  میں نے سنا کہ دیہاتی میرے آدمیوں سے پوچھ رہے تھے کہ ہم خشک دودھ کیوں استعمال کر رہے ہیں؟ تازہ دودھ میں کیا برائی ہے؟ میرے آدمیوں نے انہیں بتایا کہ حالات خراب ہونے کی وجہ سے تازہ دودھ ملنا ممکن نہیں، اس لیے ہم ڈبہ بند دودھ ساتھ لائے ہیں۔  یہ سنتے ہی وہ لوگ خفا ہو گئے۔  نمبردار نے کہا کہ ڈبہ بند دودھ لانا ان کی ہتک ہے کیونکہ گاؤں بھر کا دودھ میری ملکیت ہے۔  میں نے معذرت کر کے کہا کہ میں اس علاقے میں اجنبی اور پہلی بار آیا ہوں تو مجھے علم نہ تھا۔  اگر وہ لوگ ہماری ضروریات کے لیے تھوڑا سا دودھ بیچ سکیں تو میں خرید لوں گا۔  دودھ کے علاوہ اور کچھ درکار نہیں۔

اب میرا سامان کھل چکا تھا اور اس دوران گاؤں سے مزید افراد بھی آ گئے۔  میں نے اپنے آدمیوں کو خیمے کے لیے جگہ بتائی تو سارے دیہاتی دہشت اور خوف سے ایک ساتھ چلائے، ’خیمے میں رہیں گے؟‘

میں نے جواب دیا، ’ہاں‘۔

’کیا میں آدم خور کی موجودگی کو بھلا چکا ہوں جو ہر رات اس سڑک سے باقاعدگی سے گزرتا ہے؟ اگر مجھے ان کے الفاظ پر یقین نہیں تو خود چل کر گاؤں میں سڑک کے کنارے بنے گھروں کی دیواریں دیکھ لوں جنہیں شیر اکثر کھرچتا رہتا ہے۔  اگر شیر نے خیمے کے اندر مجھ پر حملہ نہ بھی کیا تو وہ میرے آدمیوں کو لازمی کھا جائے گا کیونکہ وہ اکیلے ہوں گے‘۔

اس بات سے میرے ساتھیوں کے کان کھڑے ہوئے اور انہوں نے گاؤں والوں کی ہاں میں ہاں ملائی۔  آخرکار میں کمرے میں سونے پر تیار ہو گیا۔  دونوں ملازمین باورچی خانے اور ۶ گڑھوالی ایندھن والے سٹور روم میں سوتے۔

آدم خور کی بات شروع ہو چکی تھی اس لیے اب مزید بات ہو سکتی تھی۔  انہوں نے مجھے وہ درخت دکھایا جس کے نیچے شیر نے اپنا آخری شکار مارا تھا۔  ساتھ اس عورت کی ہلاکت کا وقت اور حالات بتائے۔  وہ سڑک بھی دکھائی جہاں سے شیر ہر روز رات کو گزرتا تھا۔  یہ سڑک مشرق کو بیتل گھاٹ اور مغرب میں چکناکل کو جاتی تھی جو دریائے رام گنگا پر واقع مقام ہے۔  اس کی ایک شاخ موہن کی طرف جاتی تھی۔  سڑک کے مغرب والے حصے کا کچھ ٹکڑا گاؤں سے گزرتا تھا اور پھر نصف میل مزروعہ زمین سے ہوتا ہوا جنوب کی طرف مڑتا تھا اور پہاڑ کے پاس سے ہو کر اس ہٹ کے ساتھ سے گزرتا تھا جہاں ہم اب بیٹھے ہوئے تھے۔  اس کے بعد یہ سڑک سیدھی چکناکل جاتی تھی۔  کرتکانولہ اور چکناکل کے درمیان چھ میل کا یہ حصہ بطور خاص انتہائی خطرناک تھا اور آدم خور کی آمد سے استعمال نہیں ہوا تھا۔  میں نے بعد میں دیکھا کہ مزروعہ زمین سے نکل کر یہ سڑک گھنے جنگل سے ہو کر گزرتی ہے۔  یہ جنگل دریا تک پھیلا ہوا تھا۔

کرتکانولہ کی مزروعہ زمین پہاڑی کے شمالی جانب تھی۔  اس کے بعد کئی جگہوں پر چھجے تھے لیکن درمیان میں گہری کھائیاں بھی تھیں۔  ان میں سب سے نزدیکی چھجا ہٹ سے ہزار گز دور صنوبر کے ایک درخت کے قریب تھا۔  دس دن قبل اس درخت کے پاس سے آدم خور نے ایک عورت کو ہلاک کر کے جزوی طور پر کھایا تھا۔  یہاں سے چار میل دور فارسٹ بنگلے میں تین شکاری موجود تھے۔  جب وہ صنوبر کے درخت پر نہ چڑھ سکے تو مقامی لوگوں نے تین الگ الگ درختوں پر ان کی مچانیں باندھ دیں۔  ہر درخت دوسرے سے سو گز اور لاش سے پچاس گز دور تھا۔  رات ہونے سے قبل یہ شکاری اپنی ملازمین کے ہمراہ مچانوں پر جا بیٹھے۔  چاند کی شروع کی تاریخیں تھیں۔  چاند غروب ہو جانے کے بعد دیہاتیوں نے کئی گولیوں کی آوازیں سنیں۔  اگلی صبح جب انہوں نے نوکروں سے پوچھا تو انہوں نے لاعلمی ظاہر کی کہ انہیں معلوم نہیں کہ گولیاں کس چیز پر چلائی گئیں۔  دو دن بعد ایک گائے ماری گئی۔  یہ شکاری اس پر بھی مچان بنا کر بیٹھے۔  اس بار بھی انہوں نے چاند غروب ہو جانے کے بعد گولیوں کی آوازیں سنیں۔  اس طرح کی ناکام کوششیں شیروں کو مزید محتاط بنا دیتی ہیں اور جب تک زندہ رہتے ہیں، ان کا مارا جانا مشکل تر ہوتا جاتا ہے۔

ان دیہاتیوں نے شیر کے بارے میں ایک عجیب بات بتائی کہ وہ ہمیشہ شیر کی آمد سے پہلے جان لیتے ہیں کہ شیر آ رہا ہے۔  اس کی آمد سے قبل ہلکی غراہٹیں سنائی دیتی ہیں۔  مزید سوالات سے علم ہوا کہ شیر جب گھروں کے درمیان سے گزرتا ہے تو یہ آواز نکالتا ہے۔  بعض اوقات یہ آواز کچھ دیر کے لیے رک بھی جاتی ہے۔

اس سے میں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ:

۱۔  شیر زخمی ہے

۲۔  زخم اس نوعیت کا ہے کہ صرف چلتے وقت تکلیف دیتا ہے۔  اس لیے کہ

۳۔  یہ زخم اس کے کسی پاؤں یا ٹانگ میں ہے

مجھے بتایا گیا کہ شیر کو کسی مقامی شکاری نے زخمی نہیں کیا اور نہ ہی رانی کھیت کے کسی شکاری نے۔  چونکہ آدم خور کئی سال سے سرگرم تھا اس لیے میرا اندازہ تھا کہ یہ زخم اس کے آدم خور بننے کا سبب ہو گا۔  اس کی تصدیق شیر کی ہلاکت کے بعد ہی ہو پاتی۔

ان لوگوں نے پوچھا کہ میں اس آواز کے بارے میں اتنا متجسس کیوں ہوں؟ جب میں نے انہیں بتایا کہ شیر کا ایک پاؤں زخمی ہے جو کسی گولی یا سیہی کے کانٹے کے سبب ہوا ہے تو انہوں نے سختی سے تردید کی اور کہ انہوں نے شیر کو کئی بار دیکھا ہے اور ہر بار شیر بالکل تندرست اور صحت مند دکھائی دیتا ہے۔  اس کے علاوہ وہ جتنی آسانی سے شکار کو ہلاک کر کے لے جاتا ہے، یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ شیر ہرگز معذور نہیں۔  مگر انہوں نے میری بات یاد رکھی اور جب شیر مارا گیا تو انہوں نے مجھے غیب دان کہا۔

۴

میں نے رام نگر میں تحصیلدار سے کہا تھا کہ وہ دو بچھڑے خرید کر موہن میرے آدمیوں کو بھجوا دے۔

میں نے ان لوگوں کو بتایا کہ میں ایک بچھڑا اس جگہ باندھوں گا جہاں تین روز قبل ایک عورت ہلاک ہوئی تھی اور دوسرا چکناکل۔  انہوں نے بھی اتفاق کیا کہ ان کے خیال میں اس سے بہتر جگہیں اور نہیں ہو سکتیں۔  اندھیرا چھانے والا تھا اور روانگی سے قبل نمبردار نے وعدہ کیا کہ وہ اگلی صبح آس پاس کے تمام دیہاتوں میں میری آمد کی اطلاع بھجوا دے گا تاکہ کسی بھی واردات کی صورت میں وقت ضائع کیے بنا مجھے اس بارے میں معلومات مل سکیں۔

کمرے میں پھپھوندی کی بو اب کافی کم ہو گئی لیکن پھر بھی محسوس ہوتی تھی۔  میں نے توجہ نہ دی اور نہا کر کھانا کھانے کے بعد دروازے کے سامنے دو پتھر رکھ کر اسے بند کیا اور تھکن کی وجہ سے فوراً سو گیا۔  میں بہت ہلکی نیند سوتا ہوں اور دو یا تین گھنٹے بعد ہی جنگل سے گزرنے والے کسی جانور کی آواز سے جاگ گیا۔  یہ آواز پچھلے دروازے سے آئی تھی۔  میں نے رائفل اور ٹارچ اٹھائی اور پاؤں سے پتھر ہٹا کر باہر نکلا۔  پتھر کے ہٹنے کی آواز سے وہ جانور بھاگ گیا۔  یہ آواز شیر کی بھی ہو سکتی تھی، تیندوے یا سیہی کی بھی۔  جنگل اتنا گھنا تھا کہ رات کے وقت مجھے کچھ نہ دکھائی دیتا۔  کمرے میں واپس لوٹ کر میں نے پتھر دروازے کے سامنے دوبارہ رکھے تو مجھے اپنا گلا کچھ خراب محسوس ہوا۔  اگلی صبح جب میرے ملازم چائے لائے تو میں نے دیکھا گلا واقعی خراب تھا۔  شاید اس کی وجہ اس غیر آباد جگہ رہنا تھا۔  یہاں کئی چمگادڑیں چھت سے لٹک رہی تھیں۔  میرے نوکر نے بتایا کہ وہ اور اس کا ساتھی تو گلے کی خرابی سے بچ گئے لیکن چھ گڑھوالی اس بیماری کا شکار ہو گئے ہیں۔  میرے پاس دوائی کے نام پر دو اونس آیوڈین اور کونین کی چند گولیاں تھیں۔  البتہ رائفل کے بکسے میں پوٹاشیم پرمیگنیٹ کا چھوٹا پیکٹ موجود تھا جو میری بہن نے پچھلی مہم پر دیا تھا۔  یہ پیکٹ رائفل کے تیل سے چکنا ہو گیا تھا لیکن ڈلیاں قابل استعمال تھیں۔  میں نے برتن میں پانی ابالا اور اس میں کافی ڈلیاں اور آیوڈین بھی ملا دی۔  اس سے بننے والے ملغوبے سے غرارے کرنے سے ہمارے دانت تو سیاہ ہوئے لیکن گلے کافی بہتر ہو گئے۔

میں نے ناشتہ کر کے موہن کی طرف چار آدمی بھیجے تاکہ بچھڑوں کو لے آئیں اور میں خود آخری واردات کی مقام کو چل دیا۔  کل رات مجھے جو معلومات ملی تھیں ان کی روشنی میں شیر کے حملے کی جگہ تلاش کرنا مشکل نہ تھا۔  عورت پر حملہ اس وقت ہوا تھا جب وہ کٹی ہوئی گھاس کا گٹھڑ بنا رہی تھی۔  گھاس اور اسے باندھنے والی رسی وہیں پڑی تھی۔  اس کے علاوہ دیگر ہمراہیوں کی گھاس بھی ادھر ہی پڑی تھی جو شیر کے حملے سے گھبرا کر گاؤں کی طرف بھاگی تھیں۔  مجھے لوگوں نے بتایا تھا کہ عورت کی لاش نہیں مل سکی۔  میرا خیال تھا کہ انہوں نے تلاش کرنے کی کوشش ہی نہیں کی۔  گھاس کے گٹھڑ اور درانتیاں ابھی تک جائے واردات پر موجود تھے۔

یہ عورت ایک لینڈ سلائیڈ کے اوپری حصے پر ماری گئی تھی۔  شیر اسے مارنے کے بعد نیچے اتر کر گھنی گھاس کے قطعے میں گھس کر کچھ دیر رکا۔  شاید وہ دیگر عورتوں کے چلے جانے کا منتظر ہو۔  یہاں سے شیر اس چھجے سے گزرا جو ہٹ سے دکھائی دیتا تھا۔  پھر ایک میل دور جا کر وہ گھنے جنگل میں گھس گیا۔  یہ نشانات اب چار دن پرانے تھے اور ان کا پیچھا کرنے سے کچھ نہ ملتا۔  اس لیے میں ہٹ کی طرف واپس لوٹا۔  واپسی کی چڑھائی کافی دشوار تھی۔  دوپہر کو جب میں ہٹ واپس پہنچا تو برآمدے میں مختلف حجم کے بے شمار برتن دیکھے جو دودھ سے لبالب بھرے تھے۔  عجب اتفاق تھا کہ پہلے دودھ کی اتنی قلت تھی اور اب اتنی کثرت۔  دودھ اتنا تھا کہ میں با آسانی نہا لیتا۔  ملازمین نے بتایا کہ ان کے احتجاج کے باوجود ہر شخص دودھ کا برتن رکھتا ہی چلا گیا اور سب نے یہی کہا کہ جب تک ہم ادھر ہیں، وہ ہمیں ڈبے کا دودھ استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

مجھے علم تھا کہ میرے آدمی موہن سے بچھڑوں کو لے کر مغرب کے بعد ہی لوٹیں گے۔  دوپہر کا کھانا کھا کر میں چکناکل کی سڑک دیکھنے چل دیا۔

ہٹ سے پہاڑی بتدریج بلند ہوتی ہوئی پانچ سو فٹ اونچی ہو گئی تھی۔  اس کی شکل مثلث نما تھی۔  مزروعہ زمین سے نکل کر یہ سڑک بائیں مڑ کر ایک بہت عمودی ڈھلوان پہاڑی سے ہوتی ہوئی دوبارہ چھجے نما جگہ پر آ کر دائیں مڑ کر پھر سیدھی چکناکل اترتی ہے۔  چھجے سے باہر نکل کر سڑک کچھ فاصلے تک ہموار تھی۔  پھر اچانک ڈھلوان سے گزرتی ہوئی نیچے اترتی ہے۔  البتہ موڑ کشادہ ہیں۔

میرے پاس پوری سہ پہر تھی سو میں نے تین میل تک اس سڑک کا بغور جائزہ لیا۔  شیر جب کسی سڑک یا گزرگاہ کو بکثرت استعمال کرے تو اس کے کنارے ناخنوں سے گہری خراشیں ڈالتا رہتا ہے۔  یہ نشان ویسے ہوتے ہیں جیسے گھریلو بلیاں ڈالتی ہیں۔  یہ نشان شکاری کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔  ان سے درج ذیل معلومات مل سکتی ہیں:

۱۔  یہ جانور نر ہے یا مادہ؟

۲۔  اس کا رخ کس طرف تھا؟

۳۔  اسے یہاں سے گزرے کتنا وقت ہو چکا ہے؟

۴۔  اس کی جائے رہائش کا اندازاً فاصلہ اور سمت؟

۵۔  اس کے شکار کی نوعیت

۶۔  کیا اس جانور نے حال ہی میں انسانی گوشت کھایا ہے؟

آسانی سے ملنے والی ان معلومات سے اجنبی علاقے میں آدم خور کے بارے میں جاننے کے لیے بہت مدد ملتی ہے۔  شیر کے سڑک سے گزرتے وقت کے پگ بھی اہم ہوتے ہیں۔  ان سے کئی طرح کی معلومات مثلاً جانور کی سمت، رفتار، جنس، عمر اور یہ بھی کہ آیا جانور کے تمام پیر سلامت ہیں۔  اگر نہیں تو نقص کس پیر میں ہے۔

یہ سڑک طویل عرصے سے متروک تھی اور اس پر چھوٹی اور سخت گھاس اگ آئی تھی۔  ایک دو نم جگہیں چھوڑ کر کہیں بھی پگ نہ دکھائی دیے۔  ان میں سے ایک نم جگہ چھجے کے نیچے سے ہوتی ہوئی سڑک سے دو یا تین گز دور گزرتی تھی۔  اس کے پاس رکے ہوئے سبز رنگ کے پانی کا تالاب تھا۔  ایسے تالاب سانبھر کے پانی پینے کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں۔

موڑ کے فوراً بعد ہی میں نے کھرچنے کے بہت سے نشان دیکھے۔  یہاں سڑک مڑ کر مزروعہ زمین سے نکل جاتی ہے۔  یہاں سے دو سو گز دور سڑک کافی تنگ ہو کر اس جھکی ہوئی چٹان کے نیچے سے گزرتی ہے۔  یہ چٹان دس فٹ بلند تھی اور اس کے اوپر دو یا تین گز کا ہموار قطعہ تھا۔  اگر گاؤں کی طرف سے آئیں تو یہ جگہ صاف دکھائی دیتی ہے لیکن دوسری طرف سے نظروں سے اوجھل ہے۔  یہاں بھی کئی جگہوں پر کھرچنے کے نشان تھے۔  مجھے ابھی تک پنجوں کے نشان نہیں مل سکے تھے۔  پہلے موڑ پر آ کر میں نے شیر کے پگ دیکھے۔  یہاں شیر چھلانگ لگا کر گزرا تھا اور نرم مٹی پر اس کے پگ موجود تھے۔  یہ نشانات پچھلے روز کے اور کچھ مٹ سے گئے تھے۔  یہ نشانات بڑے اور ادھیڑ عمر نر شیر کے ہیں۔

جب آپ آدم خور کے علاقے میں ہوں تو پیش قدمی بہت سست ہو جاتی ہے۔  راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ چاہے وہ جھاڑی ہو، پتھر یا زمین میں موجود کوئی چھوٹا گڑھا جس میں آدم خور کی شکل میں موت چھپی ہونے کا امکان ہو، بغور دیکھ بھال کر عبور کیے جاتے ہیں۔  اگر ہوا نہ چل رہی ہو، جیسا کہ اب تھا، تو سامنے کے علاوہ پیچھے اور دائیں بائیں بھی دیکھنا پڑتا ہے۔  مزید برآں یہاں مئی کے وسط میں چار سے پانچ ہزار فٹ کی بلندی پر پھولوں کے بے شمار غنچے دکھائی دیے جو میرے لیے دل چسپی کا خاص مرکز تھے۔  ایسے لگتا تھا جیسے ہر دوسرا درخت ان پھولوں کو چیر کر نکلا ہوا ہو۔

یہاں میں نے ایک نیا پرندہ دیکھا جو بعد ازاں بمبئی نیچرل ہسٹری میوزیم کے عملے نے پہاڑی گریگ ماؤنٹین کے نام سے شناخت کیا۔  یہ پرندہ خاکستری رنگ کا اور سینے پر گلابی رنگ کا ہلکا سا نشان ہے۔  اس کی جسامت روزی پیسٹر سے ذرا چھوٹی ہے۔  اس کے بچے بھی ساتھ تھے۔  ہر بالغ کے ساتھ چار بچے اونچے درخت کی خشک ٹہنیوں پر قطار بنائے بیٹھے تھے۔  والدین بار بار دو دو تین تین سو گز کی لمبی اڑان بھر کر کیڑے پکڑ لاتے۔  ان کی رفتار حیرت انگیز تھی۔  مجھے یقین ہے کہ ہندوستان میں کوئی اور پرندہ بشمول مہاجر پرندے جو سردیوں میں ادھر آتے ہیں، اس سے زیادہ تیز نہیں اڑ سکتے۔  ان کی ایک اور خوبی ان کی قوت بصارت تھی۔  کئی بار یہ کئی سو گز تک سیدھی لائن میں اڑتے اور پھر کیڑے پکڑ کر لوٹتے تھے۔  ان کی تیزی کے باعث یہ بھی کہنا ممکن نہیں کہ یہ پرندے کسی کیڑے کا پتنگے کے پیچھے اتنی دور تک گئے ہوں گے۔  یہ پرندے جتنے فاصلے سے کیڑے دیکھتے ہیں، کوئی انسان طاقتور دوربین سے بھی نہ دیکھ پاتا۔

اپنے عقب کا خیال رکھتے، نشانات دیکھتے، فطرت سے لطف اندوز ہوتے اور جنگل کی آوازیں سنتے، جن میں سانبھر کی میل بھر دور موہن کی طرف سے آواز بھی تھی، جو دوسروں کو شیر کی موجودگی سے آگاہ کر رہا تھا، کاکڑ اور لنگور چکناکل سڑک سے جو دوسروں کو کسی تیندوے کی موجودگی سے آگاہ کر رہے تھے، وقت تیزی سے گزرتا رہا۔  سورج غروب ہوتے وقت میں اس چٹانی چھجے کے پاس پہنچا جو راستے کے اوپر جھکا ہوا تھا۔  اس بار یہاں پہنچتے ہی میں نے محسوس کیا کہ اس پورے علاقے میں جہاں میں اب تک گھومتا رہا ہوں، اس سے زیادہ خطرناک کوئی اور جگہ نہیں۔  اس پر لیٹا آدم خور گھاس میں پوری طرح پوشیدہ ہو گا۔  اس کو صرف اتنا انتظار کرنا پڑتا کہ آنے یا جانے والا آدمی یہاں سے ایک بار گزرے۔  پھر وہ پوری طرح آدم خور کے رحم و کرم پر ہوتا۔  واقعی یہ انتہائی خطرناک جگہ تھی اور یہاں ہمیشہ محتاط رہنا بہتر تھا۔

جھونپڑے کو پہنچا تو دونوں بچھڑے پہنچ چکے تھے۔  لیکن اندھیرا ہونے کے سبب میں نے انہیں بندھوانا اگلے دن تک کے لیے ملتوی کر دیا۔

میرے ملازمین نے کمرے میں سارا دن آگ جلائے رکھی جس سے کمرے کی ہوا میٹھی اور صاف ہو گئی۔  پھر بھی میں نے دوبارہ اسی بند کمرے میں رات گزارنے کا خطرہ مول لینا مناسب نہ سمجھا۔  میں نے ملازمین سے کہا کہ وہ سونے سے قبل دو بڑی جھاڑیاں کاٹ کر دروازے میں لگا دیں۔  اس رات جنگل بالکل خاموش رہا۔  اگلی صبح پرسکون نیند سے بیدار ہوا تو گلا کافی بہتر تھا۔

میں نے مقامی لوگوں سے باتوں میں صبح کا وقت گزارا۔  وہ مجھے آدم خور کی کہانیاں سناتے رہے اور یہ بھی کہ مختلف شکاریوں نے کن کن طریقوں سے اسے مارنے کی کوشش کی تھی۔  دوپہر کے کھانے کے بعد میں اٹھا اور پہلا بچھڑا لا کر اس جگہ باندھا جہاں سے شیر عورت کو اٹھائے ہوئے گزرا تھا۔  دوسرے بچھڑے کو اس موڑ پر باندھا جہاں شیر گزرا تھا۔

اگلی صبح دونوں بچھڑے آرام سے سو رہے تھے اور میری ڈالی ہوئی گھاس کا بڑا حصہ صاف ہو چکا تھا۔  میں نے ان کے گلے میں گھنٹیاں باندھی ہوئی تھیں۔  ان تک پہنچتے ہوئے جب میں نے کوئی آواز نہ سنی تو سمجھا کہ وہ مارے گئے ہیں۔  لیکن وہ سو رہے تھے۔  اس شام میں نے موڑ پر بندھے ہوئے دوسرے بچھڑے کو اس جگہ باندھا جہاں سڑک چٹانی چھجے سے باہر آتی تھی۔  کھڑے پانی کا چھوٹا سا تالاب بھی یہاں سے نزدیک تھا۔

شیر کو مارنے کے عمومی طریقے یہ ہیں:

۱۔  مچان باندھ کر

۲۔  ہانکا کرا کے

دونوں صورتوں میں نو عمر بچھڑے استعمال ہوتے ہیں۔  پھر ہانکے یا مچان کے لیے موزوں علاقے کا تعین کیا جاتا ہے۔  شام ڈھلے اس جگہ بچھڑا باندھ دیا جاتا ہے۔  رسی اتنی مضبوط ہوتی ہے کہ بچھڑا نہیں توڑ پاتا لیکن شیر اسے با آسانی توڑ لیتا ہے۔  شیر جب شکار لے جاتا ہے تو دیکھا جاتا ہے کہ آیا مچان بہتر رہے گی یا ہانکا۔

موجودہ صورت میں یہ دونوں ہی طریقے ناقابل عمل تھے۔  میرا گلا کافی بہتر تھا لیکن اب بھی زیادہ دیر کھانسے بغیر نہیں رہ سکتا تھا۔  اس گھنے جنگل میں ہانکے کے لیے ہزار آدمی بھی ناکافی رہتے۔  میں نے سوچا کہ براہ راست گھات لگاؤں۔  اس لیے میں نے دونوں بچھڑوں کو ایک ایک انچ موٹی رسی سے باندھ کر اگلے چوبیس گھنٹے کے لیے اکیلے چھوڑ دیا۔

صبح کے وقت جب گولی چلانے کے لیے مناسب روشنی ہو جاتی تو میں باری باری دونوں بچھڑوں کی طرف جاتا۔  ان علاقوں میں شیر چاہے آدم خور یا عام، دن اور رات، یکساں شکار کرتے ہیں۔  اس کے علاوہ میں آس پاس کے گاؤں سے بھی خبر کا انتظار کرتا، گلے کی دیکھ بھال کرتا اور آرام بھی جاری رہتا۔  میرے چھ گڑھوالی ساتھی بچھڑوں کی دیکھ بھال اور چارے پانی کا خیال رکھتے۔

چوتھی شام سورج غروب ہوتے وقت میں واپسی پر اس چٹانی چھجے سے تیس گز دور پہنچا تو مجھے خطرے کا احساس ہوا۔  یہاں آمد کے بعد پہلی بار مجھے خطرہ محسوس ہوا تھا۔  مجھے یہ بھی محسوس ہوا کہ یہ خطرہ اسی چٹانی چھجے پر ہے۔  میں پانچ منٹ تک رکا رہا۔  میری آنکھیں چھجے پر کسی بھی حرکت کو دیکھنے کے لیے تیار تھیں۔  اس فاصلے سے پلک بھی جھپکنے کا عمل میری نظروں سے پوشیدہ نہ رہ سکتا تھا لیکن وہاں اتنی سی بھی حرکت نہ دکھائی دی۔  میں دس قدم مزید بڑھا اور پھر کئی منٹ کے لیے رک گیا۔  کسی بھی حرکت کا دکھائی نہ دینا اس بات کی ضمانت نہ تھا کہ شیر وہاں موجود نہیں۔  اصل سوال یہ تھا کہ اب کیا کروں؟ جیسا کہ میں نے پہلے آپ کو بتایا، یہ کافی ڈھلوان پہاڑی تھی۔  اس میں جگہ جگہ بڑی چٹانیں جھکی ہوئی تھیں۔  ہر طرف گھنی اور لمبی گھاس اور درختوں کے گھنے جھنڈ موجود تھے۔  اگر ابھی کچھ دن باقی ہوتا تو میں قدرے پیچھے جا کر شیر کے اوپر سے اس پر گولی چلانے کی کوشش کرتا۔  اس وقت میرے پاس صرف نصف گھنٹہ روشنی باقی تھی اور میل بھر کا سفر بھی۔  اس وقت سڑک کو چھوڑنا سخت نادانی ہوتی۔  سیفٹی کیچ ہٹا کر اور رائفل کو کندھے سے لگا کر میں آگے بڑھا۔

یہاں سڑک تقریباً آٹھ فٹ چوڑی تھی۔  میں نے اس کے بیرونی سرے پر کیکڑے کی طرح چلنا شروع کر دیا۔  مجھے قوی امید تھی کہ اگر شیر اسی جگہ لیٹا رہا جہاں وہ تھا تو چھجے سے آگے جا کر میں اسے دیکھ بھی لیتا اور ممکن تھا کہ گولی بھی چلا سکتا۔  شیر میری محتاط پیش قدمی کی وجہ سے حملہ نہ کر سکا اور میرے چھجے سے نکلتے ہی اوپر سے غراہٹ کی آواز آئی اور پھر نزدیکی موڑ سے دو سانبھر بولے۔

شیر بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔  میں بھی اپنی جان بچا چکا تھا۔  پچھتانے کا کیا سوال۔  جہاں سانبھر بولا تھا، مجھے یقین تھا کہ اس جگہ سے شیر نے بچھڑے کی گھنٹی ضرور سنی ہو گی۔  یہ بچھڑا کھڑے پانی کے تالاب کے ساتھ بندھا ہوا تھا۔

جب میں مزروعہ زمین تک پہنچا تو دیکھا کہ کافی لوگ میرا انتظار کر رہے ہیں۔  انہوں نے کاکڑ اور سانبھر کی آوازیں سنی تھیں۔  جب میں نے انہیں بتایا کہ میں شیر کو نہیں دیکھ سکا تو وہ کافی مایوس ہوئے۔  میں نے انہیں تسلی دی کہ کل صبح کافی بہتر امکانات ہیں۔

۵

رات کو آندھی آئی اور پھر بارش بھی ہوئی۔  ہمارے ہٹ کی چھت رستی تھی۔  میں نے ایک ایسی جگہ تلاش کر لی جہاں سے پانی کم رس رہا تھا۔  اس جگہ اپنا بستر گھسیٹ کر میں آرام سے سو گیا۔  اگلی صبح جب بیدار ہوا تو مطلع بالکل صاف تھا۔  بارش نے حدت اور گرد و غبار سب دھو دیا تھا۔  گھاس اور پتے سب طلوع ہوتے سورج کی روشنی میں چمک رہے تھے۔

میں عام حالات میں پہلے بچھڑے کی طرف چکر لگاتا لیکن اب مجھے دوسرے بچھڑے کی طرف جانا تھا۔  میں نے ساتھیوں کو ہدایت کی کہ روشنی اچھی طرح پھیل جانے کے بعد وہ نزدیکی بچھڑے کی دیکھ بھال کے لیے جائیں۔  پھر میں نے اپنی اعشاریہ ۴۰۰/۴۵۰ بور کی رائفل کو اچھی طرح صاف کیا اور تیل وغیرہ دے کر چکناکل کی طرف نکلا۔  یہ رائفل میری برسوں کی قابل اعتماد رفیق تھی۔

کل شام مجھے چھجے کے نیچے سے گزرتے ہوئے جو دقت ہوئی تھی، اب اس کا عشر عشیر بھی نہ محسوس ہوا۔  میں یہاں آرام سے گزر گیا۔  اب میں نے شیر کے پگوں کی تلاش شروع کر دی کیونکہ بارش کی وجہ سے زمین نرم ہو چکی تھی۔  پہلی نم جگہ پر مجھے کوئی پگ نہ ملا۔  یہ جگہ دوسرے بچھڑے سے نزدیک تھی۔  یہاں نرم مٹی پر میں نے شیر کے پگ دیکھے جو رات کے طوفان سے پہلے کے تھے۔  یہ نشانات اسی چھجے کی طرف جا رہے تھے۔  اس جگہ کے پاس کھڈ کی طرف ایک تین فٹ بڑا پتھر تھا۔  پچھلی بار میں نے سوچا تھا کہ اگر میں اس پتھر پر چڑھوں تو دوسرا بچھڑا موڑ کے پار دکھائی دے سکتا ہے۔  یہاں سے بچھڑا چالیس گز دور باندھا گیا تھا۔  میں اس پتھر پر چڑھ کر آہستہ آہستہ اوپر اٹھا۔  بچھڑا غائب تھا۔  یہ نئی صورتحال میرے لیے قابل قبول نہ تھی۔  میں نے شیر کو بچھڑا لے جانے سے روکنے کے لیے ایک انچ موٹی رسی استعمال کی تھی تاکہ درخت پر یا زمین پر چھپ کر شیر کو ہلاک کر سکوں۔  پھر بھی شیر بچھڑا لے گیا تھا۔

میں بہت باریک ربر سول کے جوتے پہنے ہوئے تھا۔  آہستگی سے چلتے ہوئے میں اس درخت تک پہنچا جہاں بچھڑا بندھا ہوا تھا۔  یہاں میں نے زمین کا بغور جائزہ لیا۔  بچھڑا طوفان سے قبل مارا گیا تھا۔  بارش تھمنے کے بعد شیر اسے اٹھا لے گیا تھا۔  لے جانے سے قبل شیر نے لاش کو چکھا تک نہ تھا۔  میں نے چار رسیوں کو بل دے کر بچھڑا باندھا تھا۔  شیر نے تین رسیاں کتر ڈالی تھیں اور ایک رسی ٹوٹی ہوئی تھی۔  اب اس کا رخ موہن کے سامنے والی پہاڑی کی طرف تھا۔  میرے سارے منصوبے الٹ پلٹ ہو گئے تاہم بارش سے بہت مدد ملی۔  کل تک خشک پتوں کا انبار اب بالکل نرم قالین بن چکا تھا۔  ان پر چلتے ہوئے بالکل بھی آواز نہ پیدا ہوتی تھی۔  اگر میں احتیاط سے کام لیتا تو آرام سے شیر کے نزدیک پہنچ کر اسے ٹھکانے لگا سکتا تھا۔

جنگل داخل ہوتے وقت جب متواتر کئی گولیاں چلانے کی ضرورت پڑے تو میں ہمیشہ رائفل کو اچھی طرح چیک کر لیتا ہوں کہ بھری ہوئی ہے یا نہیں۔  خطرے کے وقت لبلبی دبا کر یہ دیکھنا آیا رائفل بھری ہوئی ہے یا نہیں، مہلک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔  مجھے یقین تھا کہ چٹانی چھجے سے گزرتے ہوئے میں نے رائفل بھر لی تھی۔  پھر بھی میں نے کارتوس نکالے۔  ایک کارتوس کا رنگ کچھ اڑا اور اس پر گڑھے پڑے تھے۔  میں نے اس کی جگہ دوسرا کارتوس ڈال کر پھر سے رائفل بھری۔  پھر سیفٹی کیچ کئی بار اوپر نیچے کر کے تسلی کی اور چل پڑا۔  میں بھرا ہوا ہتھیار کبھی بھی سیفٹی کیچ کے بغیر اٹھا کر نہیں چلتا۔  اب میں گھسیٹنے کے نشان کے تعاقب میں تھا۔

لفظ ’گھسیٹنا‘ واضح نہیں۔  گھسیٹنے سے مراد وہ نشان ہیں جو شیر اپنا شکار لے جاتے وقت بناتا ہے (میں نے ایک بار خود اپنی آنکھوں سے شیر کو ایک پوری طرح جوان گائے اٹھا کر چار میل دور لے جاتے دیکھا ہے)۔  شیر جانور کو گھسیٹ کر نہیں لے جاتا بلکہ اٹھا کر لے جاتا ہے۔  لاش بہت بھاری ہو تو شیر چھوڑ جاتا ہے۔  جانور کے حجم اور اس کے اٹھانے کے طریقے سے بننے والے نشان مدھم بھی ہو سکتے ہیں اور واضح بھی۔  مثلاً اگر شیر کا شکار سانبھر ہے اور شیر نے اسے گردن سے پکڑا ہوا ہے تو سانبھر کی پچھلی ٹانگیں زمین پر گھسٹنے کے صاف نشانات چھوڑتی ہیں۔  اسی طرح شیر سانبھر کو پشت سے اٹھائے تو بہت مدھم نشانات بنتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ کوئی نشان نہ بنے۔

