یہ نئی ویب گاہ اعجاز عبید کی پیش کردہ برقی کتابوں کی ویب گاہ ہے۔ اردو دنیا میں اردو یونی کوڈ تحریر کے فروغ کے لئے اعجاز عبید کا نام جانا پہچانا ہے۔
بات اب سے بیس سال پہلے کی ہے جب اعجاز عبید (اعجاز اختر اصل نام) نے اردو کمپیوٹنگ کی دنیا میں قدم رکھا۔ اور مختلف سرگرمیوں سے متعلق رہنے کے بعد یونی کوڈ کی دنیا میں قدم رکھا۔ اس صدی کے ابتدائی پانچ چھ سالوں تک بھی اردو کا وجود انٹرنیٹ پر محض تصویری اردو تک محدود تھا اگرچہ اردو زبان کا یونی کوڈ میں شمول 1998ء میں ہی ہو چکا تھا۔ اس لئے اردو دنیا کو یونی کوڈ اردو میں شمولیت کے لئے وسیع اقدامات کی ضرورت تھی۔ اسی مقصد سے ایک آن لائن فورم اردو محفل کا اجراء بھی جولائی 2005ء میں عمل میں آیا۔ اور اس کے لئے اعجاز عبید نے بلاگ سپاٹ پر ہی نومبر 2005ء میں ادبی آن لائن جریدے ‘سمت’ کا اجرا کیا۔ اسی دوران اردو محفل فورم میں ہی برقی کتب کا سلسلہ شروع ہوا۔ کئی ارکان نے کتابوں کو ٹائپ کرنا شروع کیا۔ لیکن یہ کتب صرف متن کی شکل میں محض اردو محفل پر ہی دستیاب تھیں۔ اس طرح ان کی افادیت محدود تھی۔ ان کتب اور مزید اس قسم کی کتب کو رفاہ عام میں جاری کرنے کے لئے اعجاز عبید نے مختلف مفت ڈومین میں اردو برقی کتابوں کی ویب گاہیں بنائیں، کچھ ڈومین (250 فری ڈاٹ کام، 4 ٹی ڈاٹ کام ) اب مرحوم ہو چکے، لیکن کتابیں ڈاٹ آئی فاسٹ نیٹ ڈاٹ کام (یہ بھی مرحوم) کو مکمل طور پر کتابیں ڈاٹ اردو لائبریری ڈاٹ آرگ پر شفٹ کیا گیا جہاں وہ اب بھی برقرار ہے۔ اس عرصے میں ۲۰۱۳ء میں سیف قاضی نے بزم اردو ڈاٹ نیٹ پورٹل بنایا، اور پھر کتب کی اپ ڈیٹس اس میں جاری رہیں۔ لیکن کیونکہ وہاں مکمل کتب پوسٹ کی جاتی تھیں، اس لئے ڈاٹا بیس ضخیم ہوتا گیا اور مسائل بڑھتے گئے۔ ویسے وہ سارا ڈاٹا محفوظ ہے، سرور کو مکمل درست کرنے کی ضرورت ہے جس کا ذمہ اردو ویب (اردو محفل) نے لے رکھا ہے۔ اس عرصے میں مفت کتب کی ویب گاہ بلاگسپاٹ پر بنا دی گئی اور برقی کتابیں اپ لوڈ کی گئیں، ورڈ فائل کے علاوہ اس بار ای پب اور کنڈل فائلیں بھی دستیاب کرائی گئیں۔ اور اب یہ نئی سائٹ ہے جس کا فارمیٹ ‘برقی کتابیں‘ والا ہی ہے۔ اب آئندہ اپ ڈیٹ یہاں ہی ہوتی رہیں گی۔
محمد عظیم الدین جو ایک پاکستانی سافٹ وئر انجینئر اور شاعر ہیں، نے یہ ڈومین خرید کر اعجاز عبید کو تحفتاً پیش کیا ہے، اور اس کی تکنیکی دیکھ ریکھ کا ذمہ بھی لے رکھا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کو ہر طرح سے نوازے اور ان کو ہر میدان میں، اس دنیا اور آخرت میں، ہر طرح کی کامیابی عطا فرمائے۔ آمین۔
یہاں کتب ورڈ، ای پب اور کنڈل فائلوں کی شکل میں فراہم کی جاتی ہیں۔ صفحے کا سائز بھی خصوصی طور پر چھوٹا رکھا گیا ہے تاکہ اگر قارئین پرنٹ بھی کرنا چاہیں تو صفحات کو پورٹریٹ موڈ میں کتاب کے دو صفحات ایک ہی کاغذ کے صفحے پر پرنٹ کر سکیں۔