منٹو : ہیولیٰ برقِ خرمن کا

 

 

 

 

مظفر علی سید

 

 

مرتبہ: اعجاز عبید

 

 

نوٹ

 

یہ مضمون حلقۂ ارباب ذوق، لاہور کے: ۳۰ اگست۱۹۹٦ ء کے اجلاس میں پڑھا گیا تھا۔ اس جلسے کی  صدارت سہیل احمد خان  نے کی تھی۔ یہ خاکہ ان کی کتاب ’’یادوں کی سرگم‘‘ سے لیا گیا ہے۔

___ مرتب: اعجاز عبید

 

 

 

 

اس سے پہلے جن شخصیات کے ’’پروفائل‘‘ یا نیم رُخ مطالعے لکھ کر حلقے میں پڑھ چکا ہوں ان کے سننے والوں میں سے چند ایک کرم فرماؤں کا تقاضا تھا کہ منٹو صاحب کی بھی شخصی یادیں قلم بند کی جائیں ۔ مشکل یہ آن پڑی کہ لاہور میں اور لاہور کے آس پاس پانچ ایک برس کا عرصہ گزارنے کے دوران، ہر دوسرے تیسرے دن ان سے کہیں نہ کہیں مڈ بھیڑ تو ہو جاتی تھی لیکن شرحِ صدر کے ساتھ مل بیٹھنے کے مواقع بہت کم میسر آتے تھے ۔