موجودہ صورتحال میں شیر بچھڑے کو گردن سے پکڑ کر لے گیا تھا۔  اس طرح بچھڑے کی پچھلی ٹانگیں زمین پر گھسٹنے کے صاف نشانات چھوڑ گئی تھیں۔  سو گز تک شیر سیدھا پہاڑی پر چڑھا۔  آگے چل کر چکنی مٹی کا ایک کنارہ آیا۔  اس کنارے کو پھلانگنے کی کوشش میں شیر کا پاؤں پھسلا اور بچھڑا اس کی گرفت سے نکل کر تیس یا چالیس گز نیچے ایک درخت سے ٹکرا کر رک گیا۔  پھر شیر نے اسے پشت سے اٹھایا۔  اب بچھڑے کا پیر کبھی کبھار ہی زمین سے لگتا تھا۔  اس کا پیچھا کرنا اب بھی مشکل نہ تھا۔  اس طرح گرنے سے عارضی طور پر شیر کو سمتیں بھول گئیں۔  ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے شیر کو علم نہ ہو کہ اسے کس طرف جانا ہے۔  پہلے وہ دو سو گز دائیں طرف چلا پھر سو گز سیدھا نیچے اتر کر بانس کے جھنڈ میں پہنچا۔  یہاں کافی وقت گزار کر وہ پھر بائیں جانب اترا اور سیدھا پہاڑی کی طرف چند سو گز چلا حتیٰ کہ ایک بڑی چٹان اس کے سامنے آ گئی۔  یہ چٹان اوپری طرف سے زمین سے ملی ہوئی اور دوسری طرف بیس فٹ گہری کھڈ تھی۔  اگر یہاں کوئی غار یا گڑھا ہوتا تو بلاشبہ شیر شکار کو لے کر سیدھا یہاں آ رکتا۔  اب میں گھسیٹنے کے نشانات سے ہٹ کر براہ راست اس چٹان پر چڑھا اور ساتھ ہی ساتھ دائیں بائیں بھی بغور دیکھتا رہا۔  چٹان کے دوسرے سرے پر پہنچ کر مجھے مایوسی ہوئی کہ یہاں چٹان سیدھی پہاڑی سے ملی ہوئی تھی۔  یہاں کوئی غار یا گڑھا نہ تھا کہ جہاں شیر ہوتا۔

یہاں سے جنگل کا اچھا منظر دکھائی دے رہا تھا اور یہ جگہ شیر کے اچانک حملے سے بھی محفوظ تھی۔  میں بیٹھ گیا۔  بیٹھتے ہی چالیس یا پچاس گز دور مجھے سرخ اور سفید رنگ کی ایک چیز گھاس میں چھپی ہوئی دکھائی دی۔  اگر آپ جنگل میں شیر کی تلاش میں ہوں تو ہر سرخ چیز شیر لگتی ہے۔  یہاں تو مجھے نہ صرف شیر کا لال رنگ بلکہ اس کی سفید دھاریاں بھی دکھائی دے رہی تھیں۔  میں کافی دیر تک اسے دیکھتا رہا۔  اچانک انکشاف ہوا کہ یہ شیر نہیں بلکہ بچھڑے کی لاش ہے۔  سرخ رنگ خون کی وجہ سے اور سفید دھاریاں پسلیاں تھیں جو کھال کو پھاڑ کر باہر نکل آئی تھیں۔  میں نے خدا کا شکر ادا کیا کہ عجلت میں گولی نہ چلا دی تھی۔  میرے ایک دوست نے اسی طرح کی صورتحال میں بچھڑے کی لاش پر دو گولیاں چلا کر بہت عمدہ شیر مارنے کا سنہری موقع ضائع کر دیا تھا۔  خوش قسمتی سے اس کا نشانہ بہت اچھا تھا۔  دو آدمی جو مچان باندھنے اس جگہ کے قریب تھے، بچ گئے۔

شیر کو چھیڑا نہ گیا ہو اور اس کا شکار کھلے عام پڑا ہو تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ شیر کہیں قریب ہی چھپ کر لیٹا ہوا ہے تاکہ گدھوں اور دوسرے مردار خوروں کو دور رکھ سکے۔  شیر دکھائی نہ دے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ شیر موجود ہی نہیں۔

مکھیاں شیروں کو بہت تنگ کرتی ہیں اور وہ ایک جگہ نہیں رہ سکتا۔  میں نے اسی جگہ رک کر شیر کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا۔  ابھی میں نے یہ سوچا ہی تھا کہ گلے میں سرسراہٹ شروع ہو گئی۔  جنگل میں یا یا عبادت کے دوران ہم سانس روک کر یا تھوک بار بار نگل کر کھانسی روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔  یہاں کوئی طریقہ نہ چلا۔  سرسراہٹ اتنی بڑھی کہ کھانسنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔  میں نے کوشش کی کہ کھانسنے کے لیے لنگور کی آواز نکالوں۔  آوازوں کو لکھ کر بتانا آسان نہیں ہوتا۔  لیکن پھر بھی کچھ اس طرح کی آواز تھی:  ’کھوک، کھوک، کھوک‘۔  یہ آواز تھوڑے تھوڑے وقفے سے جاری رہتی ہے اور پھر ’کھر کھر رر‘ کے ساتھ ختم ہو جاتی ہے۔  تمام لنگور شیر کو دیکھ کر اسی طرح نہیں بولتے لیکن ان پہاڑی علاقوں کے لنگور یہ آواز نکالتے ہیں۔  یہ آواز شیر نے ہر روز کئی بار سنی ہو گی اور وہ اس پر کبھی توجہ نہ دیتا۔  ایسی ہنگامی حالت میں آواز سو فیصد تو لنگور سے مشابہ نہ تھی لیکن پھر بھی حلق کی سرسراہٹ ختم ہو گئی۔

نصف گھنٹے تک میں اسی طرح بیٹھا رہا کہ کسی بھی حرکت کو دیکھ سکوں اور جانوروں کی آوازیں سن سکوں۔  جب مجھے یقین ہو گیا کہ شیر موجود نہیں تو میں چٹان سے نیچے اتر کر بچھڑے کی طرف بڑھا۔

۶

میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ ایک وقت میں شیر کتنا کھا سکتا ہے لیکن یہ جانتا ہوں کہ سانبھر کو دو اور بھینس تین دن میں ختم کر سکتا ہے۔  شاید چوتھے دن کے لیے بھی کچھ بچ جائے۔

یہ بچھڑا پوری طرح جوان تو نہ تھا لیکن اسے کسی طرح چھوٹا بھی نہیں کہہ سکتے۔  شیر نے اسے تقریباً نصف کھا لیا تھا۔  میرے اندازے کے مطابق اتنا پیٹ بھرنے کے بعد شیر زیادہ دور نہ جاتا۔  زمین ابھی گھنٹہ دو گھنٹے نم رہتی اور شیر کا پیچھا کرنا آسان ہوتا۔

لاش کے پاس بے شمار پگ تھے۔  لمبا چکر لگا کر میں نے شیر کی روانگی کے پگ دیکھے۔  نرم پنجوں سے بننے والے پگ کھروں کی نسبت مدھم ہوتے ہیں۔  طویل تجربے کے بعد ان پر چلنا اتنا ہی آسان ہے جیسے شکاری کتا بو پر چلتا ہے۔  میں سائے کی طرح خاموشی اور احتیاط سے آگے بڑھا۔  سو گز دور جا کر مجھ بیس فٹ چوڑا اور بیس فٹ لمبا ہموار قطعہ دکھائی دیا۔  اس پر خوشبودار گھاس اگی ہوئی تھی۔  گھاس ان جگہوں سے دبی ہوئی تھی جن پر شیر لیٹا تھا۔

ابھی میں یہ نشان دیکھ ہی رہا تھا کہ شیر کے قد و قامت کا اندازہ لگا سکوں کہ گھاس پھر سے سیدھی ہونے لگی۔  یقیناً شیر منٹ بھر ہی پہلے یہاں سے اٹھا تھا۔

شکار کو شیر شمال سے نیچے لایا اور اسے چھوڑ کر مغرب کو گیا۔  یہاں وہ چٹان، شکار اور میری موجودہ پوزیشن مثلث کی طرح تھے۔  ایک سرا چالیس گز اور باقی دو سرے دو دو سو گز کے تھے۔

گھاس کو اٹھتے دیکھ کر مجھے پہلا خیال یہی آیا کہ شیر مجھے آتا دیکھ کر اٹھا ہے۔  یہاں سے وہ چٹان اور بچھڑے کی لاش دکھائی نہ دیتی تھی اور میں نے پیش قدمی میں خاصی احتیاط برتی تھی۔  پھر شیر کیوں اٹھا؟ اس کا جواب میری پشت پر چمکتا ہوا سورج تھا اور صبح نو بجے ہی سے اس کی گرمی ناقابل برداشت ہو رہی تھی۔  سورج درختوں سے چند ہی منٹ پہلے اوپر آیا تھا اور اس جگہ دھوپ پڑنے لگی۔  شیر کو جب گرمی لگی اور وہ میری آمد سے ذرا پہلے اٹھ کر کسی چھاؤں کی تلاش میں چلا گیا۔

گھاس کا یہ قطعہ بیس مربع فٹ کا تھا۔  اس کے ایک طرف شمالاً جنوباً درخت گرا ہوا تھا جس کا رخ میرے سامنے کی طرف تھا۔  یہ درخت چار فٹ موٹا اور گھاس کے سرے پر تھا۔  میں اس وقت گھاس کے درمیان موجود تھا۔  درخت مجھ سے دس فٹ دور تھا۔  جڑوں کا رخ پہاڑی کی طرف اور شاخیں میری طرف تھیں۔  اس کے پیچھے پہاڑی تقریباً زاویہ قائمہ بنا رہی تھی۔  یہاں سے تیس گز دور کھڈ تھا جو گھنے جنگل کی طرف جا رہا تھا۔

اگر میرا یہ اندازہ درست تھا کہ شیر دھوپ اور گرمی کی وجہ سے اٹھا ہے تو وہ لازما سائے کی تلاش میں اس درخت کے پیچھے گیا ہو گا۔  اس کی تصدیق کرنے کے لیے مجھے تھوڑا سا آگے بڑھ کر درخت کے اوپر سے جھانک کر دیکھنا پڑتا۔  مجھے کئی سال پہلے ’پنچ‘ نامی رسالے میں چھپی ہوئی ایک تصویر یاد آ گئی۔  ایک شکاری شیر کی تلاش میں چٹان کے نیچے سے گزر رہا تھا۔  سر اوپر اٹھاتے ہی اس نے دیکھا کہ شیر اسے گھور رہا تھا۔  تصویر کے نیچے درج تھا کہ ’شیر کی تلاش میں جاتے وقت توقع رکھیں کہ کسی بھی وقت شیر سے ملاقات ہو سکتی ہے‘۔ فرق صرف اتنا سا تھا کہ مجھے اوپر کی بجائے نیچے دیکھنا تھا۔  باقی سب مشترک تھا۔

انچ انچ کر کے میں درخت کی طرف بڑھا۔  میں نے پانچ فٹ آگے جا کر دیکھا کہ ایک کالی اور پیلی سی چیز دکھائی دے رہی ہے۔  تین انچ لمبی یہ چیز چٹانی سرے کی طرف تھی جو جنگلی جانوروں کی بنائی ہوئی پگڈنڈی تھی۔  منٹ بھر میں اسے دیکھتا رہا۔  یہ ساکت تھی۔  حتیٰ کہ مجھے پورا یقین ہو گیا کہ یہ شیر کی دم کا سرا ہے۔

اگر دم کا سرا میری مخالف سمت تھا تو یقیناً سر میری طرف ہو گا۔  دم کا یہ سرا بیس فٹ دور تھا۔  شیر کی آٹھ فٹ کی جسامت ملا کر اس کا جسم مجھ سے بارہ فٹ دور ہوتا۔  یعنی شیر درخت کے پیچھے چھپا ہوا جست لگانے کے لیے تیار ہو گا۔  پھر بھی مجھے بہت آگے جا کر درخت کے اوپر سے جھانک کر دیکھنا پڑتا کہ شیر کو کس جگہ گولی مارنا بہتر رہے گا۔  زندگی میں پہلی بار مجھے سیفٹی کیچ استعمال کرنے کی عادت پر غصہ آیا۔  میری اعشاریہ ۴۰۰/۴۵۰ بور کی رائفل کا سیفٹی کیچ حرکت کرتے وقت واضح طور پر کلک کی آواز پیدا کرتا تھا۔  اس وقت ہلکی سی آہٹ سے بھی شیر حملہ کرنے کی بجائے دوسری جانب سے فرار ہو جاتا۔

انچ انچ کر کے میں آگے بڑھتا رہا حتیٰ کہ شیر کی پوری دم اور پھر پچھلی ٹانگیں دکھائی دیں۔  جونہی اس کا پچھلا دھڑ دکھائی دیا، میرا دل چاہا کہ خوشی سے نعرہ لگاؤں۔  شیر چھلانگ لگانے کے لیے تیار نہیں بلکہ آرام سے سو رہا تھا۔  چونکہ درخت پر اس کے لیے دو فٹ جتنی جگہ تھی، اس نے پچھلی ٹانگیں پھیلا کر پیچھے درخت سے ٹکائی ہوئی تھیں۔  ایک فٹ اور آگے بڑھا تو مجھے شیر کا پیٹ دکھائی دیا۔  اس کی حرکت سے ظاہر ہو رہا تھا کہ شیر آرام سے سو رہا ہے۔  اب میں زیادہ تیزی سے آگے بڑھا اور پھر میں نے شیر کے شانے اور پھر سارا جسم دیکھا۔  اس کے سر کی پشت گھاس کے ٹکڑے پر تھی اور درخت کے تنے سے تین چار فٹ دور۔  اس کی آنکھیں بند اور ناک آسمان کی طرف تھی۔

رائفل سے اس کی پیشانی کا نشانہ لے کر میں نے لبلبی دباتے ہوئے سیفٹی کیچ ہٹایا۔  مجھے قطعی اندازہ نہ تھا کہ اس کا کیا اثر ہو گا۔  تاہم تجربہ کامیاب رہا۔  اتنے قریب سے بھاری رائفل کی گولی لگی مگر شیر کا رواں تک نہ ہلا۔  میں نے دوسری گولی چلائی۔  شیر اسی حالت میں رہا۔  فرق صرف اتنا تھا کہ اس کے پیٹ کا پھولنا پچکنا بند ہو گیا تھا اور ماتھے کے دو ننھے ننھے سوراخوں سے خون بہہ رہا تھا۔

پتہ نہیں کہ شیر کا قرب دوسروں پر کیسے اثر کرتا ہے لیکن میرا سانس ہمیشہ پھول جاتا ہے۔  اس کی وجہ خوف اور جوش دونوں ہی ہیں۔  اس کے فوراً بعد آرام کی طلب ہوتی ہے۔  میں اسی ٹوٹے ہوئے درخت کے تنے پر بیٹھا اور سگریٹ سلگا لیا۔  گلا خراب ہونے کی وجہ سے میں کئی دن سے سگریٹ چھوڑے ہوئے تھا۔  اب میں نے ذہن آزاد چھوڑ دیا۔  جب کام اچھے طریقے سے مکمل ہو جائے تو بہت اطمینان ملتا ہے۔  اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔  میری یہاں آمد کی وجہ آدم خور کی ہلاکت تھی۔  دو گھنٹے قبل سڑک چھوڑنے سے لے کر سیفٹی کیچ ہٹانے بشمول لنگور کی آواز، سب کام بالکل بہترین انداز سے ہوئے تھے۔  اس وقت میں وہی کیفیت محسوس کر رہا تھا جو مصنف اپنی کتاب کی تکمیل پر محسوس کرتا ہے۔  ایسی کتاب جس کا باب در باب اس کی توقع کے مطابق آگے بڑھتا چلا گیا ہو۔  میری موجودہ صورتحال کا اختتام اتنا تسلی بخش نہ تھا کہ میں نے آدم خور کو نیند میں پانچ فٹ دوری سے ہلاک کیا تھا۔

میرے ذاتی احساسات شاید آپ کو دل چسپ نہ محسوس ہوں مگر یہ بات ملحوظ رہے کہ آدم خور کا شکار کوئی کرکٹ کا کھیل نہیں۔  میں آپ کے سامنے دلائل پیش کرتا ہوں جو میں نے خود کو مطمئن کرنے کے لیے دیے۔  امید ہے کہ یہ دلائل آپ کو بھی قائل کر لیں گے:

۱۔  شیر آدم خور تھا، اس کی زندگی سے زیادہ اس کی موت مطلوب تھی

۲۔  شیر کا نیند یا بیداری کی حالت سے قطع نظر، مارا جانا ہی بہتر تھا

۳۔  اگر میں اسے سوتی حالت میں چھوڑ کر چلا جاتا تو بعد میں ہونے والی تمام اموات کا براہ راست ذمہ دار ہوتا

یہ دلائل بھی میرے دل سے خلش نہ نکال پائے کہ میں نے شیر کو جگا کر فرار کا موقع دیتے ہوئے گولی کیوں نہ چلائی۔

شیر مر چکا تھا اور میرا انعام تھا۔  اسے نیچے گرنے اور خراب ہونے سے بچانے کے لیے جتنا جلد ممکن ہوتا، اسے یہاں سے ہٹانا بہتر تھا۔  میں نے رائفل اسی گرے ہوئے درخت سے ٹکا دی کیونکہ اب اس کی ضرورت نہیں تھی۔  پھر میں سڑک پر پہنچا اور دونوں ہاتھوں کو منہ پر رکھ کر ’کوووئی‘ کی آواز نکالی۔  مجھے دوسری بار آواز کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی کہ میرے ساتھی ابھی پہلے بچھڑے سے ہو کر لوٹ رہے تھے کہ انہوں نے گولیوں کی آواز سنی۔  آواز سنتے ہی وہ بھاگ کر ہٹ کی طرف گئے اور دیہاتیوں کو اکٹھا کیا اور میری آواز سنتے ہی بھاگم بھاگ ادھر آن پہنچے۔

جب رسیاں اور کلہاڑیاں آ گئیں تو میں انہیں ساتھ لے کر لوٹا۔  شیر کو رسیوں سے باندھ کر کچھ اٹھاتے اور کچھ گھسیٹتے ہوئے نیچے اتارا۔  ابھی میں اس کی کھال اتارنے کی تیاری کر ہی رہا تھا کہ لوگوں نے درخواست کی کہ میں اس کام کو کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دوں۔  کرتکالہ اور دیگر دیہاتوں کے لوگ اگر اپنے دشمن کو اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ پاتے تو بہت مایوس ہوتے۔  اس دشمن کے خوف کے سائے تلے وہ کئی سالوں سے جی رہے تھے۔

دو چھوٹے درختوں کو کاٹنے کے بعد شیر لاد کر ہم ہٹ تک پہنچے۔  میں نے دیکھا کہ کئی لوگ شیر کی ٹانگوں پر ہاتھ پھیر کر میری بات کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔  ہٹ کے سامنے میں نے شیر رکھوا دیا اور لوگوں سے کہا کہ دو بجے میں کھال اتارنا شروع کر دوں گا کہ دن بہت گرم تھے اور دیر کرتا تو بال جھڑنے لگ جاتے اور کھال خراب ہو سکتی تھی۔

دو بجے میں نے شیر کو پشت کے بل لٹایا اور کھال اتارنا شروع کی۔  میں نے محسوس کیا کہ اگلے بائیں پنجے کے اندر والی طرف سے زیادہ تر بال گم ہیں اور اس میں چھوٹے چھوٹے سوراخ ہیں جن سے زرد مواد نکل رہا تھا۔  میں نے اس ٹانگ کو وہیں چھوڑا اور باقی کھال اتارنا شروع کی۔  یہ ٹانگ دوسری ٹانگوں کی نسبت پتلی تھی۔  جب باقی کھال اتر چکی تو میں نے سینے سے لے کر اس کے بائیں ٹانگ کے پنجے کی گدی تک چیرا لگایا۔  میں نے کھال اتارنا شروع کی اور جونہی گوشت سامنے آیا، میں نے اس میں چبھے ہوئے سیہی کے کانٹے یکے بعد دیگرے نکالنا شروع کر دیے۔  میرے ساتھ کھڑے دیہاتی انہیں بطور سوغات قبول کرتے گئے۔  ان میں سب سے بڑا کانٹا پانچ انچ لمبا تھا۔  کل ستائیس کانٹے نکلے۔  کھال کے نیچے شیر کے سینے سے لے کر پاؤں تک گوشت صابن کی طرح نرم اور گہرا زرد ہو چکا تھا۔  اسی لیے شیر چلتے ہوئے آواز پیدا کرتا تھا۔  اسی وجہ سے ہی وہ آدم خور بنا۔  سیہی کے کانٹے چاہے جتنے عرصے تک شیر کی کھال یا گوشت میں پیوست رہیں، گلتے نہیں۔

میں نے اپنے شکار کردہ آدم خوروں کے جسم سے اب تک سیہی کے قریب دو سو کانٹے نکالے ہیں۔  اکثر کانٹے نو انچ تک لمبے اور پنسل جتنے موٹے تھے۔  اکثریت مضبوط پٹھوں میں گھسی اور کھال سے ذرا نیچے ٹوٹی ہوئی تھی۔

ظاہر ہے کہ یہ کانٹے سیہی کے شکار کے دوران لگتے ہوں گے۔  سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ شیر جیسے چالاک اور عقل مند جانور سے اتنی غفلت کیسے ہو سکتی ہے کہ سیہی اپنے کانٹے پھینک سکے۔  سیہی پیچھے ہٹتے ہوئے ایسا کرتی ہے۔  یہ بھی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کانٹے ٹوٹ کیوں جاتے ہیں حالانکہ بھربھرے نہیں ہوتے؟ ان سوالوں کا کوئی بھی تسلی بخش جواب میرے پاس نہیں۔

تیندوے شیروں کی طرح شوق سے سیہی کھاتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ کانٹوں سے بچ نکلتے ہیں۔  میں نے خود دیکھا ہے کہ تیندوے سیہی کو سر سے پکڑ کر ہلاک کرتے ہیں۔  شیر یہ طریقہ کیوں نہیں اپناتے؟

یہاں اس ضلعی کانفرنس کے دوران مجھے تفویض کردہ تین آدم خوروں میں سے دوسرا بھی اپنے انجام کو پہنچا۔  موقع ملتے ہی میں آپ کو کنڈا کے آدم خور کی ہلاکت کا واقعہ بھی سناؤں گا۔

میرے خوابوں کی مچھلی

مہاشیر مچھلیوں سے بھرے پہاڑی دریا پر مچھلی کا شکار کھیلنا میرے نزدیک تمام شکاروں میں افضل ہے۔  ہمارا ماحول جس سے شاید آگاہ بھی نہیں ہوتے، ہر قسم کے شکار کے لطف کو دوبالا کرتا ہے۔  غیر دلچسپ ماحول میں مچھلی کا ماہر شکاری اپنی بہترین مچھلی پکڑنے پر ویسا ہی محسوس کرے گا جیسا کہ صحرائے صحارا میں منعقد ڈیوس کپ جیتنے والا ٹینس کا کھلاڑی۔

یہ دریا جہاں میں مچھلیاں پکڑ رہا تھا، چالیس میل طویل خوبصورت وادی سے گزرتا تھا جہاں جنگل میں ہر قسم کے جانور اور پرندے پائے جاتے تھے۔  ایک بار میں نے پورے دن میں دکھائی دینے والے پرندوں اور جانوروں کی انواع کی گنتی کرنے کا سوچا۔  شام تک میں نے جانوروں کی فہرست میں سانبھر، چیتل، کاکڑ، گڑھل، سور، لنگور اور سرخ بندر جبکہ پرندوں کی کل ۷۵ اقسام شمار کیں۔

اس کے علاوہ میں نے پانچ اودبلاؤں کا خاندان، کئی چھوٹے مگرمچھ اور ایک اژدھا بھی دیکھا۔  یہ اژدھا ساکن تالاب کے پانی میں لیٹا ہوا تھا اور اس کا ما تھا اور آنکھیں پانی سے باہر تھیں۔  میں نے اس طرح لیٹے ہوئے اژدھے کی تصویر کھینچنے کی خواہش جانے کب سے دل میں پال رکھی تھی۔  اس کے لیے مجھے تالاب کے اوپر والے دریا کو عبور کر کے مخالف سمت کی پہاڑی چڑھنا تھا۔  بدقسمتی سے اژدھا مجھے دیکھ چکا تھا اور جونہی میں مڑا، اژدھا فوراً ہی تالاب کے کنارے پر موجود پتھروں میں اپنی رہائش کو چل پڑا۔

یہ وادی چند جگہوں پر اتنی تنگ ہو جاتی ہے کہ ایک کنارے سے دوسرے پر پتھر پھینکا جا سکتا ہے تو بعض جگہوں پر چوڑائی ایک میل سے بھی زیادہ ہے۔  کھلی جگہوں پر املتاس کے درخت ہیں جن کے دو دو فٹ لمبے پھولوں کے گچھے، کروندے اور مختلف جھاڑیوں پر خوبصورت پھول اس وادی کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔  ان پھولوں کی خوشبو فضاء کو انتہائی لطیف بناتی ہے اور پرندوں کی چہچہاہٹ ماحول کو انتہائی خوشگوار بنا دیتی ہیں۔  اس جیسے مقام پر مہاشیر کا شکار کرنا بادشاہوں کو زیب دیتا ہے۔  اس جگہ میری آمد کا مقصد مہاشیر کا شکار نہیں تھا بلکہ دن کی روشنی میں شیر کی متحرک فلم بنانا تھا۔  جب مناسب روشنی نہ رہی تو میں نے کیمرہ رکھ کر بنسی اٹھا لی۔

میں علی الصبح گھر سے نکلا تھا۔  میں نے شیرنی اور اس کے دو بچوں کی متحرک فلم بنانے کے لیے کئی گھنٹے صرف کیے تھے۔  شیرنی نوعمر تھی اور ہر نوعمر ماں کی طرح پریشان بھی۔  جونہی میں قریب ہوتا تو وہ فوراً بچوں سمیت گھنی جھاڑیوں میں چھپ جاتی۔  بچوں کے ساتھ موجود ہر شیرنی کو تنگ کرنے کی ایک حد ہوتی ہے چاہے وہ نوعمر ہو یا بوڑھی۔  جونہی یہ حد تمام ہوئی تو میں نے طریقہ بدل دیا اور گھاس کے کھلے میدانوں کے کنارے درختوں پر اور لمبی گھاس میں کھڑے پانی کے تالاب کنارے چھپا رہا جہاں سے شیرنی اور اس کے بچے اکثر پانی پیتے تھے مگر ناکام رہا۔

جب گھاس کے ان قطعوں سے ڈھلتے سورج کی روشنی ہٹی تو میں نے کوشش ترک کر کے اس دن کو سینکڑوں ایسے دنوں میں شمار کیا جو اسی طرح شیروں کی فلم بنانے کی ناکام کوششوں پر صرف ہوئے تھے۔  میرے دو ساتھی دریا کے دوسرے کنارے درخت کی چھاؤں میں بیٹھے تھے۔  انہیں بلا کر میں نے کیمرہ دیا اور بنسی اٹھا لی اور کہا کہ وہ جنگل میں پگڈنڈی کے راستے کیمپ لوٹ جائیں۔  میرا ارادہ تھا کہ دریا پر رات کے کھانے کے لیے مچھلی پکڑوں۔

حالیہ برسوں میں مچھلی کے شکار کی بنسیاں بہت تبدیل ہوئی ہیں۔  اٹھارہ فٹ لمبی بنسیاں ختم ہو چلیں جن کو ٹوٹنے سے بچانے کے لیے مختلف چیزیں لگائی جاتی تھیں اور جنہیں استعمال کرنے کے لیے طاقتور پٹھوں کی ضرورت پڑتی تھی اور ان کی جگہ اب ایک ہاتھ سے استعمال ہونے والی ہلکی بنسیاں ہیں۔

میرے پاس گیارہ فٹ لمبی ٹورنامنٹ والی ٹراؤٹ بنسی تھی۔  چرخی میں پچاس گز طویل کاسٹنگ لائن اور ۲۰۰ گز طویل ریشمی ڈور تھی۔  اس کے سرے پر ایک انچ لمبا گھر پر بنایا ہوا سپون تھا۔

جب شکار کرنے کے لیے بہت ساری جگہ موجود ہو تو بندہ خود بخود پریشان ہو جاتا ہے۔  کبھی تالاب کا راستہ دشوار لگتا ہے تو کسی جگہ ڈوری پھنسنے کا اندیشہ ستانے لگتا ہے۔  اس بار میں نے نصف میل چلنے کے بعد اپنی مرضی کی جگہ دیکھی۔  یہاں شفاف پانی پتھروں سے ہوتا ہوا ۸۰ گز تک سیدھا چلا جاتا ہے اور پھر ۲۰۰ گز لمبے اور ۷۰ گز چوڑے تالاب میں جا گرتا ہے۔  یہاں میں نے مچھلی پکڑنے کا ارادہ کیا۔

پانی کے قریب کھڑے ہو کر میں نے کانٹا پھینکا اور ابھی چند گز ڈوری ڈالی کہ بہاؤ کے ساتھ کانٹا دور چلا جائے کہ کنارے کے پاس اچانک ایک مچھلی نے چارہ اور کانٹا نگل لیا۔  خوش قسمتی سے بقیہ ڈور چرخی سے آسانی سے نکلی۔

مچھلی کانٹے کے ساتھ بہاؤ کی سمت بھاگی اور چرخی سے ڈوری نکلنے کی مسحور کن آواز آتی رہی۔  پچاس گز کاسٹ لائن کے بعد سو گز ڈوری بھی جا چکی تھی اور میرے بائیں ہاتھ کی انگلیاں جل رہی تھیں۔  جتنی تیزی سے یہ دوڑ شروع ہوئی تھی، اتنی ہی تیزی سے اچانک ڈوری ڈھیلی پڑ گئی۔

اکثر ایسے مواقع پر منفی سوچیں آتی ہیں۔  میں نے ان منفی خیالات کو ذہن سے جھٹک دیا۔  کانٹا مچھلی کے منہ میں اچھی طرح گڑ چکا تھا۔  میں نے کاسٹ پائلٹ گٹ کمپنی کی بنی ہوئی ڈوری سے خود احتیاط سے بنا کر آزمائی تھی۔  آخری سوچ یہی تھی کہ پچھلے شکار کے دوران رنگ کے پتھر پر لگنے سے خراشیں آتی رہیں جن کی وجہ سے اب یہ ٹوٹ گیا تھا۔

چرخی میں ۶۰ گز ڈوری واپس آ چکی تھی کہ اچانک ہی ڈوری بائیں جانب مڑتی دکھائی دی۔  اگلے ہی لمحے ڈوری بہاؤ کی مخالف سمت گھوم گئی۔  ظاہر ہے کہ مچھلی ابھی تک کانٹے میں ہی پھنسی ہوئی تھی اور اب اس کا رخ تیز بہاؤ والے پانی کی طرف تھا۔  میں نے بار بار ڈوری کو بہاؤ اور اس کے مخالف سمت کھینچا تاہم ڈوری اسی جگہ ہی رکی رہی۔  وقت گزرتا گیا اور میں سوچنے پر مجبور ہو گیا کہ شاید کسی وجہ سے کانٹا مچھلی کے منہ سے نکل کر پتھر یا کسی اور چیز میں اٹک گیا ہے۔  ابھی میں نا امید ہونے ہی والا تھا کہ اچانک ہی ڈوری پہلے ڈھیلی پڑی اور پھر دوبارہ سے تن گئی۔  اگلے ہی لمحے مچھلی بہاؤ کے ساتھ انتہائی تیزی سے چل پڑی۔

اس کا ارادہ یہی لگ رہا تھا کہ اب دریا سے نکل کر نیچے موجود تالاب میں جا پہنچے۔  ایک ہی دوڑ میں وہ تالاب کے آخری سرے تک پہنچ گئی جہاں پانی ساکن اور اتھلا تھا۔  یہاں چند لمحے رک کر اس نے دوبارہ تالاب کا رخ کیا۔  تھوڑی ہی دیر بعد میں نے پہلی بار اسے پانی کی سطح سے تھوڑا سا اوپر نکلتے دیکھا۔  ڈور بالکل سیدھی اسی سمت تھی جہاں مچھلی نے پانی سے سر باہر نکالا تھا۔  یہ یقین کرنا دشوار تھا کہ اتنی بڑی مچھلی کہ جس کا ایک پر پانی کی سطح سے پانچ انچ باہر نکلا ہے، مجھ سے ایک یا دو گز کے فاصلے سے کانٹا نگل سکتی ہے۔

تالاب کی گہرائی میں واپس پہنچنے کے بعد میں نے اسے انچ انچ کر کے اوپر کھینچنا شروع کیا۔  بڑی مچھلی کو ٹراؤٹ والی بنسی سے ایک ہاتھ کی مدد سے خشکی پر لانا آسان نہیں۔  چار بار میں اسے گھسیٹ کر کنارے پر اتنی دور لایا کہ اس کا اوپری حصہ پانی سے باہر تھا اور ہر بار میری آمد سے خبردار ہو کر وہ دوبارہ تالاب کا رخ کرتی اور ہر بار اسے دوبارہ سے میں اتنی محنت سے گھسیٹ لاتا۔  پانچویں بار میں نے بنسی کو ہاتھ میں ایسے پکڑا کہ ڈوری رکاوٹ نہ بنے۔  پھر میں نے پہلے ایک اور پھر دوسرا ہاتھ اس کے گلپھڑوں میں ڈال کر آسانی سے اسے نکال کر خشکی پر ڈال دیا۔

میں ایک مچھلی پکڑنے کی نیت سے نکلا تھا اور ایک مچھلی ہی پکڑی تھی۔  مچھلی کو رات کو کھانا ممکن نہیں تھا کیونکہ یہاں سے کیمپ تک تقریباً ساڑھے تین میل کا دشوار گزار راستہ تھا جس کا نصف حصہ تاریکی میں طے کرنا تھا۔

۱۱ پاؤنڈ وزنی کیمرہ واپس بھیجتے وقت میں نے وہ سوتی دھاگہ اپنے پاس ہی رکھ لیا تھا جس کی مدد سے میں درخت پر چڑھنے کے بعد کیمرہ اوپر کھینچتا تھا۔  اس دھاگے کا ایک سرا میں نے مچھلی کے گلپھڑے سے داخل کر کے منہ سے نکالا اور گرہ لگا دی۔  پھر میں نے دوسرا سرا درخت کی شاخ سے باندھ دیا۔  اس طرح مچھلی ایک بڑے پتھر کے پیچھے نسبتاً پرسکون پانی میں رک گئی۔  اودبلاؤ سے بچانے کے لیے میں نے اپنے رو مال سے جھنڈی سے بنا کر مچھلی سے کچھ نیچے گاڑ دی۔

اگلی صبح سورج ابھی پہاڑوں سے بلند ہو ہی رہا تھا کہ میں نے مچھلی کو وہیں پایا جہاں چھوڑ کر گیا تھا۔  سوتی دھاگے کو شاخ سے کھولنے کے بعد میں نے اپنے ہاتھ میں لپیٹا اور نیچے اترا۔  میری آمد سے ڈر کر یا ڈوری میں ارتعاش محسوس کر کے مچھلی اچانک تڑپی اور دریا کے بہاؤ کی مخالف سمت کا رخ کیا۔  مچھلی کی یہ حرکت اتنی غیر متوقع تھی کہ میں پھسلوان پتھر پر پیر نہ جما سکا اور مچھلی کے پیچھے پانی میں گرا۔

میں ان پہاڑی دریاؤں میں اپنے قد سے گہرے پانی میں جانے سے گریز کرتا ہوں کیونکہ مجھے کسی بھوکے اژدھے کے ہاتھوں مرنا قبول نہیں۔  خوش قسمتی سے وہاں کوئی انسان قریب نہیں تھا ورنہ میں جتنی عجلت میں پانی سے باہر نکلا، اگر کوئی دیکھ پاتا تو ہنس ہنس کر بے حال ہو جاتا۔  جونہی میں دریا کے دوسرے کنارے پر نکلا تو مچھلی میرے ہاتھ سے بندھی ہوئی تھی اور اسی وقت میرے ساتھی آن پہنچے۔  انہیں مچھلی دے کر میں نے ہدایت کی کہ اسے کیمپ لے جائیں اور خود کپڑے بدلنے اور کیمرہ تیار کرنے ان سے پہلے چل پڑا۔

اس وقت میرے پاس مچھلی کو تولنے کا کوئی پیمانہ نہیں تھا لیکن میرا اور میرے ساتھیوں کا اندازہ ۵۰ پاؤنڈ تھا۔

مچھلی کے وزن کی اتنی اہمیت نہیں ہوتی کیونکہ اسے کوئی یاد نہیں رکھتا۔  تاہم جس ماحول اور مقام پر مچھلی کا شکار ہو، ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔  چمکدار نیلے پانی میں فرن تھے اور پانی پتھروں پر بہتا ہوا ایک تالاب سے دوسرے کو جاتا ہے، جہاں ہر تالاب پچھلے سے زیادہ خوبصورت ہے، جہاں کنگ فشر مچھلی کی تلاش میں پانی میں غوطہ لگا کر موتیوں جیسے پانی کے قطرے گراتا چہکتا ہوا اڑتا ہے، جہاں سانبھر دور سے بول رہا ہو اور چیتل صاف آواز میں جنگل کو چند منٹ قبل دریا عبور کر کے خوراک کی تلاش میں نکلے شیر کی آمد کی خبر دے رہا ہو۔  یہ باتیں کبھی نہیں بھول سکتیں اور ذہن میں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔  ایسی جگہ جہاں انسان نے ابھی تک فطرت کو بدلنے کی کوشش نہیں کی۔

کنڈا کا آدم خور

ہم دوسروں کی توہم پرستی مثلاً کھانے کی میز پر تیرہ افراد کا اکٹھا ہونا، کھانے میں شراب آگے بڑھانا، سیڑھیوں کے نیچے چلنا وغیرہ وغیرہ کا جتنا بھی مذاق اڑا لیں، ہماری ذاتی توہم پرستی ہمارے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔

یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ آیا شکاری عام افراد کی نسبت زیادہ توہم پرست ہوتے ہیں۔  لیکن میرے علم میں ہے کہ شکاری اپنے توہمات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔  میرا ایک دوست جب بھی شیروں کے شکار پر جاتا ہے، ہمیشہ پانچ کارتوس لے کر جاتا ہے۔  نہ پانچ سے کم نہ پانچ سے زیادہ۔  ایک اور دوست سات کارتوس لے جاتا ہے۔  ایک اور دوست جو شمالی ہندوستان میں بڑے شکار کا بہترین شکاری کہلاتا ہے، شکار کے موسم کا آغاز ہمیشہ مہاشیر مچھلی کے شکار سے کرتا ہے۔  میرا ذاتی تجربہ سانپوں سے متعلق ہے۔  میرا بہت طویل تجربہ ہے کہ چاہے میں آدم خور کے پیچھے کتنا ہی خوار کیوں نہ ہوں، اگر میں پہلے سانپ نہیں مار لوں، آدم خور کو مارنے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔

میں ایک بار مئی کے گرم دن صبح سے بے شمار میل پہاڑوں پر اوپر نیچے پھرا، گھنی جھاڑیوں سے گزرا اور اپنے گھٹنے اور کہنیاں چھلوائیں اور کسی گدھے کی طرح تھکا ہارا بنگلے کو لوٹا۔  دو کمروں کا یہ فارسٹ بنگلہ ان دنوں میری قیام گاہ تھا۔  یہاں آ کر میں نے کچھ مقامی لوگ دیکھے۔  انہوں نے بتایا کہ آج آدم خور ان کے گاؤں کے پاس دیکھا گیا ہے۔  اب اندھیرا ہو رہا تھا اور کچھ کرنا ممکن نہ تھا۔  انہیں لالٹین دے کر میں نے واپس بھیجا اور سختی سے تاکید کی کہ اگلے دن کوئی بھی شخص کسی بھی صورت گھر سے باہر نہ نکلے۔

یہ گاؤں اس چٹانی چھجے کی دوسری طرف تھا جہاں بنگلہ تھا۔  اکیلا گاؤں ہر طرف سے گھنے جنگلات سے گھرا ہونے کی وجہ سے آدم خور کا سب سے زیادہ نشانہ بنا۔  آدم خور کے حالیہ شکار دو عورتیں اور ایک مرد تھے۔

اگلی صبح میں نے گاؤں کے گرد چکر لگایا۔  پہلے چکر سے چوتھائی میل دور دوسرے چکر کا بڑا حصہ بھی طے ہو چکا تھا کہ ایک ڈھلوان آئی جو پتھروں اور چکنی مٹی سے بھری ہوئی تھی۔  اس کے بعد ایک برساتی نالہ ملا جو پہاڑی سے سیدھا نیچے اترتا تھا۔  میں نے نالے میں اترنے سے قبل دونوں کناروں کا بغور جائزہ لیا تاکہ شیر کی عدم موجودگی کا اطمینان ہو۔  اچانک پچیس فٹ دور میں نے کچھ حرکت محسوس کی۔  یہاں باتھ ٹب سائز کا تالاب تھا۔  اس کے دوسرے کنارے ایک سانپ پانی پی رہا تھا۔  اس نے سر اٹھایا جو میری توجہ مبذول کرانے کا سبب بنا۔  اس نے دو یا تین فٹ بلند ہو کر پھن پھیلایا تو معلوم ہوا کہ یہ کنگ کوبرا ہے۔  میں نے آج تک اتنا خوبصورت سانپ نہیں دیکھا تھا۔  اس کا گلا میری طرف تھا جو خوبصورت شوخ نارنجی رنگ کا تھا اور بتدریج سرخ ہوتا ہوا باقی بدن سے جا ملتا تھا۔  اس کی پشت زیتونی سبز تھی جس پر چاندی کے چانے بنے تھے۔  یہ چانے دم سے چار فٹ اوپر کی طرف تھے۔  باقی ساری پشت چمکدار کالے رنگ کی تھی۔  اس کی لمبائی تیرہ سے پندرہ فٹ کے لگ بھگ رہی ہو گی۔

مشہور ہے کہ کنگ کوبرا کو اگر چھیڑا جائے تو وہ خطرناک ہو جاتا ہے اور اس کی رفتار بھی بہت تیز ہوتی ہے۔  اگر یہ سچ تھا تو میرے لیے اوپر یا نیچے کی سمت بھاگنے میں خطرہ ہی خطرہ تھا۔  میں نے اس پانی کے تالاب کی دوسری جانب رہنے کا فیصلہ کیا۔  چھوٹی تھالی کے برابر اس کے پھن پر گولی چلا کر میں خاتمہ تو کر سکتا تھا لیکن بھاری رائفل کے دھماکے سے آدم خور بھی ڈر کر بھاگ جاتا۔  منٹ بھر سانپ اپنی زبان مسلسل اندر باہر کرتا رہا پھر اپنا پھن گرایا اور سڑک پر چل پڑا۔  میں نے اس سے نگاہیں ہٹائے بغیر ٹٹول کر زمین سے ایک پتھر اٹھایا جو کرکٹ کی گیند کے برابر ہو گا۔  سانپ ابھی بمشکل ڈھلوان کے سرے تک پہنچا ہو گا کہ پوری طاقت سے پھینکا ہوا میرا پتھر اس کے سر پر لگا۔  یہ وار کسی بھی دوسرے سانپ کو مارنے کے لیے کافی تھا لیکن کنگ کوبرا پتھر کھاتے ہی مڑ کر میری طرف لپکا۔  میں نے دوسرا بڑا پتھر اٹھایا اور اس کی گردن پر مارا۔  اس دوران سانپ آدھا فاصلہ طے کر چکا تھا۔  دوسرا پتھر لگتے ہی سانپ وہیں تڑپنے لگا۔  اب اسے مارنا بہت آسان تھا۔  میں نے انتہائی مطمئن ہو کر دوسرا چکر پورا کیا۔  یہ بھی لاحاصل نکلا۔  چونکہ میں سانپ کو مار چکا تھا، میرا حوصلہ بہت بلند تھا اور بہت دن بعد مجھے اب اپنی کامیابی کا یقین ہو چکا تھا۔

اگلے دن میں نے پھر اس گاؤں کے گرد چکر لگایا ایک تازہ ہل چلے کھیت میں اور شیر کے پگ دیکھے جو پچھلی شام کے تھے۔  اس گاؤں کے کل باشندے سو کے لگ بھگ ہوں گے اور وہ سب کے سب پوری طرح خبردار تھے۔  انہیں اگلے دن واپسی کا کہہ کر میں نکلا اور فارسٹ بنگلے تک چار میل کے اکیلے سفر پر نکل کھڑا ہوا۔

آدم خور کی موجودگی میں جنگل یا ویران سڑکوں سے گزرنا بہت مشکل اور احتیاط طلب کام ہے۔  اس دوران بہت سے اصولوں پر سختی سے کاربند رہنا چاہیے۔  آدم خوروں کا تجربہ کار شکاری ان اصولوں کو بخوبی جانتا ہے۔  اس کی تمام تر صلاحیتیں مرکوز ہوتی ہیں۔  اس دوران کوئی بھی غلطی اسے آدم خور کا تر نوالہ بنا سکتی ہے۔

قارئین پوچھ سکتے ہیں کہ میں اکیلا ہی سفر پر کیوں نکلا جبکہ میرے پاس کافی آدمی تھے۔  اگر آدمی اکیلا نہ ہو تو دوسروں پر انحصار کرنے لگتا ہے اور لا پرواہ ہو جاتا ہے۔  شیر سے اکیلے مڈبھیڑ ہو تو اسے مار لینے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

میں اگلی صبح گاؤں پہنچا تو دیکھا کہ لوگ جمع ہیں۔  جب میں کچھ قریب ہوا تو وہ سب چلائے، ’شیر ایک بھینس لے گیا ہے‘۔  شیر نے بھینس گاؤں میں ہی ماری اور پھر اٹھا کر وادی کے نچلے سرے میں داخل ہوا۔  میں نے اندازے سے اس کا پیچھا کر کے اس جگہ پہنچنے کا سوچا جہاں بھینس کی لاش ہو سکتی تھی۔

میں نے ابھری ہوئی چٹان سے وادی کا جائزہ لیا اور اس نتیجے پر پہنچا کہ وادی میں شیر کے راستے سے گھسنا خطرناک ہے۔  بہتر یہی تھا کہ میں لمبا چکر کاٹ کر دوسری طرف سے پہنچتا اور پھر نیچے سے اوپر کی طرف بڑھتا۔

میں چکر کاٹ کر دوپہر کے وقت اس جگہ پہنچا جہاں میں نے اوپر کھڑے ہو کر جائزہ لیا تھا۔  یہاں وادی سو گز متوازی اور پھر تین سو گز بلند ہو گئی تھی۔  میرے اندازے کے مطابق اس ہموار جگہ کے اوپری سرے پر بھینس کی لاش اور ممکن تھا کہ شیر بھی موجود ہوتا۔  اس تنگ اور دشوار وادی میں جھاڑیوں اور بانس کے جھنڈوں سے گزر کر میں پسینے میں شرابور ہو چلا تھا۔  جب فائر کا وقت نزدیک ہو تو گیلے ہاتھوں سے گولی چلانا غلط ہے۔  اس لیے میں پسینہ سکھانے اور سگریٹ پینے کے لیے بیٹھ گیا۔

بڑھتے ہوئے خطرے کے اچانک پیدا ہونے والے احساس سے تو سب ہی واقف ہیں۔  میں یہاں تین چار منٹ تک بالکل آرام سے رکا رہا۔  پھر اچانک ہی مجھے احساس ہوا کہ شیر مجھے بہت نزدیک سے دیکھ رہا ہے۔  میری چھٹی حس نے شیر کی اور شیر کی چھٹی حس نے اسے نیند سے جگا کر میری موجودگی کا احساس دلایا۔  میری بائیں جانب ایک ہموار جگہ پر کچھ گھنی جھاڑیاں تھیں۔  میری تمام تر توجہ ان جھاڑیوں پر مرکوز ہو گئی۔  یہ جھاڑیاں میرے مقام سے پندرہ یا بیس فٹ دور ہوں گی۔  جھاڑیوں میں اچانک معمولی سی حرکت ہوئی اور اگلے لمحے مجھے شیر پوری رفتار سے بھاگتا ہوا دکھائی دیا۔  اس سے پہلے کہ میں رائفل سیدھی کر پاتا، شیر ایک گھنے درخت کے پیچھے گم ہو گیا۔  دوبارہ مجھے شیر ساٹھ گز دور دکھائی دیا جب وہ جست لگا کر ایک پتھر پر چڑھ رہا تھا۔  میں نے نشانہ لے کر گولی چلائی اور گولی لگتے ہی شیر گر کر نیچے کی طرف لڑھکنے لگا۔  اس کے ساتھ بے شمار چھوٹے بڑے پتھر بھی لڑھک رہے تھے۔  میرا خیال تھا کہ شیر کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے۔  ابھی میں یہ سوچ ہی رہا تھا کہ جب چند لمحوں بعد شیر اور یہ سب پتھر وغیرہ میرے قدموں میں آ کر رکیں گے تو مجھے کیا کرنا چاہیے کہ اچانک ہی شیر کی غراہٹیں بند ہو گئیں۔  اگلے لمحے وہ بظاہر ٹھیک ٹھاک بھاگتا ہوا پہاڑی پر چڑھ گیا۔  وہ ایک لمحے کے لیے ہی دکھائی دیا اور پھر اتنی تیزی سے گم ہو گیا کہ میں گولی نہ چلا سکا۔

میں نے بعد میں دیکھا کہ ۷۵ ڈگری کے زاویے پر چلائی ہوئی گولی شیر کی بائیں کہنی پر لگی۔  اس جگہ سے ہڈی کا چھوٹا سا ٹکڑا ٹوٹ کر گرا۔  اسے انگریزی میں ’فنی بون‘ کہتے ہیں۔  پھر گولی پتھر سے ٹکرا کر پلٹی اور شیر کے جبڑے کے سرے پر لگی۔  دونوں زخم تکلیف دہ تو ضرور تھے مگر مہلک نہیں۔  اس کے زخم سے بہتے ہوئے خون کی دھار کا پیچھا کرتے ہوئے میں اگلی وادی میں گھسا تو کانٹے دار جھاڑیوں کے ایک قطعے سے شیر کی غراہٹیں آنے لگیں۔  ان جھاڑیوں میں گھسنا خود کشی کے مترادف ہوتا۔

میری چلائی ہوئی گولی کی آواز گاؤں تک پہنچ گئی تھی اور لوگ جمع ہو کر چٹانی سرے پر میرے منتظر تھے۔  وہ یہ جان کر مجھ سے بھی زیادہ مایوس ہوئے کہ اتنی احتیاط اور مہارت دکھانے کے باوجود شیر بچ نکلا۔

اگلی صبح لاش کی طرف جا کر دیکھا تو پتہ چلا کہ شیر گزشتہ رات واپس آیا تھا اور اس نے لاش کو مزید کچھ کھایا بھی تھا۔  اب میرے لیے مچان پر بیٹھ کر گولی چلانے کا امکان پیدا ہو گیا۔  مشکل یہ تھی کہ اس جگہ آس پاس کوئی بھی مناسب درخت نہ تھا۔  سابقہ تجربے کے باعث زمین پر بیٹھ کر آدم خور کا انتظار کرنا بھی ممکن نہیں تھا۔  ابھی میں اسی شش و پنج میں مبتلا تھا کہ نیچے وادی سے شیر کی دھاڑ سنائی دی۔  یہ وہی جگہ تھی جہاں میں کل گیا تھا۔  اس آواز سے مجھے وہ طریقہ سوجھ گیا جو شیروں کو مارنے کے لیے کارآمد ہو سکتا ہے۔  شیر کو ان حالات میں اپنی جانب بلایا جا سکتا ہے:

۱۔  جب وہ ملاپ کے لیے ساتھی کی تلاش میں ہوں

۲۔  جب وہ معمولی زخمی ہوں

یہ کہنا ضروری نہیں کہ شکاری شیر کی آواز کی بخوبی نقالی کر سکتا ہو۔  دوسرا یہ آواز کسی ایسی جگہ سے نکالی جائے جہاں شیر کو دوسرے شیر کی موجودگی کا امکان بھی محسوس ہو، مثلاً گھنی جھاڑیاں یا گھنی گھاس کا قطعہ۔  یہ بھی ملحوظ رہے کہ شکاری بہت ہی کم فاصلے سے گولی چلانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہو۔  شاید کچھ شکاری اس بات سے اتفاق نہ کریں کہ معمولی زخمی شیر اس طرح کی آواز پر آ سکتا ہے۔  میرا مشورہ ہے کہ جب تک وہ خود نہ آزما لیں، اسے رد نہ کریں۔  اس روز شیر نے میری ہر آواز کا جواب دیا اور گھنٹے بھر سے ہم آوازوں کا تبادلہ کرتے رہے مگر شیر ذرا بھی قریب نہ آیا۔  میں نے محسوس کیا کہ شاید شیر اس وجہ سے کترا رہا ہے کہ کل وہ اسی جگہ پر معمولی زخمی ہوا تھا۔  میں نے آخرکار ڈھلوان کے کنارے ایک درخت چنا اور اس کی آٹھ فٹ بلند شاخ پر بیٹھ گیا۔  یہاں میں نالے کی تہہ سے تیس فٹ بلند تھا جہاں میرے اندازے کے مطابق شیر نمودار ہوتا۔  درخت کا مسئلہ حل ہوا تو میں نے اپنے آدمیوں سے کہا کہ وہ صبح ناشتے کے ساتھ آئیں۔

شام چار بجے میں آرام سے بیٹھ گیا۔  میں نے اپنے آدمیوں سے کہا کہ وہ اگلی صبح نالے کے دوسرے کنارے سے ’کووئی‘ کی آواز نکال کر مجھے مطلع کریں۔  اگر جواب میں تیندوے کی آواز آئے تو وہ وہیں رک جائیں اور اگر میری طرف سے جواب نہ ملے تو فوراً بھاگ کر گاؤں جائیں اور زیادہ سے زیادہ افراد جمع کر کے میری تلاش میں نکلیں۔  ساتھ ہی شور مچاتے اور پتھر پھینکتے آئیں۔

میں نے خود کو ہر طرح کی حالت میں سونے کے لیے عادی کیا ہوا ہے، تھکا ہونے کی وجہ سے نیند کے دوران شام ڈھلنے کا پتہ بھی نہیں چلا۔  ڈوبتے سورج کی روشنی اور پھر لنگور کی آواز سن کر میں مکمل طور پر بیدار ہو گیا۔  میں نے فوراً ہی اس لنگور کو دیکھ بھی لیا۔  وہ وادی کے دوسرے سرے پر درخت کی سب سے اونچی ٹہنی پر بیٹھا میری طرف دیکھ رہا تھا۔  میں سمجھا کہ وہ مجھے تیندوا سمجھ کر شور کر رہا ہے۔  یہ آواز چند بار آئی اور پھر سورج ڈوبنے پر ختم ہو گئی۔

گھنٹے گزرتے گئے اور اچانک پتھروں کا سیلاب سا بہتا ہوا میرے درخت سے آ ٹکرایا۔  اس کے ساتھ ہی میں نے بھاری جسامت اور نرم گدیوں والے جانور کی آواز سنی جو بلا شبہ شیر ہی تھا۔  پہلے میں نے سوچا کہ اتفاقاً شیر نیچے نالے سے آنے کی بجائے اوپر سے آ رہا ہے۔  جلد ہی یہ غلط فہمی بھی دور ہو گئی کہ شیر نے میرے بالکل عقب سے غرانا شروع کر دیا۔  جب میں اپنے بندوں سے باتیں کر رہا تھا تو شیر اس وقت یہاں پہنچا اور چھپ گیا۔  لنگور اسے دیکھ کر ہی شور کر رہا تھا۔  شیر نے مجھے درخت پر چڑھتے ہوئے بھی دیکھا تھا۔  میں اس صورتحال کے لیے بالکل بھی تیار نہیں تھا۔  خاصی احتیاط کی ضرورت تھی۔  روشنی میں تو یہ شاخ بہت آرام دہ تھی لیکن اندھیرا چھاتے ہی اس پر حرکت کرنا مشکل ہو گیا۔  میں ہوائی فائر کر کے شیر کو بھگا سکتا تھا لیکن اس طرح شیر اتنا ڈر جاتا کہ پھر شاید ہی اس سے دوبارہ مڈبھیڑ ہوتی۔  میری رائفل اعشاریہ ۴۰۰/۴۵۰ بور کی بھاری رائفل تھی۔

مجھے معلوم تھا کہ شیر چھلانگ نہیں لگائے گا کہ وہ تیس فٹ گہرے کھڈ میں گر سکتا تھا۔  لیکن اسے چھلانگ کی ضرورت بھی کیا تھی۔  وہ آرام سے پچھلی ٹانگوں پر کھڑا ہو کر مجھے دبوچ سکتا تھا۔  میں نے رائفل کو اٹھا کر الٹا پکڑا اور نالی پیروں کے بیچ لا کر سیفٹی کیچ ہٹا دیا۔  اس بار زیادہ زور سے غراہٹ کی آواز آئی۔  اب اگر شیر حملہ کرتا تو وہ پہلے رائفل کی نال سے ٹکراتا۔  اس وقت میری انگلیاں لبلبیوں پر تھیں۔  اگر اس کے حملے پر گولی چلا کر میں اسے مار نہ بھی سکتا تو بھی میرے پاس اتنا وقت ہوتا کہ میں مزید اوپر چڑھ جاتا۔  وقت انتہائی آہستگی سے گزرتا رہا۔  آخر شیر نے جست لگا کر میری بائیں جانب ایک چھوٹی کھڈ عبور کی اور جلد ہی میں نے ہڈیاں چبانے کی آواز سنی۔  میں کافی مطمئن ہو کر بیٹھ گیا۔  بقیہ رات شیر کے پیٹ بھرنے کی آواز آتی رہی۔

سورج نکلے ہوئے ابھی چند ہی منٹ ہوئے تھے اور وادی اندھیرے میں ڈوبی تھی کہ میرے آدمیوں کی ’کووئی‘ کی آواز آئی۔  اسی وقت شیر نے میرے بائیں جانب چھلانگ لگائی اور بھاگنے لگا۔  میں نے کم روشنی میں تھکے ہوئے اعصاب کے ساتھ شیر پر گولی چلائی۔  مجھے بہت خوشی ہوئی کہ گولی اسے لگی۔  زور سے دھاڑ کر وہ مڑا اور سیدھا میری طرف آیا۔  ابھی وہ درخت کے ساتھ پہنچ کر چھلانگ لگانے کی تیاری کر ہی رہا تھا کہ میری دوسری گولی اس کے سینے میں لگی۔  بھاری گولی کھاتے ہی اس کا رخ بدلا اور مجھ سے ذرا نیچے تنے سے ٹکرا کر گرا۔  گرتے ہی وہ پھر اٹھا اور چھلانگ لگا کر بھاگا۔  چند ہی گز دور جا کر وہ ایک تالاب کے کنارے گرا۔  وہ پانی اچھالتا رہا اور پورا تالاب دیکھتے ہی دیکھتے خون سے سرخ ہو گیا۔  پھر وہ نظروں سے اوجھل ہو گیا۔

شاخ پر پندرہ گھنٹے ایک ہی انداز میں بیٹھے رہنے سے میرے سارے پٹھے اکڑ گئے تھے اور نیچے اترتے ہوئے میرے کپڑے خون میں تر ہو گئے۔  شیر جہاں تنے سے آ کر ٹکرایا تھا، اس جگہ خون کے کافی نشانات چھوڑ گیا تھا۔  اب میں نے اپنے پٹھوں کو ہلایا جلایا اور پھر اس کے پیچھے لپکا۔  شیر تھوڑی دور ایک اور تالاب کے کنارے مردہ پڑا تھا۔

میرے احکامات کے برعکس میرے ساتھیوں نے گولی کی آواز اور شیر کی دھاڑ سنی اور پھر دوسری گولی کی آواز سن کر بھاگے بھاگے آئے۔  خون سے لت پت درخت کے نیچے آ کر انہوں نے میرا ہیٹ پڑا دیکھا تو سوچا کہ شیر مجھے لے گیا ہے۔  ان کے چلانے کی آوازیں سن کر میں نے انہیں آواز دی۔  میرے کپڑوں پر خون دیکھ کر پھر ان کی ہمت پست ہو گئی۔  میں نے بتایا کہ یہ خون میرا نہیں بلکہ شیر کا ہے۔  پھر انہوں نے ایک چھوٹا درخت کاٹا اور اس پر شیر کو لاد کر خوشی سے ناچتے گاتے گاؤں کی طرف روانہ ہوئے۔

ان دور دراز علاقوں میں جہاں آدم خور طویل عرصے سے سرگرم ہو، بعض اوقات بہادری کے نایاب نمونے دکھائی دیتے ہیں۔  یہ واقعات دیہاتیوں کے لیے معمولی ہوتے ہیں اور دنیا کو ان کے بارے میں کچھ علم نہیں ہوتا۔  اسی طرح کا ایک واقعہ جو کنڈا کے آدم خور کے آخری انسانی شکار سے متعلق ہے، میں بیان کرتا ہوں۔  میں اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد وہاں پہنچا تھا۔  مجھے کچھ معلومات گاؤں والوں سے اور کچھ معلومات جائے وقوعہ کے بغور معائنے سے ملیں۔  یہ کہانی کچھ اس طرح سے تھی۔

جہاں میں نے کنڈا کے آدم خور کو ہلاک کیا، اس کے پاس ہی ایک گاؤں میں بوڑھا شخص اپنے نوجوان بیٹے کے ساتھ رہتا تھا۔  ۱۹۱۴ سے ۱۹۱۸ کے دوران تک باپ نے رائل گڑھوال رائفلز میں خدمات سر انجام دی تھیں۔  ان دنوں یہ کام اتنا آسان نہیں تھا اور نہ ہی آج کل کی طرح چند ملازمتیں اور بے شمار امیدوار۔  باپ نے سوچا کہ اس کا بیٹا بھی فوج میں بھرتی ہو۔  جونہی لڑکا اٹھارہ سال کا ہوا تو لانس ڈاؤن کی ایک جماعت ادھر سے گزری۔  لڑکا ان کے ساتھ سیدھا بھرتی دفتر پہنچ گیا۔  باپ نے بیٹے کو فوجی انداز میں سلام کرنے اور افسر کے سامنے پیش ہونے کے سارے آداب سکھا دیے تھے۔  اس لیے وہ بغیر کسی دقت کے فوراً منتخب ہو گیا۔  نام لکھے جانے کے بعد اسے گھر جا کر کام وغیرہ نمٹانے کی اجازت دی گئی۔

()()()()

لڑکے نے مویشیوں کو چارہ وغیرہ ڈالا اور ہمسائے کے گھر سے دوپہر کا کھانا کھا کر دیگر بیس افراد کے ساتھ پتے جمع کرنے نکلا۔

یہ گاؤں چٹانی سرے پر ہے اور چاروں طرف جنگل ہیں۔  انہی جنگلوں میں حالیہ واقعات میں دو عورتیں ماری گئی تھیں اور کئی ماہ سے مویشیوں کو پتے وغیرہ کھلا کر گزارا کیا جا رہا تھا۔  ہر روز عورتوں کو زیادہ دور جا کر پتے لانا پڑتے تھے۔  اس روز اکیس آدمی مزروعہ زمین کو عبور کر کے ایک گہری کھائی میں چوتھائی میل اندر گئے۔  یہ وادی شرقاً غرباً آٹھ میل تک پھیلی اور تاریک جنگلوں سے گزرتی ہے۔  ڈھکالہ جا کر یہ رام گنگا دریا سے جا ملتی ہے۔

وادی کا سرا کم و بیش متوازی زمین ہے اور ہر طرف گھنی گھاس اور بڑے درخت ہیں۔  ہر شخص یہاں الگ ہو کر اپنی مرضی کے درخت پر چڑھ گیا اور حسب ضرورت پتے توڑنے کے بعد رسیوں سے ڈھیریاں بنا کر گاؤں کی طرف دو دو یا تین تین کی ٹولیوں میں چلا جاتا۔

آتے جاتے وقت یہ تمام افراد زور زور سے چلاتے اور شور کرتے رہے تاکہ حوصلے بلند رہیں اور شیر کو پاس آنے کی ہمت نہ ہو۔  درختوں پر چڑھے ہوئے بھی وہ برابر شور کرتے رہے۔  ان کے شور سے خبردار ہو کر ہو کر کسی وقت شیر بیدار ہوا جو اس وقت نصف میل دور جنگل میں سو رہا تھا۔  جہاں اس نے چار روز قبل ایک سانبھر ہلاک کر کے کھایا تھا، وہاں سے نکلا اور ندی عبور کر کے پگڈنڈی پر چلتا ہوا ان لوگوں کی طرف آیا (شیر کے پچھلے اور اگلے پنجوں سے بننے والے پگوں کے بغور مشاہدے سے اس کی رفتار کا اندازہ ہو سکتا ہے)۔

مذکورہ لڑکے نے بیری کے درخت کا انتخاب کیا تھا جو پگڈنڈی سے بیس گز دور اور اس کی اوپری شاخیں ایک کھڈ میں جھکی ہوئی تھیں۔  وہاں دو بڑے پتھر تھے۔  اس پگڈنڈی کے موڑ سے شیر نے لڑکا دیکھا۔  شیر چند منٹ تک اس کا جائزہ لیتا رہا پھر پگڈنڈی سے ہٹ کر کھڈ سے تیس گز دور ایک اور گرے ہوئے درخت کے پیچھے چھپ گیا۔  لڑکے نے پتے توڑے اور انہیں اکٹھا کر کے باندھنے لگا۔  اس جگہ وہ بالکل محفوظ تھا۔  اچانک اس کی نظر ان دو شاخوں پر پڑی جو کھڈ میں گری تھیں۔  وہ کھڈ میں گھسا اس نے اپنی قسمت پر مہر لگا دی۔  جونہی وہ شیر کی نظروں سے اوجھل ہوا، شیر نے اپنی جگہ چھوڑی اور رینگتا ہوا کھڈ میں پہنچا۔  جب لڑکا شاخیں اٹھانے جھکا تو شیر نے جست لگا کر اسے ہلاک کر دیا۔  یہ بتانا ممکن نہیں کہ شیر کے حملے کے وقت دیگر افراد ادھر درختوں پر موجود تھے یا گاؤں چلے گئے تھے۔

سورج غروب ہوتے وقت باپ گاؤں پہنچا۔  اسے لوگوں نے گھیر لیا اور خوش خبری سنائی کہ اس کا بیٹا فوج میں بھرتی ہو چکا ہے اور یہ بھی کہ مختصر چھٹی پر گھر آیا ہے۔  باپ نے پوچھا کہ لڑکا کہاں ہے تو جواب ملا کہ وہ دیگر افراد کے ہمراہ مویشیوں کے لیے پتے توڑنے گیا ہوا تھا۔  لوگوں نے الٹا حیرت سے پوچھا کہ کیا اسے بیٹا گھر پر نہیں ملا؟ باپ نے باری باری لڑکے کے ساتھ جنگل میں جانے والے سبھی افراد سے پوچھا۔  سب نے ایک ہی جواب دیا کہ وادی کے سرے پر سب ایک دوسرے سے الگ الگ ہو گئے تھے۔  کسی کو بھی یاد نہیں کہ اس کے بعد لڑکا کہاں گیا۔

باپ مزروعہ زمین عبور کر کے کنارے پر گیا اور بار بار لڑکے کو آواز دی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

اندھیرا چھانے لگا۔  بیچارہ باپ گھر لوٹا اور چھوٹا سا لالٹین جلا کر پھر نکلا۔  لالٹین دھوئیں کے باعث دھندلا چکا تھا۔  لوگوں نے پوچھا کہ وہ کہاں جا رہا ہے تو اس نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کی تلاش میں جا رہا ہے۔  گاؤں والے پریشان ہو گئے اور یاد دلایا کہ آدم خور آس پاس ہی کہیں ہو گا۔  اس نے جواب دیا کہ آدم خور کے سبب بیٹے کی تلاش کے لیے نکل رہا ہے۔  شاید وہ درخت سے گر کر زخمی ہو گیا ہو اور آدم خور کے ڈر سے آواز نہ نکال رہا ہو۔

اس نے کسی سے ساتھ چلنے کو کہا نہ ہی کسی نے خود سے حامی بھری۔  یاد رہے کہ اس وادی میں آدم خور کے ظہور کے بعد سے کوئی شخص قدم رکھنے کی جرأت نہیں کرتا تھا۔  میں نے اس کے قدموں کے نشان سے دیکھا کہ اس رات وہ بیچارہ چار مرتبہ مویشیوں کی پگڈنڈی پر چلتے ہوئے اس جگہ سے دس فٹ دور گزرا جہاں شیر اس کا بیٹا کھا رہا تھا۔

روشنی ہونا شروع ہو گئی تو کانپتے ہوئے کمزور دل کے ساتھ دو چٹانوں پر چڑھا اور کچھ دیر دم لینے کو رکا۔  اس جگہ سے کھڈ کے اندر تک صاف دکھائی دے رہا تھا۔  سورج نکلنے پر اس نے کھڈ میں پتھروں کے درمیان خون دیکھا۔  بھاگتا ہوا نیچے اترا تو اس نے اپنے بیٹے کی باقیات دیکھیں جنہیں وہ احتیاط سے جمع کر کے گھر لایا۔  لوگ جمع ہو گئے اور انہوں نے باقیات کو دریائے منڈل کے کنارے شمشان گھاٹ میں جلا دیا۔

یہ سمجھنا درست نہیں کہ یہ اشخاص خود کو لاحق خطرات سے واقف نہیں ہوتے۔  یہ لوگ بہت حساس ہوتے ہیں اور ہر پہاڑی موڑ، چٹان، غار وغیرہ کو انہوں نے کسی نہ کسی بد روح سے منسوب کیا ہوتا ہے۔  یہ ان کی توہم پرستی ہے۔  یہ تمام بد روحیں شیطانی اور اندھیرے کی پیداوار سمجھی جاتی ہیں۔  اس طرح کے ماحول میں پلا بڑھا شخص جو سالوں سے آدم خور سے خوف زدہ ہو، اکیلا اور نہتا رات بھر ایسی جگہوں پر گھومتا رہے جہاں ہر قدم پر آدم خور سے مڈبھیڑ ہونے کا امکان ہو، میرے نزدیک لاکھوں میں ایک ہو گا۔  اسے بیٹے کی تلاش میں ساری رات گھنے اور تاریک جنگل میں گھومتے رہنا ذرا سا بھی بہادری کا کارنامہ نہ لگا۔  جب میں نے اسے آدم خور کی لاش کے پاس بیٹھ کر تصویر کھنچوانے کو کہا تو اس نے مضبوط لہجے اور پر سکون آواز میں کہا، ’میں اب مطمئن ہوں۔  صاحب آپ نے میرے بیٹے کا بدلہ لے لیا ہے‘۔

میں نے کماؤں کی ضلعی کانفرنس میں جن تین آدم خوروں کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا، اس آدم خور کی ہلاکت کے ساتھ پورا ہوا۔

٭٭٭

پیپل پانی کا شیر

میں اس شیر کے بارے میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ یہ گہری کھائی میں پیدا ہونے والے تین شیروں میں سے ایک تھا۔

یہ شیر ایک سال کا ہوا تو چیتل کی آواز سن کر میں اس کے پگوں کو متوجہ ہوا جو پیپل پانی نامی ریتلی ندی میں تھے۔  پہلے پہل تو میں سمجھا کہ شاید یہ شیر اپنی ماں سے بچھڑ گیا ہے۔  جب ہفتوں پر ہفتے گزرتے گئے اور اس کے پگ باقاعدگی سے دکھائی دیتے رہے تو میں نے اندازہ لگا لیا کہ ملاپ کا موسم نزدیک ہونے کی وجہ سے اس کی ماں نے اسے الگ کر دیا ہے۔  قدرت کا عجیب قانون ہے کہ ایک دن ماں اپنے بچے کی حفاظت کے لیے جان تک دے سکتی ہے اور اگلے دن اس سے یکسر اجنبی ہو جائے گی۔  شاید اس طرح قدرت والدین اور بچوں کے درمیان افزائش نسل روکتی ہے۔

سردیوں میں مور، کاکڑ، چھوٹے موٹے سور اور اکا دکا چیتل پر اس کا گزارا تھا۔  اس کی رہائش ایک بہت بڑے درخت کے کھوکھلے تنے میں تھی جو بغیر کسی وجہ کے گر گیا تھا۔  اسے کھوکھلا کرنے کا کام وقت اور سیہی نے سرانجام دیا تھا۔  اپنے زیادہ تر شکار وہ یہیں لاتا اور سرد دنوں میں یہیں دھوپ سینکتا تھا۔  اس سے پہلے اسی جگہ بہت سارے تیندوے یہی کام کر چکے تھے۔

اس شیر کو میں نے پہلی بار جنوری کے اواخر میں قریب سے دیکھا۔  ایک شام میں سیر پر نکلا ہوا تھا کہ میں نے ایک جگہ کوا دیکھا جو زمین سے اڑ کر درخت پر بیٹھنے کے بعد اپنی چونچ صاف کرنے لگا۔  ہندوستان اور افریقہ میں کوے، گدھ اور میگ پائی ہمیشہ درندوں کے شکار کی نشاندہی کرتے ہیں۔  اس بار کوے نے میری نشان دہی گزشتہ رات کے واقعے کی طرف مبذول کرائی۔  شیر نے چیتل مار کر کھایا تھا۔  میری طرح کچھ اور راہگیر بھی ادھر متوجہ ہوئے تھے کہ سڑک یہاں سے پچاس گز دور تھی۔  انہوں نے باقی بچے چیتل سے گوشت کاٹ لیا تھا اور ہڈیاں اور جمے خون کے کچھ لوتھڑے باقی تھے جن سے کوا پیٹ بھر رہا تھا۔  یہ چیتل سڑک سے اتنا نزدیک اور کھلے میدان میں موجود تھا کہ مجھے یقین تھا کہ شیر نے ان لوگوں کو گوشت کاٹتے نہیں دیکھا اور جلد ہی آتا ہو گا۔  اس لیے میں آلو بخارے کے درخت پر چڑھ کر آرام سے بیٹھ گیا۔

اگر آپ شکار کیے گئے جانوروں پر چھپ کر بیٹھنے کے سلسلے میں مجھ سے اتفاق نہ کریں تو مجھے کوئی شکایت نہیں۔  تاہم میری یاداشت میں موجود شکار کی چند بہترین یادیں اسی طریقے سے وابستہ ہیں۔  ان کی ابتداء تب ہوئی تھی جب میرے پاس مزل لوڈر بندوق تھی جس کے کندے اور ٹوٹی ہوئی نالی کو تانبے کی تاروں سے باندھا گیا تھا اور میں شیر کے شکار کردہ لنگور کے پاس درخت پر چھپ کر بیٹھا تھا اور ابھی چند دن قبل جدید ترین رائفل ہاتھ میں لیے میں نے شیرنی اور اس کے دو جوان بچوں کو شکار کردہ سانبھر کھاتے دیکھا۔  مجھے ہر بار ایک جتنی خوشی ہوئی۔

اس بار میرے نیچے کوئی شکار کردہ جانور نہیں تھا مگر موجودہ حالات میں میرے لیے شیر پر گولی چلانے کا مناسب موقع تھا۔  جنگلی جانوروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے یہاں کافی مقدار میں خون مٹی میں جذب ہو چکا تھا۔  اس کی تصدیق بھی فوراً ہو گئی کہ بوڑھا سور جو کچھ فاصلے پر جھاڑیوں میں آرام سے چل رہا تھا، اچانک ہی ہوا کا رخ بدلنے پر خون کی بو محسوس کر کے رکا اور تھوتھنی اٹھائے خون کی بو سونگھنے لگا۔  اسی طرح چلتے ہوئے وہ ہر چند گز بعد دائیں یا بائیں مڑتا اور پھر ہوا کے رخ پر آ جاتا۔  زمین پر پگ نہ ہونے کی وجہ سے سور مجھ سے کہیں زیادہ آسانی سے تحقیق کر رہا تھا۔  سور نے آسانی سے معلوم کر لیا کہ شیر نے چیتل مارا اور اب کھانے کو کچھ نہیں بچا تو بھاگ کر نظروں سے اوجھل ہو گیا۔  مخملی سینگوں والے دو چیتل ہوا کے مخالف رخ سے سیدھے اسی جگہ پہنچے جس سے ظاہر ہوتا تھا کہ انہوں نے رات کو شیر کو شکار کرتے دیکھا تھا۔  باری باری زمین سونگھنے کے بعد جب تسلی ہو گئی تو لوٹ گئے۔

تجسس محض انسانی فطرت نہیں بلکہ بہت سے جانور تجسس کی بدولت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔  برآمدے میں موجود کتا کسی سائے پر بھونکتا ہے، ہرن اپنے جھنڈ سے الگ ہو کر ایسی گھاس کو دیکھنے بڑھتا ہے جو ہوا چلنے کے باوجود نہیں ہل رہی اور شکار کی تلاش میں بیٹھا ہوا تیندوا موقعے سے فائدہ اٹھا لیتا ہے۔

سرمائی سورج ابھی غروب ہونے کے قریب تھا کہ میرے سامنے دائیں جانب حرکت دکھائی دی۔  دو جھاڑیوں کے درمیان سے ہوتا ہوا کوئی جانور تیس گز دور سیدھا میرے درخت کی سمت چلتا آیا۔  پھر میرے نزدیک موجود جھاڑیاں الگ ہوئیں اور شیر اتنی لاپرواہی سے نکلا کہ اس نے دائیں بائیں دیکھنے کی زحمت تک نہ کی۔  وہ سیدھا اسی جگہ پہنچا جہاں اس کا شکار تھا۔  جونہی اسے احساس ہوا کہ اتنی محنت سے مارا ہوا شکار غائب ہو چکا ہے تو اس کی مایوسی قابل دید تھی۔  اس نے چیتل شاید کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد مارا ہو گا۔  چیتل کی بچی کھچی ہڈیوں اور خون سے ہٹ کر اس کی توجہ اب درخت کے اس تنے کی جانب مبذول ہو گئی جہاں دیہاتیوں نے چیتل رکھ کر کاٹا تھا۔  اس پر گوشت کے چند ریزے لٹک رہے تھے۔  ان جنگلات میں بھرے ہوئے ہتھیار کے ساتھ پھرنے والا میں اکیلا آدمی نہیں تھا اور اگر اس شیر نے جوان ہو کر بڑا شیر بننا تھا تو اسے دن کی روشنی میں مناسب احتیاط کے بغیر کھلے میں نکلنے کے خطرے سے آگاہ کرنا لازم تھا۔  عام طور پر بندوق سے چلائے گئے چھوٹے چھروں سے یہ کام بخوبی ہو جاتا تاہم اب یہی کام میری رائفل کو سر انجام دینا تھا۔  جونہی اس نے سر اٹھا کر ان ریشوں کو سونگھنا شروع کیا، میری رائفل کی گولی اس کی ناک سے ایک انچ دور لکڑی میں دھنس گئی۔  ساری زندگی میں اس شیر نے یہ غلطی مزید ایک بار کی۔

میں نے اگلی سردیوں میں اس شیر کو کئی بار دیکھا۔  اب اس کے کان اتنے بڑے نہیں دکھائی دیتے تھے اور کھال جوان شیر کی کھال میں بدل چکی تھی۔  اس نے اپنی رہائش گاہ بدل دی اور تیندوے اس کی پرانی رہائش گاہ میں آ چکے تھے۔  یہ شیر پہاڑ کے دامن میں گھنی پٹی میں رہنے لگا تھا اور کم عمر سانبھر اس کا شکار بننے لگے۔

ہر سال کی طرح اس بار بھی جب ہم سردیوں میں پہاڑ سے نیچے اترے تو مجھے اس کے پگ دکھائی نہ دیے۔  کئی ہفتوں تک میں سوچتا رہا کہ شاید یہ شیر اب کہیں اور چلا گیا ہو گا۔  ایک دن ایسا ہوا کہ اس کے پگ دوبارہ دکھائی دینے لگے اور ساتھ شیرنی کے پگ بھی تھے۔  شیر اسی ساتھی کی تلاش میں نکلا ہو گا۔  ایک بار میں نے ان شیروں کو اکٹھے بھی دیکھا۔  اس دن میں سورج نکلنے سے پہلے سے ایک سراء گائے کی تلاش میں نکلا تھا جو پہاڑ کے دامن میں رہتی تھی۔  واپسی کے راستے پر میں نے ایک گدھ دیکھا جو سال کے درخت پر بیٹھا تھا۔

اس گدھ کی پشت میری جانب تھی اور رخ سامنے موجود گھاس کے چھوٹے قطعے کی جانب جس کے پیچھے گھنا جنگل شروع ہو جاتا تھا۔  شبنم ابھی خشک نہ ہوئی تھی اور میں درخت تک بغیر کسی آواز کے پہنچا اور تنے کی اوٹ سے دوسری جانب دیکھنے لگا۔  چھوٹی جھاڑیوں سے ایک نر سانبھر کی لاش دکھائی دی۔  لاش اس لیے کہ زندہ سانبھر اس طرح نہیں لیٹ سکتا۔  پاس موجود کائی سے ڈھکے ایک پتھر پر چڑھ کر میں نے پورا سانبھر دیکھا۔  اس کی پچھلی ٹانگیں کھائی جا چکی تھیں اور اس کے دونوں اطراف دو شیر لیٹے تھے۔  نر شیر دوسری جانب تھا جہاں اسے صرف اس کی ٹانگیں دکھائی دے رہی تھیں۔  دونوں ہی شیر سو رہے تھے اور ان کا درمیانی فاصلہ دس فٹ ہو گا۔  یہاں سے دس فٹ آگے اور تیس فٹ بائیں جانب جا کر میں شیر کی گردن پر گولی چلا سکتا تھا۔  یہ منصوبہ بناتے وقت میں گدھ کو بھول گیا۔  جہاں میں کھڑا تھا وہاں سے گدھ مجھے نہیں دیکھ سکتا تھا مگر میں جونہی دس فٹ آگے بڑھا، اس نے مجھے دیکھ لیا۔  اتنے قریب دیکھ کر اس نے چیخ ماری اور اڑا۔  اس کے اوپر ایک بیل تھی جس سے ٹکرا کر شور مچاتا ہوا گدھ زمین پر گر گیا۔  ایک لمحے کے اندر ہی شیرنی بیدار ہو کر غائب ہو گئی جبکہ شیر بھاگنے میں کچھ سُست تھا۔  بعجلت گولی چلانا ممکن تو تھا لیکن آگے موجود گھنے جنگل میں زخمی جانور کو تلاش کرنا بے کار ہوتا۔  ایسے افراد جنہوں نے شیروں اور تیندوؤں کے شکار کردہ جانور پر گھات لگا کر شکار کرنے کی کوشش نہیں کی، میں انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ ایک بار آزمائیں۔  شکار کا بہترین طریقہ ہے۔  گولی چلاتے ہوئے پوری احتیاط کرنی ہو گی کہ یا تو جانور مارا جائے یا پھر اتنا زخمی ہو کہ حرکت کے قابل نہ رہے، ورنہ انجام بہت خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔

ایک ہفتے بعد شیر نے دوبارہ سے اکیلے رہنا شروع کر دیا۔  اب تک اس نے اپنے شکار کردہ جانوروں پر میری آمد کا برا نہیں منایا تھا۔  جونہی شیرنی الگ ہوئی، اس نے واضح کر دیا کہ وہ اب مجھے اپنے شکار پر برداشت نہیں کرے گا۔  نزدیک موجود شیر کی غصیلی غراہٹ سے زیادہ خطرناک آواز نہیں ہوتی۔

اگلے مارچ میں اس شیر نے پہلی بار ایک پوری طرح جوان بھینس ماری۔  اس شام میں پہاڑ کے دامن کے پاس ہی تھا جب میں نے بھینس اور شیر کی کشمکش کی آوازیں سنیں۔  میں نے اندازہ لگایا کہ یہ آوازیں چھ سو گز دور کھائی سے آ رہی ہیں۔  راستہ بہت دشوار تھا اور زیادہ تر جگہوں پر پتھر اور کانٹے دار جھاڑیاں موجود تھیں۔  جب میں ایسی جگہ پہنچا جہاں سے کھائی کا نظارہ ممکن تھا تو بھینس کی کشمکش ختم ہو چکی تھی مگر شیر کہیں دکھائی نہ دیا۔  ایک گھنٹے تک میں رائفل کی لبلبی پر انگلی رکھے لیٹا رہا تاہم شیر نہ دکھائی دیا۔  اگلی صبح پو پھٹنے پر میں جب اسی جگہ لوٹا تو بھینس اسی طرح پڑی تھی۔  نرم زمین پر کھروں اور پنجوں کے نشانات تھے جس سے پچھلی شام کی کشمکش کی شدت کا اندازہ ہو سکتا تھا۔  جب تک شیر نے بھینس کی ٹانگوں کے پٹھے نہیں کاٹ دیے، اسے گرانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔  یہ کشمکش دس سے پندرہ منٹ تک جاری رہی ہو گی۔  شیر کے پگوں پر چلتے ہوئے میں نے کچھ دور ایک پتھر پر خون کے دھبے دیکھے۔  سو گز آگے جا کر ایک گرے ہوئے درخت پر خون کے مزید نشانات دکھائی دیے۔  شیر کے سر پر یہ زخم بھینس کے سینگوں سے لگا تھا۔  یہ زخم اتنا کاری تھا شیر بھینس کو بھلا کر چل پڑا اور دوبارہ واپس نہ لوٹا۔

تین سال بعد شیر میرے دیے ہوئے سبق کو بھلاتے ہوئے اپنے شکار کردہ جانور کو بے احتیاطی سے لوٹا۔  شاید اس کے پاس یہ بہانہ ہو کہ شیر کے شکار کا موسم ختم ہو چکا تھا۔  اس بار اس کا سامنا کرنے ایک مقامی زمیندار اپنے مزارعوں کے ہمراہ درخت پر موجود تھا۔  زمیندار کی گولی شیر کے شانے میں لگی اور کندھا توڑ گئی۔  اس کا پیچھا کرنے کی کوشش نہ کی گئی۔  ۳۶ گھنٹے بعد یہ شیر انسپکشن بنگلے کے احاطے سے ہو کر پل عبور کر کے نوکروں کے کوارٹروں سے گزر کر خالی گودام کی چار دیواری میں جا بیٹھا تو اس کے شانے پر مکھیاں بھنبھنا رہی تھیں۔  ان کوارٹروں کے سب مکینوں نے اسے گزرتے ہوئے دیکھا۔  چوبیس گھنٹوں بعد آس پاس کے دیہاتوں سے جمع ہونے والے لوگوں کے شور سے گھبرا کر شیر وہاں سے نکلا اور ہمارے گیٹ سے ہوتا ہوا گاؤں کے زیریں حصے کو چل دیا۔  گزشتہ روز ہمارے مزارعوں میں سے کسی کا ایک بیل مر گیا تھا جسے لوگوں نے گھسیٹ کر جھاڑیوں میں ڈال دیا تھا۔  شیر نے اسے دیکھ لیا اور اگلے چند روز اسی بیل کو کھا کر گزارا کیا۔  پانی پینے کے لیے پاس ہی نہر تھی۔

دو ماہ بعد جب ہم پہاڑ سے نیچے اترے تو یہ شیر بچھڑوں، بھیڑوں اور بکریوں وغیرہ پر زندہ تھا جو وہ گاؤں کے کنارے سے پکڑ لیتا تھا۔  مارچ تک اس کا زخم بھر گیا تھا تاہم اس کا پنجہ اندر کی جانب مڑ گیا تھا۔  جس جنگل میں وہ زخمی ہوا تھا، وہاں لوٹ کر شیر نے دیہات کے مویشیوں سے بھاری خراج وصول کرنا شروع کر دیا۔  اس بار حفاظت کے خیال سے یہ شیر ہر شکار سے محض ایک بار ہی کھاتا۔  اس طرح اس کی ہلاکت خیزی پانچ گنا بڑھ گئی۔  جس زمیندار نے اسے زخمی کیا تھا، اس کے پاس سب سے زیادہ مویشی تھے اور شیر سے سب سے زیادہ نقصان بھی اسے ہی پہنچ رہا تھا۔  اس کے پاس تقریباً چار سو مویشی تھے۔

آنے والے برسوں میں شیر کی شہرت اور جسامت یکساں بڑھتے گئے۔  کئی شکاریوں اور مقامی افراد نے اسے ہلاک کرنے کی کوششیں کیں۔

ایک مرتبہ نومبر کی شام ایک دیہاتی ایک نالی مزل لوڈر بندوق لے کر سور مارنے کی نیت سے بیس گز چوڑی آبی گزرگاہ میں موجود اکلوتی جھاڑی میں چھپ کر بیٹھا۔  یہ جگہ مستطیل شکل کی تھی اور لمبے کناروں پر کھیت جبکہ چھوٹے کناروں میں سے ایک پر سڑک جبکہ دوسرے پر آبپاشی کی ایک نالی گزرتی تھی۔  اس کے پیچھے گھنی جھاڑیاں اور سامنے چار فٹ بلند پگڈنڈی تھی جہاں سے مویشی وغیرہ گزرتے تھے۔  ۸ بجے رات کو اس پگڈنڈی پر ایک جانور نمودار ہوا۔  اس نے ہر ممکن نشانہ لے کر گولی چلائی اور وہ جانور الٹ کر دوسری جانب گرا۔  یہ آدمی فوراً ہی اپنا کمبل پھینک کر دو سو گز دور اپنے گاؤں چلا گیا۔  وہاں لوگ جمع ہوئے اور جب انہوں نے شکاری کی کہانی سنی تو افسوس کیا کہ اگر اس سور کو فوراً نہ اٹھایا گیا تو گیدڑ اور لگڑبگڑ کھا جائیں گے۔  لالٹین جلا کر چھ افراد سور اٹھانے چل پڑے۔  میرے ایک مزارع نے مشورہ دیا کہ وہ لوگ کم از کم ایک بندوق ساتھ لے جائیں۔  بعد ازاں اس نے مجھے بتایا کہ اسے بھی شامل ہونے کو کہا گیا تھا لیکن گھنی جھاڑیوں میں زخمی سور کو تلاش کرنے کی ہمت اس میں نہیں تھی۔

اس کی تجویز کے مطابق بندوق میں ڈھیر سارا بارود ڈالتے وقت لکڑی کی سلاخ ٹوٹ گئی۔  بظاہر اس حادثے نے ان چھ افراد کی جان بچا لی۔  آخرکار لکڑی نکال کر چھرے وغیرہ بھرنے کے بعد یہ لوگ چل پڑے۔

موقع پر پہنچ کر سور کی تلاش شروع کی تو انہیں خون دکھائی دیا۔  پورا علاقہ چھان مارنے کے بعد انہیں اپنی کوششیں ترک کرنی پڑیں۔  اگلی صبح وہ لوگ پھر لوٹے۔  اس بار میرا مزارع بھی ان کے ساتھ تھا۔  یہ آدمی جنگل کے بارے میں دیگر افراد کی نسبت زیادہ معلومات رکھتا تھا اور جہاں انہوں نے ڈھیر سارا خون دیکھا، وہاں سے اس نے خون سے سنے ہوئے کچھ بال بھی اٹھائے اور میرے سامنے پیش کیے۔  بال دیکھتے ہی میں پہچان گیا کہ یہ شیر کے بال ہیں۔  اس وقت میرے ساتھ ایک اور شکاری بھی تھا چنانچہ ہم دونوں اس طرف چل پڑے۔

زمین پر موجود نشانات کی مدد سے جنگل میں وقوع پذیر ہوئے کسی واقعے کی تفصیلات جاننا میرے لیے ہمیشہ سے دلچسپی کا باعث رہا ہے۔  بے شک کئی بار لگائے جانے والے اندازے غلط بھی ہوئے ہیں تاہم کئی بار درست بھی نکلے ہیں۔  اس بار میں نے درست اندازہ لگایا کہ شیر کو زخم دائیں اگلی ٹانگ کی اندرونی جانب لگا ہے۔  تاہم میرا اندازہ یہ کہ اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے اور شیر اس علاقے میں اجنبی ہے، غلط تھے۔

جہاں سے بال ملے، اس سے آگے خون کے نشان یکسر ختم ہو گئے۔  زمین اس نوعیت کی تھی کہ اس پر نشان تلاش کرنا کارے دارد تھا۔  میں نے ندی عبور کر کے مویشیوں کی ایک پگڈنڈی کا رخ کیا جو ریتلے نالے سے گزرتی تھی۔  یہاں پگوں سے میں نے اندازہ لگایا کہ یہ شیر نوعمر نہیں بلکہ پیپل پانی کا شیر ہے۔  شیر گاؤں سے ہو کر گزرنے کے چکر میں تھا کہ شکاری نے اندھیرے میں سور سمجھ کر گولی چلا دی۔

پہلی بار زخمی ہونے کے بعد وہ آبادی میں انسانوں اور جانوروں کو کوئی نقصان پہنچائے بغیر گزرا تھا تاہم اب یہ شیر اب بڑا ہو چکا تھا اور اگر تکلیف یا بھوک نے اسے مجبور کیا تو بہت نقصان ہوتا کیونکہ یہ علاقہ گنجان آباد تھا۔  مجھے ایک ہفتے کے اندر اندر ایک انتہائی ضروری کام کے لیے جانا تھا جو ملتوی نہیں کر سکتا تھا۔

میں نے تین دن تک ندی اور پہاڑی کے دامن تک جنگل میں ایک ایک انچ چھان مارا۔  یہ علاقہ چار مربع میل بنتا تھا۔  تاہم شیر کہیں دکھائی نہ دیا۔  چوتھے روز دوپہر کو جب میں دوبارہ تلاش شروع کر ہی رہا تھا تو مجھے ایک بوڑھی عورت اور اس کا بیٹا جنگل سے بعجلت نکلتے دکھائی دیے۔  انہوں نے بتایا کہ پہاڑ کے دامن میں ایک شیر بول رہا تھا اور جنگل میں موجود سارے مویشی گھبرائے ہوئے تھے۔  رائفل ساتھ ہو تو میں جنگل میں اکیلے جانا پسند کرتا ہوں۔  اکیلا بندہ جنگل میں زیادہ خاموشی سے پھر سکتا ہے اور دوسرا اکیلا بندہ کسی بھی دشواری سے زیادہ آسانی سے نکل سکتا ہے۔  اس بار یہ لڑکا مجھے وہ جگہ دکھانے کے لیے بے قرار ہو رہا تھا جہاں اس نے شیر کو بولتے سنا تھا۔

پہاڑی کے دامن میں پہنچ کر لڑکے نے گھنی جھاڑیوں کی طرف اشارہ کیا جو آگ سے بچاؤ والے راستے کے دوسری جانب پیپل پانی ندی کے پاس تھا۔  ندی سے سو گز دور اور اس کے متوازی ایک بیس فٹ لمبا نشیب تھا جو میری جانب تقریباً خالی جبکہ دوسری جانب گھنی جھاڑیوں سے گھرا ہوا تھا۔  ایک پگڈنڈی اس نشیب سے زاویہ قائمہ بناتے ہوئے گزرتی تھی۔  اگر شیر اس طرف آتا تو مجھے پورا یقین تھا کہ وہ جھاڑیوں سے نکل کر رکے گا جہاں اس پر گولی چلائی جا سکے گی۔  میں نے یہیں کھڑے ہونے کا سوچا اور لڑکے کو درخت پر اس طرح بٹھا دیا کہ اس کے پیر میرے شانوں کو لگ رہے تھے۔  میں نے اسے ہدایت کی کہ جونہی وہ اونچائی سے شیر کو دیکھے تو پیر کی حرکت سے مجھے آگاہ کرے۔  پھر میں نے درخت سے پشت لگائی اور شیر کی آواز نکالی۔

جوڑے کی تلاش میں نکلی شیرنی کی آواز کے بارے میں بتانا فضول ہے۔  صرف اتنا کہوں گا کہ یہ آواز سمجھنے کے لیے بہت بار قریب سے سننا پڑتی ہے اور اس کی نقالی کرنے کے لیے بہترین گلے کا ہونا ضروری ہے مگر الفاظ سے بیان نہیں ہو سکتی۔

فوراً ہی شیر کی طرف سے جوابی آواز سنی تو مجھے انتہائی سکون ملا کیونکہ میں مسلسل تین روز سے جنگل میں ہر جگہ اسے تلاش کر رہا تھا۔  شیر کی آواز تقریباً ۵۰۰ گز دور سے آئی اور نصف گھنٹے تک ہم دونوں میں آوازوں کا تبادلہ ہوتا رہا۔  ایک طرف تو جنگل کا بادشاہ اپنی ملکہ کو فوری طور پر حاضر ہونے کا کہہ رہا تھا اور دوسری جانب شیرنی اسے اپنی طرف بلا رہی تھی۔  دو بار لڑکے نے مجھے اشارہ کیا مگر شیر مجھے دکھائی نہ دیا۔  جب ڈھلتے سورج کی کرنیں جنگل پر پڑیں تو شیر اچانک نکل کر سامنے آیا۔  جھاڑیوں سے نکلتے وقت اس نے کوئی دھیان نہیں دیا اور تیزی سے سیدھا چلا۔  جب وہ نشیب کے وسط میں تھا تو میں نے رائفل اٹھائی۔  اسی وقت شیر نے رخ بدلا اور سیدھا ہماری طرف آنے لگا۔

جگہ کا انتخاب کرتے وقت مجھے شیر سے اس حرکت کی توقع نہیں تھی جس کے باعث وہ میرے اندازے سے زیادہ قریب پہنچ گیا۔  اس طرح کم فاصلے سے مجھے اس کے سر پر گولی چلانی تھی جس کے لیے میں تیار نہ تھا۔  تاہم ایک پرانے نسخے کو آزمانے پر شیر بغیر کسی پریشانی کے رک گیا۔  ایک پاؤں اٹھائے ہوئے اس نے آہستہ سے اپنا سر اٹھایا تو اس کا گلا اور سینہ سامنے آ گئے۔  بھاری گولی کھاتے ہی شیر لڑکھڑاتے ہوئے جنگل کو بھاگا۔  جہاں پہلی بار میں نے چیتل کی آواز سن کر اس کے پگ دیکھے تھے، اس جگہ سے چند گز دور وہ گرا اور دم توڑ دیا۔

مجھے بعد میں علم ہوا کہ اسے غلط فہمی میں ہلاک کیا ہے۔  اس کی ٹانگ کا زخم جس کے بارے میں سوچ رہا تھا کہ خطرناک ہو گا، وہ تقریباً بھر چکا تھا اور یہ زخم ایک چھرے سے لگا تھا جس سے اگلی دائیں ٹانگ کی ایک چھوٹی رگ کٹ گئی تھی۔

۱۰ فٹ ۳ انچ لمبا شیر جس کی کھال بہترین حالت میں تھی، کا شکار میرے لیے خوشی کے ساتھ ساتھ دکھ کا باعث بھی تھا کیونکہ اب جنگل کے جانور اور میں اس کی آواز دوبارہ نہ سن پائیں گے اور نہ ہی اس کے پگ مجھے دوبارہ ان راہوں پر دکھائی دیں گے جو میں اور یہ شیر گزشتہ پندرہ سال سے استعمال کر رہے تھے۔

٭٭٭

ٹھاک کا آدم خور

۱

لدھیا وادی میں امن ہوئے کئی ماہ گزر چکے تھے کہ اچانک ستمبر ۱۹۳۸ میں ایک روز نینی تال اطلاع پہنچی کہ شیر نے کوٹ کندری میں ایک بارہ سالہ لڑکی کو ہلاک کر دیا ہے۔  یہ اطلاع مجھے فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈونلڈ سٹیوارٹ سے ملی جو اس بارے میں مزید کچھ تفصیل نہ بتا سکا۔  چند ہفتے بعد جب میں اس گاؤں پہنچا تو اس بارے میں حقائق جمع کیے۔  بظاہر دن دوپہر کا وقت تھا اور لڑکی گاؤں کے بالکل سامنے آم کے درخت کے نیچے گرے ہوئے آم جمع کر رہی تھی کہ اچانک شیر نمودار ہوا۔  قبل اس کے کہ نزدیکی کھیتوں میں کام کرنے والے افراد اس کی مدد کو پہنچیں، شیر اسے اٹھا لے گیا۔  شیر کے پیچھا کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی اور میری آمد سے بہت پہلے ہی خون اور دیگر نشانات ختم ہو چکے تھے۔  اس لیے میں باقیات تلاش کرنے سے معذور تھا۔

کوٹ کندری چکہ سے جنوب مغرب میں چار میل اور ٹھاک سے مغرب کی طرف تین میل دور ہے۔  یہ جگہ کوٹ کندری اور ٹھاک کے درمیان اس جگہ وادی میں تھی جہاں گزشتہ اپریل چکہ کا آدم خور مارا گیا تھا۔

۱۹۳۸ کی گرمیوں میں محکمہ جنگلات نے اس علاقے کے تمام درختوں کو گرانے کے لیے نشان لگا دیے۔  اندیشہ تھا کہ نومبر سے پہلے پہلے آدم خور کا قصہ پاک نہ کیا گیا تو ٹھیکے دار مزدوروں کو اکٹھا نہ کر سکیں گے اور اس طرح انہیں ٹھیکے کی رقم دوبارہ ادا کرنی ہو گی۔  نومبر میں کٹائی شروع ہونی تھی۔  ڈونلڈ سٹیورٹ نے اسی وجہ سے لڑکی کے مارے جانے کی اطلاع فوراً بھجوائی تھی۔  میں نے کوٹ کندری جانے کا وعدہ کیا تو میری روانگی کا مقصد ٹھیکے داروں کو نقصان سے بچانے سے زیادہ علاقے کے لوگوں کو آدم خور سے بچانا تھا۔

کوٹ کندری تک جانے کا سیدھا راستہ ٹرین سے بذریعہ تنک پور تھا جہاں سے ہم پیدل کل ڈھنگہ اور چکہ سے ہو کر جاتے۔  اس راستے سے سو میل کا پیدل سفر بچ جاتا لیکن مجھے شمالی ہندوستان میں ملیریا کی مہلک پٹی سے گزرنا پڑتا۔  اس سے بچنے کی خاطر میں نے مورنالہ کی پہاڑیوں کے ذریعے جانے کا سوچا۔  یہاں سے ہم متروک شدہ شیرنگ روڈ پر چلتے جس کا اختتام کوٹ کندری پر ہوتا۔

میں ابھی اس لمبے سفر کے لیے تیاریاں کر ہی رہا تھا کہ سیم میں دوسری ہلاکت کی اطلاع بھی آ گئی۔  سیم لدھیا کے دائیں کنارے پر چھوٹا سا گاؤں تھا اور چکہ سے نصف میل دور۔

اس بار متوفیہ ادھیڑ عمر کی خاتون اور سیم کے نمبردار کی ماں تھی۔  یہ بدقسمت عورت دو کھیتوں کی درمیانی انتہائی ڈھلوان منڈیر سے لکڑیاں کاٹنے گئی تھی۔  اس نے پچاس گز لمبی منڈیر کے دوسرے سرے سے کام شروع کیا۔  لکڑیاں کاٹتے کاٹتے وہ اپنے جھونپڑے سے گز بھر دور تھی کہ اوپر والے کھیت سے شیر نے اس پر جست لگائی۔  یہ حملہ اتنا اچانک تھا کہ متوفیہ صرف ایک چیخ مار سکی اور شیر نے اسے ہلاک کر دیا تھا۔  اسے اٹھا کر شیر بارہ فٹ اونچے کنارے پر چڑھا اور اوپر والے کھیت کو عبور کر کے مخالف سمت کے جنگل میں گم ہو گیا۔  اس کا بیس سال کا بیٹا اس جگہ سے چند گز دور ایک اور کھیت میں کام کر رہا تھا اور اس نے یہ سارا واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا۔  وہ اتنا خوفزدہ تھا کہ کچھ نہ کر سکا۔  لڑکے کی درخواست پر دو دن بعد پٹواری سیم پہنچا۔  وہ اپنے ساتھ اسی افراد اکٹھے کر کے لایا تھا۔  شیر کی روانگی کی سمت تلاش شروع کرتے ہوئے انہوں نے متوفیہ کے کپڑے اور ہڈیوں کے چند ریزے ہی پائے۔  یہ ہلاکت دن دو بجے ہوئی تھی اور شیر نے متوفیہ کو اس کے گھر سے ساٹھ گز دور بیٹھ کر کھایا تھا۔

میں نے دوسری ہلاکت کی اطلاع ملنے پر ایبٹسن سے مشورہ کیا۔  ایبٹسن الموڑہ، نینی تال اور گڑھوال کے تین اضلاع کا ڈپٹی کمشنر تھا۔  اس صلاح مشورے کے بعد ایبٹسن جو کہ تبت کی سرحد کے نزدیک زمین کے کسی تنازعے کا فیصلہ کرنے جا رہا تھا، نے اپنا پروگرام بدلا۔  وہ باگیشور کی بجائے میرے ساتھ سیم چلتا اور پھر وہاں سے اسکوٹ۔

میرا منتخب راستہ چڑھائیوں سے بھرا تھا۔  ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم پہلے نندھور وادی جا کر نندھور اور لدھیا کے درمیان دریا کو عبور کریں اور پھر لدھیا دریا کے ساتھ ساتھ اتر کر سیم پہنچیں۔  ایبٹسن بارہ اکتوبر کو نینی تال سے روانہ ہوا۔  اس سے اگلے دن میں اسے چارگلیا میں جا ملا۔

ہم نندھور دریا کے ساتھ اوپر جاتے ہوئے مچھلیاں پکڑتے گئے۔  ہمارا ایک دن کا ریکارڈ ایک سو بیس مچھلیاں تھا اور پانچویں دن درگا پیپل پہنچے۔  یہاں ہم دریا سے ہٹ کر انتہائی سخت چڑھائی کے بعد رات کو دریا کے کنارے جا رکے۔  اگلے دن جلدی روانہ ہو کر ہم نے کیمپ لدھیا کے بائیں کنارے لگایا جو چلتی سے بارہ میل دور تھا۔

اس بار مون سون قبل از وقت ہی ختم ہو گئی تھی جو ہمارے لیے بہتر تھا۔  بلند چوٹیوں سے نیچے بہتا ہوا دریا ہر چوتھائی میل پر عبور کرنا پڑتا تھا۔  انہیں میں سے ایک جگہ میرا پانچ فٹ کا باورچی بہہ گیا اور ایک آدمی جو میرے کھانے کی ٹوکری لے جا رہا تھا، نے اسے بچایا۔

چارگلیا سے روانہ ہونے کے دسویں دن ہم نے سیم کے ایک بنجر کھیت میں کیمپ لگایا۔  یہاں سے آدم خور کی پہلی شکار والا جھونپڑا دو سو گز دور تھا اور یہ جگہ لدھیا اور سردا دریاؤں کے سنگم سے سو گز دور تھی۔

آتے ہوئے محکمہ پولیس کے گل وڈل سے ہماری ملاقات ہوئی جو واپس جا رہا تھا۔  اس نے سیم میں کئی دن کیمپ لگایا اور محکمہ جنگلات کے میک ڈونلڈ کی طرف سے دیے گئے بھینسے بھی باندھے۔  اس نے تمام بھینسے ہمیں دے دیے۔  وڈل کے قیام کے دوران آدم خور نے کئی بار باندھے ہوئے بھینسوں کی طرف چکر لگایا لیکن ہلاک نہیں کیا۔

ہماری آمد کے اگلے دن جب ایبٹسن پٹواریوں، فارسٹ گارڈوں اور نمبرداروں سے سوال جواب کر رہا تھا تو میں پگ دیکھنے کے لیے نکل کھڑا ہوا۔  کیمپ اور سنگم کے درمیان اور لدھیا دریا کے دونوں کناروں پر نرم ریت موجود تھی۔  میں نے اس ریت پر ایک شیرنی، ایک نوجوان تیندوے اور ایک نوعمر نر شیر کے پگ دیکھے جو شاید پچھلے اپریل کو دکھائی دینے والے بچوں میں سے ایک تھا۔  شیرنی نے گزشتہ دنوں دریا کو کئی بار عبور کیا تھا اور پچھلی رات بھی ہمارے خیموں کے سامنے سے گزری تھی۔  اسی شیرنی کو گاؤں والے آدم خور سمجھتے تھے کہ نمبردار کی ماں کی ہلاکت کے بعد سے یہی شیرنی مسلسل سیم کا چکر لگا رہی تھی۔  میرا خیال تھا کہ کسی حد تک وہ ایسا سمجھنے میں حق بجانب ہیں۔

اس شیرنی کے پگوں کا بغور جائزہ لینے سے پتہ چلا کہ درمیانی جسامت کی حامل اور پوری طرح جوان شیرنی ہے۔  اس کا جواب تو وقت ہی دیتا کہ شیرنی آدم خور کیوں بنی لیکن ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اس نے چکہ کے آدم خور کے ساتھ پچھلے ملاپ کے موسم میں رہتے ہوئے انسانی گوشت کو چکھا ہو۔  اب چونکہ اس کا ساتھی زندہ نہ تھا، اسے خود آدم خور بننا پڑا۔  یہ صرف اندازہ تھا جو غلط نکلا۔

نینی تال سے روانہ ہونے سے قبل میں نے تنک پور کے تحصیلدار کو خط لکھا تھا کہ وہ میرے لیے چار نو عمر بھینسے خرید کر سیم بھجوا دے۔  ان میں سے ایک راستے میں مر گیا۔  باقی تین چوبیس تاریخ کو پہنچ گئے۔  ہم نے انہیں میک ڈونلڈ کے دیے ہوئے بھینسے کے ساتھ باندھا۔  اگلی صبح جب میں ان بھینسوں کے جائزے کے لیے نکلا تو دیکھا کہ چکا کے باشندے بہت پر جوش ہیں۔  گاؤں کے گرد کھیتوں میں تازہ ہل چلے ہوئے تھے اور گزشتہ رات شیرنی مویشیوں کے ساتھ سوئے تین گھرانوں کے پاس سے گزری۔  خوش قسمتی سے مویشیوں نے شیرنی کی آمد کو محسوس کر کے اپنے مالکان کو بروقت خبردار کر دیا۔  کھیتوں سے نکل کر شیرنی کوٹ کندری کی طرف گئی اور ہمارے دو بھینسوں کے پاس سے انہیں کچھ بغیر گزری۔

ہماری آمد پر پٹواری، جنگل کے چوکیدار اور دیہاتیوں نے بتایا کہ بھینسے باندھنا وقت کا ضیاع ہو گا کہ آدم خور انہیں ہلاک نہیں کرے گی۔  اس طریقے سے کئی شکاریوں نے آدم خور مارنے کی کوشش کی تھی اور شکاریوں کی ناکامی کے بعد اگر شیرنی بھینسے کھانا چاہتی تو وہ جنگل میں چرتے مویشی بھی مار سکتی تھی۔  اس نصیحت کے باوجود میں نے بھینسے بندھوانا جاری رکھا اور اگلی دو راتوں میں شیرنی ان میں سے کسی نہ کسی کے پاس سے گزری لیکن انہیں کچھ کہا نہیں۔

۲۷ کی صبح جب ہم نے ناشتہ ختم کیا کہ ٹھاک کے نمبردار کا بھائی تیواری دیگر افراد کے ساتھ ہمارے کیمپ پہنچا اور بتایا کہ اس کے گاؤں کا ایک آدمی گم ہو گیا ہے۔  انہوں نے بتایا کہ یہ آدمی دوپہر کے وقت بیوی کو یہ بتا کر گاؤں سے نکلا کہ وہ اپنے مویشی واپس لانے جا رہا ہے تاکہ وہ بھٹک کر گاؤں کے باہر نہ نکل جائیں۔  اس نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ مویشیوں کو واپس نہ لایا تو آدم خور انہیں کھا جائے گا۔

ہم جلد ہی تیار ہو گئے اور دس بجے ایبٹسن اور میں ٹھاک کے لیے روانہ ہوئے۔  ہمارے ساتھ تیواری اور اس کے دیگر آدمی بھی تھے۔  فاصلہ دس میل ہی تھا لیکن چڑھائی بہت سخت تھی۔  ہم وقت نہ ضائع کرنا چاہتے تھے، سو جب ہم ٹھاک کے قریب پہنچے تو ہمارے سانس بے قابو اور جسم پسینے میں شرابور تھے۔

جونہی جھاڑ جھنکار سے نکل کر قدرے صاف جگہ پہنچے، ہم نے ایک عورت کے بین کی آواز سنی۔  ہندوستانی عورت کی اپنے مرے ہوئے شوہر کے لیے بین کی آواز ایسی نہیں کہ پہچانی نہ جا سکے۔  ہم جنگل سے نکل کر اس غم زدہ عورت تک پہنچے جو گم شدہ آدمی کی بیوی تھی، دس یا پندرہ افراد بھی اس کے ساتھ تھے۔  انہوں نے بتایا کہ گھروں کے اوپر کی جانب انہوں نے سفید رنگ کی کوئی چیز دیکھی ہے۔  یہ چیز بظاہر متوفی کے کپڑے کا کوئی حصہ لگتا تھا۔  یہاں سے یہ جگہ تیس گز دور گھنی جھاڑی میں تھی۔  ایبٹسن، تیواری اور میں اس سفید چیز کو دیکھنے چل پڑے جبکہ مسز ایبٹسن اس عورت اور دیگر افراد کے ساتھ گاؤں چل دی۔

یہ کھیت کئی سال سے غیر آباد اور مختلف قسم کی کانٹے دار جھاڑیوں سے بھرا ہوا تھا۔  جب ہم اس سفید چیز کے بالکل نزدیک پہنچ گئے تو تیواری نے شناخت کی کہ یہ گم شدہ آدمی کی دھوتی ہے۔  اس کے پاس ہی ٹوپی بھی ملی۔  یہاں جد و جہد کے کچھ آثار تھے لیکن خون دکھائی نہ دیا۔  حملے کی جگہ اور اس سے کچھ دور تک خون کے نشانات کا نہ ملنا ظاہر کرتا تھا کہ شیرنی نے اپنی پہلی گرفت نہیں بدلی۔  جب تک جانور اپنی پہلی گرفت نہ تبدیل کرے، خون نہیں نکلتا۔

ہمارے اوپر پہاڑی پر تیس گز دور جھاڑیوں کا جھنڈ تھا جس پر بیلوں کا گھنا سایہ تھا۔  گھسیٹنے کے نشان کا پیچھا کرنے سے قبل اس جگہ کو دیکھ لینا بہتر تھا ورنہ شیرنی ہمارے پیچھے ہوتی۔  اس جگہ نرم مٹی میں شیرنی کے بیٹھے اور پھر حملے کے لیے گھات لگانے کے نشان تھے۔

یہاں پہنچ کر ہم نے منصوبہ بنایا۔  ہماری پہلی ترجیح گھات لگا کر شیرنی کو شکار کے پاس ہی ہلاک کرنے کی کوشش کرنا تھا۔  اس لیے میں نے ان نشانات کا پیچھا کرنے اور سامنے کی نگرانی کرنے کا سوچا جبکہ تیواری مجھ سے ایک گز پیچھے اور نہتا دائیں بائیں دیکھتا چلتا اور ایبٹسن اس سے مزید ایک گز پیچھے اور عقب کا دھیان رکھتا۔  ہم نے طے کیا کہ اگر ہمیں شیرنی کا بال بھی نظر آتا تو ہم گولی چلا دیتے۔

ایک دن قبل یہاں سے مویشی چر کر گئے تھے اور زمین پر موجود نشان مٹا گئے تھے۔  اب شیرنی کے گزرنے کے راستے پر خون نہیں تھا اور محض الٹا پتا یا کچلی گھاس نشان دہی کرتی تھی۔  اس آدمی کو دو سو گز دور لے جانے کے بعد شیرنی نے نیچے ڈالا اور ہلاک کر کے چلی گئی اور کئی گھنٹے بعد واپس آئی اور اسے اٹھا کر چل دی۔  مارنے کے فوراً بعد ہی وہ متوفی کو کیوں اٹھا کر نہ لے گئی، شاید مویشیوں نے آدمی کو ہلاکت دیکھ کر اسے بھگا دیا ہو۔

یہاں خون کا بڑا دھبہ تھا جہاں اس نے متوفی کو ڈالا تھا۔  متوفی کا خون بہنا بند ہو چکا تھا اور شیرنی اسے دوبارہ اٹھا کر لے گئی۔  اس نے اس مرتبہ متوفی کو کمر سے پکڑا ہوا تھا۔  پہلے اس نے متوفی کو گلے سے پکڑا تھا۔  اب پیچھا کرنا مزید مشکل ہو گیا تھا۔  شیرنی نے پہاڑی کے متوازی حرکت جاری رکھی اور چونکہ اس جگہ گھاس وغیرہ بہت گھنی تھی اور چند گز سے زیادہ دور دکھائی نہ دیتا تھا، ہماری پیش قدمی بہت سست ہو گئی۔  دو گھنٹوں میں ہم بمشکل نصف میل چل پائے اور اس کنارے پر پہنچے جہاں وادی میں ہم نے چھ ماہ قبل چکہ کے آدم خور کا پیچھا کر کے اسے ہلاک کیا تھا۔  اس جگہ پتھر کی بہت بڑی سلیب تھی جو ہمارے سمت سے اوپر کو اٹھی ہوئی تھی۔  شیرنی کے نشانات اسی طرف گئے اور مجھے یقین تھا کہ شیرنی اسی کے نیچے یا آس پاس ہی ہو گی۔

ایبٹسن اور میں نے ہلکے ربر سول کے جوتے پہنے تھے جبکہ تیواری ننگے پاؤں تھا اور ہم چٹان تک بغیر کسی آواز کے پہنچ گئے۔  دونوں ساتھیوں کو اشارے سے بتاتے ہوئے کہ وہ خاموشی سے ارد گرد کڑی نظر رکھیں، میں نے چٹان پر پیر رکھا اور انچ انچ آگے بڑھا۔  چٹان کی دوسری طرف تھوڑی سی مسطح زمین تھی اور جونہی مزید حصہ سامنے آتا گیا، شیرنی کے اس چٹان کے نیچے موجود ہونے کا شبہ مزید تقویت پکڑتا گیا۔  ابھی مجھے مزید ایک یا دو فٹ اور اوپر جانا تھا کہ میں نے بائیں جانب حرکت محسوس کی۔  جیسے سنہرا سپرنگ دب کر کھلا ہو اور دوسرے لمحے جھاڑیوں کے پیچھے ہلکی سی حرکت دکھائی دی اور دوسرے سرے پر بندر بولا۔

شیرنی نے بلاشبہ اپنے سونے کے لیے بہت عمدہ جگہ چنی تھی۔  ہماری بدقسمتی کہ شیرنی ابھی سوئی نہ تھی۔  چونکہ میں نے ہیٹ اتارا ہوا تھا تو جونہی شیرنی نے میرے سر کا اوپری حصہ ابھرتا دیکھا، اس نے ایک طرف ہٹ کر جست لگائی اور بلیک بیری کی جھاڑی میں گھس گئی۔  وہ اگر اس کے علاوہ کسی اور جگہ ہوتی، میرے گولی چلانے سے قبل اس کا فرار ہونا نا ممکن تھا۔  ہماری اتنی محنت سے کی گئی کوشش عین آخری لمحے میں ناکام ہو گئی اور اب ہمارے پاس لاش کو تلاش کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔  اگر لاش میں کچھ گوشت بچا ہوتا تو ہم اس پر مچان باندھ سکتے تھے۔  اس جھاڑی کے پیچھے شیرنی کا پیچھا کرنا بے کار تھا اور بعد میں اس پر گولی چلانا مزید مشکل ہو جاتا۔

شیرنی جہاں لیٹی تھی، اس کے نزدیک ہی لاش کو کھایا تھا۔  یہ کھلی جگہ تھی اور گدھوں سے بچانے کے لیے شیرنی نے اسے اٹھایا اور ایسی جگہ چھپا دیا جہاں گدھ اسے نہ دیکھ پاتے۔  اب خون کے نشانات موجود تھے اور تلاش مشکل نہ تھی۔  خون کی لکیر پر چلتے ہوئے ہم نے پچاس گز دور لاش پا لی۔

میں لاش کی تفصیل بتا کر آپ کے جذبات مجروح نہیں کروں گا کیونکہ متوفی کے کپڑے لیر لیر اور اس کا جسم کھایا جا چکا تھا۔  چند گھنٹے قبل یہ شخص دو بچوں کا باپ اور خاندان کا کفیل تھا۔  اب اس کی بیوی کی قسمت میں ہندوستانی بیوہ کہلایا جانا تھا۔  میں نے ایسی بے شمار لاشیں دیکھی ہیں۔  میں بتیس سال سے آدم خوروں کا پیچھا اور مقابلہ کر رہا ہوں اور ہر بار جب میں کسی انسانی لاش پر پہنچتا ہوں تو میرا پہلا خیال یہی ہوتا ہے کہ لاش کو آدم خور کے لیے ہی چھوڑ دیا جائے تو بہتر ہے۔  یہ ادھ کھائی لاش ڈراؤنے خواب کی طرح لواحقین کے اعصاب پر سوار رہتی ہے۔  خون کا بدلہ خون اور بدلے کی آگ جلتی ہے۔  اس قاتل آدم خور سے جان چھڑانے کے لیے بے تابی بڑھتی ہے۔  تاہم ہر بار موہوم سی امید ہوتی ہے کہ شاید متوفی ابھی زندہ ہو اور اسے کسی مدد کی ضرورت ہو۔

ایسا جانور جو اسی طرح کی صورتحال میں زخم کھا کر آدم خور بنا ہو، اس کے بعد ہونے والی ہر ناکام کوشش، چاہے اس کی وجہ کچھ بھی ہو، جانور کو مزید محتاط اور ہوشیار کرتی ہے۔  حتیٰ کہ ایک وقت آتا ہے کہ درندہ یا تو لاش پر لوٹنا ہی چھوڑ دیتا ہے یا پھر اتنی خاموشی سے آتا ہے کہ جیسے پرچھائیں ہو۔  ہر پتے اور ہر جھاڑی کو اچھی طرح چھان پھٹک کر گزرتا ہے کہ نہ جانے اس کا قاتل کہاں چھپا ہو، اس کی تلاش میں اس کے شکار پر بیٹھ کر گولی چلانے کا امکان چاہے لاکھوں یا کروڑوں میں ایک ہی کیوں نہ ہو، ہم میں سے کون ہے جو اپنی قسمت نہ آزمانا چاہے گا۔

یہ جھاڑی جہاں شیرنی چھپی تھی، قریب چالیس مربع گز کی تھی اور شیرنی دوسرے سرے پر بیٹھے بندر کو خبردار کیے بغیر اس جھاڑی سے نہ نکل سکتی تھی۔  ہم پشت سے پشت ملا کر بیٹھ گئے اور سگریٹ پینے، جنگل میں موجود آوازیں سننے اور اپنے اگلے قدم کے بارے میں سوچنے لگے۔

مچان بنانے کے لیے لازم تھا کہ ہم گاؤں جاتے اور ہماری غیر موجودگی میں شیرنی شکار کو لازماً اٹھا کر کہیں اور لے جاتی۔  جب وہ پورے انسان کو لے کر جا رہی تھی تو اس کا پیچھا کرنا مشکل تھا تو جب لاش کافی حد تک کھائی جا چکی اور شیرنی خبردار بھی ہو چکی تھی، کا پیچھا کرنا انتہائی مشکل ہوتا۔  شیرنی لاش کو میلوں دور لے جاتی اور ہم اسے کبھی دوبارہ نہ پا سکتے۔  سو ہم میں سے ایک ادھر رکتا اور باقی دو افراد گاؤں جا کر رسیاں وغیرہ لاتے۔

ایبٹسن نے حسب معمول خطرے کو اہمیت دیے بغیر واپس جانے کا فیصلہ کیا۔  جب وہ اور تیواری یہاں سے براہ راست نیچے اترے تاکہ مشکل راستے سے بچ سکیں، میں لاش کے پاس ہی ایک چھوٹے درخت پر چڑھ گیا۔  زمین سے چار فٹ بلندی پر درخت دو شاخہ تھا اور ایک شاخ پر کمر اور دوسرے پر پیر ٹکا کر میں جم گیا۔  یہاں سے میں شیرنی کو دور سے دیکھ سکتا تھا چاہے وہ لاش پر آتی یا مجھ پر حملہ کرتی۔  میں اسے نزدیک پہنچنے سے قبل ہی دیکھ لیتا۔

ایبٹسن کو گئے پندرہ یا بیس منٹ گزرے ہوں گے کہ میں نے ایک پتھر اٹھنے اور پھر نیچے گرنے کی آواز سنی۔  یہ پتھر ایسی جگہ تھا جہاں ہلکا سا وزن بھی اسے متحرک کر دیتا۔  شیرنی نے جب اس پر اپنا پیر رکھا تو اس کا سرا اٹھ گیا۔  اسے اٹھتا محسوس کر کے شیرنی نے فوراً پیر ہٹا لیا اور پتھر واپس بیٹھ گیا۔  آواز میرے سامنے بائیں جانب بیس گز دور سے آئی تھی۔  یہ واحد سمت تھی جہاں میں گولی چلاتے وقت درخت سے نہ گرتا۔

منٹ گزرتے گئے اور میری امیدیں اوپر نیچے ہوتی رہیں۔  جب میرے اعصاب پر دباؤ اور ہاتھوں پر رائفل کا بوجھ ناقابل برداشت ہونے لگا تو میں نے اس جھاڑی کے اوپری سرے پر ہلکی سی آواز سنی جیسے کوئی خشک لکڑی چٹخی ہو۔  اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ شیر جنگل میں کتنی خاموشی سے چلتے ہیں۔  جس لمحے شیرنی نے پتھر پر پیر رکھ کر آواز پیدا کی، مجھے اس کے بالکل درست مقام کا علم ہو گیا۔  میں اس طرف دیکھنے لگا، پھر بھی شیرنی نہ صرف آئی، چند لمحے رک کر مجھے دیکھا اور واپس چل دی۔  مجھے ایک تنکا یا گھاس کا پتہ تک نہ حرکت کرتا دکھائی دیا۔

جب اعصابی تناؤ دور ہو اور تھکے ہوئے اعصاب فوری آرام مانگتے ہیں۔  ابھی مجھے صرف ہاتھ نیچے کر کے رائفل گھٹنوں پر رکھنی تھی، لیکن میں بتا نہیں سکتا کہ اس معمولی سی حرکت سے میرے پورے جسم کو کتنا سکون ملا۔  اس کے بعد شیرنی کی کوئی آواز نہ آئی۔  ایک یا دو گھنٹے بعد میں نے ایبٹسن کی آمد کی آواز سنی۔

میں نے جتنے بھی افراد کے ساتھ شکار کھیلا ہے، ایبٹسن ان میں سے سب سے الگ اور نمایاں ہے۔  نہ صرف وہ شیر کا کلیجہ رکھتا ہے بلکہ اسے ہر بات کا خیال رہتا ہے۔  شاید وہ بہت مخلص شکاری ہے۔  ابھی گیا تو وہ مچان کے لیے رسیاں لانے تھا لیکن واپسی پر کمبل، تکیے، گرم چائے اور گرم کھانا بھی لایا۔  میں لاش سے ہٹ کر اس طرح بیٹھا کہ اس سے اٹھنے والی بو مجھے تنگ نہ کرے تو ایبٹسن نے ایک آدمی کو چالیس گز دور ایک درخت پر چڑھا دیا تاکہ وہ شیرنی کی توجہ اپنی جانب مبذول رکھے، وہ خود درخت پر چڑھ کر مچان باندھنے لگا۔

جب مچان تیار ہو گئی تو ایبٹسن نے لاش کو گھسیٹ کر چند فٹ دور کیا اور اسے ایک چھوٹے درخت کے ساتھ مضبوطی سے باندھ دیا تاکہ شیرنی اسے نہ لے جا سکے۔  سورج ڈوبنے کے کم از کم دو گھنٹے بعد چاند نکلتا۔  سگریٹ کا آخری کش لگا کر میں مچان پر چڑھا اور آرام سے بیٹھ گیا تو ایبٹسن نے دوسرے آدمی کو درخت سے اتارا اور ٹھاک روانہ ہو گئے تاکہ مسز ایبٹسن کو لے کر سیم میں کیمپ کو جا سکے۔

یہ لوگ نظروں سے اوجھل ہوئے لیکن آوازیں آ رہی تھیں کہ میں نے کسی بھاری جسم والے جانور کو پتوں پر چلتے سنا۔  اسی وقت جھاڑیوں کے پرلے سرے سے بندر بھی چیخا جو اس دوران خاموش بیٹھا تھا۔  ہمیں توقع سے زیادہ کامیابی ہوئی تھی۔  دوسرے درخت پر ایک آدمی کو چڑھا دینے سے شیرنی کی توجہ یقیناً اس کی طرف مبذول ہو گئی تھی۔  ایسا ایک بار پہلے بھی ہو چکا تھا۔  تناؤ بھرا ایک منٹ گزرا، پھر دوسرا اور پھر تیسرا۔  اس کے بعد کاکڑ دیوانہ وار بھونکتا ہوا اس جانب سے آیا جہاں میں اس بڑی پتھر کی سلیب پر چڑھا تھا۔  شیرنی شکار پر آنے کی بجائے ایبٹسن کا پیچھا کر رہی تھی۔  مجھے ان لوگوں کی فکر ہو گئی کیونکہ شیرنی پہلے شکار کو چھوڑ کر نئے شکار کی تلاش میں جا رہی تھی۔

روانگی سے قبل ایبٹسن نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہر ممکن احتیاط کرے گا۔  میری جانب بھونکتے کاکڑ کی آواز سن کر قدرتی طور پر وہ لوگ کچھ غیر محتاط ہو جاتے کہ شیرنی لاش پر جا رہی ہے تو شیرنی کو موقع مل سکتا تھا۔  دس منٹ بہت مشکل سے گزرے کہ ٹھاک کی جانب سے کاکڑ کی آواز آئی۔  شیرنی ابھی تک پیچھا کر رہی تھی لیکن وہاں زمین کچھ صاف تھی اور شیرنی کے حملے کے امکانات کم ہی تھے۔  ایبٹسن وغیرہ کو لاحق خطرہ ابھی دور نہیں ہوا تھا کیونکہ ان لوگوں کو ابھی دو میل مزید گھنے جنگل سے ہو کر کیمپ تک جانا تھا۔  اگر وہ سورج ڈوبنے تک گولی کی آواز کا انتظار کرنے ٹھاک میں رک جاتے، جیسا کہ مجھے خطرہ تھا اور انہوں نے ایسا کیا بھی، انہیں واپسی کے راستے پر بہت خطرہ ہوتا۔  خوش قسمتی سے ایبٹسن کو خطرے کا احساس ہو گیا تھا اور ہر ممکن احتیاط کی۔  اگلے روز پگ دیکھنے سے پتہ چلا کہ شیرنی نے پورا راستہ تعاقب کیا مگر وہ لوگ کیمپ تک بخیریت پہنچ گئے۔

کاکڑ اور سانبھر کی آواز سے مجھے شیرنی کی حرکات کا اندازہ بخوبی ہوتا رہا۔  سورج غروب ہونے کے ایک گھنٹے بعد شیرنی دو میل دور وادی کے نچلے سرے پر تھی۔  ابھی پوری رات پڑی تھی کہ وہ اپنے شکار پر واپس لوٹ سکتی تھی اور اگرچہ اس کی واپسی لاکھوں میں ایک امکان ہی رکھتی تھی، میں نے اس امکان کو بھی ضائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔  رات نہایت سرد تھی اور میں کمبل لپیٹ کر ایسی آرام دہ حالت میں بیٹھ گیا کہ گھنٹوں تک حرکت کی ضرورت نہ پڑتی۔

میں مچان پر شام چار بجے بیٹھا اور دس بجے میں نے دو جانوروں کو آتے سنا۔  درختوں کے نیچے گہری تاریکی تھی اور مجھے کچھ نہ دکھائی دیا۔  جب وہ نزدیک پہنچے اندازہ ہو گیا کہ یہ سیہی ہیں۔  کانٹوں کی حرکت سے پیدا ہونے والی آواز اتنی منفرد ہے کہ کوئی اور جانور یہ آواز نہیں نکال سکتا۔  وہ لاش تک پہنچے اور اس کے گرد کئی چکر لگا کر اپنی راہ چل دیے۔  ایک گھنٹہ بعد جب چاند نکلے کچھ وقت ہو چلا تھا، میں نے نیچے وادی میں کسی جانور کی آواز سنی جس کی حرکت مشرق سے مغرب کی جانب تھی۔  شکار سے ہو کر گزرتی ہوا کے راستے میں پہنچ کر یہ جانور کافی دیر تک رکا رہا اور پھر احتیاط سے لاش کی طرف بڑھا۔  ابھی یہ کچھ دور تھا کہ میں نے اس کے سونگھنے کی آواز سنی تو مجھے معلوم ہو گیا کہ ریچھ ہے۔  خون کی بو اسے بلا رہی تھی اور انسانی بو دور بھاگنے پر مجبور کر رہی تھی اس لیے وہ بہت محتاط ہو کر بڑھ رہا تھا۔  ریچھ کی سونگھنے کی طاقت جنگل کے جانوروں میں سب سے طاقتور ہے۔  ابھی وہ وادی میں ہی تھا کہ اسے علم ہو گیا کہ یہ شکار شیر کا ہے۔  ہمالیہ کے ریچھ کسی سے نہیں ڈرتے اور میں نے انہیں بہت بار شیر کو شکار سے بھگاتے ہوئے دیکھا ہے۔  اسے شیر کی بو سے نہیں بلکہ انسان، خون اور شیر کی بوؤں کی وجہ سے جھجھک ہو رہی تھی۔

مسطح زمین پر پہنچ کر ریچھ لاش سے چند گز دور بیٹھا اور جب اسے محسوس ہوا کہ اسے انسان کی بو سے کوئی خطرہ نہیں، وہ پچھلے پیروں پر کھڑے ہو کر چیخا۔  میرا خیال تھا کہ اس نے ساتھی بلانے کے لیے چیخ ماری ہے۔  یہ آواز وادی میں گونجتی رہی۔  پھر وہ بلا جھجھک لاش تک پہنچا اور جب اسے سونگھ رہا تھا تو میں نے رائفل سے نشانہ لے لیا۔  مجھے صرف ایک واقعہ معلوم ہے جب کسی ہمالیائی ریچھ نے انسانی گوشت کھایا تھا۔  یہ ایک عورت کی لاش تھی جو اونچی چوٹی پر گھاس کاٹتے ہوئے پھسل کر گری اور مر گئی۔  ریچھ اس کی لاش کو اٹھا کر لے گیا اور کھا گیا۔  میں نے اس ریچھ کے شانے کا نشانہ لیا ہوا تھا۔  ریچھ لاش کو چکھے بغیر واپس اپنے راستے پر مغرب کو چل دیا۔  اس کے جانے کی آوازیں ختم ہو گئیں اور صبح تک میں نے کوئی آواز نہ سنی۔  سورج نکلنے کے کچھ دیر بعد ایبٹسن پہنچا۔

ایبٹسن کے ساتھ متوفی کا بھائی اور دیگر رشتہ دار بھی آن پہنچے۔  انہوں نے ادھ کھائی لاش سفید کپڑے میں لپیٹی اور دو درختوں کو کاٹ کر اسٹریچر بنا کر اس پر لاش رکھ کر دریائے سردا کے کنارے ’رام نام ست ہے‘ جپتے چلے۔  جواب میں سنائی دیتا تھا، ’ستے بول گت ہے‘۔

سخت سرد رات کا مجھ پر گہرا اثر ہوا تھا لیکن ایبٹسن کی لائی گرم چائے اور کھانے نے رات کا تاثر زائل کر دیا۔

۲

۲۷ کی رات کو چکا تک ایبٹسن کا پیچھا کرنے کے بعد شیرنی رات کو کسی وقت لدھیا عبور کر کے ہمارے کیمپ کے پیچھے جنگل میں گھس گئی۔  اگرچہ اس جنگل میں باقاعدہ راستہ موجود تھا جسے دیہاتی استعمال کرتے تھے، آدم خور کے ظہور کے بعد سے راستہ ویران تھا اور خطرناک شمار ہوتا تھا۔

۲۸ کو دو ہرکارے ایبٹسن کی ڈاک لے کر تنک پور تاخیر سے روانہ ہوئے۔  وقت بچانے کے لیے انہوں نے اس جنگل سے گزرنے کا فیصلہ کیا۔  خوش قسمتی سے اگلا ہرکارہ بہت سمجھدار تھا اور اس نے راستے میں شیرنی کو چھپتے دیکھ لیا۔

ایبٹسن اور میں اسی وقت ٹھاک سے واپس آئے تھے کہ یہ دونوں افراد پہنچ گئے۔  ہم رائفلوں سمیت جائزہ لینے دوڑے۔  ہم نے پگوں کو دیکھا کہ شیرنی نے ان دونوں کا کچھ دور تک پیچھا بھی کیا تھا۔  جنگل بہت گھنا تھا اور ہم کچھ نہ دیکھ پائے اور ایک جگہ کسی جانور کے بھاگنے کی آواز سنی۔

۲۹ کی صبح کو ایک گروہ ٹھاک سے آیا کہ ان کا ایک بیل گزشتہ رات باڑے میں واپس نہ آیا۔  تلاش کرنے پر جہاں اسے آخری بار دیکھا گیا تھا، خون ملا۔  دو بجے ایبٹسن اور میں اس جگہ پر تھے اور ایک نظر ڈالتے ہی پتہ چل گیا کہ شیر نے بیل کو مار کر اٹھایا اور دوسری جگہ منتقل کیا ہے۔  بعجلت دوپہر کا کھانا کھا کر ایبٹسن اور میں بمع دو آدمیوں کے گھسٹنے کے نشان پر چلے۔  یہ دو آدمی مچان کے لیے رسیاں لا رہے تھے۔  سو گز تک یہ نشانات سیدھا پہاڑ کے درمیان اور متوازی چلے۔  یہ نشان سیدھے اسی کھائی میں جا رہے تھے جہاں میں نے گزشتہ اپریل ایک بڑے شیر پر نشانہ خطا کیا تھا۔  چند سو گز بعد یہ بیل جو کہ بہت بڑی جسامت کا تھا، دو چٹانوں کے درمیان پھنس گیا۔  شیر جب اسے اٹھا کر آگے نہ لے جا سکا تو وہیں کچھ حصہ کھا کر چھوڑ دیا۔  شیر کے پنجے اس بیل کے وزن سے اتنے پھیل گئے تھے کہ یہ جاننا مشکل تھا کہ آیا عام شیر ہے یا آدم خور۔  ہم نے اس علاقے کے ہر شیر کو آدم خور سمجھ کر اس کا پیچھا کرنا تھا تو میں نے یہاں بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔  یہاں لاش سے مناسب فاصلے پر ایک ہی درخت تھا اور جونہی آدمی مچان کے لیے رسیاں باندھنے اوپر چڑھے، نیچے وادی میں شیر نے بولنا شروع کر دیا۔  عجلت میں چند الٹی سیدھی رسیاں باندھ کر ایبٹسن نگرانی کو کھڑا ہوا اور میں مچان پر چڑھ گیا۔  یہ مچان جس پر میں اگلے ۱۴ گھنٹے بیٹھا، میری زندگی کی سب سے بری اور سب سے خطرناک مچان تھی۔  درخت پہاڑی کی مخالف سمت جھکا ہوا تھا اور تین غیر متناسب رسیوں سے بنی ہوئی مچان پر میں بیٹھا کھائی کے بالکل اوپر سو فٹ اونچا تھا۔

جب میں درخت پر چڑھ رہا تھا تو شیر نے کئی بار آوازیں نکالیں اور لمبے وقفے کے بعد شام کو دوبارہ بولا اور اس کی آخری آواز چٹان کے سرے سے نصف میل دور سے آئی۔  ایسا لگ رہا تھا کہ شیر شکار کے قریب ہی لیٹا ہوا تھا اور اس نے ہمیں آتے اور آدمیوں کو درخت پر چڑھتے دیکھا۔  اسے معلوم تھا کہ اس کا کیا مطلب ہے، اس نے دور جا کر مداخلت پر ناراضگی ظاہر کی۔  اگلی صبح ۱۴ گھنٹے بعد جب کو ایبٹسن آیا تو میں نے نہ تو کچھ دیکھا اور نہ ہی کچھ سنا۔

یہ کھائی گہری اور درختوں سے ڈھکی تھی اور گدھ لاش کو کبھی بھی نہ دیکھ پاتے۔  بیل اتنا بڑا تھا کہ شیر کے لیے کئی بار خوراک فراہم کر سکتا تھا، ہم نے فیصلہ کیا کہ اس پر تب تک دوبارہ نہ بیٹھیں جب تک کہ شیر اسے مزید کھا کر ہلکا نہ کر دے۔  جب شیر اسے یہاں سے منتقل کرے تو نئی جگہ گولی چلانے کے لیے بہتر موقع مل سکے گا۔  ہماری قسمت کہ شیر دوبارہ لاش پر واپس نہ آیا۔

دو راتوں کے بعد ہمارے کیمپ کے پیچھے سیم میں بندھا بھینسا مارا گیا۔  چونکہ میرا دل اس وقت جانے کو نہیں کر رہا تھا، آدم خور کو مارنے کا ایک سنہری موقع ہاتھ سے نکل گیا۔

جو آدمی بھینسے کو دیکھنے گئے، نے بتایا کہ رسی ٹوٹی ہوئی تھی اور شیرنی لاش کو اسی کھائی میں نیچے لے گئی ہے جہاں وہ بندھا ہوا تھا۔  یہ وہی کھائی تھی جہاں میک ڈونلڈ اور میں نے اپریل میں شیرنی کا پیچھا کیا تھا اور اس وقت شیرنی اپنے شکار کو لے کر کھائی میں کچھ دور گئی تھی۔  اس بار نہایت بے وقوفی سے میں نے فرض کر لیا کہ اس بار بھی شیرنی شکار کو وہیں لے جائے گی۔

ناشتے کے بعد ایبٹسن اور میں بھینسے کی لاش ڈھونڈنے نکلے تاکہ اس پر مچان باندھنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔

جس گہری کھائی میں بھینسا مارا گیا، پچاس گز چوڑی اور سیدھی پہاڑ کے دامن تک چلی جاتی تھی۔  دو سو گز تک کھائی سیدھی جا کر بائیں مڑتی ہے۔  موڑ کے فوراً بعد بائیں جانب نو عمر درختوں کا ایک جھنڈ اور پیچھے سو فٹ اونچی پہاڑی ہے جس پر گھنی گھاس ہے۔  ان درختوں کے قریب پانی کا ایک چھوٹا سا تالاب ہے۔  میں اپریل میں وہاں سے کئی بار گزرا لیکن اندازہ نہ لگا سکا کہ یہ درخت شیر کے لیٹنے کے لیے مناسب جگہ ہو سکتے ہیں۔  اس لیے مڑتے وقت میں نے کوئی احتیاط نہیں کی۔  نتیجتاً تالاب سے پانی پیتے شیرنی نے ہمیں پہلے دیکھا۔  اس کے پاس فرار کا ایک راستہ تھا جو اس نے استعمال کیا جو درختوں کے پیچھے چٹان پر چڑھ کر دوسری جانب سال کے گھنے جنگل کو جاتا تھا۔

پہاڑی ہمارے لیے ناقابل عبور تھی، سو ہم نے کھائی میں اوپر کی طرف سفر جاری رکھا جہاں ہمیں سانبھروں کی گزرگاہ ملی۔  اس راستے سے ہم سرے تک پہنچ گئے۔  شیرنی اب اس تکون جگہ میں تھی جس کا ایک سرا یہ کنارہ، دوسرا لدھیا اور تیسرا وہ چوٹی تھی جہاں سے کوئی جانور نہ گزر پاتا۔  یہ علاقہ زیادہ بڑا نہ تھا اور یہاں بہت سے ہرن چر رہے تھے۔  وقتاً فوقتاً ان کی آوازوں سے ہمیں شیرنی کی حرکت کا اندازہ ہوتا رہا لیکن بدقسمتی سے اس جگہ بہت سی گہری کھائیاں بھی تھیں اور شیرنی انہی میں سے ایک میں گم ہو گئی۔

ابھی ہم نے بھینسے کو نہیں دیکھا تھا اس لیے دوبارہ سانبھروں کا راستہ لے کر کھائی میں پہنچے۔  انہی نوعمر درختوں کے جھنڈ میں لاش پوشیدہ تھی۔  یہ درخت چھ سے بارہ انچ موٹے تنے والے تھے اور مچان کا بوجھ نہ سہار پاتے۔  اس لیے ہم نے مچان کا خیال دل سے نکال دیا۔  دھاتی سلاخ کی مدد سے ہم کسی بڑے پتھر کو اس کی جگہ سے نکال کر بیٹھ سکتے تھے لیکن آدم خور کے لیے یہ طریقہ خطرناک ہوتا۔

گولی چلانے کے امکانی موقع کو ضائع نہ کرنے کے خیال سے ہم نے سوچا کہ بھینسے کی لاش کے پاس گھاس میں چھپ جائیں۔  اگر شیرنی اندھیرا ہونے سے قبل آئے اور ہم اسے دیکھ سکے تو گولی چلا سکیں گے۔  اس میں دو خامیاں تھیں:

۱۔  اگر گولی چلانے کا موقع نہ ملا اور شیرنی نے ہمیں دیکھ لیا تو پہلے کی طرح اس بار بھی لاش پر نہیں لوٹے گی

۲۔  لاش اور کیمپ کے درمیان راستہ گھنے جنگلات سے بھرا تھا۔  اگر ہم تاریکی چھانے کے بعد لوٹتے تو شیرنی کے رحم و کرم پر ہوتے

ہم نے بہت ہچکچاہٹ کے ساتھ اس رات لاش پر نہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا اور اگلے دن کے لیے بہتری کی امید رکھی۔

اگلے دن واپس آئے تو ہم نے دیکھا کہ شیرنی لاش کو لے گئی ہے۔  تین سو گز تک وہ کھائی کی تہہ میں پتھروں پر پھدکتی چلی گئی اور کوئی نشان نہ چھوڑا۔  جہاں سے اس نے لاش کو اٹھایا تھا، سے تین سو گز دور ہم دھوکہ کھا گئے۔  یہاں گیلی زمین پر بہت سارے پگ تھے لیکن کوئی بھی پگ ایسا نہیں تھا کہ جو لاش کو اٹھائے ہوئے بنا ہوتا۔  آخرکار دائروں میں تلاش کرتے ہوئے ہم نے وہ جگہ تلاش کی جہاں وہ کھائی سے نکل کر بائیں جانب کی پہاڑی پر چڑھی تھی۔

یہ پہاڑی جس پر شیرنی اپنے شکار کو لے کر چڑھی تھی، اس پر فرن اور گولڈن راڈ بکثرت اگی تھیں اور کھوج لگانا مشکل نہ تھا۔  چڑھائی بہت مشکل تھی اور کئی جگہوں پر ہمیں لمبا چکر کاٹ کر دوبارہ کھوج جاری رکھنا پڑی۔  ہزار فٹ کی سخت چڑھائی کے بعد ہم ایک چھوٹے سے میدان تک آ پہنچے جس کے بائیں جانب ایک میل چوڑی چوٹی تھی۔  اس چوٹی کے نزدیک میدان سیم کا شکار اور کٹا پھٹا تھا اور ان کٹی پھٹی جگہوں پر دو سے چھ فٹ اونچے سال کے بہت زیادہ درخت اگے ہوئے تھے۔  شیرنی اپنے شکار کو لے کر سیدھا اسی گھنے ذخیرے میں آئی تھی۔  یہ ذخیرہ اتنا گھنا تھا کہ جب تک ہم بھینسے کی لاش پر نہ پہنچ گئے، ہم اسے نہ دیکھ پائے۔

ابھی ہم یہ دیکھنے رکے ہی تھے کہ بھینسے کی لاش کتنی بچی ہے، ہمارے دائیں جانب ہلکی غراہٹ آئی۔  رائفلیں اس طرف اٹھائے ہم نے منٹ بھر توقف کیا اور پھر جہاں سے آواز آئی تھی، سے ذرا آگے ہم نے حرکت کی آواز سنی۔  ہم ابھی ان گھنے درختوں میں دس گز ہی آگے بڑھے ہوں گے کہ نسبتاً خالی قطعہ دکھائی دیا جہاں نرم گھاس پر شیرنی لیٹی تھی۔  اس گھاس کے دوسرے سرے پر پہاڑی بیس گز بلند ہو کر ایک دوسرے میدان پر ختم ہوتی تھی۔  یہ آواز اسی میدان کی جانب سے آئی تھی جو ہم نے کچھ دیر قبل سنی تھی۔  اس چڑھائی پر ہر ممکن احتیاط اور خاموشی سے چڑھتے ہوئے ہم اوپر والے میدان تک پہنچے جو پچاس گز لمبا تھا۔  اسی وقت شیرنی اس میدان کے دوسرے سرے سے نیچے کھائی میں اتری تو چند کالے تیتر اور کاکڑ بولے۔  مزید پیچھا کرنا بے سود ہوتا۔  اس لیے ہم واپس لاش پر پہنچے اور دیکھا کہ اس میں کافی گوشت باقی تھا۔  بیٹھنے کے لیے دو درخت چن کر ہم کیمپ لوٹے۔

دوپہر کا کھانا جلدی کھا کر ہم دونوں لوٹے اور رائفلوں سمیت اپنے منتخب کردہ درختوں پر بمشکل تمام چڑھے۔  ہم نے پانچ گھنٹے انتظار کیا مگر شیرنی نہ لوٹی۔  دھندلکے کے وقت ہم نیچے اترے اور کٹی پھٹی اور ناہموار زمین سے ہوتے ہوئے ہم کھائی میں پہنچے تو تاریکی گہری ہو چکی تھی۔  ہم دونوں کو ہی احساس تھا کہ ہمارا تعاقب کیا جا رہا ہے تاہم ایک دوسرے کے ساتھ چلتے ہوئے ہم بغیر کسی حادثے کے رات نو بجے کیمپ پہنچ گئے۔

ایبٹسن اس سے زیادہ سیم میں نہ رک سکتا تھا اور اگلی صبح وہ لوگ بارہ روزہ پیدل سفر پر ایسکوٹ روانہ ہو گئے۔  جانے سے قبل ایبٹسن نے مجھ سے وعدہ لیا کہ میں آدم خوروں کے تعاقب میں مزید اکیلا نہیں جاؤں گا اور سیم میں ایک یا دو روز سے زیادہ رک کر اپنی جان خطرے میں نہیں ڈالوں گا۔

ایبٹسن اور اس کے پچاس ہمراہیوں کی روانگی کے بعد گھنے جنگل سے گھرے اس کیمپ میں میرے علاوہ دو ملازم رہ گئے۔  میرے قلی پہلے سے ہی نمبردار کے گھر رہ رہے تھے۔  سارا دن ہم لوگوں نے مل کر خشک لکڑیاں جمع کرنے پر صرف کیا۔  ساری رات آگ جلائے رکھنے کے لیے موسم سرد ہونا ہی کافی بہانہ تھا۔

شام کے وقت جب میرے آدمی بحفاظت کیمپ واپس لوٹ آئے تو میں نے رائفل اٹھائی اور لدھیا کی جانب چل پڑا۔  اگر شیرنی نے دریا عبور کیا ہوتا تو اس کے نشان مل جاتے۔  ریت پر مجھے بہت سے پرانے پگ دکھائی دیے۔  دھندلکے کے وقت واپس لوٹا تو مجھے یقین تھا کہ شیرنی ہماری والی طرف ہی ہے۔  گھنٹے بعد جب تاریکی پوری طرح چھا چکی تو ہمارے کیمپ کے پیچھے ایک کاکڑ مسلسل نصف گھنٹے تک بولتا رہا۔

میرے ساتھیوں کے ذمے بھینسے باندھنے کا کام تھا جو اب تک ایبٹسن کے ساتھی کرتے آئے تھے۔  اگلی صبح جب وہ بھینسے واپس لانے گئے تو میں ان کے ساتھ تھا۔  ہم کئی میل چلے مگر شیرنی کا کوئی نشان نہ ملا۔  ناشتے کے بعد میں نے بنسی اٹھائی اور دریا کے سنگم کو چل دیا۔  اس روز میں نے مچھلی کا زندگی بھر کا بہترین شکار کیا۔  یہاں بڑی مچھلیاں بکثرت تھیں اور میری بنسی بہت مرتبہ ٹوٹی مگر میں نے پورے کیمپ کے لیے کافی مچھلیاں پکڑیں۔

گزشتہ شام کی مانند ایک بار پھر میں نے لدھیا عبور کیا تاکہ راستے پر جھکی ہوئی چٹان پر لیٹ کر شیرنی کو دریا عبور کرتے ہوئے دیکھ سکوں۔  جونہی میں دریا عبور کر کے پانی کے شور سے دور ہوا تو میں نے بائیں جانب پہاڑی سے سانبھر اور بندر کے بولنے کی آوازیں سنیں۔  جب میں اس چٹان کے قریب پہنچا تو میں نے شیرنی کے تازہ پگ دیکھے۔  ان پر چلتا ہوا میں جب دریا کی جانب گیا تو دیکھا کہ جن پتھروں پر شیرنی چل کر آئی تھی، وہ ابھی تک گیلے تھے۔  کیمپ میں چند منٹ رک کر ڈوری خشک کرنے اور چائے کا کپ پینے کے سبب ایک آدمی کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا اور کئی ہزار افراد کے لیے کئی ہفتوں تک اضافی پریشانیاں، میرے لیے کئی دن کی اضافی تکلیف اس پر مستزاد تھیں۔  اگرچہ میں مزید تین دن رکا تاہم شیرنی کو ہلاک کرنے کا دوسرا موقع نہ مل سکا۔

۷ تاریخ کی صبح جب میں کیمپ ختم کر کے تنک پور کے ۲۰ میل کے پیدل سفر پر تیار ہو رہا تھا تو آس پاس کے تمام دیہاتوں سے بے شمار افراد جمع ہو کر میرے پاس آئے اور درخواست کی کہ میں انہیں شیرنی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر نہ جاؤں۔  انہیں ہر ممکن احتیاط کا بتا کر میں نے وعدہ کیا جتنا جلد ممکن ہوا، واپس لوٹوں گا۔

اگلی صبح میں نے تنک پور سے ٹرین لی اور ۹ نومبر کو نینی تال واپس پہنچا۔  اس بار میں تقریباً ایک ماہ گھر سے دور رہا تھا۔

۳

میں ۷ نومبر کو سیم سے چلا تھا اور ۱۲ کو شیرنی نے ٹھاک میں ایک آدمی ہلاک کیا۔  اس ہلاکت کی خبر مجھے ہلدوانی کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر سے اس وقت ملی جب ہم لوگ اپنے سرمائی گھر کو منتقل ہو چکے تھے۔  ہر ممکن تیزی سے چلتے ہوئے ہم ۲۴ تاریخ کو سورج نکلنے کے کچھ دیر بعد چکہ پہنچے۔

میرا ارادہ تھا کہ چکہ میں ناشتہ کر کے ٹھاک کو روانہ ہو جاؤں اور اسے اپنا مستقر بناؤں تاہم ٹھاک کے نمبردار نے جو کہ خود بھی چکہ منتقل ہو چکا تھا، بتایا کہ ۱۲ تاریخ والی ہلاکت کے بعد تمام مرد و عورتیں ٹھاک چھوڑ چکے ہیں۔  اس نے یہ بھی بتایا کہ اگر میں ٹھاک میں رکنے کا ارادہ رکھتا ہوں تو شاید میں اپنا تحفظ تو کر سکوں لیکن اپنے ساتھیوں کی جان بچانا میرے لیے ممکن نہیں ہو گا۔  اس کے دلائل وزنی تھے۔  جتنی دیر میرے ساتھی وہاں پہنچتے، نمبردار کی مدد سے میں نے چکہ میں کیمپ لگانے کے لیے جگہ چن لی۔  یہاں میں اور میرے ساتھی شیرنی سے محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ ان ہزاروں افراد سے کچھ الگ تھلگ رہ سکتے جو جنگلات کی کٹائی کے لیے پہنچ رہے تھے۔

ڈویژنل فارسٹ آفیسر کا تار ملتے ہی میں نے تنک پور کے تحصیل دار کو تار بھیج دیا تھا کہ وہ میرے لیے تین کم عمر نر بھینسے چکہ بھیج دے۔  اس نے میری درخواست پر فوری طور پر عمل کیا اور پچھلے دن شام کو تین بھینسے چکہ پہنچ چکے تھے۔

ناشتے کے بعد میں ایک بھینسا لے کر ٹھاک کو چل دیا۔  میرا ارادہ تھا کہ اس بھینسے کو اس جگہ باندھوں جہاں ۱۲ تاریخ کو شیرنی نے آخری انسانی شکار کیا تھا۔  نمبردار نے مجھے اس دن کے واقعے کے بارے میں بہت تفصیل سے بتایا تھا بلکہ اس دن وہ خود شیرنی کا لقمہ بنتے بنتے بچا تھا۔  اس روز دوپہر کے قریب نمبردار اپنی ۱۰ سالہ پوتی کے ہمراہ گھر سے ۶۰ گز دور کھیت سے ادرک اکھاڑنے گیا تھا۔  نصف ایکڑ کے اس کھیت کے تین اطراف گھنا جنگل پھیلا تھا۔  یہ کھیت پہاڑی ڈھلوان پر اور گھر سے دکھائی دیتا تھا۔  جب نمبردار اور اس کی پوتی کو ادرکیں اکھاڑتے ہوئے کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ اس کی بیوی جو کہ چاول چھٹک رہی تھی، نے چلا کر نمبردار کو خبردار کیا کہ کیا وہ بہرہ ہو گیا ہے؟ کیا اسے تیتروں اور دیگر پرندوں کی آوازیں نہیں سنائی دے رہیں جو اس کے بالکل پیچھے جنگل میں شور کر رہے ہیں؟ خوش قسمتی نے اس نے خطرے کا احساس کر کے فوراً درانتی پھینکی اور پوتی کا ہاتھ پکڑ کر گھر کو بھاگا۔  اس کی بیوی نے خبردار کیا کہ کھیت کے دوسرے کنارے کی جھاڑیوں میں اسے سرخ رنگ کا کوئی جانور دکھائی دے رہا ہے۔  اس کے نصف گھنٹے بعد شیرنی نے نمبردار کے گھر سے ۳۰۰ گز دور درخت کی شاخیں کاٹتے ایک شخص کو ہلاک کیا۔

نمبردار کے بیان کردہ اس درخت کو تلاش کرنے میں مجھے کوئی دقت نہ ہوئی۔  یہ ایک چھوٹا سا درخت تھا جو دو کھیتوں کے درمیان واقع تین فٹ اونچی منڈیر پر اگا تھا۔  ہر سال اس درخت سے مویشیوں کے چارے کے لیے شاخیں کاٹی جاتی تھیں۔  وہ آدمی اس وقت تنے پر کھڑا ایک شاخ پکڑے دوسری کو کاٹ رہا تھا کہ شیرنی نے عقب سے حملہ کیا۔  شیرنی نے اس آدمی کو گھسیٹ کر ہلاک کیا اور پھر کھیتوں کے کنارے موجود گھنی جھاڑیوں میں گھس گئی۔

ٹھاک کا گاؤں ’چند‘ راجاؤں کا تحفہ تھا۔  یہ راجے سینکڑوں سال سے، گورکھوں سے بھی پہلے کماؤں پر حکومت کرتے آئے تھے۔  انہوں نے ٹھاک کے موجودہ باشندوں کے اجداد کو پناگری کے مندروں کی خدمات کے عوض یہ زمین تحفتاً دی تھی (چند راجاؤں نے ٹھاک اور اس سے ملحقہ دو دیہاتوں کو ہمیشہ کے لیے خراج سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔  انگریز حکمرانوں نے اس وعدے کی پاسداری ایک سو سال تک کی)۔  گھاس پھونس سے بنے چند جھونپڑوں نے وقت کے ساتھ علاقے میں انتہائی متمول آبادی کا درجہ اختیار کر لیا جہاں سلیٹ کی چھتوں والی پختہ عمارتیں بن گئی تھیں۔  نہ صرف یہاں کی زمین انتہائی زرخیز تھی بلکہ مندروں سے بھی بے پناہ چڑھاوے آتے تھے۔

کماؤں کے دیگر دیہاتوں کی مانند ٹھاک بھی ان سینکڑوں سالوں میں کئی بار اجڑا مگر جیسا اجاڑ اب آیا، ویسا اجاڑ پہلے کبھی نہیں آیا تھا۔  پچھلی بار میں یہاں آیا تو یہ جگہ ایک طرح سے صنعتی مرکز تھی۔  اب میں بھینسا یہاں باندھنے آیا تو اس دوپہر پورے گاؤں پر خاموشی چھائی ہوئی تھی۔  پورے گاؤں کے سو سے زیادہ رہائشی اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ یہاں سے جا چکے تھے۔  پورے دیہات میں مجھے صرف ایک بلی دکھائی دی جو میری آمد سے کافی خوش تھی۔  آبادی کا انخلاء اتنی عجلت سے ہوا تھا کہ گھروں کے دروازے تک کھلے تھے۔  صحنوں اور گلیوں میں ہر جگہ مٹی پر مجھے شیرنی کے پگ دکھائی دیے۔  ہر کھلا دروازہ ایک خطرہ تھا جس کے پیچھے شیرنی کی صورت میں موت چھپی ہو سکتی تھی۔

گاؤں سے ۳۰ گز اوپر مویشیوں کے چھپر بنے تھے۔  میں نے ان چھپروں کے آس پاس اتنے تیتر، مرغ زریں، بلبل، جنگلی مرغیاں اور دیگر پرندے دیکھے جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔  جس اعتماد کے ساتھ ان پرندوں نے مجھے اپنے درمیان سے گزرنے دیا، وہ اس بات کا مظہر تھا کہ ٹھاک کے باشندے اپنے مذہبی رجحان کے باعث کسی کی جان لینے سے احتراز کرتے تھے۔

ان چھپروں کے اوپر کھیتوں سے پورے گاؤں کا طائرانہ منظر دکھائی دیتا تھا۔  یہاں سے نمبردار کی بتائی ہوئی تفصیل سے شیرنی کے آخری انسانی شکار والا درخت تلاش کرنا مشکل نہ تھا۔  درخت کے نیچے نرم مٹی پر شیرنی اور اس کے شکار کے درمیان ہونے والی جد و جہد کے آثار ابھی تک موجود تھے۔  یہاں جمے ہوئے خون کے چند خشک لوتھڑے بھی دکھائی دیے۔  شیرنی اسے اٹھا کرتا زہ ہل چلے کھیت سے ہوتی ہوئی کنارے والی جھاڑیوں میں گئی۔  گاؤں سے لے کر درخت تک قدموں کے نشانات سے ظاہر ہوتا تھا کہ پوری بستی یہاں تک آئی تھی۔  درخت سے آگے صرف شیرنی کے پگ تھے جہاں وہ اپنے شکار کو لے کر گئی تھی۔  اس آدمی کی لاش کو تلاش کر کے لانے کی کوئی کوشش نہیں ہوئی۔

اس درخت کے نیچے کچھ مٹی کھود کر میں نے درخت کی ایک جڑ نکال کر بھینسا باندھا اور پاس موجود بھوسے کے ڈھیر سے اس کے سامنے ڈھیر سارا بھوسہ ڈال دیا۔

گاؤں پہاڑی کے شمالی سرے پر تھا اور اب یہاں سایہ آ چکا تھا۔  میں ابھی روانہ ہوتا تو اندھیرے سے قبل کیمپ پہنچ جاتا۔  کھلے دروازوں سے بچتے ہوئے اور گاؤں کے کنارے سے چکر کاٹ کر میں گاؤں کے نیچے راستے پر پہنچا۔

گاؤں سے نکل کر راستہ آم کے ایک بہت بڑے درخت کے نیچے سے گزرتا تھا۔  اس درخت کی جڑوں سے ٹھنڈے اور شفاف پانی کا ایک چشمہ پھوٹتا تھا۔  آگے جا کر یہ چشمہ پتھر کی سلیب سے گزرتا ہوا گڑھے میں گرتا تھا۔  یہاں سے پانی گڑھے کے کناروں سے نکل کر آس پاس کی زمین کو گیلا کرتا تھا۔  آتے وقت میں نے یہاں سے پانی پیا تھا اور کیچڑ میں میرے قدموں کے نشان بن گئے تھے۔  واپسی پر میں دوبارہ پانی پینے رکا تو دیکھا کہ شیرنی کے پگ میرے قدموں کے نشانات کے اوپر ثبت تھے۔  اپنی پیاس بجھانے کے بعد شیرنی نے عام راستہ چھوڑ کر ایک ڈھلوان کنارے پر چھلانگ لگائی تھی۔  یہاں کانٹے دار جھاڑیاں بکثرت تھیں۔  یہاں سے شیرنی گاؤں پہنچی اور شاید کسی گھر میں چھپ کر مجھے بھینسا باندھتے دیکھتی رہی۔  شاید اسے امید ہو کہ میں عام راستے سے واپس لوٹوں گا۔  شکر ہے کہ میں نے کھلے دروازوں کے سامنے سے گزرنے کے خطرے کا بروقت احساس کر لیا اور لمبا راستہ اختیار کر کے اپنی جان بچا لی۔

چکہ واپس لوٹتے وقت میں نے ہر ممکن احتیاط اختیار کی اور اچھا ہی ہوا کہ میں پوری طرح محتاط رہا۔  اب واپس ٹھاک جاتے ہوئے میں نے دیکھا کہ شیرنی نے چکہ کی مزروعہ زمین تک میرا تعاقب کیا تھا۔

میرے ہمراہ مطالعے کے لیے مناسب روشنی کا انتظام نہ تھا۔  اس لیے رات کا کھانا کھا کر میں آگ کے پاس بیٹھ گیا۔  اس کی حرارت بہت اچھی لگ رہی تھی اور ساتھ ہی حفاظت کا احساس بھی ہو رہا تھا۔  میں نے ساری صورتحال کا جائزہ لیا اور منصوبہ بنایا کہ شیرنی کو کیسے ہلاک کیا جائے۔

۲۲ تاریخ کو گھر سے نکلتے وقت میں نے وعدہ کیا تھا کہ میں دس دن میں واپس لوٹ جاؤں گا اور یہ بھی کہ آدم خور شیروں کے تعاقب کے سلسلے میں یہ میری آخری مہم ہو گی۔  سالہا سال تک آدم خور شیروں کے تعاقب اور گھر سے غیر حاضری بالخصوص چوگڑھ کی شیرنیوں اور ردرپریاگ کے آدم خور تیندوے کے تعاقب میں گزرے مہینوں نے مجھ پر اور میرے گھر والوں پر بھی بہت برا اثر ڈالا تھا۔  اگر میں اب ۳۰ نومبر تک شیرنی کو ہلاک نہ کر سکا تو واپس چلا جاؤں گا اور کسی اور کو میری جگہ لینی ہو گی۔

اب چوبیس کی رات تھی اور میرے پاس پورے چھ دن باقی تھے۔  شیرنی کے رویے سے ظاہر تھا کہ وہ اس وقت شکار کے لیے بے چین ہے اور ان چھ دنوں میں مشکل نہ تھا کہ شیرنی کو پا لیتا۔  اس سلسلے میں میرے پاس بہت سے طریقے تھے اور ہر طریقہ باری باری استعمال ہو سکتا تھا۔  پہاڑی علاقوں میں شیر کے شکار کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ شیر کے مارے ہوئے جانور پر مچان باندھ کر بیٹھا جائے۔  اگر شیرنی ٹھاک والے بھینسے کو نہ مارتی تو میں ہر رات دوسرے دو بھینسے پہلے سے منتخب کردہ جگہوں پر باندھنے کا منصوبہ بنا چکا تھا۔  مجھے امید تھی کہ پہلے کی طرح جب شیرنی انسانی شکار نہ کر پائے گی تو بھینسے پر توجہ دے گی۔  اپریل میں جب ایبٹسن اور میں شیرنی کا پیچھا کر رہے تھے تو شیرنی نے ایسے ہی کیا تھا۔  الاؤ میں رات بھر جلنے کے لیے کافی لکڑیاں ڈالنے کے بعد میں خیمے کے پیچھے کاکڑ کی آواز سنتے سنتے سو گیا۔

ابھی ناشتہ تیار ہو رہا تھا کہ میں رائفل اٹھا کر دریا کے دائیں کنارے کی نرم ریت پر شیرنی کے پگ تلاش کرنے نکل گیا۔  یہ مقام چکہ اور سیم کے درمیان واقع ہے۔  مزروعہ زمین سے نکل کر راستہ کچھ فاصلے تک چھدرے جنگل سے گزرتا ہے۔  یہاں مجھے نر تیندوے پگ دکھائی دیے۔  کاکڑ رات شاید اسی تیندوے کو دیکھ کر بھونکتا رہا تھا۔  پچھلے ہفتے کے دوران ایک چھوٹے نر شیر نے لدھیا کو بار بار عبور کیا تھا۔  میری آمد سے ذرا قبل ایک بڑا ریچھ بھی یہاں سے گزرا تھا۔  جب میں کیمپ واپس پہنچا تو ٹھیکیداروں نے میرا استقبال کیا اور بتایا کہ آج کام کی تقسیم کے دوران ایک بڑا ریچھ دکھائی دیا جس نے بہت جارحانہ انداز اختیار کیا۔  نتیجتاً مزدوروں نے اس علاقے میں کام کرنے سے یکسر انکار کر دیا جہاں ریچھ دکھائی دیا تھا۔

کئی ہزار مزدور جو ٹھیکیداروں کے مطابق ۵، ۰۰۰ سے زیادہ تھے، اب چکہ اور کمایا چک کے درمیان جمع ہو گئے تھے تاکہ جنگل کاٹ کر اس کی لکڑی نیچے بننے والی نئی سڑک تک پہنچائیں۔  یہ آدمی کام کے دوران زور سے شور و غل کرتے تھے تاکہ حوصلے بلند رہیں۔  یہ آپ خود سمجھ سکتے ہیں کہ وادی میں کلہاڑوں اور آرے کا شور، ڈھلوان پر بڑے درختوں کا گرنا، وزنی ہتھوڑوں سے پتھروں کا توڑا جانا اور ان ہزاروں افراد کا شور و غل کیسا محسوس ہوتا ہو گا۔  اتنی بڑی تعداد میں جب افراد گھبرائے ہوں تو فطری بات ہے کہ پتہ بھی کھڑکے تو بھڑک جاتے تھے۔  اگلے چند روز میں اسی طرح کے مسائل سے دوچار ہو کر وقت ضائع کرتا رہا۔  کئی بار لوگوں نے بتایا کہ شیرنی ان کے کسی ساتھی کو ہلاک کر گئی ہے۔  تاہم تحقیق پر یہ خبر غلط نکلتی۔  لدھیا کی وادی، سردا، کالا ڈھنگا سے لے کر کھائی تک یہ سارا علاقہ تقریباً پچاس مربع میل بنتا تھا۔  اس علاقے میں مزید دس ہزار افراد بھی کام کر رہے تھے۔

صرف ایک جانور نے اتنی بڑی تعداد میں نہ صرف مزدوروں بلکہ علاقے کے رہنے والے عام افراد کو متاثر کیا ہوا تھا۔  ان عام افراد میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو مزدوروں کے لیے کھانا لاتے، پہاڑی پھل اور میوے جیسا کہ سنگترے (بارہ آنے کے سو عدد)، اخروٹ اور مرچیں تنک پور لے جاتے تھے۔  اگر اس کا باقاعدہ سرکاری اندراج نہ ہوتا تو یقین کرنا دشوار ہو جاتا کہ اکیلی شیرنی ساؤ کے دو آدم خوروں کے برابر دہشت پھیلائے ہوئے تھی۔  ساؤ کے دو نر آدم خور شیروں نے یوگنڈا کی ریلوے لائن کی تعمیر لمبے عرصے تک روکے رکھی تھی۔

۲۵ کی صبح کو ناشتے کے بعد میں دوسرا بھینسا لے کر ٹھاک کو چل پڑا۔  چکہ کی مزروعہ زمین سے راستہ نکل کر پہاڑی کے دامن سے ہوتا ہوا نصف میل بعد دو شاخوں میں تقسیم ہو جاتا ہے۔  ایک شاخ سیدھا پہاڑی پر چڑھ کر ٹھاک اور دوسری دامن سے ہوئی نصف میل بعد کمایا چک اور کوٹ کندری کو جاتی تھی۔

اس دو شاخے پر میں نے شیرنی کے پگ دیکھے اور ان کا پیچھا کرتے ہوئے ٹھاک پہنچا۔  گزشتہ رات جب وہ میرے پیچھے آئی تھی تو یہ اس بات کا ثبوت تھا کہ اس نے بھینسا ہلاک نہیں کیا۔  اگرچہ یہ بات دل شکن سہی لیکن شیروں کے لیے عجیب نہیں۔  بعض اوقات شیر کئی راتوں تک گارے کا چکر لگانے کے بعد پھر جا کر اسے ہلاک کرتے ہیں۔  اس کی وجہ یہ ہے کہ شیر صرف اس وقت شکار کرتا ہے جب اسے واقعی بھوک لگی ہو۔

میں نے دوسرے بھینسے کو آم کے درخت کے نیچے باندھا جہاں کافی سبز گھاس تھی۔  پھر میں نے گھروں کے گرد چکر لگایا اور دیکھا کہ پہلا بھینسا رت جگے اور پیٹ بھرنے کے بعد اب سو رہا تھا۔  پگوں سے پتہ چلا کہ شیرنی گاؤں کی جانب سے آئی اور بھینسے سے چند فٹ کے فاصلے پر رکی اور پھر واپس چلی گئی۔  بھینسا کھول کر میں چشمے کے پاس لایا تاکہ ایک یا دو گھنٹے تک وہ گھاس چرے اور پانی بھی پی لے۔  اس کے بعد میں نے اسے واپس لے جا کر وہیں باندھ دیا۔

دوسرا بھینسا میں نے آم کے درخت سے پچاس گز دور اس جگہ باندھا جہاں بین کرتی ہوئی عورت اور دیہاتی ملے تھے اور جہاں سے ایبٹسن اور میں شیرنی کا انسانی شکار تلاش کرنے نکلے تھے۔  یہاں چند فٹ گہری نالی راستے سے گزرتی ہے۔  اس نالی کے ایک کنارے پر خشک درخت جبکہ دوسرے پر بادام کا درخت تھا جہاں مچان باندھی جا سکتی تھی۔  دوسرا بھینسا میں نے اسی جگہ باندھا اور اس کے سامنے ڈھیر سارا بھوسہ ڈال دیا۔  ٹھاک میں میرا کام ختم ہو گیا تو میں کیمپ لوٹا اور تیسرا بھینسا لے کر لدھیا کو عبور کیا اور اس کو سیم کے پیچھے اس کھائی میں باندھ دیا جہاں اپریل میں شیرنی نے ہمارا ایک بھینسا مارا تھا۔

جب میں چکہ پہنچا تو ٹھاک کے دیہاتیوں کا ایک گروہ نمبردار کے ساتھ میرے خیمے کے پاس موجود تھا۔  انہوں کہا کہ میں ان کے ساتھ ٹھاک چلوں تاکہ وہ اپنے لیے خوراک وغیرہ لا سکیں۔  دوپہر کے وقت میں نمبردار اور اس کے مزارعوں کے ساتھ نکلا۔  میرے چار ساتھی بھی ہمراہ تھے جنہوں نے مچان کے لیے رسیاں اور کھانا اٹھایا ہوا تھا۔  جتنی دیر یہ لوگ اپنا سامان وغیرہ اکٹھا کرتے، میں رائفل لیے نگران رہا۔

دونوں بھینسوں کو پانی پلانے کے بعد میں نے دوسرا بھینسا اسی جگہ دوبارہ باندھا اور پہلے بھینسے کو نصف میل نیچے لے جا کر راستے کے کنارے باندھ دیا۔  ہمراہیوں کو چکہ واپس پہنچا کر میں لوٹا اور جتنی دیر میرے ساتھی مچان باندھتے، میں نے تھوڑا بہت کھانا کھایا۔

بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ شیرنی کو میرے بھینسوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔  تین دن ٹھاک کے راستے پر شیرنی کے پگ پانچ مرتبہ دکھائی دیے۔  اس لیے میں نے سوچا کہ اس راستے پر بیٹھ کر شیرنی کی آمد کا انتظار کروں۔  شاید مجھے اس پر گولی چلانے کا موقع مل جائے۔  شیرنی کی آمد جاننے کے لیے میں نے ایک بکری باندھی جس کے گلے میں گھنٹی تھی۔  ۴ بجے میں درخت پر چڑھا اور ساتھیوں سے کہا کہ وہ اب صبح ۸ بجے آئیں۔  پھر رت جگا شروع ہو گیا۔

سورج ڈوبتے ہی سرد ہوا چلنے لگی اور ابھی میں اپنا کوٹ پہن ہی رہا تھا کہ ایک جانب کی رسیاں پھسل گئیں۔  میری نشست انتہائی تکلیف دہ ہو گئی۔  ایک گھنٹے بعد طوفان آیا اور اگرچہ بارش زیادہ دیر نہیں ہوئی، پھر بھی میں پوری طرح بھیگ گیا اور بے آرامی مزید تکلیف دہ ہو گئی۔  ان ۱۶ گھنٹوں میں میں نے نہ تو کچھ دیکھا اور نہ ہی کچھ سنا۔  میرے آدمی ۸ بجے واپس آئے۔  میں کیمپ لوٹا اور گرم غسل اور ناشتے کے بعد ۶ ساتھیوں کے ہمراہ ٹھاک کو چل پڑا۔

رات کی بارش سے راستے پر موجود تمام پرانے پگ دھل گئے تھے۔  جہاں میں رات بیٹھا تھا، اس سے ۲۰۰ گز اوپر کی جانب شیرنی کے تازہ پگ دکھائی دیے۔  یہاں شیرنی جنگل سے نکل کر ٹھاک کے راستے پر آئی۔  میں انتہائی محتاط انداز میں پہلے بھینسے تک پہنچا تاہم وہ سو رہا تھا۔  شیرنی اس کے پاس سے راستہ چھوڑ کر گزری تھی اور چند گز آگے دوبارہ راستے پر آ گئی۔  ان پگوں کا پیچھا کرتے کرتے میں دوسرے بھینسے تک پہنچا۔  جونہی میں نزدیک پہنچا تو دیکھا کہ دو میگ پائیاں زمین سے اڑیں اور شور مچاتی نیچے کو اڑ گئیں۔

ان پرندوں کی موجودگی سے مجھے یقین ہوا کہ:

الف) بھینسا مر چکا ہے

ب) اسے شیرنی نے وہیں جزوی طور پر کھایا ہے، تاہم وہیں چھوڑ گئی ہے

ج) شیرنی نزدیک نہیں

اس جگہ پہنچ کر میں نے دیکھا کہ شیرنی نے بھینسے کو گھسیٹ کر راستے سے اتار کر جزوی طور پر کھایا بھی تھا۔  معائنہ کرنے پر پتہ چلا کہ اسے شیرنی نے نہیں مارا۔  شاید سانپ کے ڈسنے سے مرا ہو۔  یہاں کنگ کوبرا بکثرت تھے۔  جب شیرنی نے اسے راستے پر مرا ہوا دیکھا تو اسے کھایا اور پھر اٹھانے کی کوشش کی۔  جب رسی نہ ٹوٹی تو شیرنی اسے گھاس پھونس سے ڈھانک کر ٹھاک کو چل دی۔

عام طور پر شیر مردار نہیں کھاتے مگر بعض اوقات دوسروں کے مارے ہوئے جانور کھا لیتے ہیں۔  مثلاً ایک بار میں نے ایک تیندوا شکار کیا اور کھال اتار کر لاش کھلے میں چھوڑ دی۔  میں اگلی صبح جب اپنا گمشدہ چاقو تلاش کرنے آیا تو دیکھا کہ شیر نے لاش کو ۱۰۰ گز دور لے جا کر دو تہائی کھا لیا تھا۔

میں نے چکہ سے آتے ہوئے مچان اتار لی تھی۔  چونکہ بادام کا درخت ابھی کم عمر تھا، اس پر مچان باندھنا ممکن نہ تھا۔  دو آدمی اس پر میرے لیے ہلکی پھلکی نشست بنانے کو چڑھے اور بقیہ چار افراد چشمے سے پانی لا کر میرے لیے چائے بنانے لگے۔  ۴ بجے بسکٹ اور چائے سے پیٹ بھرنے کے بعد میں نے اپنے آدمیوں کو واپس کیمپ بھیج دیا۔  انہوں نے درخواست کی کہ میں انہیں ٹھاک میں ہی کسی گھر میں رکنے کی اجازت دوں لیکن میں نے سختی سے انکار کیا۔  ٹھاک میں رکنے کی نسبت کیمپ واپس جانے میں خطرہ کہیں کم تھا۔

اس بار میری نشست کئی رسیوں پر مشتمل تھی جو دو سیدھی شاخوں پر باندھی گئی تھیں۔  دو رسیاں نیچے بھی تھیں جہاں میں اپنے پیر رکھ سکتا تھا۔  جب میں آرام سے بیٹھ گیا تو میں نے سامنے والی شاخیں رسی کی مدد سے اس طرح باندھیں کہ دیکھنے اور گولی چلانے کے لیے ایک چھوٹا سا سوراخ بن گیا۔  جلد ہی اس کا امتحان بھی ہو گیا کہ میری نشست کتنی ’خفیہ‘ ہے۔  آدمیوں کے جاتے ہی دونوں میگ پائیاں لوٹ آئیں اور تھوڑی ہی دیر میں ۹ میگ پائیاں جمع ہو گئیں جو اندھیرا چھانے تک پیٹ بھرتی رہیں۔  ان پرندوں کی وجہ سے مجھے کچھ دیر سونے کا موقع مل گیا۔  اس دوران اگر شیرنی آتی تو میں پرندوں کے شور سے جاگ اٹھتا۔  ان کے جاتے ہی رت جگا شروع ہو گیا۔

ابھی گولی چلانے کے لیے مناسب روشنی باقی تھی کہ میرے پیچھے نیپال کی پہاڑیوں سے ۱۳ویں کا چاند نکلا اور پوری وادی میں چاندنی پھیل گئی۔  گزشتہ رات کی بارش سے گرد و غبار اور دھواں وغیرہ دھل گئے تھے اور ابھی چاند نکلے چند ہی منٹ ہوئے ہوں گے کہ اتنی روشنی ہو گئی کہ میں ۴۵۰ گز دور گندم کے کھیت میں چرتی مادہ سانبھر اور اس کے بچے کو بخوبی دیکھ سکتا تھا۔

مردہ بھینسا میرے عین سامنے بیس گز دور تھا۔  جس راستے سے شیرنی کی آمد متوقع تھی، وہ دو یا تین گز قریب تر تھا۔  اگر شیرنی اس راستے سے گزرتی تو اس پر گولی چلانے کا انتہائی آسان موقع ملتا۔  اتنے نزدیک سے نشانے کا خطا جانا نا ممکن امر تھا۔  بظاہر شیرنی کے نہ آنے کی بھی کوئی وجہ نہیں تھی۔

چاند نکلے دو گھنٹے ہو گئے اور مادہ سانبھر اور اس کا بچہ چرتے چرتے میرے درخت سے ۵۰ گز دور پہنچ گئے کہ گاؤں کے اوپر ایک کاکڑ بھونکنے لگا۔  کاکڑ کو بولتے ہوئے چند ہی منٹ ہوئے ہوں گے اچانک گاؤں کی جانب سے ایک طویل انسانی چیخ سنائی دی۔  یہ چیخ اتنی غیر متوقع تھی کہ میں اپنی نشست پر کھڑا ہوا تاکہ درخت سے چھلانگ لگا کر گاؤں کو بھاگوں۔  پہلی سوچ یہی تھی کہ شیرنی میرے کسی ساتھی کو ہلاک کر رہی تھی۔  پھر میں نے سوچا کہ میں نے اپنے تمام ساتھیوں کو کیمپ واپس جاتے گنا تھا اور جہاں تک راستہ دکھائی دیا، وہ اکٹھے کیمپ کو جا رہے تھے۔

یہ چیخ ایسی ہی تھی جیسا کہ کوئی انتہائی تکلیف دہ انداز میں مر رہا ہو۔  عقل سلیم نے فوراً ہی کہا کہ غیر آباد گاؤں سے ایسی چیخ کیسے آ سکتی ہے؟ یہ چیخ میرے تخیل کی پیداوار نہیں تھی کیونکہ اسے سنتے ہی کاکڑ چپ ہو گیا تھا اور مادہ سانبھر اپنے بچے کے ساتھ فوراً بھاگ گئی تھی۔  میں دو روز قبل جب دیہاتیوں کے ساتھ ٹھاک آیا تو برسبیل تذکرہ پوچھا تھا کہ وہ لوگ اپنے سامان کی حفاظت کے سلسلے میں کتنے پراعتماد تھے۔  ان کے گھروں کے دروازے تک کھلے تھے۔  نمبردار نے فوراً جواب دیا تھا کہ اگر ان کا گاؤں کئی سال بھی غیر آباد رہے تو بھی کوئی ان کے سامان کو آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھے گا۔  وہ لوگ پناگری کے پجاری ہیں اور کوئی انہیں لوٹنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔  مزید برآں جب تک آدم خور زندہ ہے، وہ سو چوکیداروں سے زیادہ ان کے سامان کی حفاظت کرے گی۔  آس پاس کا کوئی بھی آدمی گھنے جنگلوں سے گھری اس بستی کو بغیر معقول حفاظت کے نہیں جا سکتا۔

چیخ دوبارہ نہ سنائی دی تو میں بیٹھ گیا۔  ۱۰ بجے گندم کے کھیت میں چرتا ہوا کاکڑ اچانک بھونکتا ہوا بھاگا۔  ایک منٹ بعد شیرنی دو بار بولی۔  شیرنی گاؤں سے نکل کر اب کہیں جا رہی تھی۔  اگر شیرنی کا پیٹ بھرا ہو اور وہ ابھی بھینسے پر واپس نہ بھی آتی تو بھی اسی راستے سے گزرتی۔  گزشتہ چند دنوں سے شیرنی ہر روز دو بار اسی راستے سے گزرتی تھی۔  رائفل کی لبلبی پر انگلی رکھے اور آنکھوں پر زور دیتے میں گھنٹوں راستے کو تکتا رہا حتیٰ کہ چاندنی کی جگہ دھوپ آ گئی لیکن شیرنی نہ دکھائی دی۔  سورج نکلے گھنٹہ ہو چلا تھا کہ میرے آدمی پہنچ گئے۔  میرے لیے وہ خشک لکڑیوں کا گٹھا ساتھ لائے تھے اور چند ہی منٹوں میں چائے تیار ہو گئی۔  ہو سکتا ہے کہ شیرنی کسی نزدیکی جھاڑی سے ہمیں دیکھ رہی ہو یا پھر ہم سے میلوں دور ہو، کوئی نہیں جانتا۔  رات دس بجے کے بعد سے جنگل بالکل خاموش تھا۔

جب میں کیمپ لوٹا تو خیمے کے پاس کئی آدمی بیٹھے تھے۔  کچھ تو یہ جاننے آئے تھے کہ رات کیسی گزری اور کچھ یہ بتانے آئے تھے کہ شیرنی نصف رات سے سورج طلوع ہونے سے ذرا قبل تک پہاڑی کے دامن میں بولتی رہی تھی۔  جنگل میں موجود مزدور اور سڑک بنانے والے آدمی بھی انتہائی خوفزدہ اور کام پر نہیں جانا چاہتے تھے۔  اپنے آدمیوں سے میں شیرنی کے بارے میں پہلے ہی جان چکا تھا۔  میرے آدمی اور دیگر ہزاروں مزدوروں نے رات جاگ کر گزاری تاکہ الاؤ روشن رکھے جا سکیں۔

خیمے کے پاس موجود افراد میں ٹھاک کا نمبردار بھی شامل تھا۔  جب دیگر افراد چلے گئے تو میں نے اس سے پوچھا کہ ۱۲ تاریخ شیرنی نے جب انسانی شکار کیا تو وہ کیسے بال بال بچا تھا۔

ایک بار پھر نمبردار نے مجھے انتہائی تفصیل سے بتایا کہ وہ اپنی پوتی کے ہمراہ کھیتوں سے ادرک اکھاڑنے گیا اور اس کی بیوی نے اسے بعجلت بلایا کہ وہ اپنے کان کھلے کیوں نہیں رکھتا اور اپنی اور پوتی کی جان خطرے میں ڈال رہا ہے اور وہ بھاگم بھاگ اپنی پوتی کے ہمراہ گھر واپس پہنچا۔  اس کے چند ہی منٹ بعد شیرنی نے اس کے گھر کے اوپری جانب کھیت میں درخت سے شاخیں کاٹتا آدمی ہلاک کیا تھا۔

نمبردار کی کہانی کا یہ حصہ میں پہلے بھی سن چکا تھا اور اب میں نے اس سے پوچھا کہ کیا اس نے شیرنی کو شکار کرتے اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔  اس نے جواب دیا کہ نہیں، اس نے سنا تھا۔  اس نے بتایا کہ مقتول نے مدد کے لیے نہیں پکارا بلکہ صرف چیخا تھا۔  جب میں نے پوچھا کہ کیا ایک بار چیخ سنائی دی تھی تو اس نے بتایا کہ نہیں، تین بار چیخ سنائی تھی۔  میری درخواست پر اس نے چیخ کی نقل کرنے کی کوشش کی۔  یہ چیخ بالکل ویسی ہی تھی جیسی میں نے گزشتہ رات سنی تھی، فرق صرف آواز کا تھا۔

پھر میں نے رات والی چیخ کے بارے میں اسے بتایا اور پوچھا کہ کیا یہ ممکن ہے کہ رات کو کوئی آدمی اتفاقیہ طور پر ادھر نکل آیا ہو؟ اس کا جواب فوری طور پر منفی میں تھا۔  ٹھاک کو جانے کے دو ہی راستے تھے اور ان راستوں پر بسنے والے دیہاتوں کا بچہ بچہ جانتا تھا کہ ٹھاک اب اجڑ چکا ہے اور اس کی وجہ بھی جانتا تھا۔  پورے ضلع میں مشہور ہو چکا تھا کہ ٹھاک میں دن کو جانا بھی خطرے سے خالی نہیں کجا کوئی بندہ رات کو آٹھ بجے ادھر کا رخ کرے۔

جب میں نے اس سے پوچھا کہ کیا اس کے ذہن میں ان چیخوں سے متعلق کوئی توجیہ آتی ہے تو اس نے کہا کہ نہیں۔  میں نے سوچا کہ شاید میں نے اس رات کچھ نہیں سنا اور نہ ہی کاکڑ، مادہ سانبھر اور اس کے بچے نے کچھ سنا تھا

۴

جب تمام لوگ بشمول نمبردار چلے گئے اور میں ناشتہ کر رہا تھا کہ میرے ملازم نے بتایا کہ سیم کا نمبردار پچھلی شام کو آیا اور میرے پیغام چھوڑ گیا کہ اس کی بیوی نے اپنے گھر کے پاس گھاس کاٹتے ہوئے خون کی لکیر دیکھی تھی۔  یہ وہی جگہ تھی جہاں اس کی ماں ماری گئی تھی۔  اس نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ آج صبح دریا کے کنارے میرا انتظار کرے گا۔  ناشتے کے بعد میں اس جانب چل پڑا۔

جب میں دریا عبور کر رہا تھا تو دیکھا کہ چار آدمی میری طرف بھاگتے آ رہے ہیں۔  جونہی میں کنارے پر پہنچا تو انہوں نے بتایا کہ وہ سیم کے اوپر والی پہاڑی سے اتر رہے تھے کہ انہوں نے شیر کی آواز سنی ہے۔  یہ آواز چکہ اور ٹھاک کے درمیان موجود پہاڑی کے دامن سے آ رہی تھی۔  انہیں بتا کر کہ میں ابھی سیم جا رہا ہوں اور جلد ہی چکہ واپس لوٹوں گا، آگے بڑھ گیا۔

نمبردار اپنے گھر کے پاس میرا انتظار کر رہا تھا۔  اس کی بیوی مجھے اس جگہ لے گئی جہاں اس نے خون کی لکیر دیکھی تھی۔  کھیتوں سے ہو کر یہ لکیر بڑے بڑے پتھروں سے گزری جہاں میں نے ایک پتھر پر کاکڑ کے بال لگے دیکھے۔  آگے مجھے تیندوے کے پگ دکھائی دیے۔  ابھی میں انہیں دیکھ ہی رہا تھا کہ شیرنی کی آواز سنائی دی۔  انہیں خاموشی سے وہی رکنے کا کہہ کر میں نے شیرنی کی آواز پر توجہ دی تاکہ اس کے محل وقوع کا اندازہ لگاؤں۔  فوراً ہی آواز دوبارہ آئی اور دو دو منٹ کے وقفے سے آواز آتی رہی۔

یہ شیرنی کی آواز تھی اور میرا اندازہ تھا کہ یہ شیرنی اس وقت یہاں سے ۵۰۰ گز دور ٹھاک کے نیچے گہری کھائی میں ہے۔  یہ کھائی آم کے درخت سے شروع ہو کر راستے کے متوازی چلتی ہے۔  آگے جا کر یہ راستہ کمایا چک کے راستے سے ملتا ہے، جہاں یہ کھائی راستے کو کاٹتے ہوئے گزرتی ہے۔

نمبردار کو یہ بتا کر کہ تیندوے کو ابھی مرنے کی ضرورت نہیں، میں کیمپ کی طرف ہر ممکن تیزی سے چل پڑا۔  راستے میں ان چار افراد کو بھی ساتھ لیتا گیا۔

کیمپ پہنچ کر دیکھا کہ میرے خیمے کے آس پاس ہجوم جمع ہے جن میں اکثریت دہلی سے آئے ہوئے لکڑہاروں کی ہے۔  ان میں کلرک، کارندے، چھوٹے ٹھیکے دار، چوکیدار اور گینگ مین بھی شامل تھے۔  یہ سارے افراد میرے قیام کے بارے میں بات کرنے آئے تھے۔  انہوں نے بتایا کہ بہت سے مقامی افراد کام چھوڑ کر گھروں کو جا چکے ہیں اور جیسا کہ انہوں نے سنا کہ میں یکم دسمبر کو واپس جا رہا ہوں تو یہ سارے مزدور وغیرہ میرے ساتھ ہی کام چھوڑ کر واپس چلے جائیں گے۔  یہ افراد اتنے ڈرے ہوئے تھے کہ سونا اور کھانا پینا تک چھوٹ چکا تھا۔  ابھی ۲۹ نومبر کی صبح تھی اور میں نے بتایا کہ ابھی میرے پاس مزید دو دن اور دو راتیں ہیں۔  اس دوران کچھ بھی ہو سکتا ہے۔  تاہم اس کے بعد میرا رکنا بالکل بھی ممکن نہیں۔

اب شیرنی خاموش ہو گئی تھی اور جب میرے ملازم میرے لیے کھانے کو کچھ لائے تو اسے کھا کر میں ٹھاک کو چل پڑا۔  میرا ارادہ تھا کہ اگر اس دوران شیرنی بولی تو میں اس کے مقام کا اندازہ لگا کر گھات لگاؤں گا اور اگر وہ دوبارہ نہ بولی تو پھر بھینسے کی لاش پر بیٹھوں گا۔  میں نے راستے پر اس کے پگ دیکھے اور وہ جگہ بھی جہاں وہ راستے سے ہٹ کر کھائی میں داخل ہوئی تھی۔  میں جگہ جگہ رکتا رہا مگر مجھے شیرنی کی آواز دوبارہ نہ سنائی دی۔  سورج غروب ہونے سے ذرا قبل میں نے ہمراہ لائے ہوئے بسکٹ کھا کر چائے پی اور درخت پر چڑھ کر رسیوں سے بنی نشست پر بیٹھ گیا۔  اس بار میگ پائیاں نہیں تھیں، سو میرے لیے سونا ممکن نہ تھا۔

شیر اگر شکار کردہ جانور پر پہلی رات نہ لوٹے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ کبھی نہیں لوٹے گا۔  ایک بار میں نے ایک ایسے ہی شکار پر شیر کو دسویں دن لوٹتے دیکھا۔  آپ خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ دس دن بعد شکار کا گوشت کتنا ’تازہ‘ ہو گا۔  تاہم اس بار یہ شیرنی کا اپنا شکار کردہ جانور نہیں بلکہ اس بھینسے کو مردہ پا کر اس سے کچھ گوشت کھایا تھا۔  اگر یہ شیرنی آدم خور نہ ہوتی تو مجھے یہ رات درخت پر گزارنے کی قطعاً ضرورت نہ تھی۔  اب رات بھر شیرنی کے لوٹنے کا امکان کم ہی تھا اور میں گزشتہ رات کی نسبت کم وقت یہاں بیٹھا تاہم اس بار مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوئی۔  رسیاں جسم کو کاٹ رہی تھیں اور چاند نکلنے کے بعد سرد ہوا چلنا شروع ہوئی اور ساری رات چلتی رہی۔  اس ہوا سے میری ہڈیوں کا گودا تک جم گیا۔  اس بار مجھے کسی قسم کی آواز نہ سنائی دی اور نہ ہی مادہ سانبھر اور اس کا بچہ دکھائی دیے۔  ابھی سورج نکل رہا تھا کہ میں نے کافی فاصلے سے ایک آواز سنی جو شیرنی کی لگ رہی تھی۔  یہ اندازہ کرنا ممکن نہ تھا کہ یہ آواز کس جانب سے آئی ہے اور آیا شیرنی کی ہی آواز تھی۔

جب میں کیمپ لوٹا تو میرے ملازم نے میرے لیے چائے اور غسل کے لیے گرم پانی تیار کر رکھا تھا۔  غسل سے قبل مجھے ان لوگوں سے پیچھا چھڑانا تھا جو گزشتہ رات کے بارے میں بتانے آئے تھے۔  چاند طلوع ہونے کے فوراً بعد سے ہی شیرنی نے چکہ کے پاس بولنا شروع کیا اور دو گھنٹے تک بولنے کے بعد مزدوروں کے کیمپ کی طرف چل دی۔  مزدوروں نے اسے آتے سنا تو شور مچا کر بھگانے کی کوشش کی۔  اس سے شیرنی کا غصہ مزید بڑھ گیا۔  جب تک یہ مزدور چپ نہ ہوئے، شیرنی کیمپ کے بالکل سامنے شور کرتی رہی۔  اس کے بعد شیرنی چکہ اور مزدوروں کے کیمپ کے درمیان رہی۔  صبح ہونے کے بعد شیرنی ٹھاک کو چل دی۔  ان لوگوں کو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ میں نے شیرنی نہیں دیکھی۔

آدم خوروں کے شکار کے سلسلے میں یہ میرا آخری دن تھا۔  مجھے اس وقت نیند اور تھکن نے بے حال کر رکھا تھا مگر میں نے فیصلہ کیا کہ آخری بار شیرنی کے تعاقب کی کوشش کروں۔

چکہ، سیم اور آس پاس کے دیہات بشمول تلہ دیس (جہاں کئی سال قبل میں نے تین آدم خور شیر مارے تھے) کے رہائشیوں نے مجھے مشورہ دیا کہ میں بکری باندھ کر اس پر مچان باندھ کر بیٹھوں۔  ان کا خیال تھا کہ سارے پہاڑی شیر بکریاں کھاتے ہیں اور چونکہ آدم خور بھینسے نہیں کھا رہی تو بکری پر قسمت آزمائی میں کیا حرج ہے؟ کامیابی کی توقع کے بغیر انہیں خوش کرنے کے لیے میں نے ہاں کہہ دی۔  میں نے دو بکریاں پہلے سے خریدی ہوئی تھیں۔

مجھے پورا یقین تھا کہ شیرنی رات بھر چاہے جہاں بھی ہو، دن کو آرام کرنے ٹھاک چلی جاتی ہے۔  دوپہر کے وقت میں دونوں بکریوں اور چار آدمیوں کو ساتھ لے کر ٹھاک کو چل پڑا۔

چکہ سے ٹھاک کا راستہ انتہائی ڈھلوان پہاڑی سے گزرتا ہے۔  ٹھاک سے چوتھائی میل پہلے یہ راستہ پہاڑی سے ہٹ کر تقریباً مسطح زمین سے گزرتا ہے جو آم کے درخت تک پھیلی ہوئی ہے۔  یہ سارا حصہ گھنی جھاڑیوں سے بھرا ہے۔  اسے درمیان میں دو تنگ سی کھائیاں بھی عبور کرتی ہیں۔  دونوں کھائیوں کے درمیان اور جہاں میں دو راتیں قبل بیٹھا تھا، سے ۱۰۰ گز دور بادام کا ایک بہت بڑا درخت تھا۔  کیمپ سے نکلتے وقت میرے ذہن میں یہی درخت تھا۔  یہاں راستہ سیدھا درخت سے نیچے سے گزرتا ہے اور میں نے سوچا کہ اگر میں اس درخت پر آدھی بلندی تک چڑھ کر بیٹھ جاؤں تو نہ صرف دونوں بکریاں بلکہ بھینسے کی لاش بھی دیکھ سکوں گا۔  پہلی بکری کو بڑی کھائی اور دوسری کو دائیں جانب کی پہاڑی کے دامن میں باندھا جانا تھا۔  یہ تینوں نقطے میری موجودہ نشست سے کچھ فاصلے پر تھے۔  اس لیے میں اپنے ہمراہ اعشاریہ ۲۷۵ کی رائفل لایا تھا جس کا نشانہ بہت عمدہ تھا۔  ساتھ ہی ہنگامی صورتحال کے لیے میرے پاس ۴۵۰/۴۰۰ بور کی رائفل بھی تھی۔

اس آخری دن چکہ کی چڑھائی میرے لیے بے حد تھکا دینے والی تھی اور ابھی میں اس جگہ پہنچا ہی تھا جہاں راستہ پہاڑی سے اتر کر مسطح زمین کو جاتا تھا کہ میرے بائیں جانب ڈیڑھ سو گز دور سے شیرنی بولی۔  یہاں زمین پر ہر جگہ گھنی جھاڑیوں اور خودرو پودوں کی بھرمار تھی اور جگہ جگہ بڑے بڑے پتھر بھی تھے۔  آدم خور کے شکار کے لیے یہ جگہ انتہائی ناموزوں تھی۔  کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل یہ جاننا ضروری تھا کہ آیا شیرنی لیٹی ہوئی ہے کیونکہ ابھی دن کا ایک بج رہا تھا یا کہیں جا رہی ہے؟ اگر شیرنی چل رہی ہے تو کس طرف جا رہی ہے۔  میں نے اپنے ہمراہیوں کو خاموش بیٹھنے کا کہا اور شیرنی کی آواز سننے لگا۔  شیرنی کی اگلی آواز پچاس گز مزید دور سے آئی۔  ایسا لگتا تھا کہ شیرنی ٹھاک کو جانے والی کھائی سے اوپر کو جا رہی ہے۔

میرے حوصلے بلند ہو گئے۔  جو درخت میں نے چنا تھا وہ کھائی سے ۵۰ گز دور تھا۔  ساتھیوں کو اپنے پیچھے خاموشی سے آنے کی ہدایت کرتے ہوئے میں راستے پر آگے چل پڑا۔  ہمیں مزید ۲۰۰ گز جانا تھا اور ابھی ہم نے نصف فاصلہ ہی طے کیا ہو گا کہ ایک ایسی جگہ پہنچے جہاں دونوں اطراف گھنی جھاڑیاں تھیں۔  یہاں اچانک کالے تیتروں کا جھنڈ شور مچاتا ہوا اڑا۔  میں فوراً ہی گھٹنوں کے بل جھکا اور چند منٹ تک اسی طرح جھکا رہا مگر خاموشی چھائی رہی۔  ہم لوگ احتیاط سے چلتے ہوئے درخت تک پہنچ گئے۔  ہم نے ہر ممکن خاموشی سے کھائی کے کنارے پہلی بکری جبکہ دوسری دائیں جانب کی پہاڑی کے دامن میں باندھ دی۔  پھر میں اپنے ساتھیوں کو مزروعہ زمین کے کنارے تک لے گیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ لوگ نمبردار کے گھر کے بالائی برآمدے میں رک کر میرا انتظار کریں۔  پھر میں واپس درخت کی جانب دوڑا۔  میں درخت پر تقریباً ۴۰ فٹ چڑھا اور ڈوری کی مدد سے رائفلیں اوپر کھینچ لیں۔  اب مجھے نہ صرف دونوں بکریاں بلکہ مردہ بھینسے کا کچھ حصہ بھی دکھائی دے رہا تھا۔  ایک بکری مجھ سے ۶۰ اور دوسری ۷۰ گز دور تھی۔  چونکہ میرے پاس اعشاریہ ۲۷۵ بور کی رائفل بھی تھی، مجھے پورا یقین تھا کہ اگر شیرنی میرے دائرہ نگاہ میں کہیں بھی دکھائی دی تو اس کی ہلاکت یقینی ہے۔

یہ جب سے بکریاں خریدی گئیں، ایک ساتھ رہ رہی تھیں۔  اب دونوں بکریاں ایک دوسرے سے الگ بندھی تھیں تو انہوں نے زور زور سے ایک دوسرے کو بلانا شروع کر دیا۔  عام حالات میں بکری کی آواز ۴۰۰ گز تک سنائی دیتی ہے تاہم اس وقت حالات عام نہیں تھے کہ بکریوں کو پہاڑی کی ایک جانب باندھا گیا تھا اور تیز ہوا چل رہی تھی۔  اگر شیرنی اس جگہ کو چھوڑ بھی چکی ہو جہاں اس کی آخری آواز سنائی دی تھی تب بھی شیرنی انہیں لازماً سنتی۔  اگر شیرنی بھوکی ہوتی، جیسا کہ مجھے پورا یقین تھا، مجھے اس پر گولی چلانے کا بہت عمدہ موقع مل سکتا تھا۔

ابھی مجھے درخت پر بیٹھے ہوئے دس منٹ ہی ہوئے ہوں گے کہ اس جگہ کے پاس سے کاکڑ بولنے لگا جہاں کالے تیتر اڑے تھے۔  ایک یا دو منٹ تک تو میری امیدیں آسمان کو چھوتی رہیں تاہم جب کاکڑ صرف تین بار بول کر چپ ہو گیا تو مجھے پتہ چل گیا کاکڑ اور تیتروں نے سانپ دیکھا تھا۔

میری نشست کافی آرام دہ تھی اور سورج کی روشنی بھی حدت پہنچا رہی تھی، میں تین گھنٹے آرام سے بیٹھا رہا۔  ۴ بجے جب سورج ٹھاک کے پیچھے والے بڑے پہاڑ کی اوٹ ہوا تو اچانک ٹھنڈی ہوا چلنے لگی۔  اگلا ایک گھنٹہ میں نے انتہائی بے آرامی سے گزارا۔  پھر جب سردی سے کپکپی طاری ہونے گئی تو میں نے سوچا کہ اب اگر شیرنی آئی بھی تو اس پر گولی چلانا ممکن نہیں ہو گا۔  ڈوری سے رائفلیں باندھ کر میں نے نیچے اترا اور اپنے آدمیوں کو واپس لانے چل پڑا۔

۵

چند آدمی ایسے ہوں گے جو کسی اہم کام میں ناکامی پر مایوس نہ ہوں۔  ایک شکاری دن بھر کے شکار کے بعد چکوروں سے بھرا ہوا تھیلا اور دوسرا شکاری سارا دن پتھروں سے سر ٹکرانے کے بعد خالی ہاتھ کیمپ واپس جا رہا ہو تو دوسرے کی نا امیدی کا اندازہ آپ بخوبی لگا سکتے ہیں۔  یہ محض چکوروں کے شکار کی بات تھی۔  میری ناکامی صرف ایک دن پر محیط نہ تھی اور نہ ہی میری ناکامی کا اثر صرف مجھ تک محدود رہتا۔  آدمیوں کو واپس لا کر بکریوں کو کھولنے کے بعد جب کیمپ کو واپسی کے دو میل کے سفر پر روانہ ہوئے تو میری مایوسی انتہا پر تھی۔

سفر میں گزرے دنوں کے علاوہ ۲۳ اکتوبر سے لے کر ۷ نومبر اور پھر ۲۴ سے ۳۰ نومبر تک میں شیرنی کی تلاش میں سرگرداں رہا تھا۔  آدم خور کی سلطنت میں اٹھنے والا ہر قدم آخری بھی ثابت ہو سکتا ہے۔  اس خطرے کا اثر مجھ سے زیادہ میرے گھر والوں پر ہوتا رہا تھا۔  اس مہم میں ناکامی بہت مایوس کن تھی۔

دوسرا میرا مقصد آدم خور شیرنی کا شکار تھا اور میری ناکامی سے نہ صرف یہاں موجود مزدور پریشان ہوتے بلکہ وہ تمام لوگ بھی متاثر ہوتے جن کے گھر بار اس علاقے میں تھے۔  جنگل میں کام پہلے ہی مکمل طور پر رک چکا تھا اور ضلعے کے سب سے بڑے دیہات کی آبادی اپنے گھر چھوڑ چکی تھی۔  صورتحال بہت خراب تھی۔  اگر شیرنی کو نہ مارا گیا تو ہر روز صورتحال بد سے بدتر ہوتی چلی جائے گی۔  سارے مزدور ہمیشہ کے لیے کام چھوڑ کر نہیں رہ سکتے اور نہ ہی آس پاس کے تمام دیہاتوں کے لوگوں کے لیے اپنے گھروں اور اپنی فصلوں کو چھوڑنا ممکن تھا۔

شیرنی کے دل سے انسانی خوف دور ہو چکا تھا۔  پاس کام کرتے کئی آدمیوں کی موجودگی میں آم چنتی لڑکی کو اٹھا لے جانا، ایک عورت کو اس کے گھر کی دہلیز پر ہلاک کرنا، گاؤں کے عین وسط میں ایک آدمی کو درخت سے گھسیٹ کر لے جانا اور پچھلی رات ہزاروں آدمیوں کو خاموش کرا دینا اس بات کے بین ثبوت تھے۔  دوسری طرف مجھے پوری طرح علم تھا کہ شیرنی کی موجودگی سے علاقے کے مستقل اور عارضی باشندوں اور یہاں سے گزرنے والے افراد پر کیا بیتے گی۔  کیمپ سے نکلتے وقت میں نے سب کو بتا دیا تھا کہ آدم خوروں کے تعاقب میں یہ میرا آخری دن ہے۔  یہ ناکامی زندگی بھر میرے دل میں نقش رہتی۔  اگر کوئی مجھ سے آدم خوروں کے شکار کی ساری کامیابیاں واپس لے کر اس شیرنی پر اطمینان سے صرف ایک گولی چلانے کا موقع مجھے فراہم کرتا تو مجھ سے زیادہ خوش اور کوئی نہ ہوتا۔

میں آپ کو بتا چکا ہوں کہ اس دوران میں نے شیرنی کی ہلاکت کے لیے کیا کیا جتن کیے۔  تاہم ان کے علاوہ بھی میں نے ہر وہ طریقہ اپنایا جو میں نے آدم خوروں کے تعاقب میں سیکھا تھا۔  ہر بار جب میں کیمپ سے نکل کر ٹھاک کو جاتا اور واپس آتا تو مجھے بخوبی احساس ہوتا کہ شیرنی مجھے دیکھ رہی ہے۔  مجھے ایک اطمینان تھا کہ میں نے اپنی پوری کوشش کی ہے اور کوئی جتن ایسا نہیں جو میں نے شیرنی کی ہلاکت کے لیے نہ کیا ہو۔

۶

جب میرے آدمی ساتھ روانہ ہوئے تو انہوں نے بتایا کہ کاکڑ بولنے کے ایک گھنٹے بعد انہوں نے شیرنی کی آواز سنی تاہم وہ سمت کا اندازہ لگانے میں ناکام رہے۔  ظاہر ہے کہ شیرنی کو بھینسوں اور بکریوں سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔  یہ بات میری سمجھ سے باہر تھی کہ اپنی کمین گاہ کو چھوڑ کر شیرنی اس وقت کہاں اور کیوں چل دی۔  ہو سکتا ہے کہ اس نے کوئی ایسی آواز سنی ہو جو میں نہ سن پایا؟ خیر وجہ جو بھی ہو، شیرنی جا چکی تھی اور ہم کیمپ چل پڑے۔

ٹھاک سے چوتھائی میل بعد راستہ پہاڑی سے ہو کر گزرتا ہے اور جب میں واپسی کے سفر پر یہاں پہنچا جہاں راستہ محض چند فٹ چوڑا تھا اور جہاں سے دونوں کھائیوں کا نظارہ ممکن تھا، میں نے بائیں جناب وادی کے سرے سے شیرنی کی آواز دو مرتبہ سنی۔  میرا اندازہ تھا کہ شیرنی کمایا چک کی بالائی اور بائیں جانب ہے۔  یہ جگہ کوٹ کندری سے کی پہاڑی سے چند سو گز اوپر ہے جہاں اس علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں نے گھاس کے چھپر بنائے تھے۔

میرے لیے ایک اور موقع پیدا ہو گیا۔  یہ موقع چاہے کتنا ہی چھوٹا کیوں نہ ہو، اس آدم خور شیرنی کو مارنے کے سلسلے میں میرا آخری موقع تھا۔  اب سوال یہ تھا کہ کیا میں اس موقعے سے فائدہ اٹھاؤں۔

جب میں درخت سے نیچے اترا تو کیمپ واپس پہنچنے کے لیے ایک گھنٹہ باقی تھا۔  آدمیوں کو واپس لانے، ان کی بات سننے، بکریوں کو کھولنے اور پھر واپسی کا سفر، سب مل ملا کر نصف گھنٹہ بنتا تھا۔  سورج کے موجودہ مقام اور نیپال کی چوٹیوں پر بنتے رنگوں سے میں نے اندازہ لگایا کہ ہمارے پاس محض نصف گھنٹہ روشنی باقی ہے۔  یہ وقت یا یوں کہہ لیں کہ یہ روشنی سب سے اہم تھی۔  اگر میں شیرنی کے شکار کے اس آخری موقعے سے فائدہ اٹھانا چاہتا تو ہم پانچ افراد کی جانیں اس نصف گھنٹے سے جڑی تھیں۔

شیرنی ہم سے ایک میل دور تھی اور ہمارے درمیان موجود فاصلہ کٹی پھٹی زمین، گھنی جھاڑیوں اور بہت سے گہرے نالوں سے بھرا تھا۔  اگر شیرنی چاہے تو یہ فاصلہ نصف گھنٹے میں طے ہو سکتا تھا۔  مجھے فیصلہ یہ کرنا تھا کہ کیا میں شیرنی کو اپنی طرف بلاؤں؟ اگر میں شیرنی کو بلاؤں اور وہ میری طرف آئے اور جب وہ پہنچے، ابھی روشنی باقی ہو اور میں اس پر گولی چلاؤں تو سب ٹھیک ہوتا۔  اگر شیرنی آئے اور مجھے گولی چلانے کا موقع نہ ملے تو ہم میں سے ایک یا شاید کئی افراد کبھی کیمپ واپس نہ پہنچ پاتے۔  یہاں سے کیمپ تقریباً دو میل دور تھا اور سارا راستہ گھنے جنگلوں سے ہو کر گزرتا تھا جہاں بعض جگہوں پر بڑے پتھر بھی تھے۔  ساتھیوں سے مشورہ کرنا بے کار تھا کیونکہ وہ پہلی بار جنگل میں کسی مہم پر آئے تھے۔  مجھے ہی فیصلہ کرنا تھا۔

میں نے شیرنی کو بلانے کا فیصلہ کیا۔

میں نے ایک ساتھی کو رائفل تھما کر انتظار کیا کہ شیرنی کی دوبارہ آواز سنائی دے۔  جب شیرنی دوبارہ بولی تو میں نے ہاتھوں سے بھونپو سا بنایا اور پھیپھڑوں کی پوری قوت سے شیر کی آواز نکالی۔  فوراً ہی شیرنی کا جواب آیا۔  کئی منٹ تک ہمارے درمیان آوازوں کا تبادلہ ہوتا رہا۔  شیرنی کو آنا ہی تھا اور در حقیقت وہ ہماری طرف چل پڑی تھی۔  اگر شیرنی روشنی ختم ہونے سے قبل پہنچ جاتی تو بازی ہمارے ہاتھ رہتی کیونکہ میرے پاس مناسب جگہ کے انتخاب کے لیے وقت تھا۔  عام طور پر نومبر شیروں کے ملاپ کا وقت ہوتا ہے اور شیرنی پچھلے دو روز سے نر کی تلاش میں تھی۔  اب اس نے نر کی آواز سنی تو اس کے لیے مزید وقت ضائع کرنا ممکن نہ رہا۔

جہاں راستہ پہاڑی سے نیچے اترتا ہے، راستہ وہاں سے ۴۰۰ گز دور ۵۰ گز مسطح زمین سے گزرتا ہے۔  اس مسطح قطعے کے انتہائی دائیں جانب راستہ ایک بڑے پتھر کے پاس سے ہو کر اچانک نیچے جاتا ہے۔  یہاں سے آگے بہت سے موڑ آتے ہیں۔  اسی بڑے پتھر پر میں نے شیرنی کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا۔  اس پتھر تک جاتے ہوئے بھی میں بار بار آوازیں نکالتا رہا کہ ایک تو مجھے شیرنی کی موجودہ حرکات کا اندازہ ہوتا رہے تو دوسرا شیرنی میرے مقام سے آگاہ رہے۔

اب میں آپ کو تفصیل سے بتاتا ہوں تاکہ آپ اپنے ذہن میں نقشہ بنا کر پیش آنے والے واقعات کو بہتر سمجھ سکیں۔  فرض کریں کہ چالیس گز لمبا اور اسی گز چوڑا ایک مستطیل قطعہ ہے جس کے سرے پر عمودی چٹان کھڑی ہے۔  ٹھاک سے آنے والا راستہ اس قطعے کے چھوٹے یعنی جنوبی سرے سے اس میں داخل ہوتا ہے اور ۲۵ گز تک سیدھا جانے کے بعد دائیں مڑ کر اس قطعے کے مشرقی سرے سے باہر نکل جاتا ہے۔  اس جگہ چار فٹ بلند پتھر ہے۔  جہاں یہ راستہ دائیں مڑتا ہے، اس سے تین فٹ بلند چٹانی چھجا شروع ہوتا ہے جو قطعے کے شمالی سرے تک جاتا ہے۔  چھجے پر راستے والی طرف گھنی جھاڑیاں ہیں جو اس چار فٹ بلند پتھر سے دس فٹ دور ہیں۔  اس قطعے کا باقی حصہ درختوں، اکا دکا جھاڑیوں اور چھوٹی گھاس سے ڈھکا ہے۔

میرا ارادہ تھا کہ اسی چٹان کے قریب راستے کے ساتھ لیٹ جاؤں اور جونہی شیرنی پہنچے، اسے گولی کا نشانہ بناؤں۔  جب میں وہاں پہنچ کر لیٹا تو پتہ چلا کہ یہاں سے شیرنی تب تک نہیں دکھائی دے گی جب تک محض دو یا تین گز دور نہ ہو۔  دوسرا اگر شیرنی اس چٹان کے عقب یا پھر اطراف کی جھاڑیوں سے آتی تو میں اسے بالکل بھی نہ دیکھ پاتا۔  اس چٹان کے کنارے جہاں سے شیرنی کی آمد متوقع تھی، ایک چھوٹا چھجا سا تھا۔  اگر میں اس پر ترچھا ہو کر بیٹھتا اور بائیاں ہاتھ پھیلا کر اس گول پتھر پر رکھتا اور دائیں ٹانگ کو پھیلا کر پنجے کو زمین پر رکھتا تو میں اس جگہ ٹھہر سکتا تھا۔  اپنے ساتھیوں اور بکریوں کو میں نے اپنے پیچھے دس یا بارہ فٹ نیچے چھپا دیا۔

شیرنی کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں۔  اس دوران شیرنی اب ۳۰۰ گز کے فاصلے پر پہنچ چکی تھی۔  اپنے محل وقوع سے آگاہ کرنے کے لیے میں نے آخری آواز نکالی اور مڑ کر دیکھا کہ سب ٹھیک ہے۔

میرے ساتھی جس طرح بیٹھے تھے، عام حالات میں انتہائی مزاحیہ دکھائی لگتا۔  مگر اس وقت انتہائی افسوس ناک منظر تھا۔  بکریاں درمیان میں لیے ہوئے چاروں افراد ایک تنگ سے دائرے میں اپنے سر گھٹنوں میں دبائے بیٹھے تھے۔  ان کے چہروں پر موجود آثار ایسے تھے جیسے تماشائی توپ کے چلنے کے منتظر ہوں۔  چھجے پر شیرنی کی پہلی بار آواز سننے کے بعد سے میرے ساتھی اور بکریاں بالکل خاموش تھے۔  ایک بار ان میں سے ایک ہلکا سا کھانسا تھا۔  شاید خوف نے انہیں جکڑ دیا ہو، پھر بھی ان کی جرأت کو سلام۔  اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو کبھی بھی ایسا نہ کرتا۔  وہ سات دن تک شیرنی کے بارے میں لرزہ خیز داستانیں سنتے رہے تھے اور دو راتوں سے شیرنی نے انہیں سونے نہ دیا تھا اور اب تاریکی چھا رہی تھی اور لمحہ بہ لمحہ شیرنی ہمارے قریب آ رہی تھی۔  جہاں بیٹھے تھے وہاں سے وہ شیرنی کو نہ دیکھ سکتے تھے لیکن ہر لمحہ شیرنی کی قریب ہوتی ہوئی آواز سن رہے تھے۔  اس سے زیادہ اعتقاد اور اس سے زیادہ حوصلہ شاید کوئی اور نہ دکھا سکے۔

میں اپنی اعشاریہ ۴۵۰/۴۰۰ بور کی دو نالی رائفل کو بائیں ہاتھ سے نہیں پکڑ سکتا تھا کیونکہ اس ہاتھ سے پتھر پکڑا ہوا تھا۔  میں نے اپنا رو مال تہہ کر کے اس گول پتھر پر رکھ دیا تھا تاکہ رائفل پھسل نہ جائے۔  مجھے قطعی اندازہ نہیں تھا کہ اس صورتحال میں ایک ہاتھ سے بھاری رائفل چلانے پر کتنے زور کا دھکا لگے گا۔  رائفل کا رخ راستے میں ایک ابھار کی جانب تھا۔  میرا ارادہ تھا کہ جونہی شیرنی کا سر اس ابھار سے دکھائی دے، میں گولی چلا دوں گا۔  یہ جگہ چٹان سے بیس فٹ دور تھی۔

شیرنی نے آتے ہوئے راستہ بدل دیا۔  اگر وہ سیدھی آتی تو راستہ اسی ابھار تک پہنچتا جہاں میں نے رائفل سے نشانہ لیا ہوا تھا۔  شیرنی نے کھائی عبور کر کے براہ راست اس جانب کا رخ کیا جہاں اس نے میری آواز سنی تھی۔  یہ جگہ ہلکی سی دائیں جانب تھی۔  اس طرح ہمارے درمیان ایک چھوٹی سی چٹان آ گئی اور میں شیرنی کو نہ دیکھ سکا۔  میری آواز سے شیرنی نے میری سمت کا بالکل درست اندازہ لگایا تھا تاہم فاصلے کے بارے میں اس نے کچھ غلطی کی تھی۔  جب اس نے متوقع جگہ پر نر کو نہ دیکھا تو غصے سے پاگل ہو گئی۔  میں آپ کو یہاں ایک مثال سناتا ہوں کہ ساتھی کی تلاش میں نکلی ہوئی شیرنی جب غصے میں ہو تو کیا کر سکتی ہے۔  ایک بار ہمارے گھر سے چند میل دور شیرنی نے ایک بار ایک سڑک کو ہفتے بھر کے لیے بند کر دیا تھا۔  جو کوئی، بشمول اونٹوں کی قطار کے، سڑک سے گزرتا، شیرنی اس پر حملہ کر دیتی۔  جب تک شیرنی کو نر نہ ملا، اس نے سڑک بند رکھی۔

دکھائی نہ دینے والے مگر نزدیک موجود شیر کی آواز سے زیادہ انسانی حوصلے کو پست کر دینے والی اور کوئی آواز نہیں۔  مجھے یہ سوچتے ہوئے بھی ڈر لگ رہا تھا کہ اس آواز کا میرے ہمراہیوں پر کیا اثر ہو رہا ہو گا کہ میرا اپنا دل چاہ رہا تھا کہ میں چیخنے لگوں۔  حالانکہ میرے پاس بہترین اور طاقتور رائفل تھی۔

تاہم اس آواز سے زیادہ دہشتناک ایک چیز اور بھی تھی اور وہ تھی کم ہوتی ہوئی روشنی۔  چند اور لمحے، زیادہ سے زیادہ ۱۰ یا ۱۵ سیکنڈ اور پھر تاریکی اتنی ہو جاتی کہ میں رائفل کے دیدبان بھی نہ دیکھ سکتا۔  اس کے بعد ہم نر کی تلاش میں نکلی ہوئی آدم خور شیرنی کے رحم و کرم پر ہوتے۔  فوری طور پر مجھے کچھ نہ کچھ کرنا تھا ورنہ ہمارا عبرتناک حشر ہوتا۔  اس صورتحال میں میرے پاس شیر کی آواز نکالنے کے سوا اور کوئی چارہ نہ تھا۔

شیرنی اب اتنی نزدیک تھی کہ جب وہ دھاڑنے کے لیے سانس لیتی تو وہ بھی صاف سنائی دیتا تھا۔  جونہی اس نے دوبارہ سانس بھرا تو میں نے بھی اس کے ساتھ ہی سانس لیا۔  پھر ہم دونوں بیک وقت بولے۔  اس کا فوری اثر ہوا۔  اگلے لمحے شیرنی سوکھے پتوں پر تیز قدموں سے چلتی ہوئی سیدھی میری جانب آئی۔  ابھی میں سوچ رہا تھا کہ شیرنی سیدھی میرے سر پر آ رہی ہے کہ شیرنی رک گئی۔  اگلے ہی لمحے اس کی دھاڑ اور سانس سیدھی میرے منہ پر آئی۔  اگر میرے سر پر ہیٹ ہوتا تو وہ اڑ جاتا۔  ایک سیکنڈ رکنے کے بعد شیرنی دوبارہ چلی اور میں نے دو جھاڑیوں کے درمیان اس کا خاکہ سا حرکت کرتے دکھائی دیا۔  پھر شیرنی جھاڑیوں سے نکل کر سیدھا میرے منہ کو دیکھتے ہوئے رک گئی۔

میری خوش قسمتی کہ شیرنی نے جو آخری چند قدم اٹھائے وہ اسے سیدھا میری رائفل کے سامنے لے آئے۔  اگر وہ آخری آواز کے بعد رخ نہ بدلتی تو میں کبھی یہ کہانی لکھتا بھی تو بہت مختلف کہانی ہوتی کیونکہ موجودہ حالت میں میرے لیے رائفل کو حرکت دینا نا ممکن تھا۔  شیرنی کے قرب اور مدھم ہوتی ہوئی روشنی کی وجہ سے مجھے شیرنی کا صرف سر دکھائی دے رہا تھا۔  میری پہلی گولی اسے دائیں آنکھ کے نیچے لگی اور دوسری گولی جو غلطی سے چلی، اس کے گلے میں پیوست ہوئی۔  شیرنی سیدھا چٹان سے ٹک کر رک گئی۔  دائیں نال سے چلنے والی گولی کے دھکے سے رائفل پر میری گرفت کمزور پڑ گئی اور میں پیچھے سیدھا اسی جگہ گرا جہاں میرے ہمراہی بیٹھے تھے۔  دوسری گولی اس وقت چلی جب میں ابھی فضاء میں ہی تھا اور رائفل کا کندہ میرے جبڑے پر لگا اور میں سر کے بل اپنے ساتھیوں پر جا گرا۔  ایک بار پھر میں اپنے ساتھیوں کی ہمت کو سلام کرتا ہوں کہ یہ دیکھے بغیر کہ شیرنی بھی میرے پیچھے ان پر چھلانگ تو نہیں لگا رہی، انہوں نے مجھے پکڑ کر کھڑا کر دیا۔  اس طرح میں چوٹ سے اور رائفل نقصان سے بچ گئی۔

جب میں ان کی گرفت سے آزاد ہوا تو اپنے ساتھی سے اعشاریہ ۲۷۵ کی رائفل لے کر میگزین چڑھایا اور وادی کے اوپر نیپال کی جانب پانچ گولیاں چلائیں۔  وادی میں موجود ہزاروں افراد کے لیے دو گولیاں کچھ بھی پیغام دے سکتی تھیں جو بے چینی سے گولی کی آواز سننے کے لیے تیار تھے۔  تاہم ان دو گولیوں کے بعد پانچ پانچ سیکنڈ کے وقفوں سے چلائی گئی پانچ گولیوں کا ایک ہی مطلب تھا کہ آدم خور شیرنی اپنے انجام کو پہنچ گئی۔

چٹان پر جب میں نے شیرنی کی آواز سنی تو اس وقت سے اب تک میں نے اپنے ساتھیوں سے بات نہیں کی تھی۔  جب میں نے انہیں بتایا کہ شیرنی مر چکی ہے اور ہمیں اب اس سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں تو انہیں یقین نہیں آیا۔  میں انہیں کہا کہ اوپر جا کر خود اپنی آنکھوں سے شیرنی کی لاش دیکھ لیں اور میں نے سگریٹ جلا لیا۔  انتہائی احتیاط سے میرے ہمراہی چٹان پر چڑھے۔  انہیں شیرنی دیکھنے کے لیے زیادہ دور نہیں جانا پڑا۔  چٹان کے دوسرے سرے پر شیرنی مردہ حالت میں پڑی تھی۔  رات کو کیمپ میں آگ کے گرد بیٹھے ہوئے جب میرے ساتھی ہماری مہم کی تفصیلات بتا رہے تھے تو اس بات پر اختتام کرتے تھے کہ ’جس شیرنی کے ڈر سے ہمارے پتے پانی ہو چکے تھے، نے جب ہمارے صاحب پر حملہ کیا تو اس نے صاحب کے منہ پر ٹکر ماری اور صاحب ہمارے اوپر آن گرے۔  اگر آپ کو یقین نہیں تو جا کر صاحب کا چہرہ دیکھ لیں‘۔  عموماً کیمپ میں آئینہ رکھنا بد شگونی سمجھا جاتا ہے۔  آئینہ ہوتا بھی تو میرا چہرہ اتنا سوجا ہوا نہ دکھائی دیتا جتنا تکلیف ہو رہی تھی۔

جتنی دیر میں درخت کاٹے جاتے، لدھیا وادی اور اس کے آس پاس کے دیہاتوں میں روشنیاں جلنے لگی تھیں۔  میرے چاروں ہمراہی اس فکر میں تھے کہ وہ اکیلے ہی شیرنی کو کیمپ تک لے جائیں۔  ان کے نزدیک یہ بہت بڑا اعزاز ہوتا۔  یہ کام ان کے بس سے باہر تھا۔  اس لیے میں کیمپ سے ان کے لیے مدد لانے چل پڑا۔

میں نے پچھلے آٹھ ماہ کے دوران چکہ کے اس راستے کو صرف دن کی روشنی میں ان گنت بار عبور کیا تھا اور ہر بار میرے ہاتھوں میں بھری رائفل ہوتی تھی۔  اب اندھیرے میں خالی ہاتھ اسی راستے پر چلتے ہوئے میرے ذہن میں صرف ایک ہی فکر تھی کہ کہیں ٹھوکر نہ لگے۔  اگر کسی شدید درد سے ملنے والی نجات کسی انسان کے لیے سب سے بڑی خوشی ہو تو دوسری بڑی خوشی کسی بہت بڑے خوف اور ڈر سے اچانک ملنے والی نجات ہے۔  محض ایک گھنٹہ قبل مقامی لوگوں کو گھر سے نکالنے کے لیے کسی بہت بڑی بلا کی مدد لینا پڑتی اور اب وہی افراد گاتے بجاتے اور ناچتے ہوئے ایک ایک یا دو دو کی صورت میں گھروں سے نکل کر ٹھاک والے راستے کو جا رہے تھے۔  یہ لوگ اب ایک بڑے گروہ کی صورت میں جمع ہو رہے تھے۔  ان میں کچھ افراد راستے پر آگے جا کر شیرنی کو کیمپ لانے کے کام میں مدد دینے کے لیے روانہ ہو گئے جبکہ بقیہ افراد میرے ساتھ کیمپ کو چل پڑے۔  اگر میں نے انہیں اجازت دی ہوتی تو وہ مجھے اپنے کندھوں پر اٹھا لیتے۔  پیش قدمی کافی سست تھی اور ہمیں راستے میں نئے آنے والے افراد کے لیے بار بار رکنا پڑتا جو اپنی عقیدت اور تشکر پیش کرنا چاہتے تھے۔  اس سے شیرنی کو لانے والے افراد کو اتنا وقت مل گیا کہ وہ بھی ہمیں کیمپ سے قبل آن ملے۔  گاؤں میں ہم سب اکٹھے داخل ہوئے۔  چونکہ میری زندگی کا بڑا حصہ جنگلوں میں گزرا ہے اس لیے میں لفظوں سے تصویر کشی نہیں کر سکتا کہ مجھے کتنی گرم جوشی سے چکہ میں خوش آمدید کہا گیا۔  اس کی تفصیل مرتے دم تک میرے ذہن میں تازہ رہے گی۔

فوری طور پر بھوسے کا ایک گٹھڑ پھیلا کر شیرنی کو اس پر رکھ دیا گیا۔  اس کے بعد آس پاس سے خشک لکڑیاں جمع کر کے بہت بڑا الاؤ روشن کیا گیا کہ رات بہت تاریک تھی اور شمال سے چلنے والی یخ بستہ ہوا اسے مزید تاریک اور سرد بنا رہی تھی۔  نصف شب کے قریب میرے ملازم نے ٹھاک کے نمبردار اور کنور سنگھ کی مدد سے مجمع کو گھروں لوٹ جانے کو کہا اور بتایا کہ اگلی صبح ان کے پاس شیرنی کو دیکھنے کا بہتر موقع ہو گا۔  روانہ ہونے سے قبل ٹھاک کے نمبردار نے مجھے بتایا کہ صبح کو وہ ٹھاک کے تمام باشندوں کو بلا بھیجے گا کہ ٹھاک اب محفوظ ہے۔  اس نے اپنی بات پر عمل بھی کیا اور دو دن ہی میں ٹھاک کی ساری آبادی واپس لوٹ گئی۔

نصف رات کو کھانا کھانے کے بعد میں نے کنور سنگھ کو بلا کر بتایا کہ اپنے گھر والوں سے کیے گئے وعدے کے مطابق مجھے چند گھنٹوں میں روانہ ہونا ہے۔  میں نے اس سے کہا کہ وہ صبح کو لوگوں کو بتا دے کہ میں علی الصبح کیوں چلا گیا تھا۔  اس نے وعدہ کیا۔  پھر میں نے شیرنی کی کھال اتارنا شروع کی۔  جیبی چاقو سے شیر کی کھال اتارنا بہت طویل اور کٹھن کام ہے مگر اس سے مردہ جانور کی ایسی تفاصیل دیکھنے کا موقع مل جاتا ہے جو کسی اور طرح ممکن نہیں۔  یہ بات آدم خور جانور کے بارے میں بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس سے یہ پتہ چلتا ہے یہ جانور آدم خور کیوں بنا۔

یہ شیرنی نسبتاً نوعمر اور ہر طرح سے تندرست تھی۔  اس کی کھال کا رنگ شوخ اور بے داغ تھی۔  اگرچہ شیرنی نے میرے باندھے بھینسے کھانے سے انکار کیا تھا تاہم اس کی کھال کے نیچے بہت چربی تھی۔  شیرنی کے جسم پر دو جگہوں پر بندوقوں کے زخم تھے جو کھال کے نیچے چھپے تھے۔  پہلا زخم اس کے بائیں شانے پر تھا جہاں دیسی چھرے لگے۔  یہ زخم خراب ہو کر ٹھیک ہوا تھا۔  یہ زخم شیرنی کی حرکات و سکنات پر کس حد تک اثر انداز ہوا تھا، کہنا مشکل ہے۔  تاہم اس کو بھرنے میں بہت وقت لگا ہو گا۔  شاید اسی کی وجہ سے شیرنی نے آدم خوری شروع کی ہو۔  دوسرا زخم اس کے دائیں شانے پر تھا اور یہ بھی دیسی چھروں سے لگا تھا اور یہ زخم خراب ہوئے بغیر بھر گیا تھا۔  یہ دونوں زخم شیرنی کو اس کے شکار کردہ جانور پر مچان سے لگے تھے۔  یہ زخم شیرنی کی آدم خوری کی عادت سے قبل لگے اور اسی وجہ سے شیرنی دوبارہ اپنے شکار کردہ جانور پر واپس نہ آتی تھی۔

شیرنی کی کھال اتارنے کے بعد میں نے غسل کر کے کپڑے بدلے۔  میرا چہرہ سوجا ہوا تھا اور تکلیف بھی ہو رہی تھی مگر میرے سامنے ۲۰ میل کا دشوار سفر تھا اور جب چکہ اور آس پاس ہزاروں افراد سکون کی نیند سو رہے تھے تو میں روانہ ہوا۔

جنگل اور اس سے متعلق کہانیاں جو میں نے اس کتاب میں آپ کو بتانی تھیں، ختم ہو گئیں اور اس کے ساتھ ہی میرا آدم خوروں کے شکار کا سلسلہ بھی ختم ہوا۔

میں ٹھاک میں بہت دن رہا اور میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ دیگر افراد کی طرح میں یہاں سے کھاٹ پر سوار ہو کر نہیں نکلا۔

بہت بار ایسا ہوا ہے کہ زندگی کی ڈوری کٹتے کٹتے بچی ہے اور کئی بار ایسا بھی ہوا ہے کہ مسلسل دباؤ کے سبب پیدا ہونے والی بیماریاں اور ان کے علاج کے لیے مناسب رقم کا نہ ہونا زندگی دشوار بنا دیتا ہے۔  اگر میرے شکاروں سے ایک بھی انسان کی جان بچ گئی ہے تو میں اس کے لیے خود کو پوری طرح تیار پاتا ہوں۔

٭٭٭

صرف شیر

میرا خیال ہے کہ ہر وہ شکاری جو شیروں کے شکار اور ان کی تصویر کھینچنے کے مشغلے آزما چکا ہے، یہی کہے گا کہ دونوں میں بہت فرق ہے۔  یہ فرق ایسا ہی ہے کہ جیسا ہلکی بنسی کی مدد سے کسی برفیلی ندی میں ٹراؤٹ کا شکار کرنا اور کسی تالاب کے کنارے چلچلاتی ہوئی دھوپ میں مچھلی پکڑنا۔

قیمت کے علاوہ بھی تصویر بنانے اور گولی چلانے میں یہ فرق ہے کہ شیروں کی تیزی سے کم ہوتی ہوئی آبادی کے مد نظر شیروں کی کھال سے زیادہ ان کی تصویر اہم ہے۔  کھال صرف اس جانور کو شکار کرنے والے آدمی کے لیے دلچسپی کا سبب ہوتی ہے جبکہ تصویر سے ہر کوئی لطف اندوز ہو سکتا ہے۔  فریڈ چیمپئن کو دیکھیں جو بہت سالوں سے رائفل کو چھوڑ کر کیمرے سے شیروں کا ’شکار‘ کر رہا ہے۔  اگر اس نے رائفل سے شکار جاری رکھا ہوتا تو اس کے شکار کردہ جانوروں کی تقریباً تمام ہی کھالیں وقت کے ساتھ ساتھ خراب ہو کر پھینک دی جاتیں۔  اب اس کے کھینچی ہوئی تصاویر پوری دنیا کے لیے دلچسپی کا سبب ہیں۔

میں اس کی کتاب ’ود کیمرہ ان ٹائیگر لینڈ‘ میں اس کی کھینچی ہوئی تصاویر کو دیکھ رہا تھا کہ میرے دل میں بھی شیروں کی تصویر کھینچنے کا شوق پیدا ہوا۔  اس کی کھینچی ہوئی تصاویر عام کیمرے اور فلیش سے لی گئی تھیں۔  میرا ارادہ یہ ہوا کہ میں سورج کی روشنی میں شیروں کی متحرک تصاویر یعنی فلمیں بناؤں۔  ایک بہت سخی دوست نے مجھے بیل اینڈ ہاؤل کمپنی کا بنا ہوا ۱۶ ملی میٹر کا وڈیو کیمرہ دیا تھا۔  یہ کیمرہ میری ضروریات کے لیے بہترین تھا۔  حکومت کی جانب سے مجھے ہتھیار لے کر جنگل میں جانے کی اجازت تھی اور کیمرے کے ساتھ میرے لیے نئے جہان کھل گئے۔  دس سال تک میں شیروں کے جنگلوں میں سینکڑوں کلومیٹر پھرتا رہا۔  کئی بار مجھے شیروں نے اپنے شکار کردہ جانوروں کے پاس جانے سے روکا اور شیرنیوں نے اپنے بچوں سے دور رکھنے کے لیے مجھے جنگل سے نکالا۔  میں نے اس دوران شیروں اور ان کی عادات کے بارے میں تھوڑا بہت جانا۔  میں نے کم از کم ۲۰۰ مرتبہ شیروں کو نزدیک سے دیکھا مگر ایک بھی تسلی بخش فلم نہ بنا سکا۔  بہت بار میں نے فلم بنانے کی کوشش کی لیکن نتائج خوشگوار نہ نکلے۔  کئی بار فلم میں روشنی کی مقدار بہت کم یا بہت زیادہ ہو جاتی اور کئی بار عدسوں پر گھاس پھونس یا مکڑی کے جالوں کی وجہ سے فلم درست نہ بن پاتی۔  ایک بار دھوتے وقت فلم جل کر پگھل گئی۔

بالآخر میں نے ۱۹۳۸ میں یہ فیصلہ کیا کہ پوری سردیوں میں کم از کم ایک اچھی فلم بنانی ہے۔  میں نے اپنے سابقہ تجربات کی روشنی میں جان لیا تھا کہ راہ چلتے کہیں بھی شیروں کی فلم بنانا ممکن نہیں۔  اس لیے میں نے پہلے ایک عمدہ جگہ چنی جو ۵۰ گز چوڑی کھائی تھی۔  یہاں درمیان سے چھوٹی ندی گزرتی تھی اور دونوں اطراف گھنے درخت اور گھاس وغیرہ تھے۔  کم فاصلے سے فلم بنانے کے دوران کیمرے کی آواز کو چھپانے کے لیے میں نے چند انچ اونچی بہت سی آبشاریں بنائیں۔  پھر میں نے گھوم پھر کر شیروں کو تلاش کیا اور ہر روز انہیں اپنے جنگلی سٹوڈیو کی طرف مائل کرنا شروع کیا۔  چونکہ اس علاقے میں شیروں کا شکار زوروں پر تھا اس لیے شیروں کو نظروں سے اوجھل رہتے ہوئے میں انہیں مطلوبہ مقام تک لانے میں کامیاب ہو گیا۔  بعض نامعلوم وجوہات کی بناء پر ایک شیرنی اگلے ہی دن چلی گئی۔  باقی چھ شیر ایک ساتھ رہے اور میں نے تقریباً ایک ہزار فٹ فلم بنائی۔  اس بار موسم سرما میں بہت بارشیں ہوئی تھیں اور کئی سو فٹ فلم بیکار گئی۔  پھر بھی کم از کم چھ سو فٹ فلم میں نے بنائی جس پر مجھے فخر ہے۔  اس میں چار نر شیر اور دو مادہ شیرنیاں جنگل میں اپنی فطری حرکات و سکنات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔  ان میں سے دو نر شیر دس فٹ سے زیادہ لمبے تھے۔  ایک شیرنی سفید رنگ کی تھی۔  ان شیروں سے میرا فاصلہ ۱۰ سے ۶۰ فٹ تک رہا تھا۔

یہ سارا کام ساڑھے چار ماہ میں ہوا اور اس دوران میں نے اپنی آبشاروں کے کنارے سے یہ فلم بنائی اور ایک بار بھی کسی شیر نے مجھے نہیں دیکھا۔

دن کی روشنی میں چھ شیروں کی نظروں سے بچ کر ان سے چند فٹ کے فاصلے پر آ کر چھپنا ممکن نہیں۔  اس لیے میں صبح روشنی ہونے سے قبل ہی آ کر چھپ جاتا تھا۔  سردیوں میں شبنم کی وجہ سے میری حرکات سے آواز نہیں پیدا ہوتی تھی اور جب بھی روشنی مناسب ہوتی میں فلم بنانا شروع کر دیتا۔

۱۶ ملی میٹر کی فلم چاہے کتنی ہی صاف نہ دکھائی دے، ان کو بڑا نہیں کیا جا سکتا۔  تاہم ساتھ چھپی ہوئی تصاویر سے آپ کو بخوبی اندازہ ہو سکتا ہے کہ میرا ’جنگلی سٹوڈیو‘ کس نوعیت کا تھا۔

٭٭٭

تشکر: مترجم جنہوں نے اس کی فائل فراہم کی

تصحیح و تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں

پی ڈی ایف فائل

ورڈ فائل

ٹیکسٹ فائل

ای پب فائل

یہاں کتب ورڈ، ای پب اور کنڈل فائلوں کی شکل میں فراہم کی جاتی ہیں۔ صفحے کا سائز بھی خصوصی طور پر چھوٹا رکھا گیا ہے تاکہ اگر قارئین پرنٹ بھی کرنا چاہیں تو صفحات کو پورٹریٹ موڈ میں کتاب کے دو صفحات ایک ہی کاغذ کے صفحے پر پرنٹ کر سکیں۔
ویب گاہ کی تعمیر و تشکیل: محمد عظیم الدین اور اعجاز عبید